متفرقات و علوم

جہان نعت

مصنف: جریدہ
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (27,468 الفاظ)

ہندوستان کا پہلا حمد و نعت کا معیاری ادبی رسالہ

سہ ماہی جہانِ نعت

جلد:۱
جنوری تا مارچ ۲۰۱۱
شمارہ:۲
مدیرِ اعلیٰ: غلام ربانی فدا
مدیر:فرحت حسین خوشدلؔ
معاون مدیر:محمد زبیر قادری

خط و ترسیلِ زر کا پتہ

Jahan-e-Naat (Quarterly)
C/O Noor Ahmed Akki,
post Hirur, Tq;Hangal,
Dist; Haveri 581104 (Karnataka)
Email; [email protected]
[email protected]
Mobile; 09741277047، www.janenaat.webs.com

ﷺ

شہزاد مجددی

صبح دم جب کسی طائر کی صدا آتی ہے لب پہ بے ساختہ بس حمدِ خدا آتی ہے

پھرنے لگتے ہیں مری آنکھ میں میزاب و حطیم
یاد جب صحنِ مقدس کی فضا آتی ہے

کوئی فن اور ہنر پاس نہیں ہے میرے تیرے محبوب کی بس مدح و ثنا آتی ہے

مشکلیں جب کہیں آتی ہیں سر راہِ حیات دست گیری کو وہیں تیری عطا آتی ہے

اُمت خیر مجسم کو بھی ہو خیر نصیب ہر گھڑی لب پہ یہی ایک دعا آتی ہے

ساتھ لے آتی ہے محراب حرم کی خوشبو جب مدینے سے کوئی موج صبا آتی ہے

خواہشِ نفس کا شہزادؔ چھٹے دل سے غبار
تب کہیں جا کے سمجھ شانِ خدا آتی ہے

ﷺ

محمد علی صدیقی شیدا بستوی

جہاں میں رنگ و بو کا جاں فزا منظر نظر آیا
کہ عالم تاب جس دم نور کا محور نظر آیا

عطائے نورِ رحمت سے مری دنیا چمک اُٹھی
اُس اک بے سایہ کا سایہ مرے سر پر نظر آیا

گر آقا مہرباں ہوں بے سر و سامان عاصی پر
بنے گا خلد کا باسی، جو یاں بے گھر نظر آیا

وہی جو پڑھتا رہتا ہے درود ان پر سلام ان پر
نبی کے عشق میں وہ دین کا پیکر نظر آیا

ملا مومن کبھی کوئی جو اہلِ بیت سے اس کو
فرشتوں کی طرح معصوم گھر کا گھر نظر آیا

تحیر خیز ہو جاتے ہیں سب ہی ان کے کوچے میں
مدینے کا سماں تو خلد کا ہم سر نظر آیا

سنہری جالیوں سے نور ہر دم یوں بکھرتا ہے
کہ اشکِ عاصیاں بھی قیمتی گوہر نظر آیا

محبت اہلِ دنیا محو جان و دل ہوئی یکسر
اسی لمحہ، مجھے سرکار کا جب در نظر آیا

ازل کے نور کا والہ و شیداؔ اس قدر میں ہوں
نبی کا شہر مجھ کو خواب میں اکثر نظر آیا

نعت اور تنقید نعت

جب نعت نے ’’ورفعنالک ذکرک‘‘ کا تاج زریں سر کی زینت بنایا تو اس کے حسن و جمال، عظمت و انفرادیت و شعریت کے چرچے چہار سو پھیل گئے۔ لفظوں نے اظہارِ عقیدت اور شعروں نے جمالِ نورانیت کے جلوے سمو لیے اور جیسے جیسے تحقیق و جستجو نے ہر دَور، ہر صدی کو کمالِ محبت سے کے ساتھ کھنگالا تو ایک ہی حقیقت سامنے آئی کہ سیّدنا حسان بن ثابت ص سے لے کر علامہ محمد اقبال تک ہر دَور دورِ نعت رہا۔ کمی تھی تو صرف ذرائع ابلاغ کی تھی جس کی بدولت سالوں کا سفر لمحوں میں طے ہو جاتا ہے۔ لیکن بحمد للہ سیّدنا حسان، سیدنا کعب، سیّدنا عبداللہ بن رواحہ ث، قدسی، جامیؔ، عرفیؔ، رومیؔ، احمد رضاؔ خان سے حفیظ تائبؔ تک کا سفرِ نعت کسی بھی عہد کی نگاہوں سے اوجھل نہیں ہوا۔ جب بزم ہستی کے کارپردازان کی تعداد لاکھوں سے اربوں تک پہنچی تو نعت گو بھی سیکڑوں سے گزر کر ہزاروں کی صورت میں زمانے بھر کو فیضیاب کرنے لگے۔ نعت گوئی کی تعداد فکرو تخیل سے زیادہ ہوئی تو تنقیدِ نعت کا تصور وقت کا تقاضا بن کر اُبھرا۔ اگر تنقید تحقیق کا پرچم اپنے وجود کا احساس نہ دلاتا تو رطب و یابس کے نام پر نعت میں وہ کچھ آنے لگتا جو کسی بھی صاحبِ ایمان کو گوارا نہیں تھا۔ تنقید و تحقیق کا مطلب تنقیص یا عیب جوئی نہیں بلکہ اصل مقصد نعت کی شاہ راہ پر چلنے والوں کی راہنمائی ہے۔ شروع میں بعض عناصر نے گھبراہٹ یا نا مانوسیت کا اظہار کیا مگر آہستہ آہستہ تنقیدِ نعت سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ فروغِ نعت کے لیے ماہ نامہ ’’نوائے وقت‘‘ ، ماہ نامہ ’’شام و سحر‘‘ ، ماہ نامہ ’’نعت‘‘ ، ماہ نامہ ’’حمد و نعت‘‘ کے شمارے اُبھرے، جنھوں نے نعت کو ہی موضوع بنائے رکھا مگر تنقیدِ نعت کو کسی نے بھی مستقل طو ر پر نعت نگارانِ نبیﷺ کے لیے فکری راست روی کا ذریعہ نہ بنایا۔ یہ افتخار ’’نعت رنگ‘‘ کے مدیر اور معروف انشا پرداز، نعت گو، نعت خواں سیّد صبیح الدین صبیح رحمانیؔ کے حصے آیا کہ فروغِ نعت کے لیے تنقید کو ’’نعت رنگ‘‘ کے لیے مستقل طور پر لازم و ملزوم بنا دیا۔ اسی فکر کو مقصدِ حیات بنا کر ہم نے سہ ماہی ’’جہانِ نعت ‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ امید کہ اصحاب قلم اپنے علمی و عملی تعاون سے فروغِ نعتیہ ادب میں ہمارا ساتھ دیں گے
ربّ کائنات نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ذکرِ کی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سربلندی کا اعلان فرما کر ہمارے اذہان اور قلوب کو باور کرا دیا ہے کہ ہر دور دورِ نعت ہے پہلی صدی ہجری ہو یا چودھویں اور پندرھویں صدی ہجری کا ظہور ہو یہ صدی تذکارِ مصطفیﷺ سے آباد رہی ہے۔ ہر دور اور ہر زمانہ رفعتِ مقاماتِ مصطفویﷺ کا ایمان آفریں نظارا دیکھتا رہا ہے۔ ہر صدی کے اختتام پر مختلف مروّجہ زبانوں میں نعت رسولﷺ کے ترانے الاپنے والے اس فخر سے سرشار ہو کر گئے ہیں کہ ہمارا ہی دور دورِ نعت تھا۔ ہم سے زیادہ نعت گوئی کی سعادت شاید ہی کسی اور کو ملی ہو یا شاید ہی کسی اور کو مل سکے۔ ہر صدی ہجری نے رخصت ہوتے ہوئے اپنا اثاثۂ نعت اس احساس کے ساتھ نئی صدی کو سونپا ہے کہ ہم نے تو حسبِ توفیق خداوندی زمانے بھر کو خوش بوئے نعت سے معطر رکھا ہے۔ اب یہ مؤرخ کا کام ہے کہ وہ دیکھے کہ تم کیا کرتے ہو۔ چوں کہ نعت گوئی محض اظہارِ فکر و فن نہیں بلکہ عین عبادت اور حسنِ سعادت بھی ہے اور پھر ایسے عالم میں جب کہ خدا اور فرشتے ثنائے مصطفویﷺ کو بصورتِ دُرود جاری رکھے ہوئے ہوں تو عشاقِ نبویﷺ کو یہ احساس سرشاری عطا کرتا ہے کہ کیا دل آویز اور جاودانی جذبۂ مدحت ہے کہ ہم وہی کچھ کر رہے ہیں جو خدا اور ملائکہ کر رہے ہیں اور پھر جو کچھ کر رہے ہیں عین منشائے ربانی ہے تو پھر روحانی کیفیات خود بخود معراج کو چھونے لگتی ہیں۔ لہٰذا ہمارے بعض ناقدین کا بار بار اصرار ہے کہ موجودہ صدی ہی نعت کی صدی ہے قدرے تعجب انگیز ہے۔ اگر مقصد فقط یہی ہو کہ اس صدی میں بے شمار ثناگویانِ رسول عربیﷺ نعت کہہ رہے تو گوارا ہے۔ اور اگر ماضی اور آنے والے دور سے مقابلہ ہو تو پھر سوال اُبھرتا ہے کہ اگر یہی صدی نعت کی صدی ہے تو پھر ’’ورفعنا لک ذکرک‘‘ کا منشا و مقصدِ حقیقی کیا ہے اور کیا آنے والی صدیوں کے نعت گو خاموش رہیں گے یا (خدا نہ کرے) توفیقِ خداوندی اپنا انداز بدل دے گی۔ مجھے تو بہت سے معلوم زمانوں کے اثاثہ ہائے نعت کو دیکھ کر ہر صدی ہی نعت کی صدی معلوم ہوتی ہے۔ ابھی بھی بہت کچھ نامعلوم کے پردوں میں نہاں ہے۔ جب سب کچھ سامنے آ جائے گا تو ماننا پڑے گا کہ تخلیقِ کائنات کے بعد کوئی دور ایسا نہیں گزرا جو ثنائے مصطفیﷺ سے آباد نہ رہا ہو۔ ہماری کوتاہ فکری جب توفیق خداوندی سے تحقیق و جستجو کے حوالے سے وسعتوں سے ہم کنار ہونے لگتی ہے تو ہر صدی کی خوش بوئے نعت قلوب و اذہان معتبر کرنے لگتی ہے۔
’’ورفعنالک ذکرک‘‘ کا آوازۂ قدسی بذاتِ خود اس حقیقت کا اعلان ہے کہ ذکرِ رسولﷺ کبھی جمود کا شکار نہیں ہو گا۔ بلکہ ’’وللاخرۃ خیرلک من الاولیٰ‘‘ کا پیغام اس حقیقتِ ابدی کا واضح ترین اعلان ہے کہ ہر آنے والا دور سرکارِ دو عالمﷺ کے ذکرِ جمیل کے حوالے سے گزشتہ دور سے سربلند ہو گا۔ خدائے کریم نے اپنے محبوب کے تذکارِ جمیل کی سربلندی کا ذمہ لے رکھا ہے۔
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
حضرت جبریل علیہ السلام میرے پاس آئے اور کہا آپ کا ربّ کریم پوچھتا ہے کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ میں نے آپ کے ذکر کو کیسے سر بلند کیا؟ میں نے جواب دیا اس بات کو اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آپ کے رفعِ ذکر کی کیفیت یہ ہے کہ جہاں میرا ذکر کیا جائے گا وہاں آپ کا ذکر بھی میرے ساتھ کیا جائے گا۔
علامہ آلوسی رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث مبارکہ کی بڑی عمدہ انداز سے تشریح کی ہے کہ ربّ کریم آپ کے ذکر کو بڑھاتا چلا جائے گا۔ جوں جوں انسانی ادراک اپنی بلندیوں کو چھوئے گا توں توں ذکرِ مصطفیﷺ کی تجلیات بڑھتی چلی جائیں گی اور یہ سلسلہ آپ کے مقامِ محمود پر فائز ہونے تک مسلسل جاری رہے گا۔ تو پھر ہم اپنے مقدر پر رشک کرنے کے لیے تو ثنائے حضورﷺ کو وسیلہ بنا کر بہت کچھ کہہ سکتے ہیں۔ مگر موجودہ صدی ہی کو نمائندہ ترین قرار دینا نہ تو ماضی کے ساتھ انصاف ہے اور نہ مستقبل کے ساتھ۔ عہد حاضر کا یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ نعتیہ مجموعے بڑی کثرت سے اشاعت پذیر ہوئے۔ صرف پچّیس سالوں میں ہی سلسلہ کہیں سے کہیں پہنچ گیا۔ پچّیس سال کا ذکر میں نے اس لیے کیا کہ ربع صدی قبل شائع شدہ نعتیہ کتب کو آسانی سے گنا جا سکتا تھا اور راقم نے اپنے کئی مضامین میں تذکرہ بھی کیا۔ مگر نعت رسولﷺ کی اشاعت کا سلسلہ اس شان سے شروع ہوا کہ چند ہی برسوں میں کہیں سے کہیں پہنچ گیا۔ اب تو نعتیہ کتب کی گنتی ہی محال نظر آتی ہے۔ ابھی شائع شدہ نعتیہ کتب کے شمار کا سلسلہ انجام تک نہیں پہنچتا کہ نئی کتب کی ایک بڑی تعداد دامانِ دل کو اپنی طرف کھینچ رہی ہوتی ہے مگر معیار گرتا جا رہا ہے۔
اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تنقیدِ نعت کی طرف توجہ دیں اور قرآن و حدیث کی ضیائے تاباں میں اپنے سفرِ افکار کو منزلِ رضائے خدا و مصطفی ﷺ کی جانب رواں دواں رکھیں۔ اور نام و نمود سے گریز کریں۔
(ماخوذ)

مقالات و مضامین

اردو نعتیہ شاعری میں موضوع روایات

محمد شہزاد مجددی

عصرِ حاضر فروغِ نعت کے ساتھ ساتھ نعتیہ ادب میں تنقیدی رجحانات کے بھی کئی دَر وا کرتا چلا جا رہا ہے اور یقیناً وابستگانِ نعت کے لیے یہ سلسلۂ نقد و نظر باعثِ تقویت و طمانیت ہے۔
نعت اردو ادب کی ایک مقدس صنفِ سخن ہے اور دوسری مذہبی شاعری کی طرح اس کا منبع و مصدر بھی قرآن و سُنّت ہی ہیں۔ نعتیہ شاعری کے بیش تر مضامین قرآنی آیات اور احادیثِ مبارکہ سے مستفاد و ماخوذ ہوتے ہیں۔ وہ معدودے چند نعت گو شعرا جنھیں علومِ شرعیہ پر کامل عبور تھا، انھوں نے اپنے کمالِ علم و تقویٰ کی برکت سے نعت کی شمشیرِ آب دار پر مکمل حزم و احتیاط سے قدم رکھا اور وادیِ عشق کو عافیت و سلامتی کے ساتھ پار کرنے میں کامیاب رہے۔
قرآن پاک کے بعد علومِ شرعیہ کا سب سے بڑا اور بنیادی ماخذ حدیث شریف ہے اور دیگر اہلِ علم کی طرح علمی ذوق کے حامل نعت گو شعرا نے بھی اس ماخذ سے استفادہ کیا ہے۔ چناں چہ اردو نعتیہ شاعری میں اَن گنت اشعار ایسے ملتے ہیں جن کے مضامین یا تو مشتمل بر احادیث ہیں یا کسی حدیث کے مضمون سے مستفاد ہیں۔ جب کہ کئی اشعار میں بلفظہ کسی حدیث کو منظوم کیا گیا ہے۔ اس وقت مرزا رفیع سوداؔ کا ایک مشہور شعر یاد آ رہا ہے:
حدیث من رانی دال ہے اس گفتگو اوپر
کہ دیکھا جس نے اُن کو اُن نے دیکھی شکلِ یزدانی
البتہ یہاں پر یہ بات بھی لائقِ اعادہ ہے کہ شاعر کا خیال متنِ حدیث سے متعارض ہے۔ یہ حدیث پاک جسے امام ابو عیسیٰ الترمذی علیہ الرحمہ نے ’’شمائلِ ترمذی‘‘ میں روایت کیا ہے، کچھ یوں ہے:
من رانی فی المنام فقدرأ الحق
ترجمہ: جس نے مجھے خواب میں دیکھا اُس نے حقیقت میں (مجھے ہی) دیکھا۔
حضرتِ رضا بریلوی علیہ الرحمہ نے بھی اس حدیث سے استفادہ کرتے ہوئے بڑی احتیاط سے کہا ہے کھُلے کیا راز محبوب و محب مستانِ غفلت پر
شرابِ قدرا الحق زیبِ جامِ من رانیِ ہے
ایک مشہور حدیث کے متن کو فاضلِ بریلوی نے یوں منظوم کیا ہے
من زار تربتیِ وجبت لہُ شفاعتیِ
ان پر دُرود جن سے نوید اُن بشر کی ہے
اکثر کتبِ سیر میں یہ روایت بایں الفاظ ملتی ہے۔
مَن زَارَ قَبری وَصَیتُ لَہُ شَفَاعَتیِ
امام تقی الدین سبکی علیہ الرحمہ نے ’’شفاء السقام‘‘ میں اور امام ابنِ حجر مکی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’الجوہر المنظم‘‘ میں اسے نقل کیا ہے۔ ہمارے معاصر عرب فاضل شیخ حمود سعید الممدوح (دبئی) نے اپنی کتاب ’’رفع المنارہ فی تکریخ احادیث التوسل و الزیارۃ‘‘ میں اس حدیث کی سند پر معترضین کو محققانہ جوابات دیے ہیں۔ محدث بریلوی علیہ الرحمہ کا ایک مشہور شعر ہے ؎
رب ہے معطی یہ ہیں قاسم
دیتا وہ ہے دلاتے یہ ہیں
یہ مضمون صحیح بخاری (کتاب العلم) میں حضرت امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ سے مروی حدیث شریف سے لیا گیا ہے جس کے الفاظ درجِ ذیل ہیں:
اِنما اَناَ قاَسِمُ واﷲ یُعطی
ترجمہ: اور اللہ عطا کرنے والا ہے جب کہ میں تقسیم کرنے والا ہوں۔
اس حدیث پاک پر مبنی راقم السطور کا ایک شعر بھی دیکھیے:
سنتا ہے فریاد خدا ہی، دیتا ہے شہزادؔ خدا ہی
کرتے ہیں تقسیم محمد صلی اللہ علیہ و سلم
حضرت حفیظ تائب مرحوم کو بھی مضامینِ قرآن و احادیث نعتیہ اشعار میں منظوم کرنے میں خاص ملکہ حاصل تھا، چناں چہ وہ لکھتے ہیں ؎
سجھا کہ نکتۂ خیر الامور اوسطھا
مجھے توازنِ فکر و نظر دیا تُو نے
اردو ادب کے نعتیہ ذخائر میں جہاں صحیح احادیث پر مبنی مضامین بکثرت ملتے ہیں وہاں سیکڑوں نعتیہ اشعار ایسے بھی ہیں جن کی بنیاد کسی شدید ضعیف یا ساقط الاعتبار موضوع (من گھڑت) روایت پر ہے۔ اور موضوع یعنی وضعی و جعلی روایت عند المحدثین صرف اور صرف اِس صورت میں بیان کرنا جائز اور حلال ہے جب کہ اس کی وضعیت کو ظاہر کرنا مقصود ہو کیوں کہ کسی قول یا فرمان کو بلا تحقیق رسول اللہ صلی اﷲ علیہ و سلم کی طرف منسوب کرنا بہت بڑی جسارت ہے۔ جب کہ عمداً کسی ایسی بات کو جو آپ صلی اﷲ علیہ و سلم نے نہ فرمائی ہو، آپ کی ذاتِ گرامی سے منسوب کرنا اکبر الکبائر ہے۔
ارشادِ نبوی صلی اﷲ علیہ و سلم ہے:
من کذب علی متعمداً فلیتبوأ مقعدہُ من النار
ترجمہ: جس نے قصداً مجھ پر جھوٹ باندھا اُس نے اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لیا۔ (متفق علیہ)
ایک دوسرے مقام پر فرمایا:
من قال عنی مالم اقل۔ ۔ ۔ جس نے میری طرف سے وہ بیان کیا جو مَیں نے نہیں کہا تو اُس نے اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لیا۔
آج کل تقریر و تحریر میں اس بے احتیاطی کی بھرمار ہے۔ واعظین اور قصّہ گو قسم کے مقررین کا یہ عام وطیرہ ہے کہ وہ بغیر علم کے احادیث بیان کر رہے ہوتے ہیں۔ محافلِ میلاد میں اسٹیج سیکریٹری اور نقیب قسم کے لوگ تو اس قسم کے خرافات پر چل رہے ہیں۔
حالاں کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:
کفی بالحرء کذباً ان بحدث بکل ما سمع۔ ۔ ۔
ترجمہ: کسی شخص کے جھوٹا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ ہر سُنی سُنائی بات آگے بیان کر دے۔ ایک روایت میں ’’کفیٰ بالحرئِ اثماً‘‘ کے الفاظ بھی آئے ہیں۔
افراطِ تجاہل کی موجودہ فضا میں ہم ائمہ محدثین کی رہنمائی میں ایسی روایات کی نشان دہی کا فریضہ سرانجام دینا وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہیں، جو نبی کریمﷺ کے ارشادات نہیں ہیں اور انھیں احادیث کہہ کر سُنا سُنایا اور لکھا پڑھا جاتا ہے۔ ان موضوع روایت میں سے ایک مشہور قول ہے۔
’’الفقر فخری و بہٖ افتخر‘‘ (ترجمہ) فقر میرا فخر ہے اور مَیں اس کے ساتھ متفخر ہوں۔ اس قول کی شہرت اور مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ اچھے اچھے اہلِ علم اپنی تصنیفات و مقالات میں اسے نقل کر کے اس سے استشہاد کرتے ہیں۔ اور نعت گو شعرا اپنے کلام میں اس مضمون کو منظوم کرتے ہیں۔
علامہ اقبالؔ کا معروف مصرع ہے ؎
’’سماں الفقر فخری‘‘ کا رہا شانِ امارت میں
ایک اور معاصر نعت گو شاعر لکھتے ہیں ؎ہیں اُمّت اس کی ہم ’’الفقر فخری‘‘ جس نے فرمایا
اُترتے کیوں نہیں پھر حشمت و نخوت کے مرکب سے
سلسلۂ سہروردیہ کے ایک فاضل صوفی بزرگ نے تصوف اور اہلِ تصوف کے دفاع میں ایک کتاب تالیف فرمائی جس کا عنوان ہی ’’الفقر فخری‘‘ ہے۔ یہ کتاب متعدد بار شائع ہو چکی ہے اس کے اندرونی ٹائٹل پیج پر ایک شعر یوں درج ہے ؎
کروں مال و زر کی مَیں کیوں ہوس مجھے اپنے فقر پہ فخر بس
یہی حرزِ جانِ فقیر ہے، یہی ’’قولِ شاہِ حجاز‘‘ ہے
الغرض اس موضوع اور باطل روایت کو ایسے ایسے بزرگوں نے ’’قولِ شاہِ حجاز‘‘ ہی سمجھا اور تحریر و تقریر میں اسے بالالتزام جگہ دی۔ آئیے ائمہ محدثین اور ماہرینِ اصولِ حدیث کے اقوال و آرا کی روشنی میں اس قول کا تنقیدی جائزہ لیں۔
حضرت امام حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں:
الفقر فخری وبہ افتخر و ہذا الحدیث سئل عندالحافظ ابن تیمیہ، فقال انہ کذب لایعرف فی شیٔ کتب المسلمین المرویۃ و جزم الاصفہانی بانہُ موضوع۔ (تلخیص الحبیر ۳/۱۰۹)
ترجمہ: اس حدیث ’’الفقر فخری‘‘ کے بارے میں ابن تیمیہ سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا یہ جھوٹ ہے، مسلمانوں کے ذخیرۂ مرویات میں اس قسم کی کوئی چیز نہیں پائی گئی اور امام اصفہانی نے بھی اس کے موضوع (جعلی) ہونے کی تائید کی ہے۔
امام عسقلانی نے حضور علیہ الصلوٰۃ و السلام سے مروی ایک اور معروف روایت یہاں نقل کر کے وضاحت کی ہے کہ حضور علیہ السلام کی طرف منسوب ’’فقر و مسکنت‘‘ کی حقیقت کیا ہے؟
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
’’رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:
اللّٰھم احینی مسکیناً و امتنی مسکیناً و احشرنی فی زمرۃ المساکین
ترجمہ: اے اﷲ مجھے مسکین ہی زندہ رکھ، مسکنت میں موت دے اور مساکین کے ساتھ میرا حشر فرما۔
اس روایت کو امام ترمذی نے غریب کہا اور اس کی سند میں ضعف ہے۔ ابن ماجہ، حاکم اور بیہقی نے اسے الگ الگ طریق سے روایت کیا۔ وقال البیہقی ووجھہ عندی انہُ لم یسئل حال المسکنۃ التی یرجع معنا الی القلۃ وانما سال المسکنۃ التی یرجع معنا الی الاخبات والتواضع۔ (تلخیص الحبیر: ۳/۱۰۹۔ سنن الکبریٰ بیہقی ۱۰ /۹۸)
ترجمہ: امام بیہقی کہتے ہیں میرے نزدیک اس کی صورت یہ ہے کہ رسولﷺ نے یہاں اس مسکنت کا سوال نہیں کیا جس کا معنی قلت لیا جاتا ہے، بلکہ آپ نے اس مسکنت کا سوال کیا ہے جس کا معنی انکسار اور عاجزی لیا جاتا ہے۔
ایک اور قابلِ غور امر یہ ہے کہ صحیح احادیث میں حضورﷺ کا فقر سے استعاذ اور پناہ مانگنا ثابت ہے اور آپ نے صحابہ کرامؓ کو بھی اس کی تعلیم فرمائی ہے۔
چناں چہ صحیحین میں فقر سے استعاذ کے الفاظ یوں مروی ہیں:
اللّٰھم اعوذبک من فتنۃ الفقر
ترجمہ: اے اﷲ میں فقر کے فتنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ (بخاری الدعواۃ، رقم ۵۸۹۱ مسلم فی الذکر و الدعا رقم ۴۸۷۷)
سنن ابی داؤد میں عبدالرحمن بن ابی بکر کی روایت میں دعائیہ کلمات یوں ہیں:
اللّھم انی اعوذبک من الکفر و الفقر (ابوداؤد … ۴/۳۲۴ رقم ۵۰۹۰)
ترجمہ: اے اﷲ میں کفر و فقر سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
یہاں کفر کے ساتھ فقر کا تذکرہ لائقِ عبرت بھی ہے اور محل تنبیہ بھی۔
صحیح ابن حبان میں حضرت ابو سعید خدری ص کی روایت ہے:
فقال رجل ویعتدلان؟ قال نعم۔ (الاحسان۳/رقم ۱۰۲۶)
ترجمہ: ایک شخص نے پوچھا کیا یہ دونوں برابر ہیں؟ آپ نے فرمایا، ہاں۔
مسند احمد اور صحیح ابن حبان میں حضرت ابوہریرہ ص سے مروی ہے۔
تعوذ و باﷲ من الفقر۔ (احمد رقم/ ۰۸۷۳ ابنِ حبان، ۱/۲۳۹: رقم ۹۷۹)
ترجمہ: فقر سے اﷲ کی پناہ مانگو۔
سننِ نسائی میں ہے:
نعوذ و من الفقر و الفاقۃ۔
ترجمہ: فقر و فاقہ سے اﷲ کی پناہ مانگو۔ (نسائی: ۵۷۷۵)
الغرض احادیثِ صحیحہ میں فقر سے پناہ و نجات اور برأت کے مضامین کثرت سے ملتے ہیں۔ یہاں ایک اور بات کو ملحوظ رکھنا بھی ضروری ہے کہ حضور صلی اﷲ علیہ و سلم نے اپنے لیے موجود، مذکور اور منصوص فضائل کا اظہار بھی فخر سے نہیں فرمایا، ہر جگہ ’’ولافخرً ولا فخر‘‘ کی تکرار سے اپنے رب کی بارگاہ میں اظہارِ عبودیت اور تواضع فرمایا ہے۔
امام شمس الدین السخاوی رحمۃ اللہ علیہ رقم طراز ہیں:
’’الفقر فخری وبہ افتخر۔ ۔ ۔ باطل الموضوع‘‘ (مختصر المقاصد الحسنہ: رقم ۲۹۲)
ترجمہ: الفقر فخری۔ ۔ ۔ الخ باطل اور گھڑی ہوئی روایت ہے۔
ملّا علی قاری علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں:
الفقر فخری وبہ افتخر۔ ۔ ۔ قال العسقلانی ھو باطل الموضوع۔ وقال ابن تیمیہ ھو کذب۔
ترجمہ: فقر میرا فخر ہے۔ ۔ ۔ الخ عسقلانی نے اسے باطل اور موضوع کہتا ہے اور ابن تیمیہ کہتے ہیں کہ یہ کذب ہے۔ (موضوعاتِ کبیر، حرف فاء: ص:۵۰)
شیخ محمد بن طاہر پٹنی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
الفقر فخری وبہ افتخر۔ ۔ ۔ قال شیخنا ھو باطل موضوع۔ (تذکرۃ الموضوعات: ص: ۱۷۸)
ترجمہ: الفقر فخری۔ ۔ ۔ ہمارے شیخ نے اسے باطل و موضوع کہا ہے۔
مزید لکھتے ہیں اسے الصفانی نے بھی موضوع کہا ہے:
شیخ العجلونی اس قول کو نقل کرنے کے بعد کہتے ہیں:
قال الحافظ ابن الحجر باطل موضوع وقال فی التمییذ کا المقاصد و من الواھی فی الفقر ما للطبرانی عن شداد ابن اوس رفعہ ’’الفقر أزین بالمؤمن من العزارِ الحسن علیٰ خدا الفرش‘‘ وقال ابن تیمیہ کذب و سندہُ ضعیف و المعروف انہُ من کلام عبدالرحمن ابن زیاد ابن انعمہ کما رواہُ ابن عدی فی کاملہ۔
(کشف الخفاء، رقم: ۱۸۳۵)
ترجمہ: حافظ ابن حجر نے اسے باطل و موضوع کہا ہے۔ تمییذ میں مقاصد الحسنہ ہی کی طرح (صاحب تمییذ) نے کہا کہ فقر کے بارے میں روایتِ واہیہ میں سے ایک روایت ہے جسے طبرانی نے شداد بن اوس سے مرفوعاً روایت کیا ہے کہ فقر مومن کے لیے گھوڑے کے رخسار پر خوبصورت نشان سے بھی زیادہ موزوں ہے۔ ا بنِ تیمیہ نے اسے کذب کہا ہے اور اس کی سند ضعیف ہے۔ جب کہ مشہور یہ ہے کہ یہ عبدالرحمن بن زیاد بن انعم کا قول ہے۔ جیسا کہ ابنِ عدی نے اسے اپنی کامل میں روایت کیا ہے۔
شارح بخاری امام احمد القسطلانی رحمۃ اﷲ علیہ لکھتے ہیں:
واما مایروی انہ صلی اﷲ علی و سلم قال ’’الفقر فخری وبہٖ أفتخر‘‘ فقال شیخ الاسلام و الحافظ ابنِ حجر ھو باطل و موضوع۔ (المواہب اللّدنیہ ۲/۱۶۲)
ترجمہ: اور یہ جو روایت کیا جاتا ہے کہ آپ نے فرمایا، الفقر فخری۔ ۔ ۔ الخ۔ ۔ ۔ کو شیخ الاسلام ابنِ تیمیہ اور حافظ ابنِ حجر نے اسے باطل و موضوع کہا ہے۔
تائید مزید کے لیے اعلیٰ حضرت محدث بریلوی قدس سرہ کی تحقیق بھی ملاحظہ فرمایئے
حضورِ اقدس، قاسم نعم، مالک الارض، ورقابِ امم، معطیِ منعم، قثمِ قیم، ولی والی، علی عالی، کاشف الکرب، رافع الرتب، معینِ کافی، حفیظ وافی، شفیعِ شافی، عفو عافی، غفورِ جمیل، عزیز جمیل، وہاب کریم، غنیِ عظیم، خلیفۂ مطلقِ حضرتِ رب، مالک الناّس ودّیانِ عرب، ولی الفضل، جلی الافضال، رفیع المثل ممتنع الامثال صلی اﷲ علیہ و سلم کی شانِ ارفع و اعلیٰ میں الفاظِ مذکورہ (یتیم، غریب، مسکین، بے چارہ) کا اطلاق ناجائز و حرام ہے۔
خزانۃ الاکمل مقدسی و ردالمحتار اواخرشتی میں ہے:
ویجب ذکرہ صلی اﷲ علیہ و سلم باسماء المعظمۃ فلا یجوز ان بقال انہُ فقیر، غریب، مسکین۔ ترجمہ: حضورﷺ کا ذکر عزت و تکریم والے ناموں سے کرنا واجب ہے اور اس طرح کہنا جائز نہیں کہ آپ فقیر، غریب اور مسکین تھے۔
نسیم الریاض جلد رابع صفحہ ۴۵۰میں ہے:
الانبیاء علیھم الصّلوٰۃ والسلام لایو صفون بالفقر و لایجوز ان یقال نبینا صلّی اﷲ علیہ و سلم فقیر‘‘ وقولہُ عند ’’الفقر فخری‘‘ لا اَصل لہُ کما تقدم۔
ترجمہ: انبیائے کرام علیہم السلام کو فقر سے موصوف نہ کیا جائے اور یہ جائز نہیں کہ ہمارے آقا نبی کریمﷺ کو فقیر کہا جائے۔ رہا لوگوں کا ’’الفقر فخری‘‘ کو آپ سے مروی کہنا تو اس کی کوئی اصل نہیں۔ جیسا کہ پہلے بیان ہوا ہے۔ اسی کے ۳۷۸ میں ہے:
قال الذرکشی کا لسبکی لایجوزان یقال لہُ صّلی اﷲ علیہ و سلم فقیر اور مسکین وھو أغنی النّاس باﷲ تعالیٰ لاسیحا بعد قولہ تعالیٰ ’’ووجدکَ عائلاً فاغنیٰ‘‘ ۔ وقولہُ صلّی اﷲ تعالیٰ علیہ و سلم ’’اَللّھِمَّ اَحینی مسکیناً‘‘ ارادبہٖ المسکنۃ القلبیۃ بالخشوع والفقر فخری‘‘ باطل لااصل لہ … کما قال الحافظ ابنِ حجر عسقلانی۔
ترجمہ: امام بدر الدین زرکشی نے امام سبکی کی طرح کہا ہے کہ یہ جائز نہیں کہ آپ کو فقیر یا مسکین کہا جائے اور آپ اللہ کے فضل سے لوگوں میں سب سے بڑھ کر غنی ہیں۔ خصوصاً اﷲ تعالیٰ کے ارشاد ’’ہم نے آپ کو حاجت مند پایا سو غنی کر دیا‘‘ کے نزول کے بعد۔ رہا آپ کا یہ فرمان کہ اے اﷲ مجھے مسکین زندہ رکھ۔ ۔ ۔ الخ تو اس سے مراد باطنی مسکنت کا خشوع کے ساتھ طلب کرنا ہے اور الفقر فخری باطل ہے۔ اس کی کوئی اصل نہیں جیسا کہ حافظ ابنِ حجر عسقلانی نے فرمایا ہے۔
(الفتاویٰ الرضویہ: جلد ششم، ص: ۱۲۶ مطبوعہ کراچی)
امام احمد رضا بریلوی رحمہ اﷲ نے ’’کتاب الشفا‘‘ قاضی عیاض کے حوالے سے یہ صراحت کی ہے کہ سرورِ عالمﷺ کی ذاتِ والا صفات کے لیے نازیبا اور غیر موزوں اسما و صفات کا استعمال حکایتاً بھی ناجائز و ممنوع ہے۔ اسی طرح بارگاہِ رسالت میں گستاخی و بے ادبی اگرچہ سہواً یا جہالت و لاعلمی کے باعث ہی ہو لائقِ گرفت اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔
آخر میں کچھ معروف اور بزرگ نعت گو شعرا کے اسمائے گرامی کی فہرست اور اشعار ملاحظہ فرمائیے جنھوں نے ’’الفقر فخری‘‘ کو بطورِ حدیث نظم کیا ہے۔
۱۔ حفیظ جالندھری
اگرچہ ’’فقر فخری‘‘ رتبہ ہے تیری قناعت کا
مگر قدموں تلے ہے فقرِ کسرائی وفا قانی
۲۔ مرتضیٰ احمد خان میکشؔ
کروں مال و زر کی میں کیوں ہوس مجھے اپنے فقر پہ فخر بس
یہی حرزِ جانِ فقیر ہے یہی ’’قولِ شاہِ حجاز‘‘ ہے
۳۔ بہادر شاہ ظفرؔ
جس کو حضرت نے کہا ’’الفقر فخری‘‘ اے ظفرؔ
فخرِ دیں، فخرِ جہاں پر وہ فقیری ختم ہے
۴۔ ماہرؔ القادری
سلام اس پر کہ تھا ’’الفقر فخری‘‘ جس کا سرمایہ
سلام اس پر کہ جس کے جسمِ اطہر کا نہ تھا سایہ
۵۔ حافظ مظہر الدین
سبق ہے یاد مجھ کو آج بھی ’’الفقر فخری‘‘ کا
بحمد ﷲ ہے میری خوئے درویشانہ برسوں سے
۶۔ محمد یار فریدی
فخر می دارد بفقرش مصطفی
فقر را برہان مولانا فرید
۷۔ ضامنؔ حسنی
’’فقر فخری‘‘ سے ہم آہنگ تھی شاہی جس کی
ایسا مولا کوئی دیکھا ہے بتا چرخِ کبود
۸۔ سید فیضی
’’الفقر فخری‘‘ جن کے لیے وجہِ ناز ہو
کیا اُن کے پاس رہتا ہے جود و سخا کے بعد
۹۔ بے چینؔ رجپوری
ازروئے ’’الفقر فخری‘‘ تھا سدا زہد و قنوع
پانی پینے کو رکھا جامِ سفالی آپ نے
۱۰۔ انیسہ ہارون؎
ارشادِ ’’فقر فخری‘‘ سے
سرمایہ ٹھکرانے والے
ایضاً
مژدۂ ’’فقر فخری‘‘ سُنایا
حوصلہ مفلسوں کا بڑھایا
۱۱۔ حسن اختر جلیل
ہے اُس کا تاجِ سر ’’الفقر فخری‘‘
قناعت اس کے پیروں کی حنا ہے
۱۲۔ حافظ لدھیانوی
ہے فخر تجھے فقر پہ اے شاہِ دو عالم
اے ختمِ رُسل، ہادیِ دیں، خلقِ مجسم
۱۳۔ ایس اے رحمن
تجھے فخر تھا فقر پر سروری میں
مجھے بھی عطا ہو وہ دل کی امیری
۱۴۔ حفیظ الرحمن احسن
عجز کی شان ’’الفقر فخری‘‘ صفت رشکِ فغفور جاہ و حشم آپ کا
عظمتیں سرنگوں آپ کے سامنے نصب ہے رفعتوں پر علم آپ کا
۱۵۔ اسرار احمد مہاروی
اگرچہ فقر پہ اندازِ فخر حاوی ہے
تمھارا نقشِ قدم سجدہ گاہِ شاہاں ہے
(یہ شعر ماہ نامہ ’’نعت‘‘ ص ۵۶، فروری ۱۹۹۴ء میں شائع ہوا)
ہمارے خیال میں اس شعر کا مصرع اولیٰ یوں ہونا چاہیے:
اگرچہ فخر پہ اندازِ فقر حاوی ہے
۱۶۔ سید امین گیلانی
تجھ سے سُنا جب تیرے غلاموں نے ’’الفقر فخری‘‘
تخت انھوں نے روندے ہیرے رولے تاج اچھالے
۱۷۔ رفیع الدین ذکی قریشی
ہیں اُمت اس کی ہم ’’الفقر فخری‘‘ جس نے فرمایا
اُترتے کیوں نہیں پھر حشمت و نخوت کے مرکب سے
۱۸۔ ڈاکٹر سلطان الطاف علی
فقر ہے فخرِ محمد فقر ہے نورِ خدا
فقر کی تسخیر میں لوح و قلم ارض و سما
۱۹۔ جعفر بلوچ
مَیں ہوں فقر پرور پیمبر کی اُمت میں جعفرؔ
مری جاں، مرا دین و ایماں ہے ’’الفقر فخری‘‘
(شاعر نے اس نعت میں ’’الفقر فخری‘‘ کو بطورِ ردیف استعمال کیا ہے)
۲۰۔ بشیر حسین ناظم
وہ ایسے قائلِ ’’العجز فقری‘‘ ہیں کہ عالم کی
غنا و سرفرازی ان کے کفشِ پا پہ قرباں ہے
(’’العجز فخری‘‘ کے الفاظ کتاب الشفا میں قاضی عیاض مالکی رحمۃ اﷲ علیہ نے ایک طویل روایت بیان کرتے ہوئے نقل کیے ہیں)
۲۱۔ راجا رشید محمود
ملا ہے درسِ محمد سے ’’فقر فخری‘‘ کا
کمالِ فقر میں مضمر ہے قیصری اپنی
٭٭٭

