متفرقات و علوم

پھول کھلتے رہیں

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,574 الفاظ)

پھول کھلتے رہیں

جمع و ترتیب: محمد احمد، م م مغل، اعجاز عبید

لیاقت علی عاصم

کہیں ایسا نہ ہو دامن جلا لو ہمارے آنسوؤں پر خاک ڈالو

منانا ہی ضروری ہے تو پھر تم ہمیں سب سے خفا ہو کر منالو

بہت روئی ہوئی لگتی ہیں آنکھیں مری خاطر ذرا کاجل لگا لو

اکیلے پن سے خوف آتا ہے مجھ کو کہاں ہو اے میرے خوابو خیالو

بہت مایوس بیٹھا ہوں میں تم سے کبھی آ کر مجھے حیرت میں ڈالو ٭٭٭

ہائیکو

افرا تفری ہے چوہوں کو معلوم نہیں بلی اندھی ہے ٭٭

تتلی کی ہے بھول شیشہ توڑ کے چومے گی پیپر ویٹ کا پھول ٭٭

یارب اتنی ڈھیل کفر نہ ہو تو میں پھونکوں صورِ اسرافیل ٭٭

ڈوبتی ناؤ تم سے کیا پوچھے ناخداؤ، تمھیں خدا پوچھے

کس کے ہاتھوں میں کھیلتے ہو تم اب کھلونوں سے کوئی کیا پوچھے

ہم ہیں اس قافلے میں قسمت سے رہزنوں سے جو راستہ پوچھے

ہے کہاں کنجِ گل ، چمن خورو !
کیا بتاؤں اگر صبا پوچھے

اٹھ گئی بزم سے یہ رسم بھی کیا ایک چپ ہو تو دوسرا پوچھے ٭٭٭

یہاں رہنا معطل کرنے والا تھا کہ تم آئے
میں دروازہ مقفل کرنے والا تھا کہ تم آئے

تمھاری آہٹوں نے لو بچائی میری آنکھوں کی
میں خود کو خود سے اوجھل کرنے والا تھا کہ تم آئے

چھتوں پر لوگ ہوتے اور میرا رقصِ تنہائی
مجھے یہ چاند پاگل کرنے والا تھا کہ تم آئے

بہت بے سایہ و بے آب لگتی تھی زمینِ دل
سو اک آنسو کو بادل کرنے والا تھا کہ تم آئے

بلا کر اک نئے شاداب چہرے کو میں کھڑکی میں
پُرانا مسئلہ حل کرنے والا تھا کہ تم آئے

تمھارے نام کی ہچکی تھی ہونٹوں پر سمٹنے کو
میں سناٹا مکمل کرنے والا تھا کہ تم آئے
٭٭٭

پھرے دشت دشت شاید در و بام کی اُداسی
مرے بعد کیا کرے گی مرے نام کی اُداسی

مرے ہم سفر تھے کیا کیا، میں کسی کو اب کہوں کیا
کوئی دھوپ دوپہر کی، کوئی شام کی اُداسی

کہیں اور کا ستارہ مری آنکھ پر اُتارا
مجھے آسماں نے دی ہے بڑے کام کی اُداسی

مجھے یاد آ رہی ہے وہ سفر کی خوش گواری
مرا دل دکھا رہی ہے یہ قیام کی اُداسی

وہ غزال رنگ آنکھیں جو پلٹ گئیں تو دیکھا
ہوئی اک نظر میں اوجھل کئی گام کی اُداسی

یہ شفق شراب منظر مری آنکھ کا تخیل مری بیکسی کی کاوش سرِ شام کی اُداسی

وہی میکدہ ہے عاصم وہی انتظارِ ساقی
وہی گوشۂ تمنا وہی جام کی اُداسی
٭٭٭

عشق بارِ دگر ہوا ہی نہیں دل لگایا تھا دل لگا ہی نہیں

ایک سے لوگ ایک سی باتیں گھر بدلنے کا فائدہ ہی نہیں

ورنہ سقراط مرگیا ہوتا اس پیالے میں زہر تھا ہی نہیں ٭٭٭

کوئی آس پاس نہیں رہا تو خیال تیری طرف گیا
مجھے اپنا ہاتھ بھی چھو گیا تو خیال تیری طرف گیا

تیرے ہجر میں خورو خواب کا کئی دن سے ہے یہی سلسلہ
کوئی لقمہ ہاتھ سے گر گیا تو خیال تیری طرف گیا

