دیوانِ غالبؔ (نسخۂ حمیدیہ)
مرزا اسداللہ خان غالبؔ
تصحیح و اضافۂ حواشی: جویریہ مسعود نظرِ ثانی: اویس قرنی، اعجاز عبید
حرفِ چند جویریہ مسعود
ایک سال پہلے کی بات ہے میں نے اردو گوگل سرچ میں ’’دیوانِ غالب‘‘ لکھا اور میں اردو ویب ڈاٹ آرگ کے فورم "محفل" پر موجود تھی۔ یہ کیا؟ یہاں تو سارا دیوانِ غالب لکھا موجود تھا۔ میں نے ورق گردانی بلکہ پیج گردانی جاری رکھی۔ "محفل" میں دیوان غالب کے ساتھ ساتھ اور بہت سی کتابیں آن لائن تھیں۔ نہ صرف کتابیں بلکہ اردو کمپیوٹنگ کے حوالے سے بھی بہت کچھ موجود تھا، اردو فانٹس، اردو، پشتو اور عربی صوتی کی بورڈز، انگریزی اصطلاحات کے اردو ترجمے۔ میں متاثر ہوۓ بغیر نہ رہ سکی۔ یہ کون لوگ ہیں جو اس نفسانفسی کے دور میں جب نیٹ صرف چیٹینگ اور غیر اخلاقی سائٹس کی سرفنگ کا ذریعہ بن کے رہ گیا ہے، اردو کی خدمت کر رہے ہیں۔ اس محفل کو جوائن کرنے کے سوا مجھے چارہ ہی نہیں تھا اور یوں 19 اپریل 2006 کو اس محفل کی رکن بن گئی اور گپ شپ کے دھاگوں پر مصروف ہو گئی۔ گپ شپ کے دھاگوں میں غالب کے اشعار پوسٹ کرنے لگی۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اسی محفل پر دیوانِ غالب کی پروف ریڈنگ بلکہ تصحیح اور اضافے کا کارِ گراں مجھے کرنا پڑے گا۔ مجھے یہ کام کیسے سونپا گیا اور میں نے اسے کیسے سرانجام دیا؟ اس تفصیل کا نہ موقعہ ہے اور نہ آپ کے ساتھ اس تفصیل کے جاننے کا وقت۔ بہر حال دیوانِ غالب نسخۂ اردو ڈاٹ ویب اب نہ صرف محفل کے وکا وکی بلکہ اردو وکیپیڈیا پر بھی موجود ہے۔
محفل پر ہی میری ملاقات ایک نابغۂ روزگار شخصیت سے ہوئی۔ میں نے ان کے لیے نابغۂ روزگار ترکیب استعمال کر کے کوئی مبالغہ نہیں کیا۔ کونسا میدان ہے جس کے وہ شہسوار نہیں۔ ارضیات کے ماہر، بہترین نثّار، مزاح نگار، شاعر، علمِ عروض کے ماہر ، اردو کمپیوٹنگ کے بانیوں میں سے ایک، فانٹس اور صوتی کی بورڈز بنانے کے ماہر۔ آن لائن کتابوں کے دو دو سائٹس کے روحِ رواں، انٹرنیٹی ادبی میگزین سہ ماہی " سمت" کے مدیر۔ غرض کونسا شعبہ ہے جس کے وہ ماہر نہیں۔ میرا تو دل کرتا ہے کہ ان کو " باباۓ اردو کمپیٹنگ" کا خطاب دوں۔ جی ہاں۔ باباۓ اردو کمپیوٹنگ جناب اعجاز عبید المعروف اعجاز اختر۔
مجھے فخر ہے کہ غالب پر کام کرنے موقعہ مجھے ان کی زیر سرپرستی ملا۔ حق تو یہ ہے کہ ان کی سرپرستی اور شفقت کے بغیر میں نہ متداول دیوان پر کام کر سکتی تھی اور نہ میں اس قابل ہوتی کہ اس نسخۂ حمیدیہ کو آن لائن لا سکتی۔ ان ہی کے "ہل من مزید" کے نعرے نے مجھے مجبور کیا کہ اس نادر کتاب کو ٹائپ کروا کر اور اس کی تصحیح کرنے کے بعد آئن لائن لا سکوں۔
میں جانتی ہوں کہ عام قاری کو نہ غالب سے کوئی دلچسپی ہے اور نہ غالب کے مسترد کردہ دیوان (نسخۂ حمیدیہ) سے اور نہ ہی مجھے یقین ہے کہ کوئی نیٹ پر کتابیں پڑھنے آتا ہے مگر پھر بھی اس دیوان کو آئن لائن لانے پر میں کوئی غلطی نہیں کر رہی۔ یہ کتاب ان لوگوں کے لیے ہے جو اپنے وطن سے میلوں دور غالب کو پڑھنے، سمجھنے اور سمجھانے کے لیے ہمہ وقت سر گرداں ہیں جیسے کہ امریکہ کے پروفیسر سید تفسیر احمد جو آج کل دیوانِ غالب کی تشریح پر ایک آن لائن کتاب لکھ رہے ہیں۔ اردو کتابیں ان کے دسترس سے باہر ہیں مگر انشاء اللہ ایک دن ضرور آۓ گا کہ ان سب کے لیے محفل کے وکا وکی، محفل کے اردو ڈجیٹل لائبریری، اعجاز اختر کی کتابیں ڈاٹ آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام ٭ جیسے ویب سائٹس پر ہر قسم کی کتاب آن لائن موجود ہو گی۔
اس کتاب کو ہم نے بعینہٕ ویسا ٹائپ کیا ہے جیسا کہ چھپی ہوئ کتاب تھی۔ البتہ چند الفاظ و تراکیب کو جدید املا سے ہم آہنگ کرنے کی سعی ضرور کی ہے جیسے " دِلہا" کو "دل ہا" "غلطیہاے" کو "غلطی ہاۓ" " بوے گل" کو "بوۓ گل" کیا ہے تاکہ پڑھنے اور سمجھنے میں آسانی رہے۔ جہاں ضروری سمجھا، کچھ نوٹس میں نے بھی دیے ہیں مگر بقولِ غالب:
حق تو یوں ہے حق ادا نہ ہوا
جویریہ مسعود
سوات، پاکستان
14 اپریل 07
٭ اب برقی کتابیں
http://kitaben.urdulibrary.org
پر دستیاب ہیں۔ ا ع
***
تعارف اعجاز عبید
جویریہ مسعود، یا جوجو ہی کہوں، میں جس نام سے ان محترمہ کو پکارتا ہوں۔ لیکن محترمہ؟ نہیں احترام تو محض ان ہی معنوں میں جس طرح کا احترام اپنے بچوں کے ساتھ روا رکھا جاتا ہے۔ بیٹی جویریہ نے یہاں بھی میرے تئیں اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے جس کے لئے میں اس کا کوئی شکریہ ادا نہیں کرتا۔
غالب سے عقیدت تو کس اردو والے کو نہیں ہو گی، اور جب معاملہ ایسا ہو کہ اس کو ٹائپ کر کے آن لائن کیا جائے، تو اردو محفل کے ارکان سامنے آئے اور تقریباً میری نگرانی میں اس کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ متداول دیوان (اردو ویب اڈیشن) تیار ہونے ہر بھی جوجو نے بس نہیں کیا، کچھ مزید کلام انہوں نے شامل کیا اور اس طرح دیوانِ غالب کا ’رویژن‘ ہوتا ہی رہا، نسخۂ حمیدیہ میں سے کچھ اشعار ہی ہم نے اس نسخے میں شامل کئے تھے۔ یہ جوجو کا ہی کار نامہ ہے کہ اس نے مکمل نسخہ حمیدیہ اپنے خرچ پر ٹائپ کروایا، اور اس طرح مہیا کیا۔ اس سلسلے میں میں صرف پروف ریڈنگ کی حد تک ذمہ دار ہوں۔ اس نسخے میں اگر اب بھی کچھ اغلاط رہ گئی ہیں، تو اس کا ذمہ میں تنہا لیتا ہوں۔ اور اگر مواد میں کچھ کمی بیشی ہے تو اس کی پوری طرح ذمہ دار میری بیٹی جوجو ہے، میں بری الذمہ!!
بہر حال یہ کتاب جو نتیجتاً سامنے آئی ہے، وہ آپ کی نظروں کے سامنے ہے۔ میں مزید جوجو کی اس کتاب کے اور آپ کے بیچ نہیں آنا چاہتا۔
اعجاز عبید
٭٭٭
دیباچہ
پروفیسر حمید احمد خان
مرزا غالب کی وفات کے پچاس سال بعد بھوپال کے کتب خانۂ حمیدیہ میں دیوانِ غالب کا سب سے پہلا نسخہ1 ایک خوش نما مخطوطے کی صورت میں دستیاب ہوا۔ اس دریافت نے اُس زمانے کے ادبی حلقوں میں ایک سنسنی سی پیدا کر دی کیونکہ غالب کا پہلا دیوان اُس بے دریغ قطع و برید کے باعث، جس کا ذکر حالی، آزاد اور خود غالب نے کیا ہے، محض ایک ادبی حکایت بن کر رہ گیا تھا۔ اب جو یہ پورا دیوان غیر مترقبہ طور پر میسر ہو گیا تو اکثر اہلِ ذوق نے اس کی طباعت و اشاعت کا خیر مقدم کیا، اگر چہ بعض لوگوں کو اعتراض ہوا کہ جو اشعار مرزا غالب نے خود رد کر دیے تھے، اُنہیں اس طرح نشر کر کے گڑے مردے اکھیڑنا کیا ضرور ہے۔ با ایں ہمہ بھوپال کے ڈائرکٹر سر رشتۂ تعلیم، ضیاء العلوم مفتی محمد انوار الحق، کے فہمِ سلیم نے صحیح فیصلہ کیا اور دیوانِ غالب کا یہ نسخہ جو نواب محمد حمید اللہ خان2 کے اعزاز میں "نسخۂ حمیدیہ" کہلایا، مفتی صاحب کے اہتمام سے مخطوطے کی کتابت کے ٹھیک ایک صدی بعد 1921ء میں شائع ہو گیا۔
قلمی دیوان کی کتابت نومبر ۱۸۲۱ء میں تکمیل کو پہنچی تھی۔ اس دیوان کے آخری صفحے پر دیوان کی آخری رباعی کی بعد سرخ روشنائی میں یہ خوش خط تحریر ملتی ہے:
دیوان من تصنیف مرزا صاحب3 و قبلہ
المتخلص بہ اسد و غالب سلمہم ربہم
علیٰ ید العبد المذنب حافظ معین الدین
بتاریخ پنجم شہر صفر المظفر 1237
من الہجرت النوبیہ4 صورتِ اتمام یافت
دیوان کے آغاز سے پہلے جلد کے اندر حسب دستور جو سادہ اوراق لگائے گئے ہیں، اُن میں سے دو پر مولوی محمد فضل حق کے نام مرزا غالب کے فارسی مکتوب بہ صنعتِ تعطیل (مشمولۂ پنج آہنگ) کی بد خط نقل ہے۔ دیوان کے مندرجات کی ترتیب یوں ہے: پہلے 4 قصائد ہیں، پہر 275 غزلیات اور ان کے بعد 11 رباعیات۔ آخری رباعی ہے: "مشکل ہے زبس کلام میرا اے دل"۔ چونکہ صرف یہی رباعی اور اس کے نیچے حافظ معین الدین کی مندرجۂ بالا اختتامی تحریر آخری صفحے پر آئی ہے، اس لیے صفحے کا تقریباً دو تہائی حصہ خالی رہ گیا ہے۔ خالی جگہ میں فوجدار محمد خاں5 کی 1648 ھ کی مُہر ثبت ہے جس سے کم از کم یہ واضح ہوتا ہے کہ فوجدار محمد خاں کے کتب خانے میں یہ دیوان تاریخِ کتابت کے گیارہ بارہ برس بعد پہنچا۔ اسی بنا پر مفتی انوار الحق کا یہ قیاس محل نظر ہے کہ قلمی دیوان"غالباً رئیس وقت نواب غوث محمد خاں صاحب کے بیٹے میاں فوجدار محمد خاں صاحب کے لیے لکھا گیا تھا"۔ 6 یہ امر بھی مشتبہ، بلکہ بعید از قیاس ہے کہ دیوان کے حاشیے کے اضافے اور متن کی اصلاحیں 1648ھ کے بعد معرضِ تحریر میں آئیں، یا دیوان کا یہ نسخہ بھوپال پہنچنے کے بعد مزید اندراجات کے لیے پھر کبھی دہلی بھیجا گیا۔ گمانِ غالب ہے کہ قلمی دیوان میں حاشیے کے اضافے اور متن کی ترمیمات 1237ھ اور 1248ھ کے درمیان درج ہو چکی تھیں اور دیوان ان ترمیمات و حواشی کے ساتھ ہی بھوپال پہنچا۔بھوپال کے نسخے اور دیوان غالب کے اس مخطوطے کو، جو حافظ محمود خاں شیرانی مرحوم کے مجموعۂ کتب میں شامل ہے7، اگر ملا کر پڑھیے تو اندازہ ہوتا ہے کہ بھوپال کے قلمی نسخے میں حاشیے کے اضافے غالب کے سفرِ کلکتہ پر روانہ ہونے سے پہلے، یعنی 1826ء تک، تصنیف ہو چکے تھے۔ معنوی طور پر بھی ان میں بہت سے اشعار ایسے ملتے ہیں جو غالب کی پختگیِ فکر کے کسی دور ( مثلاً 1832۔33ء کے بعد ) سے منسوب نہیں کیے جا سکتے۔
مفتی انوار الحق کا نسخہ شائع ہوا تو یہ حقیقت مخفی نہ رہی کہ مطبوعہ نسخہ قلمی نسخے کی صحیح نقل نہیں ہے۔ اس بارے میں شاید سب سے بڑی قباحت یہ ہوئی کہ مفتی صاحب کے نسخے میں کئ جگہ حاشیے کے اندراجات اور متن کے درمیان ضروری امتیاز قائم نہ رہ سکا۔ چنانچہ صحیح صورت حال کی دریافت کے لیے قلمی نسخے کا معائنہ ضروری ہو گیا۔ اواخرِ اگست 1937ء میں حیدرآباد دکن کے ایک سفر سے واپس لاہور آتے ہوۓ میں بھوپال گیا اور سرکاری کتب خانے میں بیٹھ کر مطبوعہ نسخے اور قلمی نسخے کے اندراجات کا مقابلہ کرتا رہا۔ اس موقع پر مجھے اندازہ ہوا کہ حواشی اور متن کا فرق ملحوظ نہ رہنے سے قطع نظر، مطبوعہ نسخے میں ایک بڑا فتور یہ پیدا ہوا ہے کہ قلمی نسخے میں غزلیات کی ترتیب مطبوعہ نسخے تک پہنچتے پہنچتے کچھ کی کچھ ہو گئ ہے۔ مثلاً مخطوطے کی پچیسویں غزل(بسکہ جوشِ گریہ سے زیر و زبر ویرانہ تھا) مطبوعہ نسخے کے صفحہ 33 پر شروع ہوتی ہے اور اس غزل سے اگلی، یعنی چھبیسویں، غزل (نہ ہو حسن تماشا دوست رسوا بے وفائ کا) مطبوعہ نسخے کے صفحہ 12 پر۔ یہ صورت حال دیکھ کر میرے لیے لازم ہوا کہ میں اپنی پوری توجہ دو باتوں پر مرکوز رکھوں: اول یہ کہ قلمی نسخے کے مندرجات کی صحیح ترتیب معین کروں اور دوم یہ کہ حاشیے اور متن کے اندراج کے معاملے میں قلمی اور مطبوعہ نسخوں کے درمیان جہاں جہاں اختلاف ہے، اُس کے متعلق مفصل یادداشتیں لے لوں۔ افسوس ہے کہ وقت کی کوتاہی کے باعث میرے لیے یہ ممکن نہ ہوا کہ مخطوطے کے ہر شعر اور مصرع کو لفظ بلفظ دیکھ لیتا۔ تاہم یہ واقعہ ہے کہ ترتیبِ منظومات کی تصحیح اور حواشی کی تشخیص کرتے ہوۓ مطبوعہ نسخے کے کاتب کی لفظی فروگذاشتوں پر جا بجا نظر پڑی۔ ان کا ذکر قارئین کو حسبِ موقع دیوان کے متعلقہ صفحات پر حاشیے کے اشارات میں ملے گا۔ 1921ء کا نسخۂ حمیدیہ بھوپال کے قلمی دیوان کی پہلی مطبوعہ نقل ہے۔ افسوس ہے کہ قلمی دیوان سے انحراف کی جتنی مختلف قسمیں تصور میں آسکتی ہیں وہ مفتی صاحب کے مطبوعہ نسخے میں موجود ہیں، بجز اس ایک صورت کے کہ قلمی دیوان کا شاید کوئی شعر مطبوعہ نسخے سے حذف نہیں ہوا۔ تاہم قلمی دیوان کے پیشِ نظر نہ ہوتے ہوۓ مفتی صاحب کے مطبوعہ نسخے پر تکیہ ناگزیر ہے۔ چنانچہ میں نے اپنے نسخے کی تیاری میں مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے کے متن کو بنیادی متن قرار دیا ہے لیکن قلمی نسخے سے لی ہوئی یاد داشتوں کی روشنی میں یا کسی دوسری قابل اعتماد شہادت کے سہارے مطبوعہ نسخے سے جا بجا انحراف کیا ہے۔ اس قسم کے انحراف کے حوالے قارئین کو آیندہ صفحات میں بکثرت ملیں گے۔ ان حوالوں کی موجودگی سے در گزر کیجیے تو اس زیر نظر نسخے کا متن بھوپال کے مخطوطے کی ہو بہو نقل قرار دیا جا سکتا ہے۔ مفتی صاحب کے مطبوعہ نسخے میں نہ صرف بعد کی سب اصلاحیں بلکہ وہ پوری کی پوری غزلیں بھی شامل ہیں جن کا بھوپال کے مخطوطے میں سرے سے وجود ہی نہیں ہے۔ اس طرح گو قارئین کو متداول دیوان کا الگ نسخہ مقابلے کے لیے پاس رکھنے کی ضرورت نہ رہی لیکن ابتدائی اور آخری دور کے کلام کے ساتھ ساتھ چھپنے کی وجہ سے بھوپال کے مخطوطے کے علیحدہ وجود کا تصور وضاحت سے قائم نہ رہ سکا۔ میں نے آئندہ اوراق میں بھوپال کے مخطوطے کی نقل پیش کرنے پر اکتفا کیا ہے اور متداول دیوان سے اس ابتدائی متن کا مقابلہ خود قارئین کی بینش و دانش پر چھوڑا ہے۔
اس نسخے کی تیاری کے کام میں مجھے اپنی 1938ء کی یاد داشتوں کے ناکافی ہونے کا بار بار احساس ہوا۔ بعض موقعوں پر مجھے مولانا امتیاز علی عرشی کے مرتبہ دیوان (علی گڑھ، 1958ء) اور پروفیسر محمود شیرانی کے دریافت کردہ قلمی دیوان سے گراں قدر مدد ملی، جس کا میں بصد شکریہ اعتراف کرتا ہوں۔ قارئین کو آئندہ صفحات میں"نسخۂ عرشی" اور "نسخۂ شیرانی" کے جو حوالے ملیں گے، ان سے علی الترتیب یہی مطبوعہ اور قلمی دیوان مراد ہیں۔
آج سے تیس برس قبل جب میں غالب کے پہلے اُردو دیوان کو ایک نظر دیکھنے کے لیے بھوپال پہنچا تو یہ بات میرے حاشیۂ خیال میں بھی نہ گزری تھی کہ اس مخطوطے کی صحیح نقل مرتب کرنے کی ذمہ داری کبھی مجھ پر آ پڑے گی۔ یہی وجہ ہے کہ 1938ء میں قلمی دیوان کے معائنے کے بعد جو یادداشتیں میں نے قلم بند کیں، ان کی اصل حیثیت ذاتی حوالے کے اشارات سے زیادہ نہ تھی۔ ان اشارات کا مصرف اُس وقت میرے نزدیک محض یہ تھا کہ میں اپنی اطلاع کے لیے کبھی کبھی حسبِ ضرورت انہیں دیکھ سکتا تھا۔ سالہا سال میں اسی خیال میں رہا مگر کچھ عرصہ ہوا ہندوستان کے بعض غالب شناس احباب نے مجھے لکھا کہ بھوپال کا مخطوطہ کتب خالۂ حمیدیہ سے غائب ہو گیا ہے۔ اب مجھے اندازہ ہوا کہ جن یادداشتوں کو میں نے ذاتی ذخیرۂ معلومات کی حیثیت دے رکھی تھی، وہ دوسروں کے لیے بھی موجبِ دل چسپی ہوں گی، کم از کم اُس وقت تک کہ بھوپال کا گم شدہ مخطوطہ دوبارہ ہاتھ نہ آ جاۓ۔ یہ نسخہ جو اب شائع ہو رہا ہے۔ اس لحاظ سے بھوپال کے مخطوطے کی صحیح نقل ہے کہ اس کے متن میں صرف وہی مضمون آیا ہے جو حافظ معین الدین کے لکھے ہوۓ دیوان کے متن میں ملتا ہے اور قلمی دیوان کے حاشیے کے اندراجات یہاں بھی حواشی کی صورت میں دیے گئے ہیں۔ قصائد، غزلیات اور رباعیات کی ترتیب اور پھر ہر رباعی، غزل اور قصیدے میں اشعار کی ترتیب بعینہ بھوپال کے قلمی نسخے کے اندراجات کے مطابق ہے۔۔ املا میں البتہ قلمی نسخے کے بجاۓ مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے کا تتبع کیا گیا ہے۔ قلمی نسخے کے کاتب یا کاتبوں کے ڈیڑھ سو برس پرانے املا کا بجنسہ اختیار کرنا مجھے مناسب معلوم نہیں ہوا، اگر چہ کہیں کہیں میں نے حسب ضرورت ان کاتبوں کی خصوصیاتِ تحریر کا ذکر کیا ہے۔ مفتی صاحب کے مطبوعہ نسخے میں بڑی حد تک جدید اصولِ کتابت ملحوظ رکھے گئے ہیں اور جا بجا اضافت کا استعمال ہوا ہے جو بجاۓ خود قلمی نسخے کے املا سے انحراف ہے۔ مگر بحالاتِ موجودہ انحراف کی یہ صورت قبول کیے بغیر چارہ نہ تھا۔تجدیدِ املا سے قطع نظر، میں نے لفظی اختلاف کے معاملے میں ہر موقع پر قلمی نسخے کے اندراج کا لحاظ کیا ہے۔ مثلاً متداول دیوان کی مشہور غزل: "آہ کو چاہیے اک عمر اثر ہونے تک" کے اکثر اشعار قلمی دیوان کے متن میں موجود ہیں، مگر قلمی دیوان میں اس غزل کی ردیف "ہوتے تک"ہے۔ میں نے مطبوعہ نسخے سے اختلاف کر کے یہی آخرالذکر صورت اختیار کی ہے، کیونکہ گو اکثر قارئینِ غالب کے لیے اب "ہونے تک" کے بجاۓ "ہوتے تک" کہنا ناگوارِ خاطر ہے لیکن بآثار ظاہر اس ردیف کی اصلی صورتِ وہی تھی جو بھوپال کے قلمی دیوان میں ملتی ہے۔
بھوپال کے مخطوطے کے مطالعے سے قاری کے ذہن میں متعدد سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ یہ سلسلۂ سوالات قدرۃً مخطوطے کی اس مطبوعہ نقل میں بھی منتقل ہو گیا ہے۔ ان سوالات میں سے بعض کی نوعیت محض ادبی ہے اور بعض کی خالصۃً تحقیقی۔ ادبی نوعیت کے سوالات اُن مغلق فارسی ترکیبوں (مثلاً "ہوس گستاخیِ آئینہ" یا "وادئ جوہر غبار") کے متعلق پیدا ہوتے ہیں جن کی ابتدائی کلام میں بتدریج غالب کے نۓ اندازِ بیان کو ملنے لگتی ہے۔ ان ادبی سوالات سے قطع نظر، کچھ اور سوالات ذہن میں آتے ہیں جن کے جواب مل جاۓ تو ممکن ہے کچھ نئے نتائج مستنبط ہوں۔ مثلاً دیوان کے متن میں کتنی غزلیں "اسد" تخلص کی ہیں اور کتنی "غالب" تخلص کی8؟ حاشیے کے اندراجات میں غالب یا اسد تخلص کتنی بار استعمال ہوا ہے؟ اس قسم کے سوالات کا جواب قلمی نسخے ہی میں آسانی سے مل جاتا ہے۔ مگر بعض اور مسائل ہیں جن کی تفتیش کے لیے یارانِ نکتہ داں کو صلائے عام دیے بغیر چارہ نظر نہیں آتا۔ "عبد العلی"، "عبدالصمد مظہر" اور "آغا علی"، جنہوں نے گاہ بگاہ دیوان کے کسی شعر پر صاد کیا ہے، کون حضرات ہیں؟ اور پھر حافظ معین الدین، جنہوں نے پورا دیوان خوش خط لکھا، کون تھے؟ ان لوگوں سے غالب کو دورِ شباب میں کیا اور کسی قسم کا تعلق رہا؟ غالب نے بعض مقطعوں میں اپنے آپ کو دہلی کا باشندہ ظاہر کیا ہے، لیکن کسی جگہ دہلی میں اپنے قیام کو عارضی اور مسافرانہ بھی قرار دیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ نسخۂ حمیدیہ کی کون سی غزلیں قیامِ آگرہ کے دوران میں لکھی گئیں اور کون سی اُس زمانے میں جب مرزا غالب بالآخر آگرہ چھوڑ کر مستقل طور پر دہلی چلے آۓ؟ اس قسم کے کئ پیچیدہ مسائل ابھی تک حل طلب ہیں اور عجب نہیں کہ ہمیشہ حل طلب رہیں۔ میری راۓ میں یہ دیباچہ، جس کا مقصد بھوپال کے قلمی نسخے کا تعارف ہے، ان دقیق مسائل اور تفصیل طلب مباحث کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ گتھیاں سلجھانے کے لیے تنقید و تحقیق کے علیحدہ باب کھولنے کی ضرورت ہے۔
دیوان کے مطبوعہ اوراق سامنے آۓ تو اندازہ ہوا کہ صحتِ طباعت کے لیے پوری کوشش کے باوجود متن میں، اور خود اپنے لکھے ہوۓ حواشی میں، جا بجا غلطیاں رہ گئ ہیں۔ ایک "صحت نامۂ اغلاط" دیوان کے آخر میں دیا جا رہا ہے9۔ قارئین سے درخواست ہے کہ صحت نامہ سامنے رکھ کر غلطیوں کی تصحیح فرما لیں۔
اس نسخے کی ترتیب و اہتمام میں عزیزم گوہر نوشاہی جس طرح میرا ہاتھ بٹاتے رہے اس سے کام کی ہر منزل میرے لیے آسان اور خوش گوار بن گئ۔ نسخۂ شیرانی اور نسخۂ عرشی میں سے اکثر حوالے میرے لیے گوہر نوشاہی صاحب نے تلاش کیے اور شروع سے آخر تک سب پروف بڑی احتیاط سے دیکھے۔ اس سے بڑھ کر یہ کہ مشکل اشعار کے معنی سمجھنے کی پر لطف کوشش میں وہ برابر میرے ساتھ شریک رہے۔ محبِ مکرم سید امتیاز علی تاج کا شکریہ بھی واجب ہے جن کی تحریک اور ترغیب و اصرار کے بغیر یہ کام تکمیل کو نہیں پہنچ سکتا تھا۔
(فروری۱۹۶۹ء) (حمید احمد خان)
مزید:
اوپر میں نے کتاب کے غلط نامے کا ذکر کیا ہے۔ اس ضمن میں میری ایک خطا ایسی ہے جسے منجملۂ اغلاطِ فواحش قرار دیے بغیر چارہ نہیں۔ بھوپال کے قلمی نسخے میں بعض غزلیں ایسی ہیں جو متن میں شامل ہونے کے باوجود کسی مغالطے کے باعث حاشیے پر بھی نقل کی گئ ہیں۔
مثلاً یہ غزل: "نہ بھولا اضطراب دم شماری انتظار اپنا" متن میں یہ چونتیسویں غزل ہے۔ اسے غزل 33 (کس کا خیال آئنۂ انتظار تھا) اور غزل 35 (زبس خوں گشتۂ رشک وفا تھا وہم بسمل کا) کے درمیان آنا چاہیے تھا مگر اس غزل کے ساتوں شعر اس سے پہلے غزل 20 (نالۂ دل میں شب انداز اثر نایاب تھا) کے حاشیے میں بھی درج ملتے ہیں۔ میں نے اس صورتِ حال سے دھوکہ کھا کر اس غزل کو (کسی عالم سر گشتگی میں) متن سے حذف کر دیا۔ اب دیوان کے طبع ہو جانے کے بعد اس پر پھر نظر ڈالی تو یہ غلطی علم میں آئی۔ حضرات قارئین میری اس لغزش سے درگزر فرما کر صفحہ 47 کے حاشیے کے ساتوں اشعار صفحہ 59 پر متن میں بھی درج فرما لیں۔
ان سب کوششوں کے باوجود (دامِ ہر موج میں ہے حلقۂ صد کامِ نہنگ) دیوان کی عبارت غلطیوں سے پاک نہیں ہو سکی۔ حقیقتِ حال یہ ہے کہ قلمی دیوان کے متن میں حافظ معین الدین نے جو اغلاط کتابت ابتداءً داخل کیں اور دیوان کے حواشی پر موٹے قلم والے بد خط کاتب (غالباً عبدالصمد مظہر) نے اپنی بے بضاعتی اور بے احتیاطی کے باعث جو گل کھلاۓ، اُن سب پر مفتی انوار الحق کے نسخے کے کاتب نے دہ چند اضافے کیے۔ باایں ہمہ، میں نے بدرجۂ مجبوری اس اصول کی پابندی کی ہے کہ جب تک بھوپال کا مخطوطہ دوبارہ دستیاب نہ ہو، مفتی انوار الحق کے شائع کردہ نسخے کی عبارت سے بلا وجہِ موجّہ انحراف نہیں کرنا چاہیے۔
ح۔ ا۔ خ
٭٭٭
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قصائد
1
بہرِ ترویحِ10 جنابِ والیِ یوم الحساب
ضامنِ تعمیرِ قصرستانِ دل ہاۓ خراب
جرم بخشاۓ کہ گر جوشد بہارِ رحمتش
برفناۓ خویش لرزد چوں دلِ مجرم عذاب
رافتش اعداۓ او را در شمارِ سالِ عمر
نعلِ واژوں بندد از ناخن بر انگشتِ حساب
نوح عمرے ماند طوفانی بہ بحرِ وحدتش
تا سر و زانو بہ موجے باخت مانندِ حباب
نغمہ چوں خوں در رگِ ابریشمِ ساز افسرد
ہیبتِ نہیش اگر جوشد بوضعِ احتساب
بارگاہش را ز خورشید است خشتِ آستاں
شمعِ بزمش را ست گلگیر از دو لختِ ماہتاب
ہم چمن زارِ ازل را قدرتش رنگ آفریں
ہم گلستانِ ابد را خوۓ جاں بخشش سحاب
بہرِ ترویحِ جنابِ اقدسے کز حکمِ او
صیقلِ آئینہ بر نورِ نظر ریزد حجاب
آستائش بر نشان گاہِ جلالے کز ادب
حلقۂ بیرونِ در گردیدہ چشمِ آفتاب
در پناہِ عفّتش حورانِ جنت را ہنوز
پنبہ روزن بود چشمِ سفیدِ ماہتاب
سایہ اش جز درحریمِ قدس نتواں یافتن
کز شکستِ رنگِ امکاں عصمتش دارد نقاب
بہرِ ترویحِ خداۓ از دو عالم رستگاں
عابدِ اللہ و معبودِ خلائق بو تراب
مہرباں پیرے کہ بہرِ دیدنِ ماہِ صیام
درکفِ مستانِ او تیغے ست از موجِ شراب
بادۂ خم خانۂ او پرتوِ نورِ جمال
پنبۂ میناۓ او چشمِ سفیدِ ماہتاب
شہسوارِ قدرتے کز فرطِ تعظیم و جلال
سرمہ در چشمِ رکابش می کشد گردِ کتاب
ذوالفقارش شاہدے کاندر تماشا گاہِ قتل
میکشد در شوقِ او از موج الف بر سینہ آب
در خیالِ صدمۂ جاں دادگانِ ضربتش
می جہد از دیدۂ عیسٰی چراغِ آفتاب
دُلدلِ برق آفرینش را رمے کاندر خیال
می جہد ہمچوں نگاہ از حلقۂ چشمِ رکاب
بسکہ شد ویرانِ شوخی خانۂ نظارہ اش
عینکِ پیرِ فلک گردیدہ ماہ و آفتاب
بہرِ ترویحِ حَسن، فرماں دہِ اقلیمِ دیں
خسروِ عرش آستاں، شاہنشہِ قدرت مآب
ناظمِ حسن آفرینی، کز براۓ خدمتش
از شفق بندد حنا بر شام دستِ آفتاب
جلوہ ریز آید اگر لطفش بہ ہنگامِ غضب
دودِ آتش می شود بارانِ رحمت را سحاب
بشکند شانِ تغافل گر بہ دلداریِ ناز
لذتِ قندِ محبت جوشد از زہرِ عتاب
توسنِ قدرش کہ عرش و خلد جولان گاہِ اوست
از خمِ زانوۓ جبریلِ امیں دارد رکاب
بہرِ ترویحِ شفیعِ عاصیاں، یعنی حُسَینؓ
آنکہ جنت راست از اشکِ عزاداریش آب
بادشاہِ صابرے، دریا دلے، تشنہ لبے
کز غمش از لعل خون بار است چشمِ آفتاب
شاہِ غیرت آفرینے، کز پۓ تعلیمِ صبر
بخیۂ نقشِ قدم زد بر لبِ موجِ سراب
عاشقِ اللہ و معشوقِ وفادارِ رسول
قبلۂ عشق وپناہِ حَسن و جانِ بوترابؓ
درگہش را مخملِ خوابِ زلیخا فرشِ راہ
خیمہ گاہش رانگاہِ ماہِ کنعانی طناب
بہرِ ترویحِ امام ابنِ امام ابنِ امام
آدمِ آلِ عبا، شاہنشہِ عالی جناب
استانش عالی و منزل گہِ قدرش رفیع
بارگاہش عرش سامان و جنابش مستطاب
لالہ راہم رنگیِ چشمِ بخوں آلودہ اش
میزند بر فرق از از داغِ غلامی انتخاب
بہرِ ترویحِ محمد باقرِؓ حیدؓر نژاد
کز خیالِ آستاں بوسیش می رقصد ثواب
بہرِ ترویحِ محمد جعفرؓ صدق آفرین
عالمِ علمِ نبیﷺ و واقفِ سّرِ کتاب
بہرِ ترویحِ شہِ کاظمؓ کہ در ہر عالم ست
چوں قضا حکمش روان وچوں قدر رائش صواب
بہرِ ترویحِ رضاؒ شاہِ خراساں، کز کرم
بہرِ تعمیرِ جہاں، از کہکشاں دارد طناب
بہرِ ترویحِ تقیؒ کاندر تماشا گاہِ اوست
طاقِ ایواں آسماں، آئینۂ او آفتاب
بہرِ ترویحِ نقیؒ کز بہر تقریبِ نیاز
تحفہ آورد است نر گسداں بہ بزمش ماہتاب
بہرِ ترویح حسنؓ پشت و پناہِ خافقین
شاہِ کیواں بارگاہ و خسروِ جنت جناب
بعد ازیں، بہرِ ظہورِ مہدیِؓ صاحب زماں
ظلمت آبادِ شبِ کفر و حسد را آفتاب
ابرِ لطفش ز آتشِ دوزخ ببالاید بہشت
حبّذا معمارِ خلقے کز پۓ تعمیرِ دیں
در کف از سر رشتۂ شرعِ نبی دارد طناب
میکند از ہَم جدا صرّافِ حکمِ قدرتش
در سیاست گاہِ نصفت مس ز سیمِ ماہتاب
بعد ازیں بہرِ شہیدانے کہ خوش جاں دادہ اند
در شہادت گاہ، شاہِ کربلا را در رکاب
سَیِمّا از بہرِ ترویحِ علم دارِ حسینؓ
پیشواۓ لشکرِ شبّیر ابنِ بو تراب
حضرتِ عباسِؓ عالی رتبہ کز چوگانِ او
می رود مانندِ گوۓ بے سر و پا آفتاب
بعد ازیں تاثیرِ دلجوئی دعاۓ زمرہ ایست
کز قلق دارند در دل آتش و در چشم آب
بادشاہاں، مومناں، جنت نصیباں، عاشقاں
