متفرقات و علوم

خزاں میرا موسم

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,109 الفاظ)

خزاں کی دھوپ

خورشید احمد جامی

’یاد کی خوشبو، مرتبہ ’محمود خاور‘ کی غزلیں، متفرقات، اور کچھ مزید کلام، اس صورت کے مرتب اعجاز عبید

  اے عبرتِ حیات بخواں در کتابِ دل افسانہ ہاۓ وحشتِ دنیا نوشتہ ایم

    غزلیں

زمیں پہ چاند اترتا دکھائی دیتا ہے ترا خیال بھی تجھ سا دکھائی دیتا ہے

جو ساتھ لے کے چلا تھا ہزار ہنگامے وہ شخص آج اکیلا دکھائی دیتا ہے

ہوا چلی تو اندھیروں کی آگ تیز ہوئی ہر ایک خواب پگھلتا دکھائی دیتا ہے

بڑے عجیب ہیں یہ درد و غم کے رشتے بھی
کہ جس کو دیکھئے اپنا دکھائی دیتا ہے

بدلتے جاتے ہیں الفاظ صورتیں اپنی چلو تو یہ بھی تماشہ دکھائی دیتا ہے

دیار شوق ہو یا دشت بے کراں جامی
کہاں کہاں کوئی تنہا دکھائی دیتا ہے
***
 
اب کے بڑی اداس بہاروں سے ہم ملے
پھولوں کے آس پاس بھی کانٹوں کے غم ملے

یادوں کی سر زمین پہ زخموں کی شکل میں بچھڑی ہوئی حیات کے نقشِ قدم ملے

مہکی ہوئی سحر کی طرح آئے تم مگر جلتے ہوئے خیال کی مانند ہم ملے

جو آرزو کے خواب زیادہ عزیز تھے وہ بھی اگر ملے تو یہاں کم سے کم ملے

اب کے تمہارے شہر میں یوں زندگی ملی جیسے کوئی مسافرِ دشتِ الم ملے

کچھ اور اعتبارِ شعورِ وفا بڑھا کچھ اور راستوں میں نئے پیچ و خم ملے

ہر سمت ایک نغمۂ دل جھومنے لگا ہر سو کسی نگاہ کے قول و قسم ملے

جلتے رہے چراغِ رہِ جستجو مگر پھر تم ملے کہیں نہ تمہارے کرم ملے

جامیؔ دل ِ حزیں پہ قیامت گزر گئی
جب بھی اداس ہو کے محبت کے غم ملے
٭٭٭
 
تیری پلکوں سے کوئی خواب اٹھا لیتا ہوں
اور لُٹتی ہوئی راتوں کو سجا لیتا ہوں

فن کا معیار تو یہ ہے کہ ہر اک تلخی کو
نرم الفاظ کے پردوں میں چھپا لیتا ہوں

کوئی شکوہ تری آنکھوں میں ابھر آتا ہے
کوئی نغمہ ترے ہونٹوں سے چُرا لیتا ہوں

جب بھی ہوتا ہے کوئی حادثۂ فکر و نظر
یاد کرتا ہوں تجھے، نام ترا لیتا ہوں

اپنے احساس کی جلتی ہوئی تنہائی کو تیرا مہکا ہوا اقرار بنا لیتا ہوں

دیکھ کر وقت کی راہوں میں سلگتے چہرے
اپنی کھوئی ہوئی آواز کو پا لیتا ہوں

رات بھر پیار کی نکھری ہوئی تصویروں سے آرزوؤں کے در و بام سجا لیتا ہوں

ایک اک درد کو دیتا ہوں سہارا جامیؔ
ایک اک زخم کو پیغام بنا لیتا ہوں
٭٭٭
 

ایک شاعر بد نام نے کیا خوب کہا ہے پھولوں کو ترے پیار کا مکتوب کہا ہے

