متفرقات و علوم

جہان نعت

مصنف: جریدہ
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (18,486 الفاظ)

ہندوستان کا پہلا حمد و نعت کا معیاری ادبی رسالہ

شش ماہی جہانِ نعت

جلد:۱
شمارہ: ۴
جولائی تا دسمبر ۲۰۱۱
مدیرِ اعلیٰ: غلام ربانی فدا
مدیر: شاد فدائی
معاون مدیر:محمد زبیر قادری

مجلسِ مشاورت
سید محمد محی الدین شاہ قیسؔ، ابرار کرتپوری،میکش اجمیری،خوشتر نورانی،ڈاکٹر ابوسفیان اصلاحی،ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط،ڈاکٹر سراج قادری،ڈاکٹر عبدالکریم تماپوری، ڈاکٹر راہی فدائی،ڈاکٹر محمد علی اثر،علیم صبا نویدی،سعید رحمانی

خط و ترسیلِ زر کا پتہ

Jahan-e-Naat (Quarterly)
C/O Noor Ahmed Akki,
post Hirur, Tq;Hangal,
Dist; Haveri 581104 (Karnataka)
Email; [email protected]
[email protected]
Mobile; 09741277047

حمد باری تعالی

حافظؔ کرناٹکی

سنگ کو سختی گل کو نزاکت دی رب نے جیسی تھی جس شئے کو ضرورت دی رب نے

جو حرا سے نکل کر صفا تک گئی سینے میں دل،دل میں محبت دی رب نے

روشنی آگ ،ہوا پانی بجلی ہم کو بن مانگے ہر نعمت دی رب نے

میری محنت میں اس کی طاقت شامل مرے ہر لقمے میں برکت دی رب نے

حمد کہاں میں ورنہ حافظ کہہ پاتا سوچوں اور لبوں کو جرات دی رب نے

مدحت خیر الانامﷺ

حافظؔ کرناٹکی

مجھ سے پوچھے جورب، بول کیا چاہیے میں کہوں مصطفی مصطفی چاہیے

پہلو در پہلو اس کی سوغاتیں ہیں
اس نئی روشنی کا پتہ چاہئے

نام ان کا لکھوں، نام ان کا پڑھوں کچھ نہ اس کے سوا مشغلہ چاہیے

مجھ کو خواہش مدینے میں مرنے کی ہے یہ خطا ہے اگر تو سزا چاہیے

حافظ اس سے کہو۔ وہ مدینہ چلے
جس کو جنت کی آب و ہوا چاہیے

اداریہ

اس گھر کو آگ لگی گھر کے چراغ سے

قارئین وعدے کے مطابق جہانِ نعت کا ششماہی پہلا رسالہ حاضرِ خدمت ہے۔ یہ ایک زندہ حقیقت ہے اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ اردو کی جنم بھومی جنوب کی سرزمین ہے۔ یہ اور بات ہے کہ مشرق میں جا کر اردو نکھری سجی سنوری۔ اردو کے اولین صاحب دیون شاعر جنوب ہی کے تھے اور تازہ تحقیقات کے مطابق اردو کے اولین نعت گو شاعر جنوب کی سرزمین کے باسی تھے جنوب کی سرزمین دنیائے اسلام اور عالم علم و ادب کو ایک سے ایک اولیاء، صوفیاء علماء فضلاء، ادبا ء شعراء اور سائنسدانوں اور محققین سے نوازا ہے مگر افسوس ہے کہ ہمیشہ جنوب کو نظرانداز کیا گیا اس کے ذمہ دار اہل شمال نہیں بلکہ خود اہل جنوب ہیں اس لئے کہ ہم نے انہیں دنیائے علم و ادب میں متعارف کرانے میں تساہلی کا شکار رہے۔ اہل جنوب کا طفل مکتب بھی اپنے آپ کو غالب اور اقبال کم نہیں سمجھتا۔ رہی بات اساتذہ کرام کی یہ لوگ تو اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے میں مگن ہیں۔ مجھے حیرت ہوتی جنوب کے اساتذہ اپنے شاگردوں کی تعداد بڑھانے کے لئے بنا بنایا ہوا کلام دے دیتے ہیں۔
خیر آج دکن کی پیدا شدہ زبان اپنی ہی سرزمین پر موت کی آخری ہچکیاں لے رہی ہے مگر ہم ہیں کہ بے خبر شاید اہل علم بھولے نہ ہو تو عرض ہے کہ جنوب کی کئی علاقائی زبانیں تاریخ کے قبرستان میں دفن ہو کر رہ گئی ہیں۔ اردو کے زبوں حالی کے ذمہ دار معاشرے کا ہر طبقہ ہے میرے احباب میں ایک اردو اسکول استاذ ہیں اور ماشاء اللہ شاعر بھی ہیں دو دو کتابوں کے مصنف ہیں ان کی پہچان اردو کے شاعر حیثیت سے ہے۔ اور ان کا پیٹ اردو کے نام پر بھرتا ہے مگر ان کے بچے اردو اسکول کے بجائے دوسرے اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔ اور بھی ایسے جانے پہچانے بہت سے لوگ ہیں جو اردو کے لئے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر اپنے گھروں کو اردو کا قبرستان بنا چکے ہیں۔ کیا اردو کے نام پر چند باتیں کر لینا اسی سے اردو کی ترقی ہو جائے گی؟ میرا یہ سوال ہر پڑھے لکھے شخص کے لئے ہے۔ اب وقت ہے اردو کے حوالے سے ہمیں سنجیدہ ہونے کا اور اس کے فروغ کے لیے بساط بھر کوشش کرنے کے لئے۔ ورنہ وہ دن دور نہیں جب غیر پکار اٹھیں۔
؎اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے
ہمیں فخر دکن اسی سرزمین پر اردو کے حوالے سے مثبت سوچ کے ساتھ کام کرنے والے منظوم سیرت نبی ﷺ رقم کرنے والے، جہان ادب اطفال کو درجن بھر اور دنیائے ادب کو تیس کتابیں سپرد کرنے والے کرناٹک اردو اکاڈمی کے چیرمین حافظ امجد حسین حافظ کرناٹکی پر۔ انہوں نے جو اردو کے لئے بے لوث خدمات انجام دی ہیں اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں خدمات کے اعتراف میں جہان نعت گوشہ شائع کر رہتا ہے۔ جہان نعت کے گوشہ مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ خواہشمند حضرات جلد رابطہ فرمائیں۔ غلام ربانی فداؔ