بے دلاں، یعنی عزادارانِ آلِ بوتراب
راقمِ بے چارہ پژمردہ دل یعنی اسد
کز فسردن ہاۓ دل گردیدہ پابندِ جلاب
بر زباں مہرِ خموشی و بہ دل جوشِ جنوں
درہوس آبادِ نادانی اسیرِ پیچ و تاب
نقدِ آگاہی بہ وہمِ فرصتے در یاختہ
دستِ خالی برسر و دل پایمالِ اضطراب
غافل از رفتارِ عمر و فارغ از تکمیلِ عشق
کردہ آغوشِ وداعِ دل نشیمن گاہِ خواب
بسکہ در صحراۓ وحشت عقل و دیں درباختہ
لذتِ قندِ محبت جوید از زہرِ عتاب
خود تو میدانی کہ گم گردیدہ دشتِ امید
تشنہ تر میگردد از بے آبیِ موجِ سراب
دل ز کار آفتاد وپا و امند و دست ازہم شکست
قطعِ منزل کے تواں کردن بہ ایں حالِ خراب
مدعا را بر زباں آوردن از بیگانگی است
جز نگاہت شاہدِ ما را کفن بادا نقاب
ذوقِ مطلب از تو و من از تو و مطلب ز تو
خود تومی بخشی و می فہی زبانِ اضطراب
شعلۂ شوقِ ہوس دارم ز سوداۓ جنوں
کاتشِ افسردہ را بخشد بہارِ التہاب
دین و دنیا را بلا گردانِ نازت کردہ ام
جلوۂ رنگیں تر از صد گلشنِ خلد انتخاب
حرمتِ جانِ محمدؐ یک نظر کن سوۓ من
یاعلیؓ یا مرتضیٰؓ یا بوالحسنؓ یا بوترابؓ
٭٭
قصیدۂ حیدری تمہیدِ بہار مغفرت
سازِ یک ذرہّ نہیں فیضِ چمن سے بے کار
سایۂ لالۂ بے داغ، سویداۓ بہار
مستیِ بادِ صبا سے ہے بعرضِ سبزہ
ریزۂ شیشۂ مے جوہرِ تیغِ کُہسار
سنگ یہ کارگہِ ربطِ نزاکت ہے کہ ہے
خندۂ بے خودیِ کبک بہ دندانِ شرار
سبز جوں جامِ زمرد، نہ ہو گر داغِ پلنگ
نشہ نشو و نما کو سمجھ افسونِ بہار
کشتۂ افعیِ زلفِ سیہِ شیریں کو
بے ستوں سبزے سے ہے سنگِ زمرد کا مزار
حسرتِ جلوۂ ساقی ہے کہ ہر پارۂ ابر
سینہ بیتابی سے ملتا ہے بہ تیغ کُہسار
دشمنِ حسرتِ عاشق ہے رگِ ابرِ سیاہ
جس نے برباد کیا ریشۂ چندیں شبِ تار
مستیِ ابر سے گلچینِ طرب ہے حسرت
کہ اس آغوش میں ممکن ہے دو عالم کا فشار
کوہ و صحرا ہمہ معموریِ شوقِ بلبل
راہِ خوابیدہ ہوئی خندۂ گل سے بیدار
چشم بر چشم چنے ہے بہ تماشا مجنوں
ہر دو سو خانۂ زنجیرِ نگہ کا بازار
خانۂ تنگ ہجومِ دو جہاں کیفیت
جامِ جمشید ہے یاں قالبِ خشتِ دیوار
سونپے ہے فیضِ ہوا صورت مژگانِ یتیم
سر نوشتِ دو جہاں ابر بہ یک سطرِ غبار
کفِ ہر خاکِ چمن آئنہ قمری صیقل
دامِ ہر کاغذِ آتش زدہ طاؤس شکار
سنبل و دام کمیں خانۂ خوابِ صیاد
نرگس و جام سیہ مستیِ چشمِ بیدار
طرہ ہا بسکہ گرفتارِ صبا ہیں، شانہ
زانوۓ آئنہ پر مارے ہے دستِ بے کار
بسکہ یکرنگ ہیں دل، کرتی ہے ایجاد نسیم
لالے کے داغ سے جوں نقطہ و خط سنبلِ زار
اے خوشا فیضِ ہواۓ چمنِ نشو و نما
بادہ پُر زور و نفس مست و مسیحا بیمار
جوہرِ ناخنِ بّریدہ بہ اندازِ ہلال
ریشۂ عجز کو کرتا ہے نمو سے سرشار
ہمتِ نشو و نما میں یہ بلندی ہے کہ سرو
پرِ قمری سے کرے صیقلِ تیغِ کہسار
ہر کفِ خاک جگر تشنۂ صد رنگِ ظہور
غنچے کے میکدے میں مستِ تامل ہے بہار
کس قدر عرض کروں ساغرِ شبنم یا رب
موجۂ سبزۂ نوخیز ہے لبریزِ خمار
غنچۂ لالہ سیہ مستِ جوانی ہے ہنوز
شبنمِ صبح ہوئی رعشۂ اعضاۓ بہار
بے دماغیِ تپش 11 سے ہوئی عریاں آخر
شاخِ گلبن پہ صبا چھوڑ کے پیراہنِ خار
سازِ عریانیِ کیفیتِ دل ہے لیکن
یہ مئے تند نہیں موجِ خرامِ اظہار
موجِ مے پر ہے براتِ نگرانی امید
گلشن و میکدہ سیلابیِ یک موجِ خیال
نشہ و جلوۂ گل برسرِ ہم فتنہ عیار
میکدے میں ہو اگر آرزوۓ گل چینی
بھول جا یک قدحِ بادہ بطاقِ گلزار
موجِ گل ڈھونڈ بہ طوفاں کدۂ غنچۂ باغ
گم کرے گوشۂ میخانہ میں گر تو دستار
پشتِ لب تہمتِ خط کھینچے ہے بے جا معنی
سبز ہے موجِ تبسم بہ ہواۓ گفتار
کھینچے گر مانیِ اندیشہ چمن کی تصویر
سبز مثلِ خطِ نوخیز ہو خطِ پرکار
جاۓ حیرت ہے کہ گلبازیِ اندیشۂ شوق
اس زمیں میں نہ کرے سبز قلم کا12 رفتار
مطلعِ ثانی
لعل سے کی ہے بہ مدحِ چمن آراۓ بہار
طوطیِ سبزۂ کُہسار نے پیدا منقار
کسوتِ تاک میں ہے نشۂ ایجادِ ازل
سبحۂ عرضِ دو عالم بہ کفِ آبلہ دار
بہ نظر گاہِ گلستانِ خیالِ ساقی
بے خودی دامِ رگِ گل سے ہے پیمانہ شکار
بہ ہواۓ چمنِ جلوہ ہے طاؤس پرست
باندھے ہے پیرِ فلک موجِ شفق سے زنّار
یک چمن جلوۂ یوسف ہے بہ چشمِ یعقوب
لالہ ہا داغ برافگندہ و گل ہا بے خار
بیضۂ قمری کے آئینے میں پنہاں صیقل
سروِ بیدل سے عیاں عکسِ خیالِ قدِ یار
عکسِ موجِ گل و سرشاریِ اندازِ حباب
نگہ آئینۂ کیفیتِ دل سے ہے دوچار
کس قدر سازِ دو عالم کو ملی جرأتِ ناز
کہ ہوا ساغرِ بے حوصلۂ دل سرشار
ورنہ وہ ناز ہے جس گلشنِ بیداد سے تھا
طور مشعل بہ کف از جلوۂ تنزیہہِ بہار
سایۂ تیغ کو دیکھ اُس کے بذوقِ یک زخم
سینۂ سنگ پہ کھینچے ہے الف بالِ شرار
بت کدہ بہرِ پرستش گریِ قبلۂ ناز
باندھے زنارِ رگِ میانِ کُہسار
سبحہ گرداں ہے آسی کے کفِ امید کا ابر
بیم سے جس کے صبا توڑے ہے صد جا زنار
رنگریزِ گل و جامِ دو جہاں ناز و نیاز
اولیں دورِ امامت طرب ایجادِ بہار
جوشِ طوفانِ کرم ساقیِ کوثر ساغر
نُہ فلک آئنہ ایجادِ کفِ گوہر بار
پہنے ہے پیرہنِ کاغذِ ابری نیساں
یہ تُنک مایہ ہے فریادیِ جوشِ ایثار
وہ شہنشاہ کہ جس کے پۓ تعمیرِ سرا
چشمِ جبریل ہوئی قالبِ خشتِ دیوار
فلک العرش ہجومِ خمِ دوشِ مزدور
رشتۂ فیضِ ازل سازِ طنابِ معمار
سبزۂ نُہ چمن ویک خطِ پشتِ لبِ بام
رفعتِ ہمتِ صد عارف ویک اوجِ حصار
واں کی خاشاک سے حاصل ہو جسے یک پرِ کاہ
وہ رہے مِروحۂ بالِ پری سے بیزار
پر یہ دولت تھی نصیبِ نگہِ معنیِ ناز
کہ ہوا صورتِ آئینہ میں جوہر بیدار
ذرہ آس گرد کا خورشید کو آئینۂ ناز
گرد اُس دشت کی امید کو احرامِ بہار
خاکِ صحراۓ نجف جوہرِ سیرِ عُرفا
چشمِ نقشِ قدم آئینۂ بختِ بیدار
اے خوشا مکتبِ شوق و بلدستانِ مراد
سبقِ نازکی ہے عجز کو صد جا تکرار
مشقیِ نقشِ قدم نسخہ آبِ حیواں
جادۂ دشتِ نجف عمرِ خضر کا طومار
جلوہ تمثال ہے ہر ذرۂ نیرنگ سولد
بزمِ آئینۂ تصویر نما مشتِ غبار
دو جہاں طالبِ دیدار تھا یا رب کہ ہنوز
چشمکِ ذرہ سے ہے گرم نگہ کا بازار
ہے نفس مایہ شوقِ دو جہاں ریگِ رواں
پاۓ رفتار کم و حسرتِ جولاں بسیار
آفرینش کو ہے واں سے طلبِ مستیِ ناز
عرضِ خمیازۂ ایجاد ہے ہر موجِ غبار
دشتِ الفت چمن و آبلہ مہماں پرور
دلِ جبریل کفِ پا پہ ملے ہے رخسار
یاں تک انصاف نوازی کہ اگر ریزۂ سنگ
بے خبر دے بہ کفِ پاۓ مسافر آزار
یک بیاباں تپشِ بالِ شرر سے صحرا
مغزِ کُہسار میں کرتا ہے فرو نشترِ خار
فرش اِس دشتِ تمنا میں نہ ہوتا گر عدل
گرمیِ شعلۂ رفتار سے جلتے خس و خار
ابرِ نیساں سے ملے موجِ گُہر کا تاواں
خلوتِ آبلہ میں گم کرے گر تو رفتار
یک جہاں بسملِ اندازِ پر افشانی ہے
دام سے اُس کے فضا کو ہے رہائی دشوار
موجِ طوفانِ غضب چشمۂ نُہ چرخِ حباب
ذو الفقارِ شہِ مرداں خطِ قدرت آثار
موجِ ابروۓ قضا جس کے تصور سے دونیم
بیم سے جس کے دلِ شحنۂ تقدیر فگار
شعلہ تحریر سے اُس بر ق کی ہے کلکِ قضا
بالِ جبریل سے مسطر کشِ سطرِ زنہار
موجِ طوفاں ہو اگر خونِ دو عالمِ ہستی
ہے حنا کو سرِ ناخن سے گزرنا دشوار
دشتِ تسخیر ہو گر گردِ خرامِ دُلدل
لعل در آتشِ ہر ذرہ ہے تیغِ کہسار
بالِ رعنائیِ دم موجۂ گل بندِ قبا
گردشِ کاسۂ سم چشمِ پری آئنہ دار
گردِ راہ اس کی بھریں شیشۂ ساعت میں اگر
ہر نفس راہ میں ٹوٹے نفسِ لیل و نہار
نرم رفتار ہو جس کوہ پہ وہ برق گداز
رفتنِ رنگِ حنا ہے تپشِ بالِ شرار
ہے سراسر رویِ عالمِ ایجاد اُسے
جَیبِ خلوت کدۂ غنچہ میں جولانِ بہار
جس کے حیرت کدۂ نقشِ قدم میں مانی
خونِ صد برق سے باندھے بکفِ دست نگار
ذوقِ تسلیمِ تمنا سے بہ گلزارِ حضور
عرضِ تسخیرِ تماشا سے بہ دامِ اظہار
مطلعِ تازہ ہوا موجۂ کیفیتِ دل
جامِ سرشارِ مے و غنچۂ لبریزِ بہار
مطلعِ ثالث فی المدح الحاضر
فیض سے تیرے ہے اے شمعِ شبستانِ بہار
دلِ پروانہ چراغاں پرِ بلبل گُلزار
شکلِ طاؤس کرے آئنہ خانہ پرواز
جلوے میں تیرے ہے تسخیرِ ہوائے دیدار
گردِ جولاں سے ہے تیری بگریبانِ خرام
جلوۂ طور نمک سودۂ زخمِ تکرار
جس چمن میں ہو ترا جلوۂ محروم نواز
پرِ طاؤس کرے گرم نگہ کا بازار
جس ادب گاہ میں تو آئنۂ شوخی ہو
جلوہ ہے ساقیِ مخموریِ تابِ دیوار
تو وہ ساقی ہے کہ ہر موجِ محیطِ تنزیہہ
کھینچے خمیازہ میں تیرے لبِ ساغر کا خمار
گرد باد آئنہ فتراکِ دماغِ دلہا
تیرا صحرائے طلب محفلِ پیمانہ شکار
ذوقِ بیتابیِ دیدار سے تیرے ہے ہنوز
جوشِ جوہر سے دلِ آئنہ گلدستۂ خار
تیری اولاد کے غم میں ہے بروئے گردوں
سلکِ اختر میں مہِ نو مژہِ گوہر بار
مدح میں تیری نہاں زمزمۂ نعت نبیؐ
جام سے تیرے عیاں بادۂ جوشِ اسرار
ہم عبادت کو ترا نقشِ قدم مُہرِ نماز
ہم ریاضت کو ترے حوصلے سے استظہار
تیرا پیمانۂ مے نسخۂ ادوارِ ظہور
تیرا نقشِ قدم آئینۂ شانِ اظہار
آیتِ رحمتِ حق بسملۂ مصحفِ ناز
مسطرِ موجۂ دیباچۂ درسِ اسرار
قبلۂ نورِ نظر، کعبۂ ایجادِ مسیح
مژہِ دیدۂ نخچیر سے نبضِ بیمار
تہمتِ بے خودیِ کفر نہ کھینچے یارب
کمیِ ربطِ نیاز و حظِ نازِ بسیار
ناز پروردۂ صد رنگِ تمنا ہوں، ولے
پرورش پائی ہے جوں غنچہ بہ خونِ اظہار
تنگیِ حوصلہ گردابِ دو عالم آداب
دیدِ یک غنچہ سے ہوں بسملِ نقصانِ بہار
رشکِ نظارہ تھی یک برقِ تجلی کہ ہنوز
تشنۂ خونِ دو عالم ہوں بہ عرضِ تکرار
وحشتِ فرصتِ یک جیبِ کشش نے کھویا
صورتِ رنگِ حنا ہاتھ سے دامانِ بہار
شعلہ آغاز ولے حیرتِ داغِ انجام
موجِ مے لیک ز سر تا قدم آغوشِ خمار
ہے اسیرِ ستمِ کشمکشِ دامِ وفا
دلِ وارستۂ ہفتاد و دو ملت بیزار
مژہِ خواب سے کرتا ہوں بہ آسائشِ درد
بخیۂ زخمِ دلِ چاک بہ یک دستہ شرار
محرمِ دردِ گرفتاریِ مستی معلوم
ہوں نفس سے صفتِ نغمہ بہ بندِ رگِ تار
تھا سرِ سلسلہ جنبانیِ صد عمرِ ابد
ساز ہا مفت بریشم کدۂ نالۂ زار
لیکن اس رشتۂ تحریر میں سرتا سرِ فکر
ہوں بقدرِ عددِ حرفِ علیؓ سبحہ شمار
جوہرِ دستِ دعا آئنہ، یعنی تاثیر
یک طرف نازشِ مژگاں بہ دگر سو غمِ خار
مردمک سے ہو عزا خانۂ یک شرِ نگاہ
خاکِ درکی تری جو چشم نہ ہو آئنہ دار
دشمنِ آل نبی کو بہ طرب خانۂ دہر
عرضِ خمیازۂ سیلاب ہو، طاقِ دیوار
دوست اس سلسلۂ ناز کے جوں سنبل و گل
ابرِ میخانہ کریں ساغرِ خورشید شکار
لنگرِ عیش پہ سرشارِ تماشاۓ دوام
کہ ہے خونِ خزاں سے بہ حنا پاۓ بہار
زلفِ معشوق کشش سلسلۂ وحشتِ ناز
دلِ عاشق شکن آموزِ خمِ طرۂ یار
مئے تمثالِ پری نشۂ مینا آزاد
دلِ آئینہ طرب شاعرِ بختِ بیدار
دیدہ تا دل اسد آئینۂ یک سجدۂ شوق
فیضِ اُلفت سے رقم تا دلِ معنی سرشار
ایضاً فی المنقبت
توڑے ہے عجزِ تُنک حوصلہ بر روئے زمیں
سجدہ تمثال وہ آئینہ، کہیں جس کو جبیں
توڑے ہے نالہ سرِ رشتۂ پاسِ انفاس
سر کرے ہے دلِ حیرت زدہ شغلِ تسکین
بیدلی ہاۓ تماشا کہ نہ عبرت ہے نہ ذوق
بیکسی ہاۓ تمنا کہ نہ دنیا ہے نہ دیں
ہر زہ ہے نغمۂ زیر و بمِ ہستی و عدم
لغو ہے آئنۂ فرقِ جنون و تمکیں
یاس، تمثالِ بہار آئنۂ استغنا
وہم، آئینۂ پیدائیِ تمثالِ یقیں
خوں ہوا دردِ دو عالم سے تمنا کا دماغ
بزمِ یاس آں سوئے پیدائیِ و اخفا رنگیں
مثلِ مضمونِ وفا باد بہ دستِ تسلیم
صورتِ نقشِ قدم خاک بفرقِ تمکیں
خانہ ویرانیِ امید و پریشانیِ بیم
جوشِ دوزخ ہے خوانِ چمنِ خلدِ بریں
لافِ دانش غلط و نفعِ عبادت معلوم
دُردِ یک ساغرِ غفلت ہے چہ دنیا وچہ دیں
بادِ افسانۂ بیمار ہے عیسیٰ کا نفس
استخواں ریزۂ موارن ہے سلیماں کا نگیں
نقشِ معنی ہمہ خمیازۂ عرضِ صورت
سخنِ حق ہمہ پیمانۂ ذوقِ تحسیں
عشق بے ربطیِ شیرازۂ اجزاۓ حواس
وصل افسانۂ اطفالِ پریشاں بالیں
کوہ کن گرسنہ مزدورِ طرب گاہِ رقیب
بیستوں سازِ گراں باریِ خوابِ شیریں
موجِ خمیازۂ یک نشّہ چہ اسلام و چہ کفر
کجیِ یک خطِ مسطر چہ توہّم چہ یقیں
قبلہ و ابروۓ بت، یک رہِ خوابیدۂ شوق
کعبہ و بتکدہ، یک محملِ خوابِ سنگیں
کس نے دیکھا جگرِ اہلِ جنوں نالہ فروش
کس نے پایا اثرِ نالۂ دل ہاۓ خزیں
عیشِ بسمل کدۂ عیدِ حریفاں معلوم
خوں ہو آئینہ کہ ہو جامۂ طفلاں رنگیں
سامعِ زمزمۂ اہلِ جہاں ہوں، لیکن
نہ سر و برگِ ستائش، نہ دماغِ نفریں
نزعِ مخمور ہوں اُس دید کی دھن میں کہ مجھے
رشتۂ سازِ ازل ہے نگہِ بازپسیں
حیرت آفت زدۂ عرضِ دو عالم نیرنگ
مومِ آئینۂ ایجاد ہے مغزِ تمکیں
وحشتِ دل سے پریشاں ہیں چراغانِ خیال
باندھوں ہوں آئنے پر چشمِ پری سے آئیں
کوچہ دیتا ہے پریشاں نظری پر صحرا
رمِ آہو کو ہے ہر ذرے کی چشمک میں کمیں
چشمِ امید سے گرتے ہیں دو عالم جوں اشک
پاس13 پیمانہ کشِ گریۂ مستانہ نہیں
کس قدر فکر کو ہے نالِ قلم موۓ دماغ
کہ ہوا خونِ نگہ شوق میں نقشِ تمکیں
عذرِ لنگ آفتِ جولانِ ہوس ہے یارب
جل اُٹھے گرمیِ رفتار سے پائے چوبیں
نہ تمنا، نہ تماشا، نہ تحیر، نہ نگاہ
گردِ جوہر میں ہے آئینۂ دل پردہ نشیں
کھینچوں ہوں آئنے پر خندۂ گل سے مسطر
نامہ عنوانِ بیانِ دلِ آزردہ نہیں
رنجِ تعظیم مسیحا نہیں اُٹھتا مجھ سے
درد ہوتا ہے مرے دل میں جو توڑوں بالیں
بسکہ گستاخیِ اربابِ جہاں سے ہوں ملول
پرِ پرواز مری بزم میں ہے خنجرِ کیں
اے عبارت تجھے کس خط سے ہے درسِ نیرنگ
اے نگہ تجھ کو ہے کس نقطے میں مشقِ تسکیں
کس قدر نالہ پریشاں ہے عیاذاً باللہ
یک قلم خارجِ آدابِ جنون و تمکیں
جلوۂ ریگِ رواں دیکھ کہ گردوں ہر صبح
خاک پر توڑے ہے آئینۂ نازِ پرویں
شورِ اوہام سے مت ہو شبِ خونِ انصاف
گفتگو بے مزہ و زخمِ تمنا نمکیں
ختم کر ایک اشارت میں عباراتِ نیاز
جوں مہِ نو ہے نہاں گوشۂ ابرو میں جبیں
نقشِ لاحول لکھ اے خامۂ ہذیاں تحریر
"یا علی" عرض کر اے فطرتِ وسواس قریں
معنیِ لفظِ کرم بسملۂ نسخۂ حسن
قبلۂ اہلِ نظر کعبۂ اربابِ یقیں
جلوہ رفتارِ سرِ جادۂ شرعِ تسلیم
نقشِ پا جس کا ہے توحید کو معراجِ جبیں
کس سے ہو سکتی ہے مدح اُس کی بغیر از ہمہ او
شعلۂ شمع مگر شمع پہ باندھے آئیں
ہو وہ سرمایۂ ایجاد جہاں ناز خرام
ہر کفِ خاک ہے واں گردۂ تصویرِ زمیں
مظہرِ فیضِ خدا جان و دلِ ختمِ رسل
قبلۂ آلِ نبی، کعبۂ ایجادِ یقیں
نسبتِ نام سے اس کی ہے یہ رقبہ کہ رہے
ابداً پشتِ فلک خم شدۂ نازِ زمیں
جلوہ تحریر ہو نقشِ قدم اُس کا جس جا
وہ کفِ خاک ہے ناموسِ دو عالم کی امیں
فیضِ خلق اُس کا ہی شامل ہے کہ ہوتا ہے سدا
بوۓ گل سے نفسِ بادِ صبا عطر آگیں
بُرّشِ تیغ کا اُس کی ہے جہاں میں چرچا
قطع ہو جائے نہ سر رشتۂ ایجاد کہیں
کوہ کو بیم سے اُس کے ہے جگر باختگی
نہ کرے نذرِ صدا ورنہ متاعِ تمکیں
کفر سوز اُس کا یہ جلوہ ہے کہ جس سے ٹوٹے
رنگِ عاشق کی طرح رونقِ بت خانۂ چیں
وصفِ دُلدُل ہے مرے مطلعِ ثانی کی بہار
جنتِ نقشِ قدم سے ہوں میں اس کے گلچیں
مطلع ثانی
گردِ رہ سرمہ کشِ دیدۂ اربابِ یقیں
نقشِ ہر گام دو عالم صفہاں زیرِ نگیں
برگِ گل کا ہو جو طرفانِ ہوا میں عالم
اُس کے جولاں میں نظر آئے ہے یوں دامنِ دیں
اُس کی شوخی سے بہ حسرت کدۂ نقشِ خیال
فکر کو حوصلۂ فرصتِ ادراک نہیں
جلوۂ برق سے ہو جائے نگہ عکس پذیر
اگر آئینہ بنے حیرتِ صورت گرِ چیں
جاں پناہا! دل و جاں فیض رساں بادشہا!
اے کہ تجھ سے ہے بہارِ چمنستانِ یقیں
ذوقِ گل چینیِ نقشِ کفِ پاسے تیرے
عرش چاہے ہے کہ ہو در پہ ترے خاک نشیں
تجھ میں اور غیر میں نسبت ہے ولیکن بہ تضاد
وصیِ ختمِ رسل تو ہے بہ اثباتِ یقیں
جسمِ اطہر کو ترے دوشِ پیمبر منبر
نامِ نامی کو ترے ناصیۂ عرش نگیں
تیری مدحت کے لیے ہیں دل و جاں کام و زباں
تیری تسلیم کو ہیں لوح و قلم دست و جبیں
آستاں پر ترے ہے14 جوہرِ آئینۂ سنگ
رقمِ بندگیِ حضرتِ جبریلِ امیں
تیرے در کے لیے اسبابِ نثار آمادہ
خاکیوں کو جو خدا نے دیے جان و دل و دیں
داد! دیوانگیِ دل کہ ترا مدحت گر
ذرّے سے باندھے ہے خورشیدِ فلک پر آئیں
کس سے ہو سکتی ہے مداحیِ ممدوحِ خدا
کس سے ہو سکتی ہے آرائشِ فردوسِ بریں
یا علیؓ! جنسِ معاصی اسد اللہ اسد
کہ سوا تیرے کوئی اُس کا خریدار نہیں
شوخیِ عرض مطالب میں ہے گستاخ طلب
ہے ترے حوصلۂ فضل پہ از بسکہ یقیں
دے دعا کو مری وہ مرتبۂ حُسنِ قبول
کہ اجابت کہے ہر حرف پہ سو بار آمیں
غمِ شبیرؓ سے ہو سینہ یہاں تک لبریز
کہ رہیں خونِ جگر سے مری آنکھیں رنگیں
طبع کو الفتِ دُلدل میں یہ سرگرمیِ شوق
کہ جہاں تک چلے اُس سے قدم اور مجھ سے جبیں
دلِ اُلفت نسب و سینۂ توحید فضا
نگہِ جلوہ پرست و نفسِ صدق گزیں
صرفِ اعدا اثرِ شعلۂ دودِ دوزخ
وقفِ احباب گل و سنبلِ فردوسِ بریں
ایضاً فی المنقبت
جو نہ نقدِ داغِ دل کی کرے شعلہ پاسبانی
تو فسردگی نہاں ہے بہ کمینِ بے زبانی
بہ گمانِ قطعِ زحمت نہ دو چارِ خامشی ہو
کہ زبانِ سرمہ آلود نہیں تیغِ اصفہانی
بہ فریبِ آشنائی بہ خیالِ بے وفائی
نہ رکھ آپ سے تعلق مگر ایک بدگمانی
نظرے سوۓ کہستان نہیں غیرِ شیشہ ساماں
جو گدازِ دل ہو مطلب تو چمن ہے سنگجانی
بہ فراز گاہِ عبرت چہ بہار و کُو تماشا
کہ نگاہ ہے سیہ پوش بہ عزاۓ زندگانی
پہ فراقِ رفتہ یاراں خط و حرف مو پریشاں
دلِ غافل از حقیقت ہمہ ذوقِ قصّہ خوانی
تپشِ دلِ شکستہ پۓ عبرت آگہی ہے
کہ نہ دے عنانِ فرصت بہ کشاکشِ زبانی
نہ وفا کو آبرو ہے، نہ جفا تمیز جو ہے
چہ حسابِ جانفشانی، چہ غرورِ دلستانی
بہ شکنجِ جستجو ہا، بہ سرابِ گفتگو ہا
تگ و تازِ آرزو ہا بہ فریبِ شادمانی
نہیں شاہراہِ اوہام، بجز آں سوئے رسیدن
تری سادگی ہے غافل درِ دل پہ پاسبانی
چی امید و نا امیدی، چہ نگاہ و بے نگاہی
ہمہ عرضِ ناشکیبی، ہمہ سازِ جانستانی
اگر آرزو ہے راحت تو عبث بخوں طپیدن15
کہ خیال ہو تعب کش بہ ہواۓ کامرانی
شر و شورِ آرزو سے، تب و تابِ عجز بہتر
نہ کرے اگر ہوس پر غمِ بے دلی گرانی
ہوسِ فروختن ہا، تب و تابِ سوختن ہا
سرِ شمع نقشِ پا ہے، بہ سپاسِ ناتوانی
شررِ اسیرِ دل کو ملے اوجِ عرضِ اظہار
جو بہ صورتِ چراغاں کرے شعلہ نردبانی
ہوئی مشقِ جرأت ناز رہ و رسمِ طرحِ آداب
خمِ پشت خوش نما تھا بہ گذارشِ جوانی
اگر آرزو رسا ہو، پئے دردِ دل دوا ہو
وہ اجل کہ خوں بہا ہو بہ شہیدِ ناتوانی
غمِ عجز کا سفینہ بہ کنارِ بیدلی ہے
مگر ایک شہپرِ مور کرے سازِ بادبانی
مجھے انتعاشِ غم نے پئے عرضِ حال بخشی
ہوسِ غزل سرائی، تپشِ فسانہ خوانی
مطلعِ ثانی
مجھے اُس سے کیا توقع بہ زمانۂ جوانی
کبھی کودکی میں جس نے نہ سنی مری کہانی16
دلِ نا اُمید کیونکر، بہ تسلی آشنا ہو
جو امیدوار رہیے نہ بہ مرگ نا گہانی
مجھے بادۂ طرب سے بہ خمار گاہِ قسمت
جو ملی تو تلخ کامی، جو ہوئی تو سر گرانی
نہ ستم کراب تو مجھ پر کہ وہ دن گئے کہ ہاں تھی
مجھے طاقت آزمانی، تجھے اُلفت آزمانی
یو ہیں دکھ کسی کو دینا نہیں خوب ورنہ کہتا17
کہ مرے عدو کو یار ب ملے میری زندگانی
بہ ہزار اُمید واری رہی ایک اشک باری
نہ ہوا حصولِ زاری بجز آستیں فشانی
کروں عذرِ ترکِ صحبت سو کہاں وہ بے دماغی
نہ غرورِ میرزائی، نہ فریبِ ناتوانی
ہمہ یک نفس تپش سے تب و تابِ ہجر مت پوچھ
کہ ستم کشِ جنوں ہوں، نہ بقدرِ زندگانی
کفِ موجۂ حیا ہوں بہ گذارِ عرضِ مطلب
کہ سرشک قطرہ زن ہے بہ پیامِ دل رسانی
یہی بار بار جی میں مرے آۓ ہے کہ غالب
کروں خوانِ گفتگو پر دل و جاں کی میہمانی
٭٭٭
غزلیات
بسم اللہ الرحمن الرحیم ردیفِ الف
غزل نمبر 1
18نقش فریادی ہے کس کی شوخیِ تحریر کا
کاغذی ہے پیرہن ہر پیکرِ تصویر کا
19آتشیں پا ہوں، گدازِ وحشتِ زنداں نہ پوچھ
موۓ آتش دیدہ ہے ہر حلقہ یاں زنجیر کا
شوخیِ نیرنگ صیدِ وحشت طاؤس ہے
دام سبزے میں ہے پروازِ چمن تسخیر کا
لذتِ ایجادِ ناز افسونِ عرضِ ذوقِ قتل
نعل آتش میں ہے، تیغِ یار سے نخچیر کا
کاوِ کاوِ سخت جانی ہاۓ تنہائی نہ پوچھ
صبح کرنا شام کا، لانا ہے جوۓ شیر کا
خشت پشتِ دستِ عجز و قالب آغوشِ وداع
پُر ہوا ہے سیل سے پیمانہ کس تعمیر کا
وحشتِ خوابِ عدم شورِ تماشا ہے اسد
جو مزہ20 جوہر نہیں آئینۂ تعبیر کا
٭٭
غزل نمبر 2
جنوں گرم انتظار و نالہ بیتابی کمند آیا
سویدا تا بلب زنجیر سے 21دودِ سپند آیا
22بہ استقبالِ تمثالِ ز ماہ اختر فشاں شوخی
تماشا کشورِ آئینہ میں آئینہ بند آیا
تغافل، بدگمانی، بلکہ میری سخت جانی سے
نگاہِ بے حجابِ ناز کو بیمِ گزند آیا
فضاۓ خندۂ گل تنگ و ذوقِ عیش بے پروا
فراغت گاہِ آغوشِ وداعِ دل، پسند آیا
عدم ہے خیر خواہِ جلوہ کو زندانِ بیتابی
خرامِ ناز برقِ خرمنِ سعیِ پسند آیا
جراحت تحفہ، الماس ارمغاں، نادیدنی دعوت
مبارک باد اسد غمخوارِ جانِ درد مند آیا
٭٭
غزل نمبر 3
عالم جہاں بہ عرضِ بساطِ وجود تھا
جوں صبح چاکِ جیب مجھے تار و پود تھا
جز قیس اور کو نہ ملا عرصۂ طپش
صحرا مگر بہ تنگیِ چشمِ حسود تھا
آشفتگی نے نقشِ سویدا کیا ہے عرض
ظاہر ہوا کہ داغ کا سرمایہ دود تھا
تھا خواب میں خیال کو تجھ سے معاملہ
مژگاں جو وا ہوئی، نہ زیاں تھا، نہ سود تھا
بازی خورِ فریب ہے اہلِ نظر کا ذوق
ہنگامہ گرمِ حیرتِ بود و نبود تھا
تیشے بغیر مر نہ سکا کوہ کن اسد
سر گشتۂ خمارِ رسوم و قیود تھا
٭٭
غزل نمبر 4
شمارِ سبحہ مرغوبِ بتِ مشکل پسند آیا
تماشاۓ بیک کف بردنِ صد دل پسند آیا
بہ فیضِ بیدلی نو میدیِ جاوید آساں ہے
کشائش کو ہمارا عقدۂ مشکل پسند آیا
حجابِ سیرِ گل آئینۂ بے مہریِ قاتل
کہ اندازِ بہ خوں غلطیدنِ بسمل پسند آیا
ہوئی جس کو بہارِ فرصتِ ہستی سے آگاہی
بہ رنگِ لالہ جامِ بادہ بر محمل پسند آیا
23سوداِ چشمِ انتخابِ نقطہ آرائی
خرامِ نازِ بے پروائیِ قاتل پسند آیا
اسد ہر جا سخن نے طرحِ باغِ تازہ ڈالی ہے
مجھے رنگِ بہار ایجادیِ بیدل پسند آیا
٭٭
غزل نمبر 5
تنگی رفیقِ رہ تھی، عدم یا وجود تھا
میرا سفر بہ طالعِ چشمِ حسود تھا
تو یک جہاں قماشِ ہوس جمع کر کہ میں
حیرت متاعِ عالمِ نقصان و سود تھا
گردش محیطِ ظلم رہا جس۔۔۔۔۔۔۔۔۔فلک24
میں پائمالِ غمزۂ چشمِ کبود تھا
پوچھا تھا گر چہ یار نے احوالِ دل، مگر
کس کو دماغِ منتِ گفت و شنود تھا
ڈھانپا کفن نے داغِ عیوبِ برہنگی
میں ورنہ ہر لباس میں ننگِ وجود تھا
لیتا ہوں مکتبِ غمِ دل میں سبق ہنوز
لیکن یہی کہ "رفت" گیا اور "بود" تھا
خور شبنم آشنا نہ ہوا، ورنہ میں اسد
سر تا قدم گزارشِ ذوقِ سجود تھا
٭٭
غزل نمبر 6
خود آرا وحشتِ چشمِ پری سے شب وہ بد خو تھا
کہ موم آئینۂ تمثال کو تعویذِ بازو تھا
بہ شیرینیِ خواب آلودہ مژگان نشترِ زنبور
خود آرائی سے آئینہ طلسمِ مومِ جادو تھا
نہیں ہے باز گشتِ سیل غیر از جانبِ دریا
ہمیشہ دیدۂ گریاں کو آبِ رفتہ در جو تھا
رہا نظارہ وقتِ بے نقابی ہا بخود لرزاں
سرشک آگیں مژہ سے دست از جاں شیشہ ابروت ھا
غمِ مجنوں عزادارانِ لیلی کا پرستش گر
25خمِ رنگِ سیہ از حلقہ ہاۓ چشمِ آہو تھا
رکھا غفلت نے دور افتادۂ ذوقِ فنا ورنہ
اشارت فہم کو ہر ناخنِ برّیدہ ابرو تھا
اسد26 خاکِ درِ میخانہ ہا بر فرق پاشیدن
خوشا روزیکہ آب از ساغرِ مے تا بہ زانو تھا
٭٭
غزل نمبر 7
کہتے 27ہو نہ دیں گے ہم دل اگر پڑا پایا
دل کہاں کہ گم کیجے، ہم نے مدعا پایا
شورِ پندِ ناصح نے زخم پر نمک باندھا
آپ سے کوئی پوچھے، تم نے کیا مزا پایا
ہے کہاں تمنا کا دوسرا قدم یا رب
ہم نے دشتِ امکاں کو ایک نقشِ پا پایا
بے دماغِ خجلت ہوں، رشکِ امتحاں تاکے
ایک بیکسی تجھ کو عام آشنا پایا
سادگی و پرکاری، بے خودی و ہشیاری
حُسن کو تغافل میں جرأت آزما پایا
خاکبازیِ اُمید، کارخانۂ طفل
یاس کو دو عالم سے اب بخندہ وا پایا
کیوں نہ وحشتِ غالب باج خواہِ تسکیں ہو
کشتۂ تغافل کو خصمِ خوں بہا پایا
٭٭
غزل نمبر 8
کارخانے سے جنوں کے بھی میں عریاں نکلا
میری قسمت کا نہ ایک آدھ گریباں نکلا
ساغرِ جلوۂ سرشار ہے ہر ذرۂ خاک
شوقِ دیدار بلا آئنہ ساماں نکلا
عشرت 28ایجاد چہ بوئے گل و کُو دودِ چراغ
جو تری بزم سے نکلا سو پریشاں نکلا
زخم نے داد نہ دی تنگیِ دل کی یا رب
تیر بھی سینۂ بسمل سے پرافشاں نکلا
کچھ کھٹکتا تھا مرے سینے میں، لیکن آخر
جس کو دل کہتے تھے سو تیر کا پیکاں نکلا
کس قدر خاک ہوا ہے دلِ مجنوں یا رب
نقشِ ہر ذرہ سویداۓ بیاباں نکلا
دل میں پھر گریے نے اک شور اُٹھایا غالب
آہ جو قطرہ نہ نکلا تھا، سو طوفاں نکلا
٭٭
غزل نمبر 9
عشق سے طبیعت نے زیست کا مزہ پایا
درد کی پائی، دردِ بے دوا پایا
غنچہ پھر لگا کھلنے، آج ہم نے اپنا دل
خوں کیا ہوا دیکھا، گُم کیا ہوا پایا
فکرِ نالہ میں گویا، حلقہ ہوں ز سر تا پا
عضو عضو جوں زنجیر، یک دلِ صدا پایا
حالِ دل نہیں معلوم، لیکن اس قدر یعنی
ہم نے بارہا ڈھونڈا، تم نے بارہا پایا
شب نظارہ پرور تھا، خواب میں خیال اُس کا
صبح موجۂ گُل کو وقفِ29 بوریا پایا
جس قدر جگر خوں ہو، کوچہ دادنِ دل ہے
زخمِ تیغِ قاتل کو طرفہ دلکشا پایا
ہے30 نگیں کی پا داری، نامِ صاحبِ خانہ
ہم سے تیرے کوچے نے نقشِ مدعا پایا
دوست دارِ دشمن ہے، اعتمادِ دل معلوم
آہ بے اثر دیکھی، نالہ نارسا پایا
نے اسد جفا سائل، نے سمِ جنوں مائل 31
تجھ کو جس قدر ڈھونڈا اُلفت آزما پایا
٭٭
غزل نمبر 10
شوق ہر رنگ رقیبِ سرو ساماں نکلا
قیس تصویر کے پردے میں بھی عریاں نکلا
دلِ حسرت زدہ تھا 32مائدۂ لذتِ درد
کام یاروں کا بہ قدرِ لب و دنداں نکلا
شورِ رسوائیِ دل دیکھ کہ یک نالۂ شوق