تخلیقی ادب اور نعتیہ ادب کی موجودہ صورتِ حال!

عزیز احسن

معروف مصری ادیب طٰہٰ حسین نے شرح و بسط کے ساتھ ’’ادب‘‘ کی ماہیت پر گفتگو کی ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ شروع شروع میں تو انھیں اس مادّے کا استعمال فعل اور اسمِ فاعل کے سوا کسی صورت میں نہیں ملا۔ اُن کے خیال میں پہلے لوگ ادب (ادب سکھانے) اور مؤدّب کے معانی میں استعمال کرتے تھے اور اس لفظ کا اطلاق شعر اور تاریخ کے راویوں پر کرتے تھے۔ طٰہٰ حسین کے خیال میں عہد اُموی سے اس لفظ کا اطلاق شعر، تاریخ یا شعرو تاریخ کے ساتھ ساتھ ملن ساری، خوش خلقی اور نرم خوئی وغیرہ پر ہونے لگا۔ وہ لکھتے ہیں ’’جب لوگ کہتے ہیں کہ فلاں نے ادب سکھایا تو اس سے دو معنی مراد لیے جاتے ہیں: ایک یہ کہ اس نے اسے ادب سکھایا اور یہ علم کی وہ نوع ہے جس کی طرف ہم نے اشارہ کیا ہے اور دوسرا یہ کہ اس نے ادب سکھایا اور یہ وہ اندازِ زندگی ہے جس کا ہم نے ذکر کیا‘‘ ٭۱ اس کے بعد لمبی بحث کے بعد وہ لکھتے ہیں ’’ادب کا صحیح مفہوم تھا پسندیدہ شعرو نثر اور اس کے متعلقات جو اُن کی تشریح و تفسیر کے کام آئیں اور ان کے فنی جمال کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں ‘‘ ٭۲
دائرہ معارفِ اسلامیہ کے مصنّفین نے عربی لغت نویسوں کے ہاں اس لفظ کا اشتقاق مادۂ ئ۔ د۔ ب میں پایا جس کے معنی ہیں حیرت انگیز چیز یا تیاری اور ضیافت۔ اُن کے مطابق پہلی صدی ہجری سے ادب کا لفظ اس مجموعی علم کے لیے استعمال ہونے لگا جس سے کوئی صاحبِ علم شائستہ اور مہذب بنتا ہے، یعنی ثقافت دنیوی جس کی بنیاد اوّلاً شعر، فنِ خطابت اور قدیم عرب کی قبائلی اور تاریخی روایات پر نیز متعلقہ علوم یعنی بلاغت، نحو، لغت اور عروض پر تھی۔ ٭۳ نیاز فتح پوری نے ادب کو انگریزی لفظ literature کے بہترین ترجمے کے طور پر قبول کیا ہے۔ ٭۴