مقالات و مضامین

شاہانِ دکن کی نعتیہ شاعری

ڈاکٹر محمد نسیم الدین فریس

دکن کی تاریخ میں یوں تو بہت سے مسلمان سلاطین گزرے ہیں لیکن ان میں چند ہی ایسے ہیں جنھیں ’’صاحب السیف والقلم‘‘ کہنا زیب دیتا ہے۔ یہ سلاطین نہ صرف اقطاعِ دکن کے حکمران تھے بلکہ ملک سخن کی زمینوں کے بھی بادشاہ تھے۔ انھوں نے جہاں تاج و سریر کی زینت بڑھائی وہیں اپنی خوش فکری اور نغز گوئی سے ایوان شاعری کی شان و شوکت میں بھی اضافہ کیا۔
قسام اقم نے ان فرمانرواؤں کو ملک و سلطنت کے ساتھ ذوق تخلیق اور شاعرانہ فکر و وجدان سے بھی بہرۂ وافر عطا فرمایا تھا۔ ان میں بعض بادشاہوں نے قدیم اُردو یا دکنی میں شاعری کی، بعض نے فارسی زبان کو شعری و تخلیقی اظہار کا وسیلہ بنایا اور بعضوں نے اُردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شاعری کی۔ خوش قسمتی سے ان سب حکمرانوں کا کلام محفوظ ہے اور ایک آدھ کے استثنا سے قطع نظر سب کا کلام طبع بھی ہو چکا ہے۔ جیسے کلیات محمد قلی قطب شاہ، کلیات عبداللہ قطب شاہ، کلیات علی عادل شاہ ثانی وغیرہ۔
شاہان دکن کی شاعری کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ انھوں نے مختلف اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی جیسے گیت، غزل، قصیدہ، مثنوی، مرثیہ اور رباعی وغیرہ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ان ارباب ملک و کلام نے دیگر اصنافِ شاعری کے ساتھ نہایت عقیدت و نیاز مندی کے ساتھ نعتیں بھی لکھیں اور پیغمبرِ اسلام آں حضرتﷺ کی مدح و توصیف کے ذریعہ اپنی شاعری میں وزن و وقار پیدا کیا اور نعت کے وسیلے سے کلام الملوک کو ملوک الکلام بنانے کی کوشش کی۔ حبِّ رسولﷺ مسلمانوں کے لیے خواہ امیر ہو کہ وزیر بادشاہ ہو کہ فقیر شرطِ ایمان ہے اس سے کوئی صاحب ایمان بری نہیں ہو سکتا۔
عام مسلمانوں کی طرح شاہانِ دکن بھی حضور رسالت مآبﷺ کی ذاتِ گرامی سے نہایت گہری وابستگی، عقیدت اور محبت رکھتے تھے جس کا اظہار ان کی نعتیہ شاعری میں ہوا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ شہنشاہِ عرب و عجم حضرت محمد مصطفیﷺ کی بارگاہِ آسماں جناب میں شاہانِ دکن نے کس طرح خراجِ مدحت اور نذرانۂ عقیدت پیش کیا ہے۔
اہل شمال کے تسلط سے آزاد دکن کی پہلی خودمختار مسلم سلطنت بہمنی خاندان کی ہے۔ اس خاندان کے بعض فرمان روا مثلاً سلطان محمد ثانی بن علاؤالدین بہمنی (۷۹۹ء۔ ۷۸۰ء) اور سلطان فیروز شاہ بہمنی (۸۲۵ء۔ ۸۸۰ء) اچھے شاعر تھے لیکن ان کے دستیاب کلام میں نعت یا نعتیہ اشعار نہیں ہیں۔ ٭۱ بہمنی سلطنت کے زوال کے بعد دکن میں پانچ خودمختار سلطنتیں قائم ہو گئیں جن میں بیجاپور کی عادل شاہی اور گولکنڈہ کی قطب شاہی سلطنت کے بعض حکمران شاعری سے علاقہ رکھتے تھے۔ عادل شاہی خاندان کا بانی یوسف عادل شاہ (۲۱۶ئ۔ ۸۴۱ئ) فارسی زبان میں شعر گوئی کرتا تھا۔ میر سعادت علی رضوی نے اپنی کتاب ’’کلام الملوک‘‘ میں اس کی کچھ فارسی غزلیات اور رباعیات پیش کی ہیں لیکن ان میں نعتیہ اشعار نہیں ہیں۔ یوسف عادل شاہ کا فرزند اسماعیل عادل شاہ (۹۴۱ء۔ ۹۰۳ء) بھی فارسی کا اچھا شاعر تھا۔ وفائی تخلص کرتا تھا۔ کلام الملوک میں اس کا کلام درج ہے لیکن اس میں کوئی شعر نعتیہ نہیں ہے۔
نعتیہ شاعری کے حوالے سے سلاطین دکن میں سب سے پہلے ابراہیم عادل شاہ ثانی کا نام آتا ہے۔ ابراہیم عادل شاہ ثانی، عادل شاہی خاندان کا چھٹا حکمران تھا، اس نے ۹۸۸ء سے ۱۰۳۸ھ تک نہایت شان و شوکت کے ساتھ بیجاپور پر حکومت کی۔ ٭۲ اس کے عہد حکومت کو بیجاپور کا سنہری دور کہا جا سکتا ہے۔ ابراہیم نے علوم و فنون کی بڑی سرپرستی کی۔ اس کا دربار علما و فضلا اور مختلف فنون کے اہل کمال کا مرکز بن گیا۔ ابراہیم کی دو دلچسپیاں تھیں ایک موسیقی اور دوسری شاعری۔ موسیقی میں وہ اپنے عہد کا سربلند ماہر مانا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہ ’’جگت گرو‘‘ کے لقب سے ملقب ہوا۔ ٭۳ اس نے مختلف راگ راگنیوں پر مبنی گیتوں کا ایک مجموعہ مرتب کیا اور اس کا نام ’’کتاب نورس‘‘ رکھا۔
’’کتاب نورس‘‘ کے پہلے گیت میں جو ’’در مقام بھوپالی‘‘ ہے ابراہیم نے نبی کریم کی مدحت اور خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کی منقبت لکھی ہے۔ ابراہیم کو حضرت گیسو درازؒ سے بڑی عقیدت تھی۔ اس لیے اس نے خواجہ صاحب کے وسیلے سے اپنی عرض داشت پیش کی ہے۔ اس نعتیہ گیت کے آغاز میں وہ کہتا ہے کہ ’’اے اللہ کے رسول آپ سارے عالم کے ہادی اور آقا ہیں۔ آپ کی بارگاہ، مقناطیس اور میرا دل لوہا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جس طرح لوہا مقناطیس کی طرف مائل ہوتا ہے اسی طرح میرا دل بھی آپ کے روضے کی طرف کھینچا جاتا ہے۔ ‘‘
حضرت محمد جگت ترگر گسائیں
تو درگہ چمک میر و من سار
گیت کے انترے میں آں حضرتﷺ کے اوصاف بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ترلوک (ہندو مذہب کے مطابق تین عالم) آپ کا نام جپتے ہیں اور من کی مراد پاتے ہیں۔ آپ نرالی شان والے مہاپیر (ولیوں کے سردار) ، ضعیفوں کے مد دگار اور نبی برحق ہیں۔
ترلوک جپت تونانو پاویں پران کی پران
اچرج مہاپیر، ابلابلی، تو نہیں سانچو اوتار
گیت کے مقطع یا اَبھوگ میں کہتا ہے کوئی گھوڑے ہاتھی کا طالب ہے تو کوئی ہیرے کا گہنا مانگتا ہے۔ کوئی کھانا اور کپڑا چاہتا ہے تو کوئی بڑے مکان کا متمنی ہے۔ ابراہیم کی آرزو بہتر علم اور خیر خیرات (کی توفیق) ہے، اے خالقِ کریم سیّد محمد کے وسیلے سے اس کی یہ مراد پوری فرما۔
کو و چاہے ماتنگ، تکھار، کو و رتن مال
کو و بھوجن واسہ کو ودھا مان دھلار
ابراہیم چاہے اتم بدیا دان دھرم
سیّد محمد کی دہائی کریم کر تار٭۴
ابراہیم عادل شاہ ثانی کے اس نعتیہ گیت میں چار اسما محمد، سیّد محمد، ابراہیم اور کریم عربی ہیں، دو اسما ’’درگہ‘‘ اور ’’پیر‘‘ فارسی ہیں۔ باقی سارے الفاظ اودھی، برج، راجستھانی یا سنسکرت زبانوں کے ہیں۔ اس نعت میں بھجن اور بھکتی گیتوں کی فضا کا احساس ہوتا ہے۔ ابراہیم نے آں حضرتﷺ کو ’’اوتار‘‘ کہا ہے۔ ہندوؤں میں ’اوتار‘ کا ایک خاص تصور ہے اس لیے آں حضرتﷺ کو ’’اوتار‘‘ نہیں کہنا چاہیے۔ تاہم گیت میں جذبے کی صداقت اور سچی عقیدت مندی کارفرما نظر آتی ہے۔ سوال کا قرینہ خوب ہے اور جو مانگا گیا وہ بہت خوب ہے۔ کیونکہ جس کو اعلیٰ علم حاصل ہو گا اسے لازماً عزت ملے گی اور دن دھرم جس کا مقدر ہو اسے دولت ضرور ملے گی، کیوں کہ دولت کے بغیر خیر خیرات کے کام کیوں کر ہو سکتے ہیں۔ عام لوگ مال و دولت کے طالب ہوتے ہیں لیکن یہ چیزیں ابراہیم کو ورثے میں ملی تھی، البتہ وہ چیزیں جو ورثے میں نہیں مل سکتیں یعنی علم اور خیر خیرات ان کے لیے ابراہیم نے دُعا مانگی ہے۔
عادل شاہی خاندان کا آٹھواں بادشاہ سلطان علی عادل شاہ ثانی بھی ایک پختہ مشق سخنور تھا۔ وہ شاہی تخلص کرتا تھا۔ اس نے ۱۰۶۷ء سے ۱۰۸۳ء تک بیجاپور پر حکومت کی۔ ’’کلیاتِ شاہی‘‘ کے مرتب سید مبارزالدین رفعت ارقام طراز ہیں:
’’اپنے دادا ابراہیم عادل شاہ ثانی کی طرح سلطان علی عادل شاہ ثانی موسیقی کا شیدائی اور اس کا بڑا ماہر تھا۔ عربی فارسی اور اُردو کے علاوہ غالباً سنسکرت سے بھی واقف تھا۔ بڑا رنگین مزاج اور رند مشرب آدمی تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ نہایت خوش اعتقاد بھی واقع ہوا تھا۔ امامیہ مذہب کا پیرو تھا اور رسول اللہﷺ اور دوازدہ اماموں سے گہری عقیدت رکھتا تھا۔ اس کے کلام کا قابل لحاظ حصہ حمد، نعت، منقبت، مرثیہ اور بزرگانِ دین کی مدح میں ہے اور یہ اس کی خوشی اعتقادی اور گہری مذہبیت پر دال ہے۔ ٭۵
شاہی نے مختلف اصناف سخن میں طبع آزمائی کی۔ اس کی کلیات میں قصیدے، مثنویات، غزلیں، مخمس، رباعیاں، فردیات، گیت، کبت، دوہے اور تاریخی قطعات موجود ہیں۔ ’’کلیاتِ شاہی‘‘ میں چھ قصیدے ہیں ان میں پہلا قصیدہ حمدیہ ہے اور دوسرا نعتیہ۔ نعتیہ قصیدہ پچاس اشعار پر مشتمل ہے یہ قصیدہ چرخیہ ہے۔ قدیم دکنی میں قصیدے کی ایک قسم ’’چرخیات‘‘ سے موسوم کی گئی ہے۔ یہ وہ قصائد ہیں جن کی تشبیب فلکیات سے متعلق ہوتی ہے۔ ٭۶ یعنی شاعر اس میں آسمان سے متعلق الفاظ، اشارات اور اصطلاحات ’اجرام سماوی‘ کے نام اور اسمائے بروج وغیرہ کا ذکر کرتا ہے۔ شاہی نے اپنے نعتیہ قصیدے کی تشبیب میں چرخیات کی رعایت رکھی ہے جس کی وجہ سے اس میں ایک خاص فنی خوبی پیدا ہو گئی ہے۔
آں حضرتﷺ کی ذاتِ اطہر سے تقدس، پاکیزگی، روحانیت اور نورانیت کی اعلیٰ ترین رفعتیں وابستہ ہیں اس لیے آپ کی شان میں کہے گئے قصیدے کی ابتدا آسمان کی بلندیوں سے ہو تو یہ تمہید آپ کے مقامات مدارج اور فضائل و شمائل کی رفعتوں کا اشارہ بن جاتی ہے جس سے قصیدے کا معنوی حسن دوبالا ہوتا ہے۔ شاہی کے قصیدے میں آں حضرتﷺ کے علوئے مرتبت کی مناسبت سے چرخیہ تشبیب نہایت بامعنی پس منظر اور روشن و منور فضا کی تخلیق کرتی ہے۔ آسمان کی رونقوں کا نقشہ کھینچتے ہوئے شاہی کہتا ہے ’’سورج نے دولہا بن کر آسمان کی بلندی کو زینت دی اور چاند تاروں کو بلانے کے لیے بسنت کا گھر بنایا، اس نے ہالے کا زیور گلے میں پہنا اور ثریا کا سہرا سر پر باندھا۔ شعریٰ (ایک ستارہ) اس کے کنگن کا ہیرا بنا، ہوا مانجھے کا پردا بنی(مانجھے کے دوران دولہا/ دلہن کو پردے میں بٹھانے کی رسم تھی) اس پر ستاروں کا منڈپ تانا گیا۔ مشتری نے مشاطہ بن کر سورج کو ہلدی لگائی۔ سارے باراتی بلائے گئے ہیں سورج زر کا لباس پہن کر دولہا بنا آیا ہے۔ زمین پر پانی سے لبریز حوض نہیں ہیں بلکہ آئینے ہیں جو سورج نے چاند کا منہ دکھانے کے لیے لگائے ہیں ‘‘
دیکھو نو روز چنچل یو بہارستاں دکھایا ہے
بَرک بن پھل و پھولاں تیں پوَن کے ہت کھلایا ہے
سرج کے اوج کی کرسی سنوار یا دول ہو دنکر
چندر تارے بلانے گھر بسنت سارا بنایا ہے
کھلالے ہانس گل ڈالیا ثریا کا بندھیا سہرا
کنگن ہیرا ہوا شعریٰ لگن اپنا گنایا ہے
ہواپر دا مَنجے کاکر ستاریاں کا تگٹ تس پر
مشاطہ مشتری ہوکر ہَلَد سورِج لگایا ہے
براتی سب بلایا ہے شرف اپنا دکھایا ہے
زری کسوت سراپا کر سورج نوشو ہو آیا ہے
اودک جل تھل بھرے حوضاں نہیں ہے جانو بھومی پر
چندر کا مکھ دکھانے تئیں سُرِج ارسیاں منگایا ہے
اس تشبیب کا دوسرا حصہ بہاریہ ہے۔ اس میں شاہی نے مناظر فطرت کے حسن کا نقشہ کھینچا ہے۔ یہاں چنبیلی، بنفشہ، مدن مان اور یاسمین کی عطر بیزی ہے۔ کنول اور نرگس کا حسن ہے۔ پھولوں پر منڈلاتے بھونرے اور بھوجنگ (سانپ) ہیں۔ پپیہے کی پی ہو، اور کبوتر کی غٹرغوں کی صدائیں ہیں۔ کہیں تو پیلک کا پیلا رنگ بسنت کا پتہ دے رہا ہے۔ کہیں سرو کے درخت اور انگور کی بیلیں جھوم رہی ہیں تو کہیں چنپے کی جھاڑیاں اور نارنج کی ڈالیاں لچکتی نظر آتی ہیں۔ خوب صورت تشبیہات، حسن تعلیل، رعایت لفظی اور ندرت فکر کی بدولت تشبیب کے یہ اشعار نہایت جاندار اور اثر آفریں ہو گئے ہیں۔
بنفشہ باس کے دعوے عروسی لیکے نت بیٹھی
نزاکت دیکھنے اس کی نین نرگس کھلایا ہے
بندھے پیلک پتنبرلے بسنت کے کاج میں ملنے
کبوتر برہ تئیں کوکے پیہا دھن سنایا ہے
چنبے کے جھاڑ کی خوبی دساوے نین میں یوں ہو
مگر شجر زمرد کا کنچن سوں بار آیا ہے
ہرے پاتاں منے ڈالیاں دسیں نارنج کی مج یوں
تُرن سندر کے جوبن پر سبز والا اوڑھایا ہے
اس نعتیہ قصیدے کی گریز میں شاہی نے فنی بصیرت اور جدت طبع کا مظاہرہ کیا ہے۔ گریز کیا اشعار نہایت بے ساختہ اور برجستہ ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بات سے بات نکل آئی ہے۔ بہار کی رونق کا نقشہ کھینچتے ہوئے شاہی کہتا ہے کہ چمن میں لالہ اپنے سرخ رنگ پر لاف زن ہے تو اس کے مقابلے میں انار اپنا دل چیر کر دکھا رہا ہے کہ سرخی اسے کہتے ہیں۔ اسی طرح جب گلاب نے سمن کے مقابلے میں اپنی خوبصورتی اور برتری کا دعویٰ کیا تو باغ کے مالی نے اُسے ٹوکا کہ ایسا دعویٰ نہ کر کہ برتری اور فضیلت تو اس ہستی کے نام سے وابستہ ہے، گلاب پوچھتا ہے ’’بڑا ہے نانوں سو کس کا‘‘ مالی جواب دیتا ہے ’’وہ اِسم محمد کا جنے دیں اَپ نپایا ہے‘‘ اس گریز کے بعد شاہی نے آں حضرتﷺ کی مدحت و توصیف بیان کی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ خالق نے ترلوک (تینوں عالم) میں آپ کا مثل پیدا نہیں کیا۔ آپ کے عشق میں حق نے یہ کائنات بنائی۔ آپ کی ذات شریعت اور حقیقت کی رہنما ہے۔ جو آپ کے راستے سے انحراف کرے گا وہ گمراہ ہو جائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے راز رکھنے کے لیے آپ کے سینہ مبارک کو مصفیٰ کیا اور ازل سے آپ کو علم دانی و سخن فہمی سکھائی۔
محمد سا نہیں پیدا کیا کرتارِ تِرجگ میں
اسی کے عشق نے سونسار تر جگ کا بھرایا ہے
شریعت کا ہے مسطرتوں حقیقت کا ہے مظہرتوں
ترے بن جو چلے گا راہ گمراہ ان کہوایا ہے
صفا سینہ کیا تیرا اپس کے راز رکھنے تئیں
علم دانی سخن فہمی ازل تیں تج سکھایا ہے
واقعہ معراج نعتیہ شاعری کا ایک اہم موضوع ہے، شاہی اس قصیدے میں معراج کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے ’’وہ رات محبت اور خوشی کی پیاری رات تھی جب حق تعالیٰ نے محبت سے آپ کو آسمانوں پر بلایا جب آپ رب سے ملنے گئے تو زمین کے فاصلے سمٹ گئے اور آپ ایک پل میں فرش سے آسمانِ دنیا تک جا کر واپس آ گئے، آپ کو ذاتِ حق نے اس مقام کی سیر کرائی جہاں فرشتوں کو بار نہ تھا اور آپ کی شریعت کو حشر تک قائم کر دیا۔ ‘‘
انند کی بات تھی ساری محبت رات کی پیاری
پرت کا شرط کرنے تیں پیارا گھر بلایا ہے
چلیا توں رب سوں جا ملنے زمین طے ہوئی ترے چلنے
ہوا معراج یک پل میں عرش پرتج لجایا ہے
فرشتیاں کا نہ تھا پھیراں تداں تھا نور سوتیرا
تیرے احکام محشر لگ جگت کے سر چڑھایا ہے
شاہی نے اس قصیدے میں بعض بے اصل روایات بھی نظم کی ہیں جو عام طور پر میلاد ناموں میں بیان کی جاتی ہیں۔ جیسے آں حضرتﷺ کی ولادت پر طاقِ کسریٰ کے کنگروں کا جھڑنا اور فارس کے آتش کدوں کا ٹھنڈا ہونا وغیرہ۔ شاہی نے یہ نعتیہ قصیدہ بڑی عقیدت و احترام سے لکھا ہے۔ وہ خود بادشاہِ وقت تھا اس لیے اس نے یہ قصیدہ کسی مادی صلے و ستائش کی چاہ میں نہیں تھا بلکہ جناب رسالت مآبﷺ سے روحانی وابستگی اور جذباتی لگاؤ نے اس سے یہ نعتیہ قصیدہ لکھوایا ہے۔ چوں کہ اس کے محرکات مادیت کے بجائے اخلاص پر مبنی ہیں اس لیے اس میں گہری معنویت، ندرت خیال، شدتِ جذبات اور رفعتِ فکر کے ساتھ ساتھ زورِ بیان، روانی اور بے ساختگی بھی پیدا ہو گئی ہے۔ صنائع و بدائع کا حسن اس پر مستزاد ہے۔ شاہی کو بھی اپنے نعتیہ قصیدے کے فنی محاسن اور شعریاتی جمال کا خوب ادراک تھا۔ وہ کہتا ہے ’’میں نے ذہانت کے چاؤ سے مضامین کے موتی اس میں باندھے ہیں اور تمام قصیدوں میں اس قصیدے کو نہایت مرصع کیا ہے۔ ‘‘
مضامین کے بھریا موتی چترپن کے لئی چؤسیتی
قصیدیاں میں مرصع کر قصیدہ یو بنایا ہے
’’کلیاتِ شاہی‘‘ میں قصیدہ در مدح حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور مثنوی خیبرنامہ میں بھی ایک ایک نعتیہ شعر ملتا ہے۔
دکن میں گولکنڈہ کی قطب شاہی سلطنت بیجاپور کی عادل شاہی مملکت کی ہم عصر اور ہر اعتبار سے اس کی ہم پلّہ تھی۔ قطب شاہی سلاطین بھی شعر و ادب کا ستھرا ذوق رکھتے تھے۔ انھوں نے اپنی سلطنت میں علوم و فنون اور تہذیب و تمدن کی بڑی آبیاری کی۔ اس خاندان کے بعض حکمران خود بھی داد سخن دیا کرتے تھے۔ ان میں پہلا نام جمشید قطب شاہ کا جس نے ۹۵۰ء سے ۹۵۷ء تک گولکنڈہ پر حکمرانی کی۔ یہ فارسی میں شعر کہتا تھا۔ میر سعادت علی رضوی نے اپنی کتاب ’’کلام الملوک‘‘ میں جمشید کی ایک نظم، سیّدنا علی کرم اللہ وجہ کی منقبت میں ایک قصیدہ، چار غزلیں اور کچھ فردیات جمع کی ہیں۔ نظر کا آخری شعر نعتیہ ہے۔ نظم کا سبب تصنیف یوں ہے کہ ایک مرتبہ وہ برہان نظام الملک والی بیدر سے ملاقات کو گیا اور اسے تحائف و ہدایات پیش کیے، نظام الملک نے اسے چترشاہی، آفتاب گیری اور خطاب سے نوازنا چاہا لیکن جمشید نے اسے قبول نہیں کیا اور فی البدیہہ ایک نظم لکھ بھیجی جس میں وہ کہتا ہے کہ ’’دکن کے تمام بادشاہوں نے میدان جنگ میں مردانگی اور دانشمندی کا مظاہرہ کر کے چترشاہی حاصل کیا۔ میں اس وقت چترشاہی قول کروں گا جب رسول اللہﷺ کی مدد سے دشمن کو شکست دے کر اس سے چترشاہی چھین لوں۔
من آنگہ کنم چترشاہی قبول
کہ گیرم زد شمن بہ عون رسول
جمشید کے دستیاب کلام میں جو نہایت مختصر ہے صرف یہی ایک نعتیہ شعر ہے جس میں آں حضرتﷺ کا ذکر ہے۔ ممکن ہے اس نے اور بھی نعتیہ اشعار کہے ہوں لیکن یہ دستیاب نہیں ہیں۔
قطب شاہی خاندان کا پانچواں فرمانروا سلطان محمد قلی قطب شاہ ایک قادر الکلام، پرگو اور خوش بیان شاعر تھا۔ تاریخ دکن اور اُردو ادب کی تاریخ میں اسے کئی امتیازات حاصل ہیں۔ محمد قلی قطب شاہ (۹۸۸ء تا ۱۰۲۰ئ) شہر حیدرآباد کا بانی اور چار مینار کا موسس تھا۔ اسے تعمیرات، چمن بندی اور فنون لطیفہ سے بڑی دلچسپی تھی۔ روم و شام اور عرب و عجم کے متعدد علما و فضلا اس کے دربار میں جمع تھے۔ اس نے شاعروں اور ادیبوں کی بڑی قدردانی اور حوصلہ افزائی کی۔ وہ فارسی اور اُردو میں شعر کہتا تھا۔ اسے اُردو کے پہلے صاحب دیوان شاعرہونے کا اعزازحاصل ہے۔ اس کی کلیات اصناف و موضوعات کے تنوع کے اعتبار سے بھی اپنی نظیر آپ ہے۔ دکن کے نعت گو بادشاہوں میں سب سے زیادہ نعتیہ کلام محمد قلی قطب شاہ کی کلیات ہی میں ملتا ہے۔ محمد قلی کی نعتیہ شاعری کے دو نمایاں وصف ہیں۔ ایک موضوعات کی کثرت سے دوسرے اصناف کا تنوع۔ اس نے غزل، نظم، قصیدہ، رُباعی جیسی معروف اصناف کے علاوہ چہار در چہار جیسی غیر معروف صنف سخن میں بھی نعت کہی۔ ڈاکٹر ریاض مجید رقم طراز ہیں:
اُردو نعت کے اوّلین، اہم، بہ کثرت اور قابل ذکر نمونے انھیں کے کلیات میں نظر آتے ہیں۔ اگرچہ ان سے پہلے نظامی اور دوسرے شعرا کے ہاں بھی نعتیہ عناصر ملتے ہیں مگر ان کے ہاں نعت نگاری کی ذیلی حیثیت ہے اور اصل مقصد قصہ گوئی (مثنوی) ہے۔ اُردو نعت کی تاریخ میں یہ شرف (محمد) قلی قطب شاہ کو حاصل ہے کہ انھوں نے نعت کو ایک جداگانہ موضوع کے طور پر برتا۔ غزل کی ہیئت میں سب سے پہلے انھوں نے ہی نعت لکھی۔ ٭۷
محمد قلی کی کلیات میں چار نعتیہ غزلیں ملتی ہیں۔ ڈاکٹر ریاض مجید مصنف ’’اُردو میں نعت گوئی‘‘ اور ڈاکٹر محمد اسماعیل آزاد فتح پوری مصنف ’’اُردو شاعری میں نعت‘‘ دونوں نے کلیاتِ محمد قلی قطب شاہ میں نعتیہ غزلوں کی تعداد پانچ بتائی ہے۔ ٭۸ لیکن صحیح تعداد چار ہی ہے کیوں کہ ان میں ایک غزل نعتیہ نہیں ہے جس کی تفصیل آگے آ رہی ہے۔ نعتیہ غزلوں کے مطالع درج ذیل ہیں:
(۱)
تج مکھ اجت کی جوت تھے عالم دیپن ہارا ہوا
تج دین تھے اسلام لے موہن جگت سارا ہوا
(۲)
اسم محمد تھے اہے جگ میں سو خاقانی مجھے
بندہ نبی کا جم رہے سُہتی ہے سلطانی مجھے
(۳)
دیا بندہ کو حق نبی کا خطاب
حکم دے دیا نور جوں آفتاب
(۴)
خدا منج مہرسوں آپی نبی صدقے کیا رافع
منجے تخت سلیماں جوں وہی آپی دیا رفع