کچھ جان کے انجان ہوئی ہیں تری نظریں
کچھ سوچ کے میں نے تجھے محبوب کہا ہے

فریاد کے لہجے میں نسیمِ سحری نے ہر خواب کو تعبیر کا معتوب کہا ہے

اس دور میں احساس وفا زہر ہے لیکن اس زہر کو بھی لذتِ مرغوب کہا ہے

الفاظ کے ہاتھوں میں ہو تصویرِ تمنّا دنیا نے اسی کو مرا اسلوب کہا ہے

نو عمر امیدوں نے سرِ دشتِ جدائی اے چاند تجھے نامۂ محبوب کہا ہے

آہٹ ہے، نہ غم ہے، نہ کوئی چیخ ہے جامیؔ
اس واسطے اس رات کو مصلوب کہا ہے
٭٭٭
 

جب تجھے رات کے زینے سے اترتے دیکھا افقِ تیرہ پہ اک چاند ابھرتے دیکھا

زندگانی کو مہکتے ہوئے سإئے کی طرح دل کی گلیوں سے کئی بار گزرتے دیکھا

ہائے اک اذنِ تبسم کے لئے کلیوں کو مشورہ تلخیِ ایام سے کرتے دیکھا

کتنے چہروں پہ غمِ دہر کی تحریر پڑھی
کتنی آنکھوں میں سوالوں کو ابھرتے دیکھا

پھول ہوں، یا مرے اشعار ہوں، میں نے تجھ کو
رنگ اپنا ہی ہر اک نقش میں بھرتے دیکھا

تجھ کو پایا تو دھڑکتے ہوئے دل میں پایا
تجھ کو دیکھا تو خیالوں سے گزرتے دیکھا

وقت کی تیزیِ رفتار کی زد میں آ کر ہم نے اک عہدِ روایات کو مرتے دیکھا

ایک اک خواب مرا مہر بکف تھا جامیؔ
رات بھر میں نے سویروں کو نکھرتے دیکھا
٭٭٭
 
خوابوں کا دھواں پھیل گیا حدِ نظر تک
ہم آۓ تھے کیا سوچ کے ایوانِ سحر تک

پتھر کے تراشے ہوۓ چہروں کے علاوہ انجان ترے شہر میں ہیں شمس و قمر تک

جیسے کوئی ہر وقت مرے ساتھ رہا ہے ٹھہری ہوئ راتوں سے اجالوں کے سفر تک

ان بھی ہیں اسی طرح شب و روز کے پھیرے گیتوں کے تعاقب میں تری راہگزر تک

کچھ رات گئے اوڑھ کے خوابوں کا لبادہ
مے خانے سے ہو کر کوئی آیا مرے گھر تک

لفظوں کے سجاۓ ہوۓ بازار میں ہم نے بکتی ہوئ دیکھی ہے تمناۓ سحر تک

وہ رات بہت دور کہیں مجھ سے ملی تھی
جس رات کے ہاتھوں میں نہ تھی شمعِ نظر تک

راہوں میں وہی گردِ شب و روز ہے جامیؔ
پھولوں کی تمنّا سے مرے زخمِ ہنر تک
٭٭٭
 

خوابوں کو تیرگی کے سمندر میں پھینک دو
چھایا ہوا سکوت ہے، ایسے میں کچھ تو ہو

چلتا رہے یہ رسمِ تعارف کا سلسلہ ہر بار اجنبی کی طرح مجھ سے تم ملو

یوں دل کے پاس درد رکا جس طرح کوئی حیران ساہو دیکھ کے خالی مکان کو

ساۓ جو ساتھ ساتھ تھے سب قتل ہو گئے کس کس کے غم میں آج نیا مرثیہ لکھو

نکلے ہیں جسم اپنے مزاروں کو چھوڑ کر اب آؤ زندگی پہ کوئی تبصرہ کرو