کسی حادثے کی خبر ہوئی تو فضا کی سانس اکھڑ گئی
کوئی اتفاق سے بچ گیا تو خیال تیری طرف گیا

کوئی آ کے جیسے چلا گیا، کوئی جا کے جیسے گیا نہیں
مجھے اپنا گھر بھی نہ گھر لگا تو خیال تیری طرف گیا

مری بے کلی تھی شگفتنی سو بہار مجھ سے لپٹ گئی
کہا وہم نے کہ یہ کون تھا تو خیال تیری طرف گیا

میرے اختیار کی شدتیں میری دسترس سے چلی گئیں
کہیں تو بھی سامنے آ گیا تو خیال تیری طرف گیا

مجھے کب کسی کی امنگ تھی مری اپنے آپ سے جنگ تھی
ہوا جب شکست کا سامنا تو خیال تیری طرف گیا
٭٭٭

جلتے سینے میں ابھی سوختنی ہے کیا کچھ
اے دلِ خاک شدہ راکھ بچھی ہے کیا کچھ

کاغذی رابطے سب پھاڑ دیے پھینک دیے
بے دلی دیکھ ہوا لے کے چلی ہے کیا کچھ

مثلاً پائے حنا بستہ سے اُٹھتی ہوئی دھول
میری آنکھوں سے خزاں باندھ گئی ہے کیا کچھ

وہ بھی اُن سے جنھیں پژ مُردہ ہوئے عمر ہوئی
تو بھی اے بادِ صبا پوچھ رہی ہے کیا کچھ