محمد قلی نے پہلی نعتیہ غزل میں جناب رسالت مآبﷺ کی مدح کرتے ہوئے نہایت خوب صورت اور تازہ کار تشبہیات استعمال کی ہیں۔ مضامین بھی نئے اور انوکھے ہیں۔ کہتا ہے آسمان آپ کا گھوڑا ہے۔ بلال زمین اور چابک بجلی ہے۔ سورج کی کرنیں آپ کا پرچم ہیں اور سیاہ بادل غاشا (زَین پوش) ہے۔ آپ کا دروازہ روشن ہالہ ہے اور چمکتے ستارے اصطبل ہیں۔ چاند گویا فتراک ہے جو گردش میں ہے۔ یہ رنگین زمین آپ کا فرش ہے اور سمندر ایک چمن ہے۔ عرش و کرسی آپ کے لیے گھر آنگن ہیں اور آپ کا مقام لامکاں ہے۔ جوش مدح میں محمد قلی نے یہاں غلو کیا ہے۔ لامکاں کو ذاتِ حق سے نسبت ہے آں حضرتﷺ سے اسے منسوب کرنا توحید کے منافی ہے۔
انبر ترنگ زیں چند نو اچابک سرنگ تس بیجلی
سورج کرن پرچم دسے غاشا بدل کارا ہوا
توں در کھلا ہے نرملا پاکاہ ستارے جھمکنے
چندر سو ہے فتراک جوں توں سوں پھرن ہارا ہوا
دھرتی سورنگیں فرش کی چوندھر سمندر حوض ہے
چھپر پلنگ سات آسماں پنکھا سوتج بارا ہوا
جنت کتے تر جگ جس سویک چمن تج باغ کا
کرسی عرش تج گھر انگن ہور لامکاں ٹھارا ہوا
دوسری نعت میں محمد قلی کہتا ہے کہ آں حضرتﷺ کے اسم مبارک کی برکت سے مجھے دنیا میں خاقانی حاصل ہے۔ میں ہمیشہ نبی کا غلام ہوں کہ سلطانی مجھے سجتی ہے۔ دیگر بادشاہ اپنی مملکت پر مغرور ہیں لیکن میں آپ کے نام سے مست ہوں۔ آپ کے نام کی بڑائی کی ایک جھلک نے مجھے فلک تک سربلند کیا ہے۔ سارے ممالک مجھے یوسف ثانی کہتے ہیں۔ مجھے فرعون اور سامری سے خوف کیوں ہو کہ موسیٰ کی طرح زیتون کا عصا میرے لیے تیغ ربّانی ہے۔
اسم محمد تھے اَہے جگ میں سوخاقانی مجھے
بندہ نبی کا جم رہے سہتی ہے سلطانی مجھے
شاہاں غروری ٹھاوں تھے کرتے ہیں اپنی دھانوں تھے
مستی مری تُج ناوں تھے کیتی ہے دیوانی مجھے
اس نام کی بڑپن جھلک مج سربلندی تا فلک
اَکھیں سدا سارے ملک تو یوسف ثانی مجھے
کیا ڈر مجھے فرعون کا ہو رسا مری افسون کا
موسیٰ عصا زیتون کا ہے تیغ ربانی مجھے
ڈاکٹر زور اور ان کی تقلید میں پروفیسر سیدہ جعفر نے ’’کلیات محمد قلی قطب شاہ‘‘ میں نعت کے عنوان سے پانچ غزلیں درج کی ہیں۔ ان میں تیسرے نمبر پر جو غزل ہے وہ مکمل طور پر نعتیہ نہیں ہے۔ ابتدائی دو تین اشعار اور مقطع نعتیہ ہے باقی اشعار غزل کے عام اشعار ہیں جن میں محبوب مجازی سے خطاب ہے مثلاً یہ اشعار نعتیہ کیوں کر ہو سکتے ہیں۔
مکھ تجلی دیکھیا بیداری یا سپنے منے
نیر نیہ کا منج پلا اپنے ادھر سمدور تھے
(میں نے بیداری یا خواب میں تیرے چہرے کی تجلی دیکھی مجھے اپنے ہونٹوں کے سمندر سے محبت کا پانی پلا)
کن طرے کا باس اب باد صباہت بھیج منج
اس دماغِ باورے کوں باس دے مسرور تھے
(اپنے کان کے طرّے کی خوش بو باد صبا کے ہاتھ مجھے بھیج اور اس باورے دماغ کو خوشی سے خوش بو دے)
کب کھلے گا مدعا کا پھول دل گلزار میں
ناز جیغے سوں مرے دل کوں ڈگاتی دور تھے
(دل کے باغ میں مدعا کا پھول کب کھلے گا، جیغے کے ناز سے میرے دل کو دُور سے ڈگمگاتی ہے)
عاشقاں تج باٹ میں بسمل ہوئے ہیں بے شمار
عاشق بیچارہ کوں رکھ پیار کے دستور تھے
(تیری راہ میں بے شمار عاشق بسمل ہو گئے ہیں، بے چار عاشق کو پیار کے طریقے سے (شادماں) رکھ)
ظاہر ہے شرحِ آرزو کا یہ انداز نعت کے اسلوب و کردار سے میل نہیں کھاتا اس لیے یہ نعتیہ اشعار نہیں البتہ اس غزل کا مطلع اور مقطع نعتیہ ہے جس کی وجہ سے کلیات محمد قلی کے مرتبین کو اس پر نعتیہ غزل کا مغالطہ ہوا۔
چاند سورج روشنی پایا تمھارے نور تھے
آب کوثر کو شرف تھڈی کے پانی پور تھے
اے معانی رات دن نامِ محمد ورد کر
تج دعا با مدعا ہے رتبہ منصور تھے
محمد قلی قطب شاہ کا عقیدہ تھا کہ خدا نے اسے نبی کے صدقے میں سربلندی اور تخت و تاج سے نوازا ہے اور جسے خدا نے دیا ہو اسے کوئی زیر نہیں کر سکتا۔ جس کے دل میں محبت اور ایمان ہو آں حضرتﷺ اپنے دستِ مبارک سے اسے اونچا اُٹھاتے ہیں۔ جو عشق میں آپ کا غلام کہلاتا ہے اسے آپ کی مدد حاصل ہو گی اور وہ سدا با عزت رہے گا۔
خدا منج مہرسوں آپی نبی صدقے کیا رافع
منجے تخت سلیماں جوں وہی آپی دیا رافع
یقیں کر دل میں مانیا ہوں خدا جس کوں اپے دیتا
وہ ہرگز زیر ہو سے نا کیا جس کوں خدا رافع
جو کوئی دل میں محبت دھر رہیا ہے ایماں کا
سواس کا ہت پکڑ کر آپ کرتے مصطفی رافع
جو کوئی ان کی محبت سوں غلام ان کے کوایا ہے
مدد اس مصطفی ہے ہو رہے گا وہ سدا رافع
محمد قلی کے عہد میں میلاد النبی کا جشن نہایت دھوم دھام اور تزک و احتشام سے منایا جاتا تھا۔ ڈاکٹر زور نے ’’حدیقۃ السلاطین‘‘ کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’’محمد قطب شاہ عید میلاد النبیﷺ کی بزم آرائی داد محل کے میدان میں کیا کرتا تھا۔ ‘‘ ٭۹ ان تقریبات میں عوام اور اعیان سلطنت کے علاوہ خود محمد قلی بھی شریک ہوتا تھا۔ میلاد النبی کے موضوع پر اس کی کلیات میں چھ نظمیں ملتی ہیں ان کے علاوہ ایک قصیدہ بھی اسی تقریب سے متعلق ہے۔ ان نظموں میں اس نے میلاد النبی کی اہمیت و برکت، آں حضرتﷺ کے علوئے مراتب، جشن کی کیفیت اور دیگر نعتیہ تذکار بیان کیے ہیں۔ ایک نظم میں وہ آپ کے مولود کی مسرت میں کائنات کی رونقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے ’’اس نبی پر لاکھوں درود جو رب کے محبوب ہیں اور جن کے لیے نو عدد فیروزی محل (طبقات آسمان) سنوارے گئے۔ جب مولود کی خوشخبری قدسیوں نے پائی تو انھوں نے آٹھوں جنتوں کو آراستہ کیا۔ فرشتوں نے درزی بن کر آسمان کے سرمئی مخمل پر زر کے تار اور شفق کی لال گوٹ لے کر نوری منڈپ بنایا۔ چاند نے آسمان کے سمندر میں غواصی کر کے نبی پر نثار کرنے جو بڑے بڑے موتی نکالے وہی تارے ہیں۔ سورج نے افشاں گر ہو کر نبی کے کاشانے کی دیواروں پر زر افشانی کی جس کی وجہ سے دنیا میں نور ہے۔ ‘‘ غرض پوری نظم صنعتِ حسنِ تعلیل کا مرقع ہے۔ کچھ اشعار درج ذیل ہیں:
دُردہ لک اس نبی پر جو نرنجن رب کے پیارے ہیں
جو فیروزی مہاڑیاں نوجنن کے تئیں سنگارے ہیں
انن (کذا) دن مولود آئے خوش خبر قدسی یوپائے خوش
پھر امولود گناے خوش جنت آٹو سنوارے ہیں
فلک سُرمائی مخمل کے ملک درزیاں سوتاراں لے
شفق کی گوٹ لالہ سے منڈپ نوری سلائے ہیں
چندر غواص ہو آیا گگن سَمُدر بھتر دھایا
نبی پروار نے لیا یا ڈھلک موتیاں سوتارے ہیں
سورج افشان گر ہوکر نبی مند ہر دواراں پر
زر افشانی کیا یکسا سوجگ میں جھلکارے ہیں
میلاد النبیﷺ نعتیہ شاعری کا ایک اہم موضوع ہے۔ اس موضوع پر محمد قلی کی نظموں سے بعض چیدہ چیدہ اشعار پیش کیے جاتے ہیں:
فرشتے سُرگ ساتوکوں ستاریاں سوں سنوارے ہیں
شۂ دنیا و دیں کے تئیں عرش کرسی سنگارے ہیں
مگر مولود ہے شہ کاعرش اوپر طبل باجے
مراداں پاونے سارے جگت ہاتاں پسارے ہیں
خلائق اس دِنا خاطر کیا پیدا جگت سارا
یقین مانو سگل دن میں یہی دن ہے شرف دارا
حضرت نبی مولود بھی سر تھے نوے لیایا انند
تو اس مبارک دیس تھے ترلوک سب پایا اَنند
گھر گھر بدھاوا کاج ہے بھوساج سوں دن آج کے
سب جگ اپر بادل ہوکر چوندھیر تھے چھایا انند
’’کلیات محمد قلی قطب شاہ‘‘ میں ’’بعثتِ نبی‘‘ کے موضوع پر پانچ نظمیں ہیں۔ ان نظموں میں آں حضرتﷺ کی بعثت یا آغاز رسالت پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ محمد قلی کے دور میں میلاد النبی کی طرح بعثت نبی کا جشن بھی منایا جاتا تھا۔ کتب تواریخ میں اس تقریب کی تفصیلات مذکور ہیں لیکن بعثت نبی پر محمد قلی کی نظموں سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ہر سال یہ جشن مناتا تھا اور اس موقع پر نظمیں لکھتا تھا جن میں حق تعالیٰ کی جانب سے آں حضرتﷺ کو مبعوث کیے جانے، آپ کو رسالت عطا ہونے، حضرت جبرئیلؑ کی آمد، نزولِ وحی کے آغاز اور دینِ اسلام کی شروعات پر مختلف پیرایوں میں خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان نظموں کے چیدہ چیدہ اشعار ملاحظہ ہوں۔
آیا ہے وقت سرتھے مبعوث مصطفی کا
پایا ہے نور ادک بھی عالم سگل خدا کا
چھایا ہے حق کی رحمت کا چھانوں دو جہاں میں
بھایا ہے دو جہاں کوں سو چھانوں حق عطا کا
لیائے ہے وحی جبرئیل حق کے حبیب کو تب
اقرا کہ توں ہے خاتم سالم سو انبیاؑ کا
پیغمبری تخت پر بیٹھے ہیں جب پیمبر
تب پگ لگ نو انبر اس شمس والضحیٰ کا
٭
نبی مبعوث بھی آکر کیا ہے سب جہاں روشن
ہوا اس دن کے نوراں تھے مکاں ہور لامکاں روشن
ہوا ہے آشکارا دین و ایمان آج کے دن تھے
کیا ہے فیض اس دن کا سگل امت کا جاں روشن
ہمارے ہیں نبی سرتاج سارے انبیا کے تو
نین اس نور تھے کیتے ہیں سب پیغمبراں روشن
بعثتِ نبیﷺ کے علاوہ ’’معراج‘‘ کے موضوع پر بھی محمد قلی نے ایک نظم کہی ہے۔ کلیاتِ محمد قلی میں میلاد النبیﷺ پر ایک قصیدہ ہے جو مکمل ہے اور بعثتِ نبی پر ایک قصیدہ ہے جو نامکمل ہے۔ قصیدہ میلاد مجد دیہ یا غیر مقتضب ہے یعنی اس میں تشبیب نہیں ہے، مدح سے آغاز کیا گیا ہے۔ نیز اس میں نعتیہ مضامین کے پہلو بہ پہلو حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی منقبت بھی شامل ہے۔ اس قصیدہ کا مطلع درج ذیل ہے:
نبی مولود لیایا ہے خبر سرتھے خوشی کا
سدا صلوٰۃ بھیجو سب محمد ہور علیؓ کا
بعثتِ نبویﷺ کی نظموں اور قصائد کے علاوہ عید سوری پر اس نے جو نظمیں لکھی ہیں ان میں بھی بیش تر اشعار نعتیہ ہیں۔ عید غدیر کی نظموں میں بھی تذکار نبی ہیں۔ بقر عید پر لکھی گئی ایک نظم کی ردیف ہی ’’صلوٰت بر محمد‘‘ ہے۔ اپنی برس گانٹھ (سالگرہ) پر اس نے جو نظمیں لکھی ہیں ان میں بیش تر کا پہلا شعر نعتیہ ہے۔ اسی طرح باغ محمد شاہی کی تعریف میں جو قصیدہ ہے اس کا مطلع بھی نعتیہ ہے۔ محمد نانوں تھے بستا محمد کا اے بن سارا
سو طوباں سوں سہاتا ہے جنت نمنے چمن سارا
محمد قلی نے عید نوروز کے قصیدے میں بھی آں حضرتﷺ کا ذکر کیا ہے۔ محمد قلی کی نعتیہ شاعری کا خاص پہلو ہئیتوں کا تنوع ہے۔ اس کے کلات میں شامل پانچ رُباعیات میں آں حضرتﷺ کا ذکر ہے۔ ایک رباعی درج ذیل ہے آخری مصرعے میں لولاک لما خلقت الافلاک کا ٹکڑا قابلِ توجہ ہے۔
تیرا شرف ادراک میں تین ٹاک آیا
جم تیرا سبق ’نعبد ایاک‘ آیا
تیرا سو نشانِ مصحفِ پاک آیا
لولاک لما خلقت الافلاک آیا
محمد قلی کی کلیات میں بکثرت نعتیہ اشعار ملتے ہیں۔ بیشتر غزلوں کے مقطع میں اس نے ’’نبی صدقے‘‘ کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ یہاں تک کہ اس کی وہ نظمیں ؍ غزلیں جو بھوگ بلاس کی ترجمانی کرتی ہیں ان میں بھی وہ اپنی ہوس رانی کو نبی کا صدقہ کہتا ہے اور اپنی لذت کوشی و ہوس پرستی پر مذہبیت کا پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا۔
نبی صدقے بسنت کھیلیا قطب شہ
رنگیلا ہو رھیا ترلوک سارا
تیرے مرے پاواں سکی جوں ناگ ناگن مل رہے
صدقے نبی کرتا قطب کرتار تھے آپار عیش
نبی صدقے قطب بہو گن رین دن عیش کرنے تھے
یوں سرخوش مدن سرخوش جگن سرخوش مکن سرخوش
صدقے نبی کے رات دن بہت انند سوں
امرت ادھر پلاتے ہیں قطب کوں سندر لذیذ
نبی صدقے قطب جم عیش کر عیش
کہ تج در پر کھڑے ہیں فتح و اقبال
کلیات محمد قلی میں نعتیہ سرمایہ بلحاظ کمیت ہی نہیں بلکہ بلحاظ کیفیت بھی نہایت وقیع ہے۔ اس کے نعتیہ اشعار فنی محاسن اور صنائع و بدائع سے مرصع ہیں۔ تاہم اس کے نعتیہ اشعار میں وہ سوز و گداز، تاثیر اور تڑپ نظر نہیں آتی جو عاشقِ رسول کی نعت میں ہونی چاہیے۔ اس کے ہاں اخلاص و صداقت اور جذبہ و حرارت کے فقدان کا احساس ہوتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کی نعت گوئی محض رسم ی ہے جس کا مقصد محض اظہارِ عقیدت اور حصولِ برکت ہے۔ اس کے ہاں عشقِ رسولﷺ کے تجربات و واردات کا ابلاغ نہیں ہوا ہے۔ یہاں قال ہی قال ہے حال کا دُور دُور تک پتا نہیں۔ ان کم زوریوں کے باوجود اُردو نعت گوئی کی تاریخ محمد قلی قطب شاہ کو نہایت اہم اور بلند مقام حاصل ہے۔ اس نے اُردو نعت کو فارسی اوزان و بحور سے آشنا کیا۔ موضوعات کی بوقلمونی اور ہئیتوں کا تنوع اس کی نعتیہ شاعری کا گوہر امتیاز ہے۔ اس نے اُردو میں غزل کی ہیئت میں نعت نگاری کی طرح ڈالی اور نعت کو غزل کے معیار سے ہم آہنگ کیا۔ نعت کی صنفی شناخت متعین کرنے میں اس کی نعتیہ شاعری کا اہم حصہ ہے۔ اس نے اس کثرت اور تسلسل و تواتر کے ساتھ نعتیہ شاعری کے عناصر کو اپنی غزل/ نظم، قصیدہ رباعی اور چار در چار جیسی اصناف میں برتا کہ اس کی شاعری اُردو میں نعتیہ شاعری کا پہلا مرجع بن گئی۔
گولکنڈہ کا چھٹا حکمران سلطان محمد قطب شاہ بھی ایک خوش گو شاعر تھا۔ وہ ’’ظِل اللہ‘‘ تخلص کرتا تھا۔ محمد قطب شاہ مرزا محمد امین کا فرزند اور سلطان محمد قلی کا بھتیجا اور داماد تھا۔ محمد قلی نے اپنی دختر حیات بخش بیگم کی شادی اس کے ساتھ کی تھی۔ چوں کہ محمد قلی اولاد نرینہ سے محروم تھا اس لیے اس کے انتقال کے بعد محمد قطب شاہ تخت گولکنڈہ کا وارث ہوا۔ اس نے ۱۰۲۰ء سے ۱۰۳۵ء تک حکمرانی کی۔ سلطان محمد قطب شاہ علم و فضل کے اعتبار سے تمام قطب شاہی سلاطین میں فردِ فرید تھا۔ سیرت و کردار کے اعتبار سے بھی وہ نہایت متقی اور پرہیزگار واقع ہوا تھا۔ مکہ مسجد کا سنگِ بنیاد اسی نے رکھا۔ اس کا دکنی کلام ناپید ہو چکا ہے سوائے اس منظوم دیباچے کے جو اس نے اپنے خسر محمد قلی کے کلیات پر قلم بند کیا تھا۔ البتہ کتب خانہ سالار جنگ کی قلمی بیاضوں میں اس کا کچھ فارسی کلام محفوظ ہے۔ جسے میر سعادت علی رضوی نے کلام الملوک میں یکجا کیا ہے۔ اس میں پہلے حمد ہے اس کے بعد نعت ہے۔ نعت میں محمد قطب شاہ ظل اللہ نے آں حضرتﷺ کی مدحت کے ساتھ سیّدنا علی کرم اللہ وجہہ کی منقبت بھی جمع کی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ مصطفی اور مرتضیٰ چوں کہ ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں اس لیے دونوں کی نعت و منقبت بھی ایک ساتھ ادا کرنا چاہیے۔
مصطفی و مرتضیٰ چوں نیستند از ہم جدا
نعت و مدح ہردوشد رامی کنم باہم ادا
بعد کے اشعار میں اس نے آں حضرتﷺ کے فضائل اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مناقب پہلو بہ پہلو بیان کیے ہیں۔ ان اشعار میں اس نے قرآنی آیات اور روایات کے حوالے سے مضمون آفرینی کی ہے۔ آیات و روایات کے حوالوں کی وجہ سے نعت کا رنگ عاشقانہ نہیں بلکہ عالمانہ ہو گیا ہے۔ یہاں محبت و شیفتگی پر مدح و توصیف کا جذبہ غالب ہے۔ حضورِ اکرمﷺ کے مدارج اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مراتب کا ذکر کرتے ہوئے ظل اللہ کہتا ہے:
آں حضرتﷺ کے نعوت عالیہ اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے فضائل کی توصیف کرتے ہوئے ظل اللہ نے فرق مراتب کا خیال رکھا ہے۔ وہ اپنے خسر محمد قلی کی طرح حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا رتبہ انبیا سے بڑھ کر نہیں بتاتا، مثلاً محمد قلی کا یہ شعر ملاحظہ ہو:
انبیا ہور اولیا میں حق کیا تمنا بڑا
سچ تمیں دامادِ پیغمبر ہیں علَّام الخبیر
محمد قطب شاہ آں حضرتﷺ اور جناب علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مراتب میں فرق کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اگرچہ دونوں خاصانِ حق ہیں، لیکن آں حضرتﷺ کا مقام کہاں اور جناب علی رضی اللہ عنہ کہاں۔ ظاہر ہے کسی نبی مرسل کے مرتبے کو کوئی غیر نبی نہیں پہنچ سکتا۔ ظل اللہ کہتا ہے:
ہر یکے راگر بدسنجی بادگر خاصانِ حق
ہست جائے آں کہ گویندایں کجاوآں کجا٭۱۱
اس نعت کے علاوہ ایک رباعی میں بھی ظل اللہ نے آں حضرتﷺ اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے فیضان کا پہلو بہ پہلو ذکر کیا ہے۔
گر نور تجلی نہ رسید از طورم
وز فیض دم مسیح ہم مہجورم
دارمز دم علیؓ حیات ابدی
وز نور محمدی سراپا نورم٭۱۲
ظل اللہ کی ایک غزل کے درج ذیل اشعار بھی نعتیہ معلوم ہوتے ہیں۔ اگرچہ اس میں صراحت کے ساتھ ذاتِ رسالت مآبﷺ کا ذکر نہیں ہے لیکن اشعار کا قرینہ کہہ رہا ہے کہ ان اشعار کا مخاطب محبوب مجازی نہیں ہے۔ یہاں نعت پر تغزل کا رنگ غالب ہے۔ اس میں دوری و مہجوری کا شکوہ اور اظہار حسرت و ملال ہے۔ محبوب کے خورشید اور اپنے ذرہ بے مقدار ہونے کا احساس ہے۔ محبوب کو بیداری میں نہ سہی خواب میں دیکھنے پر اظہارِ مسرت کیا گیا ہے۔ ان اشعار میں سوز و گداز بھی ہے اور جوش و تاثیر بھی۔ ان اشعار کو غزلیہ نعت کہہ سکتے ہیں:
دلم نالاں زدست دوریٔ تست
ہنوزم حسرت مہجوری تست
تو خورشیدے و من چو ذرہ زاں روئے
دلم لرزاں زتاب دوریٔ تست
بہ بیداری نہ بینم لیک درخواب
دلم فرخندہ از مسروریٔ تست٭۱۳
گولکنڈہ کی قطب شاہی سلطنت کا ساتواں حکمران سلطان عبداللہ قطب شاہ بھی اپنے نانا محمد قلی قطب شاہ کی طرح دکنی کا ایک خوش فکر اور بلند پایہ سخنور تھا۔ وہ علم و ادب کا شیدا اور فنونِ لطیفہ کا دل دادہ تھا۔ اس نے علما و فضلا اور اہل کمال کی بڑی سرپرستی کی۔ اس کے بذل و نوال اور بخشش و عطا کی وجہ سے روم و شام اور ایران و توران کے اصحاب علم و فضل گولکنڈہ کھینچے چلے آئے۔ سیاسی و ملکی اعتبار سے اس کا عہدِ حکومت تاریک لیکن علمی و ادبی اور تہذیبی و تمدنی اعتبار سے نہایت درخشاں تھا۔ وجہی غواصی اور ابن نشاطی جیسے شعرا اس کے دربار سے وابستہ تھے۔ عبداللہ قطب شاہ کے دیوان کا نامکمل قلمی نسخہ دست یاب ہوا ہے جس میں ردیف ’ث‘ تک کی غزلیات ہیں۔ سلطان عبداللہ کے دیوان میں حمد و نعت اور منقبت عید مولود نبی، عید رمضان، عید غدیر، بسنت، نوروز، مرگ، ٹھنڈ کالا، دھُپ کالا وغیرہ موضوعات پر مسلسل غزلیں، غزلیں اور ریختیاں بھی ہیں۔ منقبت حضرت علیؓ، جشن عید اور عشرت محل کی تعریف میں قصیدے بھی۔ ٭۱۴ غزلوں کے علاوہ اس نے صاحبِ کتابِ نورس ابراہیم عادل شاہ ثانی کی طرح راگ راگنیوں پر مبنی گیت بھی لکھے۔ اس کے دیوان میں چار نعتیں ملتی ہیں جن میں ایک توصیفی ہے، دو مولود نبی پر لکھی گئی ہیں اور چوتھی کا موضوع ’’دینِ محمد کا دن‘‘ ہے۔ پہلی نعت کا انداز توصیفی ہے۔ اس میں عبداللہ قطب شاہ آں حضرتﷺ کو بوقت ولادتِ پیغمبری عطا کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’’سارے فرشتے زمین پر اتر آئے۔ دنیا آپ پر ایمان لے آئی۔ فرشتے آپ کا دم بھرتے ہیں اور ستارے آپ پر تصدق ہوتے ہیں۔ ‘‘ سلطان عبداللہ کہتا ہے کہ آپ اوتار ہو کر آئے ہیں اس لیے کوئی آپ کو پوجتے تھکتا نہیں۔ آں حضرتﷺ کی رسالت کے لیے ’’اوتار‘‘ کا لفظ مناسب نہیں ہے۔ اسی طرح آپ کی توصیف میں پوجنے کا لفظ بھی محل نظر ہے۔
خدا پیغمبری دے کر محمد کوں جو سرجایا
ملک کل برز میں آیا جگ ایماں اس اپر لیایا
ملک اس کاچ دم ماریں، ستارے آپسیں واریں
نہ کوئی اس پوجنے ہاریں کہ وواوتار ہو آیا
یہ نعت غزل کی ہیئت میں ہے لیکن اس میں سلطان عبداللہ نے داخلی قوافی بھی استعمال کیے ہیں جس کی وجہ سے اشعار کی صوتی جھنکار اور موسیقیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آں حضرتﷺ کے معجزات کے ضمن میں سلطان عبداللہ نے میلاد ناموں کی عام روایات سے استفادہ کیا ہے۔ کہتا ہے ’’آپ کے نام مبارک سے مردے زندہ ہو گئے۔ آپ کا سایہ نہیں تھا، آپ پر دھوپ نہیں پڑتی تھی بلکہ ابر ہمیشہ آپ پر سایہ فگن رہتا اور آپ کے ساتھ حرکت کرتا تھا۔