ڈاکٹر سیّد عبداللہ کی رائے میں صرف تخلیقی مواد ہی ادب کہلانے کا مستحق ہے، وہ فرماتے ہیں:’’جو ادب تخلیقی نہیں وہ ادب کے زمرے میں شامل کیسے ہو گا؟‘‘ ٭۵ اور ادب کی تخلیقی شاخوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے شاعری کو اوّلیت دی ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے ادب کی تعریف ان الفاظ میں کی ہے ’’ادب وہ فنِ لطیف ہے، جس کے ذریعے ادیب جذبات و افکار کو اپنے خاص نفسیاتی و شخصیاتی خصائص کے مطابق نہ صرف ظاہر کرتا ہے بلکہ الفاظ کے واسطے سے زندگی کے داخلی اور خارجی حقائق کی روشنی میں اُن کی ترجمانی و تنقید بھی کرتا ہے اور اپنے تخیل اور قوتِ مخترعہ سے کام لے کر اظہار و بیان کے ایسے مسرت بخش حسین اور مؤثر پیرائے اختیار کرتا ہے جن سے سامع و قاری کا جذبہ و تخیل بھی تقریباً اسی طرح متاثر ہوتا ہے جس طرح خود ادیب کا اپنا تخیل اور جذبہ متاثر ہوا۔ ‘‘ ٭۶
کشاف تنقیدی اصطلاحات کے مرتب نے ادب کے تین بنیادی مقاصد کا تعین کیا ہے (۱) جمالیاتی مسرت بہم پہنچانا۔ (۲) جمالیاتی مسرت بہم پہنچانے کے دوران میں حیات و کائنات اور خود فرد کی ذات کے بارے میں اسے ایسی آگہی بخشنا جس سے اس کے قلب و ذہن کو جلا ملے۔ (معلومات و آگہی میں جو فرق ہے اسے ملحوظ رکھا جائے) (۳) قارئین کو کوئی خاص زاویۂ نظر یا طرزِ عمل اختیار یا ردّ کرنے کی ترغیب دینا۔ ‘‘ ٭۷
ادب کی دو شاخیں بڑی معروف رہی ہیں ایک ’’ادب برائے ادب‘‘ Art for Arts Sake اور دوسری ’’ادب برائے زندگی‘‘ Art for Life Sake اور چوں کہ ادب برائے ادب میں ذاتی حظ کی کیفیت کو عمومی زندگی سے مشروط نہیں سمجھا جاتا ہے اس لیے اِس کا اطلاق ہمارے مقاصدِ تحریر پر نہیں ہو سکتا لہٰذا ہم اس کا ذکر بھی نہیں کریں گے۔ ادب برائے زندگی کے تخلیقی مقاصد میں وہ تینوں نکات شامل ہیں جو کشاف تنقیدی اصطلاحات کے مرتب نے لکھے ہیں اور جو ہم نے اوپر درج کر دیے ہیں۔
اب آیئے ذرا چین چلیں جہاں کا حوالہ حصولِ علم کے طویل فاصلوں کے طے کرنے کی ترغیب کے ضمن میں حدیث نبویﷺ میں بھی ملتا ہے۔
ماؤزے تنگ ادب اور فن کو سیاست کے تابع سمجھتے ہیں۔ ٭۸ واضح رہے کہ ان کی سیاست اشتراکیت ہے، جس میں خدا کا وجود تسلیم نہیں کیا جاتا۔ ۔ ۔ لیکن اسلامی ادب میں ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا ادب دینی اقدار کے تابع ہے۔ ماؤزے تنگ نے ادبی اور فنی تخلیقات کو ’’مقبولِ عام بنانے‘‘ اور اُن کا ’’معیار بلند کرنے‘‘ کا ذکر کیا ہے۔ اُن کے نقطۂ نظر سے عوام کی سب سے بڑی ضرورت ’’زری میں زیادہ پھول‘‘ نہیں بلکہ ’’سردی میں ایندھن‘‘ ہے لہٰذا وہ اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ادب و فن کو مقبول عام بنانا ضروری جانتے ہیں۔ ٭۹ ان کے نزدیک ’’مقبول بنانے سے مراد عوام میں مقبول بنانا ہے اور معیار بلند کرنے کا مطلب عوام کے لیے معیار بلند کرنا ہے۔ ‘‘ ٭۱۰
اب آیئے ہمارے اسلامی ادب کی طرف جس میں نعتیہ شاعری سر فہرست ہے اور ہمارا اصل موضوع یہی ہے۔ نعتیہ شاعری کے حوالے سے ایک سوال تو بار بار کیا جانا چاہیے کہ کیا واقعی اردو کی تمام نعتیہ شاعری ’’ادب‘‘ کی تعریف پر پوری اُترتی ہے؟۔ ۔ ۔ میرا جواب نفی میں ہے۔ البتہ اس شاعری کا ایک چھوٹا سا حصہ ادب ہی میں نہیں بلکہ ادبِ عالیہ میں شمار کیے جانے کے قابل ہے۔ لیکن فی زمانہ تو نعتیہ شاعری بڑی مقدار میں ہو رہی ہے۔ اتنی بڑی مقدار میں کہ پوری اردو شاعری پر نعتیہ تخلیقات کا غلبہ ہے اور اسی لیے یہ صدی نعتیہ ادب کے حوالے سے ’’نعت صدی‘‘ کہے جانے کے قابل ہے۔ اس کے باوجود ادبی معیارات پر پورا اُترنے والی شاعری کم کیوں ہے۔ اس کا ایک جواب تو یہ ہے کہ شہرت طلب شعرا عوامی رجحان یعنی سہل و سادہ پسندی کو معیار بنا کر شعر کہہ رہے ہیں اور مگن ہیں۔ ان کے اشعار کی تشہیر میں بصری میڈیا بھی پیش پیش ہے، جس کا مقصد زیادہ تر کاروباری ہے۔ ۔ ۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ نعت کاغذ پر کم پڑھی جاتی ہے بصری میڈیا پر زیادہ سُنی جاتی ہے جس میں نیم زنانہ لباس میں ملبوس نعت خواں (یا باریش گویّے) اپنی چھب دکھلا کر عوامی مقبولیت حاصل کر لیتے ہیں اور تخلیقِ نعت میں بھی اپنی جہالت کا ثبوت دیتے ہیں اور اسی جہالت کے باعث عوامی مقبولیت حاصل کر لیتے ہیں۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہند و پاکستان میں مجازی محبوب کے لیے مروج لفظ ’’پیا‘‘ ۔ ۔ ۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لیے اور آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے لیے استعمال ہونے لگا ہے اور اس پر لکھاری اور نعت خواں بڑا فخر محسوس کر رہا ہے۔ میں نے سنا ’’میرے حمزہ پیا‘‘ ۔ ۔ ۔ سچ پوچھیے تو میری جان ہی نکل گئی اس گھٹیا سوچ پر اور ان کے پروموٹرز کی فکری نہج کی پستی کا سوچ سوچ کے۔ نعتیہ شاعری میں انگریزی کے الفاظ استعمال کرنے کی بھی مثالیں سامنے آئیں اور ایسا لگا جیسے کوئی نعت کے حوالے سے مزاحیہ شاعری پیش کر کے منہ چڑا رہا ہے! فلمی گانوں کی طرز پر بھی نعتیں لکھی جا رہی ہیں اور ان کی تشہیر بھی نعت خوانوں کے ذریعے ہو رہی ہے کیا ایسی شاعری ادب میں داخل سمجھی جا سکتی ہے؟
اسلوبِ شاعری کا تو یہ حال ہے اور نفس مضمون اور متن کی استنادی کیفیت ایسی ہوتی جا رہی ہے کہ جس کے جی میں جو آتا ہے لکھ مارتا ہے اور ذرا نہیں سوچتا کہ عقیدت کے یہ الفاظ حضور آقائے ہر جہاں افصح العرب و العجمﷺ کے حضور پیش ہونے ہیں۔ نعت میں کہیں اللہ کے اختیارات کو چیلنج کیا جاتا ہے تو کہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ نبوت میں اشارۃً اپنی پسند کے بزرگوں کو بھی شامل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
ایسی صورت میں نعتیہ شاعری کا معیار کیسے بلند ہو سکتا ہے۔ خلوص ہو تو محنت کی طرف بھی آدمی کا رجحان ہوتا ہے لیکن جب صرف شہرت اور دولت کمانا ہی مقصدِ نعت گوئی بن جائے تو محنت و ریاضت کی کیا ضرورت ہے؟ میں نے ماؤ زے تنگ کا حوالہ اس بات کا احساس دلانے کے لیے دیا ہے کہ ’’دہریے‘‘ کو تو اپنے نصب العین اور ادبی اسلوب کا خیال ہے لیکن ہم جو الحمدللہ سچے دین کے پیروکار ہیں خود اپنے بھول پن یا جہالت کے باعث دوسروں کو ہنسنے کا موقع دے رہے ہیں کہ نہ تو ہمارے اسلامی ادب کی اعلیٰ ترین صنفِ سخن ’’نعت‘‘ کو ادبی اسلوب میں ڈھال کر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور نہ ہی اس شاعری میں پیش کیے جانے والے خیالات میں استنادی شان ہوتی ہے اور جب شعرا کی اکثریت ایسا کلام پیش کرتی ہے تو غالب رجحان کو دیکھ کر ’’نعت‘‘ کے موضوع سے سنجیدہ دلچسپی رکھنے والے شعرا کا دل اُچاٹ ہو جاتا ہے۔ نقادانِ ادب تو اس صنف کی طرف آتے ہوئے بھی کتراتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب تک نعتیہ ادب کی ادبی قدر کا تعین صنف ادب کی حیثیت سے نہیں کیا جا سکا اور تاحال یہ بحث چل رہی ہے کہ آیا نعت کوئی صنف سخن ہے بھی کہ نہیں؟۔ ۔ ۔ خیر ایسی صداؤں کی طرف تو کان دھرنے کی ضرورت نہیں کہ جن لوگوں کی طرف سے اس طرح کی آواز اٹھائی جاتی ہے وہ دینی اعتبار سے کھوکھلے اور شعری ذوق کے حوالے سے بے بصیرت اور غبی ہیں اور قطعی مخلص نہیں۔ لیکن اپنی کوتاہیوں کی طرف توجہ نہ کرنے والے مخلصین بھی تو نعت کے نادان بلکہ بے بصیرت دوست ہیں۔
میں نے ’’نعت رنگ‘‘ کے پہلے شمارے میں ایک صاحب کو مشورہ دیا تھا کہ میرے آقا و مولا حضرت سیّدنا و سندنا جناب محمد رسول اللہ، صلی اللہ علیہ و سلم کے لیے ’’میٹھے نبیﷺ‘‘ کی ترکیب استعمال نہ کریں کیوں کہ اس میٹھے کے لفظ میں خوبی کم اور ذم کے پہلو زیادہ ہیں۔ لیکن دیکھتا ہوں کہ اب تک ان کے گروہ میں ’’میٹھے‘‘ کا استعمال نہ صرف جاری ہے بلکہ ان کے لیے کائنات کی ہر چیز کے ساتھ ساتھ میرے آقا و مولا جناب نبی علیہ السلام کی ذاتِ پاک بھی میٹھی ہے۔ افسوس یہ ہے کہ ان کے ارادت مند انھیں حضرت جلال الدین رومیؒ، شیخ سعدی ؒاور فریدالدین عطارؒ کے مقام پر فائز کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ مجھے یہاں ان کے اشعار پیش کرنے سے تو کراہیت آ رہی ہے البتہ میٹھے کے لفظ کی ذرا وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔
عمومی معنی تو میٹھے کے شیریں ہی ہیں لیکن اس میں یہ معانی بھی شامل ہیں۔ ٭وہ بیل جو محنت برداشت نہ کر سکے، چلنے سے جی چرائے۔ ٭میٹھا برس۔ ۔ ۔ عورت کی بلوغت کا سال۔ جوانی میں بھر جانے کا زمانہ۔ ٭میٹھا تیلیا (طب) ۔ ۔ ۔ ایک زہریلی بوٹی کا نام۔ ٭میٹھا ٹھگ۔ ۔ ۔ میٹھی میٹھی باتیں بنا کر ٹھگنے والا یار۔ دغا باز، بد دیانت، جھوٹا دوست، بے ایمان دوست، ٹھگوں کے اس فرقے کا آدمی جو میٹھا تیلیا(ایک زہر) کھلا کر مسافروں کو ہلاک کرتا اور لوٹ لیتا ہے۔ ٭میٹھا منہ۔ ۔ ۔ تلوار یا کسی ہتھیار کی کند دھار، کند شمشیر۔ ٭میٹھا مہینہ۔ ۔ ۔ عورت کے حمل کا آٹھواں مہینہ۔ ٭میٹھی چھری۔ ۔ ۔ دشمنِ دوست نما، وہ شخص جو دوستی کے پیرائے میں دشمنی کرے، وہ شخص جو بظاہر دوست اور بباطن دشمن ہو، ظاہر میں خوشنما اور اصل میں مضرت رساں۔ ٭میٹھی چھری زہر میں بجھی۔ ۔ ۔ دوستی کے پردے میں دشمنی، میٹھی چھری، زبانی نرم کلام دل میں دشمنی، دشمن دوست نما۔ ٭میٹھی میٹھی باتیں کرنا۔ ۔ ۔ چاپلوسی کرنا۔ ٭میٹھے کھٹے کو جی چاہنا۔ ۔ ۔ مجامعت کی خواہش ہونا، ہم بستری کی رغبت ہونا۔ ٭۱۱
معروف نعت گو حضرت محسن ؔکاکوروی کے لائق فرزند مولوی نورالحسن نیر نے نور اللغات میں میٹھا کے معنی اور بھی لکھے ہیں ’’زبان کا میٹھا اور دل کا کھوٹا، لکھنؤ کے مروّجہ معنی میں انھوں نے بتایا ہے کہ میٹھا۔ ۔ ۔ اس مرد کو کہتے ہیں جو زنانی گفتگو کرتا ہو اور زنانہ لباس پہنتا ہو۔ ‘‘ ٭۱۲
بے شک میٹھا، میٹھی اور میٹھے میں کچھ اچھے معنی بھی ہیں لیکن جب اس لفظ کی مختلف شکلوں میں بہت کراہت آمیز معانی آ گئے تو اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے اصول ’’راعنا مت کہو انظرنا کہو‘‘ (البقرہ، آیت۱۰۴) کے تحت اس لفظ سے پرہیز کرنا لازمی ہے۔ ۔ ۔ لیکن جناب ۱۹۹۵ء سے یہ زمانہ آ گیا، مَیں نے تو اس لفظ کا استعمال اس گروہ میں بڑھتا ہوا ہی دیکھا ہے۔
یارب نہ وہ سمجھے ہیں نہ سمجھیں گے مری بات
دے اور دِل اُن کو جو نہ دے مجھ کو زباں اور
بہر حال: مجھے ہے حکم اذان لا الہٰ الا اللہ
مرا سینہ ہو مدینہ مرے دل کا آبگینہ
بھی مدینہ ہی بنانا مدَنی مدینے والے
اس شعر میں شاعر کی کیفیات کے اخلاص کو تو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا لیکن ادبیت بہر حال زیرِ بحث آنی چاہیے۔ مدَنی۔ مدینہ سے منسوب یا متعلق، شہر کا، شہری، متمدن، مدینے والا(مجازاً) حضورﷺ
مدَنی صبح کا عجب ہے ظہور
قابلِ دید ہے یہ بارشِ نور(حسرت موہانی) ٭۱۳ (اردو لغت، اردو لغت بورڈ، کراچی)
ان شواہد کے ہوتے ہوئے ’’مدَنی‘‘ کے لفظ کے ساتھ ’’مدینے والے‘‘ لکھنا، فصاحت کے بھی خلاف ہے، لسانیاتی نقطۂ نظر سے بھی محلِ نظر ہے اور روز مرّہ سے بھی دور ہے۔ کسی بھی شعر میں ’’مدَنی‘‘ کے بعد کسی حقیقی شاعر نے ’’مدینے والے‘‘ کا لاحقہ استعمال نہیں کیا۔ لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ گروہی پراپیگنڈے کے زور پر ’’مدَنی مدینے والے‘‘ اشعار میڈیا پر لہک لہک کر پڑھے جاتے ہیں اور اہلِ علم سر پیٹ کر رہ جاتے ہیں۔ نعت خوان ’’اللہ کے ذکر‘‘ کو بھی نعت خوانی کے بیک گراؤنڈ میں موسیقی کے بدل کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور علما کی ایک نہیں سنی جاتی۔
اب ذرا دیکھیے۔ ماؤزے تنگ، ایک دہریہ ہے لیکن عوامی سطح پر اپنے پیغام کا ابلاغ بھی چاہتا ہے اور اس کا معیار بھی بلند کرنے کا خواہش مند ہے۔ ۔ ۔ مَیں حضورﷺ کے علاوہ کائنات میں کسی کو بھی ’’فصیح اللسان‘‘ نہیں سمجھتا، لیکن اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ہر زبان کے اہلِ زبان کچھ نہ
کچھ یعنی ضرورت کی حد تک فصیح ہوتے ہیں۔ اردو کا معیار عربی جیسا نہ سہی لیکن اس زبان کے بھی فصاحت کے معیارات مقرر ہیں۔ اس لیے نعتیہ شاعری کا شوق رکھنے والوں کو کچھ نہ کچھ فصاحت کا خیال تو رکھنا چاہیے۔ محض بچوں جیسی شاعری کر کے تو آقائے نامدار جناب محمد رسول اللہﷺ سے منسوب صنفِ سخن کا مذاق ہی اُڑا یا اور اُڑوایا جا سکتا ہے، کوئی قابلِ قبول کارنامہ انجام نہیں دیا جا سکتا۔ صرف نعت خوان کی آواز اور اللہ کے ذکر کا بیک گراؤنڈ کسی پھسپھسے کلام کو ادبی دائروں میں داخل نہیں ہونے دیگا۔ مندرجہ بالا شعر میں تو ادبی پیروڈی بھی نہیں ہے۔ ۔ ۔ ذرا تخلیقی ادب کے مقاصد اور معیارات پر پھر ایک نظر ڈال لیجیے۔ ۔ ۔ آپ کو میرے مؤقف کی صحت کا احساس ہو جائے گا۔ ۔ ۔ ادبی حسن سے عاری، لسانیاتی صداقتوں سے مبرّا، شعری لطافتوں سے دور۔ ۔ ۔ ۔ ایسے ہی اشعار نعتیہ شاعری کی دنیا میں سنجیدہ شاعروں کے داخلے میں مانع ہیں۔ ۔ ۔ اور ایسے نمونے، نقادانِ ادب کے لیے لائقِ اعتنا نہیں ہیں۔ ۔ ۔ اور ہم چلے ہیں نعتیہ شاعری کو ادبی صنفِ سخن منوانے!۔ ۔ ۔ ۔ ع آپ کی صورت تو دیکھا چاہیے
یہ مثال تو تھی محض ’’اسلوب‘‘ کی یعنی اس شعر میں ما فیہ، متن، نفسِ مضمون یا بھونڈے پن (Content) قابلِ اعتراض نہیں ہے، صرف زبان کے مروّجہ استعمال سے دوری، فصاحت سے گریز اور بیان کے بھونڈے پن کا احساس ہو رہا ہے لیکن اب متن کے بے رحمانہ استعمال کی مثال دیکھیے:
انا بشر زمانہ تم کو سمجھے، ہم نہ سمجھیں گے
بِنائے کُن فکاں تم وجہِ تخلیق جہاں تم ہو!
اللہ تعالیٰ نے تو اپنے رسول کو یہ حکم دیا کہ وہ اعلان کریں میں اللہ کا بندہ اور رسول ہوں ! کلمۂ شہادت کا ایک جزو بھی ہے [عبدہٗ و رسولہٗ] پھر قرآن کریم میں صاف اعلان بھی کروا دیا گیا ’’قل انما انا بشرمثلکم یوحیٰ الی‘‘ (کہہ دیجیے میں بھی آدمی ہوں جیسے تم(ہاں) مجھ پر وحی آتی ہے) (حم السجدہ۔ آیت ۶)
اس واضح حکمِ الٰہی کا کس بھونڈے طریقے سے مذاق اُڑایا گیا ہے۔ آپ نے محسوس فرمایا؟۔ ۔ ۔ کیا خود قرآن کے الفاظ کے حوالے سے قرآن کی مخالفت کرنے سے کسی مسلمان کا ایمان سلامت رہ سکتا ہے۔ ۔ ۔؟
اب ذرا سوچیے کیا چین میں، چین کے رہنما کے کہے ہوئے الفاظ کا حوالہ دے کر کوئی چینی مخالفت کا سوچ بھی سکتا تھا؟ یا اب بھی سوچ سکتا ہے؟۔ ۔ ۔ اور ہمارے ہاں ایسی باتیں کرنے والوں کو سر پر بٹھایا جاتا ہے جو اپنا مؤقف منوانے کے لیے قرآن و حدیث کے خلاف لکھنے اور اسے چھپوانے سے بھی خوف نہیں کھاتے! فاعتبروا، یا اولی الابصار!
نعتیہ شاعری کی یہی بے قاعدگیاں تھیں جن کے باعث میں نے پہلے پہل یعنی ۱۹۸۱ء میں اپنے مرتب کر دہ نعتیہ مجموعے ’’جواہر النعت‘‘ کے مقدمے میں چند گزارشات پیش کی تھیں اور ۱۹۹۵ء میں ’’نعت رنگ‘‘ میں ’’نعت نبی میں زبان و بیان کی بے احتیاطیاں ‘‘ کے عنوان سے کچھ باتیں کرنے کی جسارت کی تھی۔ لیکن میری آواز صدا بہ صحرا ثابت ہوئی۔ نعت کے ادبی معیارات اور اس کے ما فیہ کو مسلسل بگاڑا جا رہا ہے۔
ایسی صورتِ حال میں دو کام کرنے ضروری تھے (۱) شعر گوئی کے صائب طریق کی طرف شعرا کی رہنمائی۔ (۲) نعتیہ شاعری کے ما فیہ، نفسِ مضمون یا متن کی طرف خصوصی توجہ کرنے کی اپیل اور اسی لیے میں نے ابتدا میں اپنا تنقیدی منہاج ’’مقنن تنقید‘‘ یا Legislative Criticism رکھا تھا۔ مجھے معلوم ہے کہ یہ طریقِ کار ادب کے اجتماعی نظام میں اب فرسودہ ہو چکا ہے اور اس کا ذکر اب بھی محض تاریخی حقائق بیان کرنے اور ابتدائی نقادانِ ادب کی سادہ لوحی ظاہر کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ چناں چہ اس طریق کار کے بارے میں وزیر آغا صاحب کی ایک تحریر کا اقتباس نقل کرتا ہوں:
’’مغرب میں جدید تنقید کا آغاز سترھویں صدی میں ہوا۔ اس سے قبل (بالخصوص سولھویں صدی کے انگلستان اور یورپ میں) تنقید کی وہ قسم رائج تھی جسے جارج وانسٹن نے مقنن تنقید کا نام دیا ہے اور جس کا اردو ادب میں (تذکروں کی حد تک) انیسویں صدی تک بہت شہرہ تھا بلکہ اب بھی بعض کونوں کھدروں میں اس کی کارفرمائی نظر آ جاتی ہے۔ اس تنقید میں ناقد کا روئے سخن ہمیشہ شاعر کی طرف ہوتا تھا۔ مزاجاً یہ تنقید درسی مزاج کی حامل تھی جس کا کام مبتدی کو شعر کہنے کی تربیت دینا اور شعری مقتضیات کے باب میں اسے ’’راہِ راست‘‘ دکھانا تھا۔ ‘‘ ٭۱۴
یہ جاننے کے باوجود کہ میرا طریقِ تنقید انتہائی فرسودہ اور آسانی سے قبول کیے جانے کے لائق نہیں ہے مَیں نے یہ طریق کار اس لیے اپنایا کہ مجھے اپنے موضوع سے والہانہ عقیدت تھی، ہے اور ان شاء اللہ رہے گی۔ موضوع یعنی ’’نعت سرورِ کائناتﷺ‘‘ لیکن جہاں میں نے تنقیدی مضامین میں مقنن تنقیدی منہاج اپنایا وہیں انفرادی شعری مجموعوں یا شعری نمونوں میں صائب اور قابلِ ستائش ہیئت، مواد اور اسلوب(form, content and style) دیکھ کر اُن اشعار کی تحسین میں مختلف پیرایہ ہائے تنقید اور طریقِ تنقید اپنائے۔ ۔ ۔ مثلاً ساختیاتی طریقِ تنقید، جمالیاتی تنقید، کہیں کہیں نفسیاتی طریقِ تنقید اور شعری لطافتوں کی پردہ کشا ئی کرنے، فنی اسلوب کے محاسن ظاہر کرنے اور سراہنے کے لیے تاثراتی تنقید کا سہارا بھی لیا۔ میرے تنقیدی منہاج کو سراہنے والوں میں مغربی ادب کے پارکھ اور بے شمار مغربی افسانوی تحریروں کے مترجم حضرت احمد صغیر صدیقی نے مجھے عمومی ادب کی تنقید پر اُبھارا، لیکن مَیں خود کو تا حال گیسوئے ’’نعت‘‘ سنوارنے سے فارغ نہیں پاتا۔ ۔ ۔ اور میری تمنا بھی یہی ہے کہ نعت نگار شعرا کچھ، جی ہاں کچھ ’’ذمّے دار‘‘ بن جائیں۔
مقنن تنقید کے مظاہر ہمارے ادب میں بہت زیادہ موجود ہیں۔ عندلیب شادانی صاحب نے تو اپنے عہد کی غزل کے لسانیاتی اور شعرا کے بیان کر دہ احوال کی ایسی گرفت کی ہے کہ تقریباً (ان منتخب شعروں کی حد تک تو) انھیں اپنی تنقید کی زمین میں گاڑ ہی دیا ہے۔ چوں کہ وہ تنقید میرے خیال میں شعرا کے لیے بالعموم اور نعت گو شعرا کے لیے بالخصوص توجہ طلب اور عبرت پکڑنے کے لائق ہے، اس لیے صرف ایک مثال یہاں نقل کرتا ہوں۔ اس تنقید کے لہجے پر نہ جائیے صرف اس کا مقصد پیش نظر رکھیے کہ شعر کے نفسِ مضمون کی بے سر و پا ’’بنت‘‘ نے کیسی مضحک صورت حال پیدا کر دی۔
وہ دل کو توڑ کے بیٹھے تھے مطمئن کہ انھیں
شکست شیشۂ دل کی صدا نے لوٹ لیا
(جگرؔ مرادآبادی)

اب اس پر مقنن تنقید کا نمونہ ملاحظہ ہو:
’’عام قاعدہ یہی ہے کہ جب کوئی شے ٹوٹتی ہے تو فوراً ہی اس میں سے آواز بھی نکلتی ہے۔ مگر یہ عاشق کا دل بھی عجب چیز ہے کہ ٹوٹنے کے گھنٹہ بھر بعد صدا دیتا ہے۔ جگر ؔ صاحب کے محبوب نے جگرؔ صاحب کا دل توڑ ڈالا۔ اس کام سے فارغ ہونے کے بعد منھ دھویا، کنگھی کی، بال سنوارے، سرمہ لگایا، پان کی گلوری بنا کر منھ میں رکھی اور گاؤ تکیہ کے سہارے آرام و اطمینان کے ساتھ تخت پر بیٹھ گیا۔ پیک تھوکنے کے لیے فرش پر سے اُگال دان اُٹھانا چاہتا تھا کہ یکایک ایک دھماکے کی آواز ہوئی۔ غریب کا جی دہل گیا۔ اُگال دان ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا اور فرش کی چاندنی پیک کی چھینٹوں سے جامہ دار میں تبدیل ہو گئی۔ خواصیں دوڑ پڑیں کہ ’’ہے ہے، کیا ہوا؟‘‘ بی صاحبہ کو سنبھالا۔ تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ جگرؔ صاحب کا دل تھا جسے توڑنے کے بعد بی صاحبہ اطمینان سے بیٹھ گئی تھیں اور جس نے ٹوٹنے کے پورے ۵۷ منٹ ۱۱ سکنڈ بعد آواز دی۔ ‘‘ ٭۱۵
آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ بیان کی ذرا سی چوک نے جگرؔ جیسے مقبول اور پسندیدہ شاعر کے شعر کا کیسا حلیہ بگاڑا ہے؟ اب آیئے نعت کا ایک شعر تنقیدی نقطۂ نظر سے دیکھتے ہیں:
کیا خبر کیا سزا مجھ کو ملتی میرے آقا نے عزت بچا لی
میری فردِ عمل مجھ سے لے کر کالی کملی میں اپنی چھپا لی!
اس شعر سے میدانِ حشر کا تصور اُبھرتا ہے۔ حشر میں شاعر اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو تخیلاتی، تصوراتی سطح اور ایک مفروضے کے طور پر ایک ہی جگہ موجود د کھایا گیا ہے۔ شاعر اپنے اعمال کی سیاہ کاری سے خوف زدہ ہے۔ حضورﷺ سے عرض کرتا ہے کہ مجھے بڑا ڈر لگ رہا ہے۔ حضورﷺ اس کی فردِ عمل لے کر اپنی کالی کملی میں چھپا لیتے ہیں۔
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ منظر اصلی ہے؟ قطعی نہیں۔ ۔ ۔ تو تصوراتی ہے؟۔ ۔ ۔ جی ہاں ! اس تصور میں دینی صداقت موجود ہے؟ بالکل نہیں ! قیامت میں حضور علیہ السلام کا شاعر کے لیے شفاعت کرنے کا تصور تو موجود ہے لیکن شفاعت کا یہ طریقہ، جو شاعر نے اپنے تصور میں بٹھا لیا ہے قطعی ممکن نہیں۔ وہاں حضور ﷺ کا کالی کملی اوڑھے رہنا بھی محلِ نظر ہے کیوں کہ کسی روایت میں ایسا نہیں ہے۔ پھر کیا اعمال نامہ ملنے کے بعد اُس کو اللہ کی نظر سے چھپا لینا ممکن ہو گا؟۔ ۔ ۔ قطعی نہیں۔ اللہ سے تو زمین کی تہوں میں بھی کچھ نہیں چھپتا تو حشر میں کوئی چیز کیسے چھپ سکتی ہے؟۔ ۔ ۔ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ حضورﷺ کی شفاعت کا تصور شاعر نے عوامی سطح پر بصری بنایا ہے یا متشکل اور visualize کیا ہے۔ پھر کیا میرے آقا علیہ السلام کا یہ منصب ہے کہ وہ کسی اُمتی کے گناہوں کو ڈھانپ لیں۔ ہاں وہ اللہ کی بارگاہ میں اُمتیوں کی شفاعت فرمائیں گے، یہ ایک دینی حقیقت ہے۔ اس لیے امید شفاعت رکھنا اور چیز ہے، اس کو اس انداز سے بیان کرنا کہ سننے والا اسے واقعہ سمجھے بالکل مناسب نہیں۔ نعت گو شعرا کا فرض ہے کہ وہ بھولے بھالے عوام کے ذہنوں میں اللہ ربّ العزت کی قدرتوں اور حضورﷺ کی شفاعت کا بالکل صحیح صحیح تصور بٹھا نے کی کوشش کریں۔ اپنے اچھے خیال کو سطحی تصور اور عوامی خیال سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ یہ بات مسلم ہے کہ عوام شعر کو الفاظ کے حوالے ہی سے اپنے حیطۂ ادراک میں لاتے ہیں اسی طرح perceive کرتے ہیں جو الفاظ کے ذریعے بیان کیا جاتا ہے۔
بات عندلیب شادانی کی مضحک تنقید کی ہو رہی تھی جو ادبی اور عوامی سطح پر انتہائی مقبول شاعر جگر ؔمراد آبادی کے شعر کے ملفوظی پیکر کی روشنی میں تھی۔ آج نعت کی دنیا میں جگر ؔ یا اُن کے حلقے کے کسی پست شاعر کا بھی ہم پلّہ شاعر مشکل سے ملے گا؟ استثنائی صورتیں الگ ہیں لیکن وہ بہت تھوڑی ہیں اور فنی پختگی سے مملو اشعار اگر موجود بھی ہیں تو نا اہل شعرا کی بہتات نے انھیں چھپا دیا ہے یا نعت خوانوں کی کم علمی نے انھیں ان اشعار کے انتخاب سے روک رکھا ہے یا ذرائع ابلاغ پر حاوی گروپوں نے صرف اپنے معیار کے شعرا کا انتخاب ضروری سمجھ رکھا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ نعت گوئی یا نعت خوانی کے لیے کلام کا انتخاب کرنے میں اُن کا مقصد صرف اپنے گروہی شعرا اور نعت خوانوں کی تشہیر ہے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی محبت، آپ کا پیغام اور تعلیمات عام کرنا یا آپ کی ذات سے منسوب صنفِ سخن(نعت) کے معیارات کا خیال رکھنا ان کے مقاصد میں سرے سے شامل ہی نہیں ہے۔
اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد، کی ایک تقریب میں علامہ سروؔر سہارن پوری نے بڑے دُکھ سے فرمایا تھا کہ دنیا دار شعرا وزارتِ مذہبی اُمور سے اپنی کتابوں پر انعام حاصل کرنے کے لیے ایسے ایسے جتن کرتے ہیں کہ بیان کرتے ہوئے شرم آتی ہے۔ اس کے برعکس جب میں نے ڈاکٹر محمد حمید اللہ مرحوم و مغفور کے حوالے سے جناب ظفر اسحاق انصاری کی ایک تحریر پڑھی تو مجھے احساس ہوا کہ اخلاص کسے کہتے ہیں۔ جناب ظفر اسحاق انصاری، پیرس(فرانس) میں ڈاکٹر محمد حمید اللہ مرحوم سے ملنے گئے۔ وہ لکھتے ہیں ’’ڈاکٹر صاحب(حمید اللہ) کو انھی دنوں حکومت پاکستان نے دس لاکھ روپے کا ایوارڈ دیا تھا، جو سیرتِ پاک پر اُن کی علمی خدمات کا اعتراف تھا۔ انھوں نے یہ پوری رقم ادارہ تحقیقاتِ اسلامی، اسلام آباد کے نذر کر دی۔ میں نے اس خبر کی تصدیق چاہی۔ ڈاکٹر صاحب نے فرمایا ’’آپ نے صحیح سنا‘‘ ۔ پھر کچھ توقف کے بعد وہ گویا ہوئے ’’اگر میں یہاں لے لیتا تو پھر وہاں کیا ملتا؟‘‘ ۔ ۔ ۔ اٹھارہ برس کے بعد بھی یہ جملہ میری سماعت کے لیے تر و تازہ ہے اور اس کی تازگی میں شاید کبھی فرق نہ آئے۔ یہ جملہ بتا رہا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کون تھے، کیسے تھے؟‘‘ ٭۱۶
نعت پر لکھتے ہوئے یہ احساس شدید ہوتا جاتا ہے کہ بیش تر نعتیہ کلام میں شعرا کے احوال، الفاظ اور شعروں کے متون میں صداقت کا عنصر روزبروز کم ہی ہوتا جاتا ہے۔ قادر الکلام شعرا کے ہاں کلام میں چستی اور قافیے اور ردیف کی صحت کے ساتھ بندش تو نظر آتی ہے لیکن فنی خلوص اور عشقِ رسولﷺ کا فقدان محسوس ہوتا ہے۔ اس موقع پر مجھے اقبال کا دینی خلوص یاد آ گیا۔ رموزِ بیخودی میں فرماتے ہیں:
اے بصیریؒ را ردا بخشندۂ
بربط سلما مرا بخشندۂ
آپ نے بصیری کو چادر اور مجھے بربط سلما عطا فرمائی ہے۔
ذوقِ حق دہ ایں خطا اندیش را
اینکہ نشناسد متاع خویش را
اس گناہ سوچنے والے کو ذوقِ حق عطا کیجیے کیوں کہ یہ اپنی متاع سے آشنا نہیں ہے۔
گر دلم آئینۂ بے جو ہر است
ور بحر فم غیر قرآں مضمر است
اگرچہ میرے دل کا آئینہ بے جوہر ہے تاہم اگر میرے حروف میں (مفاہیم) قرآن کے علاوہ کچھ اور چھپا ہوا ہے۔
اے فروغت صبح اعصار و دہور
چشم تو بینندۂ ما فی الصدور
آپ کے نور کی وجہ سے زمانوں کی سحر ہوتی ہے۔ آپ کی نگاہ دلوں کے راز سے آگاہ ہے۔ دلوں میں چھپے بھیدوں کو دیکھ لیتی ہے۔
پردۂ ناموس فکرم چاک کن
ایں خیاباں را ز خارم پاک کن
آپ میرے افکار کی ناموس کے پردے کو پھاڑ دیجیے۔ اس کیاری کو میرے وجود کے کانٹے سے پاک فرما دیجیے۔
تنگ کن رخت حیات اندر برم
اہلِ ملت را نگہدار از شرم
:میرے جسم پر زندگی کا لباس تنگ فرما دیجیے۔ میری ملت کے لوگوں کو میرے وجود کے شر سے محفوظ فرما دیجیے۔
سبز کشت نا بسامانم مکن
بہرہ گیر از ابر نیسانم مکن
میری (فکر کی) کھیتی کو سر سبز نہ ہونے دیجیے۔ ابرِ بہار سے مجھے بارش کا ایک قطرہ بھی عطا نہ کیجیے۔
خشک گرداں بادہ در انگور من
زہر ریز اندر مئے کافور من
میرے انگور کے اندر والی شراب کو انگور ہی میں خشک کر دیجیے۔ میری کافوری شراب میں زہر ملا دیجیے۔
روزِ محشر خوار و رسوا کن مرا
بے نصیب از بوسۂ پا کن مرا
مجھے قیامت کے دن ذلیل و خوار فرمایئے اور مجھے اپنے پائے مبارک کا بوسہ لینے سے محروم فرما دیجیے۔
گر در اسرارِ قرآں سفتہ ام
با مسلماناں اگر حق گفتہ ام
(ہاں) اگر میں نے قرآن سے موتی چنے ہیں اور مسلمانوں سے حق کی بات کی ہے۔
اے کہ از احسان تو ناکس، کس است
یک دعایت مزد گفتارم بس است
اے وہ ہستی جس کے احسان سے نالائق، لائق بن گئے۔ (میرے لیے دعا فرمایئے) آپ کی ایک دعا ہی میری شاعری کی مزدوری ہو گی۔
عرض کن پیش خدائے عزوجل
عشق من گرد د ہم آغوش عمل ٭۱۷
آپ اللہ عز و جل سے (میری طرف سے) عرض کر دیجیے کہ میرا عشق، عمل کے سانچے میں ڈھل جائے۔
آج کون سا بڑے سے بڑا پرہیز گار شاعر ہے جو حضورﷺ سے ایسی باتیں کر سکے کہ اگر میری شاعری میں خلوص اور پیغام قرآن کے علاوہ کچھ ہو تو آپ مجھے سخت ترین سزا دیجیے اور اگر مَیں نے حق کے ابلاغ کی سعی کی ہے تو مجھے اپنے رب سے دعا کر کے عملی مسلمان بنوا دیجیے؟
اقبال جیسا عاشقِ رسولﷺ شاعری کے معاملے میں بھی رعایتیں طلب نہیں کرتا ہے اور اپنے خلوص اور اسلام کے پیغام کی راست ترسیل کی کوشش پر بھی بھروسا اور اعتماد رکھتے ہوئے خود حضورﷺ سے طلبِ سزا یا جزا کا خواست گار ہوتا ہے۔ یہ معاملہ وفا کا یا Total Commitment ہے۔ نعتیہ شاعری کرنے والوں کو ایسی ہی ریاضت اور ایسے ہی فنی، فکری اور عملی خلوص کی ضرورت ہے۔ چناں چہ میں عرض کروں گا کہ اگر آپ کے کلام میں فنی خامیاں ہیں اور فکری کج رَوی ہے تو آپ کو فوری توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یاد رکھیے اگر آپ کی وفا کم زور اور Commitment بودا، تو آپ لاکھوں کتابیں لکھ کر بھی حشر میں اللہ اور اُس کے سچے رسولﷺ کے سامنے شرمندہ ہوں گے اور دنیا میں کوئی اہلِ نظر، اہلِ علم اور دانندۂ فن آپ کو منھ نہیں لگائے گا۔ اپنے حلقے میں آپ جتنی چاہیں قبولیت حاصل کر لیں۔ ادب کا حلقہ آپ کو شاعر تسلیم نہیں کرے گا۔
میری درخواست ہے کہ ہر نعت گو شاعر میری نصیحت کو گوشِ نیوش سے سُن لے ورنہ زمانہ گزر جائے گا، نہ آپ دنیا میں زندہ رہیں گے، نہ آپ کو پُر خلوص مشورہ دینے والے۔ رہے نام اللہ کا! نعت پر نگاہِ انتقاد ڈالنے والوں نے مقدور بھر یہ کوشش بھی کی ہے کہ ایک طرف تو خامیوں سے آگاہ کیا ہے اور دوسری طرف ان نقادوں کی نظر میں جو کلام شعری و شرعی اسقام سے امکان بھر مبرا تھا، اس کا انتخاب کر کے یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ ع
دیکھ! اس طرح سے کہتے ہیں سخنور نعتیں ٭٭
چناں چہ نعت گوئی کا شوق رکھنے والوں کو گاہے بگاہے مستند شعرا اور دردمند دل رکھنے والے ادیبوں کے نعتیہ انتخاب زیر مطالعہ رکھنے سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں نقادانِ فن نے جن شعرا کے کلام پر اچھی رائے دی ہو اُسے بھی دیکھ لیا کیجیے۔ ۔ لیکن اس احتیاط کے ساتھ کہ کہیں خود نقاد صاحب
مروّت کے بوجھ تلے تو نہیں دب گئے ہیں یا تنقید نگار ستائشِ باہمی کی انجمن میں تو نہیں گھر گئے؟۔ ۔ ۔ اچھا کلام اپنے آپ کو خود منوا لیتا ہے:
کہ آپ اپنا تعارف ہوا بہار کی ہے
حضرت احسان دانش اپنے شاگردوں کو مشورہ دیا کرتے تھے کہ صرف شاعری کا مطالعہ کافی نہیں ہے، اچھا اور ستھرا شعر کہنے کے لیے نثری ادب بھی پڑھنا ضروری ہے۔ نعت کی تخلیق کے لیے تو نثری ادب کی شرط کے ساتھ ساتھ دینی ادب کی شرط بھی لگانی ضروری ہے۔ موضوع بہت وسیع، معاملات انتہائی گمبھیر اور دردِ دل بے پایاں ہے اس لیے کہاں تک لکھوں شکیبؔ جلالی کے ایک شعر پر بات ختم کرتا ہوں:
غم دل حیطۂ تحریر میں آتا ہی نہیں
جو کناروں میں سمٹ جائے وہ دریا ہی نہیں