زخموں سے جھانکتی ہیں بہت سی کہانیاں زخموں کے راستے پہ بہت دور تک چلو

پھر گونجنے لگی ہیں اندھیروں کی آہٹیں
دن ڈوبنے سے پہلے کرن کوئی مانگ لو

ہر شخص پھر رہا ہے خود اپنی تلاش میں یہ زندگی ہے آج اسے زندگی کہو

جیسے کسی نگاہ نے دی ہے یہ بد دعا
جامیؔ خود اپنی ’آگ‘ میں تم عمر بھر جلو
٭٭٭
 

احساس کے شعلے نہ امیدوں کے سمندر انسان ہیں یا صرف تراشے ہوۓ پتھر

یاد اپنی بھی آتی ہے تو یوں آتی ہے جیسے
صحرا میں سرِ شام بہت دور کا منظر

ماحول کا دم گھونٹ رہی ہے یہ خموشی لے آؤ کہیں ست کوئی آواز کا نشتر

اک درد اترتا ہے مرے دل کی گلی میں اک چاند چمکتا ہے خیالوں کے افق پر

افلاس کی راتوں سے ہے یوں دور سویرا جیسے کوئی امت سے خفا کوئی پیمبر

کیا ڈھونڈتے پھرتے ہیں لپکتے ہوۓ ساۓ
جلتی ہوئی تنہائی کے غاروں سے نکل کر

کیا جانئے کیوں دیکھ کے سوکھے ہوۓ پتے
یاد آۓ ہیں مجھ کو مرے ارمان بھی اکثر

اب کوئی سر افرازِ جنوں بچ نہ سکے گا
آتے ہیں ترے شہر میں ہر سمت سے پتھر

تاریخ کا دیکھا ہوا ال خواب ہوں جامیؔ
ہر دور میں جلنا ہی سہی میرا مقدر
٭٭٭
 
معیارِ سخن ہوں نہ کوئی عظمتِ فن ہوں
بڑھتے ہوۓ پتھراؤ میں شیشے کا بدن ہوں

دنیا کو دکھا دیتا ہوں آئینہ اسی کا ناراض ہے دنیا کہ روایات شکن ہوں

سو بار اندھیروں نے جسے قتل کیا ہے تخلیق کے ماتھے کی وہی ایک کرن ہوں

آوازِ انالحق کی طرح ساتھ ہی تیرے
اک عمر سے، اے سلسلۂ دار و رسن! ہوں

اس طرح کوئی دیکھ رہا ہے مجھے جیسے
میں دور کے جلتے ہوئے خوابوں کی تھکن ہوں

زخموں کے جھروکے میں کوئی شمع جلا کر
کہتا ہے میں کچھ اور نہیں، دردِ وطن ہوں

اک برگِ خزاں دیدہ کی مانند ہوں لیکن
سوچو تو میں اک شعلۂ رخسارِ چمن ہوں

ہیں جس کے لئے آج نئے لفظ و معانی تاریخ کا وہ نشۂ صہباۓ کہن ہوں

صحرا کا وہ سلگتا ہوا احساس ہوں جامیؔ
ذروں کی طرح دہر میں بکھرا ہوا تن ہوں
٭٭٭
 

خوابوں کی فضا ہے نہ خیالوں کی پری ہے ہر سمت وہی دھوپ کی دیوار کھڑی ہے

دیکھا تو وہ جھونکا تھا نسیمِ سحری کا
دھوکا یہ ہوا تھا کہ صدا آپ نے دی ہے

اک بار ذرا موسمِ گل کو بھی دکھاؤ سوکھے ہوئے پتوں میں کوئی لاش پڑی ہے

کھو جاؤ گے لفظوں کے حسیں شہر میں جا کر
اوہام و عقائد کی وہاں بھیڑ لگی ہے

ہم لوگ شب و روز کے صحرا میں کھڑے ہیں احساس وہی، درد وہی، دھوپ وہی ہے

قبروں پہ لگاۓ ہوۓ کتبے تو نہیں ہیں