جلاوے جیو کوں اس کا ناوں، بل بل میں نت اس پر جاؤں
کہ کوئی روئے زمین پر چھاؤں اس کے قد کی نئیں پایا لٹکتا وو جدھر جائے بدل چھتر ہو سر چھاوے
نہ مکھ دھوپ اس کو دکھلاوے ہے اس کا سب اپر سایا
سلطان عبداللہ کو موسیقی سے بڑی رغبت تھی۔ اس نے شاعری میں بھی ترنم اور آہنگ پر خاص توجہ دی ہے۔ ڈاکٹر جمیل جالبی ارقام طراز ہیں:
عبداللہ موسیقی کا احساس پیدا کرنے کے لیے لفظوں کو سجا کر استعمال کرتا ہے، بہت سی غزلوں میں صنعت لزوم مالایلزم کا استعمال کیا گیا ہے۔ ہر مصرعے میں ہم قافیہ الفاظ کے استعمال سے ایک لَے، ایک جھنکار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عبداللہ کے دیوان میں غزلیں اسی صنعت میں ملتی ہیں۔ ٭۱۵
جمیل جالبی کا یہ مشاہدہ بالکل درست ہے۔ ذیل کی نعت میں بھی موسیقی کو شاعری سے ملانے کا عمل نظر آتا ہے۔
لَکھ فیض سوں پھر آیا دن دین محمد کا
آفاق صفا پایا دن دین محمد کا
اسلام کرا تارا آیا جو نکل بھارا
چھپ کفر گیا سارا دن دین محمد کا
قرینہ بتا رہا ہے کہ یہ نعت ’’دین محمد کے دن‘‘ کی آمد پر لکھی گئی ہے۔ اس عید کے بارے میں کتب تواریخ خاموش ہیں۔ غالباً ’’دین محمد کا دن‘‘ وہی تقریب ہے جسے کلیات محمد قلی قطب شاہ میں ’’عید بعثت نبی‘‘ کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ جمیل جالبی نے اس نعت کی غنائیت کو سراہا ہے لیکن انھوں نے اس کی ہیئت پر توجہ نہیں دی۔ یہ نعت غزل کی ہیئت میں نہیں ہے۔ اس کا ہر شعر جداگانہ قافیے میں ہے۔ لیکن تمام اشعار ایک ہی وزن اور ایک ہی بحر میں ہیں اور سب کی ردیف بھی ایک ہی ہے۔ قدیم دکنی مخطوطات میں اس قسم کی نظمیں ملتی ہیں جن میں قافیے کی بجائے ردیف کی پابندی کی جاتی ہے۔ گویا یہ ایک طرح کی ’’مختلف القافیہ مردف غزل‘‘ ہے۔ اس نعت کے ہر شعر میں سلطان عبداللہ نے تین تین قافیے لائے ہیں۔ بدلتے ہوئے قافیوں کا زیر و بم ایسا ہے کہ نعت میں ایک خاص نغمگی اور بہاؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ غالباً اسی نغمگی اور نشاطیہ آہنگ کو برقرار رکھنے کے لیے قافیے کی پابندی سے انحراف کیا گیا ہے۔
یو عید ہمن ساجے نصرت کے بجیں باجے
ہے جگ کے نبی دن دین محمد کا
گلشن میں شریعت کے پھُل کھیلے طریقت کے
پر مل سوں حقیقت کے دن دین محمد کا
روشن ہوے اسماناں، جھمکائے رتن کھاناں
حظ لیویں مسلماناں دن دین محمد کا
عبداللہ قطب شاہ نے میلاد النبی پر دو غزلیں لکھی ہیں۔ جن میں آں حضرتﷺ کی ولادت پر خوشی و مسرت کے جذبات اور اس عید کی برکتوں اور شادمانیوں کا اظہار کیا گیا ہے۔ عبداللہ قطب شاہ یہ عید نہایت اہتمام سے مناتا تھا۔ ’حدیقۃ السلاطین‘ میں عید میلاد کے جشن کی روداد موجود ہے۔ ذیل میں عبداللہ کی نعتیہ غزلوں کا مطلع و مقطع درج کیا جاتا ہے:
جھلک مولود کا بھی جگ میں آیا
جگت سب اس جھلک تے جگمگایا
نبی کے صدقے عبداللہ سلطان
مبارک یو خوشی خوش ہو گنایا
نبی مصطفی کا جو مولود آیا
جہاں صاف ہو سربسر جگمگایا
نبی کاہوں میں سیوکی خاص تویوں
ہو سلطان عبداللہ جگ من کوں بھایا٭۱۶
’’محمد قلی کی طرح عبداللہ کی غزل کا ہر مقطع نبی صدقے سے شروع ہوتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو نبی کا ’داس‘ اور ’سیوکی‘ کہتا ہے۔ دُنیوی ترقی شاہانہ وقار، شاعری میں جادو بیانی، عیش کوشی اور وصلِ محبوب کو بھی وہ نبی کا صدقہ قرار دیتا ہے۔ ‘‘ ٭۱۷
شاہ عبداللہ جو ہے حضرت نبی سیوکی
ہر گھڑی صلوٰت بھیجے دیکھ تیرا جمالا
میں عبداللہ ہوں داس اس کا
دھروں دوجگ میں آس اس کا
بھنور ہو لیوؤں باس اس کا
محمد ہو مجھے بھایا
صدقے نبی کے شاہ نول عبدلا ہو توں
مقصود ہور مراد سیتی کامیاب تھا
نبی کے صدقے عبداللہ سداتوں شکر کر اس کا
جکوئی تج کوں نوازیا ہور شاہی کا ہدا دیتا
ملیا سیج پر تج سوں موہن پیاری
نبی صدقے عبداللہ سلطان پیارا
نبی کے صدقے عبداللہ شہ لاکھ آرزو سیتی
لیا ہے ٹوٹ کر اے دھن میٹھا گڑ تیرے لب کا سب
مغل شہنشاہ اورنگ زیب نے بیجاپور کی عادل شاہی سلطنت گولکنڈہ کی قطب شاہی حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ اورنگ زیب کی فتوحاتِ دکن کے نتیجے میں یہ سارا علاقہ عظیم تر مغلیہ سلطنت میں ضم ہو گیا۔ یہاں مغل شہنشاہوں کی جانب سے صوبیدار مقرر کیے جانے لگے۔ نواب میر قمرالدین خان نظام الملک آصف جاہ اول جو محمد شاہ رنگیلے کے وزیر السلطنت تھے بادشاہ کی عیش پرستی اور اہلِ دربار کے ریشہ دوانیوں سے بد ظن ہو کر دکن چلے آئے جہاں وہ فرخ سیر کے زمانے میں صوبے دا رہ چکے تھے۔ یہاں انھوں نے مغل صوبیدار مبارز خان کو شکست دے کر ۱۱۳۶ھم ۱۷۲۴ء میں مملکت آصفیہ کی بنیاد رکھی۔
نظام الملک نہایت دانش مند، بلند حوصلہ اور سیاس حکمران تھے انھوں نے اورنگ زیب کی آنکھیں دیکھی تھیں۔ انھیں معقول و منقول اور فقہ و اصول میں بھی مہارت حاصل تھی وہ عربی و فارسی اور ترکی زبانوں میں ملکہ رکھتے تھے۔ وہ بڑے علم دوست تھے۔ شعر و سخن کا بھی اعلیٰ ذوق رکھتے تھے۔ شاعری میں مرزا عبدالقادر بیدل سے اصلاح لیتے تھے۔ فارسی میں دو ضخیم دیوان ان سے یادگار ہیں۔ یہ دیوان آصف سابع کے حکم سے شائع ہو چکے ہیں۔ ابتدا میں شاکر اور بعد میں آصف تخلص کرتے تھے۔ ان کی شاعری کا بیشتر حصہ تصوف و معرفت کے مضامین اور وحدت الوجودی خیالات سے مملو ہے۔ ان کے کلام میں نعتوں کے علاوہ غزلوں میں بھی نعتیہ اشعار ملتے ہیں۔ پہلے نعت کے کچھ اشعار دیکھیے جو غزل کی ہیئت میں ہیں۔ ان میں رحم و کرم اور لطف و عنایت کی درخواست کے ساتھ آپ کے اسم مبارک کے ورد آپ کی بارگاہ پر جبہ سائی کے ذوق و شوق کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان اشعار میں دیدار کی تمنا اور پابوسی کی آرزو بھی مچلتی نظر آتی ہے۔ نعت کی فضا جذبہ و اثر اور عقیدت و اخلاص سے رچی ہوئی ہے۔
رحم و لطف ساز یارم یا محمد تاج دین
از عنایت سازگارم یا محمد تاج دیں
دانہ تسبیح باشددلبدست شوق من
نام پاکت می شمارم یا محمد تاج دیں
جبہ سائیدن نجاکِ درگہ نورانیت
میفز اید اعتبارم یا محمد تاج دیں
چہرہ نورانی خود را نما خورشیدوار
بردرت در انتظارم یا محمد تاج دیں
خاک راہت گشتہ ام درآرزوے پاے بوس
درہو ائے تو غبارم یا محمد تاج دیں
پیش الطاف تو آصف قائل ازجان و دلست
جز تو دیگر من کہ دارم یا محمد تاج دیں ٭۱۸
درج ذیل نعتیہ اشعار میں بھی عشق و عقیدت کی کارفرمائی محسوس ہوتی ہے:
باشد بلند ہمچو علم در صف نماز
درگوش اہل سجدہ اذانِ محمدی
در رُتبہ اَش تنزل دیگر ضرورشد
عیسیٰ چوگفت بعدِ من است اِسم احمدی
ہرجا کہ میروی بیت آصف گرفتہ است
تو مقتدائے وقتے و مائم مقتدی٭۱۹
آں حضرتﷺ کی لائی ہوئی شریعت کی اہمیت اور اس پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کا اندازہ دیکھیے:
شاکر چوشرع پاک نبی حکم ایزد است
بے رخصت رسول مکن ہیچ کار را
آصف بنود مستئی ما از مے دیگر
مستیم درین میکدہ از جام محمد٭۲۰
نظام الملک آصف جاہ اول کے انتقال کے بعد ان کے فرزند دوم میر احمد خاں نظام الدولہ ناصر جنگ ۱۱۶۱ھ میں سریر آرائے سلطنت ہوئے ’’نواب ناصر جنگ کو شعر و شاعری کا ذوق اپنے والد ماجد سے ورثے میں ملا تھا آفتاب اور ناصر تخلص کرتے تھے۔ فارسی میں مرزا صائب کا تتبع کرتے تھے جس کی نسبت کئی جگہ اظہار بھی کیا ہے۔ ان کی سخن فہمی کا تذکروں میں ذکر ہے۔ فارسی کے علاوہ اُردو میں بھی شعر کہتے تھے۔ ‘‘ ٭۲۱
۱۱۶۴ھ میں فرانسیسیوں کی شہ پر ناصر جنگ کے بھانجے مظفر جنگ نے علم بغاوت بلند کیا جسے فرو کرنے کے لیے وہ ارکاٹ گئے اور وہیں میدان جنگ میں شہید ہو گئے۔ ناصر جنگ فارسی کے بلند پایہ سخنور تھے (شاعری میں انھیں اس دور کے شہرہ آفاق شاعر و ادیب۔ غلام علی آزاد بلگرامی سے تلمذ حاصل تھا) صاحب تذکرہ شعرائے دکن اطلاع دیتے ہیں کہ ناصر جنگ کے تین دیوان ہیں جو نواب میر محبوب علی خاں آصف جاہ سادس کے حکم سے شائع ہو چکے ہیں۔ ٭۲۲ ناصر جنگ کے تینوں دواوین میں نعتیہ اشعار ملتے ہیں جو حضور اکرم سے ان کی دلی عقیدت و وابستگی کا مظہر ہیں۔ ایک مقام پر انھوں نے حمد میں نعت کی گنجائش نکالی ہے۔ حق تعالیٰ کے بے پایاں الطاف و عنایات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ہمارے لیے اس سے بڑھ کر اعزاز اور کیا ہو گا کہ حق نے محمد مصطفیﷺ جیسے برگزیدہ رسول کو ہمیں دینِ اسلام کی دعوت پہنچانے کے لیے مبعوث فرمایا۔ اس نے آپ کے دین کی حقانیت روشن کرنے کے لیے آپ کے ذریعے چاند کو دو نیم کر دکھایا۔
چہ باشد بہر مازیں بیش عزت
فرستادے بدعوت مصطفی را
بود روشن دلیل دین پاکش
کہ شد شق القمر زو آشکارا٭۲۳
بروز قیامت آں حضرتﷺ کی شفاعت کے حصول کا کس پُر اعتماد لہجہ میں اظہار کیا ہے۔
امید عفو جرائم بود مرا ازحق
کہ ہست احمد مختار غدر خواہ مرا٭۲۴
ایک جگہ کہتے ہیں اگر آں حضرتﷺ کا اسم مبارک سن لے تو آتش دوزخ بھی اپنی حدت ختم کر دے گی جب میں نے نامِ احمد لکھا تو حروف کی مٹی سے گلاب کی خوشبو مہکنے لگی۔
نام احمد گر رسد در سمع او
آتش دوزخ نشنیدز التہاب
کر دہ ام چوں نام احمد را رقم
از گل حرفم،د مد بوئے گلاب٭۲۵
ناصر جنگ کا نعتیہ کلاب محض رسمی نہیں ہے اس میں حقیقی جذبات و واردات کا عکس نظر آتا ہے۔ خلوص عقیدت کے سبب ان کے اشعار میں ایک خاص کیف و آہنگ اور روانی و جوش کا احساس ہوتا ہے۔
مندرجہ بالا قطعہ غالباً سعدیؒ کے مشہور نعتیہ قطعہ بلغ العلیٰ بکمالہ … کے جواب میں لکھا گیا ہے۔ دیوان سوم کی ایک نعت کے چند اشعار ملاحظہ ہوں:
زہے شمشیر عزمت آفتابی
کزودین شد منور ماہتابی
نبو دونیست باشد چوں محمد
بہ تخت خسروے عالی جنابی
محمد نورعین و عین نور است
بود ہر ذرّۂ او آفتابی٭۲۷
آقائے نامدار کے طریق و سنن کی عظمت و اہمیت کا کس قدر شدید و گہرا احساس ان اشعار میں پنہاں ہے:
تو گرغبارہ مصطفی شوی ناصر
بچشم اہل نظر رشک تو تیاباشی٭۲۸
بغیر از جادہ شرعِ محمد
بہرہ رہ میروی نفرندہ باشی٭۲۹
ناصر جنگ کے آخری شعر میں حضرت سعدیؒ کے درج ذیل شعر کا پرتو نظر آتا ہے۔
خلاف پیمبر کسے رہ گزید
کہ ہرگز بمنزل نہ خواہد رسید
صاحبِ ’’تحفۃ الشعراء‘‘ کا بیان ہے کہ ناصر الدولہ کبت اور دوہرے بھی لکھتے تھے۔ انھوں نے ناصر الدولہ کا ایک نعتیہ کبت بھی نقل کیا ہے جو درج ذیل ہے:
حضرت رسول اللہ کی رحمۃ للعالمین
شاہنشاہ تاج الانبیا مرشد الکاملین
جگ نستارن کام توارن ناصرالمومنین
احمد تم بن شفاعت جاہت شفیع المذنبین٭۳۰
یہ عجیب اتفاق ہے کہ آصف جاہی خاندان کے پہلے دو حکمران شاعر تھے یعنی نظام الملک آصف جاہ اوّل اور ناصر جنگ شہید، ان کے بعد آخری دو حکمران شاعر ہوئے یعنی نواب میر محبوب علی خاں آصف جاہ سادس اور نواب میر عثمان علی خاں آصف جاہ سابع، درمیانی فرمانروا شاعر نہیں تھے۔ مملکت آصفیہ حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے چھٹے شہریار نواب میر محبوب علی آصف جاہ سادس (۱۲۸۵ھ تا ۱۳۲۹ھ) شعر و سخن کا کڑھا ہوا ذوق رکھتے تھے۔ شاعری میں انھیں مرزا داغ دہلوی سے تلمذ حاصل تھا۔ اپنے جد اعلیٰ نظام الملک آصف جاہ اول کی طرح یہ بھی آصف تخلص کرتے تھے۔ ڈاکٹر زور اطلاع دیتے ہیں کہ ان کا دیوان اور کلام چھپ چکا ہے۔ ٭۳۱ لیکن راقم الحروف کی تحقیق کے مطابق ان کا دیوان نہیں چھپا۔ یہی خیال جناب سیّد محمد نقی رضوی کا ہے جنھوں نے ’’مرقع سخن‘‘ میں ’’میر محبوب علی خاں آصف جاہ سادس‘‘ پر مضمون لکھا ہے۔ وہ لکھتے ہیں: ’’آصف کا دیوان چھپ جاتا تو اس میں شک نہیں کہ ادب اُردو کا قابل قدر سرمایہ سمجھا جاتا اور یہ بھی معلوم ہوتا کہ انھوں نے کس کس صنف سخن میں طبع آزمائی کی ہے۔ ‘‘ ٭۳۲ محبوب علی خان آصف کی قادرالکلامی کے بارے میں عبدالجبار خان صوفی ملکاپوری لکھتے ہیں: ’’آپ کو نظم کلام میں قوت مستحضرہ حاصل ہے۔ انواع کلام کے ہر ایک نوع کو آسانی سے موزوں کر سکتے ہیں۔ ‘‘ ٭۳۳ اس میں شک نہیں کہ آصف ایک پرگو شاعر تھے۔ غزلیات کے علاوہ انھوں نے موضوعاتی نظمیں، سلام اور رباعیاں بھی لکھی ہیں۔ ان کا کلام حیدرآباد سے شائع ہونے والے گل دستے محبوب الکلام میں پابندی سے شائع ہوتا تھا۔ کافی تلاش کے باوجود آصف کے صرف تین نعتیہ شعر دستیاب ہوئے جو درج ذیل ہیں:
روز محشر پرسش اعمال ہو گی جب مری
یا نبی دوں گا دہائی پر دہائی آپ کی٭۳۴
آصف سے ہم نے پوچھا جو مذہب تو یہ کہا
ہم ہیں غلام پنجتن و چار یار کے٭۳۵
محبوب حق کی زلف وہ ہے جس کے واسطے
مژگاں کو اپنی حوا نے بھی شانہ کر دیا٭۳۶
مملکت حیدرآباد کے آخری تاجدار میر عثمان علی خاں آصف سابع تھے۔ یہ میر محبوب علی خاں غفران مکان کے فرزند تھے۔ ۱۳۲۹ھ (۱۹۱۱ء) میں مسند آصفی پر متمکن ہوئے۔ آصف سابع کا عہد حکومت ملکی نظم و فسق کی اصلاح و ترقی، رفاہ عام کے کاموں اور علوم و فنون کے شیوع و فروغ کے حوالے سے دکن کی تاریخ کا سنہرا دور کہلاتا ہے۔ آصف سابع نے تعلیم کو عام کرنے میں بڑی دلچسپی لی۔ جامعہ عثمانیہ، دارالترجمہ اور شعبہ تصنیف و تالیف ان کے ایسے علمی کارنامے ہیں جنھیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آصف سابع کو اُردو، فارسی اور عربی کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی مہارت حاصل تھی۔ سلطان العلوم آصف سابع کو اُردو شاعری کا ذوق ورثے میں ملا تھا۔ اوائل عمری سے ہی شعر کہتے تھے۔ ابتدا میں داغ کو اپنا کلام دکھایا ان کے انتقال کے بعد فصاحت جنگ جلیل سے مشورہ سخن جاری رکھا۔ وہ اُردو و فارسی میں عثمان اور ہندی میں سابع تخلص کرتے تھے۔ آصف سابع نے غزل، نظم، قطعہ، رباعی، حمد، نعت، سلام اور مرثیہ کے علاوہ گیت اور ٹھمریاں بھی لکھیں۔ وہ نہایت پرگو سخن ور تھے۔ ان کے ضخیم دیوان کی چھ جلدیں جو ساڑھے سات سو غزلیات کو محتوی ہیں ۱۳۳۷ھ تک شائع ہو چکی تھیں۔ اس کے علاوہ تریسٹھ نعتیہ قصائد کا مجموعہ ’’وسیلہ نجات‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔ دواوین اور نعتیہ مجموعہ اب نایاب ہے۔ ۱۹۷۵ء میں نظام پوئم ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’انتخاب کلام آصف سابع‘‘ شائع ہوا جس کا مقدمہ پروفیسر رشید احمد صدیقی نے زیب قلم کیا تھا۔ عشقیہ شاعری کی طرح آصف سابع کا نعتیہ کلام بھی خاصے کی چیز ہے۔ جس میں زبان کی صفائی اور روزمرہ کے لطف اور خیال بندی کے علاوہ حضورِ اکرم سے دلی وابستگی، عقیدت و احترام، توصیف و مدحت، قرینہ ادب، آرزوئے دیدار، تمنائے شفاعت، صلوٰۃ و سلام اور غلامانہ عرض و معروض کا انداز ملتا ہے۔ آصف سابع کے ہر دیوان کا افتتاح نعت سے ہوتا ہے۔ ذیل میں ان کے پانچ دواوین سے نعتیہ اشعار کا انتخاب دیا گیا ہے۔ چھٹا دیوان دستیاب نہیں ہو سکا۔
دیوان اوّل:
نازاں ہیں اس عطا پہ غلامانِ مصطفی
ہم کو دیا رسول تو خیرالبشر دیا٭۳۷
یہ شعر کہتے وقت آصف سابع نے اپنے جد بزرگ ناصر جنگ کا یہ نعتیہ شعر پیش نظر رکھا ہو گا:
چہ باشد بہر مازیں بیش عزت
فرستادی بدعوت مصطفی را
دیوان دوم:
ہم گنہ گاروں کو مشکل ہے خدا کا سامنا
حشر میں ہو کاش پہلے مصطفی کا سامنا
کر سکے کب چاند اس بدرالدجیٰ کا سامنا
کر سکے سورج نہ جس شمس الضحیٰ کا سامنا
ہوں بہت مشاق یا رب اس جمال پاک کا
خواب ہی میں ہو کبھی خیرالوریٰ کا سامنا
خاتمہ بالخیر ہو عثمان کا ربِ غفور
نامِ احمد لب پہ ہو جب ہو قضا کا سامنا٭۳۸
دیوان سوم:
سرتاج انبیا کے ہیں حق کے حبیب ہیں
میں کیا کہوں کہ مرتبہ مصطفی ہے کیا
بدعت سے پاک شرک کا کھٹکا نہیں ذرا
عثمان طریق سنتِ خیرالوریٰ ہے کیا٭۳۹
دیوان چہارم:
نام پر حضرت کے کہتا ہے خدا صل علیٰ
مرحبا صل علیٰ اے مرحبا صل علیٰ
آسماں سے بھیجتے ہیں جب ملائک تک درود
تو بھی اے دل ورد رکھ صبح و مساصل علی
جب سنے نام محمد بھیج تو فوراً درود
اسمِ والا سے نہ کر ہرگز جد اصل علی٭۴۰
دیوان پنجم:
مصطفی درجہاں ہوے پیدا
شاہ آخر زماں ہوے پیدا
شکر صد شکر آج صل علی
سرور انس و جاں ہوے پیدا
نور سے روشنی جہاں میں ہوئی
شاہ کون و مکاں ہوے پیدا٭۴۱
وسیلہ نجات:
آستان مصطفی پر میں نے جب سر رکھ دیا
رحمت باری نے اپنا ہاتھ سر پر رکھ دیا
قدسیوں نے جب شبِ معراج دیکھا آپ کو
پاے اقدس پر سر تسلیم جھک کر رکھ دیا
آگیا وقت تلاوت روئے حضرت خیال
سامنے قرآں کے قرآں کس نے لاکر رکھ دیا٭۴۲
پابوسیِ حضور کی دولت مجھے ملی
قائل ترا میں آج ہی دستِ دُعا ہوا
ایمان ملا نجات ملی فضل حق ملا
دربار فیض سے مجھے کیا کیا عطا ہوا٭۴۳
نعتیہ شاعری کے لوازمات میں نبی اکرم سے عشق و محبت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ آپ کی ذاتِ گرامی سے والہانہ محبت، عقیدت اور شیفتگی کے بغیر نعت نہیں لکھی جا سکتی۔ یہ لگاؤ اور وابستگی جس قدر پختہ اور راسخ ہو گی اسی قدر نعت میں کیف و سرور اور سوز و گداز کی کیفیت پیدا ہو گی۔ شاہانِ دکن کی نعتیہ شاعری کے مطالعہ سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ان کی نعت گوئی کا تخلیقی پس منظر اور محرکِ اساسی آقائے نامدار کی محبت و عقیدت ہے۔ آں حضرتﷺ کی ذات والا سے انھیں ایسی ہی عقیدت ہے جیسی عام مسلمانوں کو ہوتی ہے۔ آپ کی بارگاہ میں یہ سلاطین اسی طرح فدویت و فدائیت، مجبوری و بیکسی اور عجز و درماندگی کا اظہار کرتے ہیں جیسے عام نعت گو شعرا کرتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نعت کہتے وقت ان کے ذہنوں سے اپنا شاہانہ کروفر، درباری شان و شوکت، ملک و دولت اور شکوہ و سطوت مرخص ہو جاتا ہے اور وہ عام نعت گو شاعروں کی مانند پوری عقیدت و تعظیم کے ساتھ بارگاہِ رسالت میں گل ہائے نیاز نچھاور کرتے اور ہدیہ نعت و توصیف گزرانتے ہیں۔ وہ اپنی شاہی پر نہیں بلکہ آں حضرتﷺ سے نسبت غلامی پر ناز کرتے ہیں۔ شہنشاہِ کونین کے ان تاجدار غلاموں نے اپنی نعتوں میں آپ کی ذاتِ اقدس کے جن پہلوؤں کی عمومی طور پر توصیف و ستائش کا موضوع بنایا ہے وہ یہ ہیں:
مولودِ نبی، آپ کا وجہ تخلیق و کائنات ہونا، آپ کا نور من نور اللہ ہونا، آپ کا خاتم النّبیین اور رحمۃ للعالمین ہونا، آپ کے معجزات مثلاً شق القمر، شرف معراج، رحمت و شفاعت، تمنائے دیدار، صلوٰۃ و سلام اور اپنے مسائل و پریشانیوں کے سلسلے میں آں حضرتﷺ سے استغاثہ اور استمداد وغیرہ۔ آپ کی سیرت کے دیگر اہم پہلوؤں جیسے مقصد نبوت، پیام رسالت، تمدن و معاشرت پر آپ کے احسانات، قانون و آئین، عدل و انصاف، سیاست و ریاست اور اخلاق کی بابت آپ کی تعلیمات وغیرہ پر قدیم نعت گو شعرا کی طرح شاہانِ دکن نے بھی توجہ نہیں کی ہے۔ یہ موضوعات جدید نعتیہ شاعری کا امتیاز ہیں۔ شاہانِ دکن کی نعتیہ شاعری کے پس پردہ خیر جوئی، برکت طلبی اور حصولِ شفاعت کے محرکات کارفرما ہیں۔ ان سلاطین کی نعت گوئی کا انداز توصیفی ہے۔ فن نعت گوئی کو وسعت دینے اور اس کی روایت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں شاہانِ دکن کی نعتیہ شاعری بھی اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے اور جامع مطالعہ و تحسین کی مستحق ہے۔ ٭۴۴