لاکھ پردے میں چھپا، پھر وہی عریاں نکلا
شوخیِ رنگِ حنا خونِ وفا سے کب تک
آخر اے عہد شکن، تو بھی پشیماں نکلا
جوہر ایجادِ خطِ سبز ہے خود بینیِ حسن
جو نہ دیکھا تھا، سو آئینے میں پنہاں نکلا
تھی نو آموزِ فنا ہمتِ دشواریِ شوق
سخت مشکل ہے کہ یہ کام بھی آساں نکلا
میں بھی معذورِ جنوں ہوں اسد اے خانہ خراب
پیشوا لینے مجھے گھر سے بیاباں نکلا
٭٭
غزل نمبر 11
دمیدن 33کے کمیں جوں ریشۂ زیرِ زمیں پایا
بہ گرد سرمہ اندازِ نگاہِ شرمگیں پایا
اگے 34اک پنبۂ روزن سے بھی چشمِ سفید آخر
حیا کو انتظارِ جلوہ ریزی کے کمیں پایا
بہ حسرت گاہِ نازِ کشتۂ جاں بخشیِ خوباں
خضر کو چشمۂ آبِ بقا سے تر جبیں پایا
پریشانی سے مغزِ سر ہوا ہے پنبۂ بالش
خیالِ شوخیِ خوباں کو راحت آفریں پایا
نفس حیرت پرستِ طرز نا گیرائیِ مژگاں
مگر یک دست دامانِ نگاہِ واپسیں پایا
اسد کو پیچتابِ طبعِ برق آہنگ مسکن سے
حصارِ شعلۂ جوّالہ میں عزلت گزیں پایا
٭٭
غزل نمبر 12
نزاکت سے35 فسونِ دعوئ طاقت شکستن ہا
شرارِ سنگ اندازِ چراغ از جسمِ خستن ہا
سیہ مستیِ چشمِ شوخ سے ہیں جوہرِ مژگاں
شرار آسا ز سنگِ سرمہ یکسر مار 36جستن ہا
ہوا نے ابر سے کی موسمِ گل میں نمد بافی
کہ تھا آئینۂ خورے نقابِ رنگ بستن ہا
دلِ از اضطراب آسودہ طاعت گاہِ داغ آیا
برنگِ شعلہ ہے مہرِ نماز از پا نشستن ہا
تکلف عافیت میں ہے دلا بندِ قبا وا کر
نفس ہا بعدِ وصلِ دوست تاوانِ گستن ہا
اسد ہر اشک ہے یک حلقہ بر زنجیر افزودن
بہ بندِ گریہ ہے نقشِ ہر آب امید رستن ہا
٭٭
غزل نمبر 13
بسانِ جوہرِ آئینہ از ویرانیِ دل ہا
غبارِ کوچہ ہاۓ موج ہے خاشاکِ ساحل ہا
نگہ کی ہم نے پیدا رشتۂ ربطِ علائق سے
ہوئے ہیں پردہ ہاۓ چشمِ عبرت جلوہ حائل ہا
نہیں ہے باوجودِ ضعف سیرِ بے خودی آساں
رہِ خوابیدہ میں افگندنی ہے طرحِ منزل ہا
غریبی بہرِ تسکینِ ہوس درکار ہے ورنہ
بہ وہمِ زر گرہ میں باندھتے ہیں برقِ حاصل ہا
تماشا کردنی ہے انتظار آبادِ حیرانی
نہیں غیر از نگہ جوں نرگسستاں فرشِ محفل ہا
اسد تارِ نفس ہے نا گزیرِ عقدہ پیرائی
بہ نوکِ ناخنِ شمشیر کیجے حلِ مشکل ہا
٭٭
غزل نمبر 14
بہ شغلِ انتظارِ مہ وشاں در خلوتِ شب ہا
سرِ تارِ نظر ہے رشتۂ تسبیحِ کوکب ہا
کرے گر فکر تعمیرِ خرابی ہاۓ دل گردوں
نہ نکلے خشت مثلِ استخواں بیرونِ قالب ہا
عیادت ہاۓ طعن آلودِ یاراں زہرِ قاتل ہے
رفوۓ زخم کرتی ہے بہ نوکِ نیشِ عقرب ہا
کرے ہے حسنِ خوباں پردے میں مشاطگی اپنی
کہ ہے تہ بندیِ خط سبزۂ خط در تہِ لب ہا
فنا کو عشق ہے بے مقصداں حیرت پرستاراں
نہیں رفتارِ عمرِ تیز رو پابندِ مطلب ہا
اسد کو بت پرستی سے غرض درد آشنائی ہے
نہاں ہیں نالۂ ناقوس میں در پردہ "یارب" ہا
٭٭
غزل نمبر 15
دہر میں نقشِ وفا وجہِ تسلی نہ ہوا
ہے یہ وہ لفظ کہ شرمندۂ معنی نہ ہوا
سبزۂ خط سے ترا کاکلِ سرکش نہ دبا
یہ زمرد بھی حریفِ دمِ افعی نہ ہوا
میں نے چاہا تھا کہ اندوہِ وفا سے چھوٹوں
وہ ستمگر مرے مرنے پہ بھی راضی نہ ہوا
نہ ہوئی ہم سے رقم حیرتِ خطِ رخِ یار
صفحہ 37آئینہ ہوا، آئنہ طوطی نہ ہوا
ہوں ترے وعدہ نہ کرنے پہ بھی راضی کہ کبھی
گوش منت کشِ گل بانگِ تسلی نہ ہوا
کس سے محرومیِ قسمت کی شکایت کیجے
ہم نے چا ہا تھا کہ مر جائیں سو وہ بھی نہ ہوا
وسعتِ رحمتِ حق دیکھ کہ بخشا جاوے
مجھ سا کافر کہ جو ممنونِ معاصی نہ ہوا
مرگیا صدمۂ آواز سے "قُم" کے غالب
ناتوانی سے حریفِ دمِ عیسی نہ ہوا
٭٭
غزل نمبر 16
بہ رہنِ شرم ہے با وصفِ شہرت اہتمام اس کا
نگیں میں جوں شرارِ سنگ نا پیدا ہے نام اُس کا
سرو کارِ تواضع تا خمِ گیسو رسانیدن
بسانِ شانہ زینت ریز ہے دستِ سلام اُس کا
مسی آلودہ ہے مہرِ نوازش نامہ، پیدا ہے
کہ داغِ آرزوۓ بوسہ لایا ہے38 پیام اُس کا
بہ امیدِ نگاہِ خاص ہوں محمل کشِ حسرت
مبادا ہو عناں گیرِ تغافل لطفِ عام اُس کا
لڑاوے گر وہ بزمِ میکشی میں قہر و شفقت کو
بھرے پیمانۂ صد زندگانی ایک جام اُس کا
اسد سوداۓ سر سبزی سے ہے تسلیم رنگیں تر
کہ کشتِ خشک اُس کا ابرِ بے پروا خرام اُس کا
٭٭
غزل نمبر 17
شبِ اختر قدحِ عیش نے محمل باندھا
باریک قافلۂ آبلہ منزل باندھا
سبحہ واماندگیِ شوق و تماشا منظور
جادے پر زیورِ صد آئنہ منزل باندھا
ضبطِ گریہ گُہرِ آبلہ لایا آخر
پاۓ صد موج بہ طوفان کدۂ دل باندھا
داغ39 اے حاجتِ بے درد کہ در عرض حیا
یک عرق آئنہ بر جبۂ سائل باندھا
حسن آشفتگیِ جلوہ سے عرضِ اعجاز
دستِ موسیٰ بہ سرِ دعوئ باطل باندھا
تپشِ آئینہ پروازِ تمنا لائی
نامۂ شوق بہ بالِ پرِ بسمل باندھا
دیدہ تا دل ہے یک آئینہ چراغاں کس نے
خلوتِ ناز پہ پیرایۂ محفل باندھا
نا اُمیدی نے بہ تقریبِ مضامینِ خمار
کوچۂ موج کو خمیازۂ ساحل باندھا
مطربِ دل نے مرے تارِ نفس سے غالب
ساز پر رشتہ پئے نغمۂ بیدل باندھا
٭٭
غزل نمبر 18
شب کہ ذوقِ گفتگو سے تیری دل بیتاب تھا
شوخیِ وحشت سے افسانہ فسونِ خواب تھا
گرمیِ برقِ تپش سے زہرۂ دل آب تھا
شعلۂ جوالہ ہر یک حلقۂ گرداب تھا
واں کرم کو عذرِ بارش تھا عناں گیرِ خرام
گریے سے یاں پنبۂ بالش کفِ سیلاب تھا
واں خود آرائی کو تھا موتی پرونے کا خیال
یاں ہجومِ اشک سے تارِ نظر نایاب تھا
لے زمیں سے آسماں تک فرش تھیں بے تابیاں
شوخیِ بارش سے مہ فوارۂ سیلاب تھا
جوشِ40 یادِ نغمۂ دمسازِ مطرب سے اسد
ناخنِ غم بر سرِ تارِ نفس مضراب تھا
٭٭
غزل نمبر 19
جب بہ تقریبِ سفر یار نے محمل باندھا
تپشِ شوق نے ہر ذرے پہ اک دل باندھا
ناتوانی ہے تماشائیِ عمرِ رفتہ
رنگ نے آئنہ آنکھوں کے مقابل باندھا
اہلِ بینش نے بہ حیرت کدۂ شوخیِ ناز
جوہرِ آئنہ کو طوطیِ بسمل باندھا
اصطلاحاتِ اسیرانِ تغافل مت پوچھ
جو گرہ آپ نہ کھولی، اُسے مشکل باندھا
یاس و اُمید نے یک عربدہ میداں مانگا
عجزِ ہمت نے طلسمِ دلِ سائل باندھا
یار نے تشنگیِ شوق کے مضموں چاہے
ہم نے دل کھول کے دریا کو بھی ساحل باندھا
نوکِ ہر خار سے تھا بسکہ سرِ دزدیِ زخم
جوں نمد ہم نے کفِ پا پہ اسد دل باندھا
٭٭
غزل نمبر 20
نالۂ41 دل میں شب اندازِ اثر نایاب تھا
تھا سپندِ بزمِ وصلِ غیر گو بیتاب تھا
دیکھتے تھے ہم بچشمِ خود وہ طوفانِ بلا
آسمانِ سفلہ جس میں یک کفِ سیلاب تھا
موج سے پیدا ہوۓ پیراہنِ دریا میں خار
گریہ وحشت بے قرارِ جلوۂ مہتاب تھا
جوشِ تکلیفِ تماشا محشر آبادِ نگاہ
فتنۂ خوابیدہ کو آئینہ مشتِ آب تھا
بے خبر مت کہہ ہمیں بیدرد! خو د بینی سے پوچھ
قلزمِ ذوقِ نظر میں آئنہ پایاب تھا
بیدلی ہاۓ اسد افسردگی آہنگ تر
یادِ ایّامے کہ ذوقِ صحبتِ احباب تھا42
٭٭
غزل نمبر 21
نہ43 ہو گا یک بیاباں ماندگی سے ذوق کم میرا
حبابِ موجۂ رفتار ہے نقشِ قدم میرا
رہِ خوابیدہ تھی گردن کشِ یک درسِ آگاہی
زمیں کو سیلیِ اُستاد سے نقشِ قدم میرا
محبت تھی چمن سے لیکن اب یہ بد دماغی ہے
کہ موجِ بوۓ گل سے ناک میں آتا ہے دم میرا
سراغ آوارۂ عرضِ دو عالم شورِ محشر ہوں
پر افشاں ہے غبار آں سوۓ صحراۓ عدم میرا
نہ ہو وحشت کشِ درسِ سرابِ سطرِ آگاہی
میں گردِ راہ ہوں بے مدعا ہے پیچ و خم میرا
ہواۓ صبح یک عالم گریباں چاکیِ گل ہے
دہانِ زخم پیدا کر اگر کھاتا ہے غم میرا
اسد وحشت پرستِ گوشۂ تنہائیِ دل ہے
برنگِ موجِ مے خمیازۂ ساغر ہے رم میرا
٭٭
غزل نمبر 22
یادِ روزے کہ نفس در گرہِ44 یارب تھا
نالۂ دل بہ کمر دامنِ قطعِ شب تھا
بہ تحیّر کدۂ فرصتِ آرائشِ وصل
دلِ شب 45 آئنہ دارِ تپشِ کوکب تھا
بہ تمنا کدۂ حسرتِ ذوقِ دیدار
دیدہ گو خوں ہو، تماشاۓ چمن مطلب تھا
جوہرِ فکر پر افشانیِ نیرنگِ خیال
حسن آئینہ و آئینہ چمن مشرب تھا
پردۂ دردِ دل آئینۂ صد رنگِ نشاط
بخیۂ زخمِ جگر خندۂ زیرِ لب تھا
نالہ ہا حاصلِ اندیشہ کہ جوں گشتِ سپند
دلِ ناسوختہ آتش کدۂ صد تب تھا
بابِ ابرام نہ تھا دل ہی ہمارا غالب
ورنہ جو چاہیے اسبابِ تمنا سب تھا46
٭٭
غزل نمبر 23
رات دل گرمِ خیالِ جلوۂ جانانہ تھا
رنگِ روۓ شمع برقِ خرمنِ پروانہ تھا
شب کہ تھی کیفیتِ محفل بیادِ روۓ یار
ہر نظر داغِ مۓ خالِ لبِ پیمانہ تھا
شب کہ باندھا خواب میں آنے کا غافل نے جناح47
وہ فسونِ وعدہ میرے واسطے افسانہ تھا
دود کو آج اُس کے ماتم میں سیہ پوشی ہوئی
وہ دلِ سوزاں کہ کل تک شمعِ ماتم خانہ تھا
ساتھ جنبش کے بہ یک برخاستن طے ہو گیا
تو کہے48 صحرا غبارِ دامنِ دیوانہ تھا
دیکھ اُس کے ساعدِ سیمین و دستِ پر نگار
شاخِ گل جلتی تھی مثلِ شمع گل پروانہ تھا
اے اسد رویا جو دشتِ غم میں میں حیرت زدہ
آئنہ خانہ ہجومِ اشک سے ویرانہ تھا
٭٭
غزل نمبر 24
پۓ نذرِ کرم تحفہ ہے شرمِ نارسائی کا
بہ خوں غلطیدۂ صد رنگ دعویٰ پرسائی کا
جہاں مٹ جاۓ سعیِ دید خضر آبادِ آسائش
بہ جیبِ ہر نگہ پنہاں ہے حاصل رہنمائی کا
بہ عجز آبادِ وہمِ مدعا تسلیم شوخی ہے
تغافل کو نہ کر مصروف 49 تمکیں آزمائی کا
زکٰوۃِ حسن دے اے جلوۂ بینش کہ مہر آسا
چراغِ خانۂ درویش ہو کاسہ گدائی کا
نہ مارا جان کر بے جرم، غافل، تیری گردن پر
رہا مانندِ خونِ بے گنہ حق آشنائی کا
دہانِ ہر بت پیغارہ جو زنجیرِ رسوائی
عدم تک بے وفا چرچا ہے تیری بے وفائی کا
اسد کا قصہ طولانی ہے لیکن مختصر یہ ہے
کہ حسرت کش رہا عرضِ ستم ہاۓ جدائی کا
٭٭
غزل نمبر 25
بسکہ جوشِ گریہ سے زیرو زبر ویرانہ تھا
چاکِ موجِ سیل تا پیراہنِ دیوانہ تھا
داغِ مہرِ ضبطِ بے جا مستیِ سعیِ پسند
دودِ مجمر لالہ ساں دُردِ تہِ پیمانہ تھا
وصل میں بختِ رسا نے سنبلستاں گل کیا
رنگِ شب تہ بندیِ دودِ چراغِ خانہ تھا
شب تری تاثیرِ سحرِ شعلۂ آواز سے
تارِ شمع آہنگِ مضرابِ پرِ پروانہ تھا
انتظارِ50 زلف میں شمشاد ہم دستِ چنار
نقشبندِ شکلِ مژگاں از نمودِ شانہ تھا
موسمِ گل میں مئے گلگوں حلالِ مے کشاں
عقدِ وصلِ دختِ رز انگور کا ہر دانہ تھا
حیرت اپنی نالۂ بے درد سے غفلت بنی
راہِ خوابیدہ کو غوغاۓ جرس افسانہ تھا
کُو بہ وقتِ قتل حقِ آشنائی اے نگاہ
خنجرِ زہراب دادہ سبزۂ بیگانہ تھا
جوشِ بے کیفیتی ہے اضطراب آرا اسد
ورنہ بسمل کاطپیدن52 لغزشِ مستانہ تھا
٭٭
غزل نمبر 26
نہ53 ہو حسنِ تماشا دوست رسوا بے وفائی کا
بہ مہرِ صد نظر ثابت ہے دعویٰ پارسائی کا
ہوس گستاخیِ آئینہ تکلیفِ نظر بازی
بہ جیبِ آرزو پنہاں ہے حاصل دلربائی کا
نظر بازی طلسمِ وحشت آبادِ پرستاں54 ہے
رہا بیگانۂ تاثیر افسوں آشنائی کا
نہ پایا درد مندِ دوریِ یارانِ یک دل نے
سوادِ خطِ پیشانی سے نسخہ مومیائی کا
تمناۓ زباں محوِ سپاسِ بے زبانی ہے
مٹا جس سے تقاضا شکوۂ بے دست و پائی کا
اسد یہ عجز و بے سامانیِ فرعون توام ہے
جسے تو بندگی کہتا ہے دعویٰ ہے خدائی کا
٭٭
غزل نمبر 27
شب خمارِ شوقِ ساقی رستخیز اندازہ تھا
تا محیطِ بادہ صورت خانۂ خمیازہ تھا
یک قدم وحشت سے درسِ دفترِ امکاں کھُلا
جادہ اجزاۓ دو عالم دشت کا شیرازہ تھا
ہوں چراغانِ ہوس جوں کاغذِ آتش زدہ
داغ گرمِ کوششِ ایجادِ داغِ تازہ تھا
مانعِ وحشت خرامی ہاۓ لیلیٰ کون ہے
خانۂ مجنونِ صحرا گرد بے دروازہ تھا
پوچھ مت رسوائیِ اندازِ استغناۓ حسن
دست پابندِ حنا، رخسار رہنِ غازہ تھا
دیدۂ تر نے دیے اوراقِ لختِ دل بہ آب
یاد گارِ نالہ اک دیوانِ بے شیرازہ تھا
بے نوائی تر صداۓ نغمۂ شہرت اسد
بوریا یک نیستاں عالم بلند آوازہ تھا
٭٭
غزل نمبر 28
کرے گر حیرتِ نظارہ طوفاں نکتہ گوئی کا
حبابِ چشمۂ آئینہ ہووے بیضہ طوطی کا
بروۓ قیس دستِ شرم ہے مژگانِ آہو سے
مگر روزِ عروسی گم ہوا تھا شانہ لیلی کا
فسانِ تیغِ نازک قاتلاں سنگِ جراحت ہے
دلِ گرمِ تپش قاصد ہے پیغامِ تسلی کا
نہیں گرداب جز سر گشتگی ہائے طلب ہرگز
حبابِ بحر کے ہے آبلوں میں خار ماہی کا
نیازِ جلوہ ریزی طاقتِ بالیں شکستن ہا
تکلف کو خیال آیا ہو گر بیمار پرسی کا
نہ بخشی فرصتِ یک شبنمستاں جلوۂ خور نے
تصور نے کیا ساماں ہزار آئینہ بندی کا
اسد تاثیرِ صافی ہاۓ حیرت جلوہ پرور ہو
گر آبِ چشمۂ آئینہ ہووے عکس زنگی کا
٭٭
غزل نمبر 29
یک گامِ بے خودی سے لوٹیں بہارِ صحرا
آغوشِ نقشِ پا میں کیجے فشارِ صحرا
وحشت اگر رسا ہے بے حاصلی ادا ہے
پیمانۂ ہوا ہے مشتِ غبارِ صحرا
اے آبلہ کرم کر، یاں رنجہ اک قدم کر
اے نورِ چشمِ وحشت، اے یادگارِ صحرا
دل در رکابِ صحرا، خانہ خرابِ صحرا
موجِ سرابِ صحرا، عرضِ خمارِ صحرا
ہر ذرہ یک دلِ پاک، آئینہ خانۂ خاک
تمثالِ شوقِ بیباک، صد جا دو چارِ صحرا
دیوانگی اسد کی حسرت کشِ طرب ہے
در سر ہواۓ گلشن، در دل غبارِ صحرا
٭٭
غزل نمبر 30
وحشی بن صیاد نے ہم رم خور دوں کو کیا رام کیا
رشتۂ چاکِ جیبِ دریدہ صرفِ قماشِ دام کیا
عکسِ رخِ افروختہ تھا تصویر بہ پشتِ آئینہ
شوخ نے وقتِ حُسن طرازی تمکیں سے آرام کیا
ساقی نے از بہرِ گریباں چاکیِ موجِ بادۂ ناب
تارِ نگاہِ سوزنِ مینا رشتۂ خطِ جام کیا
مہر بجاۓ نامہ لگائی بر لبِ پیکِ نامہ رساں
قاتلِ تمکیں سنج نے یوں خاموشی کا پیغام کیا
شامِ فراقِ یار میں جوشِ خیرہ سری سے ہم نے اسد
ماہ کو در تسبیحِ کواکب جاۓ نشینِ امام کیا
٭٭
غزل نمبر 31
وہ مری چینِ جبیں سے غمِ پنہاں سمجھا
رازِ مکتوب بہ بے ربطیِ عنواں سمجھا
یک الف بیش نہیں صیقلِ آئینہ ہنوز
چاک کرتا ہوں میں جب سے کہ گریباں سمجھا
شرحِ اسبابِ گرفتاریِ خاطر مت پوچھ
اس قدر تنگ ہوا دل کہ میں زنداں سمجھا
ہم نے وحشت کدۂ بزمِ جہاں میں جوں شمع
شعلۂ عشق کو اپنا سرو ساماں سمجھا
تھا گریزاں مژہِ یار سے دل تا دمِ مرگ
دفعِ پیکانِ قضا اس قدر آساں سمجھا
عجز سے اپنے یہ جانا کہ وہ بد خو ہو گا
نبضِ خس سے تپشِ شعلۂ سوزاں سمجھا
سفرِ عشق میں کی ضعف نے راحت طلبی
ہر قدم سایے کو میں اپنے شبستان سمجھا
بدگمانی نے نہ چاہا اُسے سرگرمِ خرام
رُخ پہ ہر قطرہ عرق دیدۂ حیراں سمجھا
دل دیا جان کے کیوں اُس کو وفادار اسد
غلطی کی کہ جو کافر کو مسلماں سمجھا
٭٭
غزل نمبر 32
گلہ55 ہے شوق کو دل میں بھی تنگیِ جا کا
گُہر میں محو ہوا اضطراب دریا کا
یہ جانتا ہوں کہ تو اور جوابِ نامۂ شوق
مگر ستم زدہ56 ہوں ذوقِ خامہ فرسا کا
غمِ فراق میں تکلیفِ سیرِ گل مت دو
مجھے دماغ نہیں خندہ ہاۓ بے جا کا
نہ 57پائی وسعتِ جولانِ یک جنوں ہم نے
عدم کولے گئے دل میں غبار صحرا کا
مرا شمول ہر اک دل کے پیچ و تاب میں ہے
میں مدعا ہوں تپش نامۂ تمنا کا
نہ کہہ کہ گریہ بہ مقدارِ حسرتِ دل ہے
مری نگاہ میں ہے جمع و خرچ دریا کا
فلک58 کو دیکھ کے کرتا ہے تجھ کو یاد اسد
اگر چہ گم شدہ ہے کاروبار دنیا کا
٭٭
غزل نمبر 33
کس59 کا خیال آئنۂ انتظار تھا
ہر برگِ گل کے پردے میں دل بے قرار تھا
کِس کا جنونِ دید تمنا شکار تھا
آئینہ خانہ وادیِ جوہر غبار تھا
چوں60 غنچہ و گل آفتِ فالِ نظر نہ پوچھ
پیکاں سے تیرے جلوۂ زخم آشکار تھا
اب میں ہوں اور خونِ دو عالم معاملہ
توڑا جو تو نے آئنہ تمثال دار تھا
دیکھی وفاۓ فرصتِ رنج و نشاطِ دہر
خمیازہ یک درازیِ عمرِ خمار تھا
موجِ سرابِ دشتِ وفا کا بیاں نہ پوچھ
ہر ذرہ مثلِ جوہرِ تیغ آب دار تھا
صبحِ قیامت ایک دُمِ گرگ تھی اسد
جس دشت میں وہ شوخِ دو عالم شکار تھا
٭٭
غزل نمبر 34
ز بس خوں گشتۂ رشکِ وفا تھا وہم بسمل کا
چرایا زخم ہاۓ دل نے پانی تیغِ قاتل کا
نگاہِ چشمِ حاسد وام لے اے ذوقِ خود بینی
تماشائی ہوں وحدت خانۂ آئینۂ دل کا
سراپا رہنِ عشق و نا گزیرِ الفتِ ہستی
عبادت برق کی کرتا ہوں اور افسوس حاصل کا
شرر فرصت نگہ، سامانِ یک عالم چراغاں ہے
بقدرِ رنگ یاں گردش میں ہے پیمانہ محفل کا
بہ قدرِ ظرف ہے ساقی خمارِ تشنہ کامی بھی
جو تو دریاۓ مے ہے تو میں خمیازہ ہوں ساحل کا
سراسر تاختن کو شش جہت یک عرصہ جولاں تھا
ہوا واماندگی سے رہرواں کی فرق منزل کا
مجھے اس قطعِ 61رہ میں خوف گمراہی نہیں غالب
عصاۓ خضرِ صحراۓ سخن ہے خامہ بیدل کا
٭٭
غزل نمبر 35
کیا 62کس شوخ نے ناز از سرِ تمکیں نشستن کا
کہ شاخِ گل کا خم انداز ہے بالیں شکستن کا
نہاں ہے مردمک میں شوقِ رخسارِ فروزاں سے
سپندِ شعلہ نادیدہ صفت انداز جستن کا
گدازِ دل کو کرتی ہے کشودِ چشم شب پیما
نمک ہے شمع میں جوں مومِ جادو خواب بستن کا
نفس در سینہ ہاۓ ہمدگر رہتا ہے پیوستہ
نہیں ہے رشتۂ الفت کو اندیشہ گسستن کا
عیادت سے اسد میں بیشتر بیمار رہتا ہوں
سبب ہے ناخنِ دخلِ عزیزاں سینہ خستن کا
٭٭
غزل نمبر 36
لبِ63 خشک در تشنگی مردگاں کا
زیارت کدہ ہوں دل آزردگاں کا
شگفتن کمیں دارِ تقریب جوئی
تصور ہوں بے موجب آزردگاں کا
غریبِ 64بدر جستۂ باز گشتن
سخن ہوں سخن بر لب آوردگاں کا
سراپا یک آئینہ دارِ شکستن
ارادہ ہوں یک عالم افسردگاں کا
ہمہ نا امیدی، ہمہ بدگمانی
میں دل ہوں فریبِ وفا خوردگاں کا
بہ صورت تکلف، بہ معنی تاسف
اسد میں تبسم ہوں پژمردگاں کا
٭٭
غزل نمبر 37
شب کہ دل زخمیِ عرضِ دو جہاں تیر آیا
نالہ بر خود غلطِ شوخیِ تاثیر آیا
وسعتِ جیبِ جنونِ تپشِ دل مت پوچھ
محملِ دشت بدوشِ رمِ نخچیر آیا
ہے گرفتاریِ نیرنگِ تماشا ہستی
پرِ طاؤس سے دل پاۓ بہ زنجیر آیا
دید حیرت کش و خورشید چراغانِ خیال
عرضِ شبنم سے چمن آئنہ تعمیر آیا
عشقِ ترسا بچہ و نازِ شہادت مت پوچھ
کہ کلہ گوشہ بہ پروازِ پرِ تیر آیا
اے خوشا ذوقِ تمناۓ شہادت کہ اسد
بے تکلف بہ سجودِ خمِ شمشیر آیا
٭٭
غزل نمبر 38
سیر آں سوۓ تماشا ہے طلب گاروں کا
خضر مشتاق ہے اس دشت کے آواروں کا
سر خطِ بند ہوا نامہ گنہگاروں کا
خونِ ہدہد سے لکھا نقش گرفتاروں کا
فردِ آئینہ میں بخشیں شکنِ خندۂ گل
دلِ آزردہ پسند آئنہ رخساروں کا
داد خواہِ تپش و مہرِ خموشی بر لب
کاغذِ سرمہ ہے جامہ ترے بیماروں کا
وحشتِ نالہ بہ واماندگیِ وحشت ہے
جرسِ قافلہ یاں دل ہے گراں باروں کا
پھر وہ سوۓ چمن آتا ہے، خدا خیر کرے
رنگ اُڑتا ہے گلستاں کے ہوا داروں کا
جلوہ مایوس نہیں دل نگرانی غافل
چشمِ امید ہے روزن تری دیواروں کا
اسد اے ہرزہ دارا ! نالہ بہ غوغا تا چند
حوصلہ تنگ نہ کر بے سبب آزاروں کا
٭٭
غزل نمبر 39
ضعفِ65 جنوں کو وقتِ تپش در بھی دور تھا
اک گھر میں مختصر سا بیاباں ضرور تھا
اے واۓ غفلتِ نگہِ شوق ورنہ یاں
ہر پارہ سنگ لختِ دلِ کوہِ طور تھا
درسِ تپش ہے برق کو اب اُس کے نام سے
وہ دل ہے یہ کہ جس کا تخلص صبور تھا
شاید کہ66 مرگیا ترے رخسار دیکھ کر
پیمانہ رات ماہ کا لبریزِ نور تھا
آئینہ دیکھ اپنا سا منہ لے کے رہ گئے
صاحب کو دل نہ دینے پہ کتنا غرور تھا
قاصد کو اپنے ہاتھ سے گردن نہ ماریے
ہاں اس معاملے میں تو میرا قصور تھا
ہر رنگ میں جلا اسدِ فتنہ انتظار
پروانۂ تجلیِ شمعِ ظہور تھا
٭٭
غزل نمبر 40
بہارِ رنگِ خونِ گل ہے ساماں اشک باری کا
جنونِ برق نشتر ہے رگِ ابرِ بہاری کا
براۓ 67حلِ مشکل ہوں زپا افتادۂ حسرت
بندھا ہے عقدۂ خاطر سے پیماں خاکساری کا
حریفِ جوششِ دریا نہیں خود داریِ ساحل
جہاں ساقی ہے تو باطل ہے دعویٰ ہوشیاری کا
بہ وقتِ سرنگونی ہے تصور انتظارستاں
نگہ کو آبلوں سے شغل ہے اختر شماری کا
لطافت بے کثافت جلوہ پیدا کر نہیں سکتی
چمن زنگار ہے آئینۂ بادِ بہاری کا
اسد ساغر کشِ تسلیم ہو گردش سے گردوں کی
کہ ننگِ فہمِ مستاں ہے گلہ بد روزگاری کا
٭٭
غزل نمبر 41
طاؤس68 در رکاب ہے ہر ذرہ آہ کا
یارب نفس غبار ہے کس جلوہ گاہ کا
عزلت گزینِ بزم ہیں واماندگانِ دید
میناۓ مے ہے آبلہ پاۓ نگاہ کا
ہر گام آبلے سے ہے دل در تہِ قدم
کیا بیم اہلِ درد کو سختیِ راہ کا
غافل بہ وہمِ ناز خود آرا ہے ورنہ یاں
بے شانۂ صبا نہیں طرہ گیاہ کا
جیبِ نیازِ عشق نشاں دارِ ناز ہے
آئینہ ہوں شکستنِ طرفِ کلام کا
بزمِ قدح سے عیش تمنا نہ رکھ کہ رنگ
صیدِ ز دام جستہ ہے اس دام گاہ کا
جاں در ہواۓ یک نگہِ گرم ہے اسد
پروانہ ہے وکیل ترے داد خواہ کا
٭٭
غزل نمبر 42
خود پرستی 69 سے رہے باہم دگر نا آشنا
بیکسی میری شریک آئینہ تیرا آشنا
آتشِ موۓ دماغِ شوق ہے تیرا تپاک
ورنہ ہم کس کے ہیں اے داغِ تمنا آشنا
بے دماغی شکوہ سنجِ رشکِ ہم دیگر نہیں
یار تیرا جامِ مے، خمیازہ میرا آشنا
جوہرِ آئینہ جز رمزِ سرِ مژگاں نہیں
آشنا کی ہم دگر سمجھے ہے ایما آشنا
ربطِ یک شیرازۂ وحشت ہیں اجزاۓ بہار
سبزہ بیگانہ، صبا آوارہ، گل نا آشنا
ذرہ ذرہ ساغرِ میخانۂ نیرنگ ہے
گردشِ مجنوں بہ چشمک ہاۓ لیلیٰ آشنا
کوہکن نقاشِ یک تمثالِ شیریں تھا اسد
سنگ سے سر مار کر ہووے نہ پیدا آشنا
٭٭
غزل نمبر 43
یک ذرّہ زمیں نہیں بیکار باغ کا
یاں جادہ70 بھی فتیلہ ہے لالے کے داغ کا
بے مے کسے ہے طاقتِ آشوبِ آگہی
کھینچا ہے عجزِ حوصلہ نے خط ایاغ کا
تازہ نہیں ہے نشۂ فکرِ سخن مجھے
تریاکیِ قدیم ہوں دودِ چراغ کا
بے خونِ دل ہے چشمِ جنوں میں نگہ غبار
یہ میکدہ خراب ہے مے کے سراغ کا
باغِ شگفتہ تیرا بساطِ ہواۓ دل
ابرِ بہار خم کدہ کس کے دماغ کا
جوشِ بہار کلفتِ نظارہ ہے اسد
ہے ابر پنبہ روزنِ دیوارِ باغ کا
٭٭
غزل نمبر 44
عیادت سے زبس ٹوٹا ہے دل یارانِ غمگیں کا
نظر آتا ہے موۓ شیشہ رشتہ شمعِ بالیں کا
صدا ہے کوہ میں حشر آفریں اے غفلت اندیشاں
پئے سنجیدنِ یاراں ہو حامل خوابِ سنگیں کا
بجاۓ غنچہ و گل ہے ہجومِ خار و خس یاں تک
کہ صرفِ بخیۂ دامن ہوا ہے خندہ گلچیں کا
نصیبِ آستیں ہے حاصلِ روۓ عرق آگیں
چنے ہے کہکشاں خرمن سے مہ کے خوشہ پرویں کا
بہ وقتِ کعبہ جوئی ہا جرس کرتا ہے ناقوسی
کہ صحرا فصلِ گل میں رشک ہے بتخانۂ چیں کا
طپیدن دل کو سوزِ عشق میں خوابِ فرامش ہے
رکھا اسپند نے مجمر میں پہلو گرم تمکیں کا
اسد71 طرز آشنایاں قدر دانِ نکتہ سنجی ہیں
سخن کا بندہ ہوں لیکن نہیں مشتاق تحسیں کا
٭٭
غزل نمبر 45
بسکہ دشوار ہے ہر کام کا آساں ہونا
آدمی کو بھی میسر نہیں انساں ہونا
گریہ چاہے ہے خرابی مرے کاشانے کی
در و دیوار سے ٹپکے ہے بیاباں ہونا
واۓ دیوانگیِ شوق کہ ہر دم مجھ کو
آپ جانا اُدھر اور آپ ہی حیراں ہونا
جلوہ از بسکہ تقاضاۓ نگہ کرتا ہے
جوہرِ آئنہ بھی چاہے ہے مژگاں ہونا
عشرتِ قتل گہِ اہلِ تمنا مت پوچھ
عیدِ نظارہ ہے شمشیر کا عریاں ہونا
لے گئے خاک میں ہم داغِ تمناۓ نشاط
تو ہو اور آپ بصد رنگ گلستاں ہونا
عشرتِ پارۂ دل زخمِ تمنا کھانا
لذتِ ریشِ جگر غرقِ نمکداں ہونا
کی مرے قتل کے بعد اُس نے جفا سے توبہ
ہاۓ اُس زود پشیماں کا پشیماں ہونا
حیف اُس چار گرہ کپڑے کی قسمت غالب
جس کی قسمت میں ہو عاشق کا گریباں ہونا
٭٭
غزل نمبر 46
وردِ اسمِ حق سے دیدارِ صنم حاصل ہوا
رشتۂ تسبیح تارِ جادۂ منزل ہوا
محتسب سے تنگ ہے از بسکہ کارِ مے کشاں
رز میں جو انگور نکلا، عقدۂ مشکل ہوا
قیس نے از بسکہ کی سیرِ گریبانِ نفس
یک دو چیں دامانِ صحرا پردۂ محمل ہوا
وقتِ شب اُس شمع رو کے شعلۂ آواز پر
گوشِ نسریں عارضاں پروانۂ محفل ہوا
عیب کا دریافت کرنا ہے ہنر مندی اسد
نقص پر اپنے ہوا جو مطّلع، کامل ہوا
٭٭
غزل نمبر 47
گر نہ72 احوالِ شبِ فرقت بیاں ہو جاۓ گا
بے تکلف داغِ مہ مُہرِ دہاں ہو جاۓ گا
زہرہ گر ایسا ہی شامِ ہجر میں ہوتا ہے آب
پرتوِ ِ مہتاب سیلِ خانماں ہو جاۓ گا
گر وہ مستِ نازِ تمکیں دے صلاۓ عرضِ حال
خارِ73 گلبن در دہانِ گُل زباں ہو جاۓ گا
لے تو لوں سوتے میں اُس کے بوسہ ہاۓ پا مگر
ایسی باتوں سے وہ کافر بدگماں ہو جاۓ گا
گر نگاہِ گرم فرماتی رہی تعلیمِ ضبط
شعلہ خس میں جیسے خوں در رگ نہاں ہو جاۓ گا
گر74 شہادت آرزو ہے، نشے میں گستاخ ہو
بال شیشے کا رگِ سنگِ فساں ہو جاۓ گا
فائدہ کیا75 سوچ آخر تو بھی ہے دانا اسد
دوستی ناداں کی ہے جی کا زیاں ہو جاۓ گا
٭٭
غزل نمبر 48
قطرۂ مے بسکہ حیرت سے نفس پرور ہوا
خطِ جامِ بادہ یکسر رشتۂ گوہر ہوا
گرمیِ دولت ہوئی آتش زنِ نامِ نکو
خانۂ خاتم میں یاقوتِ نگیں اختر 76ہوا
نشے میں گم کردہ رہ آیا وہ مستِ فتنہ خو
آج رنگِ رفتہ دورِ گردشِ ساغر ہوا
درد سے در پردہ دی مژگاں سیاہاں نے شکست
ریزہ ریزہ استخواں کا پوست میں نشتر ہوا
اے 77بہ ضبطِ حالِ 78 انافسردگاں جوشِ جنوں
نشۂ مے ہے اگر یک پردہ نازک تر ہوا
زہد 79 گر دیدن ہے گردِ خانہ ہائے منعماں
دانۂ تسبیح سے میں مہرہ در ششدر ہوا
اس چمن میں 80ریشہ داری جس نے سر کھینچا اسد
تر زبانِ لطفِ عامِ ساقیِ کوثر ہوا
٭٭
غزل نمبر 49
اُف 81 نہ کی، گو سوزِ دل سے بے محابا جل گیا
آتشِ خاموش کی مانند گویا جل گیا
دود میرا سنبلستاں سے کرے ہے ہمسری
بسکہ شوقِ آتشِ گُل سے سراپا جل گیا
شمع رویاں کی سر انگشتِ حنائی دیکھ کر
غنچۂ گل پر فشاں پروانہ آسا جل گیا
خانمانِ عاشقاں دوکانِ آتش باز ہے
شعلہ رویاں جب ہوۓ گرمِ تماشا جل گیا
تا کجا افسوسِ گرمی ہاۓ صحبت اے خیال
دل ز آتش 82خیزیِ داغِ تمنا جل گیا
ہے اسد بیگانۂ افسردگی اے بے کسی
دل ز اندازِ تپاکِ اہلِ دنیا جل گیا
٭٭
غزل نمبر 50
پھر83 مجھے دیدۂ تر یاد آیا
دل جگر تشنۂ فریاد آیا
دم لیا تھا نہ قامت نے ہنوز
پھر ترا وقتِ سفر یاد آیا
عذرِ واماندگی، اے حسرتِ دل
نالہ کرتا تھا جگر یاد آیا
سادگی ہاۓ تمنا، یعنی
پھر وہ نیرنگِ نظر یاد آیا
کوئی ویرانی سی ویرانی ہے
دشت کو دیکھ کے گھر یاد آیا
آہ وہ جرأتِ فریاد کہاں
دل کے پردے میں جگر یاد آیا