عکس در عکس تسلسل کا سفر ہے جاری
آئینہ خانے کی صورت میں کمی ہے کیا کچھ
٭٭٭

بہت چپ ہو شکایت چھوڑ دی کیا رہ و رسمِ محبت چھوڑ دی کیا

یہ کیا اندر ہی اندر بُجھ رہے ہو ہواؤں سے رقابت چھوڑ دی کی

مناتے پھر رہے ہو ہر کسی کو خفا رہنے کی عادت چھوڑ دی کیا

لیے بیٹھی ہیں آنکھیں آنسوؤں کو ستاروں کی سیاحت چھوڑ دی کیا

غبارِ دشت کیوں بیٹھا ہوا ہے مرے آہو نے وحشت چھوڑ دی کیا

یہ دنیا تو نہیں مانے گی عاصم مگر تم نے بھی حجت چھوڑ دی کیا ٭٭٭

ہجر سے مرحلۂ زیست عدم ہے ہم کو فاصلہ اتنا زیادہ ہے کہ کم ہے ہم کو

سائے سے اُٹھ کے ابھی دھوپ میں جا بیٹھیں گے
گھر سے صحرا تو فقط ایک قدم ہے ہم کو

پا بہ جولاں ترے کوچے میں بھی کھیِنچے لائے
شحنۂ شہر سے اُمیّدِ کرم ہے ہم کو

قحطِ معمورۂ صورت سے ہیں پتھر آنکھیں
اب خدا بھی نظر آئے تو صنم ہے ہم کو

دیکھ کیا آئینہ بے جنبشِ لب کہتا ہے
جو خموشی سے ہو وہ بات اَہم ہے ہم کو

بے یقینی کو یقیں ہے کہ ہُوا کچھ بھی نہیں
اور اِک حادثہ آنکھوں کا بھرم ہے ہم کو

ہم کہاں اور کہاں کوچۂ غالب عاصم
’ جادۂ رہ کششِ کافِ کرم ہے ہم کو ‘‘
٭٭٭

کچھ دیکھنا محال اسے دیکھ کر ہوا میں آئنہ مثال اسے دیکھ کر ہوا

سب دیکھتے رہے مجھے محفل میں رشک سے میرا عجیب حال اسے دیکھ کر ہوا

پھر چاہتی ہے شب کہ کوئی وصل ہو طلوع یہ سلسلہ بحال اسے دیکھ کر ہوا

شاید تمام عمر کی خوشیاں سمیٹ لے وہ دکھ جو اب کے سال اسے دیکھ کر ہوا

جیسے کوئی اجاڑ سا منظر ہو سامنے عاصم بہت ملال اسے دیکھ کر ہوا ٭٭٭

سلگ رہی ہے نظر شام کے دھندلکے میں
کوئی تو آئے اِدھر شام کے دھندلکے میں

گزرنے والوں کو حسرت سے دیکھنے والا
یہ میں ہوں یا کہ شجر شام کے دھندلکے میں

ستارے ٹوٹ کے دامن میں آ نہیں سکتے کوئی گمان نہ کر شام کے دھندلکے میں

تلاش تھی مجھے دنیا کی دھوپ میں جس کی
ملا وہ سایہ مگر شام کے دھندلکے میں

ترے خیال میں ڈوبا تو میں نے کیا دیکھا
افق افق ہے سحر شام کے دھندلکے میں

کوئی چراغ بکف آ رہا ہے میری طرف
یہ خواب ہے کہ خبر شام کے دھندلکے میں
٭٭٭

دشت کی تیز ہواؤں میں بکھر جاؤ گے کیا
ایک دن گھر نہیں جاؤ گے تو مر جاؤ گے کیا

پیڑ نے چاند کو آغوش میں لے رکھا ہے
میں تمھیں روکنا چاہوں تو ٹھہر جاؤ گے کیا

یہ زمستانِ تعلق یہ ہوائے قربت آگ اوڑھو گے نہیں یونہی ٹھٹھر جاؤ گے

یہ تکلم بھری آنکھیں، یہ ترنّم بھرے ہونٹ
تم اسی حالتِ رسوائی میں گھر جاؤ گے کیا

لوٹ آؤ گے مرے پاس پرندے کی طرح مری آواز کی سرحد سے گزر جاؤ گے کیا

چھوڑ کر ناؤ میں تنہا مجھے عاصم تم بھی
کسی گمنام جزیرے پہ اُتر جاؤ گے کیا
‎‎٭٭٭

اپنے سوا نہیں ہے کسی ماسوا کا رنگ دیکھا ہے ہم نے آگ جلا کر ہوا کا رنگ

ہر گوشۂ بساطِ چمن ہے لہو لہو!
دھومیں مچا رہا ہے کسی کی انا کا رنگ

آئی جب اپنے شہر کی تصویر سامنے آنکھوں کے آگے پھیل گیا کربلا کا رنگ

جمتی نہیں نگاہ کسی تیز چشم کی پہنا ہے قاتلوں نے بھی کیسا بلا کا رنگ

یک رنگیِ حیات سے گھبرا نہ جائیں کیوں جو آج غیر کا ہے وہی آشنا کا رنگ

پرواز کی ہے فکر کہ غم بال و پر کا ہے
عاصم اُڑا اُڑا سا ہے خلقِ خدا کا رنگ
٭٭٭

عدو کا ذکر نہیں دوستوں کا نام نہیں زباں پہ آج کوئی حرفِ انتقام نہیں

در و دریچہ کے داغ و چراغ اپنی جگہ
مجھے جلا کے نہ گُزری تو شام شام نہیں

چلو ٹھہر نہیں سکتے گزر تو سکتے ہو کہیں کہیں سے شکستہ ہے دل تمام نہیں

جسے پکارتے پھرتے ہیں کُو بہ کُو ہم لوگ
وہ ایک عہدِ تمنّا ہے صرف نام نہیں

یہ خاکدانِ تعلق ہے پیش و پس میں نہ جا حصولِ آتش و آب و ہوا مدام نہیں

کئی بُجھے ہوئے سینوں کو آگ ہے درکار
زباں پہ نام تمھارا برائے نام نہیں
٭٭٭

راستے میں نہ آ شجر کی طرح مل کہیں دوپہر میں گھر کی طرح

ہم اُسے دیکھنے کہاں جائیں ساتھ رہتا ہو جو نظر کی طرح

لوگ دوڑے گھروں کی سمت آخر شام آئی بُری خبر کی طرح

دور اُفق پر ہے آندھیوں کا ہجوم اور ہم بے خبر شجر کی طرح

وہ ہوا ہے کہ اب تو بازو بھی ٹُوٹتے جا رہے ہیں پر کی طرح

آنکھ تھی بند سیپ کی مانند اشک پلکوں پہ تھے گہر کی طرح ٭٭٭

نکل کر حلقۂ اہلِ اثر سے بھاگ جاؤں میں
کئی دن سے یہ خواہش ہے کہ گھر سے بھاگ جاؤں میں

ذرا ہمت کرے یہ دل تو شاید دوسرے پَل میں
چھُڑا کر جان دستِ چارہ گر سے بھاگ جاؤں میں