حوالے و حواشی

٭۱۔ کلام الملوک، مصنفہ میر سعادت علی رضوی، حیدرآباد۔ ۱۳۵۷ھ۔ ص۶ و نیز ص۱۳۔ ۱۰
٭۲۔ پروفیسر عبدالمجید صدیقی، مقدمہ تاریخ دکن، حیدرآباد۔ ۱۹۴۰ء۔ ص۶۹
٭۳۔ پروفیسر عبدالقادر سروری، اُردو کی ادبی تاریخ، حیدرآباد۔ ۱۹۶۸ء۔ ص۸۷
٭۴۔ بحوالہ ’’کتاب نورس‘‘ مرتبہ پروفیسر نذیر احمد طبع ثانی، بنگلور۔ ۱۹۹۸ء۔ ص۶۶۔ ۶۵
٭۵۔ سیّد مبارزالدین رفعت مرتب علی عادل شاہ ثانی شاہی، مصنف کلیات شاہی، حیدرآباد، ۱۹۶۲ء، مقدمہ ص۱۸
٭۶۔ مولوی عبدالحق، نصرتی، دہلی۔ ۱۹۸۸ء، ص۲۴۷
٭۷۔ ڈاکٹر ریاض مجید، اُردو میں نعت گوئی، لاہور۔ ۱۹۹۰ء، ص۱۸۶
٭۸۔ ایضاً و ڈاکٹر محمد اسماعیل آزاد فتح پوری، اُردو شاعری میں نعت، لکھنو ۱۹۹۲ء، ص۱۰۰
٭۹۔ ڈاکٹر زور، سلطان محمد قلی قطب شاہ، حیدرآباد۔ ۱۹۴۰ء، ص۱۶۰
٭۱۰۔ کلام الملوک۔ ص۶۰۔ ۵۹
٭۱۱۔ ایضاً۔ ص۶۰
٭۱۲۔ ایضاً۔ ص۱۱۱
٭۱۳ ایضاً۔ ص۷۴۔ ۷۳
٭۱۴۔ ڈاکٹر محمد علی اثر، مرتب دیوان عبداللہ قطب شاہ، حیدرآباد۔ ۲۰۰۰ء۔ مقدمہ ص۲۳
٭۱۵۔ ڈاکٹر جمیل جالبی، تاریخ ادب اُردو، جلد اوّل، دہلی ۱۹۷۷ء۔ ص۴۵۹
٭۱۶۔ دیوان عبداللہ قطب شاہ۔ ص۴۵
٭۱۷۔ ڈاکٹر محمد علی اثر۔ دکنی غزل کی نشوونما، حیدرآباد۔ ۱۹۸۶ء۔ ص۱۷۲
٭۱۸۔ بحوالہ محبوب الزمن تذکرہ شعرائے دکن، جلد اوّل۔ ص۵۳
٭۱۹۔ بحوالہ محبوب الزمن۔ جلد اوّل۔ ص۹۵
٭۲۰۔ ایضاً۔ جلد دوم۔ ص۶۵
٭۲۱۔ ڈاکٹر یوسف حسین خان، تاریخ دکن، حیدرآباد۔ ۱۹۴۴ء۔ ص۲۵۵۔ ناصر جنگ کے دوسرے تخلص آفتاب کا ذکر صرف ڈاکٹر یوسف حسین خان نے کیا ہے۔ ’دکن میں اُردو‘ (نصیر الدین ہاشمی) داستانِ ادب حیدرآباد (ڈاکٹر زور) اور تذکرۂ شعرائے دکن (عبدالجبار خاں صوفی ملکاپوری) میں اس کا ذکر نہیں ہے۔
٭۲۲۔ تذکرہ شعرائے دکن۔ جلد دوم۔ ص۱۱۰۴
٭۲۳۔ دیوان ناصر، مطبوعہ در مطبع رکاب سرکار بندگان عالی، پرانی حویلی حیدرآباد۔ ۱۳۰۱ھ۔ ص۹۷
٭۲۴۔ ایضاً۔ ص۱۵۶
٭۲۵۔ تذکرہ شعرائے دکن۔ جلد دوم۔ ص۱۱۰۷
٭۲۶۔ ایضاً۔ ص۱۱۰۹
٭۲۷۔ دیوان ناصر جنگ، دیوان سوم، حیدرآباد ۱۳۰۱ھ۔ ص۴۶۶
٭۲۸۔ ایضاً۔ ص۴۶۵
٭۲۹۔ ایضاً۔ص ۴۰۵
٭۳۰۔ مرزا افضل بیگ خان قاقشال مصنف ڈاکٹر حفیظ قتیل مرتب، تحفۃ الشعرا حیدرآباد۔ ۱۹۶۱ء۔ ص۸۶
٭۳۱۔ ڈاکٹر زور، داستان ادب، حیدرآباد۔ ۱۹۸۲ء۔ ص۲۵۳
٭۳۲۔ بحوالہ مرقع سخن، مدیر عمومی ڈاکٹر زور، مضمون نگار سیّد محمد نقی رضوی، حیدرآباد۔ ۱۹۳۷ء
٭۳۳۔ تذکرہ شعرائے دکن۔ جلد اول۔ ص۱۰۴
٭۳۴۔ ایضاً۔ص ۱۵۲
٭۳۵۔ ایضاً۔ص ۱۴۷
٭۳۶ ایضاً۔ص ۱۲۴
٭۳۷۔ دیوان آصف سابع، جلد اوّل، حیدرآباد۔ ۱۳۳۵ھ۔ ص۱
٭۳۸۔ دیوان میر عثمان علی خاں آصف سابع، جلد دوم۔ حیدرآباد ۱۳۳۶ھ۔ ص۱
٭۳۹۔ دیوان آصف سابع، جلد سوم، حیدرآباد ۱۳۳۶ھ۔ ص۱
٭۴۰۔ ایضاً۔ جلد چہارم، ص۱
٭۴۱۔ ایضاً۔ جلد پنجم، ص۱
٭۴۳۔ بحوالہ ادبیات آصف سابع مرتبہ اختر واجدی، حیدرآباد۔ ص۲۵
٭۴۴۔ ایضاً۔

