متفرقات و علوم

ہے وہی مزاجِ صحرا

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (1,051 الفاظ)

ہے وہی مزاجِ صحرا

عبید الرحمٰن عبید

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

مجھ پہ اے میرے خدا اور بھی احساں کر دے
ہیں جو بیمار سے چہرے انھیں شاداں کر دے

مثلِ حشراتِ زمیں یوں نہ بنا ان کو خدا
تو نے انسان بنایا ہے تو انساں کر دے

میرے مالک تری قدرت ہے ہر شے کو محیط
تو جو چاہے کسی ما یوس کو حیراں کر دے

تو ہی مظلوم کی طاقت، تو ہی بے بس کا یقیں
ہر دکھی دل کے لیئے راحتیں ارزاں کر دے

تو جو چاہے تو سمندر بھی ہو کوزے میں نہاں
تو جو چاہے کسی قطرے کو بھی طوفاں کر دے

نور ہی نور ہے تو، نور اعلیٰ نور ہے تو
شب گزیدوں کے لیئے صبح کا امکاں کر دے

تلخیِ زیست کے کچھ گھونٹ تو شیریں ہوں عبید
چند سانسیں تو غریبوں پہ بھی آساں کر دے
٭٭٭

اگرچہ گردِ سفر ہے باقی، بدن تھکن کے حصار میں ہے
مگر یہ وحشت نئے سفر کی طوالتوں کے خمار میں ہے

رواں دواں ہوں نفس نفس میں، اُسی کی جانب، وہی ہے منزل
وہ اک بُلاوا کہ سُن رہا ہوں، جو بے صدا اک پُکار میں ہے

خزاں کی یرقاں گزیدگی میں سبھی گل و برگ مر گئے ہیں
یہ خوش گماں کون ہے ابھی تک کہ جو اُمیدِ بہار میں ہے

یہ سنگ چہرے، یہ مسخ چہرے، ڈرے ڈرے سے، دھواں دھواں سے
یہ کیسی بستی میں آ گئے ہیں کہ ہر نفس انتشار میں ہیں

جب اُن کو اذنِ سفر ملا تھا تو سارے افلاک زیرِ پا تھے
اُنہی کے قدموں کی دھول ہے جو فلک پہ روشن غبار میں ہے

وہ ایک رشتہ کہ موسموں کی ہر ایک شدت میں جاں سپر ہے
سراپا ایثار و جاں نثاری، دعا سراپا شعار میں ہے

رفیق آنکھیں کہ درد و صحرا میں بھی پیامِ سلامتی ہیں
شفیق لہجہ کہ دشت میں بھی محبتوں کی پھوار میں ہے

فریبِ حسن و جمالِ دنیا میں گم رہو گے عبید کب تک
یہ دامِ رنگیں خسارۂ انس کے ابھی انتظار میں ہے
٭٭٭