ابھی رستے میں ہیں کچھ جانے پہچانے ہوئے چہرے
ہراساں ہو کے کیوں گردِ سفر سے بھاگ جاؤں میں

چلو یوں ہی سہی اب کے زیادہ بارشیں ہوں گی
تو کیا اپنے شکستہ بام و در سے بھاگ جاؤں میں

چلو یوں ہی سہی اب کے نشانے پر فقط ہوں میں
تو کیا منہ پھیر کر اُن کی نظر سے بھاگ جاؤں میں

کہاں وہ آنکھ کے اُس بام سے آگے بھی کچھ دیکھوں
کہاں وہ پاؤں کے اُس راہگزر سے بھاگ جاؤں میں
٭٭٭

آسماں تک ملی زمیں آباد ہو گئی تھی کہاں جبیں آباد

چھٹ رہا تھا غبارِ دشتِ گُماں آ رہا تھا نظر یقیں آباد

سانس لیتا کہ میں سفر کرتا سارا عالم تھا عنبریں آباد

آ بسا تھا وہ میری آنکھوں میں آنسوؤں سے تھی آستیں آباد

میرے آغوش میں دلِ برباد تیرے پہلو میں ہم نشیں آباد

یوں بھی ہوتا ہے عشق میں شاید میں کہیں خاک تو کہیں آباد

جانِ محفل تجھے خدا رکھّے مطمئن شاد خوش نشیں آباد ٭٭٭

فکر میں وحشتِ عمل کیا ہے اے غزالاں مری غزل کیا ہے

چاند اٹکا ہو جیسے شاخوں میں اور صبر و رضا کا پھل کیا ہے

آج ہی کوئی انتظام کرو میں نہیں جانتا یہ کل کیا ہے

زندگی تیرے عہد میں اے دوست مسئلہ ہے کوئی تو حل کیا ہے

رات بھر کی قدم سرا شاید جھونپڑا کیا ہے اور محل کیا ہے

آپ سمجھیں مجھے نہ سمجھائیں
زندگی کیا ہے اور اجل کیا ہے!
٭٭٭

آگ کے سامنے ہوا نہ ہوا ہوکے وہ راکھ سا روانہ ہوا

بے فراق و وصال ٹھہرا عشق اُس سے کوئی معاہدہ نہ ہوا

گفتگو میں بھی کوئی بات نہ کی خامشی میں بھی چُپ ذرا نہ ہوا

جس دوا میں تھا جان کا نقصان اُس دوا سے بھی فائدہ نہ ہوا

کوئی تجھ سا ہو خاک دنیا میں کوئی مجھ سا مرے سوا نہ ہوا ٭٭٭

اثباتِ یقیں نفی گماں کچھ نہیں کرتے
بس جیتے ہیں ہم لوگ میاں کچھ نہیں کرتے

ڈرتے ہیں دھڑکتا ہوا دل بند نہ ہو جائے
جب دیکھتے ہیں آہ و فغاں کچھ نہیں کرتے

سب چھوڑ دیا گردشِ افلاک پہ ہم نے اب ترکِ زماں نقلِ مکاں کچھ نہیں کرتے

سب عشق و ہوس رشک و حسد ہم سے خفا ہیں!
رہنے دو خفا کہہ دو کہ ہاں کچھ نہیں کرتے

یہ دوستیاں دشمنیاں تم کو مبارک ہم دوستیاں دشمنیاں کچھ نہیں کرتے ٭٭٭

ترے بغیر شناسائیوں کی تنہائی یہ انجمن ہے کہ تنہائیوں کی تنہائی

چراغ میں نے بجھاتا تو چاند سے اتری ترے خیال کی پرچھائیوں کی تنہائی

اِدھر میں جسم کے آلودہ سلسلوں کا ہجوم
اُدھر وہ روح کی رعنائیوں کی تنہائی

بدن کے دائروں میں اک وہ خالِ لب اُس کا
وہ ایک نقطے میں گولائیوں کی تنہائی

نہ بنتِ صبح نہ وہ دخترانِ شام رہیں
رہی تو وقت کی کی انگڑائیوں میں تنہائی

ہوا بھی آگ بھی پانی بھی اور مٹی بھی مرا بدن ہے کہ یکجائیوں کی تنہائی

کسی دیار میں ٹھہروں کہ دشت سے گزروں
وہی ہوں میں وہی پہنائیوں کی تنہائی

کوئی کسی کو ملا ہی نہیں محبت میں ہر ایک قصہ ہے رسوائیوں کی تنہائی

کسی بھی جھوٹ کی محفل میں بیٹھ کر دیکھو
بڑا عذاب ہے سچائیوں کی تنہائی
٭٭٭