میں نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد
سنگ اُٹھایا تھا کہ سر یاد آیا
٭٭
غزل نمبر 51
تو دوست کسو کا بھی ستمگر نہ ہوا تھا
اوروں پہ ہے وہ ظلم جو84 مجھ پر نہ ہوا تھا
چھوڑا مہِ نخشب کی طرح دستِ قضا نے
خورشید ہنوز اُس کے برابر نہ ہوا تھا
توفیق بہ اندازۂ ہمت ہے ازل سے
آنکھوں میں ہے وہ قطرہ کہ گوہر نہ ہوا تھا
جب تک کہ نہ دیکھا تھا قدِ یار کا عالم
میں معتقدِ فتنۂ محشر نہ ہوا تھا
میں سادہ دل آزردگیِ یار سے خوش ہوں
یعنی سبقِ شوق مکرر نہ ہوا تھا
دریاۓ معاصی تنگ آبی سے ہوا خشک
میرا سرِ دامن بھی ابھی تر نہ ہوا تھا
جاری85 تھی اسد داغِ جگر سے مرے86 تحصیل
آتش کدہ جاگیرِ سمندر نہ ہوا تھا
٭٭
غزل نمبر 52
ہے تنگ ز واماندہ شدن حوصلۂ پا
جو اشک گرا خاک میں، ہے آبلۂ پا
سر منزلِ ہستی سے ہے صحراۓ طلب دور
جو خط ہے کفِ پا پہ سو ہے سلسلۂ پا
دیدار طلب ہے دلِ واماندہ کہ آخر
نوکِ سرِ مژگاں سے رقم ہو گلۂ پا
آیا نہ بیابانِ طلب کام زباں تک87
تبخالۂ لب ہو نہ سکا آبلۂ پا
فریاد سے پیدا ہے اسد گرمیِ وحشت
تبخانۂ لب ہے جرسِ آبلۂ پا
٭٭
غزل نمبر 53
عرضِ88 نیازِ عشق کے قابل نہیں رہا
جس دل پہ ناز تھا مجھے وہ دل نہیں رہا
جاں دادگاں کا حوصلہ فرصت گداز ہے
یاں عرصۂ طپیدنِ بسمل نہیں رہا
ہوں قطرہ زن بہ وادیِ حسرت شبانہ روز
جز تارِ اشک جادۂ منزل نہیں رہا
بر روۓ شش جہت درِ آئینہ باز ہے
یاں امتیازِ ناقص و کامل نہیں رہا
اے آہ میری خاطرِ وابستہ کے سوا
دنیا میں کوئی عقدۂ مشکل نہیں رہا
ہر چند ہوں میں طوطیِ شیریں سخن ولے
آئینہ، آہ، میرے مقابل نہیں رہا
انداز نالہ یاد ہیں سب مجھ کو پر اسد
جس دل پہ ناز تھا مجھے وہ دل نہیں رہا
٭٭
غزل نمبر 54
بسکہ عاجز نارسائی سے کبوتر ہو گیا
صفحۂ نامہ غلافِ بالشِ پر ہو گیا
صورتِ دیبا تپش سے میری غرقِ خوں ہے آج
خارِ پیراہن رگِ نستر89 کو نشتر ہو گیا
بسکہ آئینے نے پایا گرمیِ رخ سے گداز
دامنِ تمثال مثلِ برگِ گل تر ہو گیا
شعلہ رخسارا! تحیر سے تری رفتار کے
خارِ شمعِ آئنہ، آتش میں جوہر ہو گیا
بسکہ وقتِ گریہ نکلا تیرہ کاری کا غبار
دامنِ آلودۂ عصیاں گراں تر ہو گیا
حیرتِ اندازِ رہبر ہے عناں گیر اۓ اسد
نقشِ پاۓ خضر یاں سدِّ سکندر ہو گیا
٭٭
غزل نمبر 55
گرفتاری میں فرمانِ خطِ تقدیر ہے پیدا
کہ طوقِ قمری از ہر حلقۂ زنجیر ہے پیدا
زمیں کو صفحۂ گلشن بنایا خوں چکانی نے
چمن بالیدنی ہا از رمِ نخچیر ہے پیدا
مگر وہ شوخ ہے طوفاں طرازِ شوقِ خونریزی
کہ در بحرِ کہاں بالیدہ موجِ تیر ہے پیدا
نہیں ہے کف لبِ نازک پہ فرطِ نشۂ مے سے
لطافت ہاۓ جوشِ حسن کا سر شیر ہے پیدا
عروجِ اُمیدی چشم زخمِ چرخ کیا جانے
بہارِ بے خزاں از آہِ بے تاثیر ہے پیدا
اسد جس شوق سے ذرے تپش فرسا ہوں روزن میں
جراحت ہاۓ دل سے جوہرِ شمشیر ہے پیدا
٭٭
غزل نمبر 56
بہ مہرِ نامہ جو بوسہ گلِ پیام رہا
ہمارا کام ہوا اور تمہارا نام ہوا90
ہوا نہ مجھ سے بجز درد حاصلِ صیاد
بسانِ اشک گرفتارِ چشمِ دام رہا
دل و جگر تفِ91 فرقت سے جل کے خاک ہوۓ
ولے ہنوز خیالِ وصال خام رہا
شکستِ رنگ کی لائی سحر شبِ سنبل
پہ زلفِ یار کا افسانہ ناتمام رہا
دہانِ تنگ مجھے کس کا یاد آیا تھا
کہ شب خیال میں بوسوں کا ازدحام رہا
نہ پوچھ حال شب و روزِ ہجر کا غالب
خیالِ زلف و رخِ دوست صبح و شام رہا
٭٭
غزل نمبر 57
سحر گہ باغ میں وہ حیرتِ گلزار ہو پیدا
اُڑے رنگِ گل اور آئینۂ دیوار ہو پیدا
بتاں! زہر آب اس شدت سے دو پیکانِ ناوک کو
کہ خطِ سبز تا پشتِ لبِ سوفار ہو پیدا
لگے گر سنگ سر پر یار کے دست نگاریں سے
بجاۓ زخم گل بر گوشۂ دستار ہو پیدا
کروں92 گر عرض سنگینیِ کہسار اپنی بے تابی
رگِ ہر سنگ سے نبضِ دلِ بیمار ہو پیدا
بہ سنگِ شیشہ توڑوں ساقیا پیمانۂ پیماں
اگر ابرِ سیہ مست از سوۓ کہسار ہو پیدا
اسد مایوس مت ہو گرچہ رونے میں اثر کم ہے
کہ غالب ہے کہ بعد از زاریِ بسیار ہو پیدا
٭٭
غزل نمبر 58
خلوتِ93 آبلۂ پا میں ہے جولاں میرا
خوں ہے دل تنگیِ وحشت سے بیاباں میرا
عیشِ بازی کدۂ حسرتِ جاوید رسا
خونِ آدینہ سے رنگیں ہے دبستاں میرا
حسرتِ نشۂ وحشت نہ بسعیِ دل ہے
عرضِ خمیازۂ مجنوں ہے گریباں میرا
سرمۂ مفت نظر ہوں، مری قیمت یہ ہے
کہ رہے چشمِ خریدار پہ احساں میرا
عالمِ بے سر و سامانیِ فرصت مت پوچھ
لنگرِ وحشتِ مجنوں ہے بیاباں میرا
بے 94 دماغِ تپشِ رشک ہوں اے جلوۂ حسن
تشنۂ خونِ دل و دیدہ ہے پیماں میرا
فہم زنجیریِ بے ربطیِ دل ہے یارب
کس زباں میں ہے لقب خوابِ پریشاں میرا
بہ ہوس دردِ سرِ اہلِ سلامت تا چند
مشکلِ عشق ہوں مطلب نہیں آساں میرا
بوۓ یوسف مجھے گلزار سے آتی تھی اسد
دَے نے برباد کیا پیرہنستاں میرا
٭٭
غزل نمبر 59
شب کہ وہ مجلس فروزِ خلوتِ ناموس تھا
شمع95 سے یک خار در پیراہنِ فانوس تھا
حاصلِ الفت نہ دیکھا جز شکستِ آرزو
دل بہ دل پیوستہ گویا یک لبِ افسوس تھا
بت پرستی ہے بہارِ نقش بندی ہاۓ دہر
ہر صریرِ خامہ میں یک نالۂ ناقوس تھا
غنچۂ96 خاطر نے رنگِ صد گلستاں گل کیا
گردۂ تصویرِ گلشن بیضۂ طاؤس تھا
پوچھ مت بیماریِ غم کی فراغت کا بیاں
جو کہ کھایا خونِ دل بے منتِ کیموس تھا
کل اسد کو ہم نے دیکھا گوشۂ غم خانہ میں
دست برسر، سر بہ زانوئے دلِ مایوس تھا
٭٭
ردیف ب
غزل نمبر 60
بس کہ ہے میخانہ ویراں جوں بیابانِ خراب
عکسِ چشمِ آہوۓ رم خوردہ ہے داغِ شراب
تیرگیِ ظاہری ہے طبعِ موزوں کا نشاں
غافلاں عکسِ سوادِ صفحہ ہے گردِ کتاب
یک نگاہِ صاف صد آئینۂ تاثیر ہے
ہے رگِ یاقوت عکسِ خطِ جامِ آفتاب
ہے عرق افشاں مشی سے ادہمِ مشکینِ یار
وقتِ شب اختر کنی ہے چشمِ بیدارِ رکاب
ہے شفق سوز جگر کی آگ کی بالیدگی
ہر یک اختر سے 97 فلک پر قطرۂ اشکِ کباب
بسکہ شرمِ عارضِ رنگیں سے حیرت جلوہ ہے
ہے شکستِ رنگِ گل آئینہ پردازِ نقاب
شب کہ تھا نظارگی روۓ بتاں کا اے اسد
گر گیا بامِ فلک سے صبح طشتِ ماہتاب
٭٭
غزل نمبر 61
ہے 98بہاراں میں خزاں پرور خیال عندلیب
رنگِ گل آتش کدہ ہے زیرِ بالِ عندلیب
عشق کو ہر رنگ شانِ حسن ہے مدِ نظر
مصرعِ سروِ چمن ہے حسبِ حالِ عندلیب
حیرتِ حسنِ چمن پیرا سے تیرے رنگِ گل
بسمل آہنگِ 99پریدن ہے بہ بالِ عندلیب
عمر میری ہو گئی صرفِ بہارِ حسنِ یاد
گردشِ رنگِ چمن ہے ماہ و سالِ عندلیب
منع مت کر حسن کی ہم کو پرستش سے کہ ہے
بادۂ نظارۂ گلشن حلالِ عندلیب
ہے مگر موقوف بر وقتِ دگر کارِ اسد
اے شبِ پروانہ و 100صبحِ وصالِ عندلیب
٭٭
ردیف ت
غزل نمبر 62
جاتا101 ہوں جدھر سب کی اُٹھے ہے اُدھر انگشت
یکدست جہاں مجھ سے پھرا ہے مگر انگشت
مژگاں کی محبت میں جو انگشت نما ہوں
لگتی ہے مجھے تیر کے مانند ہر انگشت
ہر غنچۂ گل صورتِ یک قطرۂ خوں ہے
خوباں102 کا جو دیکھا ہے حنا بستہ سر انگشت
گرمی ہے زباں کی سببِ سوختنِ جاں
ہے شمع شہادت کے لیے سر بسر انگشت
لکھتا ہوں اسد سوزشِ دل سے سخنِ گرم
تا رکھ نہ سکے کوئی مرے حرف پر انگشت
٭٭
غزل نمبر 63
نیم103 رنگی جلوہ ہے بزمِ تجلی زارِ دوست
دودِ شمع کشتہ تھا شاید خطِ رخسارِ دوست
چشم بندِ خلق جز تمثال خود بینی نہیں
آئنہ ہے قالبِ خشتِ در و دیوارِ دوست
برقِ خرمن زارِ گوہر ہے نگاہِ تیزیاں
اشک ہو جاتے ہیں خشک از گرمیِ رفتارِ دوست
ہے سوا نیزے پہ اس کے قامتِ نوخیز سے
آفتابِ صبحِ محشر ہے گلِ دستارِ دوست
اے عدوۓ مصلحت 104چندے بہ ضبط افسردہ رہ
کردنی ہے جمع تابِ شوخیِ دیدارِ دوست
لغزشِ مستانہ و جوش تماشا ہے اسد
آتشِ مے سے بہارِ گرمیِ بازار دوست
٭٭
ردیف ث
غزل نمبر 64
دودِ شمعِ کشتۂ گل بزم سامانی عبث
یک شبہ آشفتہ نازِ سنبلستانی عبث
ہے ہوس محمل بہ دوشِ شوخیِ ساقیِ مست
نشۂ مے کے تصور میں نگہبانی عبث
باز ماندن ہاۓ مژگاں ہے یک آغوشِ وداع
عید در حیرت سوادِ چشمِ قربانی عبث
جز غبارِ کردہ سیر آہنگیِ پرواز کُو ؟
بلبلِ تصویر و دعواۓ پر افشانی عبث
سر نوشتِ خلق ہے طغراۓ عجزِ اختیار
آرزوہا خار خارِ چینِ پیشانی عبث
جب کہ نقشِ مدعا ہووے نہ جز موجِ سراب
وادیِ حسرت میں پھر آشفتہ جولانی عبث
دست برہم سودہ ہے مژگانِ خوابیدہ اسد
اے دل از کف دادۂ غفلت پیشمانی عبث
٭٭
غزل نمبر 65
نازِ105 لطفِ عشق با وصفِ توانائی عبث
رنگ ہے سنگِ محک دعواۓ مینائی عبث
ناخنِ دخلِ عزیزاں یک قلم ہے نقب زن
پاسبانیِ طلسمِ کنجِ106 تنہائی عبث
محملِ پیمانۂ فرصت ہے بر دوشِ حباب
دعوئ دریا کشی و نشہ پیمائی عبث
طبعِ 107نالاں حاملِ صد غلبۂ تاثیر ہے
دل کو اے عاشق کشاں تعلیمِ خارائی عبث
٭٭
ردیف ج
غزل نمبر 66
گلشن 108میں بندوبست بہ ضبطِ دگر ہے آج
قمری کا طوق حلقۂ بیرونِ در ہے آج
معزولیِ تپش ہوئی افراطِ انتظار
چشمِ کشادہ حلقۂ بیرونِ در ہے آج
حیرت فروشِ صد نگرانی ہے اضطرار
سر 109رشتہ چاکِ جیب کا تارِ نظر ہے آج
اے عافیت کنارہ کر، اے انتظام چل
سیلابِ گریہ دشمنِ دیوار و در ہے آج
ہوں داغِ نیمِ رنگیِ شامِ وصالِ یار
نورِ چراغِ بزم سے جوشِ سحر ہے آج
بیتابی 110 نے کیا سفرِ سوختن تمام
پیراہنِ خسک میں غبارِ شرر ہے آج
تا صبح ہے بہ منزلِ مقصد رسیدنی
دودِ چراغِ خانہ غبارِ سفر ہے آج
دور اوفتادۂ چمنِ فکر ہے اسد
مرغِ خیال بلبلِ بے بال و پر ہے آج
٭٭
غزل نمبر 67
جنبشِ گلبرگ سے ہے گل کے لب کو اختلاج
حَبِّ شبنم سے صبا ہر صبح کرتی ہے علاج
شاخِ گل جنبش میں ہے گہوارہ آسا ہر نفس
طفلِ شوخِ غنچۂ گل بسکہ ہے وحشت مزاج
سیرِ ملکِ حسن کر، میخانہا نذرِ خمار
چشمِ مستِ یار سے ہے گردنِ مینا پہ باج
گریہ ہاۓ بیدلاں گنجِ شرر در آستیں
قہرمانِ عشق میں حسرت سے لیتے ہیں خراج
ہے سوادِ چشمِ قربانی میں یک عالم مقیم
حسرتِ فرصت نے بخشا بسکہ حیرت کو رواج
اے اسد ہے مستعدِ شانہ گشتن111 بہرِ زلف
پنجۂ مژگاں بخود بالیدنی رکھتا ہے آج
٭٭
ردیف چ
غزل نمبر 68
بے دل نہ نازِ وحشتِ جیبِ دریدہ کھینچ
جوں بوۓ غنچہ یک نفسِ آرمیدہ کھینچ
یک مشتِ خوں ہے پرتوِ خور سے تمام دشت
دردِ طلب بہ آبلۂ نادمیدہ کھینچ
پیچیدگی ہے حاملِ طومارِ انتظار
پاۓ نظر بہ دامنِ شوقِ دویدہ کھینچ
برقِ بہار سے ہوں میں پا در حنا ہنوز
اے خارِ دشت دامنِ شوقِ رسیدہ کھینچ
بیخود بہ لطفِ چشمکِ عبرت ہے چشمِ صید
یک داغِ حسرتِ نفسِ نا کشیدہ کھینچ
بزمِ نظر ہیں بیضۂ طاؤس خلوتاں
فرشِ طرب بہ گلشنِ نا آفریدہ کھینچ
دریا بساطِ دعوتِ سیلاب ہے اسد
ساغر بہ بارگاہِ دماغِ رسیدہ کھینچ
٭٭
غزل نمبر 69
قطعِ سفرِ ہستی و آرامِ فنا ہیچ
رفتار نہیں بیشتر از لغزشِ پا ہیچ
حیرت ہمہ اسرار پہ مجبورِ خموشی
ہستی نہیں جز بستنِ پیمانِ وفا ہیچ
تمثال گداز آئنہ ہے عبرتِ بینش
نظارہ تحیر چمنسانِ بقا ہیچ
گلزارِ دمیدن، شررستانِ رمیدن
فرصت تپش و حوصلۂ نشو و نما ہیچ
آہنگِ عدم نالہ بہ کہسار گرو ہے
ہستی میں نہیں شوخیِ ایجادِ صدا ہیچ
کس بات پہ مغرور ہے اے عجزِ تمنا
سامانِ دعا وحشت و تاثیرِ دعا ہیچ
آہنگِ اسد میں نہیں جز نغمۂ بیدل
عالم ہمہ افسانۂ ما دارد و ما ہیچ
٭٭
غزل نمبر 70
نفس نہ انجمنِ آرزو سے باہر کھینچ
اگر شراب نہیں، انتظارِ ساغر کھینچ
کمالِ گرمیِ سعیِ تلاشِ جلوہ112 نہ پوچھ
برنگِ خار مرے آئنے سے جوہر کھینچ
نہ کہہ کہ طاقتِ رسوائیِ وصال نہیں
اگر یہی عرقِ فتنہ ہے مکرر کھینچ
تجھے بہانۂ راحت ہے انتظار اے دل
کیا ہے کس نے اشارہ کہ نازِ بستر کھینچ
جنونِ آئنہ مشتاقِ یک تماشا ہے
ہمارے صفحے پہ بالِ پری سے مسطر کھینچ
بہ نیم غمزہ ادا کر حقِ ودیعتِ ناز
نیامِ پردۂ زخمِ جگر سے خنجر کھینچ
مرے قدح میں ہے صہباۓ آتشِ پنہان
بروۓ سفرہ کبابِ دلِ سمندر کھینچ
تری طرف ہے بہ حسرت نظارۂ نرگس
بکوریِ دل و چشمِ رقیب ساغر کھینچ
خمارِ منتِ ساقی اگر یہی ہے اسد
دلِ گداختہ کے میکدے میں ساغر کھینچ
٭٭
ردیف ح
غزل نمبر 71
دعوئِ عشقِ بتاں سے بہ گلستاں گل و صبح
ہیں رقیبانہ بہم دست و گریباں گل و صبح
ساقِ گلرنگ سے اور آئنۂ زانو سے
جامہ زیبوں کے سدا ہیں تہِ داماں گل و صبح
وصلِ آئینہ رخاں ہم نفسِ یک دیگر
ہیں دعا ہاۓ سحر گاہ سے خواہاں گل و صبح
آئنہ خانہ ہے صحنِ چمنستاں تجھ سے113
بسکہ ہیں بے خود و وارفتہ و حیراں گل و صبح
زندگانی نہیں بیش از نفسِ چند اسد
غفلت آرامیِ یاراں پہ ہیں خنداں گل و صبح
٭٭
ردیف د
غزل نمبر 72
بسکہ وہ پا کوبیاں در پردۂ وحشت ہیں یاد
ہے غلافِ دفچۂ خورشید بر یک گرد باد
طرفہ موزونی ہے صرفِ جنگجوئی باۓ یار
ہے سرِ مصراعِ صافِ تیغ خنجر مستزاد
ہاتھ آیا زخمِ تیغِ یار سا پہلو نشیں
کیوں نہ ہو وے آج کے دن بیکسی کی روح شاد
کیجے آہوۓ ختن کو خضرِ صحراۓ طلب
مشک ہے سنبلستانِ زلف میں گردِ سواد
ہم نے سو زخمِ جگر پر بھی زباں پیدا نہ کی
گل ہوا ہے ایک زخمِ سینہ پر خواہانِ داد
بسکہ ہیں در پردہ مصروفِ سیہ کاری تمام
آستر ہے خرقۂ زہاد کا صوفِ مداد
تیغ در کف، کف بلب، آتا ہے قاتل اس طرف
مژدہ باد اے آرزوۓ مرگِ غالب مژدہ باد
٭٭
غزل نمبر 73
تو پست فطرت اور خیالِ بسا بلند
اے طفلِ خود معاملہ قد سے عصا بلند
ویرانیِ جز آمد و رفتِ نفس نہیں
ہے کوچہ ہاۓ نَے میں غبار صدا بلند
رکھتا ہے انتظارِ تماشاۓ حسنِ دوست
مژگانِ باز ماندہ سے دستِ دعا بلند
موقوف کیجیے یہ تکلف نگاریاں
ہوتا ہے ورنہ شعلۂ رنگِ حنا بلند
قربانِ اوج ریزیِ چشمِ حیا پرست
یک آسماں ہے مرتبۂ پشتِ پا بلند
ہے دلبری کمینگر ایجادِ یک نگاہ
کارِ بہانہ جوئی چشمِ حیا بلند
بالیدگی نیازِ قدِ جاں فزا اسد
در ہر نفس، بقدرِ نفس، ہے قبا بلند
٭٭
غزل نمبر 74
حسرتِ دستگہ و پاۓ تحمل تا چند
رگِ گردن، خطِ پیمانۂ بے مُل تا چند
ہے گلیمِ سیہِ بختِ پریشاں کاکل
موئنہ بافتنِ ریشۂ سنبل تا چند
کوکبِ بخت بجز روزنِ پر دود نہیں
عینکِ چشمِ جنوں حلقۂ کاکل تا چند
چشم بے خونِ دل و دل تہی از جوشِ نگاہ
بزباں عرضِ فسونِ ہوسِ گُل تا چند
بزم داغِ طرب و باغ کشادِ پرِ رنگ
شمع و گل تاکے و پروانہ و بلبل تا چند
نالہ دامِ ہوس و دردِ اسیری معلوم
شرحِ بر خود غلطی ہائے تحمل تا چند
جوہرِ آئنہ فکرِ سخنِ موۓ دماغ
عرضِ حسرت پسِ زانوۓ تامل تا چند
سادگی ہے عدمِ قدرتِ ایجادِ غنا
ناکسی! آئنۂ نازِ توکل تا چند
اسدِ خستہ گرفتارِ دو عالم اوہام
مشکل آساں کنِ یک خلق! تغافل تا چند
٭٭
غزل نمبر 75
بہ کامِ دل کریں کس طرح گمرہاں فریاد
ہوئی ہے لغزشِ پا لکنتِ زباں فریاد
کمالِ بندگیِ گل ہے رہنِ آزادی
ز دستِ مشتِ پر و خارِ آشیاں فریاد
نواز شِ نفسِ آشنا کہاں ، ورنہ
برنگِ نَے ہے نہاں در ہر استخواں فریاد
تغافل آئنہ دارِ خموشیِ دل ہے
ہوئی ہے محو بہ تقریبِ امتحاں فریاد
ہلاکِ بے خبری نغمۂ وجود و عدم
جہاں و اہلِ جہاں سے جہاں جہاں فریاد
جوابِ سنگدلی ہائے دشمناں، ہمت
از دستِ114 شیشگیِ طبعِ دوستاں فریاد
ہزار آفت و یک جانِ بے نوائے اسد
خدا کے واسطے اے شاہِ بے کساں فریاد
٭٭
غزل نمبر 76
حُسن115 غمزے کی کشاکش سے چھُٹا میرے بعد
بارے آرام سے ہیں اہلِ جفا میرے بعد
منصبِ شیفتگی کے کوئی قابل نہ رہا
ہوئی معزولیِ انداز و ادا میرے بعد
شمع بجھتی ہے تو اُس میں سے دھُواں اُٹھتا ہے
شعلۂ عشق سیہ پوش ہوا میرے بعد
خوں ہے دل خاک میں احوالِ بتاں پر یعنی
اُن کے ناخن ہوۓ محتاجِ حنا میرے بعد
در خورِ عرض نہیں جوہرِ بیداد کو جا
نگہِ ناز ہے سُرمے سے خفا میرے بعد
ہے جنوں اہلِ جنوں کے لیے آغوشِ وداع
چاک ہوتا ہے گریباں سے جدا میرے بعد
کون ہوتا ہے حریفِ مۓ مرد افگنِ عشق
ہے مکرر لبِ ساقی پہ صلا میرے بعد
غم سے مرتا ہوں کہ اتنا نہیں دنیا میں کوئی
کہ کرے تعزیتِ مہر و وفا میر ے بعد
تھا میں گلدستۂ احباب کی بندش کی گیاہ116
متفرق ہوۓ میرے رفقا میرے بعد
آۓ ہے بیکسیِ عشق پہ رونا غالب
کس کے گھر جاۓ گا سیلابِ بلا میرے بعد
٭٭
ردیف ر
غزل نمبر 77
بلا سے ہیں جو یہ پیشِ نظر در و دیوار
نگاہِ شوق کو ہیں بال و پر در و دیوار
جنونِ اشک نے کاشانے کا کیا یہ رنگ
کہ ہو گئے مرے دیوار و در، در و دیوار
نہیں ہے سایہ کہ سُن کر نویدِ مقدمِ یار
گئے ہیں چند قدم پیشتر در و دیوار
کیا ہے تو نے مۓ جلوہ کس قدر ارزاں
کہ مست ہے ترے کوچے میں ہر در و دیوار
جو ہے تجھے سرِ سوداۓ انتظار تو آ
کہ ہیں دکانِ متاعِ نظر در و دیوار
ہجومِ گریہ کا سامان کب کیا میں نے
کہ گر پڑے نہ مرے پاؤں پر در و دیوار
وہ آ رہا مرے ہمسایے میں تو سایے سے
ہوئے فدا در و دیوار پر در و دیوار
نہ پوچھ بے خودیِ عیشِ مقدمِ سیلاب
کہ ناچتے ہیں پڑے سر بسر در و دیوار
نظر میں کھٹکے ہے بن تیرے گھر کی آبادی
ہمیشہ روتے ہیں ہم دیکھ کر در و دیوار
نہ کہہ کسو سے کہ غالب نہیں زمانے میں
حریفِ رازِ محبت مگر در و دیوار
٭٭
غزل نمبر 78
شیشۂ117 آتشیں رخِ پُر نور
عرق از خط چکیدہ روغنِ مور
بسکہ ہوں بعدِ مرگ بھی نگراں
مردمک سے ہے خال بر لبِ گور
بار لاتی ہے دانہ ہاۓ سرشک
مژے سے 118ریشۂ رزِ انگور
ظلم کرنا گداۓ عاشق پر
نہیں شاہانِ حُسن کا دستور
دوستو مجھ ستم رسیدہ سے
دشمنی ہے وصال کا مذکور
زندگانی پہ اعتماد غلط
ہے کہاں قیصر اور کہاں فغفور
کیجے جوں اشک اور قطرہ زنی
اے اسد ہے ہنوز دلی دور
٭٭
غزل نمبر 79
بسکہ 119مائل ہے وہ رشکِ ماہتاب آئینے پر
ہے نفس تارِ شعاعِ آفتاب آئینے پر
بازگشتِ جادہ پیماۓ رہِ حیرت کہاں
غافلاں غش جان کر چھڑکے ہیں آب آئینے پر
بدگماں کرتی ہے عاشق کو خود آرائی تری
بے دلوں کو ہے براتِ اضطراب آئینے پر
نازِ خود بینی کے باعث خونیِ صد بے گناہ
جوہرِ شمشیر کو ہے پیچ و تاب آئینے پر
سدِّ اسکندر ہو از بہرِ نگاہِ گُل رخاں120
گر کرے یوں امر نہیِ بو تراب آئینے پر
دل کو توڑا جوشِ بیتابی سے غالب کیا کیا؟
رکھ دیا پہلو بہ وقتِ اضطراب آئینے پر
٭٭
غزل نمبر 80
نہیں بندِ زلیخا بے تکلف ماہِ کنعاں پر
سفیدی دیدۂ یعقوب کی پھرتی ہے زنداں121 پر
لرزتا ہے مرا دل زحمتِ مہرِ درخشاں پر
میں ہوں وہ قطرۂ شبنم کہ ہو خارِ بیاباں پر
دلِ خونیں جگر بے صبر و فیضِ عشق مستغنی
الہٰی یک قیامت خاور آ ٹوٹے بدخشاں پر
فنا تعلیمِ درسِ بیخودی ہوں اُس زمانے سے
کہ مجنوں لام الف لکھتا تھا دیوارِ دبستاں پر
فراغت کس قدر رہتی مجھے تشویشِ مرہم سے
بہم گر صلح کرتے پارہ ہاۓ دل نمکداں پر
نہیں اقلیمِ الفت میں کوئی طومارِ ناز ایسا
کہ پشتِ چشم سے جس کے نہ ہووے مہُر عنواں پر
مجھے اب دیکھ کر ابرِ شفق آلودہ یاد آیا
کہ فرقت میں تری آتش برستی تھی گلستاں پر
بجز پروازِ شوقِ ناز کیا باقی رہا ہو گا
قیامت اک ہواۓ تند ہے خاکِ شہیداں پر
اسد! اے بے تحمل، عربدہ بے جا ہے ناصح سے
کہ آخر بے کسوں کا زور چلتا ہے گریباں پر
٭٭
غزل نمبر 81
صفاۓ حیرتِ آئینہ ہے سامانِ زنگ آخر
تغیر آبِ برجا ماندہ کا پاتا ہے رنگ آخر
خطِ نوخیز نیلِ چشم زخمِ صافیِ عارض
لیا آئینے نے حرزِ پرِ طوطی بچنگ آخر
ہلال آسا تہی رہ، گر کشادن ہاۓ دل چاہے
ہوا مہ کثرتِ سرمایہ اندوزی سے تنگ آخر
تڑپ کر مرگیا وہ صیدِ بال افشاں کہ مضطر تھا
ہوا ناسورِ چشمِ تعزیت چشمِ خدنگ آخر
لکھی یاروں کی بدمستی نے میخانے کی پامالی
ہوئی قطرہ فشانی ہاۓ مے بارانِ سنگ آخر
اسد پردے میں بھی آہنگِ شوقِ یار قائم ہے
نہیں ہے نغمے سے خالی خمیدن ہاۓ چنگ آخر
٭٭
غزل نمبر 82
بینش 122بسعیِ ضبطِ جنوں نو بہار تر
دل در گدازِ نالہ بہ کاہ آبیار تر
قاتل بہ عزمِ ناز و دل از زخم در گداز
شمشیر آب دار و نگاہ آب دار تر
ہے کسوتِ عروجِ تغافل کمالِ حسن
چشمِ سیہ بہ مرگِ نگہ سوگوار تر
سعیِ خرام کاوشِ ایجادِ جلوہ ہے
جوشِ چکیدنِ عرق آئینہ کار تر
ہر گرد باد حلقۂ فتراکِ بے خودی
مجنونِ دشتِ عشق تحیر شکار تر
اے چرخ! خاک برسرِ تعمیرِ کائنات
لیکن بناۓ عہدِ وفا استوار تر
آئینہ داغِ حیرت و حیرت شکنجِ یاس
سیماب بے قرار و اسد بے قرار تر
٭٭
غزل نمبر 83
دیا یاروں نے بیہوشی میں درماں کا فریب آخر
ہُوا سکتے سے میں آئینۂ دستِ طبیب آخر
ستم کش مصلحت سے ہوں کہ خوباں تجھ پہ عاشق ہیں
تکلف برطرف، مل جاۓ گا تجھ سا رقیب آخر
رگِ گل جادۂ تارِ نگہ سے حد موافق ہے
ملیں گے منزلِ الفت میں ہم اور عندلیب آخر
غرورِ ضبط وقتِ نزع ٹوٹا بے قرارانہ
نیاز بال افشانی ہوا صبر و شکیب آخر
اسد کی طرح میری بھی بغیر از صبح رخساراں
ہوئی شامِ جوانی اے دلِ حسرت نصیب آخر
٭٭
غزل نمبر 84
فسونِ123 یک دلی ہے لذتِ بیداد دشمن پر
کہ وجدِ برق چوں پروانہ بال افشاں ہے خرمن پر
تکلف خار خارِ التماسِ بے قراری ہے
کہ رشتہ باندھتا ہے پیرہن انگشتِ سوزن پر
برنگِ کاغذِ آتش زدہ، نیرنگِ بے تابی
ہزار آئینہ دل باندھا ہے بالِ یک تپیدن پر
میں اور وہ بے سبب رنج، آشنا دشمن کہ رکھتا ہے
شعاعِ مہر سے تہمت نگہ کی چشمِ روزن پر
یہ کیا وحشت ہے؟ اے دیوانہ پیش از مرگ واویلا
رکھی بے جا بناۓ خانۂ زنجیر شیون پر
اسد بسمل ہے کس انداز کا؟ قاتل سے کہتا ہے
کہ مشقِ ناز کر، خونِ تمنا124 میری گردن پر
٭٭
ردیف ز
غزل نمبر 85
حسنِ خود آرا کو ہے مشقِ تغافل ہنوز
ہے کفِ مشاطہ میں آئنۂ گل ہنوز
سادگیِ یک خیال، شوخیِ صد رنگ نقش
حیرتِ آئینہ ہے جیبِ تامل ہنوز
سادہ و پرکار تر، غافل و ہشیار تر
مانگے ہے شمشاد سے شانۂ سنبل ہنوز
ساقی و تعلیمِ رنج، محفل و تمکیں گراں
سیلیِ استاد ہے ساغرِ بے مُل ہنوز
شغلِ ہوس در نظر، لیک حیا بے خبر
شاخِ گلِ نغمہ ہے نالۂ بلبل ہنوز
دل کی صداۓ شکست، سازِ طرب ہے اسد
شیشۂ بے بادہ سے چاہے ہے قلقل ہنوز
٭٭
غزل نمبر 86
بیگانۂ125 وفا ہے ہواۓ چمن ہنوز
وہ سبزہ سنگ پر نہ اُگا کوہ کن ہنوز
یارب! یہ دردمند ہے کس کی نگاہ کا
ہے ربطِ مشک و داغِ سوادِ ختن ہنوز
جوں جادہ سر بکوۓ تمناۓ بے دلی
زنجیرِ پا ہے رشتۂ حب الوطن ہنوز
ہے نازِ مفلساں زرِ از دست رفتہ پر
ہوں گل فروشِ شوخیِ داغِ کہن ہنوز
میں دور گردِ قربِ بساطِ نگاہ تھا
بیرونِ دل نہ تھی تپشِ انجمن ہنوز
تھا مجھ کو خار خارِ جنونِ وفا اسد
سوزن میں تھا نہفتہ گلِ پیرہن ہنوز
٭٭
غزل نمبر 87
چاکِ گریباں کو ہے ربطِ تامل ہنوز
غنچے میں دل تنگ ہے حوصلۂ گل ہنوز
دل میں ہے سوداۓ زلف مستِ تغافل ہنوز
ہے مژہِ خواب ناک ریشۂ سنبل ہنوز
پرورشِ نالہ ہے وحشتِ پرواز سے
ہے تہِ بالِ پری بیضۂ بلبل ہنوز
عشق کمیں گاہِ درد، وحشتِ دل دور گرد
دامِ تہِ سبزہ ہے حلقۂ کاکل ہنوز
لذتِ تقریرِ عشق پردگیِ گوشِ دل
جوہرِ افسانہ ہے عرضِ تحمل ہنوز
آئنۂ امتحاں نذرِ تغافل اسد
شش جہت اسباب ہے وہمِ توکل ہنوز
٭٭
غزل نمبر 88
میں126 ہوں سرابِ یک تپش آموختن ہنوز
زخمِ جگر ہے تشنۂ لب دوختن ہنوز
اے شعلہ فرصتے کہ سویداۓ دل سے ہوں
کشتِ سپندِ صد جگر اندوختن ہنوز
فانوسِ شمع ہے کفنِ کشتگانِ شوق
در پردہ ہے معاملۂ سوختن ہنوز
مجنوں! فسونِ شعلہ خرامی فسانہ ہے
ہے شمعِ جادہ داغِ نیفروختن ہنوز
کُو یک شرر؟ کہ سازِ چراغاں کروں اسد
بزمِ طرب ہے پردگیِ سوختن ہنوز
٭٭
غزل نمبر 89
حریفِ127 مطلبِ مشکل نہیں فسونِ نیاز
دعا قبول ہو یارب کہ عمرِ خضر دراز !
نہ ہو بہ ہرزہ بیاباں نوردِ وہمِ وجود
ہنوز تیرے تصور میں ہے نشیب و فراز
فریبِ صنعتِ ایجاد کا تماشا دیکھ
نگاہ عکس فروش و خیال آئنہ ساز
وصال، جلوہ تماشا ہے، پھر دماغ کہاں
کہ دیجے آئنۂ انتظار کو پرواز
ہنوز اے اثرِ دید128 ننگِ رسوائی
نگاہ فتنہ خرام و درِ دو عالم باز
اسد سے ترکِ وفا کا گماں وہ معنی ہے
کہ کھینچیے پرِ طائر سے صورتِ پرواز
٭٭
غزل نمبر 90
نہ گلِ نغمہ ہوں، نہ پردۂ ساز
میں ہوں اپنی شکست کی آواز
تو اور آرائشِ خمِ گیسو129
میں اور اندیشہ ہاۓ130 دور و دراز
لافِ تمکیں فریبِ سادہ دلی
ہم ہیں اور راز ہاۓ سینہ گداز
ہوں گرفتارِ اُلفتِ صیاد
ورنہ باقی ہے طاقتِ پرواز
وہ بھی دن ہو کہ اُس ستمگر سے
ناز کھینچوں بجاۓ حسرتِ ناز
نہیں دل میں مرے وہ قطرۂ خوں
جس سے مژگاں ہوئی نہ ہو گلباز
اے ترا غمزہ، یک قلم انگیز
اے ترا ظلم سربسر انداز
تُو ہوا جلوہ گر، مبارک ہو
ریزشِ سجادۂ جبینِ نیاز131
یا132 علی! یک نگاہ سوۓ اسد
میں غریب اور تو غریب نواز
٭٭
غزل نمبر 91
کُو بیابانِ تمنا و کجا جولانِ عجز
آبلے پا کے ہیں یاں رفتار کو دندانِ عجز
ہو قبولِ کم نگاہی تحفۂ اہلِ نیاز
اے دل و اے جانِ ناز اے دین و اے ایمانِ عجز
حسن کو غنچوں سے ہے پوشیدہ چشمی ہائے ناز
عشق نے وا کی ہے ہر ایک خار سے مژگانِ عجز
اضطرابِ نارسائی موجدِ133 شرمندگی
ہے عرق ریزیِ خجلت جوششِ طوفانِ عجز
وہ جہاں مسند نشینِ بارگاہِ ناز ہو
قامتِ خوباں ہو محرابِ نیازستانِ عجز
بسکہ بے پایاں ہے صحراۓ محبت اے اسد
گرد باد اس راہ کا ہے عقدۂ پیمانِ عجز
٭٭
غزل نمبر 92
داغِ اطفال ہے دیوانہ بہ کہسار ہنوز
خلوتِ سنگ میں ہے نالہ طلبگار ہنوز
خانہ ہے سیل سے خُو کردۂ دیدار ہنوز
دور بیں درزدہ ہے رخنۂ دیوار ہنوز
وسعتِ سعیِ کرم دیکھ کہ سر تا سرِ خاک
گزرے ہے آبلہ پا ابرِ گہر بار ہنوز
یک قلم کاغذِ آتش زدہ ہے صفحۂ دشت
نقشِ پا میں ہے تپِ گرمیِ رفتار ہنوز
آئی یک عمر سے معذورِ تماشا نرگس
چشمِ شبنم میں نہ ٹوٹا مژہِ خار ہنوز
کیوں ہوا تھا طرفِ آبلۂ پا یا رب!