حوالے /حواشی

٭۱۔ صدیق کلیم، نئی تنقید، نیشنل بک فاؤنڈیشن، اسلام آباد۔ ۲۰۰۷ئ، ص۲۹۰
٭۲۔ ایضاً، ص ۲۹۱
٭۳۔ دائرۂ معارفِ اسلامیہ، دانش گاہ پنجاب، لاہور۔ جلد ۲، ص ۲۳۰
٭۴۔ ابو الاعجاز حفیظ صدیقی، کشاف تنقیدی اصطلاحات، مقتدرہ قومی زبان، اسلام آباد، ص۸
٭۵۔ ڈاکٹر سیّد عبداللہ، اشاراتِ تنقید، سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور، ص ۲۳۸
٭۶۔ ایضاً، ص۲۳۶
٭۷۔ کشاف تنقیدی اصطلاحات، ص۸
٭۸۔ جدید تنقید، ص ۲۷۵
٭۹۔ ایضاً ص ۲۶۹
٭۱۰۔ ایضاً ص ۲۷۰
٭۱۱۔ اردو لغت، اردو لغت بورڈ، کراچی
٭۱۲۔ نور اللغات، مؤلفہ مولوی نور الحسن نیر
٭۱۳۔ اردو لغت
٭۱۴۔ تنقید اور جدید اردو تنقید، ڈاکٹر وزیر آغا، انجمن ترقی ارد پاکستان، کراچی، ص۲۶
٭۱۵۔ عندلیبؔ شادانی، دور حاضر اور غزل گوئی، شیخ غلام علی اینڈ سنز ناشران و تاجران کتب، لاہور، طبع اوّل ۱۹۵۱ئ، ص۳۰۵
٭۱۶۔ ظفر اسحاق انصاری، (مترجم: خورشید احمد ندیم) ’’ڈاکٹر محمد حمید اللہ: مشاہدات و تاثرات، مشمولہ فکر و نظر، شمارہ ۴، ۱، جلد ۴۰۔ ۴۱، اپریل /ستمبر ۲۰۰۳ئ، ادارہ تحقیقات اسلامی، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی، اسلام آباد
٭۱۷۔ اقبال، رموز بیخودی، کلیات فارسی، شیخ محمد بشیر اینڈ سنز، لاہور، ص ۴۸۷
٭٭ جس کو دعویٰ ہو سخن کا یہ سنا دے اس کو ’’دیکھ اس طرح سے کہتے ہیں سخنور سہرا ذوقؔ‘‘
٭٭٭

سیّد محمد اکرام شاہ جیلانی۔ اوسلو

نعتِ رسولِ اعظم و آخرﷺ ۔۔ ایک پیغام۔ ۔ ۔ ایک تحریک

اُمتِ مسلمہ کے با شعور افراد۔ غارِ حرا کی خلوتوں کو چھوڑ کر اُمت کی غم خواری کے لیے نسخۂ کیمیا لے کر آنے والے رحیم و کریم آقاﷺ کے مقاصد بعثت کی عالمگیریت اور حصول مقاصد کے لیے اسباب میں ہمہ گیریت کو اپنانے کی حکمتوں میں ذرا غور کریں کہ پیغمبر رحمتﷺ نے ان عالم گیر مقاصد کے حصول اور اُن کی تبلیغ بلیغ کے لیے ہر طرح کے معلّمین، مبلغین، مجاہدین کے ساتھ ساتھ ہر قدم پر نعت گو شعرائے کرام کو بھی اس تحریک میں اہم منصب اور نمایاں حیثیت عطا فرمائی۔
معلمِ انسانیتﷺ نے نعت گوئی کے لیے اپنا منبر مبارک اور اپنی چادر و بردہ مبارک عطا فرما کر صرف نعت گو حضرات کو ہی اعزاز نہیں بخشا بلکہ نعت گوئی کو اسلام کے اعلیٰ مقاصد کی تبلیغ اور ہمہ جہت تحریک کے پیش نظر اس منصب کی عظمت کو بھی ظاہر فرما دیا اور جبریل امین کو نعت گوئی میں اُن کا الہامی معاون قرار دے کر اس منصب کی عظمت کو تائید الٰہی حاصل ہونے کی بشارت بھی عطا فرما دی جو نعت گوئی کی آسمانی فضیلت اور مقبولیت کے ساتھ ساتھ اس کی زمینی ہمہ گیر ضرورت و اہمیت کو بھی بدرِ منیر بنا رہی ہے۔

تصورِ مقصدیت نعت

کسی عمل کی روح اس کے مقصد کی واضحیت، خالصیت اور ہمہ گیریت سے متعلق ہوتی ہے اور پچھلی چند صدیوں سے اسلام کو قوت و فروغ دینے والے بنیادی عناصر اور شعائر کو محدود مقاصد اور نجی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس صورت حال کو ایک با شعور دردِ دل رکھنے والا مسلمان جب دیکھتا ہے کہ اسلام کے دورِ اوّل میں اُن اسلامی عناصر، ارکان اور شعائر کو جن عظیم مقاصد کے لیے جاری کیا گیا تھا اور اس نے کیا اثرات مرتب کیے جس سے اسلام ایک زندہ تحریک بن کر اُبھر ا اور اقوامِ عالم کے قلوب و اذہان کو تسخیر کرتا چلا گیا اور آج تصورات محدود ہو جانے کی وجہ سے مقاصد و مفادات بھی محدود ہو گئے ہیں۔ نتیجتاً اُن کے نتائج بھی کم سے کم ہو گئے ہیں۔
اس صورتِ حال کو دیکھ کر ہر با شعور مسلمان خون کے آنسو روتا ہے۔ بالخصوص نعت کے شعبے سے وابستہ نعت گو شعرا کو، نعت خوانان حضرات کو، نعتیہ ادب پر لکھنے والے دانش وروں کو محافلِ نعت منعقد کرنے والوں کو، نعت کے شائقین کو، فیکٹریوں، کارخانوں، ہوٹلوں،
سیاسی و سرکاری جلسوں، میڈیا پر سالانہ محافل منعقد کروا کر کروڑوں روپے لٹانے اور سیکڑوں عمرے کی ٹکٹیں بانٹنے والوں کو جب دیکھتا ہے اور دوسری طرف عہد رسالت مآبﷺ اور اس سے متصل صدیوں میں نعت کے عالی شان منصبِ سعادت اور اس کے عظیم جہادی، اصلاحی، تعلیمی و تربیتی مقاصد کی لگن نے جو مؤثر تحریک پیدا کی اسے تصور میں لاتا ہے تو وہ یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ آج کے گم کر دہ راہ مسلمان کو کیسے سمجھایا جائے کہ کیا نعتِ رسول اکرمﷺ صرف ایسے ہی چند محدود مقاصد کے لیے شروع کی گئی تھی، جن کو تم نے اپنا رکھا ہے؟
کیا نعت صرف حضورﷺ سے فرد کی ایمانی محبت کے اظہار کے لیے تخلیق ہوئی؟
کیا صحابہ کرام ؓ نے صرف اپنے عقیدے کی صحت پر دلیل قائم کرنے کے لیے نعت خوانی کی؟
کیا شعر و ادب کے شوقین چند صحابہ کرام ث نے شعری ادب کی روایت کے تسلسل اور ذاتی ذوقِ شعر گوئی کو قائم رکھنے کے لیے نعت گوئی کی؟
کیا نعت گو شعرا نے ادبی محافل گرم کرنے اور اپنے بلند تخیل اور فکری پرواز کے جوہر دکھانے کے لیے نعت کہی؟
کیا رسولِ اکرمﷺ نے شعر کی سحر انگیزی کے ذریعے دینی دعوت کو مؤثر بنانے اور شاعروں کی دین میں عزت افزائی فرمانے کے لیے شعر و شاعری کو دین میں شامل کیا؟
یا مسلمانوں کو اپنے مال و اولاد یا کاروبار میں برکت کے لیے اور اپنے شادی ہال، کارخانے اور ہوٹل کی تشہیر کے لیے وہاں محفلِ نعت یا فیکٹری کے مالکان کی طرف سے عمرے کا ٹکٹ دے کر اعلانات کروا کر نعت و مذہب کے اسٹیج سے بزنس چمکانے کے لیے نعت جاری کی گئی ہے؟ یا صرف عوام کی نظروں میں معزز بننے کے لیے میڈیا اور اسٹیج کی زینت بنے اور مذہبی مجالس یا حکومتی جلسوں کو کامیاب کرنے کے لیے بہترین فن کا مظاہرہ کر کے صدارتی تمغے لینے کے لیے نعت کو بھی ایک شغل و فن اور نعت خواں کو فنکار بنانے کے لیے یہ نعت خوانی شروع کی گئی؟ وغیرہ وغیرہ وغیرہ۔
یقیناً دورِ خیر القرون کا مطالعہ کرنے والے کا فیصلہ یہی ہو گا کہ اسلام میں نعت خوانی کے مقاصد ہرگز یہ نہیں ہو سکتے اور رفعت ذکرِ مصطفیٰﷺ کا صرف یہی معنیٰ نہیں ہو سکتا؟

دعوتِ فکر

اُمتِ مسلمہ کے زوال کے اسباب میں سے کیا ایک یہ بھی نہیں کہ ہم نے ہر دینی شعائر اور مذہبی فریضے کو ایک عادت و روایت تو بنا لیا ہے مگر فرد کی کردار سازی، معاشرے کی اصلاح اور اسلامی معاشرت کے استحکام و فروغ کے لیے متحرک وسیلہ نہیں بنا سکے۔ وقتی تسکین اور ذاتی دینی شہرت کا وسیلہ تو ہم نے بنا لیا مگر اسلامی معاشرے کی تشکیل نو کا وسیلہ بنانے کی ذمّے داریاں نبھانے میں پورے اخلاص سے کام نہیں لیا۔ آئیں اِس نکتہ پر دعوتِ فکر دینا شروع کریں کہ رحمتِ عالمﷺکی نعت کے وسیلے سے اُمتِ مسلمہ کے افراد کی پیغامِ رسالت کے ذریعے بیداری کا کام لیا جائے۔ فیضانِ رسالت مآبﷺ کے ذریعے قلوب و اذہان کی آب یاری اور دین و ایمان کی سرشاری کا کام لیا جائے۔ عرفانِ رسالت کے ذریعے افراد کی ارواح و نفوس میں اعلائے کلمۃ الحق کے لیے جانثاری کا جذبہ پیدا کرنے کا کام کیوں نہیں لیا جا سکتا۔ مضامینِ نعت میں نظامِ مصطفیٰﷺ کی اشاعت، اصلاحِ احوالِ اُمت اور حضورﷺ کی دینی مد د و نصرت کا شعور کیوں نہیں بڑھایا جا سکتا اور انسانیت کے دکھوں اور غموں کے بہتر مداوے اور امراضِ ملت کی دوا کا کام کیوں نہیں لیا جا سکتا۔ ورنہ ایسا نہ ہو کہ لوگ اسلام کے بہتر نتائج حاصل ہونے سے نا امید ہو نا اور نعت خوانی کے انسانی زندگی میں مفید نتائج کو ہمیشہ کے لیے بھول جانا شروع نہ کر دیں کہ ان چیزوں سے کیا ملتا ہے ؎
گر ذکرِ نبی درد کا درمان نہ ہوتا
ہرگز یہ میری زیست کا سامان نہ ہوتا
آج تھوڑی دیر کے لیے رک کر ہمارے دینی راہنماؤں، دانش وروں اور سرکاری قائدین کو سر جوڑ کر سوچنا چاہیے اور اسلامی ممالک میں دینی روح کی کمزوری کے اسباب ختم کرنے اور صحابہ کرام ث کے نعت و ذکرِ مصطفیٰﷺ کے ذریعے قوم میں ملّی روح مضبوط بنانے کے طریقوں کو پھر سے زندہ کرنے کے لیے انھی کی مقدس زندگیوں سے مفید طریقے تلاش کر کے من و عن جاری کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے
میری معلومات کے مطابق جب کسی غافل ادیب نے سیّد صبیح الدین صبیح رحمانی صاحب کے سامنے علم و ادب کی دنیا میں نعت کے علمی و ادبی مقام کا انکار کیا تو اس عاشقِ صادق کی روح تڑپ اُ ٹھی او ر نعتیہ ادب کے منکرین کے ردّ و جواب اور نعتیہ ادب کی علمی و شرعی حجیت ثابت کرنے کے لیے اس معصوم عاشقِ رسولﷺ نے اپنے لمحاتِ زندگی اس عظیم ادبی کام کے لیے وقف کر دیے۔ علم و ادب میں شعر کا مقام، نعتیہ ادب کے اجزائے ترکیبی، نعت کی تعریف، اسلام میں نعتیہ ادب کی تاریخ او ر اِس کے دینی مرتبہ و مقام، نعت گو شعرائے کرام کی طویل فہرستیں اور ہر دور میں نمایاں نعت گو شعرا اور گم نام عاشقانِ نعتِ مصطفیٰﷺ کے کلام اور دیوان کا تعارف بڑی محنت سے تلاش کر کے سامنے لا رہے ہیں اور عہد نبوی سے نعت گو صحابہ کرام ث اور صحابیات کے کلام اور بارگاہِ رسالت مآبﷺ سے قبولیت کی سند اور خصوصی اعزازات پانے والے نعت سے متعلقہ خوش نصیبوں کا ذکر ہر دور میں مختلف علمی و ادبی، فنی و تنقیدی اور تحقیقی و تاریخی موضوعات اور اس جیسے کثیر قدیم و جدید موضوعات کا خوب صورت سلسلہ اہلِ علم و دانش کی محنتوں اور کاوشوں سے سامنے آیا مگر میرا موضوع حضور رسالت مآبﷺ کے عہد مبارک میں تحفظِ ناموس و عصمتِ رسولﷺ، فروغِ عشقِ رسولﷺ، تبلیغ سیرتِ رسولﷺ، اشاعتِ دینِ رسولﷺ، اصلاحِ عہدِ رسولﷺ، تربیتِ اُمتِ رسولﷺ، بیداریِ ملّتِ رسولﷺ، جہادِ قومِ رسولﷺ، تحریکِ اصحابِ رسولﷺ جیسے کئی دیگر مقاصد کے لیے نعت و شعر نے جو نتائج پیدا کیے اُن سے علمی و عملی، فکری و نظریاتی، روحانی و جذباتی، دعوتی و تربیتی اور معاشرتی و ثقافتی برکتوں کا شعور مانگ کر اپنے عہد کے غموں کا مداوا کرنے کی دعوت دینا ہے۔ کیوں کہ پوری انسانیت کے لیے صرف وہی

کامل و آخری الوہی شفا خانہ ہے۔ جہاں سے جاں بلب انسانیت اور پریشان معاشروں کو حقیقی سکون افزا زندگی کی خیرات ملتی ہے ؎
ہمیں تلاش ہے جس کی وہ زندگی کا نظام
شہِ انام کی وابستگی سے ملتا ہے
خدا کرے سیّد صبیح الدین صبیح رحمانی صاحب کی طرح کسی اور پُر درد شاعر اور فاضل ادیب کو بھی ایسا حادثہ پیش آئے کہ دورِ حاضر میں سیکولر مادّی نظام کے دلدادہ اور دینِ مصطفیٰﷺ کی علمی و معاشرتی روح کے دشمن کو جو اُمت کے تنِ بیمار سے روحِ محمدیﷺ کو نکالنے کی سر توڑ کو شش کر رہے ہیں، اُن میں سے کسی کا سامنا ہو جائے اور اُس شاعر و ادیب کے دل میں مادیت زدہ مایوس سیکولر ذہنوں کو اسلام کے روحانی نظام کی اور اپنے انتہاپسند مذہبی ذہنوں کو نظامِ مصطفیٰﷺ کی حقیقی ہمہ جہت برکتوں کو متعارف کروانے کی اور عملاً ذمّے دار ذہنوں کو اس ذمّے داری کا شعور دے کر ذوقِ عمل اور سُنّت کی شاہراہِ اعظم پر گامزن کرنے کی تحریک پیدا کرنے کی تڑپ پیدا ہو جائے اور ’’نعت رنگ‘‘ کی طرح یا اسی کو عملاً تحریک ’’نعت رنگ‘‘ یا سیرت و ’’نعت رنگ‘‘ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتیں وقف کر دے۔ اور جس شاعر کی نوا مُردہ و افسردہ و بے ذوق ہو چکی ہے اس کی خودی کی تلوار کو تیز کر کے اپنا ہم نوا بنا سکے تاکہ چمنستانِ نعتِ مصطفیٰﷺ میں صرف ایک بلبل ہی محو ترنم نہ رہے بلکہ ہر طرف سے غیرتِ مسلم کو زندہ و بیدار کرنے والے نغمے سنانے والے ملتے جائیں اور کارواں بنتا جائے اور کاروانِ اُمتِ مصطفیٰﷺ کی عظمتِ رفتہ کے نقوش اور شوکت و سطوت کے آثار مٹانے والوں سے نعت کی تلوار لے کر اعلانِ جہاد کریں۔
اس اُمت کا سرمایۂ افتخار لوٹنے والوں کا احتساب کریں اس کی صفوں میں افتراق و انتشار پیدا کرنے والوں کو ادب کی لگام ڈالیں۔ اس اُمت کے جسدِ واحد کو متحد و متحرک رکھنے والی روحِ محمدیﷺ کے دشمنوں کو تلاش کر کے اُمت کے سامنے بے نقاب کریں اور اس اُمت کو راکھ کا ڈھیر بنانے والوں کی ہر سازش ناکام بنا دیں اور ایسے افراد کو، ان کے اسباب کو اور گلشنِ اُمت کے لیے نقصان دہ عناصر کو پنپنے کی اجازت دینے والے باغبانوں اور ذمّے داروں کی غفلتوں کو دُور کر کے پھر سے اُمت کی پاسبانی اور باغ بانی کا کام کرنے کے لیے عزم پیدا کریں اور حرم کی پاکیزہ مٹی اور مدَنی چشموں اور کنوؤں کا شیریں پانی ڈال کر اس کی بہارِ تازہ کا سامان کرنے کی فکر اور ذوقِ جستجو عام کریں۔
جس شعر سے ہوتی نہیں شمشیر خودی تیز
آج اگر ہم مقامی، قومی اور انٹرنیشنل محفلِ نعت کی صورتِ حال پر غور کریں کہ اگر ہمارے نعتیہ مشاعروں اور محافلِ نعت سے فرد میں بیداریِ شعور، قوم میں اصلاحِ احوال اور اُمت کا اجتماعی دینی فلاحی مقاصد کی طرف سفر شروع نہیں ہوتا تو پھر ان مقامی، قومی اور عالمی سطح پر محافلِ نعت پر اُٹھنے والے کروڑوں کے اخراجا ت کا حاصل بجز ثوابِ اخروی کے اَور کیا ہے؟
اور اس کا معنی یہ ہو گا کہ نعت گو شعرا نے عہدِ نبویﷺ سے مقاصدِ نعت کو کشید کر کے آج کے دور کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لیے خوب صورتی سے نظم دینے اور شعر کو حیات بخش بنانے کے لیے اپنا جگر خون نہیں کیا اور نعت خوانان حضرات نے اپنے دل کو ذاتی و محدود اغراض سے پاک کر کے اُمت کی حالتِ زار کے درد و سوز کو دل سے اُٹھا کر آواز کے ذریعے اُمت کے جذبات اور سماعتوں کو متاثر کرنے کی کوشش و توجہ نہیں کی، بلکہ اپنے معاشی و ذاتی غموں کا مداوا کرنے کو ہی اپنا مقصد بنا کر حجاب میں ہیں اور محافلِ نعت کا انتظام کرنے والوں نے بھی وقتی لذت اور دینی شہرت کی خاطر مزید اصلاحِ اُمت کو ترجیحی مقصد نہیں بنایا اور سننے والوں نے بھی دنیاوی کاموں سے فرصت نہ ہونے کی وجہ سے دل کی دنیا آباد کرنے اور اپنی اصلاحِ احوال کی طرف زیادہ شوق اور فکر کو نہیں دوڑایا۔ یعنی ہم سب نے اصل مقصد سے ر خ پھیر رکھا ہے۔ (الا ماشاء اللہ)
سوچیں اگر ان سب کوششوں کے باوجود اصل منزل کی طرف قدم نہیں بڑھ رہے تو پھر ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا؟ اس نعت گوئی اور نعت خوانی نے کتنے دلوں کے اور روحوں کے زنگ دُور کیے ہیں؟
کاش سیّد صبیح الدین صبیح رحمانی صاحب کی طرح یہ صورتِ حال دیکھ کر بھی کسی فاضل شاعر و ادیب کی روح تڑپ اُٹھے اور ایک مؤثر علمی و عملی تحریکِ نعتِ رسولﷺ پیدا ہو جائے اور نعت کو روایتی انداز اور محدود مقاصد کے ذریعے ذاتی شہرت و نفع اندوزی سے اُٹھا کر عظیم علمی و ادبی روایات، عملی و معاشرتی اصلاح کے نظریات اور جہادی و تحریکی جذبات جیسے بلند مقاصد کے احیا تک پہنچانے کے لیے اجتماع ا دبی اور معاشرتی جدوجہد کا آغاز کر دے۔ یقیناً حق تعالیٰ کی ظاہری و باطنی قوتیں ایسے مخلصین نعت گو شعرا کی مد د و نصرت کے لیے ہر طرف سے قطار اندر قطار اُتر کر آنے کے لیے آج بھی مائل بہ کر م ہیں اور ہوں گی، اگر وہ کامل اخلاصِ نیت اور غلامانِ مصطفیٰﷺ کی تمام قوتوں کو متحد کر کے صحیح سمت پر نکل کھڑے ہونے کی کوشش شروع کر دیں تاکہ صرف خود کو ہی عقلِ کُل اور مستحقِ قیادت سمجھ کر خدمتِ دین کے نام پر اُمت مسلمہ کو تقسیم در تقسیم کر کے داخلی طور پر دوریاں اور جدائیاں بڑھانے میں مسلمانوں کی توانائیوں پر عیش کرتے کرتے عمر گزار کر آں جہانی ہو جائیں اور آگے جا کر جب حساب ہو گا کہ اس خدا داد منصبِ نعت اور نعمت شعور کو کس راہ پر خرچ کیا ہے، تو کیا جواب بن پائے گا؟
میں گدا ہوں اپنے کریم کا میرا دین پارۂ ناں نہیں
موجودہ صورتِ حال کی اصلاح کے لیے ضروری ہے کہ پہلے فروغِ نعت کے اہم اور زندہ مقاصد سب کے لیے واضح کیے جائیں ’’نعت رنگ‘‘ کے اس معیاری ادبی پلیٹ فارم پر مکمل علمی و فکری اور عملی و تحریکی تحقیق کا ذوق رکھنے والے احباب کی توجہ اس عظیم انقلابی ادبی مقصد کی طرف مبذول کروا کر تحقیقی آرا اکٹھی کی جائیں۔ کام کا آغاز علمی و عملی طور پر ہمہ جہت اور ہمہ گیر ہونا چاہیے۔ پھر ہر ہر شعبۂ زندگی میں سے پُر امن طریقے سے عملی کام کرنے والے عاشقانِ رسولﷺ کو تلاش کر کے مؤثر رابطہ کے لیے فہرست تیار کر لی جائے۔ پھر ایک شہر، ایک صوبہ یا ایک ملک یعنی پاکستان کی سطح سے کام شروع کیا جائے۔ تعلیمی نصاب مرتب کرنے والوں سے لے کر اساتذہ کی تربیت، طرزِ تعلیم و تدریس، دینی طرزِ فکر و انسانی تصورات کے سانچے، تعلیمی و معاشرتی سطح پر قومی و ملی ہیروز کا تصور، گھر، خاندان، اسکول، حال اور مستقبل، ہماری تاریخ، ہماری ملّی اقدار، ہمارے عروج کے دنوں اور ذلّت کے اسباب الغرض ان سب میں نعت کے ذریعے روحِ محمدی علیٰ صاحب ا الصلوٰۃ و السلام کی تازہ بہار پھونک دی جائے۔ سب راستے ایک ہی سمت کو لے جانے والے اور بلانے والے ہوں اور تمام بُری راہوں سے خبردار کر کے بچانے والے ہوں تو ہم انسانی زندگیوں پر نعت کے گہرے اثرات اور اس کی برکات سے عملی تبدیلیاں دیکھ سکتے ہیں۔
ورنہ تاریخ گواہ ہے کہ ہماری کم نگاہی کی وجہ سے انھی مذکور ہ بالا محاذوں پر معاشرے کے منفی مؤثرات کے چھا جانے کی وجہ سے رفتہ رفتہ دینی مؤثرات غیر مؤثر ہوتے چلے گئے، جس سے آج ہمیں یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں کہ عشقِ سرکارِ دو عالمﷺ کی شمع کو بجھانے والے ہمارے گھروں، مسجدوں، مدرسوں، تعلیمی اداروں، کالجوں و یونی ورسٹیوں، میڈیا اور ملکی سطح پر ہر طرف سے زہر آلود پھونکوں کے ساتھ اس شمعِ محبتِ رسولﷺ کو بجھانے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں اور نورِ خدا ان کی کافرانہ حرکتوں اور ہماری مسلسل غفلتوں پر ضرور خندہ زن ہو رہا ہو گا۔ آج مقابلہ عالمی سطح پر جس طرح ایٹم کا ایٹم سے اور جدید سائنسی علم کا علم سے ہے اسی طرح انسانی مؤثرات کی سطح پر سریلی آواز کا مقابلہ پُر سوز آواز سے بھی ہے۔ کلام کی موسیقیت کا مقابلہ کلام سے ہے۔ سوزِ جگر کا مقابلہ سوزِ جگر سے ہے۔ الغرض شاعر کا مقابلہ شاعر سے ہے، ادیب کا مقابلہ ادیب سے ہے، استاد کا مقابلہ استاد سے ہے، علیٰ ہٰذا القیاس شیطان کا مقابلہ ایمان سے ہے۔ لہٰذا عہدِ نبویﷺ میں ایسے ہی محاذوں پر بالخصوص نعت کے محاذ پر جیسی سریلی آوازوں، جگر سوز کلام کی صلاحیتوں والے نعت گو شاعروں کو جن جن مقاصد کے حصول کے لیے حضور آئینۂ جمالِ خداوندیﷺ نے زندگی کے ہر گوشے کو منور اور متحرک کرنے کے لیے ان مؤثرات کو استعمال کیا، انھی روشن خطوط پر پھر کا م کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کے نعت گو شعرائے اکرام اگر اہلِ دول کی مدا ح سرائی کرنے میں عمر ضائع کرنے کی بجائے فرزوؔق شاعر کی طرح کعبۃ اللہ کو گواہ بنا کر حکمرانی کے نشے میں بدمست حکمرانوں، جاگیرداروں اور حکومتی منصب داروں کو نسبتِ رسالت مآبﷺ کی عزت و عظمت یا د کروانے اور جہادِ اکبر کرنے کا فریضہ انجام دینا شروع کریں تو یقیناً فرزوؔق شاعر کی طرح انہیں بھی دنیا و آخرت کی نعمتوں و عزت کی کمی نہیں رہے گی اور قید حیات کے یہ دن رات یونہی بے کیف نہیں گذریں گے۔ پھر اسی طرح بقول مولانا محمد علی جوہر ماحول یوں بدل جائے گا۔
تنہائی کے سب دن ہیں، تنہائی کی سب راتیں
اب ہونے لگیں اُن سے خلوت میں ملاقاتیں
ہر لحظہ تشفی ہے، ہر آن تسلی ہے
ہر وقت ہے دل جوئی، ہر د م ہیں مداراتیں
کوثر کے تقاضے ہیں، تسنیم کے وعدے ہیں
ہر روز یہی چرچے، ہر روز یہی باتیں
معراج کی سی حاصل سجدوں میں ہے کیفیت
اک فاسق و فا جر میں اور ایسی کراماتیں
بے مایہ سہی لیکن شاید وہ بلا بھیجیں
بھیجی ہیں دُرودوں کی کچھ ہم نے بھی سوغاتیں
اور اسی طرح نعت خوان حضرات بھی اگر چند پارۂ نان کی خاطر محفلِ نعت کے منتظمین کی طرف نظریں اُٹھا کر دیکھنے اور نعت خوانی کے منصب تبلیغ عشق رسولﷺ کو بدنام کرنے کی بجائے تاج دارِ مدینہﷺ کے مبارک کاندھوں پر ناز سے جھولنے والی کالی کملی یا بردۂ یمنی پر نظریں جما کر مدحِ ممدوح یزداں ﷺ کی سعادت حاصل کریں تو یقیناً حضرت حسان و بوصیری کی پیروی کرنے والے غلاموں کی صفوں میں اُن کا نام بھی آ سکتا ہے اور اگر نعت گوئی اور نعت خوانی کے مقام کا صحیح شعور نصیب ہو جائے تو یہ اعزاز دنیا کے تمام اعزازوں سے جتنا بلند ہے اُتنا ہی اسے حاصل کرنا کوئی آسان کام بھی نہیں ہے۔
بقولِ حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ:
فان ابی ووالدتی و عرضی لعرض
محمد منکم و قاءـ
اور بقولِ راقم:
جس کا ہر وقت لگا دھیان مدینہ میں رہے
وہ جہاں پر بھی ہے انسان مدینہ میں رہے
نہیں آساں صفِ حسّاں میں جگہ جیلانی
جان و دل جس کے ہوں قربان مدینہ میں رہے
٭٭٭