خاموشی کی باتیں زندہ رہتی ہیں بادل میں برساتیں زندہ رہتی ہیں

پیڑ نہ ہوں تو یاد آئیں اُس کی پلکیں سایوں کی سوغاتیں زندہ رہتی ہیں

رستوں میں بے رستہ ہو جاتے ہیں لوگ اُن قدموں کی گھاتیں زندہ رہتی ہیں

روحوں کی نزدیکی جسموں کی دوری قصّوں میں دو باتیں زندہ رہتی ہیں

جن آنکھوں نے تم کو دیکھا پھر اُن میں
دن جیتے ہیں راتیں زندہ رہتی ہیں
٭٭٭

ارضِ پاک کے لیے ایک دعائیہ

تیرے دریاؤں میں مانجھیوں کی صدا، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں
ساحلوں ساحلوں چاہتوں کی فضا ، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

تیرے جنگل جزیرے مہکتے رہیں ، تیرے مرجان موتی چمکتے رہیں
تیرے سبزے کی چادر پہ بادِ صبا، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

کوئی سچل ہو یا کوئی خوشحال ہو ، تیری مٹی پہ مستوں کا دھمّال ہو
آستانِ محبت پہ روحِ وفا، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

جنگ ہو ،امن ہو ، یا کوئی دَور ہو، سرحدوں کا تری رنگ ہی اور ہو
طبل کی دھن پہ بھی فاختہ کی نوا، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

تیرے صحراؤں میں تشنہ کامی نہ ہو ، کاروانوں میں وحشت خرامی نہ ہو
ساربانوں کے نغموں کو سن کر گھٹا،رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

یاد آتی رہے بچھڑے محبوب کی ، اک ملاقات کے منظرِ خوب کی
تیرے کہسار پر بادلوں کی ردا ، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں

میں ترا شاعرِ خوش گماں خوش نظر جو بھی لکھوں ترے حسن کو دیکھ کر
میرے ہاتھوں کے سائے میں فکرِ رسا ، رقص کرتی رہے پھول کھلتے رہیں
٭٭٭

دل کو آمادۂ فریاد کیا تھا میں نے خوب آئے ہو ابھی یاد کیا تھا میں نے

چھوڑ آیا ہوں سمندر کی نگہبانی میں وہ جزیرہ جسے آباد کیا تھا میں نے

پھڑپھڑاتی ہے مری روح بدن میں اب تک
اک پرندہ کبھی آزاد کیا تھا میں نے
٭٭٭

کھلی ہے راہِ ملاقات اب بھی آ جاؤ کوئی نہیں ہے مرے ساتھ اب بھی آ جاؤ

یہ اور بات کہ ساحل سے ناؤ چھوٹ چکی بڑھا ہوا ہے مرا ہاتھ اب بھی آ جاؤ

بہت جواں ہے ابھی شہرِ انتظار کا چاند
بہت حسیں ہے ابھی رات اب بھی آ جاؤ

چھپا کے رکھی ہے آنکھوں میں ساتھ بھیگنے کو
کہیں گئی نہیں برسات اب بھی آ جاؤ
٭٭٭

عشق بھی اک بے بسی تھی بے بسی میں کیا کیا
ہم نے مرنے کے علاوہ زندگی میں کیا کیا

بس یوں ہی جوشِ سفر میں چلتے چلتے ایک دن
گھر بنا کے رہ گئے آوارگی میں کیا کیا

مصحفی کی طرح ہم بھی شام کرنے آئے تھے
اِس سے اُس سے بات کی تیری گلی میں کیا کیا

میر و غالب، ناسخ و آتش، فراز و فیض سے
نسبتِ شعری نبھائی، شاعری میں کیا کیا

عاجز تھا بے عجز نبھائی رسمِ جُدائی میں نے بھی
اس نے مجھ سے ہاتھ چھڑایا جان چھڑائی میں نے بھی

جنگل کے جل جانے کا افسوس ہے لیکن کیا کرتا
اس نے میرے پیڑ گرائے آگ لگائی میں نے بھی