جادہ ہے واشدنِ پیچشِ طومار ہنوز
ہوں خموشی چمنِ حسرتِ دیدار اسد
مژہ ہے شانہ کشِ طرۂ گفتار ہنوز
٭٭
غزل نمبر 93
نہ بندھا تھا بہ عدم نقشِ دلِ مور ہنوز
تب سے ہے یاں دہنِ یار کا مذکور ہنوز
سبزہ ہے نوکِ زبانِ دہنِ گور ہنوز
حسرتِ عرضِ تمنا میں ہوں رنجور ہنوز
صد تجلی کدہ ہے صرفِ جبینِ غربت
پیرہن میں ہے غبارِ شررِ طور ہنوز
زخمِ دل میں ہے نہاں غنچۂ پیکانِ نگار
جلوۂ باغ ہے در پردۂ ناسور ہنوز
پا پُر از آبلہ راہِ طلبِ مے میں ہوا
ہاتھ آیا نہیں یک دانۂ انگور ہنوز
گل کھلے، غنچے چٹکنے لگے اور صبح ہوئی
اے اسد تیرگیِ بختِ سیہ ظاہر ہے
نظر آتی نہیں صبحِ شبِ دیجور ہنوز
٭٭
ردیف س
غزل نمبر 94
حاصلِ 134دل بستگی ہے عمرِ کوتاہ اور بس
وقفِ عرضِ عقدہ ہاۓ متصّل تارِ نفس
کیوں نہ طوطیِ طبیعت نغمہ پیرائی کرے
باندھتا ہے رنگِ گل آئینہ بر 135چاکِ قفس
اے ادافہاں136! صدا ہے تنگیِ فرصت سے خوں
ہے بصحراۓ تحیر چشمِ قربانی جرس
تیز تر ہوتا ہے خشمِ تند خویاں عجز سے
ہے رگِ سنگِ فسانِ تیغِ شعلہ خار و خس
سختیِ راہِ محبت منعِ دخلِ غیر ہے
پیچ و تابِ جادہ ہے یاں جوہرِ تیغِ عسس
اے اسد خود ہم اسیرِ رنگ و بوۓ باغ ہیں
ظاہرا صیادِ ناداں ہے گرفتارِ ہوس
٭٭
غزل نمبر 95
دشتِ الفت میں ہے خاکِ کشتگاں محبوس و بس
پیچ و تابِ جادہ ہے خطِ کفِ افسوس و بس
نیم رنگی ہاۓ شمع محفلِ خوباں سے ہے
پیچکِ مہ صرفِ چاکِ پردۂ فانوس و بس
ہے تصور میں نہاں سرمایۂ صد گلستاں
کاسۂ زانو ہے مجھ کو بیضۂ طاؤس و بس
کفر ہے غیر از گدازِ137 شوق رہبر خواستن
راہِ صحراۓ حرم میں ہے جرس ناقوس و بس
اے 138اسد گل تختۂ مشق شگفتن ہو گئے
غنچۂ خاطر رہا افسردگی مانوس و بس
٭٭
غزل نمبر 96
کرتا ہے بہ یادِ بتِ رنگیں دلِ مایوس
رنگِ ز نظر رفتہ حناۓ کفِ افسوس
تھا خواب میں کیا جلوہ نظر جوشِ139 زلیخا
ہے بالشِ دل سوختگاں میں پرِ طاؤس
حیرت سے رخِ دوست کی از بسکہ ہیں بیکار
خور قطرۂ شبنم میں ہے جوں شمع بہ فانوس
دریافتنِ صحبتِ اغیار، غرض ہے
اے نامہ رساں نامہ رساں چاہیے جاسوس
ہے مشق اسد دستگہِ وصل کی منظور
ہوں خاک نشیں از پۓ ادراکِ قدم بوس
٭٭
ردیف ش
غزل نمبر 97
140 ز جوشِ اعتدالِ فصل و تمکینِ بہار آتش
بہ اندازِ حنا ہے رونقِ دستِ چنار آتش
نہ لیوے گر خسِ جوہر طراوت سبزۂ خط سے
لگاوے خانۂ آئینہ میں روۓ نگار آتش
فروغِ حسن سے ہوتی ہے حلِ مشکلِ عاشق
نکالے 141ہے ز پاۓ شمعِ بر جا ماندہ خار آتش
خیالِ دود تھا سر جوشِ سوداۓ غلط فہمی
اگر رکھتی نہ خاکستر نشینی کا غبار آتش
ہواۓ پر فشانی برقِ خرمن ہاۓ خاطر ہے
بہ بالِ شعلۂ بیتاب ہے پروانہ زار آتش
نہیں برق و شرر جز وحشت و ضبطِ تپیدن ہا
بلا گردانِ بے پروا خرامی ہاۓ یار آتش
دھوئیں سے آگ کے اک ابرِ دریا بار ہو پیدا
اسد حیدر پرستوں سے اگر ہووے دو چار آتش
٭٭
غزل نمبر 98
بہ اقلیمِ سخن ہے جلوۂ گردِ سواد آتش
کہ ہے دودِ چراغاں سے ہیولائے مداد، آتش
اگر142 مضمونِ خاکستر شدن دیباچہ پیرا ہو
نہ باندھے شعلۂ جوالہ غیر از گرد باد آتش
کرے ہے لطفِ اندازِ برہنہ گوئیِ خوباں
ز143 وا بالیدن مضمونِ سطرِ شعلہ یاد آتش
دیا داغِ جگر کو آہ نے رنگ اور شگفتن کا
نہ ہو بالیدہ غیر از جنبشِ دامانِ باد آتش
اسد144 قدرت سے حیدر کی ہوئی ہر گبر و ترسا کو
شرارِ سنگِ بت ہی در بناۓ اعتقاد آتش
٭٭
ردیف ع
غزل نمبر 99
جادۂ رہ خور کو وقتِ شام ہے تارِ شعاع
چرخ وا کرتا ہے ماہِ نو سے آغوشِ وداع
شمع سے ہے بزم انگشتِ تحیر در دہن
شعلۂ آوازِ خوباں پر بہ ہنگامِ سماع
جوں پرِ طاؤس جوہر تختہ مشقِ رنگ ہے
بسکہ ہے وہ قبلۂ آئینہ محوِ اختراع
رنجشِ حیرت سرشتاں سینہ صافی پیشکش
جوہرِ آئینہ ہے یاں گردِ میدانِ نزاع
چار سوۓ دہر میں بازارِ غفلت گرم ہے
ورنہ145 نقصانِ تصور ہے خیالِ انتفاع
آشنا غالب نہیں ہیں دردِ دل کے آشنا
ورنہ کس کو میرے افسانے کی تابِ استماع
٭٭
غزل نمبر 100
رخِ نگار سے ہے سوزِ جاودانیِ شمع
ہوئی ہے آتشِ گل آبِ زندگانیِ شمع
زبانِ اہلِ زباں میں ہے مرگ خاموشی
یہ بات بزم میں روشن ہوئی زبانیِ شمع
کرے ہے صرف بہ ایماۓ شعلہ قصہ تمام
بہ طرزِ اہلِ فنا ہے فسانہ خوانیِ شمع
غم اِس کو حسرتِ پرواز کا ہے اے شعلہ
ترے لرزنے سے ظاہر ہے ناتوانیِ شمع
ترے خیال سے روح اہتزاز کرتی ہے
بہ جلوہ ریزیِ باد و بہ پر فشانیِ شمع
نشاطِ داغِ غمِ عشق کی بہار نہ پوچھ
شگفتگی ہے شہیدِ گلِ خزانیِ شمع
جلے ہے دیکھ کے بالینِ یار پر مجھ کو
اسد ہے دل پہ مرے داغِ بد گمانیِ شمع
٭٭
ردیف غ
غزل نمبر 101
عشاق اشکِ چشم سے دھوویں ہزار داغ
دیتا ہے اور جوں گل و شبنم بہار داغ
جوں چشمِ باز ماندہ ہے ہر یک بسوۓ دل
رکھتا ہے داغِ تازہ کا یاں انتظار داغ
بے لالہ عارضاں مجھے گلگشتِ باغ میں
دیتی ہے گرمیِ گل و بلبل ہزار داغ
جوں اعتماد نامہ و خط کا ہو مہر سے
یوں عاشقوں میں ہے سببِ اعتبار داغ
ہوتے ہیں نیست جلوۂ خور سے ستارگاں
دیکھ اُس کو دل سے مٹ گئے بے اختیار داغ
در146 عالم تصور روۓ بتاں اسد
دکھلاۓ ہے مجھے دو جہاں لالہ زار داغ
٭٭
غزل نمبر 102
بلبلوں147 کو دور سے کرتا ہے منعِ بارِ باغ
ہے زبانِ پاسباں خارِ سرِ دیوارِ باغ
کون آیا جو چمن بیتابِ استقبال ہے
جنبشِ موجِ صبا ہے شوخیِ رفتارِ باغ
میں ہمہ حیرت جنوں بیتابِ دورانِ خمار
مردمِ چشمِ تماشا نقطۂ پرکارِ باغ
آتشِ رنگِ رخِ ہر گل کو بخشے ہے فروغ
ہے دمِ سردِ صبا سے گرمیِ بازارِ باغ
کون گل سے ضعف و خاموشیِ بلبل کہہ سکے
نے زبانِ غنچہ گویا نے زبانِ خارِ باغ
جوشِ گل کرتا ہے استقبالِ تحریرِ اسد
زیرِ مشقِ شعر، ہے نقش از پئے احضارِ باغ
٭٭
ردیف ف
غزل نمبر 103
نامہ148 بھی لکھتے ہو تو بہ خطِ غبار حیف
رکھتے ہو مجھ سے اتنی کدورت ہزار حیف
بیمِ رقیب سے نہیں کرتے وداعِ ہوش
مجبور یاں تلک ہوۓ اے اختیار حیف
تھی میرے ہی جلانے کو اے آہ شعلہ ریز
گھر پر پڑا نہ غیر کے کوئی شرار حیف
بیش از نفس بتاں کے کرم نے وفا نہ کی
تھا محملِ نگاہ بہ دوشِ شرار حیف
ہیں میری مشتِ خاک سے اُس کو کدورتیں
پائی جگہ بھی دل میں تو ہو کر غبار حیف
بنتا اسد میں سرمۂ چشمِ رکابِ یار
آیا نہ میری خاک پہ وہ شہسوار حیف
٭٭
غزل نمبر 104
عیسیِ149 مہرباں ہے شفا ریز یک طرف
درد آفریں ہے طبعِ الم خیز یک طرف
سنجیدنی ہے ایک طرف رنجِ کوہ کن
خوابِ گرانِ خسروِ پرویز یک طرف
خرمن بباد دادۂ دعوے ہیں، ہو سو ہو
ہم اک 150طرف ہیں برقِ شرر بیز یک طرف
ہر مو بدن پہ شہپر پرواز ہے مجھے
بے تابیِ دلِ تپش انگیز یک طرف
یک جانب اے اسد شبِ فرقت کا بیم ہے
دامِ ہوس ہے زلفِ دلاویز یک طرف
٭٭
ردیف ک
غزل نمبر 105
زخم 151پر باندھے ہیں کب طفلانِ بے پروا نمک
کیا مزہ ہوتا اگر پتھر میں بھی ہوتا نمک
گردِ راہِ یار ہے سامانِ نازِ زخمِ دل
ورنہ ہوتا ہے جہاں میں کس قدر پیدا نمک
یاد ہیں اے ہمنشیں وہ دن کہ وجدِ ذوق میں
زخم سے گرتا تو میں پلکوں سے چنتا تھا نمک
شورِ جولاں تھا کنارِ بحر پر کس کا؟ کہ آج
گردِ ساحل ہے بزخمِ موجۂ دریا نمک
مجھ کو ارزانی رہے، تجھ کو مبارک ہو جیو
نالۂ بلبل کا درد اور خندۂ گل کا نمک
داد دیتا ہے مرے زخمِ جگر کی، واہ وا
یاد کرتا ہے مجھے، دیکھے ہے وہ جس جا نمک
چھوڑ کر جانا تنِ مجروحِ عاشق حیف ہے
دل طلب کرتا ہے زخم اور مانگیں ہیں اعضا نمک
اس عمل میں عیش کی لذت نہیں ملتی اسد
زور نسبت مے سے رکھتا ہے نصارا152 کا نمک
٭٭
غزل نمبر 106
آہ153 کو چاہیے اک عمر اثر ہوتے تک
کون جیتا ہے تری زلف کے سر ہوتے تک
دامِ ہر موج میں ہے حلقۂِ صد کامِ نہنگ
دیکھیں کیا گزرے ہے قطرے پہ گہر ہوتے تک
عاشقی صبر طلب، اور تمنا بے تاب
دل کا کیا رنگ کروں خونِ جگر ہوتے تک
تا قیامت شبِ فرقت میں گزر جاۓ گی عمر
سات دن ہم پہ بھی بھاری ہیں سحر ہوتے تک
ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے، لیکن
خاک ہو جائیں گے ہم تم کو خبر ہوتے تک
پرتوِ خور سے ہے شبنم کو فنا کی تعلیم
میں بھی ہوں ایک عنایت کی نظر ہوتے تک
یک نظر بیش نہیں فرصتِ ہستی غافل
گرمیِ بزم ہے اک رقصِ شرر ہوتے تک
غمِ ہستی کا اسد کس سے ہو جز مرگ علاج
شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہوتے تک
٭٭
غزل نمبر 107
آۓ 154ہیں پارہ ہاۓ جگر درمیانِ اشک
لایا ہے لعلِ بیش بہا کاروانِ اشک
ظاہر کرے ہے جنبشِ مژگاں سے مدعا
طفلانہ ہاتھ کا ہے اشارہ زبانِ اشک
میں وادیِ طلب میں ہوا جملہ تن عرق
از بسکہ صرفِ قطرہ زنی تھا بسانِ اشک
دلِ خستگاں کو ہے طربِ صد چمن بہار
باغِ بخوں تپیدن و آبِ روانِ اشک
در 155حالِ انتظارِ قدومِ بتاں اسد
ہے برسرِ مژہ، نگراں، دیدبانِ اشک
٭٭
ردیف گ
غزل نمبر 108
گر تجھ کو ہے یقینِ اجابت، دعا نہ مانگ
یعنی، بغیرِ یک دلِ بے مدعا نہ مانگ
اے 156آرزو شہیدِ وفا خوں بہا نہ مانگ
جز بہرِ دست و بازوۓ قاتل دعا نہ مانگ
گستاخیِ وصال ہے مشاطۂ نیاز
یعنی دعا بجز خمِ زلفِ دوتا نہ مانگ
برہم ہے بزمِ غنچہ بہ یک جنبشِ نشاط
کاشانہ بسکہ تنگ ہے، غافل ہوا نہ مانگ
عیسیٰ! طلسمِ حسن تغافل ہے زینہار
جز پشتِ چشم نسخۂ عرضِ دوانہ مانگ
میں دور گردِ عرضِ رسومِ نیاز ہوں
دشمن سمجھ ولے نگہِ آشنا نہ مانگ
نظارہ دیگر و دلِ خونیں نفس دگر
آئینہ دیکھ جوہرِ برگ حنا نہ مانگ
آتا ہے داغِ حسرتِ دل کا شمار یاد
مجھ سے حسابِ بے گنہی اے خدا نہ مانگ
یک بختِ157 اوج نذرِ سبک ساریِ اسد158
سر پر وبالِ سایۂ بالِ ہما نہ مانگ
٭٭
ردیف ل
غزل نمبر 109
بدر159 ہے آئینۂ طاقِ ہلال
غافلاں! نقصان سے پیدا ہے کمال
ہے بہ یادِ زلفِ مشکیں سال و ماہ
روزِ روشن شامِ آنسوۓ خیال
بسکہ ہے اصلِ دمیدن ہا غبار
ہے نہالِ شکوۂ ریحاں سفال
صافیِ رخسار سے ہنگامِ شب
عکسِ داغِ شب ہوا عارض پہ خال
نورِ160 حیدر سے ہے اس کی روشنی
ورنہ ہے خورشید یک دستِ سوال
شورِ حشر اُس فتنہ قامت کے حضور
سایہ آسا ہو گیا ہے پائمال
ہو جو بلبل پیروِ فکرِ اسد
غنچۂ161 منقارِ گُل ہو زیرِ بال
٭٭
غزل نمبر 110
ہر عضو غم سے ہے شکن آسا شکستہ دل
جوں زلفِ یار ہوں میں سراپا شکستہ دل
ہے سر نوشت میں رقمِ وا شکستگی
ہوں جوں خطِ شکستہ بہر جا شکستہ دل
امواج کی جو یہ شکنیں آشکار ہیں
ہے چشمِ اشک ریز سے دریا شکستہ دل
ناسازیِ نصیب و درشتیِ غم سے ہے
امید ناامید و تمنا شکستہ دل
ہے سنگِ ظلمِ چرخ سے میخانے میں اسد
صہبا فتادہ خاطر و مینا شکستہ دل
٭٭
غزل نمبر 111
ہوں بہ وحشت انتظار آوارۂ دشتِ خیال
اک سفیدی مارتی ہے دور سے چشمِ غزال
ہے نفس پروردہ گلشن، کس ہواۓ بام کا
طوقِ قمری میں ہے سروِ باغ ریحانِ سفال
ہم غلط سمجھے تھے لیکن زخمِ دل پر رحم کر
آخر اس پردے میں تو ہنستی تھی اے صبحِ وصال
بیکسی افسردہ ہوں، اے ناتوانی کیا کروں؟
جلوۂ خورشید سے ہے گرم پہلوۓ ہلال
شکوہ درد و درد داغ، اے بے وفا معذور رکھ
خوں بہاۓ یک جہاں اُمید ہے تیرا خیال
عرضِ دردِ بے وفائی وحشتِ اندیشہ ہے
خوں ہوا دل تا جگر، یا رب زبانِ شکوہ لال
اُس جفا مشرب پہ عاشق ہوں کہ سمجھے ہے اسد
مالِ سُنّی کو مباح اور خونِ صوفی کو حلال
٭٭
غزل نمبر 112
بہرِ عرضِ حالِ شبنم، ہے رقم ایجاد گل
ظاہرا ہے اس چمن میں لالِ مادر زاد، گل
گر کرے انجام کو آغاز ہی میں یاد گل
غنچے سے منقارِ بلبل وار ہو فریاد گل
گر بہ بزمِ باغ کھینچے نقشِ روۓ یار کو
شمع ساں ہو جاۓ قطِّ خامۂ بہزاد، گل
دست رنگیں سے جو رُخ پروا کرے زلفِ رسا
شاخِ گل میں ہو نہاں جوں شانہ در شمشاد گل
سعیِ عاشق ہے فروغ افزاۓ آبِ روۓ کار
ہے شرارِ تیشہ بہرِ تربتِ فرہاد، گل
ہے تصور صافیِ قطعِ نظر از غیرِ یار
لختِ دل سے لاوے ہے شمعِ خیال آباد گل
گلشن آبادِ دلِ مجروح میں ہو جاۓ ہے
غنچۂ پیکانِ شاخِ ناوکِ صیاد گل
برقِ سامانِ نظر ہے جلوۂ بیباکِ حسن
شمعِ خلوت خانہ کیجے، ہر چہ بادا باد گل
خاک ہے عرضِ بہارِ صد نگارستاں اسد
آرزوئیں162 کرتی ہیں از خاطِرِ آزاد گل
٭٭
غزل نمبر 113
گر چہ ہے یک بیضۂ طاؤس آسا تنگ دل
ہے چمن سرمایۂ بالیدنِ صد رنگ دل
بے دلوں سے ہے تپش جوں خواہشِ آب از سراب
ہے شرر معلوم163 اگر رکھتا ہووے سنگ دل
رشتۂ فہمیدِ ممسک ہے بہ بندِ کوتہی
عقدہ ساں ہے کیسۂ زر پر خیالِ تنگ دل
ہوں ز پا افتادۂ اندازِ یادِ حسنِ سبز
کس قدر ہے نشہ فرساۓ خمارِ بنگ دل
شوقِ بے پروا کے ہاتھوں مثلِ سازِ نادرست
کھینچتا ہے آج نالے خارجِ آہنگ دل
اے اسد خامُش ہے طوطیِ شکر گفتارِ طبع
ظاہرا رکھتا ہے آئینہ اسیرِ زنگ دل
٭٭
ردیف م
غزل نمبر 114
اثر کمندیِ فریادِ نارسا معلوم
غبارِ نالہ کمیں گاہِ مدعا معلوم
بقدرِ حوصلۂ عشق جلوہ ریزی ہے
وگرنہ خانۂ آئینہ کی فضا معلوم
بہ نالہ حاصلِ دل بستگی فراہم کر
متاعِ خانۂ زنجیر جز صدا معلوم
بہار در گروِ غنچہ شہر جولاں ہے
طلسمِ ناز بجز تنگیِ قبا معلوم
طلسمِ خاک کمیں گاہِ یک جہاں سودا
بہ مرگ تکیۂ آسائشِ فنا معلوم
تکلف آئنۂ دوجہاں مدارا ہے
سُراغِ یک نگہِ قہر آشنا معلوم
اسد فریفتۂ انتخابِ طرزِ جفا
وگرنہ دلبریِ وعدۂ وفا معلوم
٭٭
غزل نمبر 115
ازاں جا کہ حسرت کشِ یار ہیں ہم
رقیبِ تمناۓ دیدار ہیں ہم
رسیدن گلِ باغِ واماندگی ہے
عبث محفل آراۓ رفتار ہیں ہم
نفس ہو نہ معزولِ شعلہ درودن
کہ ضبطِ تپش سے شرر کار ہیں ہم
تغافل کمیں گاہِ وحشت شناسی
تماشاۓ گلشن، تمنّاۓ چیدن
بہار آفرینا! گنہگار ہیں ہم
نہ ذوقِ گریباں، نہ پرواۓ داماں
نگہ آشناۓ گل و خار ہیں ہم
اسد! شکوہ کفر و دعا نا سپاسی
ہجومِ تمنا سے لاچار ہیں ہم
٭٭
غزل نمبر 116
بسکہ ہیں بد مستِ بشکن بشکنِ میخانہ ہم
موۓ شیشہ کو سمجھتے ہیں خطِ پیمانہ ہم
غم نہیں ہوتا ہے آزادوں کو بیش از یک نفس
برق سے کرتے ہیں روشن شمعِ ماتم خانہ ہم
بسکہ ہریک موۓ زلف افشاں سے ہے تارِ شعاع
پنجۂ خورشید کو سمجھے ہیں دستِ شانہ ہم
نقش 164بندِ خاک ہے موج از فروغ ماہتاب
سیل سے فرشِ کتاں کرتے ہیں تا ویرانہ ہم
مشقِ از خود رفتگی سے ہیں بہ گلزارِ خیال
آشنا تعیبر خوابِ سبزۂ بیگانہ ہم
فرطِ بیخوابی سے ہیں شبہاۓ ہجرِ یار میں
جوں زبانِ شمع داغِ گرمیِ افسانہ ہم
جانتے ہیں جوششِ سوداۓ زلفِ یار میں
سنبلِ بالیدہ کو موۓ سرِ دیوانہ ہم
بسکہ وہ چشم و چراغِ محفلِ اغیار ہے
چپکے چپکے جلتے ہیں جوں شمعِ ماتم خانہ ہم
شامِ165 غم میں سوزِ عشقِ شمع رویاں سے اسد
جانتے ہیں سینۂ پر خوں کو زنداں خانہ ہم
٭٭
غزل نمبر 117
جس دم کہ جادہ وار ہو تارِ نفس تمام
پیمائشِ زمینِ رہِ عمر بس تمام
کیا دے صدا کہ الفتِ گمگشتگاں سے آہ
ہے سرمہ گردِ رہ بہ گلوۓ جرس تمام
ڈرتا ہوں کوچہ گردیِ بازارِ عشق سے
ہیں خارِ راہ جوہرِ تیغِ عسس تمام
اے بالِ اضطراب کہاں تک فسردگی
یک پر زدن تپش میں ہے کارِ قفس تمام
گذرا جو آشیاں کا تصور بہ وقتِ بند
مژگانِ چشمِ دام ہوۓ خار و خس تمام
کرنے نہ پاۓ ضعف سے شورِ جنوں اسد
اب کی بہار کا یونہی گزرا برس تمام
٭٭
غزل نمبر 118
رہتے ہیں افسردگی سے سخت بیدردانہ ہم
شعلہ ہا نذرِ سمندر بلکہ آتش خانہ ہم
حسرتِ عرضِ تمنا یاں سے سمجھا چاہیے
دو جہاں شرِ زبانِ خشک ہیں جوں شانہ ہم
کشتیِ عالم بہ طوفانِ تغافل دے کہ ہیں
عالمِ آبِ گدازِ جوہرِ افسانہ ہم
وحشتِ بے ربطیِ پیچ و خمِ ہستی نہ پوچھ
ننگِ بالیدن ہیں جوں موۓ سرِ دیوانہ ہم
باوجودِ یک جہاں ہنگامہ پر موہوم ہیں
ہیں چراغانِ شبستانِ دلِ پروانہ ہم
٭٭
ردیف ن
غزل نمبر 119
خوش 166وحشتے کہ عرضِ جنونِ فنا کروں
جوں گردِ راہ، جامۂ ہستی قبا کروں
گر بعدِ مرگ وحشتِ دل کا گلہ کروں
موجِ غبار سے پرِ یک دشت وا کروں
آ اے بہارِ ناز! کہ تیرے خرام سے
دستار گردِ شاخِ گلِ نقشِ پا کروں
خوش اوفتادگی کہ بہ صحراۓ انتظار
جوں جادہ گردِ رہ سے نگہ سرمہ سا کروں
صبر اور یہ ادا کہ دل آوے اسیرِ چاک
درد اور یہ کمیں کہ رہِ نالہ وا کروں
وہ بے دماغِ منتِ اقبال ہوں کہ میں
وحشت بہ داغِ سایۂ بالِ ہما کروں
وہ التماسِ لذتِ بیداد ہوں کہ میں
تیغِ ستم کو پشتِ خمِ التجا کروں
وہ رازِ نالہ ہوں کہ بشرحِ نگاہِ عجز
افشاں غبارِ سرمہ سے فردِ صدا کروں
لوں وام بختِ خفتہ سے یک خوابِ خوش اسد
لیکن یہ بیم ہے کہ کہاں سے ادا کروں
٭٭
غزل نمبر 120
غنچۂ167 ناشگفتہ کو دور سے مت دکھا کہ یوں
بوسے کو پو چھتا ہوں میں منہ سے مجھے بتا کہ یوں
پرسشِ طرزِ دلبری کیجیے کیا کہ بِن کہے
اُس کے ہر اک اشارے سے نکلے ہے یہ ادا کہ یوں
رات کے وقت مے پیے، ساتھ رقیب کو لیے
آۓ وہ یاں خدا کرے پر نہ کرے خدا کہ یوں
بزم میں اُس کے روبرو کیوں نہ خموش بیٹھیے
اُس کی تو خامشی میں بھی ہے یہی مدعا کہ یوں
میں نے کہا کہ بزمِ ناز چاہیے غیر سے تہی
سن کے ستم ظریف نے مجھ کو اُٹھا دیا کہ یوں
جو یہ کہے کہ ریختہ کیونکہ ہو رشکِ فارسی
شعر اسد کے ایک دو پڑھ کے اُسے سنا کہ یوں
٭٭
غزل نمبر 121
آنسو168 کہوں کہ آہ سوارِ ہوا کہوں
ایسا عناں گسیختہ آیا کہ کیا کہوں
اقبالِ کلفتِ دلِ بے مدعا رسا
اختر کو داغِ سایۂ بالِ ہما کہوں
مضمونِ وصل ہاتھ نہ آیا مگر اسے
اب طائرِ پریدۂ رنگِ حنا کہوں
حلقے ہیں چشم ہاۓ کشادہ بسوۓ دل
ہر تارِ زلف کو نگہِ سرمہ سا کہوں
دزدیدنِ دلِ ستم آمادہ ہے محال
مژگاں کہوں کہ جوہرِ تیغِ قضا کہوں
طرز آفرینِ نکتہ سرائیِ طبع ہے
آئنۂ خیال کو طوطی نما کہوں
غالب ہے رتبہ فہمِ تصور سے کچھ پرے
ہے عجزِ بندگی جو علی کو خدا کہوں
٭٭
غزل نمبر 122
ہم سے کھُل جاؤ بوقتِ مے پرستی ایک دن
ورنہ ہم چھیڑیں گے رکھ کر عذرِ مستی ایک دن
قرض کی پیتے تھے مے لیکن سمجھتے تھے کہ ہاں
رنگ لاۓ گی ہماری فاقہ مستی ایک دن
غرۂ رفعت بناۓ عالمِ امکاں نہ ہو
اس بلندی کے نصیبوں میں ہے پستی ایک دن
نغمہ ہاۓ غم کو بھی اے دل غنیمت جانیے
بے صدا ہو جاۓ گا یہ سازِ ہستی ایک دن
دھول دھپّا اس سراپا ناز کا شیوہ نہیں
ہم ہی کر بیٹھے تھے غالب پیش دستی ایک دن
٭٭
غزل نمبر 123
طاؤس نمط داغ کے گر رنگ نکالوں
یک فردِ نسب نامۂ نیرنگ نکالوں
کُو تیزیِ رفتار کہ صحرا سے زمیں کو
جوں قمریِ بسمل تپش آہنگ نکالوں
دامانِ شفق طرفِ نقابِ مہِ نو سے169
ناخن کو جگر کاوی میں بیرنگ نکالوں
کیفیتِ دیگر ہے فشارِ دلِ خونیں
یک غنچہ سے صد خُم مۓ گلرنگ نکالوں
پیمانۂ وسعت کدۂ شوق ہوں اے رشک
محفل سے مگر شمع کو دل تنگ نکالوں
گر ہو بلدِ شوق مری خاک کو وحشت
صحرا کو بھی گھر سے کئی فرسنگ نکالوں
فریاد اسد غفلتِ رسوائیِ دل سے
کس پردے میں فریاد کی آہنگ نکالوں
٭٭
غزل نمبر 124
سوداۓ عشق سے دمِ سردِ کشیدہ ہوں
شامِ خیالِ زلف سے صبحِ دمیدہ ہوں
دورانِ سر سے گردشِ ساغر ہے متصل
خمخانۂ جنوں میں دماغِ رسیدہ ہوں
کی متصل ستارہ شماری میں عمر صرف
تسبیحِ اشک ہاۓ ز مژگاں چکیدہ ہوں
دیتا ہوں کشتگاں کو سخن سے سرِ تپش
مضرابِ تار ہاۓ گلوۓ بریدہ ہوں
ہے جنبشِ زباں بہ دہن سخت ناگوار
خوں نابۂ ہلاہلِ حسرت چشیدہ ہوں
جوں بوۓ گل ہوں گر چہ گرانبارِ مشتِ زر
لیکن اسد بہ وقتِ گزشتن جریدہ ہوں
٭٭
غزل نمبر 125
کیا ضعف میں امید کو دل تنگ نکالوں
میں خار ہوں آتش میں چبھوں رنگ نکالوں
نے کوچۂ رسوائی و زنجیر پریشاں
اے نالہ میں کس پردے میں آہنگ نکالوں
یک نشو و نما جا نہیں جولانِ ہوس کو
ہر چند بمقدارِ دلِ تنگ نکالوں
یک جلوۂ خورشید خریدارِ وفا ہو
جوں ذرۂ صد آئنہ بیرنگ نکالوں170
افسردۂ تمکیں ہے نفس گرمیِ احباب
پھر شیشے سے عطرِ شررِ سنگ نکالوں
ضعف آئنہ پردازیِ دستِ دگراں ہے
تصویر کے پردے میں مگر رنگ نکالوں
ہے غیرتِ الفت کہ اسد اُس کی ادا پر
گر دیدہ و دل صلح کریں جنگ نکالوں
٭٭
غزل نمبر 126
خوں171 در جگر نہفتہ بہ زردی رسیدہ ہوں
خود آشیانِ طائرِ رنگِ پریدہ ہوں
ہے دستِ رد بسیرِ جہاں بستنِ نظر
پاۓ ہوس بہ دامنِ مژگاں کشیدہ ہوں
میں چشم وا کشادہ و گلشن نظر فریب
لیکن عبث کہ شبنمِ خورشید دیدہ ہوں
تسلیم سے یہ نالۂ موزوں ہوا حصول
اے بے خبر میں نغمۂ چنگِ خمیدہ ہوں
پیدا نہیں ہے اصلِ تگ و تازِ جستجو
مانندِ موجِ آب زبانِ بریدہ ہوں
میں بے ہنر کہ جوہرِ آئینہ تھا عبث
پاۓ نگاہِ خلق میں خارِ خلیدہ ہوں
میرا نیاز و عجز ہے مفتِ بتاں اسد
یعنی کہ بندۂ بہ درم نا خریدہ ہوں
٭٭
غزل نمبر 127
جہاں تیرا نقشِ قدم دیکھتے ہیں
خیاباں خیاباں ارم دیکھتے ہیں
کسو کو زخود رستہ کم دیکھتے ہیں
کہ آہو کو پابندِ رم دیکھتے ہیں
خطِ لختِ دل یک قلم دیکھتے ہیں
مژہ کو جواہر رقم دیکھتے ہیں
دل آشفتگاں خالِ کنجِ دہن کے
سویدا میں سیرِ عدم دیکھتے ہیں
ترے سروِ قامت سے اک قدِّ آدم
قیامت کے فتنے کو کم دیکھتے ہیں
تماشا کر اے محوِ آئینہ داری
تجھے کس تمنا سے ہم دیکھتے ہیں
سراغِ تفِ نالہ لے داغِ دل سے
کہ شب رو کا نقشِ قدم دیکھتے ہیں
بنا کر فقیروں کا ہم بھیس غالب
تماشاۓ اہلِ کرم دیکھتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 128
جوں مردمکِ چشم سے ہوں جمع نگاہیں
خوابیدہ بہ حیرت کدۂ داغ ہیں آہیں
پھر حلقۂ کاکل میں پڑیں دید کی راہیں
جوں دود فراہم ہوئیں روزن میں نگاہیں
پایا سرِ ہر ذرّہ جگر گوشۂ وحشت
ہیں داغ سے معمور شقایق کی کلاہیں
کس دل پہ ہے عزمِ صفِ مژگانِ خود آرا
آئینے کی پایاب سے اتری ہیں سپاہیں
دیر و حرم آئینۂ تکرارِ تمنا
واماندگیِ شوق تراشے ہے پناہیں
یہ مطلع اسد جوہرِ افسونِ سخن ہو
گر عرضِ تپاکِ جگرِ سوختہ چاہیں
مطلع
حیرت کشِ یک جلوۂ معنی ہیں نگاہیں
کھینچوں ہوں سویداۓ دلِ چشم سے آہیں
٭٭
غزل نمبر 129
بقدرِ 172لفظ و معنی فکرت احرامِ گریباں ہیں
وگرنہ کیجیے جو ذرہ عریاں ہم نمایاں ہیں
عروجِ نشۂ واماندگی پیمانہ محمل تر
برنگِ ریشۂ تاک آبلے جادے میں پنہاں ہیں
بہ وحشت گاہِ امکاں اتفاقِ چشم مشکل ہے
مہ و خورشید باہم سازِ یک خوابِ پریشاں ہیں
نہ انشا معنیِ مضموں نہ املا صورتِ موزوں
عنایت نامہاۓ اہلِ دنیا ہزہ عنواں ہیں
طلسمِ آفرینش حلقۂ یک بزمِ ماتم ہے
زمانے کی شبِ یلدا سے موۓ سر پریشاں ہیں173
یہ کس خورشید 174کی تمثال کا ہے جلوہ سیمابی
کہ مثلِ ذرہ ہاۓ خاک آئینے پر افشاں ہیں
اسد بزمِ تماشا میں تغافل پردہ داری ہے
اگر ڈھانپے تو آنکھیں ڈھانپ ہم تصویرِ عریاں ہیں
٭٭
غزل نمبر 130
جاۓ کہ پاۓ سیلِ بلا درمیاں نہیں
دیوانگاں کو واں ہوسِ خانماں نہیں
کس جرم سے ہے چشم تجھے حسرتِ قبول
برگِ حنا مگر مژہِ خوں فشاں نہیں
ہر رنگ گردش آئنہ ایجادِ درد ہے
اشکِ سحاب جز بوداعِ خزاں نہیں
جز عجز کیا کروں بہ تمناۓ بے خودی
طاقت حریفِ سختیِ خوابِ گراں نہیں
عبرت سے پوچھ دردِ پریشانیِ نگاہ
یہ گردِ وہم جز بہ سرِ امتحاں نہیں
گل غنچگی میں غرقۂ دریاۓ رنگ ہے
اے آگہی فریبِ تماشا کہاں نہیں
برقِ بجانِ حوصلہ آتش فگن اسد
اے دل فسردہ طاقتِ ضبطِ فغاں نہیں
٭٭
غزل نمبر 131
مرگِ شیریں ہو گئ تھی کوہکن کی فکر میں
تھا حریرِ سنگ سے قطعِ کفن کی فکر میں
فرصتِ یک چشمِ حیرت شش جہت آغوش ہے
ہوں پسند آسا وداعِ انجمن کی فکر میں
وہ غریبِ وحشت آبادِ تسلی ہوں جسے
کوچہ دے ہے زخمِ دل صبحِ وطن کی فکر میں
سایۂ گل داغ و جوشِ نکہتِ گل موجِ درد
رنگ کی گرمی ہے تاراجِ چمن کی فکر میں
فالِ ہستی خار خارِ وحشتِ اندیشہ ہے
شوخیِ سوزن ہے ساماں پیرہن کی فکر میں
غفلتِ دیوانہ 175جز تمہیدِ آگاہی نہیں
مغزِ سر خوابِ پریشاں ہے سخن کی فکر میں
مجھ میں اور مجنوں میں وحشت سازِ دعویٰ ہے اسد
برگ برگِ بید ہے ناخن زدن کی فکر میں
٭٭
غزل نمبر 132
ہے176 ترحم آفریں آرائشِ بیداد یاں
اشکِ چشمِ دام ہے پروانۂ صیاد یاں
ہے گدازِ موم اندازِ چکیدن ہاۓ خوں
نیشِ زنبورِ عسل ہے نشترِ فصاد یاں
ناگوارا ہے ہمیں احسانِ صاحب دولتاں
ہے زرِ گل 177سے نظر میں جوہرِ فولاد یاں
جنبشِ دل سے ہوۓ ہیں عقدہ ہاۓ کار وا
کمتریں مزدورِ سنگیں دست ہے فرہاد یاں
قطرہ ہاۓ خونِ بسمل زیبِ داماں ہیں اسد
ہے تماشا کردنی گلچینیِ جلاد یاں
٭٭
غزل نمبر 133
اے نوا سازِ تماشا سر بکف جلتا ہوں میں
اک طرف جلتا ہے دل اور اک طرف جلتا ہوں میں
شمع ہوں لیکن بہ پا در رفتہ خارِ جستجو
مدعا گم کردہ ہر سو ہر طرف جلتا ہوں میں
ہے مساسِ دستِ افسوس آتش انگیزِ تپش
بے تکلف آپ پیدا کر کے تف جلتا ہوں میں
ہے تماشا گاہِ سوزِ تازہ ہر یک عضوِ تن
جوں چراغانِ دوالی صف بہ صف جلتا ہوں میں
شمع ہوں تو بزم میں جا پاؤں غالب کی طرح
بے محل اے مجلس آراۓ نجف جلتا ہوں میں
٭٭
غزل نمبر 134
فتادگی میں قدم استوار رکھتے ہیں
برنگِ جادہ سرِ کوۓ یار رکھتے ہیں
برہنہ مستیِ صبحِ بہار رکھتے ہیں
جنونِ حسرتِ یک جامہ وار رکھتے ہیں
طلسمِ مستیِ دل آں سوۓ ہجومِ سرشک
ہم ایک میکدہ دریا کے پار رکھتے ہیں
ہمیں حریرِ شرر بافِ سنگ خلعت ہے
یہ ایک پیرہنِ زرنگار رکھتے ہیں
نگاہِ دیدۂ نقشِ قدم ہے جادۂ راہ
گزشتگاں اثرِ انتظار رکھتے ہیں
ہوا ہے گریۂ بے باک ضبط سے تسبیح
ہزار دل پہ ہم اک اختیار رکھتے ہیں
بساطِ ہیچ کسی میں برنگِ ریگِ رواں
ہزار دل بہ وداعِ قرار رکھتے ہیں
جنونِ فرقتِ یارانِ رفتہ ہے غالب
بسانِ دشت دلِ پُر غبار رکھتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 135
تنِ178 بہ بندِ ہوس در نہ دادہ رکھتے ہیں
دلِ179 ز کارِ جہاں اوفتادہ رکھتے ہیں
تمیزِ زشتی و نیکی میں لاکھ باتیں ہیں
بہ عکسِ آئنہ یک فردِ سادہ رکھتے ہیں
برنگِ سایہ ہمیں بندگی میں ہے تسلیم
کہ داغِ دل بہ جبینِ کشادہ رکھتے ہیں
بہ زاہداں رگِ گردن ہے رشتۂ زنار
سرے بہ پاۓ بتے نا نہادہ رکھتے ہیں
معافِ بیہُدہ گوئی ہیں ناصحانِ عزیز
دلے بہ دستِ نگارے نہ دادہ رکھتے ہیں
برنگِ سبزہ عزیزانِ بد زباں یک دست
ہزار تیغ بہ زہراب دادہ رکھتے ہیں
زمانہ سخت کم آزار ہے بجانِ اسد
وگر نہ ہم تو توقع زیادہ رکھتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 136
بہ غفلت عطرِ گل ہم آگہی مخمور مَلتے ہیں
چراغانِ تماشا چشمِ صد ناسور مَلتے ہیں
رہا کس جرم سے میں بے قرارِ داغِ ہم طرحی
سمندر کو پرِ پروانہ سے کافور مَلتے ہیں
چمن نا محرمِ آگاہیِ دیدارِ خوباں ہے
سحر گلہاۓ نرگس چند چشمِ کور مَلتے ہیں
کجا جوہر چہ عکسِ خط بتاں وقتِ خود آرائی
دلِ آئینہ زیرِ پاۓ خیلِ مور مَلتے ہیں
تماشاۓ بہار آئینۂ پردازِ تسکیں ہے
کفِ گلبرگ سے پاۓ دلِ رنجور مَلتے ہیں
گراں جانی سبک سار و تماشا بے دماغ آیا
کفِ افسوسِ فرصت سنگِ کوہِ طور مَلتے ہیں
اسد حیرت کشِ یک داغِ مشک اندودہ ہے یا رب
لباسِ شمع پر عطرِ شبِ دیجور مَلتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 137
180سرشک آشفتہ سر تھا قطرہ زن مژگاں سے جانے میں
رہے یاں شوخیِ رفتار سے پا آستانے میں
ہجومِ مژدۂ دیدار و پردازِ تماشا ہا
گلِ اقبالِ خس ہے چشمِ بلبل آشیانے میں
ہوئی یہ بے خودی چشم و زباں کو تیرے جلوے سے
کہ طوطی قفلِ زنگ آلودہ ہے آئینہ خانے میں
ترے کوچے میں ہے مشاطۂ واماندگی قاصد
پرِ پرواز زلفِ باز181 ہے ہد ہد کے شانے میں
کجا معزولیِ آئینہ کُو ترکِ خود آرائی
نمد در آب ہے اے سادہ پُرکار اس بہانے میں
بحکمِ عجز ابروۓ مہِ نو حیرت ایما ہے
کہ یاں گم کر جبینِ سجدہ فرسا آستانے میں
دلِ نازک پہ اُس کے رحم آتا ہے مجھے غالب
نہ کر بے باک اس کافر کو الفت آزمانے میں
٭٭
غزل نمبر 138
فزوں کی دوستوں نے حرصِ قاتل ذوقِ کشتن میں
ہوۓ ہیں بخیہ ہاۓ زخم، جوہر تیغِ دشمن میں
تماشا کردنی ہے لطفِ زخمِ انتظار اے دل!