نقد و نظر

محسنؔ کاکوروی … اُردو کے با کمال قصیدہ گو اور مثنوی نگار شاعر

محمد حسین مُشاہدؔ رضوی،
سروے نمبر ۳۹، پلاٹ نمبر ۱۴، نیااسلام پورہ، مالیگاوں

اردو میں نعتیہ شاعری کی رویت اتنی ہی قدیم ہے جتنی کہ اردو شاعری کی تاریخ، حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز سے منسوب ’’معراج العاشقین‘‘ اور فخر الدین نظامی کی مثنوی ’’کدم راو پدم راو‘‘ سے باضابطہ اردو نعتیہ شاعری کا آغاز ہوتا ہے۔ مذکورہ دونوں کتب میں اردو کے اوّلین نعتیہ کلام حمدِ باریِ تعالیٰ کے بعد نظم کیے گئے ہیں۔ ان کے بعد کے دور میں تقریباً اردو کے ہر شاعر نے نعت کو یا تو بطور تبرک تحریر کیا ہے یا تو روایت کے مطابق … البتہ بعض ایسے عاشقانِ رسول(ﷺ) شعرا بھی گذرے ہیں جنہوں نے اپنی تمام تر شاعرانہ صلاحیتیں اور اور بصیرتیں نعتیہ ادب کے فروغ و ارتقا کے لیے وقف کر دیں۔ ان میں کافیؔ مرادآبادی، لطفؔ بدایونی، امام احمد رضا بریلوی، محسن کاکوروی وغیرہم کے نام آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ امام احمد رضا بریلوی اور محسنؔ کاکوروی نے نعت گوئی کوہی اپنا موضوعِ شاعری بنایا اور اس فن کو اوجِ کمال تک پہنچا دیا۔ آج اردو میں نعتیہ شاعری کے جتنے سرمایے ملتے ہیں وہ سب کے سب براہِ راست یا بالواسطہ ان حضرات کے تخیلات کے عطر مجموعہ ہیں۔ نعت اردو کی جملہ اصناف میں انتہائی مشکل ترین صنف ہے۔ اس میں زبان و بیان پر قدرت حاصل کر لینا ہی ضروری نہیں بل کہ شاعرانہ صلاحیت اور فنی محاسن کے ساتھ ساتھ قلب و ذہن کی پاکیزگی، عشقِ رسول(ﷺ) کی وارفتگی اور خلوص و للہیت نعت گوئی کے لیے ضروری ہیں۔ ان اوصاف کے بغیر نعتیہ کلام میں سوز و گداز سے مبرّہ اور کیف و سرمستی سے خالی صرف تعریفی و توصیفی اشعار کا مجموعہ ہو کر رہ جائے گا۔
حضرت محسنؔ کاکوروی ۱۲۴۲ھ میں دیارِ اردو لکھنؤ کے قصبہ کاکوری کے ایک شریف، دین دار اور تعلیم یافتہ علوی سیّد گھرانے میں پیدا ہوئے۔ فطری اعتبار سے آپ نیک، متقی، پرہیزگار اور پاکیزہ طبیعت کے حامل تھے۔ دل عشقِ رسول ﷺ سے معطر و معنبر تھا لہٰذا ن کے قلم سے نکلا ہوا ہر شعر کیف و سرمستی اور سوز و گداز میں ڈوبا ہوا نظر آتا ہے۔ محسنؔ نے زیادہ تر نعتیہ کلام قصیدے کے فارم میں قلم بند کیے۔ آپ کے یہاں دیگر شعرا کی طرح خیالات کی بے راہ روی نہیں ملتی۔ آپ نے محض سولہ سال کی عمر میں ایک ایسا شان دار نعتیہ قصیدہ لکھا جو خیالات کی پاکیزگی، جذبات کی صداقت، ندرتِ بیان اور تعظیم و محبت کے حدود میں قائم رہنے کی وجہ سے ایک شاہ کار قصیدہ سمجھا جاتا ہے۔ محسنؔ کا قصیدہ ’’سراپائے رسول‘‘ بھی کافی مقبولیت رکھتا ہے۔ محسنؔ نے قصائد کے علاوہ کئی مذہبی مثنویاں بھی لکھیں ان کے شعری سرمایہ کی تفصیل یہ ہے:
قصائد: (۱) گلدستۂ رحمت
(۲) ابیاتِ نعت
(۳) مدیحِ خیر المرسلین
(۴) نظمِ دل افروز
(۴) انیٖسِ آخرت
مثنویات: (۱) صبحِ تجلّی
(۲) چراغِ کعبہ
(۳) شفاعت و نجات
(۴) فغانِ محسنؔ
(۵) نگارستانِ الفت
ان کے علاوہ رباعیات اور مسدس کی ہیئت میں بھی کچھ نعتیہ منظومات ملتی ہیں۔ محسنؔ کی شعری کائنات، فکری پاکیزگی، بلند نگاہی، ندرتِ بیان اور نادر تشبیہات و استعارات، پیکر اور ترکیب سازی کی وجہ سے ایک خصوصی اور انفرادی اہمیت کی حامل ہے۔
’’صبحِ تجلّی‘‘ میں رسولِ مکرم ﷺ کی ولادتِ پاک کا ذکرِ جمیل بہت ہی حسین اور خوب صورت شاعرانہ انداز میں کیا ہے۔ اشعار میں منظر نگاری اور مصوری کا حسن پوری شان و شوکت کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ نت نئی تشبیہات و استعارات کیف و سرور کو دوبالا کرتے ہیں۔ چند اشعار خاطر نشین ہوں ؎
بیضاویِ صبح کا بیاں ہے
تفسیرِ کتابِ آسماں ہے
سبزہ ہے کنار آبِ جو پر
یا خضر ہے مستعد وضو پر
غنچے میں خامشی کا عالم
یا صومِ سکوت میں ہے مریم
علاوہ ازیں ’’چراغِ کعبہ ‘ ‘ میں محسنؔ نے نبیِ کریم ﷺ کا سراپا بیان کیا ہے نیز واقعۂ معراج النبی کا تذکرۂ خیر بھی کیا ہے اور ’’شفاعت و نجات‘‘ میں اُخروی سرفرازی اور کامرانی کی خواہش و تمنا کا شعرانہ اظہار کیا ہے۔ ’’چراغِ کعبہ ‘‘ میں آپ نے آقا ﷺ کی سراپا بیانی میں جو انداز اختیار کیا ہے اس میں سلاست و روانی بھی ہے اور مضمون آفرینی بھی البتہ شرعی حیثیت سے چند اشعار قابلِ گرفت بھی ہیں۔ جیسے ؎
عینیت سے غیرِ رب کو رب سے
غیریتِ عین کو عرب سے
ذاتِ احمد تھی یا خدا تھا
سایا کیا میم تک جدا تھا
ان شعروں میں ’’احمد‘‘ کے ’’میم‘ ‘ کو ہٹا کر ’’اَحد‘‘ اور ’’عرب‘‘ سے ’’عین‘‘ کو لفظ سے جدا کر کے ’’رب ‘‘ بنا کر پیش کیا گیا ہے۔ جس سے شرعی سقم مترشح ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں چند لایقِ تحسین اشعار نشانِ خاطر ہوں جن سے طبیعت میں سروٗر پیدا ہوتا ہے ؎
اسرارِ دین میں وحیِ منزل
اور حاملِ وحی ریشِ مرسل
احباب میں لبِ مسیح تقریر
اعدا میں لیے کلیم شمشیر
کیا ذکرِ تبسم نبی ہے
گل کی گلشن میں جو ہنسی ہے
کانوں کی سنی ہے کیا روایت
جو سرد ہے قطب کی ولایت
جوہر کا بھرا ہوا خزینہ
آئینہ بے مثال سینہ
اسرار نہ آسمانِ نظر میں
ڈوبے ہوئے ہفت بحر و بر میں
اس گردنِ صاف کی بلندی
تکبیر فریضۂ سحر کی
محسنؔ کی تمام ہی مثنویاں ان کی فن کارانہ عظمت کی مظہرِ جمیل ہیں۔ عبدالقادر سروریؔ، محسنؔ کاکوروی کی ان کاوشاتِ شعری پر تبصرہ کرتے ہوئے راقم ہیں:
’’مذہبی موضوعات پر لکھنے والوں میں محسنؔ غالباً سب سے زیادہ نفیس لکھنے والے ہیں۔ ان کا اسلوب نہایت دل کش اور پُر لطف ہے۔ اس میں سادگی کے باوجود حُسن اور شاعرانہ لطافتیں موجود ہیں۔ مذہبی نظموں میں یہ لطفِ گویائی کم شاعروں کے حصے میں آیا ہو گا۔
’چراغِ کعبہ، صبحِ تجلی دونوں محسن کے شاہ کار ہیں ان میں تغزل کے اشاروں کنایوں سے بڑا لطف پیدا کیا گیا ہے۔
یہ مثنویاں مختصر اور نفیس ادبی نظمیں ہیں۔ ‘‘
الغرض محسنؔ کو زندۂ جاوید اور ان کے نام کو عظمت کے بامِ عروج تک پہنچانے میں ان کے ’’قصیدۂ لامیہ‘‘ کا بڑا دخل ہے جو انتہائی مشہور اور زبان زدِ خاص و عام ہے ؎
سمت کاشی سے چلا جانبِ متھرا بادل
برق کے کاندھے پہ لائی ہے صبا گنگا جل
ابر بھی چل نہیں سکتا وہ اندھیرا گھپ ہے
برق سے رعد یہ کہتی ہے کہ لانا مشعل
جو گیا چرخ پہ ہے یا کہ لگائے ہے بھبھوت
یا کہ بیراگی ہے پربت پہ بچھائے کمبل
کبھی ڈوبی کبھی اُچھلی مہِ نَو کی کشتی
بحرِ اخضر کے تلاطم میں پڑی ہے ہلچل
شاعرانہ لطافت، نادر تشبیہات و استعارات، علمی و ادبی اصطلاحات و تلمیحات، شاعرانہ پیکر تراشی، نئی نئی ترکیب سازی، عربیت کی آمیزش اور ہندی و ہندوستانی عناصر کے ساتھ فارسیت کے گہرے رچاؤ کی وجہ سے اس قصیدہ کو اردو شاعری کا شاہ کار قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ابواللیث صدیقی نے اس قصیدہ کو محسنؔ کی شاعرانہ خوبیوں کا حامل بتایا ہے خاص طور سے اس کی تشبیب کو بہت سراہا ہے۔ وہ لکھتے ہیں:
’’ایسی نرالی تشبیب آپ کو اردو کے کسی دوسرے شاعر کے یہاں نہیں ملے گی۔ ذوقؔ و سوداؔ قصیدے کے بادشاہ ہیں لیکن ان کی تشبیب میں ایسی جدت اور زور نہیں۔ یہ مضامین، تشبیہات، استعارات اور خیالات جو خالص ہندوستانی فضا کی پیداوار ہیں محسنؔ ہی کا حصہ ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ محسنؔ کی پاکیزہ طبیعت عوام کی پامال شاہ راہ سے بچ کر اپنا راستہ الگ بنانا چاہتی تھی یہی وجہ ہے کہ انھوں نے سرزمینِ نعت مین اپنی جدّت پسندی سے رنگ رنگ کے پھولوں کا ایک گل زار کھلا دیا ہے۔ ‘‘
محسنؔ نے اپنا ’’قصیدۂ لامیہ‘‘ اساتذۂ فارسی و اردو کی زمین میں تحریر کیا ہے، یہ قصیدہ لطافتِ تخیل اور ندرتِ اسلوب میں منفرد و یگانہ ہے۔ محسنؔ نے سرورِ عالم و عالمیاں ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور آپ کے اخلاق و عادات اور فضائل و شمائل کو ہندوستانی رنگ و آہنگ میں پیش کیا ہے۔ اس قصیدہ کی تمہید محسنؔ کے شہبازِ فکر و تخیل کی بلند پروازی اور شعریت کا اعلا نمونہ ہے۔ اسی قصیدہ کی دو غزلیں جو خالص قصیدہ کی معنوی فضا سے مکمل طور پر ہم رشتہ ہیں اور اسی کا تخلیقی حصہ نظر آتی ہیں بلاشبہ مدحتِ خیرالبشر ﷺ کا ایک نورانی پیکر ہیں۔ دو شعر خاطر نشین ہوں ؎

گل خوش رنگ رسولِ مدنی العربی
زیب دامانِ ابد طرۂ دستارِ ازل
سب سے اعلا تری سرکار ہے سب سے افضل
میرے ایمانِ مفصل کا یہی ہے اجمل

حضرت محسنؔ نے اس قصیدہ میں اردو کے ساتھ ساتھ عربی اور فارسی کی لفظیات کو برتا ہے اور اس کی زیریں رَو میں ہندوستانی رنگ و آہنگ نمایاں نظر آتا ہے۔ محسنؔ نے خالص ہندوستانی تشبیہات و استعارات کا سہارا لیا ہے۔ لیکن کہیں بھی نعت کی طہارت و پاکیزگی مجروح نہیں ہوئی ہے۔ کچھ لوگوں نے اس قصیدے کو ہندوانہ تہذیب و تمدن کا آئینہ دار بتاتے ہوئے محسنؔ پر تنقید کے نشتر بھی چلائے ہیں۔ حال آنکہ حضرت حسّان و کعب رضی اللہ عنہم کے نعتیہ قصائد میں بھی تشبیب کے خالص عشقیہ اشعار شامل ہیں محسنؔ نے صرف اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس طرح کی تشبیب لکھی ہے۔ ڈاکٹر فخر الاسلام اعظمی لکھتے ہیں:
’’محسنؔ کا تعلق دبستانِ لکھنؤ سے ہے، لیکن انکی شاعری میں عام لکھنوی شعرا کا ابتذال اور نسوانیت کا رنگ نہیں ہے۔ محسنؔ نے لفظی صناعی پر توجہ کی ہے لیکن اس موقع پر بھی انھوں نے اپنی انفرادیت کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا ان کی رعایت بے ساختہ، ان کی تشبیہات و استعارات جان دار اور ان کا انداز شاعرانہ ہے۔ ‘‘
اسی طرح ڈاکٹر ابو اللیث صدیقی نے محسنؔ کاکوروی کے شاعرانہ محاسن پر یوں اظہارِ خیال کیا ہے۔ موصوف راقم ہیں:
’’بندش کی چستی اور نظم کی روانی ایسی ہے کہ طبیعت اس پر رک کر نہیں رہ جاتی۔ تشبیہات میں شاعر کے اسلوب فرک، جدت کا اظہار، ندرتِ ادا اور مذاقِ شاعرانہ پایا جاتا ہے۔ محسنؔ خالص ہندوستانی فضا کے شاعر ہیں اور اپنے ماحول کی ترجمانی کرتے ہیں ان کے خیال، ان کی زبان، ان کی تشبیہات اور استعارات اسی ملک کی پیداوار ہیں اس لیے ان میں اثر بھی زیادہ ہے۔ ‘‘
غرضے کہ اردو کے با کمال قصیدہ گو اور مثنوی نگار شعرا میں محسنؔ کاکوروی کا نام نمایاں ہے ان کے نعتیہ قصائد روشِ عام سے جداگانہ، جدید اسلوبِ بیان کے حامل اور رعنائی و زیبائی کا حسین مجموعہ ہیں۔ ان میں جہاں عشقِ رسول ﷺ کا والہانہ جذب و کیف ہے وہیں زبان و بیان کی ندرت و جدت بھی ہے۔ محسن ؔ کاکوروی نے فنی نقطۂ نگاہ سے اردو قصیدہ گوئی کو معراجِ کمال تک پہنچا دیا ہے ان کی نعتوں میں قصیدے کا جلال و جمال، مثنوی کا رنگ و آنگ اور غزل کا کیف و سرور بدرجۂ اتم موجود ہے۔ ان کی شاعری میں نفس کی پاکیزگی، فکر و نظر کی صفائی اور ذہن و قلب کی تطہیر کا جو سامان پایا جاتا ہے یقیناً و ہ ہر ہر لحاظ سے لایقِ تحسین ہے۔
٭٭٭

راجندر نرائن سکسینہ بسملؔ شمس آبادی۔۔ شخصیت اور نعتیہ شاعری کا مطالعہ

ڈاکٹر سراج احمد قادری

اردو کے عظیم شاعر و نقاد راجندر نرائن سکسینہ بسملؔ شمس آبادی کی ولادت ۱۷/ نومبر ۱۹۲۰ء میں قصبہ شمس آباد، ضلع فرخ آباد کے ایک تعلیم یافتہ گھرانے میں دیوی چرن کے یہاں ہوئی۔ ان کے والد اردو اور فارسی کے ایک بہترین جانکار اور مہارت رکھنے والے عالم تھے، بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ وہ اردو اور فارسی زبان پر کامل دست گاہ رکھتے تھے تو بے جا نہ ہو گا۔ اپنی علم دوستی کی بنا پر انھوں نے اپنے فرزندِ ارجمند راجندر نرائن سکسینہ کو اس وقت کے ماحول کے اعتبار سے حصولِ تعلیم کے لیے مکتب میں بٹھایا۔ بس یہیں سے بسمل شمس آبادی کی پرداخت کا سلسلہ شروع ہوا اور آگے چل کر انھوں نے اردو کے ایک عظیم شاعر و نقاد کی حیثیت سے اپنی عظمت کا اعتراف اربابِ علم و فضل سے کرایا۔
مکتب کی تعلیم کے بعد مزید ذوقِ وجدان کی پذیرائی کے لیے انھوں نے اپنا تعلیمی قدم آگے بڑھایا اور قصبہ ہی کے اینگلو ورناکیولر اسکول سے درجہ آٹھ تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد شعر کی بالیدگی اور علمی تجسّس نے ان کو شہر فرخ آباد پہنچا دیا۔ فرخ آباد کرسچین اسکول سے ہائی اسکول پاس کیا اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے اتر پردیش کے مشہور شہر بریلی کا انتخاب کیا، جہاں سے ۱۹۴۰ء میں بی اے اور ۱۹۴۲ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
ابھی تعلیمی سلسلہ جاری ہی تھا کہ اسی اثنا میں رشتۂ ازدواج سے بھی بندھ گئے۔ ان کی شادی شہر بریلی کے مشہور و معروف شاعر و ادیب شام موہن لال جگر بریلوی کی منجھلی بیٹی شانتی دیوی سے ہوئی۔ چناں چہ وہ خود رشتۂ ازدواج سے منسلک ہونے کے بارے میں تحریر فرماتے ہیں:
۱۹۴۱ء میں جب میں بریلی کالج میں طالب علم تھا۔ بریلی کے نام ور شاعر و ادیب شام موہن لال جگر بریلوی کی منجھلی دختر شانتی دیوی میری رفیقۂ حیات بنیں۔ جگر کے کلام کے مطالعے نے میرے خیالات کو ایک نیا روپ اور شعر گوئی کے دھارے کو ایک نیا موڑ دیا۔ جب تک وہ زندہ رہے میں نے انھیں سے اصلاح لی۔ ٭۱
راجندر نرائن سکسینہ کا تعلق جگر بریلوی سے ہونے کے بعد ان کی شعر گوئی نے وہ تب و تاب حاصل کی کہ مہرِ درخشاں کے مانند اردو
ادب کی تاریخ میں ان کا نام جگمگانے لگا اور اگر یہ کہا جائے کہ جگر بریلوی کی تربیت نے ان کو کندن بنا دیا تو غلط نہ ہو گا۔
راجندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی کی تعلیم و تربیت، ان کی اصلاح اور ان کے فن کو عروج و ارتقا وقت کی دو عظیم شخصیتوں نے دیا۔ اوّلاً ان کے والد بزرگوار دیوی چرن مرحوم دوسرے ان کے خسر شام موہن جگر بریلوی مرحوم۔ چناں چہ راجندر نرائن سکسینہ اپنے بچپن کے ماحول کو یاد کر کے اپنے والد کو خراجِ محبت پیش کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں:
’’میرے والد اردو، فارسی میں کافی دست گاہ رکھتے تھے۔ اکثر فارسی کے اشعار سناتے اور ان کا ترجمہ کر کے مجھے سمجھاتے۔ ان کی علم دوستی کا مجھ پر شروع ہی سے اثر پڑا۔ ٭۲
مَیں نے دورانِ تعلیم محسوس کیا کہ فارسی زبان سخن طرازی کے لیے اتنی لطیف ہے کہ اس کو بیان نہیں کیا جا سکتا جو الفاظ و معانی فارسی زبان کے پاس ہیں دنیا کی اور زبانوں کے پاس نہیں۔ خصوصاً شعر گوئی کے حوالے سے دلوں کی ترجمانی کرنے کے لیے جو الفاظ فارسی زبان میں مل جاتے ہیں وہ دنیا کی اور زبانوں کے پاس نہیں مل پاتے۔ ‘‘
راجندر نرائن سکسینہ کا مطالعہ فارسی زبان سے گہرائی و گیرائی کی حد تک ہونے کی وجہ سے ان کی شاعری دلوں کی ترجمانی کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔
انسان کا ذوق و تجسّس اور اس کا مطالعہ و مشاہدہ اس کو کامیابی کی طرف لیے جاتا ہے۔ بسمل شمس آبادی کے اندر شعر گوئی و شعر فہمی کی صلاحیت کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔ مزید ان کی تعلیم و تربیت نے ان کو کامیابی و کامرانی کے دہانے تک پہنچا دیا۔ زبان و ادب پر کسی قوم یا کسی ملک کا اجارہ نہیں ہوتا۔ اس پر ہر انسان کا برابر کا حق ہے چاہے وہ کسی ملک یا قوم سے تعلق رکھنے والا ہو۔ کسی بھی زبان یا ادب میں مقام و مرتبہ حاصل کرنے کے لیے اس کی اپنی کوشش و کاوش کافی ہوا کرتی ہے۔ دنیا کی ادبی و لسانی تاریخیں آج بھی ہمیں متنبہ کر رہی ہیں کہ اس میں اسی آدمی نے مقام و مرتبہ حاصل کیا، جس نے ذوق و تجسّس اور مطالعہ مشاہدہ کے بعد اس کی زلفِ پریشاں کو سنوارا ہے۔
بسمل شمس آبادی بذاتِ خود اردو کے ایک عمدہ شاعر ہیں۔ ان کا کلام غزلوں، نظموں، آزاد نظموں اور نعتیہ اشعار پر مشتمل ہے۔ انھوں نے بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ بزرگانِ دین کی شان میں منقبتیں بھی تحریر فرمائی ہیں۔ انھوں نے سلام بھی تحریر کیے ہیں۔ اُن کے سلام کے اشعار بڑے ہی درد مند اور سوز و گداز کے حامل ہیں۔ ان کی نعتیں، منقبتیں اور سلام عظیم نعت گو شاعر مولانا احمد رضا خاں بریلوی، مولانا حسن رضا خاں بریلوی اور حفیظ جالندھری کی یاد دلاتے ہیں۔
اردو ادب کی جملہ اصنافِ شعر گوئی پر ان کی گرفت اتنی مضبوط ہے کہ بیان نہیں کیا جا سکتا۔ مَیں نے اُن کے اب تک شائع ہونے والے مجموعۂ کلام: (۱) گلِ صحرا (۲) زخمِ نہاں (۳) رستے چھالے (۴) خشتِ حرم کا بالاستیعاب مطالعہ کیا ہے۔ مَیں نے مطالعے سے پایا کہ اُن کی شعر گوئی اتنی ٹھوس اور مستحکم ہے کہ اردو ادب کے ماہرین کے لیے مجالِ انکار نہیں۔ مَیں نے مطالعے سے یہ بھی پایا کہ وہ اپنے نظریات میں اتنے راسخ ہیں کہ ان کو زمانے کی ہوائیں لرزہ بر اندام نہیں کر سکتیں۔ وہ جو بھی بات کہتے ہیں یا جو نظریہ پیش کرتے ہیں وہ بہت ہی ٹھوس اور ٹھوک بجا کر۔ جسے ہم اور آپ اپنی زبان میں کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ شاعر و ادیب کو اعلانِ حق کے لیے پیدا فرماتا ہے۔ جو بات مل کر پوری قوم نہیں کہہ سکتی اس بات کو شاعر شعر کے توسط سے بڑی چابک دستی سے کہہ کر گزر جاتا ہے اور لوگ تماشائی بنے رہ جاتے ہیں۔ اس کے ثبوت میں، میں بسمل شمس آبادی کا ایک شعر حیطۂ تحریر میں لانا چاہتا ہوں۔ آپ فرماتے ہیں:
ہم نے سوچا ہے کہ سچ بات کہیں گے کچھ ہو
سامنے ہیں رسن و دار خدا خیر کرے٭۳
اسی نظریے کو ایک دوسرے شعر میں اس طرح تحریر فرماتے ہیں:
دل میں چبھتی ہے جو دن رات کہوں یا نہ کہوں
کش مکش میں ہوں وہ بات کہوں یا نہ کہوں ٭۴
اور وہ حقیقت اس شعر میں آ کر اور زیادہ نمایاں ہو گئی:
مَیں چاہتا نہیں تھا کہ لب اپنے وا کروں
لیکن ہر ایک تلخ حقیقت ہے کیا کروں ٭۵
اس وقت میرا موضوع اُن کی نعتیہ شاعری ہے۔ اگر ان کی جملہ شعر گوئی میرا مطمحِ نظر ہوتی تو میں واضح کرتا کہ وہ قوم اور ملک کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں نیز اُن کی شاعری کس قدر اسرار و رموز سے لبریز ہے۔ وہ جب غزل کے پیرائے میں عشقِ حقیقی کی گفتگو کرتے ہیں تو دل وارفتہ ہوا جاتا ہے۔ جب ملک کی محبت میں ان کا قلم حرکت میں آتا ہے تو وہ ملک کے بہت بڑے دافع اور فدائی معلوم ہوتے ہیں اور جب وہ رہنمایانِ ملک سے ان کی بدعنوانیوں کے خلاف شکایت کرتے ہیں تو وہ ایک سچے مصلحِ قوم و وطن معلوم ہوتے ہیں۔
مَیں راجندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی کی مذہبی شاعری خصوصاً اسلامی نعتیہ شاعری کے مطالعے سے اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اُن کا اسلامیات کا مطالعہ بہت ہی وسیع و عمیق ہے۔ وہ اسلام کے جس بھی موضوع پر بھی قلم اُٹھاتے ہیں اُس کی روایت و اسناد کا خصوصی لحاظ رکھتے ہیں۔ مجال نہیں کہ وہ کسی غیر معقول و منقول روایت کو اپنی شاعری کا موضوع بننے دیں۔ انھوں نے اپنے مجموعۂ کلام ’’خشتِ حرم‘‘ میں ایک حمد تحریر فرمائی ہے جس کا عنوان ہے ’’خالقِ کائنات کے حضور میں ‘‘ اس حمد پاک کی خصوصیت جو مَیں نے محسوس کی ہے وہ یہ کہ اُس کا ایک ایک شعر ہمیں ربّ کائنات کی بارگاہ میں اس حیثیت سے پیش کرتا ہے جس طرح سے بندے کو اپنے مالک کے حضور حاضری دینا چاہیے۔ اس حمد پاک میں عجز و انکساری کا ایسا تصور پیش کیا گیا ہے جو اپنی مثال آپ ہے اور نفس الامر میں اسی تصور و خیال کے ساتھ ربّ کریم کی بارگاہ میں ایک انسان کو حاضری دینا چاہیے۔ بسمل ؔ نے مجھے ایک مکتوب کے ذریعے باخبر کیا کہ اُن کی اِس حمد پاک کو متحدہ امریکا میں لوگ وظیفے کے طور پر پڑھتے ہیں۔ چند اشعار ملاحظہ ہوں:
اے خالقِ کون و مکاں
اے مالکِ ہر دوجہاں
ہے ذات تیری لا فنا
ممکن نہیں تیری ثنا
ہر شے کی تجھ سے ابتدا
ہر شے کی تجھ پر انتہا
تو حسن عالم گیر ہے
ہر شے تیری تصویر ہے
جب تک نہ ہو مرضی تیری
ہلتا نہیں پتا کبھی
مظہر تیرے فرمان کی
آیات ہیں قرآن کی
اے مالکِ لوح و قلم
دے وہ مجھے تاب رقم
تیوہار ہوں وہ مذہبی
یا ذکرِ اوصافِ نبی
جب میں کروں اُن کا بیاں
قاصر نہ ہو میری زباں
ہر لفظ میں تاثیر ہو
ہر شعر میں تطہیر ہو
نورِ حقیقت سے بھرا
جوشِ عقیدت سے بھرا
اک عزم میرے ساتھ ہے
اب لاج تیرے ہاتھ ہے٭۶
راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی نے اپنے تمام تر اسلامی کلام کو اپنے چوتھے مجموعۂ کلام ’’خشتِ حرم‘‘ میں یک جا کر دیا ہے جس کو اُن کی اسلامی شاعری کا مجموعہ قرار دیا جا سکتا ہے جو ماہِ فروری ۲۰۰۳ء میں اشاعت پذیر ہو کر منظرِ عام پر آیا ہے۔ اس کے شروع میں حسبِ معمول انھوں نے اپنے خاندانی، تعلیمی و شعر گوئی کے احوال و کوائف بیان کیے ہیں جو کسی بھی کتاب کے شروع میں ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ اس سے کتاب اور صاحبِ کتاب کے سلسلے میں ایک ایسا تصور اُبھر کر آتا ہے جو اس کی تخلیق کی تفہیم میں معاون ہوا کرتا ہے۔ اس کے بعد تسلیم غوری بدایونی کا پیش لفظ ہے جو ایک طرح سے کتاب اور صاحبِ کتاب کا تعارف ہے۔ نیز اس کے بعد قابلِ قدر ادیب و نقاد اردو ادب کے جاں نثار ویریندر پرشاد سکسینہ سابق ممبر اتر پردیش اردو اکادمی لکھنؤ کا ایک گراں قدر تبصرہ ہے۔ ایک تبصرہ ایم راجا شعلہ چیف ایڈیٹر ’’بہار‘‘ ہر دوئی (یوپی) کا ہے۔
راجندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی کے مجموعہ ’’خشتِ حرم‘‘ میں حمد پاک کے بعد ہی نعتِ نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کی جلوہ سامانیاں ہیں۔ اُن کے اس مجموعے کے شروع میں نعت پاک کا ایک ایسا شعر ہے جو ہزارہا نعت کے اشعار پر بھاری ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ بہت سے نعتیہ دوائن اور مجموعہ ہائے کلام پر بھاری ہے تو بے جا نہ ہو گا۔ ملاحظہ ہو:
اعجاز ہے نبی کا کہ بسملؔ سا، بت پرست
طوفِ حرم کو، دیر سے جاتا ہوا ملا
آپ ایک لمحے کے لیے سوچ سکتے ہیں کہ بسمل شمس آبادی کے اس شعر میں کس قدر ہمہ گیریت اور وارفتگی جلوہ فرما ہے جس کا بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ایک طرف تو بت پرستی کا دعویٰ ہے اور دوسری طرف حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کے معجزے کی بات کہی جا رہی ہے اور آخری مصرعے میں بات بالکل صاف کر دی گئی ہے کہ بت پرست ہونے کے باوجود حرمِ مقدس کی زیارت کا عزم بہت ہی پختہ ہے۔ جیسے یوں کہا جا سکتا ہے کہ عشقِ رسول کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
راجندر نرائن سکسینہ خود اور دیگر ہندو نعت گو شعرا نے جا بجا اپنے نعتیہ کلام میں ایمان و کفر کی بات کہی ہے۔ آج نعتیہ ادب کے ناقدین کے مابین اس قسم کے اشعار تنقید و تحقیق کا موضوع بنے ہوئے ہیں کہ اس طرح کے اشعار کو اسلامی جذبہ یا عشقِ رسول کہا جائے یا پھر شاعرانہ تعلّی۔ اس لیے کہ فقہِ اسلامی میں ایمان و کفر کی جو توضیح و تشریح موجود ہے وہ ان شعرائے کرام کے کلام سے ہٹ کر ہے۔ چند اشعار بسمل شمس آبادی کے مجموعۂ کلام سے بھی ملاحظہ ہوں:
چھائی تھی زمانے پر جب کفر کی تاریکی
پیدا ہوئے ایمان کے لمعات مدینے میں ٭۷
٭
ایماں کی تو یہ ہے کہ ایماں کی راہ پر
اُمت کو لائی جس کی قیادت تمھیں تو ہو ٭۸
٭
آپ پر لائے جو ایمان رسولِ عربی
آدمی ہے وہی انسان رسولِ عربی٭۹
اسی طرح شفاعت و بخشش کی باتیں بھی کہی گئی ہیں جب کہ شفاعت و بخشش کا مقام ایمان کے بعد کا ہے۔ مگر جس جوش اور جذبے کے تحت شفاعت و بخشش طلب کی جا رہی ہے وہ لائقِ صد ستائش ہے۔ چند اشعار ملاحظہ ہوں:
بخشے جائیں گے بسملؔ سرِ حشر جو
اُن کی فہرست میں تیرا نام آ گیا٭۱۰
٭
یہ کہہ کے مجھے بخشش سینے سے لگا لے گی
دیکھو یہ محمد کا دیرینہ غلام آیا٭۱۱
٭
انجام کار داورِ محشر کے سامنے
جس سے ہے اک اُمید شفاعت تمھیں تو ہو٭۱۲