ہر شکل پہ کیوں ایک سی تحریر لکھی ہے

ال صبح چراتی ہے ترا رنگِ ندامت اک رات سنا ہے کہ مجھے ڈھونڈ رہی ہے

اک عمر کے بچھڑے ہوۓ احباب ہوں جیسے
یوں راہ میں زخموں سے ملاقات ہوئی ہے

وہ رات کے زینے پہ رکا ہے کوئی سایہ
وہ پیار کے آنگن میں کوئی شمع جلی ہے

ہم وقت کی آنکھوں میں لئے پھرتے ہیں جامیؔ
وہ آگ جو اس دور کی پہچان بنی ہے
٭٭٭
 
نہ پوچھو کون ہوں میں اور کیا ہوں
بس اک ٹوٹا ہوا سا آئینہ ہوں

زمیں کا درد اپنے ساتھ لے کر خلاؤں میں کسی کو ڈھونڈتا ہوں

مجھے اس طرح پڑھتی ہیں نگاہیں نئی نسلوں کا جیسے مرثیہ ہوں

جہاں ہر چیز پتھر بن گئی ہے اک ایسے شہر میں حیراں کھڑا ہوں

کوئی سایہ کہیں دیکھا تھا میں نے بس اتنا زندگی سے آشنا ہوں

اندھیری رات کے اک اک ورق پر اجالوں کی طرح لکھا گیا ہوں

مجھے بھی آج سولی پر چڑھا دو کہ میں بھی نغمۂ سازِ انا ہوں

خیالوں کی چٹانوں سے گزر کر سمندر میں اترتا جا رہا ہوں

کوئی جا کر نری غزلوں سے پوچھے کہاں تک آج بکھرا پڑا ہوں

اجازت دے اگر دنیا تو جامیؔ دلِ تنہا سے ملنا چاہتا ہوں ٭٭٭  

وہ شہر نیا تھا وہ سبھی لوگ نئے تھے ہم رات کے ہمراہ کہاں گھوم رہے تھے

حالات کی آنکھوں میں ذرا جھانک کے دیکھو
اس طرح سمندر کبھی صحرا نہ بنے تھے

غزلوں پہ اُسی حسن کی ہے چھاپ ابھی تک
کچھ روز خیالوں میں وہ مہمان رہے تھے

بیتے ہوئے دن دشمنِ خوں خوار کی صورت
کیا جانئے کیوں سوچ کی راہوں پہ کھڑے تھے

ہم سے بھی تعارف تھا دھڑکتے ہوۓ دل کا
ہم نے بھی تجھے پیار کے مکتوب لکھے تھے

لے آؤ نسیمِ سحری کو بھی وہاں تک خوابوں کے حسیں چاند جہاں قتل ہوئے تھے

اک لفظ تمنا ہی نہیں تھے کہ متا دو
ہم روحِ صداقت بھی ہیں، تم بھول گئے تھے

جامیؔ مرے اشعار کا قد ناپنے والے
وہ لوگ تھے جو ریت کے ٹیلوں پہ کھڑے تھے
٭٭٭
 

بے سود خواہشوں کے سوا کچھ نہ دے سکے
جیسے یہ ماہ و سال بخیلوں کے ہاتھ تھے

ہر تجربہ عذاب ہے ہر آرزو فریب اے شامِ انتظار مرے خواب چھین لے

آیا وہ دشتِ غم ، کہ بدن ٹوٹنے لگا دیکھی وہ تیز دھوپ کہ پتھر پگھل گئے

اب اور کیا دیارِ ادب پر ہو تبصرہ جو سوچتے نہیں، وہ یہاں بولتے رہے

اونچے پہاڑ بھی ہیں، طلسمی حصار بھی لیکن رواں دواں ہیں صداؤں کے قافلے

صحرا مرے خیال میں صحرا نہیں رہا شہروں میں لی پناہ جو صدیوں کی پیاس نے

جو ذہن کے اداس دریچوں سے آئی تھی اُس روشنی پہ آپ کا دھوکا ہوا مجھے