سویدا182 داغِ مرہم مردمک ہے چشمِ سوزن میں
دل و دین و خرد تاراجِ نازِ جلوہ پیرائی
ہوا ہے جوہرِ آئینہ خیلِ مور خرمن میں
ہوئی تقریبِ منعِ شوقِ دیدن خانہ ویرانی
کفِ سیلاب باقی ہے برنگِ پنبہ روزن میں
نکوہش مانعِ دیوانگی ہاۓ جنوں آئی
لگایا خندۂ ناصح نے بخیہ جیب و دامن میں
اسد زندانیِ تاثیرِ الفت ہاۓ خوباں ہوں
خمِ دستِ نوازش ہو گیا ہے طوق گردن میں
٭٭
غزل نمبر 139
پاؤں میں جب وہ حنا باندھتے ہیں
میرے ہاتھوں کو جدا باندھتے ہیں
آہ کا کس نے اثر دیکھا ہے؟
ہم بھی اک اپنی ہوا باندھتے ہیں
حسنِ افسردہ دلی ہا رنگیں
شوق کو پا بہ حنا باندھتے ہیں
تیرے بیمار پہ ہیں فریادی
وہ جو کاغذ میں دوا باندھتے ہیں
قید میں بھی ہے اسیری آزاد
چشمِ زنجیر کو وا باندھتے ہیں
شیخ جی کعبے کا جانا معلوم
آپ مسجد میں گدھا باندھتے ہیں
کس کا دل زلف سے بھاگا کہ اسد
دستِ شانہ بہ قفا باندھتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 140
ہوئی ہیں آب شرمِ کوششِ بے جا سے تدبیریں
عرق ریزِ تپش ہیں موج کی مانند زنجیریں
خیالِ سادگی ہاۓ تصور نقشِ حیرت ہے
پرِ عنقا پہ رنگِ رفتہ سے کھینچی ہیں تصویریں
زبس ہر شمع یاں آئینۂ حیرت پرستی ہے
کرے ہیں غنچۂ منقارِ طوطی نقش گلگیریں
سپند آہنگیِ ہستی و سعیِ نالہ فرسائی
غبار آلودہ میں جوں دودِ شمعِ کشتہ تقریریں
درشتیِ تامّل پنبۂ گوشِ حریفاں ہے
وگرنہ خواب کی مضمر ہیں افسانے میں تعبیریں
بتانِ شوخ کی تمکینِ بعد از قتل کی حیرت
بیاضِ دیدۂ نخچیر پر کھینچے ہے تصویریں
اسد طرزِ عروجِ اضطرابِ دل کو کیا کہیے
سمجھتا ہوں تپش کو الفتِ قاتل کی تاثیریں
٭٭
غزل نمبر 141
تیرے توسن کو صبا باندھتے ہیں
ہم بھی مضموں کی ہوا باندھتے ہیں
تیری فرصت کے مقابل اے عمر
برق کو پا بہ حنا باندھتے ہیں
قیدِ ہستی سے رہائی معلوم
اشک کو بے سرو پا باندھتے ہیں
نشۂ رنگ سے ہے واشدِ گل
مست کب بندِ قبا باندھتے ہیں
غلطی ہاۓ مضامیں مت پوچھ
لوگ نالے کو رسا باندھتے ہیں
اہلِ تدبیر کی واماندگیاں
آبلوں پر بھی حنا باندھتے ہیں
سادہ پُر کار ہیں خوباں کہ اسد183
ہم سے پیمانِ وفا باندھتے ہیں
٭٭
غزل نمبر 142
بے دماغی حیلہ جوۓ ترکِ تنہائی نہیں
ورنہ کیا موجِ نفس زنجیرِ رسوائی نہیں
وحشیِ خو کردۂ نظارہ ہے حیرت جسے
حلقۂ زنجیر جز چشمِ تماشائی نہیں
قطرے کو جوشِ عرق کرتا ہے دریا دستگاہ
جز حیا پر کارِ سعیِ بے سر و پائی نہیں
چشمِ نرگس میں نمک بھرتی ہے شبنم سے بہار
فرصتِ نشو و نما سازِ شکیبائی نہیں
کس کو دوں یا رب حسابِ سوز ناکی ہاۓ دل
آمد و رفتِ نفس جز شعلہ پیمائی نہیں
مت 184رکھ اے انجام غافل سازِ ہستی پر غرور
مور کے پر ہیں سر و برگِ خود آرائی نہیں
سایۂ افتادگی بالین و بستر ہوں اسد
جوں صنوبر دل سراپا قامت آرائی نہیں
٭٭
غزل نمبر 143
ظاہرا185 سر پنجۂ افتادگاں گیرا نہیں
186ورنہ کیا دامان کے حسرت پہ نقشِ پا نہیں
آنکھیں پتھرائی نہیں، نا محسوس ہے تارِ نگاہ
ہے زمیں از بسکہ سنگیں جادہ بھی پیدا نہیں
ہو چکے ہم جادہ ساں صد بار قطع و تا ہنوز
زینتِ یک پیرہن جوں دامنِ صحرا نہیں
ہو سکے ہے پردۂ جوشیدنِ خونِ جگر
اشک بعدِ ضبط غیر از پنبۂ مینا نہیں
ہو سکے کب کلفتِ دل مانعِ طوفانِ اشک
گردِ ساحل سنگِ راہِ جوششِ دریا نہیں
ہے طلسمِ187 دیر میں صد حشرِ پاداشِ عمل
آگہی غافل کہ یک امروز بے فردا نہیں
٭٭
غزل نمبر 144
ضبط سے مطلب بجز وارستگی دیگر نہیں
دامنِ تمثال آبِ آئنہ سے تر نہیں
ہوتے ہیں بے قدر در کنجِ وطن صاحب دلاں188
عزلت آبادِ صدف میں قیمتِ گوہر نہیں
باعثِ ایذا ہے برہم خوردنِ بزمِ سرور
لخت لختِ شیشۂ بشکستہ جز نشتر نہیں
واں سیاہی مردمک ہے اور یاں داغِ شراب
مہ حریفِ نازشِ ہم چشمیِ ساغر نہیں
ہے فلک بالا نشینِ فیضِ خم گردیدنی
عاجزی سے ظاہرا رتبہ کوئی برتر نہیں
دل کو اظہارِ سخن اندازِ فتح الباب ہے
یاں صریرِ خامہ غیر از اصطکاکِ در نہیں
کب تلک پھیرے اسد لب ہاۓ تفتہ پر زباں
طاقتِ لب تشنگی اے ساقیِ کوثر نہیں
٭٭
غزل نمبر 145
دیکھیے مت چشمِ کم سے سوۓ ضبط افسردگاں
جوں صدف پُر دُر ہیں دنداں در جگر افشردگاں
گرمِ تکلیفِ دلِ رنجیدہ ہے از بسکہ چرخ
قرصِ کافوری ہے بہرِ جانِ سرما خوردگاں
رنجشِ دل یک جہاں ویراں کرے گی اے فلک
دشت ساماں ہے غبارِ خاطرِ افسردگاں
ہاتھ پر ہو ہاتھ تو درسِ تاسف ہی سہی
شوق مفتِ زندگی ہے اے بہ غفلت مُردگاں
خار سے گل سینہ افگارِ جفا ہے اے اسد!
برگ ریزی ہے پر افشانیِ ناوک خوردگاں
٭٭
غزل نمبر 146
صاف189 ہے از بسکہ عکسِ گل سے گلزارِ چمن
جانشینِ جوہرِ آئینہ ہے خارِ چمن
ہے نزاکت بسکہ فصلِ گل میں معمارِ چمن
قالبِ گل میں ڈھلی ہے خشتِ دیوارِ چمن
تیری آرائش کا استقبال کرتی ہے بہار
جوہرِ آئینہ ہے یاں نقشِ احضارِ چمن
بسکہ پائی یار کی رنگیں ادائی سے شکست
ہے کلاہِ نازِ گل بر طاقِ دیوارِ چمن
الفتِ گل سے غلط ہے دعویِ وارستگی
سرو ہے با وصفِ آزادی گرفتارِ چمن
وقت ہے گر بلبلِ مسکیں زلیخائی کرے
یوسفِ گل جلوہ فرما ہے بہ بازارِ چمن
وحشت افزا گریہ ہا موقوفِ فصلِ گل اسد
چشمِ دریا ریز ہے میزابِ سرکارِ چمن
٭٭
ردیف و
غزل نمبر 147
اگر وہ آفتِ نظارہ جلوہ گستر ہو
ہلال ناخنکِ دیدہ ہاۓ اختر ہو
بہ یادِ قامت اگر ہو بلند آتشِ غم
ہر ایک داغِ جگر آفتابِ محشر ہو
ستم کشی کا کیا دل نے حوصلہ پیدا
اب اُس سے ربط کروں جو بہت ستمگر ہو
عجب نہیں پئے تحریرِ حالِ گریۂ چشم
بروۓ آب جوہر موج نقشِ مسطر ہو
امیدوار ہوں تاثیرِ تلخ کامی سے
کہ قندِ بوسۂ شیریں لباں مکرر ہو
صدف کی ہے ترے نقشِ قدم میں کیفیّت
سرشکِ چشمِ اسد کیوں نہ اس میں گوہر ہو
٭٭
غزل نمبر 148
بے درد سر بہ سجدۂ الفت فرو نہ ہو
جوں شمع غوطہ داغ میں کھا گر وضو نہ ہو
دل دے کفِ تغافلِ ابروۓ یار میں
آئینہ ایسے طاق پہ گم کر کہ تو نہ ہو
زلفِ خیال نازک و اظہار بے قرار
یار رب بیان شانہ کشِ گفتگو نہ ہو
تمثالِ ناز جلوۂ نیرنگِ اعتبار
ہستی عدم ہے آئنہ گر روبرو نہ ہو
مژگاں خلیدۂ رگِ ابرِ بہار ہے
نشتر بہ مغزِ پنبۂ مینا فرو نہ ہو
عرضِ نشاطِ دید ہے مژگانِ انتظار
یارب کہ خارِ پیرہنِ آرزو نہ ہو
واں پر فشانِ دامِ نظر ہوں جہاں اسد
صبحِ بہار بھی قفسِ رنگ و بو نہ ہو
٭٭
غزل نمبر 149
حسد190 پیمانہ سے دل عالمِ آبِ تماشا ہو191
کہ چشمِ تنگ شاید کثرتِ نظارہ سے وا ہو
بہم بالیدنِ سنگ و گلِ صحرا یہ چاہے ہے
کہ تارِ جادہ بھی کہسار کو زنارِ مینا ہو
حریفِ وحشتِ نازِ نسیمِ عشق جب آؤں
کہ مثلِ غنچہ سازِ یک گلستاں دل مہیا ہو
بجاۓ دانہ خرمن یک بیابان بیضۂ قمری
مرا حاصل وہ نسخہ ہے کہ جس سے خاک پیدا ہو
کرے کیا سازِ بینش وہ تماشارنجِ192 آگاہی
جسے موۓ دماغِ بے خودی خوابِ زلیخا ہو
بہ قدرِ حسرتِ دل چاہیے عیشِ193 معاصی بھی
بھروں یک گوشۂ دامن گر آبِ ہفت دریا ہو
دلِ چوں شمع بہرِ دعوتِ نظارہ لا، یعنی
نگہ لبریزِ اشک و سینہ معمورِ تمنا ہو
اگر وہ سر و جاں بخشِ خرامِ اہتزاز آوے
کفِ ہر خاکِ گلشن شکلِ قمری نالہ فرسا ہو
نہ دیکھیں روۓ یک دل سر د غیر از شمعِ کافوری
خدایا اس قدر بزمِ اسد گرمِ تماشا ہو
٭٭
غزل نمبر 150
مبادا بے تکلف فصل کا برگ و نوا گم ہو
مگر طوفانِ مے میں پیچشِ موجِ صبا گم ہو
سبب وارستگاں کو ننگِ ہمت ہے خداوندا
اثر سر مے سے اور لب ہاۓ عاشق سے صدا گم ہو
نہیں جز درد تسکینِ نکوہش ہاۓ بے درداں
کہ موجِ گریہ میں صد خندۂ دنداں نما گم ہو
ہوئی ہے ناتوانی بے دماغِ شوخیِ مطلب
جبیں میں در لباسِ سجدہ اے دست دعا گم ہو
تجھے ہم مفت دیویں یک جہاں چینِ جبیں لیکن
مباد اے پیچ تابِ طبع نقشِ مدّعا گم ہو
بلا گردانِ تمکینِ بتاں صد موجۂ گوہر
عرق بھی جن کے عارض پر بہ تکلیفِ حیا گم ہو
اُٹھا وے کب وہ جانِ شرم تہمت قتلِ عاشق کی
کہ جس کے ہاتھ میں مانندِ خوں رنگِ حنا گم ہو
کریں خوباں جو سیرِ حسن اسد یک پردہ ناز ک تر
دمِ صبحِ قیامت در گریبانِ قبا گم ہو
٭٭
غزل نمبر 151
خشکیِ مے نے تلف کی مے کدے کی آبرو
کاسۂ دریوزہ ہے پیمانۂ دستِ سبو
بہرِ جاں پروردنِ یعقوب بالِ خاک سے
وام لیتے ہیں پرِ پرواز پیراہن کی بو
گردِ ساحل ہے نمِ شرمِ جبینِ آشنا
گر نہ باندھے قلزمِ الفت میں سر جاۓ کدو
گرمیِ شوقِ طلب ہے عین تا پاکِ وصال
غافلاں آئینہ داں ہے نقشِ پاۓ جستجو
رہن خاموشی میں ہے آرائشِ بزمِ وصال
ہے پرِ پروازِ رنگِ رفتۂ خوں گفتگو
ہے تماشا حیرت آبادِ تغافل ہاۓ شوق
یک رگِ خواب و سراسر جوشِ خونِ آرزو
خوۓ شرمِ سرد بازاری ہے سیلِ خانماں
ہے اسد نقصاں میں مفت اور صاحبِ سرمایہ تو
٭٭
غزل نمبر 152
رنگِ طرب ہے صورتِ عہدِ وفا گرو
تھا کس قدر شکستہ کہ ہے جا بجا گرو
پروازِ نقد دامِ تمناۓ جلوہ تھا
طاؤس نے اک آئنہ خانہ رکھا گرو
عرضِ بساطِ انجمنِ رنگ مفت ہے
موجِ بہار رکھتی ہے اک بوریا گرو
ہر ذرّہ خاک عرضِ تمنا ۓ رفتگاں
آئینہ ہا شکستہ و تمثال ہا گرو
ہے تاک میں سمِ ہوسِ صد قدح شراب
تسبیحِ زاہداں بہ کفِ مدعا گرو
برق آبیارِ فرصتِ رنگِ دمیدہ ہوں
جوں نخلِ شمع ریشے میں نشو و نما گرو
طاقت بساطِ دستگہِ یک قدم نہیں
جوں اشک جب تلک نہ رکھوں دست و پا گرو
ہے وحشتِ جنونِ بہار اس قدر کہ ہے
بالِ پری بہ شوخیِ موجِ صبا گرو
بے تابِ سیرِ دل ہے سرِ ناخنِ نگار
یاں نعل ہے بہ آتشِ رنگِ حنا گرو
ہوں سخت جانِ کاوشِ فکرِ سخن اسد
تیشے کی کوہسار میں ہے یک صدا گرو
٭٭
ردیف ہ
غزل نمبر 153
رفتار سے شیرازۂ اجزاۓ قدم باندھ
اے آبلہ! محمل پئے صحراۓ عدم باندھ
بے کاریِ تسلیم بہر رنگ چمن ہے
گر خاک ہو گلدستۂ صد نقشِ قدم باندھ
اے جادہ بہ سر رشتۂ یک ریشہ دویدن
شیرازۂ صد آبلہ جوں سبحہ بہم باندھ
حیرت حدِ اقلیمِ تمناۓ پری ہے
آئینہ بہ آئینِ گلستانِ ارم باندھ
پا مردِ یک انداز نہیں قامتِ ہستی
طاقت اگر اعجاز کرے تہمتِ خم باندھ
دیباچۂ وحشت ہے اسد شکوۂ خوباں
خوں کر دلِ اندیشہ و مضمونِ ستم باندھ
٭٭
غزل نمبر 154
خلق ہے صفحۂ عبرت سے سبق ناخواندہ
ورنہ ہے چرخ و زمیں یک ورقِ گرداندہ
میکدے194 میں ز دل افسردگیِ بادہ کشاں
موجِ مے مثلِ خطِ جام ہے برجا ماندہ
خواہشِ دل ہے زباں کو سببِ گفت و بیاں
ہے سخن گرد ز دامانِ ضمیر افشاندہ
کوئی آگاہ نہیں باطنِ ہم دیگر سے
ہے ہر اک فرد جہاں میں ورقِ ناخواندہ
حیف بے حاصلیِ اہلِ ریا پر غالب
یعنی ہیں ماندہ ز آں سو و ازیں سو راندہ
٭٭
غزل نمبر 155
بسکہ مے پیتے ہیں اربابِ فنا پوشیدہ
خطِ پیمانۂ مے ہے نفسِ دزدیدہ
بہ غرورِ طرحِ قامت و رعنائیِ سرو
طوق ہے گردنِ قمری میں رگِ بالیدہ
کی ہے وا اہلِ جہاں نے بہ گلستانِ جہاں
چشمِ غفلت نظرِ شبنمِ خور نادیدہ
یاس آئینۂ پیدائیِ استغنا ہے
نا امیدی ہے پرستارِ دلِ رنجیدہ
واسطے فکرِ مضامینِ متیں کے غالب
چاہیے خاطرِ جمع و دلِ آرامیدہ
٭٭
غزل نمبر 156
جز 195دل سراغِ درد بدل خفتگاں نہ پوچھ
آئینہ عرض کر خط و خالِ بیاں نہ پوچھ
پرواز 196یک تپِ غمِ تسخیرِ نالہ ہے
گرمیِ نبضِ خار و خسِ آشیاں نہ پوچھ
ہندوستان سایۂ گل پاۓ تخت تھا
سامانِ بادشاہیِ وصلِ بتاں نہ پوچھ
تو مشقِ ناز کر دلِ پروانہ ہے بہار
بے تابیِ تجلیِ آتش بجاں نہ پوچھ
غفلت متاع کفۂ میزانِ عدل ہیں197
یا رب! حسابِ سختیِ خوابِ گراں نہ پوچھ
ہر داغِ تازہ یک دلِ داغ انتظار ہے
عرضِ فضاۓ سینۂ درد امتحاں نہ پوچھ
کہتا تھا کل وہ نامہ رساں سے بہ سوزِ دل
دردِ جدائیِ اسداللہ خاں نہ پوچھ
٭٭
غزل نمبر 157
جوشِ دل ہے نشہ ہاۓ فطرتِ بیدل نہ پوچھ
قطرہ ہی میخانہ ہے دریاۓ بے ساحل نہ پوچھ
پہن گشتن ہاۓ دل بزمِ نشاطِ گرد باد
لذتِ عرضِ کشادِ عقدۂ مشکل نہ پوچھ
آبلہ پیمانۂ اندازۂ تشویش تھا
اے دماغِ نارسا خمخانۂ منزل نہ پوچھ
نے صبا بالِ پری، نے شعلہ سوداۓ جنوں
شمع سے جز عرضِ افسونِ گدازِ دل نہ پوچھ
یک مژہ برہم زدن حشرِ دو عالم فتنہ ہے
یاں سراغِ عافیت جز دیدۂ بسمل نہ پوچھ
بزم ہے یک پنبۂ مینا گدازِ ربط سے
عیش کر غافل حجابِ نشۂ محفل نہ پوچھ
تا تخلص جامۂ شنگرفی ارزانی اسد
شاعری جز سازِ درویشی نہیں حاصل نہ پوچھ
٭٭
غزل نمبر 158
شکوہ و شکر کو ثمر بیم و امید کا سمجھ
خانۂ آگہی خراب، دل نہ سمجھ بلا سمجھ
ریگِ روان و ہر تپش 198درسِ تسلّیِ شعاع
آئنہ طور199 اے خیال جلوے کو خوں بہا سمجھ
وحشتِ دردِ بیکسی بے اثر اس قدر نہیں
رشتۂ عمرِ خضر کو نالۂ نا رسا سمجھ
شوقِ عناں گسل اگر درسِ جنوں ہوس کرے
جادۂ سیرِ دوجہاں یک مژہ خوابِ پا سمجھ
گاہ بہ خلد امیدوار، گہ بہ جحیم بیم ناک
گر چہ خدا کی یاد ہے کلفتِ ماسوا سمجھ
اے بہ سرابِ حسنِ خلق تشنۂ سعیِ امتحاں
شوق کو منفعل نہ کر، ناز کو التجا سمجھ
شوخیِ حسن و عشق ہے آئنہ دارِ ہمد گر
خار کو بے نیام جان، ہم کو برہنہ پا سمجھ
نغمۂ بیدلی اسد سازِ فسانگی نہیں
بسملِ دردِ خفتہ ہو گریۂ ماجرا سمجھ
٭٭
غزل نمبر 159
از مہر تا بہ ذرہ دل و دل ہے آئنہ
طوطی کوشش جہت سے مقابل ہے آئنہ
حیرت ہجوم لذتِ غلطانیِ تپش
سیماب بالش و کمرِ دل ہے آئنہ
غفلت بہ بالِ جوہرِ شمشیر پر فشاں
یاں پشت چشمِ شوخیِ قاتل ہے آئنہ
حیرت نگاہ برق تماشا بہار شوخ
در پردۂ ہوا پرِ بسمل ہے آئنہ
یاں رہ گۓ ہیں ناخنِ تدبیر ٹوٹ کر
جوہر طلسمِ عقدۂ مشکل ہے آئنہ
ہم زانوۓ تامل و ہم جلوہ گاہِ گل
آئینہ بندِ خلوت و محفل ہے آئنہ
دل کارگاہِ فکر و اسد بے نواۓ دل
یاں سنگِ آستانۂ بیدل ہے آئنہ
٭٭
غزل نمبر 160
کلفتِ ربطِ این و آں غفلتِ مدعا سمجھ
شوق کرے جو سرگراں محملِ خوابِ پا سمجھ
جلوہ نہیں ہے دردِ سر، آئنہ صندلی نہ کر
عکس کجا و کُو نظر، نقش کو مدّعا سمجھ
حیرت اگر خرام ہے، کارِ نگہ تمام ہے
گر کفِ دست بام ہے آئنے کو ہوا سمجھ
ہے خطِ عجزِ ما و تُو، اولِ درسِ آرزو
کہتے ہیں اہلِ گفتگو کچھ نہ سمجھ فنا سمجھ200
شیشہ شکست اعتبار، رنگ بہ گردش استوار
گر نہ مٹیں یہ کوہسار، آپ کو تو صدا سمجھ
نغمہ ہے محوِ ساز رہ نشہ ہے بے نیازِ رہ
رندِ تمام ناز رہ خلق کو پارسا سمجھ
چربیِ پہلوۓ خیال رزقِ دو عالم احتمال
کل ہے جو وعدۂ وصال آج بھی اے خدا سمجھ
نے سرو برگِ آرزو، نے رہ و رسمِ گفتگو
اے دل و جانِ خلق تو ہم کو بھی آشنا سمجھ
لغزشِ پا کو ہے بلد، نغمۂ یا علی مدد
ٹوٹے گر آئنہ اسد سبحے کو خوں بہا سمجھ
٭٭
ردیف ی
غزل نمبر 161
دل ہی نہیں کہ منتِ درباں اُٹھائیے
کس کو وفا کا سلسلہ جنباں اُٹھائیے
تا چند داغ بیٹھیے، نقصاں اُٹھائیے
اب چار سوۓ عشق سے دوکاں اُٹھائیے
صد جلوہ روبرو ہے جو مژگاں اُٹھائیے
طاقت کہاں کہ دید کا احساں اُٹھائیے
ہستی فریب نامۂ موجِ سراب ہے
یک عمر نازِ شوخیِ عنواں اُٹھائیے
ہے سنگ پر براتِ معاشِ جنونِ عشق
یعنی ہنوز منتِ طفلاں اُٹھائیے
ضبطِ جنوں سے ہر سرِ مو ہے ترانہ خیز
یک نالہ بیٹھیے تو نیستاں اُٹھائیے
طرزِ خراشِ نالہ سرشکِ نمک اثر
لطفِ کم بدولتِ مہماں اُٹھائیے
دیوار بارِ منتِ مزدور سے ہے خم
اے خانماں خراب نہ احساں اُٹھائیے
یا میرے زخمِ رشک کو رسوا نہ کیجیے
یا پردۂ تبسمِ پنہاں اُٹھائیے
انگور سعیِ بے سر و پائی سے سبز ہے
غالب بدوشِ دل خُمِ مستاں اُٹھائیے
٭٭
غزل نمبر 162
ہے201 بزمِ بتاں میں سخن آزردہ لبوں سے
تنگ آئے ہیں ہم ایسے خوشامد طلبوں سے
ہے دورِ قدح وجہِ پریشانیِ صہبا
یک بار لگا دو خُمِ مے میرے لبوں سے
کیا پوچھے ہے بر خود غلطی ہاۓ202 عزیزاں
خواری کو بھی اک عار ہے عالی نسبوں سے
رندانِ درِ میکدہ گستاخ ہیں زاہد
زنہار نہ ہونا طرف ان بے ادبوں سے
گو تم کو رضا جوئیِ اغیار ہے لیکن
جاتی ہے ملاقات کب ایسے سببوں سے
بیدادِ وفا دیکھ کہ جاتی رہی آخر
ہر چند مری جان کو تھا ربط لبوں سے
مت پوچھ اسد غصۂ203 کم فرصتیِ زیست
دو دن بھی جو کاٹے تو قیامت تعبوں سے
٭٭
غزل نمبر 163
غمِ دنیا سے گر پائی بھی فرصت سر اُٹھانے کی
فلک کا دیکھنا تقریب تیرے یاد آنے کی
کھلے گا کس طرح مضموں مرے مکتوب کا یارب
قسم کھائی ہے اُس کافر نے کاغذ کے جلانے کی
لکدکوبِِ حوادث سے نہ سر بر ہو سکی آخر
مری طاقت کہ ضامن تھی بتوں کے ناز اُٹھانے کی
لپٹنا پرنیاں میں شعلۂ آتش کا آساں ہے
ولے مشکل ہے حکمت دل میں سوزِ غم چھپانے کی
اُنہیں منظور اپنے زخمیوں کا دیکھ آنا تھا
اُٹھے تھے سیرِ گل کو، دیکھنا شوخی بہانے کی
ہماری سادگی تھی، التفاتِ ناز پر مرنا
ترا آنا نہ تھا ظالم، مگر تمہید جانے کی
کہوں کیا خوبیِ اوضاعِ ابناۓ زماں غالب
بدی کی اُس نے جس سے ہم نے کی تھی بارہا نیکی
٭٭
غزل نمبر 164
بساطِ204 عجز میں تھا ایک دل یک قطرہ خوں وہ بھی
سو رہتا ہے بہ اندازِ چکیدن سر نگوں وہ بھی
رہے اُس شوخ سے آزردہ ہم چندے تکلف سے
تکلف بر طرف، تھا ایک اندازِ جنوں وہ بھی
مۓ عشرت کی خواہش ساقیِ گردوں سے کیا کیجے
لیے بیٹھا ہے اک دو چار جامِ واژگوں وہ بھی
مجھے معلوم ہے جو تو نے میرے حق میں سوچا ہے
کہیں ہو جاۓ جلد اے گردشِ گردونِ دوں وہ بھی
نہ اتنا برّشِ تیغ جفا پر ناز فرماؤ
مرے دریاۓ بیتابی میں ہے یک205 موجِ خوں وہ بھی
اسد ہے دل میں دردِ اشتیاق و شکوۂ ہجراں
خدا وہ دن کرے جو اُس سے میں یہ بھی کہوں وہ بھی
٭٭
غزل نمبر 165
پھونکتا ہے نالہ ہر شب صور اسرافیل کی
ہم کو جلدی ہے مگر تو نے قیامت ڈھیل کی
کی ہیں کس پانی سے یاں یعقوب نے آنکھیں سفید
ہے جو آبی پیرہن ہر موج رودِ نیل کی
عرش پر تیرے قدم سے ہے دماغِ گردِ راہ
آج تنخواہِ شکستن ہے کُلہْ جبریل کی
مدعا درپردہ یعنی جو کہوں باطل سمجھ
وہ فرنگی زادہ کھاتا ہے قسم انجیل کی
خیر خواہِ دید ہوں از بہرِ دفعِ چشم زخم
کھینچتا ہوں اپنی آنکھوں میں سلائی نیل کی
نالہ کھینچا ہے سراپا داغِ جرأت ہوں اسد
کیا سزا ہے میرے جرمِ آرزو تاویل کی
٭٭
غزل نمبر 166
کیا ہے ترکِ دنیا کاہلی سے
ہمیں حاصل نہیں بے حاصلی سے
خراجِ دیہہِ ویراں یک کفِ خاک
بیاباں خوش ہوں تیری عاملی سے
پرافشاں ہو گئے شعلے ہزاروں
رہے ہم داغ، اپنی کاہلی سے
خدا یعنی پدر سے مہرباں تر
پھرے ہم در بدر ناقابلی سے
اسد قربانِ لطفِ جورِ بیدل
خبر لیتے ہیں، لیکن بیدلی سے
٭٭
غزل نمبر 167
حاصل سے ہاتھ دھو بیٹھ اے آرزو خرامی
دل جوشِ گریہ میں ہے ڈوبی ہوئی اسامی
کرتے ہو شکوہ کس کا، تم اور بے وفائی
سر پیٹتے ہیں اپنا، ہم اور نیک نامی
صد رنگ گل کترنا، درپردہ قتل کرنا
تیغِ ادا نہیں ہے پابندِ بے نیامی
طرفِ سخن نہیں ہے مجھ سے خدا نکردہ
ہے نامہ بر کو اُس سے دعواۓ ہم کلامی
طاقت فسانۂ باد، اندیشہ شعلہ ایجاد
اے غم ہنوز آتش، اے دل ہنوز خامی
ہر چند عمر گزری آزردگی میں لیکن
ہے شرحِ شوق کو بھی جوں شکوہ ناتمامی
ہے یاس میں اسد کو ساقی سے بھی فراغت
دریا سے خشک گزری مستوں کی تشنہ کامی
٭٭
غزل نمبر 168
نگہ اُس چشم کی افزوں کرے ہے نا توانائی
پرِ بالش ہے وقتِ دید مژگانِ تماشائی
شکستِ قیمتِ دل آں سوۓ عذرِ شناسائی
طلسمِ نا اُمیدی ہے خجالت گاہِ پیدائی
تحیّر ہے گریباں گیرِ ذوقِ جلوہ پیرائی
ملی ہے جوہرِ آئینہ کو جوں بخیہ گیرائی
پرِ طاؤس ہے نیرنگِ داغِ حیرت انشائی
دو عالم دیدۂ بسمل چراغاں جلوہ پیمائی
شرارِ سنگ سے پا در حنا گلگونِ شیریں ہے
ہنوز اے تیشۂ فرہاد عرضِ آتشیں پائی
غرورِ دستِ رد نے شانہ توڑا فرقِ ہُدہُد پر
سلیمانی ہے ننگِ بے دماغانِ خود آرائی
جنوں افسردہ و جاں ناتواں اے جلوہ شوخی کر
گئی یک عمرِ خود داری بہ استقبالِ رعنائی
نگاہِ عبرت افسوں، گاہ برق و گاہ مشعل ہے
ہوا ہر خلوت و جلوت سے حاصل ذوقِ تنہائی
خدایا! خوں ہو رنگِ امتیاز اور نالہ موزوں ہو
جنوں کو سخت بیتابی ہے تکلیف شکیبائی
جنونِ بیکسی ساغر کشِ داغِ پلنگ آیا
شرر کیفیتِ مے، سنگ عرضِ نازِ مینائی
خراباتِ جنوں میں ہے اسد وقتِ قدح نوشی
بعشقِ ساقیِ کوثر بہارِ بادہ پیمائی
٭٭
غزل نمبر 169
کیا تنگ ہم ستم زدگاں کا جہان ہے
جس میں کہ ایک بیضۂ مُور آسمان ہے
ہے کائنات کو حرکت تیرے ذوق سے
پرتو سے آفتاب کے ذرے میں جان ہے
کی اُس نے گرم سینۂ اہلِ ہوس میں جا
آوے نہ کیوں پسند کہ ٹھنڈا مکان ہے
ہے بارے اعتمادِ وفاداری اس قدر
ہم بھی اسی میں خوش ہیں کہ نا مہربان ہے
بیٹھا ہے جو کہ سایۂ دیوارِ یار میں
فرماں رواۓ کشورِ ہندوستان ہے
کیا خوب تم نے غیر کو بوسہ نہیں دیا
بس چپ رہو، ہمارے بھی منہ میں زبان ہے
دہلی کے رہنے والو اسد کو ستاؤ مت
بے چارہ چند روز کا یاں میہمان ہے
٭٭
غزل نمبر 170
درد سے میرے ہے تجھ کو بیقراری ہاۓ ہاۓ
کیا ہوئی ظالم تری غفلت شعاری ہاۓ ہاۓ
تیرے دل میں گر نہ تھا آشوبِ غم کا حوصلہ
تُو نے پھر کیوں کی تھی میری غمگساری ہاۓ ہاۓ
کیوں مری غمخوارگی کا تجھ کو آیا تھا خیال
دشمنی اپنی تھی میری دوستداری ہاۓ ہاۓ
عمر بھر کا تو نے پیمانِ وفا باندھا تو کیا
عمر کو بھی تو نہیں ہے پائداری ہاۓ ہاۓ
شرمِ رسوائی سے جا چھپنا نقابِ خاک میں
ختم ہے اُلفت کی تجھ پر پردہ داری ہاۓ ہاۓ
گلفشانی ہاۓ نازِ جلوہ کو کیا ہو گیا
خاک پر ہوتی ہے تیری لالہ کاری ہاۓ ہاۓ
زہر لگتی ہے مجھے آب و ہواۓ زندگی
یعنی تجھ سے تھی اسے ناسازگاری ہاۓ ہاۓ
ہاتھ ہی تیغ آزما کا کام سے جاتا رہا
دل پہ اک لگنے نہ پایا زخمِ کاری ہاۓ ہاۓ
خاک میں ناموسِ پیمانِ محبت مل گئی
اُٹھ گئی دنیا سے راہ و رسمِ یاری ہاۓ ہاۓ
کس طرح کاٹے کوئی شب ہاۓ تارِ برشکال
ہے نظر خو کردۂ اختر شماری ہاۓ ہاۓ
گوش مہجورِ پیام و چشم محرومِ جمال
ایک دل تِس پر یہ نا امیدواری ہاۓ ہاۓ
گر مصیبت تھی تو غربت میں اُٹھا لیتے اسد
میری دہلی ہی میں ہونی تھی یہ خواری ہاۓ ہاۓ
٭٭
غزل نمبر 171
سرگشتگی میں عالمِ ہستی سے یاس ہے
تسکیں کو دے نوید کہ مرنے کی آس ہے
لیتا نہیں مرے دلِ آوارہ کی خبر
اب تک وہ جانتا ہے کہ میرے ہی پاس ہے
کیجے بیاں سرورِ تپِ غم کہاں تلک
ہر مو مرے بدن پہ زبانِ سپاس ہے
پی جس قدر ملے شبِ مہتاب میں شراب
اس بلغمی مزاج کو گرمی ہی راس ہے
ہے وہ غرورِ حُسن سے بیگانۂ وفا
ہر چند اُس کے پاس دلِ حق شناس ہے
کیا غم ہے اُس کو جس کا علی سا امام ہو
اتنا بھی اے فلک زدہ کیوں بے حواس ہے
ہر اک مکان کو ہے مکیں سے شرف اسد
مجنوں جو مرگیا ہے تو جنگل اُداس ہے
٭٭
غزل نمبر 172
گر خامشی سے فائدہ اخفاۓ حال ہے
خوش ہوں کہ میری بات سمجھنا محال ہے
کس کو سناؤں حسرتِ اظہار کا گلہ
دل فردِ جمع و خرچِ زباں ہاۓ لال ہے
کس پردے میں ہے آئنہ پرداز اے خدا
رحمت کہ عذر خواہِ لبِ بے سوال ہے
ہے ہے خدا نخواستہ وہ اور دشمنی
اے ذوق، منفعل، یہ تجھے کیا خیال ہے
عالم بساطِ دعوتِ دیوانگی نہیں
دریا زمین کو عرقِ انفعال ہے
مشکیں لباسِ کعبہ علی کے قدم سے جان
نافِ زمین ہے نہ کہ نافِ غزال ہے
پہلو206 تہی نہ کر غم و اندوہ سے اسد
دل وقفِ درد کر کہ فقیروں کا مال ہے
٭٭
غزل نمبر 173
نظر بہ نقصِ گدایاں کمالِ بے ادبی ہے
کہ خارِ خشک کو بھی دعوئِ چمن نسبی ہے
ہوا وصال سے شوقِ دلِ حریص زیادہ
لبِ قدح پہ کفِ بادہ جوشِ تشنہ لبی ہے
خوشا وہ دل کہ سراپا طلسمِ بے خبری ہو
جنون و یاس و الم رزقِ مدعا طلبی ہے
تم اپنے شکوے کی باتیں نہ کھود کھود کے پوچھو
حذر کرو مرے دل سے کہ اس میں آگ دبی ہے
چمن میں کس کے یہ برہم ہوئی ہے بزمِ تماشا
کہ برگ برگِ سمن شیشہ ریزۂ حلبی ہے
امامِ ظاہر و باطن، امیرِ صورت و معنی
علی ولی اسداللہ جانشینِ نبی ہے
اسد یہ درد و الم بھی تو مُغْتَنَمْ ہے کہ آخر
نہ گریۂ سحری ہے، نہ آہِ نیم شبی ہے
٭٭
غزل نمبر 174
بسکہ زیرِ خاک با آبِ طراوت راہ ہے
ریشے سے ہر تخم کا دَلْو اندرونِ چاہ ہے
عکسِ گل ہاۓ سمن سے چشمہ ہاۓ باغ میں
فلسِ ماہی آئنہ پردازِ داغِ ماہ ہے
واں سے ہے تکلیفِ عرضِ بی دماغی ہاۓ دل
یاں صریرِ خامہ مجھ کو نالۂ جانکاہ ہے
حسن و رعنائی میں وہمِ صد سر و گردن ہے فرق
سرو کے قامت پہ گل یک دامنِ کوتاہ ہے
رشک ہے آسائشِ اربابِ غفلت پر اسد
پیچ و تابِ دل نصیبِ خاطرِ آگاہ ہے
٭٭
غزل نمبر 175
بسکہ 207چشم از انتظارِ خوش خطاں بے نور ہے
یک قلم شاخِ گلِ نرگس عصاۓ کور ہے
ہوں تصور ہاۓ ہمدوشی سے بد مستِ شراب
حیرتِ آغوشِ خوباں ساغرِ بلور ہے
ہے عجب مُردوں کو غفلت ہاۓ اہل دہر سے
سبزہ جوں انگشتِ حیرت در دہانِ گور ہے
حسرت آبادِ جہاں میں ہے الم غم آفریں
نوحہ گویا خانہ زادِ نالۂ رنجور ہے
کیا کروں غم ہاۓ پنہاں لے گئے صبر و قرار
دزد گر ہو خانگی تو پاسباں مجبور208 ہے
ہو 209جہاں اورنگ آرا جانشینِ مصطفیٰ
واں اسد تختِ سلیماں نقشِ پاۓ مور ہے
٭٭
غزل نمبر 176
رفتارِ 210عمر قطعِ رہِ اضطراب ہے
اِس سال کے حساب کو برق آفتاب ہے
ظاہر ہے طرزِ قید سے صیاد کی غرض
جو دانہ دام میں ہے سو اشکِ کباب ہے
میناۓ مے ہے سروِ نشاطِ بہار سے211
بالِ تدرو جلوۂ موجِ شراب ہے
بے چشمِ دل نہ کر ہوسِ سیرِ لالہ زار
یعنی یہ ہر ورق ورقِ انتخاب ہے
نظارہ کیا حریف ہو اُس برقِ حسن کا
جوشِ بہار جلوے کو جس کے نقاب ہے
میں نامراد دل کی تسلی کو کیا کروں
مانا کہ تیرے رخ سے نگہ کامیاب ہے
گزرا اسد مسرتِ پیغامِ یار سے
قاصد پہ مجھ کو رشکِ سوال و جواب ہے
٭٭
غزل نمبر 177
ہے آرمیدگی میں نکوہش بجا مجھے
صبحِ وطن ہے خندۂ دنداں نما مجھے
ہے پیچ تابِ رشتۂ شمعِ سحر گہی
خجلت گدازیِ نفسِ نارسا مجھے
واں رنگ ہا بہ پردۂ تدبیر ہیں ہنوز
یاں شعلۂ چراغ ہے برگِ حنا مجھے
کرتا ہے بسکہ باغ میں تو بے حجابیاں
آنے لگی ہے نکہتِ گل سے حیا مجھے
پرواز ہا نیازِ تماشاۓ حسنِ دوست
بالِ کشادہ ہے نگہِ آشنا مجھے
از خود گزشتگی میں خموشی پہ حرف ہے
موجِ غبارِ سرمہ ہوئی ہے صدا مجھے
کھلتا کسی پہ کیوں مرے دل کا معاملہ
شعروں کے انتخاب نے رسوا کیا مجھے