اس نے اپنے بکھرے گھر کو پھر سے سمیٹا ٹھیک کیا
اپنے بام و در پہ بیٹھی گرد اڑائی میں نے بھی

نوحہ گرانِ یار میں یارو میرا نام بھی لکھ دینا
اس کے ساتھ بہت دن کی ہے نغمہ سرائی میں نے بھی

ایک دیا تو مرقد پر بھی جلتا ہے عاصم آخر
دنیا آس پہ قائم تھی سو آس لگائی میں نے بھی
٭٭٭

سخن ہائے دل و جاں مر گئے کیا کہو کچھ تو کہو ہاں مر گئے کیا

یہ کیا آٹھوں پہر چپ سی لگی ہے وہ کچھ کہنے کے ارماں مر گئے کیا

جیے جاتے ہیں ہم اک دوسرے بن ہمارے عہد و پیماں مر گئے کیا

یہ خاموشی تو اب رونے لگی ہے وہ آنے والے طوفاں مر گئے کیا

یہ دل کیوں سینہ کوبی کر رہا ہے یہ تم مجھ میں مری جاں مر گئے کیا

اسیرانِ خمِ زلفِ زمانہ پریشاں تھے پریشاں مر گئے کیا

جو دن دھّمال کرتے آ رہے تھے وہ رستے ہی میں رقصاں مر گئے کیا

کوئی تو دار سامانی کو آتا گرانی میں سب ارزاں مر گئے کیا

میں ایسا کون زندہ ہوں کہ پوچھوں کراچی کے غزل خواں مر گئے کیا ٭٭٭

ڈال دی حُرمتِ وصال پہ خاک اِس گُناہوں بھرے خیال پہ خاک

روح جیسا بدن بکھیر دیا اے محبت تری مجال پہ خاک

آئینہ ٹوٹ ہی گیا آخر ایسے ہاتھ، ایسی دیکھ بھال پہ خاک

ایک لمحے میں پڑ گئی کیسے سال ہا سال کے کمال پہ خاک

درد آگے نکل گیا ہم سے اے دلِ خستہ تیری چال پہ خاک

اور بے حال کر لیا خود کو خاک اس شوقِ عرضِ حال پہ خاک

غیر اپنا ہے اور اپنا غیر حاصلِ مُمکن و مُحال پہ خاک

زخم، اے وقت! داغ بن بیٹھا
جا ترے نازِ اندمال پہ خاک
٭٭٭

پھر وہی بے دلی، پھر وہی معذرت
بس بہت ہو چکا، زندگی! معذرت

خود کلامی سے بھی روٹھ جاتی ہے تو اب نہ بولوں گا اے خامشی، معذرت

داد بے داد میں جی نہیں لگ رہا
دوستو! شکریہ، شاعری! معذرت

اب یہ آنسو دوبارہ نہیں آئیں گے اب نہ ہوگی مری واپسی، معذرت

بے خودی میں خدائی کا دعوی کیا اے خدا درگزر، اے خودی، معذرت

تجھ سے گزری ہوئی زندگی مانگ لی ربِّ امروز و فردا و دی ،معذرت

دھوپ ڈھل بھی چکی، سائے اٹھ بھی چکے اب مرے یار کس بات کی معذرت

اک نظر اس نے دیکھا ہے عاصم، چلو دور ہی سے سہی، ہو چکی معذرت ٭٭٭

کچھ حال نہیں کھلتا میرا زندہ ہوں تو کیسا زندہ ہوں
ماضی کی طرح میں بیت چُکا یا صورتِ فردا زندہ ہوں

اطراف میں ایسی تاریکی ، جگنو بھی نہیں آنسو بھی نہیں
اے شامِ دعا اب روشن ہو ، میں شام سے تنہا زندہ ہوں

دیواروں سی دیواریں ہیں ، اندیشوں سے اندیشے ہیں
سایوں میں گھرا بیٹھا ہوں مگر کتنا بے سایہ زندہ ہوں

آزار لئے سمجھوتے کا ، کچھ سہل نہیں جینا مرنا
اندر سے مکمل ٹوٹ چُکا باہر سے سراپا زندہ ہوں

آنکھوں میں نمی آتی ہی نہیں ، ہونٹوں سے ہنسی جاتی ہی نہیں
اے وقت پلٹ کے دیکھ کے میں تصویر میں کتنا زندہ ہوں