الحاصل راجندر نرائن سکسینہ ہوں یا دیگر غیرمسلم نعت گو شعرا اُن کا کلام اُن کی تحریر کردہ نعتیں اور حمد پاک ان کے ایمان و عقائد سے ہٹ کر آج بھی پڑھنے کے بعد متاثر ضرور کرتی ہیں اور صرف متاثر ہی نہیں کرتیں بلکہ اپنا گرویدہ بنا لیتی ہیں۔ اس طرح کی ایک نعت پاک بسملؔ شمس آبادی کے مجموعۂ کلام سے ملاحظہ ہو جس وقت میں اس مقالے کی تیاری کر رہا تھا اور اشعار کا انتخاب تیار کر رہا تھا جب مَیں نے درج ذیل نعت پاک کا مطالعہ کیا تو مَیں فیصلہ ہی نہیں کر سکا کہ کس شعر کو منتخب کروں اور کس کو چھوڑ دو۔ بالآخر مَیں نے پوری نعت پاک تحریر کرنا مناسب سمجھا آپ بھی ملاحظہ فرمائیں اور محظوظ ہوں۔ عنوان ہے ’’عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم:
اللہ اللہ مبارک ہو دن آج کا، آج نبیوں کا اک پیش امام آ گیا
گود میں آمنہ کی وہ نورِ ازل وہ رسالت کا ماہِ تمام آ گیا
پیکر سادگی، روح پاکیزگی، جان ہر انجمن ہر مقام آ گیا
جس کے رخسار کا عکس نورِ سحر جس کے گیسو کا سایہ ہے شام، آ گیا
دیکھنے کو اسے عرش سے فرش تک جمع تھے جتنے قدس و حور و ملک
روئے اطہر کی بس دیکھتے ہی جھلک ان کے لب پر درود و سلام آ گیا
کملی والے کے آنے کی تھی جو خبر، چاند تارے رہے فرش راہ رات بھر
لے کے کرنوں کی سوغات وقتِ سحر مہر تاباں پئے احترام آ گیا
روشنی جس سے ایماں کی حاصل ہوئی مشکل انساں میں ہلتی وہ نازل ہوئی
آج نازاں بجا طور پر ہے بشر، آج ناز بشر کا مقام آ گیا
لفظ کُن کی بیاں جس نے تفسیر کی جس نے سمجھا دیا موت ہے زندگی
واقفِ راز ہستی و نیستی راز دار فنا و دوام آ گیا
عفو عصیاں کی خاطر پریشان نہ ہو وقت آخر اب آٹھ آٹھ آنسو نہ دو
بخشے جائیں گے بسملؔ سرِ حشر جو ان کی فہرست میں تیرا نام آ گیا٭۱۳
اس کے علاوہ بسمل شمس آبادی کے مجموعۂ کلام ’’خشتِ حرم‘‘ میں تقریباً تیرہ نعت پاک اور ہیں۔ ایک سلام بھی ہے، سلام کا انداز بتا رہا ہے کہ آپ حفیظ جالندھری سے زیادہ متاثر ہیں۔ چند اشعار ملاحظہ ہوں:
سلام اُس پر جسے شایاں ہے فخر الانبیا کہنا
سلام اُس پر جسے زیبا ہے محبوبِ خدا کہنا
سلام اُس پر جو نقشِ اوّلیں تھا روئے گیتی پر
سلام اُس پر جو ختم المرسلیں تھا روئے گیتی پر
سلام اُس پر جو عقلِ کُل تھا، اُمی لقب جس کا
سلام اُس پر جہاں میں نام تھا ماہِ عرب جس کا
سلام اُس پر جو شمع راہِ عرفاں بن کے آیا تھا
سلام اُس پر جو گم راہوں کو راہِ حق پہ لایا تھا
سلام اُس پر جو دکھیوں کا ہمیشہ دُکھ بٹاتا تھا
سلام اُس پر خطا کاروں کی جس نے ہر خطا بخشی
سلام اُس پر کہ جس کا فیض عالم آشکارا تھا
جو بیواؤں، یتیموں، بے سہاروں کا سہارا تھا٭۱۴
راجندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی نے نعت پاک کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی اپنے فکر و فن کے جوہر دکھائے ہیں۔ جیسے رمضان کا مہینہ، نماز، روزہ، محرم، اے فاتحِ خیبر کے لال، اے عزادارِ حسین، عید الالضحیٰ، عیدالفطر، عید ہے، یہ عید کا دن ہے، عید کا دن ہے، اجمیر شریف، صوفی ستار شاہ، آستانہ ستاریہ فتح گڑھ وغیرہ۔
حوالے
٭۱۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۱۰
٭۲۔ ’’زخمِ نہاں ‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۱۳
٭۳۔ ’’رستے چھالے‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۱۴
٭۴۔ ’’رستے چھالے‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۱۵
٭۵۔ ’’رستے چھالے‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۱۶
٭۶۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۲۵
٭۷۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۵۰
٭۸۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۳۴
٭۹۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۳۷
٭۱۰۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۲۸
٭۱۱۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۳۰
٭۱۲۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۳۴
٭۱۳۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۲۷۔ ۲۸
٭۱۴۔ ’’خشتِ حرم‘‘ راجیندر نرائن سکسینہ بسمل شمس آبادی، گاڑی خانہ فتح گڑھ، ص۴۸۔ ۴۹
٭٭٭

گوشہ ابرار کرتپوری

ابرار کرتپوری سے ادبی مکالمہ

مصاحبہ کار: غلام ربانی فداؔ

÷ آپ علمی و مذہبی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں اختصار کے ساتھ پس منظر بیان کیجئے؟
٭ ہمارے وطن کرتپور ایک تاریخی بستی ہے۔ اکبر بادشہ کے زمانے میں ہمارے خاندان (جس میں مفتی صاحبان اور قاضی صاحبان شامل ہیں) کو قضاۃ کے ساتھ جائیداد صحرائی و سکنائی عطا ہوئی۔ کئی حضرات علمی کاموں میں مصروف رہتے تھے۔
÷ آپ کے بزرگوں میں کیا شاعر بھی ہوتے ہیں؟ اختصار کے ساتھ بتایئے؟
٭ فداؔ صاحب ! ہمارے بزرگوں میں شاعر تو ہوئے ہیں۔ ہمارے ایک دادا فارسی شاعر تھے۔ ان کے ایک بیٹے قاضی امداد حسین امدادؔ طنز و مزاح کے شاعر تھے۔ اللہ ہمارے ایک چچا مولیٰنا قاضی سجاد حسین عربی و فارسی کے بہت بڑے عالم، مدرسہ عربیہ عالیہ کے پرنسپل اور شیخ الحدیث تھے۔ انہوں نے گلستاں، بوستاں، دیوانِ حافظ اور مثنوی مولانا روم اردو ترجمہ کیا اور حواشی لکھے جو بر صغیر میں مقبول ہیں۔
÷ جب آپ نعت گوئی کی طرف متوجہ ہوئے تو سب سے پہلے کہی گئی نعت کا مطلع اور مقطع پیش فرمائیں؟
٭ سترکی دہائی میں مظفر وارثی (لاہور) کی نعتیہ شاعری سے متاثر ہوا۔ اور پھر رجحان صرف حمد و نعت کی طرف ہو گیا۔ پہلی نعت کے دو اشعار پیش ہیں۔ یہ نعت پاکستان لاہور کے گورنمنٹ کالج کے مجلہ۔ ۔ اوج نے انتخاب کی تھی۔ مطلع اس طرح تھا۔ ؎ہیں معطر جان و دل از بوئے دوست/ رشکِ جنت ہے فضائے بوئے دوست
اس سے پوچھو فلسفہ دن رات کا/جس نے دیکھے ہوں رخ و گیسوئے دوست
÷ آپ کی شاعری میں کن اساتذہ نے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں؟
٭ میں نے بہت سے بزرگ شعراء کا کلام پڑھا اور سنا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ ہمارے بزرگ شعراء نے اتنا کچھ کہہ دیا ہے۔ جو ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، جہاں تک کہ یہ سوال کہ میرے کلام یا شاعری میں کن حضرات اساتذہ کے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں، تو یہ تو میرے کلام پڑھنے والوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ میری شاعری میں کون سے شعراء کے اثرات نظر آتے ہیں۔
÷ نعت نگاری کا فن کار گہہِ شیشہ گری ہے۔ آپ اس فن سے کس طرح سرخرو ہوئے؟
٭ نعت گوئی در حقیقت نہایت نازک ترین عمل ہے، ہمارے بزرگوں نے اسے پل صراط پر چلنے اور تلوار کی دھار پر چلنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ کہ شاعر ذرا چوکا اور قعر مذلت میں گرا۔ توحید و رسالت سے فرق کو سمجھنا ایک شاعر کے لیے نہایت ضروری ہے۔ حضور سرور کائناتﷺ کی مدح و ثنا کرتے وقت تکریم بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر کو پیش نظر رکھیں دراصل نعت گوئی حقیقت نگاری کا عمل ہے۔ جواس بات کا خیال رکھے گا۔ ۔ سرخرو ہو گا۔ میں اس سلسلے میں کہاں تک کامیاب ہوں۔ یہ میرے کلام کا مطالعہ کرنے کے بعد قارئین کو فیصلہ کرنا ہے۔
سماعتوں پہ کرم بے حساب ہوتا ہے ادب کہ ذکرِ رسالت مآب ہوتا ہے
توصیفِ محمد کے تخئیل کو کسک دے یارب مرے الفاظ کو پھولوں کی مہک دے
حضور سرور کائنات ﷺ کی ذاتِ والا صفات اتنی عظیم ہے کہ آپ کی مدح و ثنا خود رب العالمین نے فرمائی ہے۔ لیکن اس کے باوجود حمد و نعت کے فرق کو قائم رکھنا شاعر کا اعزازی شاعری کا اعتبار
÷ کیا آپ شعر کہنے کے بعد اسے بار بار پڑھتے ہیں یا پھر شائع کرتے ہیں؟
٭ میرا یہ عمل رہتا ہے کہ جو کلام میں کہتا ہوں اس کو فائنل نہیں سمجھتا۔ وہ کلام جب بار بار نظر سے گزرتے ہیں اور اس میں ترمیم ہو سکتی ہے تو ضرور کرتا ہوں مزید بہتری کے لیے ترمیم میں کوئی حرج نہیں۔ شائع ہونے کے بعد بھی بہتری کے لیے ترمیم کی جا سکتی ہے
÷کیا شاعری کے لیے عشق ضروری ہے؟ کیا آپ بھی اس فطری جذبے سے مغلوب ہو چکے ہیں؟
٭تخلیق کار کو اپنی تخلیقات سے محبت ہونا ایک فطری چیز ہے، محبت کا جذبہ جب عشق بنتا ہے تو شاعری میں آمد کی کیفیات کا نزول ہوتا ہے، دراصل بقول مخمور دہلوی ؎
محبت کے لیے کچھ خاص دل مخصوص ہوتے ہیں یہ وہ نغمہ ہے جو ہر ساز پر گایا نہیں جاتا
جذبۂ عشق کا غلبہ سے شاعری میں کیفیات سحر آفریں در آتی ہیں۔ اب آپ ہی فیصلہ کیجئے اچھی شاعری کے لیے عشق ضروری ہے یا نہیں؟در صورت ایں اس فطری جذبہ سے مغلوب ہونا بھی لازم ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ عشق رسول ﷺ نعتیہ شاعری کی بنیاد ہے رسول ﷺ کی محبت کے بغیر نعتیہ شاعری نہیں ہو سکتی۔
÷ آپ نے اردو و فارسی کا گیان بھی حاصل کیا ہے؟وہ اساتذہ اور کتابیں کون سی ہیں جنہوں نے آپ کو عروضی شعور عطا کیا؟
٭ اردو ہو یا فارسی۔ شاعری کے لیے موزونیِ طبع کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ عروض ایسا علم ہے جو ہمیں بحور کے مطابق صحیح شاعری اور موزوں اشعار کہنے کی رہنمائی کرتا ہے۔ طبع موزوں رکھنے والا اگر عروض داں بھی ہو جائے تو سونے پر سہاگہ ہو جاتا ہے۔ اردو شاعری میں علامہ صدف حسین دہلوی، علامہ ابر احسنی گنوری، سحر عشق آبادی اور ڈاکٹر کمال احمد صدیقی حضرات نے کتابی شکل میں سرمایہ چھوڑ آئے جو طالب علم کی رہنمائی کر رہتا ہے۔
÷کیا آپ کے تلامذہ بھی ہیں؟ کچھ نام بتائیں۔
٭تلامذہ تو ہیں۔ کچھ بااعلان اور کچھ پس پردہ۔ قاضی ناصر احمد کرتپوری، یاسؔ چاندپوری، عازم ؔکوہلی، سکندرعاقلؔ، یہ حضرات دہلی میں رہتے ہیں۔
÷ نعت گوئی میں آپ نے کن کن ہئیتوں میں یا اقسامِ نظم میں طبع آزمائی کی ہے؟
٭ میں نے زیادہ تر نعتیں تو غزل کے فارم میں کہی ہیں۔ ویسے نعتیہ مثنوی، رباعی، مسدس، آزاد نظم، نظم، قطعات وغیرہ سبھی ہئیتوں میں میں نے طبع آزمائی کی ہے۔ (نعتیہ کہی ہیں)
÷شعر گوئی جزوقتی عمل ہے یا ہمہ وقتی؟
٭شعر گوئی کے لیے ایک خاص وقت، ماحول اور فکر درکار ہے۔ لہٰذا مخصوص حالات میں ہی شعر گوئی ممکن ہے۔ وقت بوقت نہیں،
÷نعت گوئی میں غلو کاسہو آپ کی رائے میں کیسا ہے؟
٭ غلو سہواً نہیں قصداً ہوتا ہے۔ نعت گوئی میں غلو کی گنجائش نہیں ہے۔ یہ نعت کی پاکیزگی کو مجروح کر دیتا ہے۔
÷ جب آپ اداس ہوتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟
٭ حمد و نعت ترنم سے پڑھنا اداسی کا بہترین علاج ہے۔
÷ جب آپ جوش میں ہوتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟
٭ ؎ اہلِ دل یہ سحر و شام کیا کرتے ہیں
جوش میں ہوش سے بس کام لیا کرتے ہیں
÷ کیا آپ اپنی شاعری پر تنقید پسند کرتے ہیں؟
٭تنقید اگر صحت مند ہے تو اس کو پسند کرنا چاہئے۔
÷ہندوستان میں حمد و نعت کا مستقبل کیسا ہے؟
٭یہ میرے آقاﷺ کا زندہ معجزہ ہے کہ آج عالمی طور پر نعت گوئی کو جو فروغ حاصل ہوا ہے۔ کبھی نہ ہوا تھا بلکہ اس میں روز افزوں اضافہ ہو رہتا ہے۔ رحمت اللعالمین ﷺ کی مدح و ثنا میں غیر مسلم حضرات بھی پیش پیش ہیں۔ اردو کے نامور شاعر جناب ڈاکٹر دھرمیندر ناتھ ایک نہایت اہم کتاب شائع کر رہے ہیں جس میں انہوں نے تقریباً چارسو غیرمسلم شعرا کا کلام اکٹھا کیا ہے، آج ریڈیو، ٹی وی، مشاعروں کے ذریعہ نعتیہ کلام ہر وقت سنا جا سکتا ہے۔ نعت گوئی حضور سرور کائناتﷺ کی حیاتِ طیبہ میں ہی شروع ہو گئی تھی اور یہ سلسلہ صدیوں سے جاری و ساری ہے۔ آج بر صغیر میں حمد و نعت کا سلسلہ بڑے اہتمام اور احترام سے جاری ہے۔ اور اس میں روز افزوں اضافہ ہی ہو رہتا ہے۔ بے شمار مجموعے نعتیہ کلام کے شائع ہو رہے ہیں۔ وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ سلسلہ اور بڑھے گا۔ نعت گو ئی کا مستقبل بر صغیر ہی میں نہیں۔ ہندوستان ہی میں نہیں تمام عالم میں روشن ہے۔
÷ اگر آپ کو کسی ویران جزیرے میں بھیج دیا جائے تو کن کن چیزوں کو ساتھ لے جانا پسند کریں گے؟
٭ایسے موقعہ پر اگر مذہبی کتب بالخصوص سیرتِ اقدس کی کتب، حمد و نعت کی کتب، قلم، دوات، کاغذ یہ سب چیزیں اگر ساتھ ہوں تو ویرانی کا احساس نہیں ہو سکتا۔
÷آپ نے دہلی میں حمد و نعت اکیڈمی قائم کی ہے۔ اس کے ذریعے آپ کیا خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس کے ذریعے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟
٭رسول اکرمﷺ کی محبت میں حمد و نعت اکیڈمی کا قیام عمل میں آیا۔ حمد و نعت اکیڈمی کے اغراض و مقاصد میں پاکیزہ اصنافِ سخن حمد و نعت کی ترویج و ترقی اور ان سے صحت مند تنقید کا انتظام کروانا اور ان حضرات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو نثر یا نظم کے ذریعہ ان پاکیزہ اصنافِ سخن کے لیے خدمات دے رہے ہیں۔ چنانچہ اکیڈمی نے جہاں طرحی حمدیہ و نعتیہ نشستیں منعقد کر رہی ہے۔ وہیں نعتیہ مشاعرے کیے ہیں اور ان حضرات کی حمد و نعت کی خدمات کے اعتراف میں انعامات پیش آ چکی ہے، اکیڈمی یہ بھی چاہتی ہے کہ ان حضرات کی حمد و نعت سے متعلق کتب شائع کرائے جو خود اپنی کتب چھاپنے سے قاصر ہیں۔ یہ سب اسی وقت ممکن ہے کہ ہم اللہ و رسولﷺ کی اطاعت صدق دل سے کریں، حمد و نعت اکیڈمی نئی دہلی کو یہ سب مزید بہتر طور پر انجام دینے کے لیے سب حضرات کا تعاون درکار ہے۔
÷رسالہ جہان نعت کے سلسلے میں آپ کے کیا تاثرات ہیں اور قارئین کو کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
٭جہان نعت کا م مبارک آغاز ہوا ہے۔ پہلا مجلہ پڑھنے کا موقعہ ملا۔ آپ نے جس طرح یہ پاکیزہ مجلہ شروع کیا ہے اس کو برقرار رکھئے بلکہ اس میں مزید اضافے (خوشگوار) اس کی اہمیت اور مقبولیت میں اضافہ کریں گے۔ آپ کا جہان نعت پڑھ کر طبیعت خوش ہو گئی۔ قارئین کرام سے درخواست ہے کہ جہان نعت جو واحد حمد و نعت کا مجلہ ہے اس کے خریدار بنیں تاکہ اس کو اور خوبصورت و با مقصد بنایا جا سکے۔ اس قسم کے مجلوں اور کتب کا مطالعہ دنیا و عقبیٰ دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
٭٭٭