نقد و نظر

اَزہارِ مدینہ پر ایک نظر

محمد یحییٰ انصاری اشرفی

اَنصار مدینہ کو رب تبارک و تعالیٰ نے سب سے پہلے اپنے حبیب ﷺ کے استقبال پر با جماعت، بحالتِ قیام اور بآواز بلند اَزہار مدینہ نچھاور کرنے کا شرف عطا فرمایا۔ اَنصار مدینہ کی یہی اوّلین نعت گو نوخیز کلیاں تھیں جو اپنے مکان کی چھت سے جَشن آمدِ مصطفی ﷺ مناتے ہوئے یہ اشعار گنگنا رہی تھیں :
طلع البدر علینا من ثنیات الوداع
وجب الشکر علینا ما دعا للہ داع
رسول اللہ ﷺ کی تعریف کو نعت شریف کہا جاتا ہے۔ حضور ﷺ کی تعریف صرف مخلوق یعنی کائنات جنّ و انس اور ملائکہ مقربین ہی نہیں کرتے بلکہ خود اللہ تعالیٰ بھی ہمہ وقت آپ کی تعریف فرماتا ہے یہی وجہ ہے کہ سارا قرآن ہی آپ کی حمد اور بے پایاں تعریف و توصیف سے معمور ہے۔ محمد کے معانی ہیں بے عیب اور ہر طرح لائق حمد۔ ہر طرح تعریف کئے ہوئے، ہر وقت ہر زمانہ ہر زبان میں ثناء کئے ہوئے، خواہ یہ تعریف کسی ظاہری خوبی کی وجہ سے کی جائے یا کسی باطنی وصف کی بناء پر کی جائے۔ محمد کا مفہوم یہ ہو گا کہ وہ ذات جس کی بصورت استمرار ہر لمحہ ہر گھڑی نو بنو تعریف و ثناء کی جاتی ہو۔
غرض ہر نبی و رسول اُن کی مدح ثناء کا خطیب، اُن کی عظمت کا نقیب رہا، ہر پیغمبر اُن کی اُلفت ومحبت سے خوش نصیب رہا۔ ۔ ۔ کوئی کچھ نہیں جانتا اور کچھ نہیں بتا سکتا کہ وہ کھِلتا اور ہنستا ہوا پھُول کتنا عجیب رنگ اور کیسی انوکھی خوشبو رکھتا ہے کہ چمن رسالت کا ہر ہر پرند اُس کی آرزو اور تمنا میں چہچہا رہا ہے اور اُس کی اُلفت و محبت کا دم بَھر رہا ہے۔
حضور نبی کریم ﷺ کی شانِ بے مثالی کا کیا کہنا، ایک مرتبہ حضرت جبرئیل امین علیہ السلام ، سلطان کونین کے دربار پُر عظمت میں حاضر ہوئے تو حضور ﷺ نے دریافت فرمایا کہ اے جبرئیل! آپ نے تو پوری دُنیا کی سیر کی، تمام پیغمبروں کا دربار دیکھا، ہر نبی و رسول کے جمال کا دیدار کیا، بڑے بڑے سلاطین حُسن و جمال کی شانِ جمال دیکھی، یہ تو بتائیے کہ میرا مثل و مثال بھی کہیں آپ کی نظروں سے کبھی گزرا؟ اس وقت حضرت جبرئیل امین علیہ السلام نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میں نے طبقات زمین کو اُلٹ پلٹ کر دیکھا، مشرق و مغرب کا کونہ کونہ اور شمال و جنوب کا گوشہ گوشہ دیکھا، بڑے بڑے حُسن و جمال والوں کی شان جمالی کے جلوے دیکھے مگر حضور آپ کے مرتبہ کا نہیں پایا۔
صحابی رسول حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسی مضمون کو کتنے انوکھے اور دلکش انداز میں نظم فرمایا ہے وہ ارشاد فرماتے ہیں:
وَاَجْمَلُ مِنْکَ لَمْ تَرَ قَطُّ عَیْنِیْ وَاَکْمَلُ مِنْکَ لَمْ تَلِدِ النِّسَاءِ
خُلِقْتَ مُبَرِّئً مِّنْ کُلِّ عَیْبٍ کَاَنَّکَ قَدْ خُلِقْتَ کَمَا تَشَاء،
یعنی اے حُسن و جمال کے تاجدار، احمد مختار، آپ سے بڑھ کر کوئی حُسن و جمال والا میری آنکھ نے کبھی نہیں دیکھا، آپ سے بڑا صاحبِ کمال تمام جہاں کی عورتوں کی آغوش میں کبھی کوئی نہیں پیدا ہوا۔ خالقِ حُسن و جمال نے آپ کو ہر عیب سے بَری اور پاک پیدا فرمایا ہے گویا آپ جس طرح چاہتے تھے خلاّق عالم نے آپ کی تخلیق فرمائی۔
درحقیقت بڑے بڑے بادشاہانِ زبان و قلم بھی آپ کی شانِ جمالی و بے مثالی کی منظر کشی نہیں کر سکے۔ حضرت بلبلِ شیراز سعدی علیہ الرحمہ نے میدانِ نعت میں طبع آزمائی کی تو یہ کہہ کے خاموش ہو گئے
یَا صَاحبَ الجَمَالِ وَیَا سَیِّدَ الْبَشَر، مِنْ وَّجْہِک الْمُنِیرِ لَقَ دْ نُوِّر الْقَمَرْ
لَایُمْکِنُ الثَّناءُ کَم ا کَانَ حَقہٗ ، بعد از خُدا بزرگ توئی قصہ مختصر
یعنی اے حُسن و جمال کے مالک، اور اے نوعِ انسانی کے سردار! آپ کے روئے مُنیر سے چاند بھی نور کی بھیک مانگتا ہے اور بلا شبہ چاند کو بھی آپ ہی کے نور سے روشنی ملی ہے ورنہ چاند کی حقیقت ہی کیا ہے؟ اور نورِ جمال محمدی سے چاند کو کیا نسبت؟
چاند سے تشبیہ دینا یہ بھی کیا انصاف ہے
لاَ یُمْکِنُ الثَّنَاءُ کَمَا کَانَ حَقہٗ
چاند میں تو داغ ہیں اور اُن کا چہرہ صاف ہے
بعد از خُدا بزرگ توئی قصہ مختصر
یعنی آپ کی مدح و ثنا کماحقہٗ تو ممکن ہی نہیں ہے۔ بس مختصر بات یہ ہے کہ خُدا کے بعد سب سے زیادہ عزت و عظمت والے، بزرگی اور تقدس والے، اعزاز و اکرام والے، یا رسول اللہ ﷺ آپ ہی ہیں۔
حضرت بوصیری رحمۃ اللہ علیہ نے قصیدہ بردہ شریف میں فرمایا:
دع ما ادعتہ النصاریٰ فی نبیہم
والحکم بما شئت مدحاً فیہ واحتکم
یعنی اے مسلمان ! تو اپنے نبی کے بارے میں وہ بات تو مت کہنا جو نصاریٰ نے اپنے نبی کے بارے میں کہی۔ باقی اس کے سوا تو اپنے نبی کی مدح و ثناء میں جو کچھ بھی چاہے کہہ ڈال اور نہایت عزم اور یقین کامل کے ساتھ کہتا چلا جا۔ مطلب یہ ہے کہ نصاریٰ نے اپنے نبی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خُدا یا خُدا کا بیٹا کہا۔ مسلمان کے لئے ہرگز ہرگز یہ جائز نہیں ہے کہ وہ اپنے نبی کو خُدا یا خُدا کا بیٹا کہے، لیکن اس کے سوا بڑی سے بڑی تعریف و توصیف اور اونچی سے اونچی مدح و ثناء جو کچھ کر سکتا ہے وہ سب کچھ اپنے نبی ﷺ کی شان میں بے دھڑک کر سکتا ہے۔ انھیں خلیفۃ اللہ الاعظم کہو، مالکِ رقاب الاُمم کہو، ساقی کوثر، شافع محشر، مالک کونین، سلطانِ دارین، قاسم نعمت جنت، جو کچھ بھی کہا جائے سب جائز و درست ہے۔ بلکہ اُن کے درجات رفیعہ و مراتب جلیلہ کے لحاظ سے یہ سب کچھ کم ہی ہے۔
درحقیقت سچی بات تو یہ ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی مدح و ثنا کسی بشر سے کماحقہٗ ممکن ہی نہیں ہے اور یہ حق الیقین رکھیے کہ رحمۃ للعالمین کی مدح و ثنا سوائے رب العالمین کے کوئی کر ہی نہیں سکتا۔ بڑے بڑے عارفین و بزرگانِ دین نے نعت میں سخن گستری اور طبع آزمائی کی لیکن اپنے عجز و قصور کا اعتراف کرتے ہوئے قلم رکھ دیا اور دم بخود ہو گئے۔ سلطنت شاعری کے مسلم الثبوت بادشاہ حضرت جامی علیہ الرحمہ جو عشقِ رسول کی ایسی بلند منزل پر ہیں کہ اس منزلِ رفیع کا نظّارہ کرنے میں بڑے بڑے صاحبانِ رفعت کے سروں سے ٹوپیاں گر پڑتی ہیں۔ بارگاہِ رسول کی پُر عظمت جناب میں مدح و ثنا کا ہدیہ پیش کرنے کے لئے ہمت کی تو اتنا کہہ کر خاموش ہو گئے کہ
ہزار بار بشویم دہن زمشک و گلاب ہنوز نام تو گفتن کمال بے ادبی است
یعنی میں اگر ہزاروں مرتبہ مشک و گلاب سے کُلّیاں کر کے اپنا مُنھ صاف کر لوں پھر بھی میرا یہ مُنھ اس قابل نہیں ہو سکتا کہ تعریف تو کُجا؟ میں ایک مرتبہ حضور ﷺ کا نام مبارک بھی اپنی زبان پر لاسکوں۔ اسی طرح ایک دوسرے عاشقِ رسول نے کتنے والہانہ انداز میں عرض کیا ہے کہ :
مَا اِنْ مَدَحْتُ مُحَمَّداً بِمَقَالَتِیْ لٰکِن ْ مَدَحْتُ مَقَالَتِی ْ بِمُحَمَّدٍ
یعنی میں نے بہت کچھ حضور ﷺ کی مدح سرائی اور تعریف و توصیف میں لکھا اور کہا، لیکن میرا یہ اعتقاد و یقین ہے کہ میں نے اپنے ان کلمات سے حضور ﷺ کی ذرّہ برابر بھی نہ مدح کی ہے نہ کر سکتا ہوں بلکہ میرا مقصد تو صرف یہ ہے کہ حضور ﷺ کا نامِ نامی و اسم گرامی لے لے کر میں اپنے کلام کو اس قابل بنا لوں کہ وہ لائقِ تعریف و تحسین بن جائے۔ مظہر امام اعظم اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی فرماتے ہیں:
اے رضاؔ خود صاحبِ قرآں ہے مدّاح حضور
تجھ سے کب ممکن ہے پھر مدحت رسول اللہ کی
برادرِ طریقت محبی و عزیزی سید محمد محی الدین شاہ قیسؔ اشرفی سلمہ قابلِ مبارک باد ہیں جنہوں نے ازہار مدینہ کی شکل میں نعتیہ کلام کا حسین گلدستہ سجایا ہے۔ نعتیہ شاعری صرف زبان کا ذائقہ ہی نہیں بلکہ رُوح کی غذا بھی ہے۔ جسم مثل آئینہ ہے جس میں رُوحانی جلوے دِکھائی دیتے ہیں۔ رُوحانی غذا سے ہی رُوحانیت کا ارتقاء ہوتا ہے۔ اعمال سے زیادہ صحبت اثر کرتی ہے کیونکہ یہی پاکیزگی کا ذریعہ ہے۔ شیخ کی صحبت اور محبت سے ہی رُوحانی وَ باطنی فیوض حاصل ہوتے ہیں۔ دِل کا آئینہ مُرشد کی صحبت سے جِلا پاتا ہے اور نااہلوں کی صحبت سے سیاہ ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فیض ہم پر اُس وقت تک نہ ہو گا جب تک ہمارے دِل میں عشقِ رسول ﷺ اور محبتِ شیخ پیدا نہ ہو … المختصر … سید محمد محی الدین شاہ قیسؔ اشرفی کی شاعری حضور شیخ الاسلام سلطان المشائخ رئیس المحققین سید المفسرین علامہ سید محمد مدنی اشرفی جیلانی سے سچی عقیدت وَمحبت، اٹوٹ وابستگی کا ثمرہ اور فیضانِ بیعت وَ صحبت ہے جس کا اظہار بغرضِ تحدیث نعمت قیسؔ نے اپنے کلام میں کیا ہے ، واضح رہے کہ یہ نجد کا قیس (مجنون) نہیں جو عورت (لیلیٰ) کی نفسانی محبت میں نجد کی گم راہ وَادیوں اور ریگستان میں بھٹکتا پھرا … یہ مدنی قیسؔ ہے جو محافل کو اَزہارِ مدینہ سے مہکاتا ہے :
شیخ مدنی کا ہوں میں دیوانہ، شیخ اعظم ہے میرا نگینہ
اپنی پلکوں کو نیچے جھکا کر، تو سلام میرا رو رو کے کہنا
حقیقت میں تجھ کو وَلی دیکھتے ہیں
یہ ہم کیا جہاں میں سبھی دیکھتے ہیں
نہ بھایا کوئی بھی نگاہوں کو میری
یہ ہے تیرا گلشن سہانہ سہانہ
ہم عاصی گنہ گار بندوں کی خاطر تیرا کیا ہے رُتبہ نہ جانا کسی نے
جہاں بھر میں دَرد والم قیسؔ دیکھے
ترے دَر پہ جھولی بھری دیکھتے ہیں
کہ تجھ میں وہ بوئے علی دیکھتے ہیں
تجھے ایسا یارِ نبی دیکھتے ہیں
مسرت سے کھلتی کلی دیکھتے ہیں
نگاہوں میں تیرے نمی دیکھتے ہیں
فقط تیری شوکت بڑی دیکھتے ہیں
فقط یار کے دَر خوشی دیکھتے ہیں
جب سے نگاہِ یار پڑی مجھ حقیر پر
یہ قیسؔ تب سے حق کا طلب گار ہو گیا
شیخ کی صحبتیں جب سے ہم کو ملیں
فیض سرکار کا اُن سے پانے لگے
مرے شیخ تجھ پر میں کیا کیا لٹاؤں
نہیں قیسؔ کا کچھ ، جو ہے وہ ترا ہے
دُعا ہے خدا سے نہ ہو دُور ہم سے
مرے دِل کا اب یہ چمن بھی ہے تیرا
یہ جسم بھی جاں بھی یہ من بھی تیرا ہے
وہ پیر مُغاں میرا یار اللہ اللہ
مرے ہاتھوں سے مولیٰ جام یہ گرنے نہیں دینا
مرے مشرب سے مجھ کو جام بھر بھر کے پلا یارب
مری خواہش نہیں کہ قیسؔ وہ آئین مل جائے
شراب ساقئی بے خود سے بس تسکین مل جائے
نہ کوئی خوبرو زلفی مہہ و پروین مل جائے
لئے ہاتھوں میں جامِ وصل محی الدین مل جائے
دُعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ازہارِ مدینہ سے ہمارے قلوب،ہمارے اذہان، ہماری محافل اور ہماری زندگیوں کو مہکا دے اور یہ مہک ہماری نسلوں میں بھی باقی رکھے۔ آمین بجاہ سید المرسلین

مُشاہدؔ رضوی اور تقدیسی شاعری

ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط

’’رَفَعنَا لَکَ ذِکرَک‘‘ کی آیت لوحِ محفوظ میں نہ جانے کب سے لکھی گئی ہو گی مگر بہر زماں و بہر زباں آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکرِ مبارک متواتر و مسلسل جاری ہے۔ کبھی اذانوں میں کبھی تلاوتوں میں … ذکر و اذکار کی مجلسوں میں کہیں … تو کہیں محافلِ میلاد و وعظ کے بیانوں میں … غرض کہ ہر جگہ وہر پل آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکر ہوتا ہی ہے اور مذکورۂ بالا آیت اس کی سند ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کے ذکر سے اپنی زبان کو تر وتازہ رکھنا بڑی سعادت ہے۔ یہ ذکر زبانی ہو تو اس کا فائدہ بہ ظاہر اپنی ذات تک محدود ہوتا ہے، لیکن یہی ذکر اگر تحریری شکل میں ہو تو عوام الناس تک اس سے مستفیض ہو سکتے ہیں۔ ذکرِ رسول علامتِ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم ہے، اس لیے اس میں مداومت و استخلاص ضروری ہے۔ اُمتی اگر چاہے کہ حبِّ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ حبُّ اللہ بھی اسے حاصل ہو جائے تو خود اللہ رب العزت نے یہ شرط لگا دی ہے کہ ہمیں اتباعِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کرنی ہو گی، تبھی اللہ ہم سے محبت کرے گا۔ گویا اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کے لیے اتباعِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم ضروری ہے۔ ہمیں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کا عملی نمونہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی عملاً پیروی کر کے پیش کرنا ہو گا۔
بیسویں صدی کا ربعِ آخر تقدیسی شاعری کی طرف مراجعت کا زمانہ رہا۔ برِ صغیر میں تب سے بے شمار حمد و نعت و منقبت کے دواوین، کلیات اور مجامع منظرِ عام پر آنے لگے ہیں۔ حضرت احمد رضا خاں بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے نعتِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے جس و تیرے کو اپنایا تھا، نعت گو شعرا کی اکثریت اب انھیں کو اپنا امام تصور کرتی ہے اور یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ اس تقلیدی عمل سے بعض نہایت اہم نعتیہ مجموعے سامنے آئے ہیں۔ ’’لمعاتِ بخشش‘‘ کا شاعر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی نو عمر و نوجوان ہے۔ بچپن سے ان کا قلم عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے اظہار کے لیے صفحۂ قرطاس پر نعتوں کے موتی بکھیر رہا ہے۔ انھوں نے تقدیسی شاعری کی ہر صنف پر طبع آزمائی کی ہے اور بعض عمدہ اشعار ان اصناف کے تخلیق کیے ہیں۔ بطورِ نمونہ چند اشعار نقل کیے جاتے ہیں۔
حمد
بطونِ سنگ میں کیڑوں کو پالتا ہے تو ہی
صدف میں گوہرِ نایاب ڈھالتا ہے تو ہی
صفیؔ اورنگ آبادی کے یہاں بھی یہ خیال ان کی ایک حمد میں موجود ہے۔ مُشاہدؔ کے یہاں اسی کا اثر ہے۔
گلوں کی نکہت ہے تیری نکہت
نوائے بلبل بیاں ہے تیرا
یہ سمن و سوسن یاسمن، یہ بنفشہ سنبل و نسترن
ہوئے مشک بو جو یہ برملا ترے فضل سے تجھے حمد ہے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
مناجات/دُعا
مُشاہدؔ نے اپنی بیشتر مناجاتوں میں خدائے برتر سے ’’عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم‘‘ بڑے والہانہ و انکسارانہ انداز میں مانگا ہے۔ اسی طرح مسلمانوں کی زبوں حالی اور شکستہ خوردگی سے نجات کے طالب بھی وہ(شاعر) دکھائی دیتے ہیں۔ انھوں نے امداد و استعانت کے لیے بارگاہِ الٰہی کو مرکزِ توجہ بنایا ہے۔ لیکن مُشاہدؔ کبھی کبھی امداد کے لیے اللہ کے غیر کی طرف رجوع ہونے کی بھی دعوت دیتے ہیں ؎
بیٹھتے اٹھتے مدد کے واسطے
اے مشاہد رب کے پیاروں کو پکار
ایک نعت بہ عنوان ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم‘‘ میں تو مُشاہدؔ نے صرف نبیِ پاک صلی اللہ علیہ و سلم کو ہی امداد و استعانت کے لیے پکارا ہے۔ البتہ نعت کی چند عمدہ مثالیں اُن کے یہاں مل جاتی ہیں ؎
سعادتوں نے سعادت ہے آپ سے پائی
سعید آپ سعادت کی آبرو بھی آپ
جاں فزا ہے باغ جنت سے ہوائے کوئے دوست
ہے مشام ذہن و دل میں ہر گھڑی خوشبوئے دوستو
زندگی کی زندگی ہے عشق و الفت آپ کی
حب احمد گر نہ ہو خاشاک ہو جائے حیات
مُشاہدؔ کا دیوانِ نعت اسی طرح عقیدت سے بھر پور شعری مجموعہ ہے۔ انھوں نے اپنی عقیدت کا اظہار مختلف انداز میں کیا ہے۔ عقیدت و عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ وہ اگر شعریت پر بھی توجہ دیں تو ان کی نعتوں کی اثر آفرینی میں گراں قدر اضافہ ہو گا۔ خیالات کی ندرت، جذبے کی پاکیزگی، صنعتوں کا استعمال، افکار کی بلندی بھی نعتیہ شاعری کے لوازمات میں سے ہیں۔ بہرحال! مُشاہدؔ کا یہ دیوانِ نعت، خزینۂ نعت میں ایک اچھا سا اضافہ ہے۔