تنہائیوں کی برف نہ جم جائے پھر کبھی
چھپ جائیں پھر کہیں نہ خیالوں کے راستے

سورج کو دیکھ کر بھی اندھیروں نے یہ کہا
واقف نہیں یہاں کوئی جامیؔ کے نام سے
٭٭٭
 

شہروں میں زندگی کا نشاں بھی نہیں کوئی
جلتے ہیں جسم اور دھواں بھی نہیں کوئی

آوارہ پھر رہا ہے مہ و سال کی طرح وہ اجنبی کہ جس کا مکاں بھی نہیں کوئی

کیا کیجئے کہ آج شبِ غم کے ہاتھ میں آئینۂ خیالِ بتاں بھی نہیں کوئی

ویران بام و در کی خموشی نے کہہ دیا کس کو پکارتے ہو یہاں بھی نہیں کوئی

احباب کے خلوص میں شاید کمی ہوئی دل کے قریب نوکِ سناں بھی نہیں کوئی

زخموں کی بستیوں میں کچھ اتنا سکوت ہے
جیسے کسی کے منہ میں زباں بھی نہیں کوئی

حالات کے فریب نے پتھر بنا دیا اب زندگی تو بارِ گراں بھی نہیں کوئی

غزلوں کو دے رہا ہوں نئے دور کی تڑپ اب آرزوۓ حسنِ بیاں بھی نہیں کوئی

سنگیں روایتوں کے تلے دب کے رہ گئے
وہ لوگ جن پہ فاتحہ خواں بھی نہیں کوئی

جامیؔ کئی یزید بھی ہیں، کربلا بھی ہے
لیکن حسینؑ سا تو وہاں بھی نہیں کوئی
٭٭٭
 
خزاں کی دھوپ میں گلشن کے خواب بھی رکھ دو
کسی بدن کے مہکتے گلاب بھی رکھ دو

تمہارے شہر سے گزروں تو ہر دریچے میں کوئی خیال، کوئی ماہتاب بھی رکھ دو

گزر رہی ہیں ہزاروں قیامتیں ہم پر یہیں کہیں روزِ حساب بھی رکھ دو

جو ساتھ ساتھ رہا وقت کے اندھیروں میں کسی مزار پہ وہ آفتاب بھی رکھ دو

اب اس میں کیا ہے پرانی کہانیوں کے سوا
اٹھا کے طاق میں دل کی کتاب بھی رکھ دو

سجی ہے محفلِ یاراں، تو اپنے چہروں سے ذرا اتار کے سارے نقاب بھی رکھ دو

حیات پیاس کا صحرا بنے تو پھر اس میں کچھ آرزو کے چمکتے سراب بھی رکھ دو

سکوتِ مرگ ہے کیوں درد کے جزیروں میں سمندروں کا یہاں اضطراب بھی رکھ دو

جو ہو سکے تو حدیں توڑ کر خلاؤں کی
فلک کے دل میں زمیں کا عذاب بھی رکھ دو

چُنے ہیں زخم تو زخموں کے پاس ہی جامیؔ
کسی کی اک نگہِ انتخاب بھی رکھ دو
٭٭٭
 

ہو گیا اب تو خلاؤں کا سفر بھی دشوار
دور تک راہ میں ہے خود مری شہرت کا غبار

یک بیک پھر مرے خوابوں کے حسیں بستر پر
دو گھڑی رات گئے کون ہوا ہے بیدار

روح کے زخم ابھرتے ہیں سوالوں کی طرح
میں کہیں تیری خدائی سے نہ کر دوں انکار

دن کے پھیلے ہوئے صحرا میں نظر آتے ہیں
کتنے بے نام شہیدوں کے شکستہ سے مزار

ساتھ خوابوں کو لئے گھر سے نہ باہر نکلو
چار سو شہر میں ہے ناچتے شعلوں کی قطار