صحرائے غزل سے گلزارِ حمد و نعت تک

فاروق ارگلی نئی دہلی

محسن انسانیت رحمت عالم سرور کائنات محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعریف و توصیف میں جو شاعری کی جائے اس کے لیے لفظ نعت مختص ہے۔ اردو کے شعری ادب کی پوری تاریخ پر نظر ڈالیں تو شاید ہی کوئی ایسا بدنصیب شاعر ہو گا جس نے نعت نہ کہی ہو۔ جہاں تک مسلمان شعراء کا تعلق ہے، عشق رسول ان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا اور اپنے پیغمبر کی مدح میں نعت کہنا۔ پڑھنا، نعت شریف کی محافل سجانا مومنین کے لیے باعث فلاح دارین ہے۔ نعت وہ صنف سخن ہے جو عربی اور فارسی سے لے کر اردو تک ہر دور میں مقدس اور محترم رہی ہے۔ مسلمان شعراء کے لیے نعت کی اہمیت اور عظمت یہ ہے کہ تمام ہی شعراء اپنے مجموعہ ہائے کلام کا آغاز حمد باری تعالیٰ اور نعت رسول ﷺسے کرتے آئے ہیں۔ نعت گوئی، مسلم شعراء کے نعتیہ کلام کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے جس میں انہوں نے پیغمبر انسانیت سے محبت و عقیدت کے چراغ روشن کیے ہیں۔ دراصل حضورﷺ کی آفاقی انسانی تعلیمات اور آپ کے اوصافِ حمیدہ نے مسلم و غیر مسلم سب کو متاثر کیا ہے۔ غیر مسلموں کی نظر میں بھی آپ کی عظیم ترین شخصیت ایک مہاپرش کی ہے۔ جس کی مہانتا کی کوئی حد نہیں چنانچہ غیرمسلم شعرا کی تعداد اتنی بڑی ہے کہ اگر ایک ایک نعت بھی سب کی جمع کریں تو کئی جلدیں بھر جائیں۔ کچھ ہندو شعرا نے نعت گوئی کوہی اپنی شاعری کا مرکز و محور بنا لیا تھا۔ بہت سے غیر مسلم شعرا کے نعتیہ مجموعے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اردو کے برگزیدہ نعت گو شاعر دلو رام کوثڑی حصاری نے تو زندگی بھر نعتیہ شاعری ہی کی ہے۔
لکھیں عمر بھر کوثری ہم نے نعتیں
نہ کچھ اور غم زندگانی میں رکھا
کچھ عشق پیمبر میں ہیں شرط مسلماں
ہیں کوثری ہندو بھی طلب گار محمدﷺ
مہاراجہ سرکشن پرشاد وزیر اعظم سلطنت نظام حیدرآباد نہایت خوش فکر شاعر تھے۔ ان کا نعتیہ کلام بھی شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔ کہتے ہیں ؛
ہیں پھول اسی باغ کے سب کافر و مومن
یہ گلشن ایجاد ہے گلزار محمدﷺ
رگھوپتی سہائے فراق ؔ گورکھپوری نے اپنی مشہور نعتیہ رباعی میں کہا؛
انوار بے شمار محدود نہیں
رحمت کی شاہ راہ مسدود نہیں
معلوم ہے کچھ تم کو محمد کا مقام
وہ امتِ اسلام میں محدود نہیں
یہی بات کنور مہندر سنگھ بیدی سحر نے بیحد مؤثر پیرائے میں کہی ہے؛
عشق ہو جائے کسی سے کوئی چارہ تو نہیں
صرف مسلم کا محمد پہ اجارہ تو نہیں
اور جگناتھ آزاد کا محسن انسانیت سرور عالم کی بارگاہ میں پیش کیا گیا یہ نذرانۂ سلام نعتیہ شاعری کا شاندار نمونہ قرار دیا جاتا ہے۔
سلام اس ذات اقدس پر سلام اس فخرِ دوراں پر
ہزاروں جس کے احسانات ہیں دنیائے امکاں پر
بڑے چھوٹے میں جس نے اک اخوت کی بنا ڈالی
زمانے سے تمیزِ بندہ و آقا مٹا ڈالی
اردو شاعری کے اولین ادوار میں دکنی کلاسیکی شعریات، میر و غالب کے عہد اور اس کے بعد سے اب تک دوسری اصناف سخن کے ساتھ نعتیہ شاعری کی جلوہ نمائیاں قائم رہی ہیں لیکن ان شعرا میں سب سے بڑا نام ہے اعلیٰ حضرت امام احمد رضاؔ خاں فاضل بریلوی کا حدائق بخشش کے عنوان سے ان کا دیوان نعت رسولﷺ کے حوالے سے اردو ہی نہیں عربی و فارسی کی نعتیہ شاعری میں بھی اپنی مثال آپ ہے۔ مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام آج بھی پوری دنیائے اردو میں گونج رہتا ہے۔ اردو شعری تاریخ میں غالب، ذوق، مومن اور دوسرے معاصرین، غلام امام شہید، الطاف حسین حالی اور ان کے بعد منیر شکوہ آبادی، محسن کاکوروی اور پھر علامہ اقبال، حفیظ جالندھری، بہزاد لکھنوی، ماہر القادری، ضیاء القادری، زائر حرم حمید صدیقی سے لے کر بیکل اتساہی اور مظفر وارثی تک نامور نعت گو شعرا کی ایک طویل فہرست ہے۔ آج بر صغیر ہند و پاک اور اردو کی نئی عالمی بستیوں میں سینکڑوں شعرا، وجود ہیں جو نعت شریف میں بھی طبع آزمائی کر رہے ہیں، لیکن ایسے شاعر بہت کم ہیں جنہوں نے قادر الکلام شاعر ہوتے ہوئے بھی اپنی تمام تر تخلیقی توانائیاں صرف حمد باری تعالیٰ اور نعت رسولﷺ کے لیے وقف کر دی ہوں۔ اس میدان میں یوں تو چار چھ اہم شعراء کے نام سامنے آتے ہیں لیکن صرف دو ایسے اصحاب نظر آتے ہیں جنہوں نے با کمال شاعر ہوتے ہوئے بھی اپنی دنیوی شاعری کی مقبولیت سے کنارہ کر کے اپنی فکری صلاحیتیں حمد و نعت کیلیے وقف کر دی ہیں۔ اور موجودہ عہد کے سب سے بڑے، سب سے محترم اور مقتدر شعراء میں اپنا مقام بنا لیا ہے۔ یہ دو اہم اصحاب ہیں پاکستان کے حضرت مظفر وارثی اور ہندوستان کے جناب ابرار کرتپوری۔ آج ابرار صاحب کی نعتیہ شاعری سرزمین ہند میں چاروں طرف عشق رسولﷺ کے اجالے پھیلا رہی ہے۔ ہندوستان میں حمد و نعت کے وہ بلاشبہ بڑے شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے لیے اکثر لوگ حسان الہند کا لقب استعمال لگے ہیں۔ لیکن یہ سعادت، یہ شاعران عظمت انہیں یوں ہی نہیں ملی، بقول ابو الفیض سحر مرحوم فنی مہارت کے ساتھ (شاعر کو) عروض اور لغت پر خواہ کتنا ہی عبور کیوں نہ ہو، آہنگ و اسلوب میں بھی کتنی ہی جدت کیوں نہ ہو، نعت گوئی کا حق ادا کرنا سینے میں سچے عشق رسولﷺ کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر کے بغیر ممکن نہیں ہے، خوشی کی بات ہے کہ ابرار کرتپوری اس معیار پر پورے اترتے ہیں۔ انہیں فن پر بھی عبور ہے اور ان کے سینے میں سچے عشق رسولﷺ اور حب مصطفوی کی شمع فروزاں ہے (پیش لفظ مدحت)
راقم الحروف کا ایقان ہے کہ توفیق و تائید خداوندی کے بغیر حمد و نعت کی تخلیق ممکن نہیں یہ سعادت اسی کو حاصل ہوتی ہے جس پر رحمت خاص کی نظر ہوتی ہے۔ میری ناچیز رائے میں ابرار صاحب کو شاعرانہ قدر و منزلت اور عوامی مقبولیت اس لیے حاصل ہوئی کہ ان کی یہ دعا بارگاہِ ایزدی میں مستجاب ہوئی۔
توصیف محمدﷺ کے تخیل کو کسک دے
یارب مرے الفاظ کو پھولوں کی مہک دے
شعورِ نعت کا مجھ کو کمال دے یارب
مری صداؤں کو حسنِ بلال دے یارب

اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کی محبت میں سرشار ابرار کرتپوری کو واقعی شعورِ نعت کے کمال اور ان کی آواز کو حسنِ بلال سے نواز دیا ہے، آج وہ پی ایچ ڈیوں اور درسی تدریسی نقادوں کے متعین کر دہ معیارات سے قطع نظر اردو کے معتبر و مستند شعراء کی صف میں نمایاں ہیں۔ ان کے نعتیہ شعری مجموعے، و رفعنا لک ذکرک، مدحت، حرف حرف ثنا، بعد از خدا، شہر علم اور حمدیہ کلام کے مجموعے، خالق ذوالجلال، قسام ازل اور حمد کہوں تو ہو اجیارا انہیں اسلامی ادبیات کی تاریخ میں دوام کے بخشنے کے لیے کافی ہیں۔ چونکہ یہ مادی ترقیات اور مذہب، روحانیت اور اخلاقی قدروں سے انسان کی محرومی کا زمانہ ہے اس لیے علم و ادب کے میدان میں بھی ان اقدار پر سنجیدگی سے سوچنے کی فرصت ارباب دانش کے نہیں رہی ہے۔ لیکن ایک وقت ایسا ضرور آئے گا جب یہ سمجھا جا سکے گا کہ ابرار کرتپوری نے اپنی معجز بیانی سے نہ صرف لاکھوں دلوں میں اللہ و رسول کی محبت کے چراغ روشن کیے بلکہ اردو زبان و ادب کی بھی لازوال خدمت کی ہے۔ ابرار کرتپوری پانچ ہزار ابیات پر مشتمل مثنوی '' غزوات''میں حضور اکرم ﷺ کے تمام غزوات کی تاریخ بیان کر کے موجودہ دور کے ان قادر الکلام شعراء کی فہرست میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں جن میں سب سے بڑا نام ابو الاثر حفیظ جالندھری، مصنف شاہنامہ اسلام کا ہے۔ جس کی اساس پر قدماء دکن سے لے کر میر حسن، دیا شنکر نسیم اور نواب مرزا شوقؔ جیسے لافانی شعراء کی شہرتوں کے مینار قائم ہیں۔ ابرار کرتپوری کی قادرالکلامی کا نہایت اعلیٰ نمونہ ان کا نعتیہ مجموعہ مدحت بھی ہے۔ اس پاکیزہ مرقعِ نعت کی خوبی یہ ہے کہ حضور اکرمﷺ کے اسم گرامی کے اعداد ابجد کے حساب سے بیانوے (۹۲) نعتیں غالب کی زمینوں پر کہی گئی ہیں جو بجائے خود شاعر کی لسانی، عروضی اور فنی مہارت کی شاندار دلیل ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ان نعتوں میں اپنے ممدوح سرکار مدینہ ﷺ کی ذات والا صفات کے تئیں عقیدت اور والہانہ محبت کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس طرح موجزن ہے کہ آورد یا تصنع کا شائبہ بھی محسوس نہیں ہوتا، غالب کی مشہور غزلوں کی زمینوں پر ڈھلے ڈھلائے اشعار ان کے دل کی گہرائیوں سے بے ساختہ برآمد ہوئے ہیں
احمد سا کسی شخص کا کردار نہیں ہے
پاکیزگی اطوار کی ایسی ہے کہاں اور
کیا ذکر مومنوں کاہو، کافر نہ رہ سکے
ان کو امین و صادق و اطہر کہے بغیر
سیرتِ اقدس کا دل سے تذکرہ جب بھی ہوا
وہ مبارک ساعتیں جانِ بہاراں ہو گئیں
حالِ دل ان کو سناؤں تو سنائے نہ بنے
شاہِ طیبہ سے چھپاؤں تو چھپائے نہ بنے
شر بڑھا جب بھی بشر کا ابرار
پھروہی فخرِ بشر یاد آیا
دل میں عقیدتوں کا چراغاں کیے ہوئے
ہم ہیں خیالِ فخرِ رسولاں کیے ہوئے
قاضی ابرار حسین ابرار کرتپوری، ۱۴ جنوری ۱۹۳۹کو قصبہ کرتپور(ضلع بجنور) کے ایک معزز خاندان میں پیدا ہوئے۔ اس خانوادے کے اسلاف سلاطین مغلیہ کے زمانے میں قضاۃ و انصاف کے اعلیٰ مناصب پر فائز ہوتے رہے، اس لیے قاضی خاندان کے نام سے مشہور ہوا۔ ابرار کے والد قاضی ریاست حسین محکمہ پولیس میں ملازم تھے۔ تربیت روایتی مسلم بچوں کی طرح ہوئی۔ ۱۹۵۳ میں انہوں نے مسلم انٹر کالج کرتپور سے ہائی اسکول پاس کیا۔ ۱۹۶۷میں ان کے والد کے انتقال ہو گیا، تو تعلیمی سلسلہ جاری نہ رہ سکا۔ ۱۹۶۱میں وہ تلاش معاش میں دہلی آئے، یہاں ان کے چچا قاضی سجاد حسین کی مدد سے انہیں دیال سنگھ کالج میں ملازمت مل گئی۔ یہ ملازمت غیر تدریسی شعبہ میں تھی لیکن انہوں نے یہاں رہ کر تعلیم جاری رکھی اور دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ اپنے شعری سفر کے بارے میں ابرار صاحب کہتے ہیں ؛ ’’مجھے بچپن سے ہی شعر و شاعری سے لگاؤ تھا۔ بچپن میں میرا ترنم بہت پسند کیا جاتا تھا، اس زمانے میں ہونے والے سیرت کے جلسوں، سیاسی تقاریب، جلسوں میں نظمیں، نعوت سنی جاتی تھیں۔ تبھی سے مجھے چسکا لگا اور میں نے بزرگ شعراء کا کلام پڑھنا شروع کر دیا۔ ۱۹۵۸سے میں باقاعدہ قصبہ کی شعری محفلوں میں شریک ہونے لگا۔ ‘‘
کرتپور کے شعراء میں حکیم محمد ابراہیم جلیل جو اردو کے مشہور شاعر حفیظ میرٹھی کے والد تھے، مفتی اقتدار حسین، عابد نسیم، میرے چچا قاضی امداد حسین امداد اور شائق کرتپوری جو اس زمانے میں کرتپور کی ادبی تقریبات کے روح رواں تھے۔ ان حضرات نے ایک طرحی نشست میں مجھ سے طبع آزمائی کے لیے کہا۔ مصر ع طرح تھا؛
’’محبت اٹھ گئی بزمِ جہاں سے‘‘ میں نے اس مصرع پر پہلی غزل کہی، جس کو میرے بزرگ شعراء نے پسند کیا؛
گلوں میں یہ مہک آئی کہاں سے
کوئی گزرا ہے شاید گلستاں سے
سحر ہونے کو ہے اب آ بھی جاؤ
ستارے ہو چلے اب نیم جاں سے
الٰہی خیر ہو بیمارِ غم کی
وہ ٹوٹا اک ستارہ آسماں سے
نشانے پر لیے بیٹھا ہوں دل کو
کوئی تو تیر نکلے گا کماں سے
اس پہلی غزل پر حوصلہ افزائی نے میری ہمت بندھائی اور اس طرح شعر گوئی کا سلسلہ شروع ہوا اور میں ابرار کرتپوری ہو گیا۔ '(خوشبو خیال کی)
شاعری میں ان کے استاد مظفر نگر کے خوش فکر، ماہرِ عروض و بلاغت اور کہنہ مشق شاعر علامہ محمد ابراہیم شاہد نوحی ہیں جنہوں نے اپنے اس ہونہار شاگرد پر پوری توجہ دے کر انہیں فنی نکات اور شعری اصولوں سے اس طرح آراستہ کیا کہ آج ابرار صاحب خود استاد الشعراء کہلاتے ہیں۔ انہوں نے جونئیر شعراء کی سرپرستی ہی نہیں کی بلکہ بہت سے ہم عمر شاعروں کی رہنمائی بھی کی ہے جن میں کچھ بڑے اور مشہور نام بھی شامل ہیں۔ ان کے باقاعدہ تلامذہ میں یاس چاندپوری، قاضی ناصرکرتپوری، سردار گورویندرسنگھ عازمؔ کوہلی اور سکندر عاقل جیسے معروف شعراء شامل ہیں۔ ابرار صاحب شاعری کی ضرورتوں کے بارے میں کہتے ہیں ؛
’’'طبع حساس شعر گوئی کے عمل کو رو بہ کار لاتی ہے۔ حواس خمسہ ظاہری اور باطنی اس عملِ فکر سخن میں خصوصی معاونین کا رول ادا کرتے ہیں۔ انسان اپنے ماحول میں چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے، جاگتے سوتے جن حالات سے دوچار ہوتا ہے وہ جو کچھ دیکھتا ہے، سنتا اور محسوس کرتا ہے، قرطاس پراس کو اس شعری روپ عطا کرتا ہے۔ شعر گوئی کے لیے بنیادی چیز ’’موزونیِ طبع ‘‘ ے اس کے بغیر
کوئی شخص شاعری نہیں کر سکتا بالفاظِ دیگر موزونیِ طبع کے بغیر تجربے کے مطابق صحیح شعر کہنا ممکن ہی نہیں۔ علاوہ ازیں صاف ستھرا اور بامعنی کلام کہنے کے لیے جہاں زبان و بیان کی جانکاری اور شاعری کے تمام محاسن کا علم ہونا ضروری ہے وہاں معائب شعری کا جاننا بھی نہایت ضروری ہے۔ کلام میں فصاحت اور بلاغت مسلسل مطالعہ کے ذریعہ پیدا ہوتی ہے۔ جب ہم اپنے بزرگ شعراء کا کلام پڑھتے ہیں تو اس سے ہمیں شعر فہمی کا شعور پیدا ہوتا ہے۔ یہی شعور ہماری شعری تخلیقات کو اعتبار عطا کرتا ہے۔ شاعری ایک فن ہے جو بڑی ریاضت کے بعد حاصل ہوتا ہے موجودہ دور میں جسے ترقی پذیر دور کہا جاتا ہے اس میں زبان کی تعلیم کا وہ طریقہ یا رواج اب نہیں پایا جاتا جواب سے پچاس ساٹھ سال پہلے تک رائج تھا۔ جہاں تک اردو زبان کا تعلق ہے اس کا ڈھانچہ ہندوستانی ہے۔ لیکن اس کی تزئین عربی اور فارسی الفاظ سے ہوئی ہے۔ ہرچند اردو میں بے شمار الفاظ دوسری زبانوں کے شامل ہیں۔ لیکن یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ آج بھی اردو کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ ہر چند پرائمری لیول پر اردو کی تعلیم کا انتظام نہیں ہے تاہم یہ زبان اردو نامساعد حالات میں بھی کسی نہ کسی طرح زندہ ہے اسے اس زبان کی کرامت ہی کہیے۔ ‘‘ (روشنی تخئیل کی)
جناب ابرار کرتپوری گزشتہ چار دہائیوں سے دہلی شہر کی علمی ادبی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے ہیں۔ ۱۹۶۹میں غالب صدی دھوم دھام سے منائی گئی تھی، اسی سال بستی حضرت نظام الدین میں حکیم عبد الحمیدصاحب نے غالب اکیڈمی کی تعمیر کرائی، اس زمانے میں ابرار صاحب بستی حضرت نظام الدین میں ہی سکونت پذیر تھے۔ ہمدرد کے ہی ایک کارکن تھے مرحوم شاعر واجد سحری سے یہیں دوستی ہوئی، دونوں کی رفاقت نے غالب اکیڈمی کو جہت جلد دلی کا فعال اور متحرک علمی ادبی مرکز بنا دیا۔ واجد سحری مرحوم انجمن ساز و ادب کے تحت مشاعرے اور تہذیبی پروگرام منعقد کرنے شوقین تھے، ابرار صاحب نے بھی ایک علمی و ادبی تنظیم مرکز علم و دانش قائم کر رکھی تھی، اس کے ذریعہ سیمینار، مشاعرے وغیرہ ہوتے رہے تھے۔ غالب اکیڈمی کے سیکریٹری سید ذہین نقوی مرحوم کی سرپرستی میں بزم یادگار انیس قائم کی ہوئی تھی اس کے پروگراموں میں یہ دونوں اصحاب بھی سرگرم رہتے تھے۔
ابرار صاحب۱۹۹۹ میں دیال سنگھ کالج کی ملازمت سے سبکدوش ہوئے اس وقت تک وہ ملک گیر شہرت کے حامل شاعروں میں شمار ہونے لگے تھے۔ انہوں نے غزل، رباعی، نظم، مثنوی ہر صنف سخن میں طبع آزمائی کی ہے۔ لیکن حمد و نعت ان کا فن ہی نہیں مقصد حیات بن چکا ہے۔ چند سال قبل حضرت نظام الدین سے جامعہ نگر منتقل ہوئے یہاں انہوں نے باقاعدہ ایک دینی اشاعتی ادارہ ’’حمد و نعت اکیڈمی‘‘ کے نام سے قائم کیا جس کے مقاصد میں حمد و نعت کے میدان میں نمایاں شعری تحقیقی و اشاعتی خدمات کے حامل اصحاب کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈ و اعزازات کی پیش کشی، نعتیہ حمدیہ مشاعروں و محافل کا انعقاد اور نشر و اشاعت کے کام شامل ہیں انہوں نے نئے لب و لہجے میں عصری حسیات سے معمور نو کلاسیکی غزلیہ روایات کی پابندی کے ساتھ عصری مزاج سے اہم آہنگ خوبصورت کلام تخلیق کیا اور ملک بھرکے مشاعروں کے پسندیدہ شاعر بنے، ان کا کلام برصغیر کے موقر اخبارات و جرائد میں شائع ہو کر ارسو قارئین کی ضیافت طبع کا باعث بنا۔ لیکن اس وقت جب کہ ان کی شہرت اور مقبولیت کا آفتاب نصف النہار پرتھا انہوں نے غزل سے کنارہ کشی اختیار کی اور پوری طرح مدحت سرور کائناتﷺ کے لیے خود کو وقف کر دیا۔ لیکن ان کے دو شعری مجموعے ’’خوشبو خیال کی‘‘ او ر ’’روشنی تخئیل کی‘ ‘ انہوں نے اس عہد کا میں جواں فکر شاعر غزل گو شاعر ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔ ابرار کرتپوری نے بچوں کے لیے خوبصورت اصلاحی و معلوماتی نظمیں بھی لکھی ہیں۔ دلکش نظمیں اور بچپن دو مجموعے اردو کے ادب اطفال میں خوبصورت اضافہ تسلیم کرتے ہوئے حکومت ہند کے ترقی اردو بیورو نے شائع کئے۔ ابرار صاحب کا تازہ ترین کارنامہ حمدیہ نعتیہ رباعیات ’’عقیدت پارے‘‘ کے عنوان سے ان کے ادارے حمد و نعت اکیڈمی سے شائع ہوا ہے۔ وہ ضلع بجنور کے نعت گو شعراء پر ایک تحقیقی کتاب مرتب کر چکے ہیں جو جلد ہی شائع ہونے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بجنور کے شعرا اور ادیبوں کی تاریخ پربھی کام کر رہے ہیں، ان کا شاندار علمی کارنامہ اردو زبان و شاعری پر نثر میں معلوماتی کتاب ’’مفتاحِ سخن‘‘ ہے یہ کتاب بھی طباعت کے مراحل میں ہے۔ ایسی ایک اور کتاب ’’نعت‘‘ کے بارے میں تحقیقی مطالعہ ہے۔ ابرار کرتپوری کا علمی، ادبی، شعری، تہذیبی اور روحانی سفر جاری ہے، چونکہ مزاجاً وہ انتہائی خلیق، محبتی اور بے لوث انسان ہیں اس لیے ان کے دوستوں اور چاہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ سب کی دلجوئی، سب کے ساتھ تعاون اور سب کا احترام ان کے مزاج کا خاصہ ہے۔ انہیں دوسرے عام ادیبوں اور شاعروں کی طرح ایک دوسرے کو نیچا دکھانے یا خود دوسروں سے برتر ظاہر کرنے کی عادت نہیں، کسی سے انہیں کوئی شکایت نہیں، کسی کی برائی کرنا گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں، مجموعی طور پر ابرار صاحب ایک مرنجاں مرنج انسان ہیں جن کلی شرافتوں کی قسم کھائی جا سکتی ہے۔

ابرار کرت پوری اکابرین کی نظر میں

پروفسیر تنویر احمد علوی ’’اردو میں والہانہ شاعری (نعتیہ) اور نعتیہ نظموں کی دلآویز کڑیاں ملتی ہیں۔ اچھا اچھی فکر کے ساتھ جنم لیتا ہے، جس کے سوتے کبھی خشک نہیں ہوتے۔ یہ سرچشمہ آب حیات کی طرح امر ہے کہ اس تعلق عشق رسولﷺ سے ہم بجا طور پر ابرار کی نعتیہ شاعری میں نئی جہتوں کے ابھرنے اور نئی معنوں وسعتوں کے سامنے آنے کی توقع رکھتے ہیں۔ ‘‘
رئیس امروہوی ’’جناب ابرار کرتپوری نے اس ’’شان رفعت ‘‘ کو موضوع سخن قرار دے کر ’’ورفعنا لک ذکرک ‘‘ کے عنوان سے نعت کاپورا مجموعہ کلام مرتب کر دیا ہے۔ جس کی ابتدا حمد سے ہوتی ہے کیا رواں دلنشیں حمد ہے۔ ‘‘
پروفیسر نثار احمدفاروقی ’’جناب ابرار کرتپوری ایک سلیقہ شعار سخنور ہیں انہیں زبان و بیان پربھی دسترس ہے اور اظہار و ادا میں بانکپن پیدا کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔ وہ غزل، نظم، قطعات وغیرہ یکساں سہولت کے ساتھ لکھتے ہیں۔ نعت ایک نہایت مشکل مضمون ہے اور اس میں کیف و اثر محض عطیہ خداوندی ہے۔ ابرار صاحب کی نعتیں دل کی آواز معلوم ہوتی ہیں۔ ادبی اعتبار سے ان کا وصف یہ ہے کہ نئی زمینوں کا انتخاب کیا ہے اور اسلوب کی جدت کا اہتمام رکھا ہے‘‘
پروفیسر ظہیر احمد صدیقی ’’نعتیہ شاعری میں جذبۂ عشق اور عقیدت بنیادی محرک کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس حقیقت سے کون انکار کر سکتا ہیکہ مسلمان کے ذہنی اور روحانی رشتوں میں قوی ترین رشتہ وہی ہے جو ہر مسلمان کے لیے رسولِ اکرم ﷺ سے وابستگی کا ضامن ہے اور یہی نعتیہ شاعری کا محرک ہے ابرار کرتپوری کے نعتیہ شاعری کی اس شرط کا احترام کیا ہے ان دونوں عناصر کے امتزاج سے نعتیہ شاعری کی تشکیل ہوتی ہے‘‘
مخمور سعیدی ’’ابرار کرتپوری کا نعتیہ کلام روح کی بالیدگی پیدا کرنے والا ہے اور یہ پیغام دینے والا بھی کہ مادی زندگی میں بھی ہدایت کا سرچشمہ خدا اور رسولﷺ کی ذات اور ان کے فرمودات کے سوا کہیں تلاش کرنا محض سعیِ لا حاصل ہے۔ بنی نوع انسان جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہے ان کے حل کے لیے انہیں مقدس بارگاہوں کا رخ کرنا ہو گا۔ میری دعا ہے کہ ابرار کے یہ الفاظ جو حمد و نعت کی شکل ڈھل گئے ہیں خدا اور رسولﷺ کی بارگاہ میں مستجاب ہوں۔ آمین۔
٭٭٭

رنگِ ثنا

جل جلالہٗ

پاک اور معتبر آواز عطا کر یا رب شاعر حمد کا اعزاز عطا کر یارب

رفعتِ حمد و ثنا تک ہو رسائی میری فکر کو جرأتِ پرواز عطا کر یا رب

الغرض جس کا ہو انجام تری خوشی سلف سے اپنے وہ آغاز عطا کر یا رب

تیری توحید سے بنیاد مرے ایماں کی اس سعادت پہ مجھے ناز عطا کر یا رب

حرف اس کا ہو ہر اک روشن و ایماں افروز
میرے خامے کو وہ انداز عطا کر یا رب

منتخب میں کروں الفاظ کے ہیرے موتی فکر بھی ارفع و ممتاز عطا کر یا رب

شرک سے میرے تخئیل کی حفاظت فرما مجھ کو ایمان سے سرافراز عطا کر یا رب

جل جلالہٗ

صانع با کمال تو سب سے عظیم تیرا فن
رنگ شجر شجر تیرا، روپ ترا چمن چمن

کن کا ثبوتِ لا جواب سار ے نجوم و ماہتاب
مہر ترے حضور خم، سجدے میں ہے کرن کرن

عرش سے تا بساطِ ارض بارش نور ہے تری
نکہتیں تیری بے مثال، خوب ہے تیرا بانکپن

مشک ختن میں تیری بو، درِ عدن کی آب تو
تیرے ہی نکہت و جمال، جوہی، گلاب، نسترن

بلبلیں اور قمریاں سازِ احد پہ نغمہ خواں
دیکھو جسے دمِ سحر تیری صفات میں مگن

ساز و رباب و چنگ میں، زیست کے ہر امنگ میں
قوس قزح کے رنگ میں تیرا جمال ضو فگن

جل جلالہٗ

ہے قادر آگ کو گلفشانی بخش دیتا ہے
لگے جب ضرب ایڑی کی تو پانی بخش دیتا ہے

بہاریں رقص فرماتی ہیں اور گلزار کھلتے ہیں
وہ صحرا کو بہارِ جاودانی بخش دیتا ہے

ثنائے شاہ پر آمادہ ہوتا ہوں تو رب میرا
تفکر اور خامے کو روانی بخش دیتا ہے

خود اپنے ہی کہے پر رشک کرتا ہے سخنور بھی
زباں کو یوں بھی وہ جادو بیانی بخش دیتا ہے

ارادے سے نبی کی جان لینے آنے والے کو
محبت کی ادا، رہ مہربانی بخش دیتا ہے

حبیب ر ب کو اے ابرار ؔ جب میں یاد کرتا ہوں
وہ آنکھوں کو گہر ہائے فشانی بخش دیتا ہے
٭٭٭