تا چند پست فطرتیِ طبعِ آرزو
یا رب ملے بلندیِ دستِ دعا مجھے
یاں آب و دانہ موسمِ گل میں حرام ہے
زنارِ واگسستہ ہے موجِ صبا مجھے
یکبار امتحانِ ہوس بھی ضرور ہے
اے جوشِ عشق بادۂ مرد آزما مجھے
میں نے جنوں سے کی جو اسد التماسِ رنگ
خونِ جگر میں ایک ہی غوطہ دیا مجھے
٭٭
غزل نمبر 178
اے خیالِ وصل نادر ہے مے آشامی تری
پختگی ہاۓ کبابِ دل ہوئی خامی تری
رچ گیا جوشِ صفاۓ زلف کا اعضا میں عکس
ہے نزاکت جلوہ اے ظالم سیہ فامی تری
برگریزی ہاۓ گل ہے وضعِ زر افشاندنی
باج لیتی ہے گلستاں سے گل اندامی تری
بسکہ ہے عبرت ادیبِ یاوگی ہاۓ ہوس
میرے کام آئی دلِ مایوس ناکامی تری
ہم نشینیِ رقیباں گرچہ ہے سامانِ رشک
لیکن اس سے نا گوارا تر ہے بدنامی تری
سر بزانوۓ کرم رکھتی ہے شرمِ ناکسی
اے اسد بے جا نہیں ہے غفلت آرامی تری
٭٭
غزل نمبر 179
ربطِ تمیزِ اعیاں دُردِ مۓ صدا ہے
اعمیٰ کو سرمۂ چشم آوازِ آشنا ہے
موۓ دماغِ وحشت سر رشتۂ فنا ہے
شیرازۂ دو عالم یک آہِ نارسا ہے
دیوانگی ہے تجھ کو درسِ خرام دینا
موجِ بہار یکسر زنجیرِ نقشِ پا ہے
پروانے سے ہو شاید تسکینِ شعلۂ شمع
آسائشِ وفا ہا بیتابیِ جفا ہے
اے اضطرابِ سرکش یک سجدہ وار تمکیں
میں بھی ہوں شمعِ کشتہ گر داغ خوں بہا ہے
نے حسرتِ تسلی، نے ذوقِ بے قراری
یک درد و صد دوا ہے یک دست و صد دعا ہے
دریاۓ مے ہے ساقی لیکن خمار باقی
تا کوچہ دادنِ موج خمیازہ آشنا ہے
وحشت نہ کھینچ قاتل حیرت نفس ہے بسمل
جب نالہ خوں ہو، غافل! تاثیر کیا بلا ہے
بت خانے میں اسد بھی بندہ تھا گاہ گاہے
حضرت چلے حرم کو اب آپ کا خدا ہے
٭٭
غزل نمبر 180
ضبط 212سے جوں مردمک اسپند اقامت گیر ہے
مجمرِ بزمِ فسردن دیدۂ نخچیر ہے
آشیاں بندِ بہارِ عیش ہوں ہنگامِ قتل
یاں پرِ پروازِ رنگِ رفتہ بالِ تیر ہے
ہے جہاں فکرِ کشیدن ہاۓ نقشِ روۓ یار
ماہتابِ ہالہ پیرا گردۂ تصویر ہے
وقتِ حسن افروزیِ زینت طرازاں جاۓ گل
از نہالِ شمع پیدا غنچۂ گلگیر ہے
گریے سے بندِ محبت میں ہوئی نام آوری
لخت لختِ دل مکین خانۂ زنجیر ہے
ریزشِ خوں ہے 213سراسر جرعہ نوشی ہاۓ یار
یاں گلوۓ شیشۂ مے قبضۂ شمشیر ہے
جو بہ شامِ غم چراغِ خلوتِ دل تھا اسد
وصل میں وہ سوزِ شمعِ مجلسِ تقریر ہے
٭٭
غزل نمبر 181
گر یاس سر نہ کھینچے تنگی عجب فضا ہے
وسعت گہِ تمنا یک بام 214و صد ہوا ہے
برہمزنِ دو عالم تکلیفِ یک صدا ہے
مینا شکستگاں کو کہسار خوں بہا ہے
فکرِ سخن یک انشا زندانیِ خموشی
دودِ چراغ گویا زنجیرِ بے صدا ہے
موزونیِ دو عالم قربانِ سازِ یک درد
مصراعِ نالۂ نَے سکتہ ہزار جا ہے
درسِ خرام تا کَے خمیازۂ روانی
اِس موجِ مے کو غافل پیمانہ نقشِ پا ہے
گردش میں لا تجلی، صد ساغرِ تسلی
چشمِ تحیّر آغوشِ مخمورِ ہر ادا ہے
یک برگِ بے نوائی صد دعوتِ نیستاں
طوفانِ نالۂ دل تا موجِ بوریا ہے
اے غنچۂ تمنا یعنی کفِ نگاریں
دل دے تو ہم بتا دیں مٹھی میں تیری کیا ہے
ہر نالۂ اسد ہے مضمونِ داد خواہی
یعنی سخن کو کاغذ احرامِ مدعا ہے
٭٭
غزل نمبر 182
ذوقِ بے پرواہ خرابِ وحشتِ تسخیر ہے
آئنہ خانہ مری تمثال کو زنجیر ہے
ذرہ دے مجنوں کس کس داغ کو عرضِ سواد
ہر بیاباں یک بیاباں حسرتِ تعمیر ہے
میکشِ مضموں کو حسنِ ربطِ خط کیا چاہیے
لغزشِ رفتارِ خامہ مستیِ تحریر ہے
خانمانِ جبریانِ غفلتِ معنی خراب
جب ہوۓ ہم بے گنہ رحمت کی کیا تقصیر ہے
چاہے گر جنت جز آدم وارثِ آدم نہیں
شوخیِ ایمانِ زاہد سستیِ تدبیر ہے
شب دراز و آتشِ دل تیز یعنی مثلِ شمع
مہ ز سر تا ناخنِ پا رزقِ یک شبگیر ہے
آب ہو جاتے ہیں ننگِ ہمتِ باطل سے مرد
اشک پیدا کر اسد گر آہ بے تاثیر ہے
٭٭
غزل نمبر 183
یہ215 سر نوشت میں میری ہے اشک افشانی
کہ موجِ آب ہے ہر ایک چینِ پیشانی
جنونِ وحشتِ ہستی یہ عام ہے کہ بہار
رکھے ہے کسوتِ طاؤس میں پر افشانی
لبِ نگار میں آئینہ دیکھ آبِ حیات
بہ گمرہیِ سکندر ہے محوِ حیرانی
نظر بہ غفلتِ اہلِ جہاں، ہوا ظاہر
کہ عیدِ خلق پہ حیراں ہے چشمِ قربانی 216
کہوں وہ مصرعِ برجستہ وصفِ قامت میں
کہ سرو ہو نہ سکے اُس کا مصرعِ ثانی
اسد نے کثرتِ دل ہاۓ خلق سے جانا
کہ زلفِ یار ہے مجموعۂ پریشانی
٭٭
غزل نمبر 184
بے خود ز بسکہ خاطرِ بے تاب ہو گئی
مژگانِ باز ماندہ رگِ خواب ہو گئی
موجِ تبسمِ217 لبِ آلودۂ مسی
میرے لیے تو تیغِ سیہ تاب ہو گئی
رخسارِ یار کی جو ہوئی جلوہ گستری
زلفِ سیاہ بھی شبِ مہتاب ہو گئی
بیدادِ انتظار کی طاقت نہ لا سکی
اے جانِ بر لب آمدہ بیتاب ہو گئی
غالب ز بسکہ سو کھ گئے چشم میں سرشک
آنسو کی بوند گوہرِ نایاب ہو گئی
٭٭
غزل نمبر 185
ہر رنگِ سوز پردۂ یک ساز ہے مجھے
بال سمندر آئنۂ ناز ہے مجھے
طاؤسِ خاک حسنِ نظر باز ہے مجھے
ہر ذرہ چشمکِ نگہِ ناز ہے مجھے
آغوشِ گل ہے آئنۂ ذرّہ ذرّہ خاک
عرضِ بہار جوہرِ پرداز ہے مجھے
ہے بوۓ گل غریبِ تسلی گہِ وطن
ہر جزوِ آشیاں پرِ پرواز ہے مجھے
ہے جلوۂ خیال سویداۓ مردمک
جوں داغ شعلہ سر خطِ آغاز ہے مجھے
وحشت بہارِ نشّہ و گل ساغرِ شراب
چشمِ پری شفق کدۂ راز ہے مجھے
فکرِ سخن بہانۂ پردازِ خامشی
دودِ چراغ سرمۂ آواز ہے مجھے
ہے خامہ فیضِ بیعتِ بیدل بہ کف اسد
یک نیستاں قلمروِ اعجاز ہے مجھے
٭٭
غزل نمبر 186
کہوں کیا گرمجوشی میکشی میں شعلہ رویاں کی
کہ218 شمعِ خانۂ دل آتشِ مے سے فروزاں کی
ہمیشہ مجھ کو طفلی میں بھی مشقِ تیرہ روزی تھی
سیاہی ہے مرے ایام میں لوحِ دبستاں کی
دریغ آہِ سحر گہ کارِ بادِ صبح کرتی ہے
کہ ہوتی ہے زیادہ سرد مہری شمعِ رویاں کی
مجھے اپنے جنوں کی بے تکلف پردہ داری تھی
ولیکن کیا کروں آوے جو رسوائی گریباں کی
ہنر پیدا کیا ہے میں نے حیرت آزمائی میں
کہ جوہر آئنے کا ہر پلک ہے چشمِ حیراں کی
خدایا کس قدر اہلِ نظر نے خاک چھانی ہے
کہ ہیں صد رخنہ جوں غربال دیواریں گلستاں کی
ہوا شرمِ تہی دستی219 سے وہ بھی سرنگوں آخر
بس اے زخمِ جگر اب دیکھ لی شورش نمک داں کی
بیادِ گرمیِ صحبت برنگِ شعلہ دہکے ہے
چھپاؤں کیونکہ غالب سوزشیں داغِ نمایاں کی
٭٭
غزل نمبر 187
جنوں تہمت کشِ تسکیں نہ ہو، گو220 شادمانی کی
نمک پاشِ خراشِ دل ہے لذت زندگانی کی
کشاکش ہاۓ ہستی سے کرے کیا سعیِ آزادی
ہوئی زنجیر موجِ آب کو فرصت روانی کی
نہ کھینچ اے سعیِ دستِ نارسا زلفِ تمنا کو
پریشاں تر ہے موۓ خامہ سے تدبیر مانی کی
کہاں ہم بھی رگ و پے رکھتے ہیں انصاف بہتر ہے
نہ کھینچے طاقتِ خمیازہ تہمت ناتوانی کی
تکلف بر طرف فرہاد اور اتنی سبک دستی
خیال آساں تھا لیکن خوابِ خسرو نے گرانی کی
پس از مُردن بھی دیوانہ زیارت گاہِ طفلاں ہے
شرارِ سنگ نے تربت پہ میری گل فشانی کی
اسد کو بوریے میں دھر کے پھونکا موجِ ہستی نے
فقیری میں بھی باقی ہے شرارت نوجوانی کی
٭٭
غزل نمبر 188
نکوہش 221ہے سزا فریادیِ بیدادِ دلبر کی
مبادا خندۂ دنداں نما ہو صبح محشر کی
رگِ لیلیٰ کو خاکِ دشتِ مجنوں ریشگی بخشے
اگر بو دے بجاۓ دانہ دہقاں نوک نشتر کی
بجز دیوانگی ہوتا نہ انجامِ خود آرائی
اگر پیدا نہ کرتا آئنہ زنجیر جوہر کی
پرِ پروانہ شاید بادبانِ کشتیِ مے تھا
ہوئی مجلس کی گرمی سے روانی دورِ ساغر کی
غرورِ لطفِ ساقی نشۂ بے باکیِ مستاں
نمِ دامانِ عصیاں ہے طراوت موجِ کوثر کی
اسد جز آب بخشیدن ز دریا خضر کو کیا تھا
ڈبوتا چشمۂ حیواں میں گر کشتی سکندر کی
٭٭
غزل نمبر 189
نگاہِ یار نے جب عرضِ تکلیفِ شرارت کی
دیا ابرو کو چھیڑ اور اُس نے فتنے کو اشارت کی
روانی موجِ مے کی گر خطِ جام آشنا ہووے
لکھے کیفیت اس سطرِ تبسم کی عبارت کی
شہِ گل نے کیا جب بندوبستِ گلشن آرائی
عصاۓ سبز دے نرگس کو دی خدمت نظارت کی
نہیں ریزش عرق کی اب اسے ذوبانِ اعضا ہے
تبِ خجلت نے کیا222 نبضِ رگِ گل میں حرارت کی
ز بس نکلا غبارِ دل بہ وقتِ گریہ آنکھوں سے
اسد کھاۓ ہوۓ سر مے نے آنکھوں میں بصارت کی
٭٭
غزل نمبر 190
آ کہ مری جان کو قرار نہیں ہے
طاقتِ بیدادِ انتظار نہیں ہے
دیتے ہیں جنت حیاتِ دہر کے بدلے
نشّہ بہ اندازۂ خمار نہیں ہے
گریہ نکالے ہے تیری بزم سے مجھ کو
ہاۓ کہ رونے پہ اختیار نہیں ہے
ہم سے عبث ہے گمانِ رنجشِ خاطر
خاک میں عشّاق کی غبار نہیں ہے
دل سے اُٹھا لطفِ جلوہ ہاۓ معانی
غیرِ گل آئینۂ بہار نہیں ہے
قتل 223کا میرے کیا ہے عہد تو بارے
واۓ اگر عہد اُستوار نہیں ہے
تو نے قسم میکشی کی کھائی ہے غالب
تیری قسم کا کچھ اعتبار نہیں ہے
٭٭
غزل نمبر 191
خدایا! دل کہاں تک دن بصد رنج و تعب کاٹے
خمِ گیسو ہو شمشیرِ سیہ تاب اور شب کاٹے
کریں گر قدرِ اشکِ دیدۂ عاشق خود آرایاں
صدف دندانِ گوہر سے بہ حسرت اپنے لب کاٹے
دریغا وہ مریضِ غم کہ فرطِ ناتوانی سے
بہ قدرِ یک نفس جادہ بصد رنج و تعب کاٹے
اسد مجھ میں ہے اُس کے بوسۂ پاکی کہاں جرأت
کہ میں نے دست و پا باہم بہ شمشیرِ ادب کاٹے
٭٭
غزل نمبر 192
ہوا جب حسن کم خط بر عذارِ سادہ آتا ہے
کہ بعد از صافِ مے ساغر میں دُردِ بادہ آتا ہے
نہیں ہے مزرعِ الفت میں حاصل غیرِ پامالی
نظر دانہ سرشکِ بر زمیں افتادہ آتا ہے
محیطِ دہر میں بالیدن از ہستی گزشتن ہے
کہ یاں ہر اک حباب آسا شکست آمادہ آتا ہے
دیارِ عشق میں جاتا ہے جو سوداگری ساماں
متاعِ زندگانی ہا بہ غارت دادہ آتا ہے
اسد وارستگاں با وصفِ ساماں بے تعلق ہیں
صنوبر گلستاں میں با دلِ آزادہ آتا ہے
٭٭
غزل نمبر 193
بہ فکرِ حیرتِ رم آئنہ پرداز زانو ہے
کہ مشکِ نافہ تمثالِ سوادِ چشمِ آہو ہے
ترحّم میں ستم کوشاں کے ہے سامانِ خونریزی
سرشکِ چشمِ یار آبِ دمِ شمشیرِ ابرو ہے
کرے ہے دست فرسودِ ہوس وہمِ توانائی
پرِ افشاندہ در کنجِ قفس تعویذِ بازو ہے
ہوا چرخِ خمیدہ ناتواں بارِ علائق سے
کہ ظاہر پنجۂ خورشید دستِ زیرِ پہلو ہے
اسد تا کے طبیعت طاقتِ ضبطِ الم لاوے
فغانِ دل بہ پہلو نالۂ بیمارِ بد خو ہے
٭٭
غزل نمبر 194
خبر224 نگہ کو نگہ چشم کو عدو جانے
وہ جلوہ کر کہ نہ میں جانوں اور نہ تو جانے
نفس بہ نالہ رقیب و نگہ بہ اشک عدو
زیادہ اُس سے گرفتار ہوں کہ تو جانے
تپش 225سے شرم بقدرِ چکیدنِ عرقے
مباد حوصلہ معذورِ جستجو جانے
جنوں فسردۂ تمکیں ہے کاش عہدِ وفا
گدازِ حوصلہ کو پاسِ آبرو جانے
زباں سے عرضِ تمناۓ خامشی معلوم
مگر وہ خانہ بر انداز گفتگو جانے
مسیحِ کشتۂ اُلفت ببر علی خاں ہے
کہ جو اسد تپشِ نبضِ آرزو جانے
٭٭
غزل نمبر 195
دیکھ تری خوۓ گرم دل بہ تپش رام ہے
طائرِ سیماب کو شعلہ رگِ دام ہے
شوخیِ چشمِ حبیب فتنۂ ایام ہے
قسمتِ بختِ رقیب گردشِ صد جام ہے
جلوۂ بینش پناہ بخشے ہے ذوقِ نگاہ
کعبۂ پوشش سیاہ مردمک احرام ہے
کُو نفس و چہ غبار؟ جرأتِ عجز آشکار
در تپش آبادِ شوق سرمہ صدا نام ہے
غفلتِ افسردگی تہمتِ تمکیں نہ ہو
اے ہمہ خوابِ گراں حوصلہ بدنام ہے
بزمِ وداعِ نظر یاس طرب نامہ بر
فرصتِ رقصِ شرر بوسہ بہ پیغام ہے
گریۂ طوفاں رکاب، نالۂ محشر عناں
بے سر و ساماں اسد فتنہ سر انجام ہے
٭٭
غزل نمبر 196
ہجومِ 226غم سے یاں تک سرنگونی مجھ کو حاصل ہے
کہ تارِ دامن و تارِ نظر میں فرق مشکل ہے
ہوا ہے مانعِ عاشق نوازی نازِ خود بینی
تکلف بر طرف، آئینۂ تمئیز حائل ہے
بہ سیلِ اشک لختِ دل ہے دامن گیر مژگاں کا
غریقِ بحر جویاۓ خس و خاشاکِ ساحل ہے
بہا ہے یاں تک اشکوں میں غبارِ کلفتِ خاطر
کہ چشمِ تر میں ہر اک پارۂ دل پاۓ در گل ہے
نکلتی ہے تپش میں بسملوں کی، برق کی شوخی
غرض اب تک خیالِ گرمیِ رفتارِ قاتل ہے
وہ گُل جس گلستاں میں جلوہ فرمائی کرے غالب
چٹکنا غنچۂ گُل 227کا صداۓ خندۂ دل ہے
٭٭
غزل نمبر 197
ہم228 زباں آیا نظر فکرِ سخن میں تُو مجھے
مردمک ہے طوطیِ آئینۂ زانو مجھے
یادِ229 مژگاں میں بہ نشتر رازِ صحراۓ خیال
چاہے بہرِ تپش یک دست صد پہلو مجھے
خاکِ فرصت بر سرِ ذوقِ فنا اے انتظار
ہے غبارِ شیشۂ ساعت رمِ آہو مجھے
اضطرابِ عمر بے مطلب نہیں آخر کہ ہے
جستجوۓ فرصتِ ربطِ سرِ زانو مجھے
چاہیے درمانِ ریشِ دل بھی تیغِ یار سے
مرہمِ زنگار ہے وہ وسمۂ ابرو مجھے
کثرتِ جور و ستم سے ہو گیا ہو ں بے دماغ
خوب230 رویوں نے بنایا ہے اسد بد خو مجھے
٭٭
غزل نمبر 198
تشنۂ خونِ تماشا جو وہ پانی مانگے
آئنہ رخصتِ اندازِ روانی مانگے
رنگ نے گُل سے دمِ عرضِ پریشانیِ بزم
برگِ گُل ریزۂ مینا کی نشانی مانگے
زلف تحریرِ پریشانِ تقاضا ہے مگر
شانہ ساں مُو بہ زباں خامۂ مانی مانگے
آمدِ خط سے نہ کر خندۂ شیریں کہ مباد
چشمِ مور آئنۂ دل نگرانی مانگے
ہوں گرفتارِ کمیں گاہِ تغافل کہ جہاں
خوابِ صیاد سے پرواز گرانی مانگے
چشمِ پرواز و نفس خفتہ مگر ضعفِ امید
شہپرِ کاہ پئے مژدہ رسانی مانگے
تو وہ بد خو کہ تحیر کو تماشا جانے
دل وہ افسانہ کہ آشفتہ بیانی مانگے
وحشتِ شورِ تماشا ہے کہ جوں نکہتِ گل
نمکِ زخمِ جگر بال فشانی مانگے
نقشِ نازِ بتِ طناز بہ آغوشِ رقیب
پاۓ طاؤس پئے خامۂ مانی مانگے
وہ تپِ عشقِ تمنا ہے کہ جوں رشتۂ شمع
شعلہ تا نبضِ جگر ریشہ دوانی مانگے
گر ملے حضرتِ بیدل کا خطِ لوحِ مزار
اسد آئینۂ پردازِ معانی مانگے
٭٭
غزل نمبر 199
باعثِ231 واماندگی ہے عمرِ فرصت جُو مجھے
کر دیا ہے پا بہ زنجیرِ رمِ آہو مجھے
پا بہ دامن ہو رہا ہوں بسکہ میں صحرا نورد
خارِ پا ہیں جوہرِ آئینۂ زانو مجھے
فرصتِ آرام غش، ہستی ہے بحرانِ عدم
ہے شکستِ رنگِ امکاں گردشِ پہلو مجھے
دیکھنا حالت مرے دل کی ہم آغوشی کے وقت
ہے نگاہِ آشنا تیرا سرِ ہر مو مجھے
ہوں سراپا سازِ آہنگِ شکایت کچھ نہ پوچھ
ہے یہی بہتر کہ لوگوں میں نہ چھیڑے تو مجھے
سازِ ایماۓ فنا ہے عالمِ پیری اسد
قامتِ خم سے ہے حاصل شوخیِ ابرو مجھے
٭٭
غزل نمبر 200
نہ ہوئی گر مرے مرنے سے تسلی نہ سہی
امتحاں اور بھی باقی ہو تو یہ بھی نہ سہی
خار خارِ المِ حسرتِ دیدار تو ہے
شوق گلچینِ گلستانِ تسلی نہ سہی
مے پرستاں خُمِ مے منہ سے لگاۓ ہی بنے
ایک دن گر نہ ہوا بزم میں ساقی نہ سہی
نفسِ قیس کہ ہے چشم و چراغِ صحرا
گر نہیں شمعِ سیہ خانۂ لیلی نہ سہی
ایک ہنگامے پہ موقوف ہے گھر کی رونق
نوحۂ غم ہی سہی، نغمۂ شادی نہ سہی
نہ ستائش کی تمنا، نہ صلے کی پروا
نہ ہوۓ گر مرے اشعار میں معنی نہ سہی232
عشرتِ صحبتِ خوباں ہی غنیمت سمجھو
نہ ہوئی غالب اگر عمرِ طبیعی نہ سہی
٭٭
غزل نمبر 201
دلِ بیمارِ از خود رفتہ تصویرِ نہالی ہے
کہ مژگاں ریشہ دارِ نیستانِ شیرِ قالی ہے
سرورِ نشۂ گردش اگر کیفیت افزا ہو
نہاں ہر گرد بادِ دشت میں جامِ سفالی ہے
عروجِ نشہ ہے سر تا قدم قدِ چمن رویاں
بجاۓ خود وگرنہ سرو بھی میناۓ خالی ہے
ہوا آئینہ جامِ بادہ عکسِ روۓ گلگوں سے
نشانِ خالِ رخ داغِ شرابِ پرتگالی ہے
بہ پاۓ خامۂ مو طے رہِ وصفِ کمر کیجے
کہ تارِ جادۂ سر منزلِ نازک خیالی ہے
اسد اُٹھنا قیامت قامتوں کا وقتِ آرائش
لباسِ نظم میں بالیدنِ مضمونِ عالی ہے
٭٭
غزل نمبر 202
نشۂ مے بے چمن دودِ چراغِ کشتہ ہے
جام، داغِ شعلہ اندودِ چراغِ کشتہ ہے
رحم کر ظالم کہ کیا بودِ چراغِ کشتہ ہے
نبضِ بیمارِ وفا دودِ چراغِ کشتہ ہے
داغِ ہمدیگر ہیں اہلِ باغ گر گُل ہو شہید
لالہ چشمِ حسرت آلودِ چراغِ کشتہ ہے
شور ہے کس بزم کی عرضِ جراحت خانہ کا
صبح یک زخمِ نمک سودِ چراغِ کشتہ ہے
نامرادِ جلوہ ہر عالم میں حسرت گُل کرے
لالہ داغِ شعلہ فرسودِ چراغِ کشتہ ہے
ہو جہاں تیرا دماغِ ناز مستِ بے خودی
خوابِ نازِ گل رخاں دودِ چراغِ کشتہ ہے
ہے دلِ افسردہ داغِ شوخیِ مطلب اسد
شعلہ آخر فالِ مقصودِ چراغِ کشتہ ہے
٭٭
غزل نمبر 203
تغافل دوست ہوں میرا دماغِ عجز عالی ہے
اگر پہلو تہی کیجے تو جا میری بھی خالی ہے
بتانِ شوخ کا دل سخت ہو گا کس قدر یار ب
مری فریاد کو کہسار سازِ عجز مالی ہے
نشانِ بے قرارِ شوق جز مژگاں نہیں باقی
کئی کانٹے ہیں اور پیراہنِ شکلِ نہالی ہے
جنوں کر اے چمن تحریرِ درسِ شغلِ تنہائی
نگاہِ شوق کو صحرا بھی دیوانِ غزالی ہے
سیہ مستی ہے اہلِ خاک کو ابرِ بہاری سے
زمیں کیفیتِ یک جامِ لبریزِ سفالی ہے233
رہا آباد عالم اہلِ ہمت کے نہ ہونے سے
بھرے ہیں جس قدر جام و سبو میخانہ خالی ہے
اسد مت رکھ تعجب خر دماغی ہاۓ منعم کا
کہ یہ نامرد بھی شیر افگنِ میدانِ قالی ہے
٭٭
غزل نمبر 204
کاوشِ دزدِ حنا پوشیدہ افسوں ہے مجھے
ناخنِ انگشتِ خوباں لعلِ واژوں ہے مجھے
ریشۂ شہرت دوانیدن ہے رفتن زیرِ خاک
خنجرِ جلاد برگِ بیدِ مجنوں ہے مجھے
ساقیا دے ایک ہی ساغر میں سب کو مے کہ آج
آرزوۓ بوسۂ لب ہاۓ میگوں ہے مجھے
ہو گۓ باہم دگر جوشِ پریشانی سے جمع
گردشِ جامِ تمنا دورِ گردوں ہے مجھے
دیکھ لی جوشِ جوانی کی ترقّی بھی کہ اب
بدر کی مانند کاہش روز افزوں ہے مجھے
غنچگی ہے برنفس پیچیدنِ فکر اے اسد
در شگفتن ہاۓ دل در رہنِ مضموں ہے مجھے
٭٭
غزل نمبر 205
گلشن کو تری صحبت از بسکہ خوش آئی ہے
ہر غنچے کا گل ہونا آغوش کشائی ہے
واں کنگرِ استغنا ہر دم ہے بلندی پر
یاں نالے کو اور الٹا دعواۓ رسائی ہے
آئینہ نفس سے بھی ہوتا ہے کدورت کش
عاشق کو غبارِ دل اک وجہِ صفائی ہے
از بسکہ سکھاتا ہے غم ضبط کے اندازے
داغوں کا نظر آنا خود چشم نمائی ہے
ہنگامِ تصور ہوں دریوزہ گرِ بوسہ
یہ کاسۂ زانو بھی اک جامِ گدائی ہے
وہ دیکھ کے حسن اپنا مغرور ہوا غالب
صد جلوۂ آئینہ یک صبحِ جدائی ہے
٭٭
غزل نمبر 206
دلا! 234 عبث ہے تمناۓ خاطر افروزی
کہ بوسۂ لبِ شیریں ہے اور گلو سوزی
طلسمِ آئنہ زانوۓ فکر ہے غافل
ہنوز حسن کو ہے سعیِ جلوہ اندوزی
ہوئی ہے سوزشِ دل بسکہ داغِ بے اثری
اُگی ہے دودِ جگر سے شبِ سیہ روزی
بہ پر فشانیِ پروانۂ چراغِ مزار
کہ بعدِ مرگ بھی ہے لذتِ جگر سوزی
تپش تو کیا، نہ ہوئی مشقِ پر فشانی بھی
رہا میں ضعف سے شرمندۂ نو آموزی
اسد ہمیشہ پئے کفشِ پائے سیم تناں
شعاعِ مہر سے کرتا ہے چرخ زر دوزی
٭٭
غزل نمبر 207
محوِ235 آرامیدگی سامانِ بے تابی کرے
چشم میں توڑے نمک داں تا شکر خوابی کرے
آرزوۓ خانہ آبادی نے ویراں تر کیا
کیا کروں گر سایۂ دیوار سیلابی کرے
نغمہ ہا وابستۂ یک عقدۂ تارِ نفس
ناخنِ تیغِ بتاں شاید کہ مضرابی کرے
صبح دم وہ جلوہ ریزِ بے نقابی ہو اگر
رنگِ رخسارِ گلِ خورشید مہتابی کرے
زخم ہاۓ کہنۂ دل رکھتے ہیں جوں مردگی
اے خوشا گر آبِ تیغِ ناز تیزابی کرے
بادشاہی کا جہاں یہ حال ہو غالب تو پھر
کیوں نہ دلی میں ہر اک ناچیز نوابی کرے
٭٭
غزل نمبر 208
یوں بعدِ ضبطِ اشک پھروں گرد یار کے
پانی پیے کسو پہ کوئی جیسے وار کے
سیماب پشت گرمیِ آئینہ دے ہے، ہم
حیراں کیے ہوۓ ہیں دلِ بے قرار کے
بعد از وداعِ یار بخوں در طپیدہ ہیں
نقشِ قدم ہیں ہم کفِ پاۓ نگار کے
ظاہر ہے ہم سے کلفتِ بختِ سیاہ روز
گویا کہ تختۂ مشق ہیں خطِّ غبار کے
حسرت سے دیکھ رہتے ہیں ہم آب و رنگِ گُل
مانندِ شبنم اشک ہیں مژگانِ خار کے
آغوشِ گل کشودہ براۓ وداع ہے
اے عندلیب چل کہ چلے دن بہار کے
ہم مشقِ فکرِ وصل و غمِ ہجر سے اسد
لائق نہیں رہے ہیں غمِ روزگار کے
٭٭
غزل نمبر 209
بہ236 نقصِ ظاہری رنگِ کمالِ طبع پنہاں ہے
کہ بہرِ مدعاۓ دل زبانِ لال زنداں ہے
خموشی خانہ زادِ چشمِ بے پروا نگاہاں ہے
غبارِ سرمہ یاں گردِ سوادِ سُنبلستاں ہے
صفاۓ اشک میں داغِ جگر جلوہ دکھاتے ہیں
پرِ طاؤس گویا برقِ ابرِ چشمِ گریاں ہے
بہ بوۓ زلفِ مشکیں یہ دماغ آشفتۂ رم ہیں
کہ شاخِ آہواں دودِ چراغ آسا پریشاں ہے
تکلف بر طرف ہے جانستاں تر لطفِ بدخویاں
نگاہِ بے حجابِ یار تیغِ تیز عریاں ہے
اسد یہ237 فرطِ غم نے کی تلف کیفیتِ شادی
کہ صبحِ عید مجھ کو بدتر از چاکِ گریباں ہے
٭٭
غزل نمبر 210
عاشق نقابِ جلوۂ جانانہ چاہیے
فانوسِ شمع کو پرِ پروانہ چاہیے
ہے وصل ہجر عالمِ تمکین و ضبط میں
معشوقِ شوخ و عاشقِ دیوانہ چاہیے
پیدا کریں دماغِ تماشاۓ سرو و گل
حسرت کشوں کو ساغر و مینا نہ چاہیے
دیوانگاں ہیں حاملِ رازِ نہانِ عشق
اے بے تمیز گنج کو ویرانہ چاہیے
اُس لب سے مل ہی جاۓ گا بوسہ کبھی تو ہاں
شوقِ فضول و جرأتِ رندانہ چاہیے
ساقی بہارِ موسمِ گل ہے سرور بخش
پیماں سے ہم گزر گئے، پیمانہ چاہیے
جادہ238 ہے طرزِ گفتگوۓ یار، اے اسد
یاں جز فسوں نہیں، اگر افسانہ چاہیے
٭٭
غزل نمبر 211
239جہاں زندانِ موجستانِ دل ہاۓ پریشاں ہے
طلسمِ شش جہت یک حلقۂ گردابِ طوفاں ہے
نہیں ہے مُردنِ صاحبدلان جز کسبِ جمعیّت
سویدا میں نفس مانندِ خط در نقطہ پنہاں ہے
غبارِ دشتِ وحشت سرمہ سازِ انتظار آیا
کہ چشمِ آبلہ میں طویلِ میلِ راہِ مژگاں ہے
ز بس دوشِ رمِ آہو پہ ہے محمل تمنا کا
جنونِ قیس سے بھی شوخیِ لیلیٰ نمایاں ہے
نقابِ یار ہے غفلت نگاہی اہلِ بینش کی
مژہ پوشیدنی ہا پردۂ تصویرِ عریاں ہے
اسد بندِ قباۓ یار ہے فردوس کا غنچہ
اگر وا ہو تو دکھلا دوں کہ یک عالم گلستاں ہے
٭٭
غزل نمبر 212
صبح سے معلوم آثارِ ظہورِ شام ہے
غافلاں آغازِ کار آئینۂ انجام ہے
بسکہ ہیں صیاد راہِ عشق میں صرفِ کمیں
جادۂ رہ سر بسر مژگانِ چشمِ دام ہے
بسکہ تیرے جلوۂ دیدار کا ہے اشتیاق
ہر بتِ خورشید طلعت آفتابِ بام ہے
مستعدِ قتلِ یک عالم ہے جلادِ فلک
کہکشاں موجِ شفق میں تیغِ خوں آشام ہے
کیا کمالِ عشق نقص آبادِ گیتی میں ملے
پختگی ہاۓ تصور یاں خیالِ خام ہے
ہو جہاں وہ ساقیِ خورشید رُو مجلس فروز
واں اسد تارِ شعاعِ مہر خطِّ جام ہے
٭٭
غزل نمبر 213
ہجومِ240 نالہ حیرت عاجزِ عرضِ یک افغاں ہے
خموشی ریشۂ صد نیستاں سے خس بہ دنداں ہے
کجا مے، کُو عرق، سعیِ عروجِ نشّہ رنگیں تر
خطِ رخسارِ ساقی تا خطِ ساغر چراغاں ہے
رہا بے قدر دل در پردۂ جوشِ ظہور آخر
گل و نرگس بہم آئینہ و اقلیمِ کوراں ہے
تکلف سازِ رسوائی ہے غافل شرمِ رعنائی
دلِ خوں گشتہ در دستِ حنا آلودہ عریاں ہے
تماشا سرخوشِ غفلت ہے با وصفِ حضورِ دل
ہنوز آئینہ خلوت گاہِ نازِ ربطِ مژگاں ہے
تکلف برطرف ذوقِ زلیخا جمع کر ورنہ
پریشاں خواب آغوشِ و داعِ یوسفستاں ہے
اسد جمعیّتِ دل در کنارِ بے خودی خوشتر
دو عالم آگہی سامانِ یک خوابِ پریشاں ہے
٭٭
غزل نمبر 214
اے 241خوشا وقتے کہ ساقی یک خمستاں وا کرے
تار و پودِ فرشِ محفل پنبۂ مینا کرے
گر تبِ آسودۂ مژگاں تصرف وا کرے
رشتۂ پا شوخیِ بالِ نفس پیدا کرے
گر دکھاؤں صفحۂ بے نقش رنگِ رفتہ کو
دستِ رد سطرِ تبسم یک قلم انشا کرے
جو عزا دارِ شہیدانِ نفس دزدیدہ ہو
نوحۂ ماتم بہ آوازِ پرِ عنقا کرے
صفحۂ گردابِ جوہر کو بنا ڈالے تنور
عکس گر طوفانیِ آئینۂ دریا کرے
یک درِ بر روۓ رحمت بستہ دورِ شش جہت
نا امیدی ہے خیالِ خانہ ویراں کیا کرے
ناتوانی سے نہیں سر در گریبانی اسد
ہوں سراپا یک قلم تسلیم جو مولا کرے
٭٭
غزل نمبر 215
چاک کی خواہش اگر وحشت بہ عریانی کرے
صبح کی مانند زخمِ دل گریبانی کرے
مے کدہ گر چشمِ مستِ یار سے پاوے شکست
موۓ شیشہ دیدۂ ساغر کی مژگانی کرے
خطِّ عارض سے لکھا ہے زلف کو اُلفت نے عہد
یک قلم منظور ہے جو کچھ پریشانی کرے
ہاتھ پر گر ہاتھ مارے یار وقتِ قہقہہ
کرمکِ شب تاب آسا مہ پرافشانی کرے
وقت اُس افتادہ کا خوش جو قناعت سے اسد
نقشِ پاۓ مور کو تختِ سلیمانی کرے
٭٭
غزل نمبر 216
چشمِ خوباں مے فروشِ نشہ زارِ ناز ہے242
سرمہ گویا موجِ دُودِ شعلۂ آواز ہے
ہے صریرِ خامہ ریز ش ہاۓ استقبالِ ناز
نامہ خود پیغام کو بالِ پرِ پرواز243 ہے
سرنوشتِ اضطراب انجامیِ الفت نہ پوچھ
نالِ خامہ خار در پیراہنِ آغاز ہے
نالۂ دل نغمہ ریزاں ہے بہ مضرابِ خیال
رشتۂ پا یاں نوا سامانِ بندِ ساز ہے
شرم ہے طرزِ تلاشِ انتخابِ یک نگاہ
اضطرابِ چشمِ برپا دوختہ غمّاز ہے
شوخیِ اظہار کو جز وحشتِ مجنوں اسد
بسکہ لیلاۓ سخن محمل نشینِ راز ہے
٭٭
غزل نمبر 217
خوابِ جمعیّتِ مخمل ہے پریشان مجھ سے
رگِ بستر کو ملی شوخیِ مژگاں مجھ سے
غمِ عشاق نہ ہو سادگی آموزِ بتاں
آرزو خانۂ آئینہ ہے ویراں مجھ سے
کنجِ تاریک و کمیں گیریِ اختر شمری
عینکِ چشم بنا روزنِ زنداں مجھ سے
اے تسلی ہوسِ وعدہ فریب افسوں ہے
ورنہ کیا ہو نہ سکے نالہ بہ ساماں مجھ سے
بستنِ عہدِ محبت ہمہ نادانی تھا
چشمِ نکشودہ رہا عقدۂ پیماں مجھ سے
آتش افروزیِ یک شعلۂ ایما تجھ سے
چشمک آرایِ صد شہرِ چراغاں مجھ سے
اے اسد دسترسِ وصل تمنا معلوم
کاش ہو قدرتِ برچیدنِ داماں مجھ سے
٭٭
غزل نمبر 218
بہارِ تعزیت آبادِ عشق ماتم ہے
کہ تیغِ یار ہلالِ مہِ محرم ہے
بہ رہنِ ضبط ہے آئینہ بندیِ گوہر
وگرنہ بحر میں ہر قطرہ چشمِ پُر نم ہے
چمن میں کون ہے طرز آفرینِ شیوۂ عشق
کہ گل ہے بلبلِ رنگین و بیضہ شبنم ہے
اگر نہ ہو وے رگِ خواب صرفِ شیرازہ
تمام دفترِ ربطِ مزاج برہم ہے
اسد بہ نازکیِ طبعِ آرزو انصاف
کہ ایک وہمِ ضعیف و غمِ دو عالم ہے
٭٭
غزل نمبر 219
ہر قدم دوریِ منزل ہے نمایاں مجھ سے
میری رفتار سے بھاگے ہے بیاباں مجھ سے
درسِ عنوانِ تماشا بہ تغافل خوشتر
ہے نگہ رشتۂ شیرازۂ مژگاں مجھ سے
وحشتِ آتشِ دل سے شبِ تنہائی میں
دُود کی طرح رہا سایہ گریزاں مجھ سے
اثرِ آبلہ کرتا ہے بیاباں روشن
جادہ جوں رشتۂ گوہر ہے چراغاں مجھ سے
بیکسی ہاۓ شبِ ہجر کی وحشت مت پوچھ
سایہ خورشیدِ قیامت میں ہے پنہاں مجھ سے
بے خودی بسترِ تمہیدِ فراغت ہو جو
پُر ہے ساۓ کی طرح میرا شبستاں مجھ سے
شوقِ دیدار میں گر تو مجھے گردن مارے
جوں گلِ شمع ہو نظّارہ پریشاں مجھ سے
گردشِ ساغرِ صد جلوۂ رنگیں تجھ سے
آئنہ داریِ یک دیدۂ حیراں مجھ سے
نگہِ گرم سے اک آگ ٹپکتی ہے اسد
ہے چراغاں خس و خاشاکِ گلستاں مجھ سے
٭٭
غزل نمبر 220
عذارِ یار نظر بندِ چشمِ گریاں ہے
عجب کہ پرتوِ خور شمعِ شبنمستاں ہے
زباں بہ کامِ خموشاں ز فرطِ تلخیِ ضبط