کون لے جاۓ مرے دور کی مایوسی کو تیرہ و تار سمندر کی حدوں کے اس پار

میں سمجھتا ہوں کہ اب صرف کتب خانوں میں
منہ زمانے سے چھپاۓ ہوۓ بیٹھی ہے بہار

تیز رو وقت کی ویران ہتھیلی پہ ابھی پھول کی طرح مہکتا ہے کسی کا اقرار

کوئی در ہے نہ دریچہ ہے نہ روزن کوئی
سامنے ہے وہی تنہائی کی اونچی دیوار

کوئی کہتا ہوا گزرا ہے نئی نسلوں سے
عمر بھر کیجئے تاریخ لے زخموں کا شمار

ہائے کس کس کا پتہ پوچھ رہے ہیں جامیؔ
مجھ سے مل کر مرے لکھے ہوۓ سارے اشعار
٭٭٭
 
سلسلہ اور بھی کچھ غم کا بڑھایا جاۓ
اپنے صحرا کو سمندر سے ملایا جاۓ

ان کو اصرار کہ یہ حرفِ تمنا کیوں ہے
اس کو اوراقَ دل و جاں سے مٹایا جاۓ

ایک اک سانس پہ تیرا ہی کرم ہے ورنہ کس سے یہ بارِ مہ و سال اٹھایا جاۓ

میری راتوں نے تراشے ہیں جو خوابوں کے بدن
ان پہ آخر کوئی چہرہ تو لگایا جاۓ

جس میں ہم لوگ چراغوں کی طرح جلتے ہیں آؤ وہ شہر زمانے کو دکھایا جاۓ

اپنے قبضے میں تو زخموں کی بڑی دولت ہے
کیوں نہ پھر وقت کا سب قرض چکایا جاۓ

مجھ سے خود اپنا پتہ پوچھ رہا تھا اک دن ہاۓ وہ شخص بھلاۓ نہ بھلایا جاۓ

دل میں اس طرح ترے درد کو رکھ لیتا ہوں
جیسے گھر میں کسی مجرم کو چھپایا جاۓ

میں کوئی راز کی تحریر نہیں ہوں جامیؔ
بند کمرے میں جسے لا کے جلایا جاۓ
٭٭٭
 
(آخری غزل)

سورج سروں پہ آگ اگلتا دکھائی دے
مجھ کو یہ شہر شہرِ تمنّا دکھائی دے
‮
غزلوں سے لوگ میرا پتہ پوچھنے لگے
زخموں کا کاروبار سنبھلتا دکھائی دے
‮
مقتل کے آس پاس ہے منظر عجیب سا
ہر سمت صرف خون اچھلتا دکھائی دے
‮
وہ سامنے رکھا ہے کوئی خط کھلا ہوا
وہ دور کوئی چاند نکلتا دکھائی دے
‮
کس کے قریب جائیے کس کو پکارئیے
ہر شخص اپنا روپ بدلتا دکھائی دے
‮
میں اس ندی کے پار اتر جاؤں گا مگر
آگے کوئی چراغ تو جلتا دکھائی دے
‮
گھر ہو کہ راستہ ہو، اک آسیب ہر جگہ
تنہائیوں کا زہر اگلتا دکھائی دے
‮
یہ ریگزارِ غم، یہ خیالوں کی تیز دھوپ
جو زد میں آ گیا، وہ پگھلتا دکھائی دے
‮‮
آواز دے کہ رات کے اونچے پہاڑ سے
خوابوں کا پاؤں آج پھسلتا دکھائی دے
‮
جامیؔ مری نظر میں زمانہ ہے اس طرح
پھولوں کو جیسے کوئی مسلتا دکھائی دے
٭٭٭
 
متفرقات
رباعیات
آنکھوں میں جگہ دیتے ہیں ابرو کی طرح
بٹھلائیں سرِ دوش پہ گیسو کی طرح
اللہ نے زر جن کو دیا ہے جامیؔ
جھک جاتی ہے خلق ان سے ترازو کی طرح
٭٭