آنگن میں گم صم بیٹھا ہوں بے اسبابی کا رنج لئے
سنّاٹا باتیں کرتا ہے مجھ سے میں گویا زندہ ہوں

اوّل تو کوئی پوچھے گا نہیں ، اُس شہر میں میرے بارے میں
بالفرض یہ مشکل آن پڑے عاصم تو یہ کہنا زندہ ہوں
٭٭٭

ریزہ ریزہ ہوئے یوں صبح کے آثار کہ بس
ایسے خوابوں پہ چلائی گئی تلوار کہ بس

شمع کیا، بجھ سا گیا سارا جہانِ آواز
اس قدر زور سے چلّائی شبِ تار کہ بس

کسی زنداں کی ضرورت ہی نہیں پیش آئی شہر کا شہر ہوا ایسا گرفتار کہ بس

’’خود بخود پہنچے ہے گل گوشۂ دستار کے پاس‘‘
باغباں ایسا بِکا ہے سرِ دربار کہ بس

لوگ اپنے ہی گھروں کو نہیں پہچان سکے
لفظ وہ لکھّے گئے بر سرِ دیوار کہ بس

ہم نے چاہا تھا کہ بے ساختہ پن تم سا ہو
ایسے بیباک ہوئے شہر کے دلدار کہ بس

جیسے مفتوح نہ ہو ، فاتحِ صد عالم ہو
دل نے یوں ڈال دیے عشق میں ہتھیار کہ بس

دیدہ و دل کو رہی پردۂ غفلت کی تلاش
آگہی نے وہ کِیا ہم کو گنہگار کہ بس
٭٭٭

شعلہ لب ہو کوئی یا غنچہ دہن تم سا ہو
کوئی بھی بات کرے ہم سے سخن تم سا ہو

اوڑھ کر جیسے فضا چادرِ ماہتاب چلی کوئی ملبوس ہے ایسا، جو بدن تم سا ہو

کس کی قسمت ہے کہ تم سی کوئی آنکھیں پائے
کس میں وحشت ہے کہ آہوئے ختن تم سا ہو

ایسے بے باک ہوئے شہر کے دلدار کے بس
ہم نے چاہا تھا کہ بے ساختہ پن تم سا ہو

عمر بھر اپنی ہی مٹی سے کیا خود کو نہال
کوئی آباد نہ بربادِ وطن تم سا ہو
٭٭٭

نہ اب مجھ کو صدا دو تھک گیا میں تمہیں جاؤ ارادوں تھک گیا میں

نہیں اُٹھتی میری تلوار مجھ سے اُٹھو اے شاہزادو تھک گیا میں

ذرا سا ساتھ دو غم کے سفر میں ذرا سا مسکرا دو تھک گیا میں

تمہارے ساتھ ہوں پھر بھی اکیلا رفیقوں راستہ دو تھک گیا میں

کہاں تک ایک ہی تمثیل دیکھوں بس اب پردا گرا دو تھک گیا میں

عدالت کیا قیامت تک چلے گی؟
مجھے جلدی سزا دو تھک گیا میں

کہاں آتی ہے مجھکو نیند پھر بھی میرا بستر بچھا دو تھک گیا میں ٭٭٭

اے گمشدہ چراغ ترے نام اک غزل آ میں تجھے سناؤں سرِ شام ایک غزل

تم تو چلے گئے مگر اس گھر کی خامشی سنتی ہے مجھ سے آ کے لبِ بام اک غزل

چہرے پہ اُس کے بولتی آنکھیں، سسکتے ہونٹ
کاغذ پہ جیسے گمشدہ، گم نام اک غزل

تم خوب اُٹھ کہ چل دیئے ہنگامِ مہ کشی اب تک ترس رہی ہے تہِ جام اک غزل

کتنے دکھوں میں ڈھونڈنا پڑتا ہے ایک شخص
کتنی مسافتوں کا ہے انعام اک غزل

عاجز ہوا جو شوقِ وصالِ غزال سے کہنے لگا میں ہجر کے ہنگام اک غزل

جو دیکھ لے اُسی کا سراپا دکھائی دے
عاصم! کہو وہ آئینہ اندام اک غزل
٭٭٭

ٹائپنگ: محمد احمد، م م مغل http://www.urduweb.org/mehfil/search/1050542/?page=2&q=لیاقت+علی+عاصم
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

پھول کھلتے رہیں