ہے وہی مزاجِ صحرا، وہی ریت جل رہی ہے
نہ یہ جسم موم کا ہے، نہ یہ دھوپ ہی نئی ہے

وہ الگ ہی آسماں ہے، کوئی اور ہے زمیں بھی
جہاں فکر میں مری ماں، مری راہ دیکھتی ہے

یہ جو پیڑ جل رہا ہے، کڑی دھوپ میں مسلسل
یہی میرا استعارہ، یہی میری زندگی ہے

یہ جو پیاس کی ہے شدت، ہے یہی عطائے صحرا
جو پڑے گلے میں کانٹے، یہی فصلِ تشنگی ہے

وہ گھنیری پلکیں اب بھی، شب و روز بھیگتی ہیں
جہاں یاس جاگتی ہے، جہاں آس سو گئی ہے

جو چراغ بجھ گیا ہے، سرِ شام میرے گھر کا
اُسے کیا خبر ہے پوری مجھے رات کاٹنی ہے

شب و روز ہی پریشاں، ہے عبید آج انساں
یہ جو مرگ ہر نفس ہے، یہی مرگِ زندگی ہے
٭٭٭

بجا کہتے ہو تم، اچھا نہیں ہوں میں جو کچھ ہوں مگر دھوکا نہیں ہوں

نسیمِ نرم بھی سایہ صفت بھی فقط جلتا ہوا صحرا نہیں ہوں

ترا غم ہوں مثالِ اشکِ لرزاں مگر میں آنکھ سے چھلکا نہیں ہوں

بدن میں پڑتی جاتی ہیں دراڑیں ابھی تک ٹوٹ کہ بکھرا نہیں ہوں

بھُلا دوں اُن کو یہ کیسے ہے ممکن کرم فرمائیاں بھولا نہیں ہوں

میں جلتا ہوں چراغِ یاد بن کر اندھیری رات کا حصہ نہیں ہوں

جھکا دوں سر تو میری ہے یہ دنیا مگر میں اس پہ آمادہ نہیں ہوں

کوئی ایسی خبر جو موم کر دے بہت دن ہو گئے رویا نہیں ہوں

عبید اپنی حقیقت سے ہوں واقف فریبِ ذات میں زندہ نہیں ہوں ٭٭٭

منصفی جب بے حسی بن جائے گی زندگی پھر موت ہی بن جائے گی

اک دیا مجھ میں کہیں جل جائے گا تیرگی خود روشنی بن جائے گی

نرگسی آنکھوں میں ڈوبے گا خیال سوچ، اک تصویر سی بن جائے گی

تازہ دم رکھتی ہے جو اک جستجو حاصلِ واماندگی بن جائے گی

پھر کسی کا خون بہے گا،اور خبر دفتری خانہ پری بن جائے گی

بے غرض جس دوستی پر ناز ہے یہ بھی اِک دن مطلبی بن جائے گی

یاد کی رت گد گدائے گی عبید وحشتِ دل سرخوشی بن جائے گی ٭٭٭

بند کوزے میں اگر چاہو سمندر دیکھنا
وحشتوں کا رقص میرے دل کے اندر دیکھنا

شکر کرنا تم، زباں پر تو کوئی قدغن نہیں
پاؤں کی زنجیر جب اپنا مقدر دیکھنا

سوچنا کیوں اس قدر تم سے محبت ہے ہمیں
تیرگی میں اک دیا تم بھی جلا کر دیکھنا

ذہن کی حدِ رسا تک بس اسی کو سوچنا صرف اس کو پتلیوں کے آئینے پر دیکھنا

لمحہ لمحہ اک قیامت بن کے گذری زندگی
شامِ گریہ دیکھنا یا صبح محشر دیکھنا

اِک زباں سے شوق کا اظہار ہی کافی نہیں
وحشتِ دل چاہتی ہے آنکھ بھی تر دیکھنا

انتظارِ دوست کا اعجاز ہے یہ بھی عبید
آ گیا ہر موئے تن کو آنکھ بن کر دیکھنا
٭٭٭

عمرِ آخر میں سبھی اُس سے خفا ہونے لگے
رفتہ رفتہ پیڑ سے پتے جُدا ہونے لگے

شور اتنا تھا سماعت میں دراڑیں پڑ گئیں
ایسا سناٹا کہ سانس اپنی صدا ہونے لگے

اک دیا ہم نے جلا کر اُن کو بھی ترغیب دی
وہ دیا تو کیا جلاتے خود ہوا ہونے لگے

اِن دنوں میرا بدن زخموں سے کیوں محفوظ ہے
کیا نشانے دوستوں کے بھی خفا ہونے لگے

ظلم ایسا سسکیاں، چیخیں، عبادت بن گئیں
کرب کچھ ایسا لرزتے لب، دعا ہونے لگے

اک ہتھیلی پر نہیں موقوف اب رنگِ حنا
یاں تو زخموں سے بدن سارے حنا ہونے لگے

اُن کو پتھر سے حسیں پیکر بنایا تھا عبید
اور وہ اپنے تئیں میرے خدا ہونے لگے
٭٭٭

اک تھکا ماندہ مسافر، وہ صحرا، وہی دھوپ
پھر وہی آبلہ پائی، وہی رستہ، وہی دھوپ

میں وہی رات، بہ عنوانِ سکوں، سازِ خاموش
تو وہی چاند سراپا، ترا لہجہ وہی دھوپ

پھر کتابوں کی جگہ بھوک، مشقت، محنت
پھر وہی ٹاٹ بچھونا، وہی بچہ، وہی دھوپ

میں شجر سایہ فگن سب پہ عدو ہوں کہ سجن
میرا ماضی بھی کڑی دھوپ تھی فردا، وہی دھوپ

پھر کوئی شیریں طلب، سر میں جنوں کا سودا
وہی سنگلاخ چٹانیں، وہی تیشہ، وہی دھوپ

آسماں چھونے کی خواہش پہ ہے طائر نادم
پھر وہی قیدِ مسلسل، وہی پنجرہ، وہی دھوپ

پھر وہی جلتے مکاں، پھر وہی رقصِ بسمل
اور سورج کا عبید اب بھی تماشا وہی دھوپ
٭٭٭

ماخذ:
http://www.urduweb.org/mehfil/search/1272469/?q=%D8%B9%D8%A8%DB%8C%D8%AF+%D8%A7%D9%84%D8%B1%D8%AD%D9%85%D9%B0%D9%86+%D8%B9%D8%A8%DB%8C%D8%AF&o=date
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

ہے وہی مزاجِ صحرا