گوشۂ حافظ کرناٹکی

روبرو ۔۔۔ حافظ کرناٹکی سے ادبی مکالمہ

مصاحبہ کار: غلام ربانی فداؔ

سوال: آپ علمی و مذہبی شخصیت کے حامل ہیں، مختصر خاندانی پس منظر بیان کیجئے۔
جواب: میرا سلسلہ نسب عادل شاہی خاندان سے ملتا ہے، میرے دادا قاسم صاحب اصلاً آندھراپردیش، پنگنڈا کے باسی تھے۔ انگریزی استبداد کی وجہ سے جب معزز خاندانوں کا زوال شروع ہوا تو وہ ہجرت کر کے کرناٹک چلے آئے۔ کیوں کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ کل تک جن لوگوں کی امداد کیا کرتے تھے آج انہیں کے سامنے خستہ حالی کی زندگی گزاریں۔ وہ علم و آگہی کا اور زبان و ادب کا خاصہ شعور رکھتے تھے۔ سو انہوں نے اپنے تمام بچوں کو تعلیم دلائی۔ میرے والد صاحب کچھ دنوں ملٹری میں رہے پھر گورنمنٹ معلم بن گئے۔ میری والدہ محترمہ بھی معلمہ تھیں۔ اور نہایت عمدہ ادبی ذوق رکھتی تھیں، وہ اپنے طور پر حمد و نعت کہا کرتی تھیں اور اسکول کے بچوں کو سنا کر خوش ہوتی تھیں۔ میری تربیت میں والدہ کے ادبی ذوق اور گھر کے مذہبی ماحول کا بہت ہی اہم رول ہے۔
سوال: آپ نے بچوں کے لیے جو کتابیں لکھی ہیں اسے ادب اطفال کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ آپ ادب اطفال کی طرف کب اور کیسے متوجہ ہوئے؟ پہلی غزل یا نظم کے ایک آدھ اشعار سنائیں۔
جواب: میں نے ادب اطفال کے لیے جو کچھ لکھا ہے وہ کتنا اہم اور قیمتی ہے اس کا فیصلہ میں نہیں وقت کرے گا۔ کہ وہی سب سے بڑا فیصل ہے۔ ویسے تو میں ابتدا ہی سے شعر و شاعری کی طرف راغب ہو گیا تھا اور نظمیں غزلیں کہنے لگا تھا۔ جسے میں اپنے دوستوں کو سنایا کرتا تھا اور ان کی تعریف سے حوصلہ پاتا تھا۔ میری پہلی غزل روزنامہ سالار بنگلور میں ۱۹۸۲ء؁ میں شائع ہوئی۔ جس کے دو اشعار اب بھی یاد ہیں۔ آپ بھی سن لیجئے۔
پھول نہیں تو کانٹا دے
مجھ کو کوئی تحفہ دے
شبنم مانگ رہے ہیں گل
آنکھیں اپنی چھلکا دے
ہاں میں بچوں کے ادب کی طرف اس وقت متوجہ ہوا جب مجھے اردو کی نصابی کتابوں کی تیاری والی کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ میں نے نصاب کی ضرورت کے تحت جب نظمیں تلاش کیں تو بڑی مایوسی ہوئی۔ بعض لوگوں نے مجھے حوصلہ دیا کہ تم خود بھی تو شاعری کرتے تھے۔ اس لیے تم ہی کوشش کرو۔ اس طرح میں نے بچوں کے لیے موضوعاتی نظمیں لکھنی شروع کر دی جس کی بے طرح تعریف ہوئی۔ اور میں نے ہر قسم کی ضرورت کے تحت بے تحاشا نظمیں لکھیں تب سے اب تک یہ سفر جاری ہے۔
سوال: آپ نعت کی جانب کب متوجہ ہوئے۔ اور آپ کی پہلی نعت کہاں شائع ہوئی۔
جواب: میں نے بتایا کہ شاعری تو میں نے طالب علمی کے زمانے سے شروع کر دی تھی اور ہر طرح کی چیزیں کہتا تھا۔ اس میں نظم، غزل، حمد و نعت، سبھی کچھ شامل تھا۔ لیکن میں نے اپنی شاعری کی اشاعت کی طرف زیادہ توجہ نہیں دی اور بہت کچھ ابتدائی سرمایہ ضائع ہو گیا۔ بعد ازاں اللہ کے فضل و کرم سے مجھے حج و عمرہ کا بار بار موقع ملا تو اپنے آپ دل اس جانب مائل ہو گیا اور میں نے گنبد خضرا کے سامنے بیٹھ کر کئی نعتیں کہہ ڈالیں۔ پھر تو سیرت النبیؐ اور حمد و نعت میری تخلیقی زندگی کا اٹوٹ حصہ بن گیا۔ اللہ کا فضل ہے کہ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
سوال: آپ اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں، بہت سارے اداروں کی نگرانی کرتے ہیں، کئی طرح کے سماجی اور فلاحی و رفاہی کام کرتے ہیں۔ تو آپ بتائیں کہ اتنی ساری مصروفیت کے باوجود آپ ادب کے لیے کیوں کر وقت نکال لیتے ہیں۔
جواب: ایک بات آپ جان لیجئے کہ تخلیقی نوعیت کا کوئی کام ایسا نہیں ہوتا کہ آپ وقت نکال لیں یا آپ کے پاس بہت وقت ہو تو آپ شاعر یا فنکار بن جائیں۔ بات دراصل یہ ہے کہ تخلیق ایک طرح کا سوتہ ہوتا ہے جو اپنے آپ پھوٹ نکلتا ہے۔ اور دنیا بھر کی مصروفیت اور اس کے تقاضوں کی خشکی کا سینہ پھاڑ کر پھوٹ پڑتا ہے۔ جس سے نہ صرف یہ کہ فنکار تر و تازہ ہو جاتا ہے بلکہ اس کی زندگی کی خشکی اور حالات کا چٹیل پن بھی گلزار بن جاتا ہے۔ اس لیے میں کہہ سکتا ہوں کہ ادب کے لیے میں وقت نہیں نکالتا ہوں ادب خود ہی مجھے ڈھونڈ نکالتا ہے اور کسی بھی وقت مجھ پر تخلیقی بارش کی طرح برس جاتی ہے۔
سوال: شعر گوئی جز وقتی کام ہے یا کل وقتی؟
جواب: سوال واضح نہیں ہے۔ جو سچا فنکار ہوتا ہے وہ از اول تا آخر بس فنکار ہوتا ہے بھلے سے اسے زندگی کے دوسرے کام بھی کرنے پڑتے ہوں۔ ادب میں پارٹ ٹائم کام کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
سوال: کیا شاعری کے لیے عشق ضروری ہے؟ کیا آپ بھی اس فطری جذبہ سے مغلوب ہیں، عشق کی حیثیت آپ کی نظر میں؟
جواب: آپ نے ایک ہی سوال کے تین ٹکڑے کر دیئے ہیں، صرف آخری جملہ ہی کافی تھا۔ بہرحال شاعری کے لیے ہی نہیں دنیا کے ہر کام کے لیے عشق ضروری ہے۔ انسان کو اپنے کام سے عشق نہ ہو تو وہ کوئی بھی کام نہیں کر سکے گا۔ یوں بھی دنیا میں کوئی بھی بڑا کام جنون کے بغیر انجام نہیں پاسکا ہے۔ جب آپ نے یہ کہہ ہی دیا ہے کہ یہ فطری جذبہ ہے تو ظاہر ہے کہ فطری جذبہ سے دنیا کا کوئی بھی نارمل انسان مُبرّا نہیں ہو سکتا ہے۔ ہاں اس کی نوعیت مختلف ہو سکتی ہے۔ عشق کی اہمیت میری نظر میں روح کی سی ہے۔ مگر یہ بات وہی لوگ بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں جو حسن و عشق کی حقیقت سے واقف ہیں۔
سوال: آپ پر کن اساتذہ کرام کے گہرے اثرات ہیں؟
جواب: سوال مہمل ہے، غالباً آپ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ میں کن اہم شعرا سے زیادہ متاثر ہوں۔ تو بھائی عرض کرتا چلوں کہ میں ادب اطفال کی حد تک مولانا اسماعیل میرٹھی سے کافی متاثر ہوں۔ مگر آپ ان کے اثرات میری شاعری میں تلاش نہیں کر سکیں گے۔ کسی سے متاثر ہونا اور بات ہے اور کسی کے اثر میں گرفتار ہونا اور بات ہے۔
سوال: آپ کی پہلی مطبوعہ کتاب کا نام کیا ہے؟ اب تک آپ کی کتنی کتابیں شائع ہو چکی ہیں؟
جواب: میری پہلی مطبوعہ کتاب کا نام ’’معصوم ترانے‘‘ ہے۔ اب تک میری تقریباً تیس کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔
سوال: ادب اطفال کا مستقبل روشن ہے یا تاریک؟
جواب: شاید آپ نے سنا ہو گا کہ دانشوروں نے متفقہ طور پر قریب قریب یہ بات مان لی ہے کہ اکیسویں صدی خواتین اور بچوں کی ہو گی۔ ایسی صورت میں کیوں کر کہا جا سکتا ہے کہ ادب اطفال کا مستقبل تاریک ہے۔ ویسے اردو والے مایوسی کی باتوں کے زیادہ عادی ہو گئے ہیں۔ آپ یقین جانیے کہ ادب اطفال اور اردو ادب دونوں کا مستقبل تابناک ہے۔
سوال: آپ کو ویران جزیرے میں بھیج دیا جائے تو کون سی چیزیں لے جانا پسند کریں گے؟
جواب: کتابیں اور کاغذ قلم۔
سوال: آپ خوش ہوتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟
جواب: باتیں کرتا ہوں، ہم مذاق دوستوں کی محفل میں شریک ہوتا ہوں، اور نثر لکھتا ہوں۔
سوال: آپ اداس ہوتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟
جواب: خاموش رہتا ہوں اور شاعری کرتا ہوں
سوال: آپ کا پسندیدہ رنگ، خوشبو، اور کپڑا
جواب: میرا پسندیدہ رنگ سفید ہے، پسندیدہ خوشبو موگرا اور حنا ہے۔ جب کہ کپڑا مجھے نرم ملائم اور راحت پہنچانے والا پسند ہے۔
سوال: کرناٹک اردو اکیڈمی کے منصوبے
جواب: اس کے لیے اکیڈمی کے اغراض و مقاصد منسلک کر رہا ہوں
سوال: جہانِ نعت کے تعلق سے آپ کے کیا تاثرات ہیں۔ قارئین کو کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
جواب: ایسا جہان جسے جہانِ نعت سے تعبیر کیا جا سکتا ہو اس کے حسن اور رعنائی اور دلکشی کا بھلا کیا بیان ہو سکتا ہے۔ ہر اہل ایمان اس جہان میں گم ہو جانا پسند کرے گا۔
میں اپنے قارئین کو بس یہ پیغام دینا چاہوں گا کہ آپ اس اعتقاد کے ساتھ اردو پڑھیئے، لکھئے اور بولئے کہ یہ زبان ہی نہیں تہذیب کی خوشبو بھی ہے۔ جو اس سے عاری ہے وہ کاغذی پھول کی طرح خوبصورت تو ہو سکتا ہے مگر دوسروں کو معطر نہیں کر سکتا ہے۔

حافظ کرناٹکی کی نعتیہ شاعری

غلام ربانی فداؔ

محترم حافظ کرناٹکی اپنے علاقے مشہور شاعروں میں سے ہیں۔ انتہائی شگفتہ رو، خوش اخلاق و خوش مزاج اپنے مکتبِ فکر متبحر عالمِ دین ہیں۔
باللہ العظیم مَیں حافظ کرناٹکی کو صرف اور صرف اب تک ادب اطفال کے محافظ سمجھتا رہا۔ مگر حافظ کرناٹکی کے نعتیہ مجموعہائے کلام اور منظوم سیرت ہاتھ لگنے کے بعد معلوم ہوا کہ آپ ایک بہترین اور پُر مغز سخن سنج و نعت گو شاعرِ عظیم بھی ہیں۔ منظوم سیرت بنام ’’ہمارے نبی‘‘ پڑھتا جاتا تھا اور یہ واقعہ واضح سے واضح تر ہوتا جاتا تھا کہ جب حضور نبیٔ کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نہاں خانۂ دنیٰ فتدلّیٰ سے واپس آئے اور حضرت کعب ابن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بارگاہِ رسالتمآب میں ایک قصیدہ پیش کیا جس میں انھوں نے معراج شریف کے بعض نہایت اہم مقامات اور واقعات کا مضمون و مفہوم قصیدے میں نظم کیا تھا۔ قصیدہ سُن کر صحابہ نے عرض کیا، یا رسول اللہ ﷺ کیا یہ مضامین جو کعب نے نظم کیے، صحیح و درست ہیں؟ اور اگر یہ صحیح ہیں تو کعب کو ان کا علم کیونکر ہوا؟ رسولِ کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے جواباً ارشاد فرمایا ’’الشعراء تلامیذ الرحمن‘‘ یعنی (سلیم الطبع) شعرا اللہ تعالیٰ کے (اس کی ذات و شان کے لائق) شاگرد ہوتے ہیں۔
گو کہ اصنافِ سخن میں صنفِ نعت گوئی جہاں نہایت پاکیزہ اور نازک و معصوم ترین صنف ہے اور اس کا کہنے والا قدّوسیوں میں شمار ہونے لگتا ہے، وہیں بے حد مشکل اور جاں گسل بھی ہے۔ محتاط حضرات کا کہنا ہے کہ نعت کہنا تلوار پر چلنے سے بھی زیادہ مشکل ہے اس لیے کہ شاعر اگر غلو اور بے احتیاطی میں پھنسا تو توحید کی حدوں تک پہنچ جائے گا اور عبد و معبود کے فرق کو مٹاتا ہوا نظر آئے گا، جو کھلا ہوا کفر عظیم ہے۔ … اور اگر ممدوح انبیا علیہ التحیۃ والثنا کو منصبِ رسالت اور منزلِ عظمت سے نیچے لے جانے کی کوشش کرے گا تو زندگی بھر کے اعمال بیکار اور غارت کئے جائیں گے۔
بچوں کے ادب کے امام حافظ کرناٹکی الحمدللہ اس میدان میں با ہوش و محتاط، حلیم الطبع و سلیم الفکر نعت گو شاعروں کی صف میں نظر آرہے ہیں۔ تعقید لفظی و معنوی دونوں سے بچتے ہوئے نہایت آسان اور سادگی کے ساتھ اپنے ما فی الضمیر کو شعر کی شکل میں پیش کرنے کا ملکہ حاصل ہے۔ آورد کا تو نام و نشان نہیں، ہر جگہ آمد ہی آمد نظر آتی ہے۔
برجستگی، سلاست، روانی، فصاحت و بلاغت کا دور دورہ ہے۔ پیچیدہ اور سخت سے سخت مضامین کو اس آسان تراکیب الفاظ اور خوش اسلوبی سے شعر کے پیکر میں ڈھالتے ہیں کہ وہ مضامین انہیں محافظت میں ہوکے رہ جاتے ہیں۔ چند اشعار بطور امثال ملاحظہ ہوں ؎
سنگ کو سختی گل کو نزاکت دی رب نے
جیسی تھی جس شئے کو ضرورت دی رب نے

مری دعاؤں پہ آمین کہہ اٹھیں پتھر کچھ اس طرح کا زباں میں اثر عطا فرما

کعبۂ دل سے ہٹائے تو نے نفسانی صنم تیرے صدقے میں ہوئی ہے آدمیت محترم

خاک کے پتلے کو تو نے ماہِ کامل کر دیا
بے سہاروں کو سہارا بے گھروں کو گھر دیا

دشمنوں کو اے حافظ گالیوں کی سرحد سے
رحم کر کے لاتے تھے وہ دعا دامن میں

آگ یوں تو دوزخ کی سر اٹھائے گی لیکن
وہ ہمیں بلا لیں گے مسکرا کے دامن میں
ایسے نازک ترین لمحات میں جبکہ اسلام کے نام پر عظمتِ توحید کے پردے میں توہینِ رسالت کی گمراہ کن اور ایمان تراش تحریکیں دشمنانِ اسلام کی کوکھ سے جنم لے رہی ہوں، عظمت و توقیرِ رسالت کا مقدس پیغام ہر ایک عام آدمی تک پہنچانا ایک عظیم فرضِ کفایہ کی ادائیگی کا درجہ رکھتا ہے۔ زیر نظر مجموعہائے کلام علامہ حافظ کرناٹکی صاحب کی پاکیزہ محامد و نعوت کے حسین گل دستے ہیں۔ جو موصوف کے حسنِ عقیدت اور بارگاہِ رسالت سے ان کی سچّی اُلفت و محبت کا آئینہ دار ہے۔ جس میں حافظ کرناٹکی نے ممدوحِ کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کے محامد و محاسن اور اخلاق و کردار اور سیرت کو ایسے پاکیزہ اور اچھوتے انداز میں پیش کیے ہیں کہ روح جھوم جھوم اُٹھتی ہے اور بڑی سادگی سے یوں کہتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں ؎
اپنی امت کے ہمراہ ہر اک نبی
مصطفی کی شفاعت کے سائے میں ہے
زمیں پہ حق کا دیا جلایا مرے نبی نے مرے نبی نے
حرم کو سجدوں سے پھر سجایا مرے نبی نے مرے نبی نے
ہمیں جہنم سے دور کر کے، خمار وحدت میں چور کر کے
بہشت کا مستحق بنایا مرے نبی نے مرے نبی نے
یہ ان کا احساں ہے مجھ پہ حافظؔ۔ کہ نعت لکھنا ہوا جو ممکن
مرے مقدر کو جگایا مرے نبی نے مرے نبی نے
اگر کوئی غم رسیدہ کبھی کسی غم گسار کے ذریعے غموں سے چھٹکارا پا جاتا ہے، تو زندگی بھر اسی غم گسار کی طرف اپنے ہجومِ غم میں رستگاری کے لیے اُمید لگائے رکھتا ہے۔ حافظ نے اس مضمون کو اپنے ایک شعر میں بطور نعتِ رسول یوں عکس بندی فرمائی ہے ؎
بس وہی ہیں مری زندگی کا بھرم
وہ سہارا نہ دیں تو کدھر جاؤں گا
تمام عمر آپ کے کرم پر
ہمارا دار و مدار آقا
یہ ناممکن تھا کہ حافظ کرناٹکی سرورِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ و اٰلہ و سلم کی مدحت و ثنا کریں اور سرکار کے عاشقوں میں سے کسی کا ذکر نہ کریں۔ کئی اشعار اس بات کی روشن مثال تھے۔ چند ایک شعر پیشِ خدمت ہے ؎
جو ذکرشاہ والا میں سرشار ہو گیا
سمجھو کہ وہ بہشت کا حقدار ہو گیا
اس چشمِ خوش نصیب پہ دوزخ حرام ہے
جس کو رسول پاک کا دیدار ہو گیا
دوزخ جلا سکے گی نہ حافظ اسے کبھی
نس نس میں جس نے عشق نبی سمو لیا
عشق نبوی ہے معراج ایمان کی
عشق ان کا نہ دل سے جدا کیجئے