رنگ نعت

ﷺ

نور الطاف کا، پھولوں سا تکلم مانگوں
اپنے آقا سے میں خیراتِ تبسم مانگوں

بہر تزئینِ ثنا لفظوں کے در لانے کو
غوطہ زن جس میں ہوں افکار وہ قلزم مانگوں

آپ کی مدح کے الفاظ فضا میں بکھریں جو سماعت کو جگا دے وہ ترنم مانگوں

ضو فشاں سلسلہ پائے نبی ہے جن پر نور بوسیِ نقوشِ مہ و انجم مانگوں

میرے ہر سانس کو ہے فخرِ غلامی ان کی
سرورِ دیں سے میں اعزازِ تحکم مانگوں

یہی کیفیتِ پاکیزہ کنارا دے گی جوشِ جذبات و عقیدت کا تلاطم مانگوں

خود کو خوش بختی کا اعزاز دلانے کے لیے
چشمِ رحمت سے جلا بخش تصادم مانگوں

ﷺ

لطف کرم آقا کا ہم پہ ہو گا، لگتا ہے
ہم بھی طیبہ ہو آئیں گے، ایسا لگتا ہے

کہکشاں کا منظر کتنا اچھا لگتا ہے آقا کا ہر نقشِ کفِ پا تارا لگتا ہے

راحت و تسکین ہے زلف والیل کے سائے میں
اور والشمس نبی کا روئے زیبا لگتا ہے

میرے آقا حسن عمل کا ایک سمندر ہیں
ان کا صحابی جس کو دیکھو دریا لگتا ہے

یاد نبی میں نوک مژہ پہ جو تارہ بن جائے
وہ آنسو خالق کی قسم شہ پارہ لگتا ہے

یہ ابرارؔ ہے خاکِ کفشِ پاک شہ بطحا
کوئی کہے تو مجھ کو دل سے اچھا لگتا ہے

ﷺ

مہک رہی ہے جہاں میں کمال کی خوشبو مرے حضور کے جاہ و جلال کی خوشبو

گلاب حسن یقیں کے بکھیر دیتی ہے رسول پاک سے شیریں مقال کی خوشبو

ثنا کی فکر گل اطوار لے کے آئی ہے شعور بخش ہے ان کے خیال کی خوشبو

ہے عطر بار منور کتابِ سیرت میں ورق ورق پہ نبی کے خصال کی خوشبو

ز التفاتِ نبی بابِ لطف کھلتا ہے مہکتی ہے جو مرے انفعال کی خوشبو

وہ جس پہ مشکِ معطر کو رشک ہو ابرارؔ عجب ہے گیسوئے روشن مثال کی خوشبو

ﷺ

زباں جو مدح میں کھولی سخن سخن مہکا بفیض نام محمد مرا دہن مہکا

خوشا کہ رحمت کل کا جو پیرہن مہکا تو عطر بیز ہوئی فکر اور فن مہکا

بساطِ شعر میں سیرت کے گل مہک اٹھے دیارِ نعت میں آقا کا بانکپن مہکا

مہک مہک اٹھے کتنے صحابۂ ذیشان کچھ اس ادا سے وہ آقائے گلبدن مہکا

اشارہ رفعت شہ کا ملا جو ’’نشرح‘‘ سے جہاں میں نعت کا دریائے موجزن مہکا

گئے زمین سے تا عرش جب شہ والا ہوئے ستارے قدم بوس اور گگن مہکا

حرم میں عظمت توحید کے گلاب مہکے بفضل رب علیٰ دست بت شکن مہکا

نبی کا نام معطر شریں ہے اے ابرارؔ کر اس کا ورد خیالوں کی انجم مہکا

کائنات نعت

بعد از خدا (سانیٹ)

نادم بلخی

اسی سے ہے ظاہر مقامِ محمد
خدا نے انھیں تختِ معراج بخشا
رسالت کا اعلیٰ تریں تاج بخشا
نہ کیوں ہم کریں احترامِ محمد

خدا جس کی مدحت میں خود مداح خواں ہے
ملا جب کہ رُتبہ حبیبِ خدا۔ ۔ ۔ کا
شہِ دوسرا سرورِ انبیا کا
نبوت میں جو آخری الزماں ہے

جہاں میں جو رحمت لیے ساتھ آیا
ہدایت کا مہر ضیا بار جو ہے
قیادت میں بے مثل سالار جو ہے
تباہی سے اُمت کو جس نے بچایا

بیاں ہو صفت اس کی جتنی بھی کم ہے وہ بعد از خدا ہے صفاتِ مجسم

ﷺ

ناوک حمزہ پوری بہار

ہم اے خدا عز و جل! بولنے لگے
نعت نبی ﷺ غزل بولنے لگے

اللہ پاک کلمۂ طیب مری زباں جب پاس آئے پیکِ اجل بولنے لگے

نعت نبی سے گونج اٹھے ہر شہر ہر دیار ہر دشت مدح خواں ہو جبل بولنے لگے

تاثیر دیکھئے یہ درود و سلام کی وہ میری مشکلات کے حل بولنے لگے

ہر پتہ پتہ مدح نبی سے ہے تر زباں ہر پھول بولنے لگا پھل بولنے لگے

سیرت تو دیکھئیے کہ انہیں صادق و امیں کل پیروانِ لات و ہبل بولنے لگے

ناوک مری دعا ہے کہ حب رسول میں بن کر زبان حسن عمل بولنے لگے

ﷺ

سیّد ضیاء محی الدین گیلانی (ہڑپہ)

اپنے تو ہے ہر غم کی دوا شہرِ نبی میں
لے جائے کبھی ہم کو خدا شہرِ نبی میں

تا عمر وہ بھولا نہیں پھر شہرِ نبی کو
اِک پل بھی اگر کوئی رہا شہرِ نبی میں

جو اور کہیں جا کے ملی ہے نہ ملے گی تسکین وہ ہوتی ہے عطا شہرِ نبی میں

سو بار فدا ایسی قضا پر میرا جینا آ جائے اگر مجھ کو قضا شہرِ نبی میں

آنے کو ترستا ہے کوئی بے سر و ساماں لے جا مرا پیغام صبا شہرِ نبی میں

یہ شہر ہے جس سے کوئی خالی نہیں آتا
بن مانگے بھی ہوتا ہے عطا شہرِ نبی میں

اشعار میں اپنے سبھی آقا کو سناؤں
نعتیں میں پڑھوں جا کے ضیاؔ شہرِ نبی میں

نعتیہ ہائیکو

سہیل احمد صدیقی

مجھ سے ہیں بہتر پنکھ پکھیرو کرتے ہیں ذکر پیغمبر ٭

کرتے ہیں بہتر روضے پہ حاضر طائر نعتِ پیغمبر ٭

کیا ماضی کیا حال؟
صلِ علیٰ کا ورد کرے
خوش بخت و خوش حال
٭

دائم ہے سکھ چین پہلوئے آقا میں دیکھ خوابیدہ شیخین ٭

جن و ملک حیراں ایک ہی جست میں اسرا کی ہر منزل آساں ٭

اصل کائنات حور و غلماں قرباں ہوں فخرِ موجودات ٭

مانندِ شبنم روضے پہ جب حاضر ہوں ہو دیدہ پُر نم

سنہری گردِ طیبہ مقامِ غزوۂ خندق (مدینہ منورہ) کی زیارت مقدسہ کے بعد

غالب عرفان

نظر میں گرچہ تمھاری سیرت کے رُخ کئی ہیں
تمھاری ہستی کے لاکھ پہلو
مگر تمھاری صداؤں کی گونج
آج بھی جب زمیں کی مٹی
پہ آخرِ شب
اذانِ صبحِ سفر سنائے
تو خواب کو بھی حقیقتوں کی
جدید صورت میں ڈھال کر
اُن خدائی ہاتھوں کی قوتوں کا
شعور بخشے
تمھاری طیب حیات کا
سیلِ نور بخشے
سنہری اُس اک صدی کے لمحات
منکشف کر کے حافظے سے ورق ورق
یوں اُلٹتا جائے
کہ ہم ہمارے گزشتہ کل کو
پرت پرت سامنے سے دیکھیں
ہر ایک غزوے میں تم کو پائیں
تمھارا وہ نظم و ضبط دیکھیں
تمھارا صبر و قرار دیکھیں
تمھارا جاہ و جلال دیکھیں
تمھاری حکمت کے راز جانیں
تمھاری راہِ فرار کے نقشِ پا تلاشیں
وجود، بالامتیاز دیکھیں
جہاں بہ نفس نفیس تم خود
مجاہدوں کے مجاہدے میں شریک شانہ
شبانہ ہو کر عدو کے آگے
ڈٹے ہوئے تھے
تمھاری عمرِ مطہرہ کا وہ ایک غزوہ
جہاں کا خندق خود اپنے ہمراہ
ساتھیوں کو لیے ہوئے تم نے
خود ہی کھودا اور اپنے دامن میں
ساری مٹی بھی یوں اٹھائی
کہ گرد نے ہی شکم مبارک کی
جلد ڈھک دی
مثال تم نے ہی دی تھی یوں پھر
زمانے بھر کو، جفا کشی کی
دکھایا تم نے تمام دنیا کو
زورِ بازو میں کیا فسوں ہے
تمھارے ہاتھوں میں طاقتِ ماورائی کیا ہے؟

سفید سی وہ چٹان جس پر کدالیں ٹوٹیں
جو منتظر تھی تمھارے تیشے کی
تین ضربوں کی، جن کی صورت گری
کی تفہیم، شام، فارس، یمن کی
فتح عظیم کا انکشاف ٹھہرا
ہاں وہ ہی غزوہ تمھاری تنظیم اور
قیادت کا اک ثمر تھا وہ جنگ تاریخ
کے تسلسل کی اک کڑی تھی
وہ ایک فتحِ مبیں تھی جس کی
تمام یادوں کو تازہ کرتی
وہ مسجدِ فتح جو کھڑی ہے
ہنوز، جبلِ سلع کے دامن میں
دعوتِ حق بلند کر کے
یہ کہہ رہی ہے
یہی ہے عظمت جفا کشی کی
یہی ہے محنت کی سربلندی
یہی تمھاری دعا کی نخلِ اثر ہے
جس کی گداز صبحیں، ہمارے
آنگن میں آ کے اُتریں
تو زندگی کو جفا کشی کا
ہنر سکھائیں
سنہرے گرد و غبار کی
وہ ردا بنائیں
جو ہم کو اپنے وجود کی روشنی دکھائے!

ﷺ

سورجؔ کرناٹکی

سرکار دو جہاں سے جسے پیا ر ہو گیا
بیڑا سمجھ لو اس کا یہاں پا ر ہو گیا

بے شک اسے بلاتے ہیں سرکا ر اپنے پاس
جو صد ق دل سے ان کا طلبگار ہو گیا

بے شک ہو ا وہ دولت دنیا سے بے لحاظ
دیدار مصطفیٰ سے جو سر شا ر ہو گیا

سوئے مدینہ ہم کو بلا لیجئے حضور
جینا ہما ر ا ہند میں دشوار ہو گیا

بے شک کرم ہے آپ کا سورج کے حال پر آباد اس کا دیکھئے گھر بار ہو گیا

قطعات

غلام ربانی فداؔ

بزم جب ان کی ہم سجاتے ہیں
مدحتیں جھوم کر سناتے ہیں
داد ہر اک شعر پر دینے
آسماں سے ملک بھی آتے ہیں
٭

کیا مجھ سے واعظ نے ذکرِ مدینہ
تڑپنے لگا صدق جذبوں سے سینہ
فداؔ پہ نوازش جو سرکار کر دیں
کنارے پہ ہو زندگی کا سفینہ
٭

قسمت نے کسی دن جو پہنچایا مدینے میں
ہر نعت سناؤں گا سرکار کو ر و ر و کر
دکھلائیں گے جلووں کو وہ اپنے فداؔ ہر دم
آنکھوں میں سمیٹوں گا انوار کو رو رو کر
٭

زندگانی کا یہ قرینہ ہو
پُر ضیاء قلب کا نگینہ ہو
اور کچھ بھی نہ ہو فداؔ اس میں
دل میں یادِ شہِ مدینہ ہو
٭

بن کے پنچھی میں کاش اڑا ہوتا
اور طیبہ میں جا بسا ہوتا
رشک وہ جس پہ یہ جہاں کرتا
اس بلندی پہ مرتبہ ہوتا

ﷺ

ظہیر غازیپوری

لب پہ جب حرفِ امم جاگتا ہے
مجھ میں اعجازِ حرم جاگتا ہے
رات سوئے گی حرا میں کیسے
اب تک آقا کا قدم جاگتا ہے
قصرِ افکار و نوا ہے بے خواب
نعت لکھنے کو قلم جاگتا ہے
لفظِ احمد سے معطر ہوئے ہونٹ
ابھی خوشبو کا بھرم جاگتا ہے
ایک اللہ کا گھر مکہ میں
اور طیبہ میں حرم جاگتا ہے
نور وحدت کا طلب گار ہے وہ
دل کے زنداں میں جو غم جاگتا ہے
دیکھ آیا درِ اقدس جب سے
میرے خوابوں میں حرم جاگتا ہے
نعتیں لکھتا ہوں بصد شوق ظہیر
دل میں جب ان کا کرم جاگتا ہے

ﷺ

سہیل اختر

کیا آئے گا بھلا وہ کسی کے دباؤ میں
پر لگ گئے ہوں جس کو مدینے کے چاؤ میں

جذبے کی ایک لہر نے طیبہ دکھا دیا ہم کب سے مبتلا تھے یونہی چل چلاؤ میں

نقدِ وفا لٹاؤ تو مل جائے شہرِ شوق
اُلجھے رہو گے ورنہ یونہی بھاؤ تاؤ میں

گردن جھکے تو گنبدِ خضریٰ دکھائی دے
دیکھو تو کتنی رفعتیں ہیں اس جھکاؤ میں

اُٹھو کہ اُڑ کے طے کریں ہم وادیِ جمال
ورنہ رکھا ہی کیا ہے یہاں رکھ رکھاؤ میں

راہِ نبی میں کام تو بس دل ہی آئے گا
اک درد سر ہے عقل و خرد کے گھماؤ میں

جب بھی مجھے دیارِ نبی سے ملے گا اِذن
اک پھول کھل اُٹھے گا غموں کے الاؤ میں

پھر بھی علم بلند رہا تیرے نام کا گوتھی کمانِ کفر مسلسل تناؤ میں

نعتِ نبی کہی تو ملا ساحل مراد ہم بہہ رہے تھے کب سے غزل کے بہاؤ میں

اُٹھو سہیلؔ منزلِ آخر کے واسطے کچھ جمع کر لیں شہرِ نبی کے پڑاؤ میں

ﷺ

کوثر علی

جا کے طیبہ میں جو ہو جاؤں نثار طیبہ حشر کے دن مری مٹی ہو شمارِ طیبہ

کاش یہ جسم بنے ارضِ مدینہ کی غذا اوڑھ لے روح مری نورِ غبار طیبہ

شب تاریک نہ دیکھی نہ سنی طیبہ میں نور ہی نور ہے ماحولِ دیار طیبہ

جیسے معراج کی شب راہِ فلک روشن تھی یوں چمکتی ہے ہر اک راہ گزارِ طیبہ

بنی انساں کی ہے تہذیب کا طیبہ مرکز باقی دنیا ہے فقط قرب و جوارِ طیبہ

وہ بھی ملتا ہے یہاں جس کا گماں تک بھی نہ ہو
خلد سے بڑھ کے ثمرور ہے بہارِ طیبہ

میری ہر نسل کی کھیتی پہ کرم ہو تیرا مجھ پہ تا حشر برس ابرِ بہار طیبہ

آتے جاتے ہوئے عُشّاق کو دیکھوں کوثرؔ کاش بس جاؤں کسی طور کنارِ طیبہ

نعت نامے

٭فرحت حسین خوشدلؔ ہزاری باغ (جھارکھنڈ)
محترم مکرم مولانا غلام ربانی فداؔ صاحب
السلام علیکم رحمۃ اللہ و برکاتہ
جہانِ نعت کا شمار ہ موصول ہوا۔ ممنون ہوں کہ آپ نے اپنے پہلے شمارہ میں میرا گوشہ نکالا۔ نیز مدیرِ اعزازی بھی بنایا۔ اپنی گوناگوں مصروفیات کے پیشِ نظر گزارش کرتا ہوں کہ آئندہ شمار ہ سے مدیرِ اعزازی کے منصب سے سبکدوش فرما دیں۔ میرا عملی و علمی تعاون آپ کے ساتھ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا(انشاء اللہ) میری جانب سے جہانِ نعت کے تمام اراکین سلام کہیئے

٭ ظہیر غازی پوری ہزاریباغ (جھارکھنڈ)
برادرِ محترم غلام ربانی فدا صاحب۔ السلام علیکم
آپ کی فرمائش کے مطابق حسبِ وعدہ میں اس خط کے ہمراہ اخبار کے تراشے اور مدیر ادبی محاذ کے خط کی زیراکس کاپی آپ کے مطالعے کے لئے منسلک کر رہا ہوں۔ میں ذاتی طور پر شکوہ، شکایت اور بدگمانی پھیلانے کا قائل نہیں ہوں۔ جو لوگ خبطِ برتری کا شکار رہتے ہیں، ان کے شعر و فن پر اظہار خیال کرنے سے بھی احتراز کرتا ہوں، آپ تمام پہلوؤں پر غور فرمائیں گے تو حقائق سے واقفیت ہو جائے گی۔
جہانِ نعت کے لئے حسب الحکم ایک عدد حمد باری تعالیٰ اور ایک عدد نعتِ نبیﷺ منسلک کر رہا ہوں۔ رسید اور اپنے تاثرات سے شاد فرمائیے گا۔ میں آپ کا ممنون رہوں گا۔ خدا کرے آپ مع الخیر ہوں

٭ ناوکؔ حمزہ پوری حمزہ پور ضلع گیا (بہار)
برادرِ مکرم ! السلام علیکم
ؔ آج صبح آپ سے فون پر باتیں کر کے مسرت ہوئی۔ یہ معلوم کر کے کہ آپ عالمِ دین بھی ہیں جی خوش ہوا۔ اللہم زدفزد کی دعا کی۔ یہ فقیر بوریا نشیں بھی کل جناب خوشدلؔ کی تصانیف اور آپ کے رسالے جہان نعت کی رسم اجراء میں ہزاری باغ جا کر شریک ہوا تھا۔ ماشاء اللہ آپ نے رسالہ صاف ستھرا اور پاکیزہ نیز فکر انگیز مضامین نظم و نثر پر مشتمل نکالا ہے۔ دعاگو ہوں کہ مولیٰ تعالیٰ اس کی عمر دراز کرے۔ آمین۔ شہزاد مجددی اور پروفیسر اکرم رضا کے مضامین نے شاد کیا۔ اسی سلسلے میں یہ فقیر بھی متعدد رسائل و اخبار میں بھی مضامین لکھتا رہا ہے۔ چنانچہ ان حضرات کی آوازیں بھی اپنے دل کی آوازیں معلوم ہوئیں۔

٭ ڈاکٹرسراج احمد قادری خلیل آباد(یوپی)
محترم جناب غلام ربانی فداؔ صاحب السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
کل ڈاک سے جہانِ نعت کا تازہ شمارہ موصول ہوا۔ مجلہ دیکھ کر بے پناہ خوشی ہوئی اور آپ سے موبائیل ٹیلی فون سے بات چیت بھی ہوئی۔ شمائم النعت کی ایک کاپی آپ کو ارسال کر رہا ہوں۔ اس معذرت کے ساتھ کہ اس کو بہت کم تعداد میں چھپوایا تھا۔ عمدۃ الاسلام ترجمہ زینت الاسلام فارسی سے اردو ترجمہ کا پہلا تجربہ ہے۔ آپ دونوں کتابوں کا مطالعہ فرمائیں اور اپنے گراں قدر تاثرات سے نوازیں۔ میرے اپنے خیال میں جہان نعت میں آپ شمائم النعت پر ایک وقیع تبصرہ شائع فرما سکتے ہیں جو ایک طرح سے آپ کے مجلے کی نمائندگی کا کام کرے گا۔ اور بقیہ احوال اچھے ہیں۔ احباب کو سلام عرض کریں۔ امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے

٭ محمد حسین مشاہدؔ رضوی مالیگاؤں
محترم المقام غلام ربانی فداؔ صاحب ! امید کہ مزاج بہ خیر ہو گا
آج کی ڈاک سے آپ کا ارسال کر دہ نعت کی خوشبوؤں سے معطر و معنبر سہ ماہی 'جہان نعت'موصول ہوا۔ میں آ پ کی خدمت میں سراپا تشکر طراز ہوں کہ آپ نے نا چیز کو اتنا اہم رسالہ روانہ فرمایا۔ حمد و نعت کا انتخاب عمدہ ہے۔ مقالات محترم شہزاد مجد دی نے کافی محنت سے تحقیق کر کے موضوع کا حق ادا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ فرحت حسین خوشدلؔ کا گوشہ بھی بہتر ہے۔ خوشی ہوئی کہ آپ نے ہندوستان سے نعت پریہ سہ ماہی نکالنے کا آغاز کیا ہے۔ اللہ آپ کے حوصلوں کو پختگی عطا فرمائے۔ اور اس رسالہ کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔

٭ سورج ؔکرناٹکی (ہری ہر)
محترم غلام ربانی فداؔ مدیرِ اعلیٰ سہ ماہی جہانِ نعت
امید کہ آپ کے مزاج گرامی بخیر ہونگے۔
سہ ماہی جہانِ نعت موصول ہوا۔ اللہ آپ کے حوصلوں کو مزید توانائی بخشے۔
شہزاد مجد دی کا مقالہ اردو نعتیہ شاعری میں موضوع روایات بہت عمدہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ فرضی روایات نے اچھے اچھوں کے دماغوں میں جگہ بنا رکھی ہے۔ ضروری ہے کہ اس قسم کے مضامین مزید لکھے جائیں۔ اذہان کو دھندلکوں سے باہر نکالا جائے۔ شعرا حضرات میں ان کا اثر اچھا خاصا ہے۔ خصوصاً اس قسم کے شعرا کے ہاں جن کا علم مذہب کے بارے میں بہت کم ہے یا سنا سنایا ہوا ہے۔ جناب محمد شہزاد مجد دی کے مضمون بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے انھوں نے بالکل صحیح لکھا ہے کہ آج کل واعظین اور قصہ گو قسم کے مقررین نے یہ عام وتیرہ بنا لیا ہے کہ وہ بغیر علم کے احادیث بیان کرتے رہتے ہیں۔ اسی میں انھوں نے ایک اور اچھا کام یہ کیا ہے کہ نعت کے سلسلے میں چند ژولیدہ باتوں کو واضح کر دیا ہے۔ کائناتِ نعت اور اخبارِ نعت کی جدت طرازی بھی خوب ہے، گوشۂ خوشدلؔ ٹھیک رہا مگر چند اشعار خارج از بحر ہیں۔ پروفیسر اکرم رضا کا مقالہ ’نعت نگاری میں احتیاط کے تقاضے‘ اور دیگر مضامین بھی بہت خوب ہیں۔ اُردو نعت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم کے لیے توُ، تم، تیرا جیسے ضمائر استعمال کرنے پر اب تک صرف عوامی سطح پر ہی اعتراض سامنے آیا ہے اور گزشتہ تیس چالیس سال کے دوران اس نے کسی حد تک ایک تحریک جیسی صورت اختیار کر لی ہے حتیٰ کہ پاکستان میں شائع ہونے والے بعض نعت نمبروں میں ایسی نعتوں کو شائع کرنے سے اجتناب برتا گیا جن میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم کے لیے توُ، تیرا، تم جیسے ضمائر استعمال کیے گئے ہیں اور پھر اس پر طرّہ یہ کہ اس سلسلے میں کسی تحقیق و تدقیق یا مفتیانِ دین متین اور اکابرینِ ملت کے تعمل پر غور و فکر کرنے کی بجائے (اس بے تحقیق رویے پر) اظہارِ فخر بھی کیا جاتا ہے۔ جیسے کہ ہمارے اکابرین علمائے اسلام اس مسئلہ سے بے خبر رہے ہوں۔ ان حضرات سے زیادہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ان رسائل و جرائد کا نظر آتا ہے جنھوں نے اسلامی صحافت و ابلاغیات کے معینہ اُصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یک طرفہ طور پر محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر بلا تحقیق ان شعراء کرام کی اُن نعتوں کو شاملِ اشاعت کرنے سے اجتناب کیا جن میں واحد کی ضمیر استعمال کی گئی ہو۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ آج تک کسی بھی مکتب فکر کے کسی بھی مفتی اعظم یا علمائے عظام کی جانب سے نعت میں واحد کی ضمیر کے استعمال کرنے کو ناجائز قرار نہیں دیا گیا اور نہ اس پر کوئی اعتراض کیا گیا۔ چناں چہ ہم دیکھتے ہیں کہ بریلوی مکتب فکر کے مولانا احمد رضا خان علیہ الرحمۃ، مفتی اعظم ہند مولانا مصطفیٰ رضا خان، مفتی امیر مینائی، دیوبندی مکتبہ فکر کے بانی مولانا قاسم نانوتوی، ان کے مرشد حاجی امداد اللہ مہاجر مکی ۃ، مفتی محمد شفیع اور ان جیسے سیکڑوں اکابر علمائے کرام کی جانب سے آج تک توُ، تم اور تیرا جیسی ضمیروں کے استعمال پر نہ صرف کوئی اعتراض نہیں اُٹھایا گیا بلکہ ان میں سے بیش تر علمائے کرام کے نعتیہ اشعار میں ان ضمیروں کو برتا گیا ہے اور برتا جا رہا ہے۔ دراصل ان ضمائر کے استعمال میں ایسے دقیق حقائق مضمر ہیں کہ جن سے عوامی سطح کی فکر رکھنے والے افراد واقف نہیں۔ لہٰذا معترضین کو علمائے سلف کی اتباع کرنی چاہیے تھی یا ان سے استفسار کیے بغیر کوئی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے تھی۔ باعث تخلیق کائنات صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم کو ضمائر مفرد سے یاد کرنے میں آپ کی شانِ یکتائی، شانِ بے مثالی اور شانِ یگانہ و بے ہمتا کا اظہار ہوتا ہے
دراصل اُردو زبان میں تمام ضمائر اور مصادر ہندی زبان سے لیے گئے ہیں۔ اس لیے جو لوگ ہندی زبان کے زیر اثر شعر کہتے ہیں ان کے یہاں تعظیم کے لیے آپ یا تم جیسی ضمیروں کا استعمال نظر آتا ہے۔ اس کے برعکس جو شعرائے کرام عربی زبان کے زیر اثر نعت کہتے ہیں ان کے یہاں ضمائر کی بجائے قرآن و حدیث کی پیروی میں تعظیم کے لیے کنیت یا القاب کا استعمال عام ہے۔
یا آدم است با پدر انبیا خطاب
یا ایھا النبی خطاب محمد است
ہندی زبان کی ضمیر ’’آپ‘‘ اگر واقعی تعظیم کے لیے ہے تو اس تاثر کی جڑ بالکل کھوکھلی ہے کیوں کہ عام طور پر چھوٹے بچوں، شاگردوں یا خادموں کو تنبیہ کے لیے اس قسم کے الفاظ کہہ دیئے جاتے ہیں جیسے ’’آپ نالائق ہیں ‘‘ یا ’’آپ بہت بدمعاش ہو گئے ہیں ‘‘ یا ’’آپ کی ایسی کی تیسی‘‘ وغیرہ۔ تو کیا یہ تعظیم ہے یا محض ایک مخصوص ثقافتی رویہ ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ دنیا کی تمام زبانوں میں فصیح ترین زبان عربی ہے اور تمام عربی قبائل کے لہجوں میں لہجہ قریش افضل و اعلیٰ اور فصیح تر قرآنی لہجہ ہے لہٰذا قرآن کریم کی اتباع میں نعت نگاری میں مناسب القاب کے ساتھ اسم واحد کی ضمیر ’’توُ‘‘ کے استعمال میں کوئی شرعی سقم نہیں۔ البتہ خلوصِ نیت کے ساتھ تعظیماً لفظ ’’آپ‘‘ استعمال کرنے میں بھی کوئی قباحت نہیں۔ لہٰذا ارفع و اعلیٰ مضامین کے ساتھ دونوں طرح کی ضمائر استعمال کرنے کی راہ نظر آتی ہے۔ چناں چہ اس معاملے میں کسی قسم کی شدت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے یہی راہِ اعتدال ہے۔ واللہ اعلم بالصواب!

٭٭٭
تشکر: غلام ربانی فداؔ جنہوں نے ان پیج فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

جہان نعت