اس جام سے دانش میں فتور آتا ہے
اس بادے سے آنکھوں میں سرور آتا ہے
مفلس کی فروتنی پہ نہ جاؤ جامیؔ
جب مرتبہ آتا ہے، غرور آتا ہے
٭٭
 
قطعے

ہمارے ماتھے کی ہر شکن میں
جمال بھی ہے جلال بھی ہے
خلوصِ فکر و نظر کا رس بھی
غرورَ صد ماہ و سال بھی ہے
٭٭

حیات کا تابناک چہرہ
نہ جانے اتنا اداس کیوں ہے
خیال الجھے ہوۓ پڑے ہیں
خزاں بہاروں کے پاس کیوں ہے
٭٭
 
اشعار

خواب اور بھی ہیں ساتھ زمانے ہیں اور بھی
بوجھل نئی حیات کے شانے ہیں اور بھی
‮
اوراقِ آرزو پہ کہاں تک کوئی لکھے
ویرانیوں کے پاس فسانے ہیں اور بھی
‮
اب زلف عنبریں کی پناہیں نہیں تو کیا
آوارگانِ غم کے ٹھکانے ہیں اور بھی
‮
کام آئیں گے سفر میں کبھی تو سمیٹ لو
اُن کی نظر نظر میں فسانے ہیں اور بھی
‮٭٭
‮

یہ شہر نیا ہے نہ کوئی راہ نئی ہے
ہر شکل ترے دور کی پہچان بنی ہے
حالات نئے ہیں نہ کوئی شکل نئی ہے
اس شہر میں اے رات کسے ڈھونڈ رہی ہے
خوابوں کے حسیں جسم پگھل جائیں گے دیکھو
آگے تو وہی دھوپ کی دیوار کھڑی ہے
٭٭
‮
بڑے حسیں خیالوں کے جھومتے ساۓ
پھر ایک بار تمہاری گلی میں لے آۓ
٭٭

اکثر ہمارے ذہن میں ابھرے تھے کچھ سوال
وہ بھی تری اداس نگاہوں میں کھو گئے
٭٭
 
لمبے سفر کے بعد بھی شعلے ملے نہ پھول
چہروں پہ جم رہی ہے فقط راستوں کی دھول
جلتا ہے ایک ذہن، مہکتا ہے ایک پھول
روزِ ازل سے ہے یہی تخلیق کا اصول
٭٭

لوگ شہروں میں فقط جسم لئے پھرتے ہیں
سوچتا ہوں کہ کوئی چہرہ لگایا جاۓ
وقت کے ساتھ نگاہیں بھی بدل جاتی ہیں
میں وہ مکتوبِ کہن ہوں جو جلایا جاۓ
٭٭

ہاۓ اس دور میں شعروں کے چراغ
آپ اپنے ہی مزاروں پہ جلے
٭٭
 
بچھڑی ہوئی یادیں بھی ہیں، بھولے ہوۓ غم بھی
تنہائی کے دروازے پہ کیا بھیڑ لگی ہے
پر شخص کو جو دولتِ غم بانٹ رہا ہے
کیا نام ہے اس شہر میں وہ کون سخی ہے
٭٭
اک رات مہکتا ہوا اقرار بنے تھے
تم بھی تو مرے شعر کا معیار بنے تھے
تنہائی کی آغوش میں ہیں کتنے بجھے سے
وہ لوگ کہ جو شمعِ سرِ دار بنے تھے
٭٭
اب کہاں جا کے رہے آپ کا بسمل آخر
نبضِ جادہ ہے تپاں، سینۂ صحرا سوزاں
٭٭
 
٭٭٭

’یاد کی خوشبو، مرتبہ ’محمود خاور‘ کی غزلیں، متفرقات، اور کچھ مزید کلام
اس صورت کے مرتب ، ٹائپنگ، ای بک کی تشکیل :اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

خزاں میرا موسم