حافظ کی یہ جرأتِ رندانہ ہے کہ کہیں کہیں تو وارفتگی کے عالم میں مفتیوں کا خوف بھی دل سے نکال کر شعر کہہ ڈالتے ہیں۔ اس میدان میں شاید ہی انھیں کوئی اپنا ساتھی ملے۔ فرماتے ہیں ؎
کوہِ طور چھان آئے جس کی آس میں موسیٰ
وہ حسین جلوہ تو، حرا کے دامن میں
اللہ کہہ رہتا ہے محمد کو دیکھ کر
اب کس کو دیکھنا ہے محمد کو دیکھ کر
المختصر ایں کہ ان مجموعہائے کلام میں عشق کی خوشبو، عقیدت کی چاشنی، جذبے کا بہاؤ، در رسول پہ حاضری کی تڑپ، فراق و ہجر کی داستان، شفاعت کی طلب، اپنے پاکیزہ عقیدہ کا اظہار، امت مسلمہ کی زبوں حالی پہ دکھ کا احساس، ان کی طرف نظر کرم کا استغاثہ اور وہ سب کچھ ہے جو ایک عاشق صادق محبوب کا دامن امید تھامے ہوئے مچل مچل کے کہہ سکتا ہے۔ اپنے ان پاکیزہ جذبات کے اظہار کے لئے انہوں نے اردو اور فارسی دونوں زبانوں کا وسیلہ لیا ہے اور جس شگفتہ لب و لہجہ اور شیریں و شستہ انداز میں اپنے افکار کی تجسیم کی ہے اس سے ان کی قادر الکلامی کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ یقین نہ ہو تو ذیل کے اشعار دیکھیں:
ڈرتا نہیں مرنے سے دیوانہ محمد کا
جل جاتا ہے ہنس ہنس کے پروانہ محم دکا
جزوِ قرآن بنے توریت، زبور و انجیل
اک صحیفے نے کیے کتنے صحیفے روشن
لبوں پہ نام جب ان کا سجا لیا حافظ
اندھیری رات تھی لیکن ہوا سفر روشن
جب امتی محشر میں پکاریں گے تڑپ کر
کیا ہو گا نہ جانے مرے سرکار کا عالم
آئینوں کا ایمان ہے سرکار کی سیرت
اک بولتا قرآن ہے سرکار کی سیرت
ہم لوگ محمد کی تصویر نہیں رکھتے
اعمال کماتے ہیں جاگیر نہیں رکھتے
جاؤں میں مدینے کو اور نہ لوٹ کر آؤں
یہ میری تمنا ہے، آرزو ہے، خواہش ہے
جب سے رسول پاک کا چہرا نظر میں ہے
جنت نگاہ میں ہے نہ دنیا نظر میں ہے
میں صبح و شام لینا چاہتا ہوں
نبی کا نام لینا چاہتا ہوں
علاوہ ازیں حافظ کرناٹکی کی نعتیہ شاعری میں سرورِ کائنات ﷺ کے خُلقِ عظیم، صبر و شکر، عفو و درگزر، وسعتِ علم، شفقت و رحمت، سخاوت و ایثار، عزم و استقلال، قوت و شجاعت، صدق و صفا، عفت و حیا، عدل و انصاف، ذوقِ عبادت، شفاعتِ کبریٰ اور مرتبۂ قربِ خاص کا صراحت کے ساتھ ذکر ملتا ہے۔ جو حافظ کرناٹکی کے عالمانہ، شاعرانہ اور قائدانہ تینوں اندازِ فکر کے ساتھ ان کی حبیب ربّ العالمین سے کامل وابستگی، محبت و عقیدت، عاجزی و فروتنی، وارفتگی و سپردگی کا غمّاز ہے۔
محسن کاکوروی کا حسنِ تکلّم، امام احمد رضا بریلوی کا عاشقانہ و قلندرانہ ترسیلِ جذبات، حالیؔ کی حزنیہ لَے، اقبالؔ کی تمازتِ فکر اور عشقِ رسول کا جوش و خروش سب کچھ نمایاں طور پر محسوس ہوتا ہے۔
ایک سرسری مطالعے کے لئے چند منتخب اشعار مندرج ذیل ہیں

سارے نبیوں میں وہ نرالا ہے
جو رسالت کا اک رسالہ ہے
ہر کسی کا نہیں ہے وہ حصہ
عشق احمد کا جو پیالہ ہے
ہیں در پہ نبی کے ہزاروں بھکاری
وہاں جا کے بن جائے قسمت ہماری
تھا خوشبو کا پیکر نبی کا سراپا
منور تھا سورج کی مانند چہرا
مرے دل میں عشق نبی کا ہے شور
چلو لے کے مجھ کو مدینے کی اور
دوستو کوئی بے جا ستائش نہیں
عشق احمد ہے یہ کچھ نمائش نہیں
روز و شب لب پہ ہے میرے صلی علیٰ
یہ عقیدت ہے کوئی پرستش نہیں
چرخ پر جتنے چاند تارے ہیں
نور احمد کے وہ نظارے ہیں
گھپ اندھیروں میں روشنی آئی
آپ آئے تو زندگی آئی
آپ کے ہلکے سے تبسم سے
گلشنوں میں شگفتگی آئی
آپ کے دم قدم سے خود آقا
خشک موسم میں بھی نمی آئی
محمد سا انساں ہوا ہے نہ ہو گا
نہ قرآں سا فرقاں ہوا ہے نہ ہو گا
محمد نے رستہ خدا کا دکھایا
گنہگاروں کی عاقبت کو سنوارا
محمد کا تھا بوریا ہی بچھونا
محمد کا امت کی خاطر تھا رو نا

مجموعی طور پر حافظ کرناٹکی کے نعتیہ شعری مجموعے ایسے ہیں جو سوز و ساز و درد و داغ و جستجو و آرزو کی ایک تابندہ مثال ہے۔ اُمید ہے کہ دینی اور ادبی حلقوں میں اس کی خاطر خواہ پذیرائی ہو گی۔

رنگِ ثنا

حافظ کرناٹکی

پڑھ کے روز و شب ترے قرآن کو زندگی ملتی رہی ایمان کو

یہ تری حمد و ثنا کا فیض ہے چومتے ہیں سب میرے دیوان کو

جسم کو انفاس سے روشن کیا تو نے کیا بخشا نہیں ایمان کو

دھڑکنوں کے لب پہ تیرا نام ہے دل سمجھتا ہے ترے احسان کو

اے خدا حافظؔ بھکاری ہے ترا یہ خدا سمجھے ہے کب دھنوان کو

سینے میں صدق کے دلآویز اجالے ہیں اے رب تری قدرت کے انداز نرالے ہیں

ہر ایک کا دامن ہے منسوب ترے در سے
تو بانٹنے والا ہے سب مانگنے والے ہیں

ہر حرف و عدد تیرا ہر رزق و رسد تیرا
بخشا ہے دہن تو نے تیرے ہی نوالے ہیں

الفاظ و زباں تیری تعریف کریں کیوں کر
احساس کے ہونٹوں پر افلاس کے تالے ہیں

تو نے ہی اندھیروں کو ہر سمت بکھیرا ہے
تو نے ہی فضاؤں میں جگنو بھی اچھالے ہیں

ہر قطرۂ شبنم میں تیرا ہی تعارف ہے
ہر پھول کی پتی میں تیرے ہی حوالے ہیں

حافظ مرے فن پربھی احسان اسی کاہے وہ جس کے لیے میں نے یہ شعر نکالے ہیں

رنگِ مدحت

حافظ کرناٹکی

آرزو کی بستی میں مصطفی کے دامن میں
ہم خدا کو دیکھ کر آئے ناخدا کے دامن میں

آگ یوں تو دوزخ کی سر اٹھائے گی لیکن
وہ ہمیں بلا لیں گے مسکرا کے دامن میں

جس کے چھاؤں کو چھو کر خار گل میں بدلے ہیں
منزلیں ملیں گی اس رہنما کے دامن میں

تھی ہزاروں سالوں سے جس کی منتظر دنیا
چاند اب وہ اترا ہے آمنہ کے دامن میں

دشمنوں کو اے حافظ گالیوں کی سرحد سے
رحم کر کے لاتے تھے وہ دعا کے دامن میں

میرا دل میری جاں تو مدینے میں ہے لطف کیا دور آقا اسے جینے میں

عطر و عنبر کی سانسیں مہکنے لگیں ایسی مہکار ان کے پسینے میں ہے

لب پہ نام نبی ہے میں دریا میں ہوں اور طوفان میرے سفینے میں ہے

دست یزداں کی انگشتری میں ہے جو روحِ پیغمبری اس نگینے میں ہے

غیر ممکن ہے حافظ بھلانا انہیں یاد آقا کی دل بن کے سینے میں ہے

جو بھی مرے آقا کے کردار سے جلتے ہیں
ناداں ہیں وہ سر رکھ کر دستار سے جلتے ہیں

بو جہل کے کارندے باطل کے نمائندے سرکار کی سیرت کی تلوار سے جلتے ہیں

منسوخ مذاہب کی تہذیب کے پروردہ اب دینِ محمد کی رفتار سے جلتے ہیں

اے خیر بشر تو نے عورت کو کیا اونچا
وہ مرد جو بونے ہیں، اقرار سے جلتے ہیں

میں نے کہی جو نعت یہ مجھ پہ کرم ہوا
خوشیوں کے ڈھیر لگ گئے اور دور غم ہوا

میرے نبی پہ ختم ہوئیں ساری خوبیاں
پہلے نہ بعد میں ان سے کوئی محترم ہوا

آمد نے ان کی ڈال دی توحید کی بنا بت خانہ اپنی شکل بدل کر حرم ہوا

لکھتے ہی ان کا نام مہک اٹھیں انگلیاں دل اور ذہن دھل گئے روشن قلم ہوا

حافظ زمانے بھر نے ستم ڈھائے سینکڑوں عشق رسول اپنے دلوں میں نہ کم ہوا

کائناتِ نعت

حمدیں

قاضی فراز احمد رتناگیری

۱؎ ہے تجھ سے دل کو اپنے لگایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے (بہادر شاہ ظفرؔ)

تو خالق و مالک تو نے بنایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے
دھرتی سجی آکاش سجایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے

ماہ و انجم مہرِ منور سیارے اور سارا نظام
اندھیارے میں دیپ جلایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے

سوکھا بیتا ساون اترا جل تھل جیون کے کھیل
دھرتی کی پلٹی کایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے

نبی تیرے اوتار پیمبر صوفی تیرے دوت
اپنی کتھا میں سب سنایا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے

اپنی ہوس ہے اپنی پوجا لیکن پھر بھی لاچاری
اور فراز نے دیکھا بھی کیا جو کچھ ہے سو تو ہی ہے

ایک تحقیق کے مطابق بہادر شاہ ظفر کی یہ نعت عوامی تھی جسے بیشتر ہندو سازپہ گاتے تھے مگر یہ گمشدہ نعت دیوان میں مفقود ہے(قاضی فراز)

حمد

ظہیرؔغازیپوری ہزاری باغ

آئنہ اس کا روشنی اس کی ساری تنویرِ زندگی اس کی

ہم بس اظہار کا وسیلہ ہیں لفظ اس کے سخن وری اس کی

مٹی کی فوقیت ہے ہر شئے پر یہ بھی ہے کارکردگی اس کی

اس کے پابند اشکِ رنج و محن اور ہر ہونٹ پر ہنسی اس کی

ٹوٹے پتے کی بے بسی اس سے سبزہ گل کی تازگی اس کی

ختم ہیں قہر و جبر سب اس پر رحمت بے پناہ بھی اس کی

لوگ ذرے ہیں کائنات ہے وہ کر سکا کون ہم سری اس کی

ہم ہیں پابند حرف و فکر ظہیرؔ اور ہر شئے میں شاعری اس کی

نعوت

ﷺ

سعید رحمانی

نعت نبی کو اپنا سلیقہ بنا لیا لفظوں کو اس طرح تر و تازہ بنا لیا

قندیل نعت میں نے جلا کر درونِ لفظ سینے کو اپنے نور کا ہالہ بنا لیا

ہے باعثِ نجات ثنائے حبیب رب اپنے سخن کا اس کو حوالہ بنا لیا

سوچوں کے بادبان پہ لکھ کر نبی کا نام
میں نے بھنور کو اپنا سفینہ بنا لیا

شاخِ غزل میں پھول ثنا کے جو کھل اٹھے بخشش کے واسطے انہیں زینہ بنا لیا

روشن ہوئے لبوں پہ درودوں کے جب چراغ میری دعا نے عرش کا رستہ بنا لیا

چوکھٹ پہ ان کی جا نہ سکا میں سعید جب
خود اپنے دل کو شہرِ مدینہ بنا لیا

ﷺ

سعید رحمانی

رسالت کے فلک پہ نیر اسلام روشن ہے
اسی سے زندگی کی صبح روشن، شام روشن ہے

صحیفہ آپ جو لائے ہدایت کے لئے آقا!
ہمارے طاقِ جاں میں صورتِ انعام روشن ہے

ہمیں بخشا ہے جو عرفانِ حق اس کے وسیلے سے
بصیرت کا دریچہ ہے منور بام روشن ہے

سجی ہیں ہونٹ کے ساحل پہ قندیلیں درودوں کی
مرے دل کے ورق پر جب سے ان نام روشن ہے

جوان کا نقش پا ہے ثبت عالم کے جریدے پر
مری منزل کی راہوں میں وہی ہر گام روشن ہے

ہوئی تھی ابتدا جس کی حرا سے اے سعید اک دن
جہاں میں حشر تک وہ آخری پیغام روشن ہے

ﷺ

حسن رضا اطہرؔ

کمال حد رسالت میں با کمال ہے کیا
وہ بے مثال ہیں ان کی کوئی مثال ہے کیا

نبی کے عشق کا نشہ نہیں اترتا ہے عرب کی تپتی ہوئی ریت پہ بلال ہے کیا

قرار آتا نہیں چین کیوں نہیں پڑتا در رسول کا آیا مجھے خیال ہے کیا

میں تھک چکا ہوں دوا کام ہی نہیں کرتی
غم حبیب ہی زخموں کا اندمال ہے کیا

ابھی نصیب ہے میرا عروج میں کھویا یہ مت بتاؤ مجھے ساعتِ زوال ہے کیا

غم رسول میں روئے ہو پھوٹ کر اطہرؔ تمہاری آج طبیعت بہت بحال ہے کیا

ﷺ

حشمت رضا ساحلؔ

یہ جگنو نعت پڑھتے ہیں ستارے نعت پڑھتے ہیں
سحر ہوتے ہی پیڑوں پر پرندے نعت پڑھتے ہیں

یہ ایک زندہ حقیقت ہے کوئی جھٹلا نہیں سکتا
کہ مائیں نعت پڑھتی ہیں تو بچے نعت پڑھتے ہیں

گلوں کے خشک ہونٹوں سے گلے ملتی ہے شادابی
کبھی بارشِ رحمت کے قطرے نعت پڑھتے ہیں

ہے مداحِ پیمبر یہ نظام عالم ہستی
اجالے تو اجالے ہیں اندھیرے نعت پڑھتے ہیں

شہنشاہ مدینہ کی محبت میں مگن ہو کر
سمندر کی تہوں میں رہنے والے نعت پڑھتے ہیں

فقط حور و ملک، جن و بشر پہ ہی نہیں موقوف
نبی کے عشق میں سارے کے سارے نعت پڑھتے ہیں

امام الانبیا سے قبل جو نبیوں پہ اتری ہیں
کتابیں نعت پڑھتی ہیں صحیفے نعت پڑھتے ہیں

ادب سے مسجد نبوی میں ہیں حسان بن ثابت
نبی کے روبرو ممبر پہ بیٹھے نعت پڑھتے ہیں

فقط ہم ہی نہیں پڑھتے نبی کی نعت اے ساحل
نبی کی شان میں اقدس میں فرشتے نعت پڑھتے ہیں

ﷺ

پھول محمد نعمت رضوی

عشق آقا میں مچلتا دل کا منظر دیکھئے
آنکھ سے بہتا ہے پانی کا سمندر دیکھئے

آنکھ سے دل میں اتر جائے گا جلوہ نور کا
ٹکٹکی باندھے ہوئے سرکار کا در دیکھئے

مرد و زن پیر و جواں اور بچہ بچہ ہے مگن
آمد سرکار کی خوشیوں کو گھر گھر دیکھئے

دل ہے فرش راہ اور آنکھیں سراپا انتظار
کب مرے سرکار آتے ہیں مرے گھر دیکھئے

کر دیا تن سے جدا سرتو یزیدی نے مگر
پھر بھی ہے اونچا اور آگے نیزے پر سر دیکھئے

گیسوئے شب رنگ میں واللیل کی تفسیر ہے
والضحی کی شرح میں روئے منور دیکھئے

آرزوؤں کو کچل کر دل میں نعمت ہو گیا
مصطفی کے شہر کو آنکھوں سے چل کر دیکھئے

قطعات

ظہیر رانی بنوری

اللہ کی پہچان دی قرآن دیا ہے
احسان بڑا ہم پہ اللہ نے کیا ہے
لازم ہے ظہیر ہم پہ محمد کی عقیدت
قرآن یہ کہتا ہے یہ فرمانِ خدا ہے

٭ ٭ ٭

جب آمنہ کے لال کو پیغمبری ملی
پہچان رب کی اور ہمیں بندگی ملی
تاریکیِ جہل میں نئی روشنی ملی
گم راہ وحشیوں کو نئی زندگی ملی
٭

میرے آقا کی اگر نظر کرم ہو جائے
گردش دہر کی ظلمت کی سحر ہو جائے
واسطہ گر دعاؤں میں میرے آقا کا
ہے یہ ثابت کہ دعاؤں میں اثر ہو جائے
٭

دشمنوں کا کیا ہے بھلا آپ نے
دشمنوں کو بھی دی ہے دعا آپ نے
رب کی مخلوق کو اے حبیب خدا
رحمتوں سے نوازا سدا آپ نے

ﷺ

غلام ربانی فداؔ

مقدر جب بلندی پر بفیضِ کبریا ہو گا
جبینِ شوق ہو گی اور درِ خیرالوریٰ ہو گا

یہی پہچان ہے بس عاشقِ سرکار کی، اس کے
لبوں پر ہر گھڑی صلِ علیٰ صلِ علیٰ ہو گا

جنوں لے جائے گا جس دم اسے شہرِ مدینہ میں
سنہری جالیوں کو تھامے دیوانہ کھڑا ہو گا

نظر کے سامنے جب گنبدِ خضریٰ رہے گا تو
زباں خاموش ہو گی اور یہ دل بولتا ہو گا

خبر کر دیجئے ہر اک مسافر کو یہ راہوں میں
وہیں منزل چھپی ہو گی جہاں کہ نقشِ پا ہو گا

سرِ محشر ملے گا آسرا ان کی شفاعت کا
گناہوں سے پشیماں ہوکے جب دل ڈوبتا ہو گا

ندامت کے جو آنسو آج دنیا میں بہاتا ہے
وہ عصیاں کوش محشر میں بھی سجدے میں پڑا ہو گا

کرم ہو جائے گا جب مجھ پہ سلطانِ مدینہ کا
ملے گی غم سے آزادی خوشی کا گل کھلا ہو گا

مجھے حاضر کیا جائے گا جب میدانِ محشر میں
زبان پر ہو گا نامِ مصطفیٰ دل میں خدا ہو گا

خدا لے جائے جو مجھ کو کبھی طیبہ کی گلیوں میں
جمالِ گنبدِ خضریٰ پہ میرا دل فداؔ ہو گا

دکھائیں گے جو اپنی موہنی صورت وہ محشر میں
دلِ دیوانہ ان کے روئے زیبا پر فداؔ ہو گا

یقیں ہے درگزر فرمائیں گے وہ میزباں بن کر
درِ سرور پہ حاضر جب فداؔئے پُر خطا ہو گا

٭٭٭
تشکر: غلام ربانی فداؔ، جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

جہان نعت