بہ رنگِ پستہ بہ زہراب دادہ پیکاں ہے
قباۓ جلوہ فزاۓ لباسِ عریانی
بہ طرزِ گل رگِ جاں مجھ کو تارِ داماں ہے
لبِ گزیدۂ معشوق ہے دلِ افگار
نشانِ بُرّشِ شمشیر زخمِ دنداں ہے
کشودِ غنچۂ دل ہا عجب نہ رکھ غافل
صبا خرامیِ خوباں بہار ساماں ہے
فغاں کہ بہرِ شفاۓ حصولِ ناشدنی
دماغ ناز کشِ منّتِ طبیباں ہے
اسد! جہاں کہ علی بر سر نوازش ہو
کشادِ عقدۂ دشوار کارِ آساں ہے
٭٭
غزل نمبر 221
بسکہ244 حیرت سے ز پا افتادۂ زنہار ہے
ناخنِ انگشت بتخالِ لبِ بیمار ہے
زلف سے شب درمیاں دادن نہیں ممکن دریغ
ورنہ صد محشر بہ رہنِ صافیِ رخسار ہے
در خیال آبادِ سوداۓ سرِ مژگانِ دوست
صد رگِ جاں جادہ آسا وقفِ نشتر زار ہے
بسکہ ویرانی سے کفر و دیں ہوۓ زیر و زبر
گردِ صحراۓ حرم تا کوچۂ زنار ہے
اے سرِ شوریدہ نازِ عشق و پاسِ آبرو
یک طرف سودا و یک سُو منتِ دستار ہے
وصل میں دل انتظارِ طرفہ رکھتا ہے مگر
فتنہ تاراجِ تمنا کے لیے درکار ہے
ایک جا حرفِ وفا لکھا تھا سو بھی مٹ گیا
ظاہرا کاغذ ترے خط کا غلط بردار ہے
خانمانہا پائمالِ شوخیِ دعویٰ اسد
سایۂ دیوار سیلابِ در و دیوار ہے
٭٭
غزل نمبر 220
تغافل 245مشربی سے نا تمامی بسکہ پیدا ہے
نگاہِ ناز چشمِ یار میں زنارِ مینا ہے
تصرف وحشیوں میں ہے تصور ہاۓ مجنوں کا
سوادِ چشمِ آہو عکسِ خالِ روۓ لیلیٰ ہے
محبت طرزِ پیوندِ نہالِ دوستی جانے
دویدن ریشہ ساں مفتِ رگِ خوابِ زلیخا ہے
کیا یکسر گدازِ دل بہ نازِ جوششِ حسرت
سویدا نسخۂ تہہ بندیِ داغِ تمنا ہے
ہجومِ ریزشِ خوں کے سبب رنگ اُڑ نہیں سکتا
حناۓ پنجۂ صیاد مرغِ رشتہ بر پا ہے
اسد246 گر نامِ والاۓ علی تعویذِ بازو ہے
غریقِ بحرِ خوں تمثال در آئینہ رہتا ہے
٭٭
غزل نمبر 223
شفق247 بہ دعوئ عاشق گواہِ رنگیں ہے
کہ ماہ دزدِ حناۓ کفِ نگاریں ہے
کرے ہے بادہ ترے لب سے کسبِ رنگِ فروغ
خطِ پیالہ سراسر نگاہِ گلچیں ہے
عیاں ہے پاۓ حنائی سے پرتوِ خورشید
رکاب روزنِ دیوارِ خانۂ زیں ہے
جبینِ صبحِ امیدِ فسانہ گویاں پر
درازیِ رگِ خوابِ بتاں خطِ چیں ہے
ہوا نشانِ سوادِ دیارِ حسن عیاں
کہ خط غبارِ زمیں خیزِ زلفِ مشکیں ہے
بجا ہے گر نہ سنے نالہ ہاۓ بلبلِ زار
کہ گوشِ گل نمِ شبنم سے پنبہ آگیں ہے
٭٭
غزل نمبر 224
اثر 248سوزِ محبت کا قیامت بے محابا ہے
کہ رگ سے سنگ میں تخمِ شرر کا ریشہ پیدا ہے
نہاں ہے گوہرِ مقصود جیبِ خود شناسی میں
کہ یاں غوّاص ہے تمثال اور آئینہ دریا ہے
عزیزاں گر چہ بہلاتے ہیں ذکرِ وصل سے لیکن249
مجھے افسونِ خواب افسانۂ خوابِ زلیخا ہے
تصورِ بہر تسکینِ طپیدن ہاۓ طفلِ دل
بہ باغِ رنگ ہاۓ رفتہ گلچینِ تماشا ہے
بہ سعیِ غیر ہے قطعِ لباسِ خانہ ویرانی
کہ تارِ جادۂ رہ رشتۂ دامانِ صحرا ہے
مجھے شب ہاۓ تاریکِ فراقِ شعلہ رویاں میں
چراغِ خانۂ دل سوزشِ داغِ تمنا ہے
ترے نوکر ترے در پر اسد کو ذبح کرتے ہیں
ستمگر! نا خدا ترس! آشنا کُش! ماجرا کیا ہے
٭٭
غزل نمبر 225
جوہرِ آئینہ ساں مژگاں بہ دل آسودہ ہے
قطرہ جو آنکھوں سے ٹپکا سو نگہ آلودہ ہے
دامگاہِ عجز میں سامانِ آسائش کہاں
پر فشانی بھی فریبِ خاطرِ آسودہ ہے
اے ہوس عرضِ بساطِ نازِ مشتاقی نہ مانگ
جوں پرِ طاؤس چندیں داغِ مشک اندودہ ہے
ہے ریا کا رتبہ بالا تر تصور کردنی
تیرگی سے داغ کی مہ سیمِ مس اندودہ ہے
کیا کہوں پرواز کی آوارگی کی کشمکش
عافیت سرمایۂ بال و پرِ نکشودہ ہے
ہے سوادِ خط پریشاں موئیِ اہلِ عزا
خامہ میرا شمعِ قبرِ کشتگاں کا دودہ ہے
جس طرف سے آئے ہیں، آخر اُدھر ہی جائیں گے
مرگ سے وحشت نہ کر راہِ عدم پیمودہ ہے
پنبۂ مینائی ہی رکھ لو تم اپنے کان میں
مے پرستاں ناصحِ بے صرفہ گو بیہودہ ہے
کثرتِ انشاۓ مضمونِ تحیّر سے اسد
ہر سرِ انگشت نوکِ خامۂ فرسودہ ہے
٭٭
غزل نمبر 226
بہ250 بزمِ مے پرستی حسرتِ تکلیف بے جا ہے
کہ جامِ بادہ کف بر لب بہ تکلیفِ تقاضا ہے
نشاطِ دیدۂ بینا ہے کُو خواب و چہ بیداری
بہم آوردہ مژگاں بوسۂ روۓ تماشا ہے
نہ لائی شوخیِ اندیشہ تابِ دردِ نومیدی
کفِ افسوس سودن عہدِ تجدیدِ تمنا ہے
نگہ معمارِ حسرت ہا، چہ آبادی، چہ ویرانی
کہ مژگاں جس طرف وا ہو، کفِ دامانِ صحرا ہے
نسودے آبلوں میں گر سرشکِ دیدۂ نم سے
بہ جولاں گاہِ نومیدی نگاہِ عاجزاں پا ہے
بہ سختی ہاۓ قیدِ زندگی معلوم آزادی
شرر در بندِ دامِ رشتۂ رگ ہاۓ خارا ہے
اسد یاسِ تمنا سے نہ رکھ امیدِ آزادی
گدازِ آرزو ہا آبیارِ آرزو ہا ہے
٭٭
غزل نمبر 227
بہرِ پروردن سراسر لطف گستر سایہ ہے
پنجۂ مژگاں بہ طفلِ اشک دستِ دایہ ہے
فصلِ گل میں دیدۂ خونیں نگاہانِ جنوں
دولتِ نظّارۂ گل سے شفق سرمایہ ہے
شورشِ باطن سے یاں تک مجھ کو غفلت ہے کہ آہ
شیونِ دل یک سرودِ خانۂ ہمسایہ ہے
کیوں نہ تیغِ یار کو مشاطۂ الفت کہوں
زخم مثلِ گل سراپا کے مرے پیرایہ ہے
اے اسد آباد ہے مجھ سے جہانِ شاعری
خامہ میرا تختِ سلطانِ سخن کا پایہ ہے
٭٭
غزل نمبر 228
چشمِ گریاں بسملِ شوقِ بہارِ دید ہے
اشک ریزی عرضِ بال افشانیِ امید ہے
دامنِ گردوں میں رہ جاتا ہے ہنگامِ وداع
گوہرِ شب تاب اشکِ دیدۂ خورشید ہے
رتبۂ تسلیمِ خلت مشرباں عالی سمجھ
چشمِ قربانی گلِ شاخِ ہلالِ عید ہے
کچھ نہیں حاصل تعلق میں بغیر از کشمکش
اے خوشا رندی 251کہ مرغِ گلشنِ تجرید ہے
کثرتِ اندوہ سے حیران و مضطر ہے اسد
یا علی وقتِ عنایات و دمِ تائید ہے
٭٭
غزل نمبر 229
فرصت آئینۂ صد رنگِ خود آرائی ہے
روز و شب یک کفِ افسوسِ تماشائی ہے
وحشتِ زخمِ وفا دیکھ کہ سرتا سرِ دل
بخیہ جوں جوہرِ تیغ آفتِ گیرائی ہے
شمع آسا چہ سرِ دعوی و کُو پاۓ ثبات
گلِ صد شعلہ بہ یک جیبِ شکیبائی ہے
نالہ خونیں ورق و دل گلِ مضمونِ شفق
چمن آراۓ نفس وحشتِ تنہائی ہے
بوۓ گل فتنۂ بیدار و چمن جامۂ خواب
وصل بر رنگِ تپش کسوتِ رسوائی ہے
شرم طوفانِ خزاں رنگِ طرب گاہِ بہار
گلِ مہتاب بہ کف چشمِ تماشائی ہے
باغِ خاموشیِ دل سے سخنِ عشق اسد
نفسِ سوختہ رمزِ چمن ایمائی ہے
٭٭
غزل نمبر 230
عیادت بسکہ تجھ سے گرمیِ بازارِ بستر ہے
فروغِ شمعِ بالیں طالعِ بیدارِ بستر ہے
بہ ذوقِ شوخیِ اعضا تکلف بارِ بستر ہے
معافِ پیچ و تابِ کشمکش ہر تارِ بستر ہے
معماۓ تکلف سر بہ مُہرِ چشم پوشیدن
گدازِ شمعِ محفل پیچشِ طومارِ بستر ہے
مژہ فرشِ رہ و دل ناتوان و آرزو مضطر
بہ پاۓ خفتہ سیرِ وادیِ پُر خارِ بستر ہے
سرشکِ سر بہ صحرا دادہ نو رالعینِ داماں ہا
دلِ بے دست و پا افتادہ برخوردارِ بستر ہے
بہ طوفاں گاہِ جوشِ اضطرابِ وحشت شب ہا
شعاعِ آفتابِ صبحِ محشر تارِ بستر ہے
اسد جوشِ بہارِ دیدۂ بیدار کے صدقے
ہماری دید کو خوابِ زلیخا عارِ بستر ہے
٭٭
غزل نمبر 231
خطر 252ہے رشتۂ الفت رگِ گردن نہ ہو جاۓ
غرورِ دوستی آفت ہے تُو دشمن نہ ہو جاۓ
بہ پاسِ شوخیِ مژگاں سرِ ہر خار سوزن ہے
تبسم برگِ گل کو بخیۂ دامن نہ ہو جاۓ
جراحت دوزیِ عاشق ہے جاۓ رحم ڈرتا ہوں
کہ رشتہ تارِ اشکِ دیدۂ سوزن نہ ہو جاۓ
غضب شرم آفریں ہے رنگ ریزی ہاۓ خودبینی
سفیدی آئنے کی پنبۂ روزن نہ ہو جاۓ
سمجھ اس فصل میں کوتاہیِ نشو و نما غالب
اگر گل سرو کے قامت پہ پیراہن نہ ہو جاۓ
٭٭
غزل نمبر 232
نواۓ خفتۂ الفت اگر بے تاب ہو جاوے
پرِ پروانہ تارِ شمع پر مضراب ہو جاوے
اگر وحشت عرق افشانِ بے پروا خرامی ہو
بیاضِ دیدۂ آہو کفِ سیلاب ہو جاوے
ز بس طوفانِ آب و گِل ہے غافل کیا تعجب ہے
کہ ہر یک گرد بادِ گلستاں گرداب ہو جاوے
اثر میں یاں تک اے دستِ دعا اعجاز پیدا کر
کہ سجدہ قبضۂ تیغِ خمِ محراب ہو جاوے
بہ رنگِ گل اگر شیرازہ بندِ بے خودی رہیے
ہزار آشفتگی مجموعۂ یک خواب ہو جاوے
اسد با وصفِ عجزِ بے تکلف خاک گردیدن
غضب ہے گر غبارِ خاطرِ احباب ہو جاوے
٭٭
غزل نمبر 233
تا چند نازِ مسجد و بت خانہ کھینچیے
جوں شمع دل بہ خلوتِ جانانہ کھینچیے
بہزاد نقشِ یک دلِ صد چاک عرض کر
گر زلفِ یار کھینچ نہ سکے شانہ کھینچیے
راحت کمینِ شوخیِ تقریبِ نالہ ہے
پاۓ نظر بہ دامنِ افسانہ کھینچیے
زلفِ پری بہ سلسلۂ آرزو رسا
یک عمر دامنِ دلِ دیوانہ کھینچیے
یعنی دماغِ غفلتِ ساقی رسیدہ تر
خمیازۂ خمار سے پیمانہ کھینچیے
پرواز آشیانۂ عنقاۓ ناز ہے
بالِ پری بہ وحشتِ بے جا نہ کھینچیے
عجز و نیاز سے تو نہ آیا وہ راہ پر
دامن کو اُس کے آج حریفانہ کھینچیے
ہے ذوقِ گریہ عزمِ سفر کیجیے اسد
رختِ جنونِ سیل بہ ویرانہ کھینچیے
٭٭
غزل نمبر 234
وہ مژہ بر آہ روبانیدن253 از دل تیز ہے
یہ زمیں مثلِ نیستاں سخت ناوک خیز ہے
ہو سکے کیا خاک دست و بازوۓ فرہاد سے
بیستوں خوابِ گرانِ خسروِ پرویز ہے
ان ستم کیشوں کے کھاۓ ہیں زبس تیرِ نگاہ
پردۂ بادام یک غربالِ حسرت بیز ہے
خوں چکاں ہے جادہ مانندِ رگِ سودائیاں
سبزۂ صحراۓ اُلفت نشترِ خوں ریز ہے
جلوۂ گل دیکھ روۓ یار یاد آیا اسد
جوششِ فصلِ بہاری اشتیاق انگیز ہے
٭٭
غزل نمبر 235
دامانِ دل بہ وہمِ تماشا نہ کھینچیے
اے مدعی خجالتِ بے جا نہ کھینچیے
گل سر بہ سر اشارۂ جیبِ دریدہ ہے
نازِ بہار جز بہ تقاضا نہ کھینچیے
حیرت حجابِ جلوہ و وحشت غبارِ راہ
پاۓ نظر بہ دامنِ صحرا نہ کھینچیے
واماندگی بہانہ و دل بستگی فریب
دردِ طلب بہ آبلۂ پا نہ کھینچیے
گر صفحے کو نہ دیجیے پردازِ سادگی
جز خطِ عجز نقشِ تمنا نہ کھینچیے
خود نامہ بن کے جائیے اُس آشنا کے پاس
کیا فائدہ کہ منتِ بیگانہ کھینچیے
دیدارِ دوستانِ لباسی ہے ناگوار
صورت بہ کارخانۂ دیبا نہ کھینچیے
ہے بے خمار نشّۂ خونِ جگر اسد
دستِ ہوس بہ گردنِ مینا نہ کھینچیے
٭٭
غزل نمبر 236
زلفِ سیہ افعی نظرِ بد قلمی ہے
ہر چند خطِ سبز و زمرد رقمی ہے
ہے مشقِ وفا جانتے ہیں لغزشِ پا تک
اے شمع تجھے دعوئ ثابت قدمی ہے
ہے عرضِ شکست آئنۂ جرأتِ عاشق
جز آہ کہ سر لشکرِ وحشت عَلَمی ہے
واماندۂ ذوقِ طربِ وصل نہیں ہوں
اے حسرتِ بسیار تمنا کی کمی ہے
وہ پردہ نشیں اور اسد آئینۂ اظہار
شہرت چمنِ فتنہ و عنقا ارمی ہے
٭٭
غزل نمبر 237
تر254 جبیں رکھتی ہے شرمِ قطرہ سامانی مجھے
موجِ گردابِ حیا ہے چینِ پیشانی مجھے
شبنم آسا کُو مجالِ سبحہ گردانی مجھے
ہے شعاعِ مہر زنارِ سلیمانی ہے
بلبلِ تصویر ہوں بیتابِ اظہارِ تپش
جنبشِ نالِ قلم جوشِ پریشانی مجھے
ضبطِ سوزِ دل ہے وجہِ حیرتِ اظہارِ حال
داغ ہے مُہرِ دہن جوں چشمِ قربانی مجھے
شوخ ہے مثلِ حباب از خویش بیروں آمدن
ہے گریباں گیرِ فرصت ذوقِ عریانی مجھے
وا کیا ہرگز نہ میرا عقدۂ تارِ نفس
ناخنِ بریدہ ہے تیغِ صفاہانی مجھے
ہوں ہیولاۓ دو عالم صورتِ تقریر اسد
فکر نے سونپی خموشی کی گریبانی مجھے
٭٭
غزل نمبر 238
یاد ہے شادی میں عقدِ نالۂ یارب مجھے
سبحۂ زاہد ہوا ہے خندہ زیرِ لب مجھے
ہے کشادِ خاطرِ وابستہ در رہنِ سخن
تھا طلسمِ قفلِ ابجد خانۂ مکتب مجھے
یا رب اس آشفتگی کی داد کس سے چاہیے
رشک آسائش پہ ہے زندانیوں کی اب مجھے
صبح نا پیدا ہے کلفت خانۂ ادیار میں
توڑنا ہوتا ہے رنگِ یک نفس ہر شب مجھے
شومیِ طالع سے ہوں ذوقِ معاصی میں اسیر
نامۂ اعمال ہے تاریکیِ کوکب مجھے
درد نا پیدا و بے جا تہمتِ وارستگی
پردہ دارِ یاوگی ہے وسعتِ مشرب مجھے
طبع ہے مشتاقِ لذت ہاۓ حسرت کیا کروں
آرزو سے ہے شکستِ آرزو مطلب مجھے
دل لگا کر آپ بھی غالب مجھی سے ہو گئے
عشق سے آتے تھے مانع میرزا صاحب مجھے
٭٭
غزل نمبر 239
بسکہ سوداۓ خیالِ زلف وحشت ناک ہے
تا دلِ شب آبنوسی شانہ آسا چاک ہے
یاں فلاخن باز کس کا نالۂ بے باک ہے
جادہ تا کہسار موۓ چینیِ افلاک ہے
ہے دو عالم ناز یک صیدِ شہِ دُلدل سوار
یاں خطِ پرکارِ ہستی حلقۂ فتراک ہے
خلوتِ بال و پرِ قمری میں وا کر راہِ شوق
جادۂ گلشن بہ رنگِ ریشہ زیرِ خاک ہے
عیش گرمِ اضطراب و اہلِ غفلت سرد مہر
دورِ ساغر یک گلستاں برگ ریزِ تاک ہے
عرضِ وحشت پر ہے نازِ ناتوانی ہاۓ دل
شعلۂ بے پردہ چینِ دامنِ خاشاک ہے
ہے کمندِ موجِ گل آشفتہ فتراکی اسد
رنگ یاں بُو سے سوارِ توسنِ چالاک ہے
٭٭
غزل نمبر 240
ز بسکہ مشقِ تماشا جنوں علامت ہے
کشاد و بستِ مژہ سیلیِ ندامت ہے
بہ پیچ و تابِ ہوس سلکِ عافیت مت توڑ
نگاہِ خفتہ سرِ رشتۂ سلامت ہے
وفا مقابل و دعواۓ عشق بے بنیاد
جنونِ ساختہ و فصلِ گل قیامت ہے
نہ جانوں کیونکہ مٹے داغِ طعنِ بد عہدی
تجھے کہ آئنہ بھی ورطۂ ملامت ہے
اسد! بہارِ تماشاۓ گلستانِ حیات
وصالِ لالہ عذارانِ سرو قامت ہے
٭٭
غزل نمبر 241
مژہ پہلوۓ چشم اے جلوۂ ادراک باقی ہے
ہوا وہ شعلہ داغ اور شوخیِ خاشاک باقی ہے
چمن میں کچھ نہ چھوڑا تو نے غیر از بیضۂ قمری
عدم میں بہرِ فرقِ سرو مشتِ خاک باقی ہے
گدازِ سعیِ بینش شست و شو سے نقشِ خود کامی
سراپا شبنم آئیں یک نگاہِ پاک باقی ہے
ہوا ترکِ لباسِ زعفرانی دل کشا لیکن
ہنوز آفت نسب یک عقدہ یعنی چاک باقی ہے
چمن زارِ تمنا ہو گئی 255صرفِ خزاں لیکن
بہارِ نیم رنگِ آہِ حسرت ناک باقی ہے
نہ حیرت چشمِ ساقی کی نہ صحبت دورِ ساغر کی
مری محفل میں غالب گردشِ افلاک باقی ہے
٭٭
غزل نمبر 242
شکلِ طاؤس گرفتار بنایا ہے مجھے
ہوں وہ گلدام کہ سبزے میں چھپایا ہے مجھے
پرِ طاؤس تماشا نظر آیا ہے مجھے
ایک دل تھا کہ بہ صد چشم دکھایا ہے مجھے
عکسِ خط تا سخنِ ناصحِ دانا سر سبز
آئنہ بیضۂ طوطی نظر آیا ہے مجھے
سُنبلستانِ جنوں ہوں ستمِ نسبتِ زلف
مُوکشاں خانۂ زنجیر میں لایا ہے مجھے
گرد باد آئنۂ محشرِ خاکِ مجنوں
یک بیاباں دلِ بیتاب اُٹھایا ہے مجھے
حیرتِ کاغذِ آتش زدہ ہے جلوۂ عمر
تہِ خاکسترِ صد آئنہ پایا ہے مجھے
لالہ و گل بہم آئینۂ اخلاقِ بہار
ہوں میں وہ داغ کہ پھولوں میں بسایا ہے مجھے
دردِ اظہارِ تپش کسوتیِ گل معلوم
ہوں میں وہ چاک کہ کانٹوں میں سلایا ہے مجھے
بے دماغِ تپش و عرضِ دو عالم فریاد
ہوں میں وہ خاک کہ ماتم میں اُڑایا ہے مجھے
جامِ ہر ذرہ ہے سرشارِ تمنا مجھ سے
کس کا دل ہوں کہ دو عالم سے لگایا ہے مجھے
جوشِ فریاد سے لوں گا دیتِ خواب اسد
شوخیِ نغمۂ بیدل نے جگایا ہے مجھے
٭٭
غزل نمبر 243
شوخیِ مضرابِ جولاں آبیارِ نغمہ ہے
بر گریزِ ناخنِ مطرب بہارِ نغمہ ہے
کس سے اے غفلت تجھے تعبیرِ آگاہی ملے
گوش ہا سیمابی و دل بے قرارِ نغمہ ہے
سازِ عیشِ بے دلی ہے خانہ ویرانی مجھے
سیل یاں کوکِ صداۓ آبشارِ نغمہ ہے
سنبلی خواں ہے بہ ذوقِ تارِ گیسوۓ دراز
نالۂ زنجیرِ مجنوں رشتہ دارِ نغمہ ہے
شوخیِ فریاد سے ہے پردۂ زنبور گل
کسوتِ ایجادِ بلبل خار خارِ نغمہ ہے
نشہ ہا شادابِ رنگ و ساز ہا مستِ طرب
شیشۂ مے سروِ سبزِ جوئبارِ نغمہ ہے
ہم نشیں مت کہہ کہ برہم کر نہ بزمِ عیشِ یار
واں تو میرے نالے کو بھی اعتبارِ نغمہ ہے
غفلت استعداد ذوق و مدعا غافل اسد
پنبۂ گوشِ حریفاں پود و تارِ نغمہ ہے
٭٭
غزل نمبر 244
خود فروشی ہاۓ256 ہستی بسکہ جاۓ خندہ ہے
تا شکستِ قیمتِ دل ہا صداۓ خندہ ہے
شوخیِ اظہار دندان ہا براۓ خندہ ہے
دعوئ جمعیّتِ احباب جاۓ خندہ ہے
ہیں عدم میں غنچہ ہا عبرت کشِ انجامِ گل
یک جہاں زانو تامّل در قفاۓ خندہ ہے
عیشِ بے تابی حرامِ کلفتِ افسردگی
عرضِ دنداں در دل افشردن بناۓ خندہ ہے
نقشِ عبرت در نظر ہا نقدِ عشرت در بساط
دو جہاں وسعت بہ قدرِ یک فضاۓ خندہ ہے
جاۓ استہزا ہے عشرت کوشیِ ہستی اسد
صبح و شبنم فرصتِ نشو و نماۓ خندہ ہے
٭٭
غزل نمبر 245
حسنِ بے پروا خریدارِ متاعِ جلوہ ہے
آئنہ زانوۓ فکرِ اختراعِ جلوہ ہے
عجزِ دیدن ہا بہ ناز و نازِ رفتن ہا بہ چشم
جادۂ صحراۓ آگاہی شعاعِ جلوہ ہے
اختلافِ رنگ و بو طرحِ بہارِ بے خودی
صلحِ کل گردِ ادب گاہِ نزاعِ جلوہ ہے
تا کجا اے آگہی رنگِ تماشا باختن
چشمِ وا گردیدہ آغوشِ وداعِ جلوہ ہے
حسنِ خوباں بسکہ بے قدرِ تماشا ہے اسد
آئنہ یک دستِ ردِّ امتناعِ جلوہ ہے
٭٭
غزل نمبر 246
جب تک دہانِ زخم نہ پیدا کرے کوئی
مشکل کہ تجھ سے راہِ سخن وا کرے کوئی
سر بر ہوئی نہ وعدۂ صبر آزما سے عمر
فرصت کہاں کہ تیری تمنا کرے کوئی
عالم غبارِ وحشتِ مجنوں ہے سر بسر
کب تک خیالِ طرۂ لیلا کرے کوئی
افسردگی نہیں طرب انشاۓ التفات
جوں درد میرے دل میں مگر جا کرے کوئی
رونے سے اے ندیم ملامت نہ کر مجھے
آخر کبھی تو عقدۂ دل وا کرے کوئی
تمثالِ جلوہ عرض کر اے حسن کب تلک
آئینۂ خیال کو دیکھا کرے کوئی
چاکِ جگر سے جب رہِ پرسش نہ وا ہوئی
کیا فائدہ کہ جیب کو رسوا کرے کوئی
بے کاریِ جنوں کو ہے سر پیٹنے کا شغل
جب ہاتھ ٹوٹ جائیں تو پھر کیا کرے کوئی
حسنِ فروغِ شمعِ سخن دور ہے اسد
پہلے دلِ گداختہ پیدا کرے کوئی
٭٭
غزل نمبر 247
جنوں رسوائیِ وارستگی زنجیر بہتر ہے
بقدرِ مصلحت دل تنگیِ تدبیر بہتر ہے
خوشا خود بینی و تدبیر و غفلت نقدِ اندیشہ
بہ دینِ عجز اگر بدنامیِ تقدیر بہتر ہے
دلِ آگاہ تسکیں خیزِ بے دردی نہ ہو یا رب
نفس آئینہ دارِ آہِ بے تاثیر بہتر ہے
خدایا! چشم تا دل درد ہے افسونِ آگاہی
نگہ حیرت سوادِ خوابِ بے تعبیر بہتر ہے
درونِ جوہرِ آئینہ جوں برگِ حنا خوں ہے
بتاں نقشِ خود آرائی حیا تحریر بہتر ہے
تمناۓ اسد قتلِ رقیب اور شکر کا سجدہ
دعاۓ دل بہ محرابِ خمِ شمشیر بہتر ہے
٭٭
غزل نمبر 248
وحشت کہاں کہ بے خودی انشا کرے کوئی
ہستی کو لفظِ معنیِ عنقا کرے کوئی
ہے لختِ دل سے جوں مژہ ہر خار شاخِ گل
تا چند باغبانیِ صحرا کرے کوئی
جو کچھ ہے محوِ شوخیِ ابروۓ یار ہے
آنکھوں کو رکھ کے طاق پہ دیکھا کرے کوئی
ہے وحشتِ طبیعت ایجاد نالہ خیز
یہ درد وہ نہیں کہ نہ پیدا کرے کوئی
ناکامیِ نگاہ ہے برقِ نظارہ سوز
تو وہ نہیں کہ تجھ کو تماشا کرے کوئی
عرضِ سرشک پر ہے فضاۓ زمانہ تنگ
صحرا کہاں کہ دعوتِ دریا کرے کوئی
وہ شوخ اپنے حسن پہ مغرور ہے اسد
دکھلا کے اس کو آئنہ توڑا کرے کوئی
٭٭
غزل نمبر 249
دریوزۂ ساماں ہا اے بے سر و سامانی
ایجادِ گریباں ہا در پردۂ عریانی
تمثالِ تماشا ہا اقبالِ تمنا ہا
عجزِ عرقِ شرمے اے آئنہ حیرانی
دعواۓ جنوں باطل تسلیم عبث حاصل
پروازِ فنا مشکل میں عجزِ تن آسانی
بیگانگیِ خو ہا موجِ رمِ آہو ہا
دامِ گلۂ اُلفت زنجیرِ پشیمانی
پرواز تپش رنگی گلزار ہمہ تنگی
خوں ہو قفسِ دل میں اے ذوقِ پر افشانی
سنگ آمد و سخت آمد دردِ سرِ خود داری
معذورِ سبکساری مجبورِ گراں جانی
گلزارِ تمنا ہوں گلچینِ تماشا ہوں
صد نالہ اسد بلبل در بندِ زباں دانی
٭٭
غزل نمبر 250
باغ تجھ بن گلِ نرگس سے ڈراتا ہے مجھے
چاہوں گر سیرِ چمن آنکھ دکھاتا ہے مجھے
نالہ سرمایۂ یک عالم و عالم کفِ خاک
آسماں بیضۂ قمری نظر آتا ہے مجھے
جوہرِ تیغ بہ سر چشمۂ دیگر معلوم
ہوں میں وہ سبزہ کہ زہراب اُگاتا ہے مجھے
مدعا محوِ تماشاۓ شکستِ دل ہے
آئنہ خانے میں کوئی لیے جاتا ہے مجھے
شورِ تمثال ہے کس رشکِ چمن کا یارب
آئنہ بیضۂ بلبل نظر آتا ہے مجھے
حیرتِ آئنہ انجامِ جنوں ہوں جوں شمع
کس قدر داغِ جگر شعلہ اُٹھاتا ہے مجھے
میں ہوں اور حیرتِ جاوید مگر ذوقِ خیال
بہ فسونِ نگہِ ناز ستاتا ہے مجھے
حیرتِ فکرِ سخن ساز سلامت ہے اسد
دل پسِ زانوۓ آئینہ بٹھاتا ہے مجھے
٭٭
غزل نمبر 251
کوہ کے ہوں بارِ خاطر گر صدا ہو جائیے
بے تکلفائے شرارِ جستہ کیا ہو جائیے
یاد رکھیے ناز ہاۓ التفاتِ اولیں
آشیانِ طائرِ رنگِ رسا ہو جائیے
بیضہ آسا ننگِ بال و پر ہے یہ کنجِ قفس
از سرِ نو زندگی ہو گر رہا ہو جائیے
لطفِ عشقِ ہر یک اندازِ دگر دکھلاۓ گا
بے تکلف یک نگاہِ آشنا ہو جائیے
داد از دستِ جفاۓ صدمۂ ضرب المثل
گر ہمہ اُفتادگی جوں نقشِ پا ہو جائیے
وسعتِ مشرب نیازِ کلفتِ وحشت اسد
یک بیاباں سایۂ بالِ ہُما ہو جائیے
٭٭
غزل نمبر 252
داغ پشتِ دستِ عجز شعلہ خس بہ دنداں ہے
اے ہوس مبارک ہو کارِ عشق آساں ہے
کارگاہِ ہستی میں لالہ داغ ساماں ہے
برقِ خرمنِ راحت خونِ گرمِ دہقاں ہے
حیرتِ تپیدن ہا خوں بہاۓ دیدن ہا
رنگِ گل کے پردے میں آئنہ پرافشاں ہے
عشق کے تغافل سے ہرزہ گردیِ عالم
روئے شش جہت آفاق پشتِ چشمِ زنداں ہے
غنچہ تا شگفتن ہا برگِ عافیت معلوم
باوجودِ دل جمعی خوابِ گل پریشاں ہے
گل بہ کوہ از لالہ بزم سازِ بے تابی
مثلِ دودِ مجمر ہا داغ بال افشاں ہے
اے کرم نہ ہو غافل ورنہ ہے اسد بیدل
از گُہر صدف خالی پشتِ چشمِ نیساں ہے
٭٭
غزل نمبر 253
گریہ سرشاریِ شوقے بہ بیاباں زدہ ہے
قطرۂ خونِ جگر چشمکِ طوفاں زدہ ہے
گریہ بے لذّتِ کاوش نہ کرے جرأتِ شوق
قطرۂ اشک دلے بر صفِ مژگاں زدہ ہے
بے تماشا نہیں جمعیّتِ چشمِ بسمل
مژہ فالِ دو جہاں خوابِ پریشاں زدہ ہے
فرصت آئینہ و پروازِ عدم تا ہستی
یک شرر بالِ دل و دیدہ چراغاں زدہ ہے
درسِ نیرنگ ہے کس موجِ نگہ کا یا رب
غنچہ صد آئنہ زانوۓ گلستاں زدہ ہے
سازِ وحشت رقمی ہا کہ بہ اظہارِ اسد
دشت و ریگ آئنۂ صفحۂ افشاں زدہ ہے
٭٭
غزل نمبر 254
خوابِ غفلت بہ کمیں گاہِ نظر پنہاں ہے
شام ساۓ میں بہ تاراجِ سحر پنہاں ہے
دو جہاں گردشِ یک سبحۂ اسرارِ نیاز
نقدِ صد دل بہ گریبانِ سحر پنہاں ہے
خلوتِ دل میں نہ کر دخل بجز سجدۂ شوق
آستاں میں صفتِ آئنہ در پنہاں ہے
فکرِ پروازِ جنوں ہے سببِ ضبط نہ پوچھ
اشک جوں بیضۂ مژگاں تہِ پر پنہاں ہے
ہوش اے ہرزہ درا تہمتِ بے دردی چند
نالہ در گردِ تمناۓ اثر پنہاں ہے
وہمِ غفلت مگر احرامِ فسردن باندھے
ورنہ ہر سنگ کے باطن میں شرر پنہاں ہے
وحشتِ دل ہے اسد عالمِ نیرنگِ نشاط
خندۂ گل بہ لبِ زخمِ جگر پنہاں ہے
٭٭
غزل نمبر 255
مستی بہ ذوقِ غفلتِ ساقی ہلاک ہے
موجِ شراب یک مژہِ خواب نا ک ہے
کلفت طلسمِ جلوۂ کیفیّتِ دگر
زنگار خوردہ آئنہ یک برگِ تاک ہے
ہے عرضِ جوہرِ خط و خالِ ہزار عکس
لیکن ہنوز دامنِ آئینہ پاک ہے
ہوں خلوتِ فسردگیِ انتظار میں
وہ بے دماغ جس کو ہوس بھی تپاک ہے
جز زخمِ تیغِ ناز نہیں دل میں آرزو
جیبِ خیال بھی ترے ہاتھوں سے چاک ہے
جوشِ جنوں سے کچھ نظر آتا نہیں اسد
صحرا ہماری آنکھ میں اک مشتِ خاک ہے
٭٭
غزل نمبر 256
غم و عشرت قدم بوسِ دلِ تسلیم آئیں ہے
دعاۓ مدّعا گم کردگانِ عشق آمیں ہے
تماشا ہے کہ ناموسِ وفا رسواۓ آئیں ہے
نفس تیری گلی میں خوں ہو اور بازار رنگیں ہے
لبِ عیسیٰ کی جنبش کرتی ہے گہوارہ جنبانی
قیامت کشتۂ لعلِ بتاں کا خوابِ سنگیں ہے
ہمارا دیکھنا گر ننگ ہے سیرِ گلستاں کر
شرارِ آہ سے موجِ صبا دامانِ گلچیں ہے
پیامِ تعزیت پیدا ہے اندازِ عیادت سے
شبِ ماتم تہِ دامانِ دودِ شمعِ بالیں ہے
زبس جز حسن منت ناگوارا ہے طبیعت پر
کشادِ عقدہ محوِ ناخنِ دستِ نگاریں ہے
نہیں ہے سر نوشتِ عشق غیر از بے دماغی ہا
جبیں پر میری مدِّ خامۂ قدرت خطِ چیں ہے
بہارِ باغ پامالِ خرامِ جلوہ فرما یاں
حنا سے دست و خونِ کشتگاں سے تیغ رنگیں ہے
بیابانِ فنا ہے بعدِ صحراۓ طلب غالب
پسینہ توسنِ ہمت کا سیلِ خانۂ زیں ہے
٭٭
غزل نمبر 257
دیکھتا ہوں وحشتِ شوقِ خروش آمادہ سے
فالِ رسوائی ارشکِ سر بہ صحرا دادہ ہے
دام گر سبزے میں پنہاں کیجیے طاؤس ہو
جوشِ نیرنگِ بہارِ عرضِ صحرا دادہ سے
پا ترابِ سیلِ طوفانِ صداۓ آب ہے
نقشِ پا جو کان میں رکھتا ہے انگلی جادہ سے
بزمِ مے وحشت کدہ ہے کس کی چشمِ مست کا
شیشے میں نبضِ پری پنہاں ہے موجِ بادہ سے
خیمۂ لیلیٰ سیاہ و خانۂ مجنوں خراب
جوشِ ویرانی ہے عشقِ داغ بیروں دادہ سے
بزمِ ہستی وہ تماشا ہے کہ جس کو ہم اسد
دیکھتے ہیں چشمِ از خوابِ عدم نکشادہ سے
٭٭
غزل نمبر 258
نظر پرستی و بے کاری و خود آرائی
رقیبِ آئنہ ہے حیرتِ تماشائی
ز خود گزشتنِ دل کاروانِ حیرت ہے
نگہ غبارِ ادب گاہِ جلوہ فرمائی
بہ چشم در شدہ مژگاں ہے جوہرِ رگِ خواب
نہ پوچھ نازکیِ وحشتِ شکیبائی
خرابِ نالۂ بلبل شہیدِ خندۂ گل
ہنوز دعوئ تمکین و بیمِ رسوائی
شکستِ سازِ خیال آں سوۓ کریوۂ غم
ہنوز نالہ پر افشانِ ذوقِ رعنائی
ہزار قافلۂ آرزو بیاباں مرگ
ہنوز محملِ حسرت بہ دوشِ خود رائی
وداعِ حوصلہ توفیقِ شکوہ عجزِ وفا
اسد ہنوز گمانِ غرورِ دانائی
٭٭
غزل نمبر 259
کوشش ہمہ بے تابِ تردد شکنی ہے
صد جنبشِ دل یک مژہ برہم زدنی ہے
گو حوصلہ پا مردِ تغافل نہیں لیکن
خاموشیِ عاشق گلۂ کم سخنی ہے
دی لطفِ ہوا نے بہ جنوں طرفہ نزاکت
تا آبلہ دعواۓ تنک پیرہنی ہے
رامش گرِ اربابِ فنا نالۂ زنجیر
عیشِ ابد از خویش بروں تا ختنی ہے
از بسکہ ہے محوِ بہ چمن تکیہ زدنہا
گلبرگ پرِ بالشِ سروِ چمنی ہے
آئینہ و شانہ ہمہ دست و ہمہ زانو
اے حسن مگر حسرتِ پیماں شکنی ہے
فریاد اسد بے نگہی ہاۓ بتاں سے257
سچ کہتے ہیں واللہ کہ اللہ غنی ہے
٭٭
غزل نمبر 260
کاشانۂ ہستی کہ برانداختنی ہے
یاں سوختنی چارہ گرِ ساختنی ہے
ہے شعلۂ شمشیرِ فنا حوصلہ افگار
اے داغِ تمنا سپر انداختنی ہے
جز خاک بسر کردنِ بے فائدہ حاصل
ہر چند بہ میدانِ ہوس تاختنی ہے
اے بے ثمراں حاصلِ تکلیفِ دمیدن
گردن بہ تماشاۓ گل افراختنی ہے
ہے سادگیِ ذہن تمناۓ تماشا
جاۓ کہ اسد رنگِ چمن باختنی ہے
٭٭
غزل نمبر 261
گلستاں بے تکلف پیشِ پا افتادہ مضموں ہے
جو تو باندھے کفِ پا پر حنا آئینہ موزوں ہے
بہارِ گل دماغِ نشۂ ایجادِ258 مجنوں ہے
ہجومِ برق سے چرخ و زمیں یک قطرۂ خوں ہے
رجوعِ گریہ سوۓ دل خوشا سرمایۂ طوفاں
بر انگشتِ حسابِ اشک ناخن نعلِ واژوں ہے
عدم وحشت سراغ و ہستی آئیں بندِ رنگینی
دماغِ دو جہاں پر سنبل و گل یک شبیخوں ہے
تماشا ہے علاجِ بے دماغی ہاۓ دل غافل
سویدا مردمِ چشمِ پری نظّارہ افسوں ہے
فنا کرتی ہے زائل سر نوشتِ کلفتِ ہستی
سحر از بہرِ شست و شوۓ داغِ ماہ صابوں ہے
اسد ہے آج مژگانِ تماشا کی حنا بندی
چراغانِ نگاہ و شوخیِ اشکِ جگر گوں ہے
٭٭
غزل نمبر 262
منت کشی میں حوصلہ بے اختیار ہے
دامانِ صد کفن تہِ سنگِ مزار ہے
عبرت طلب ہے حلِ معماۓ آگہی
شبنم گدازِ آئنۂ اعتبار ہے
ہے ذرہ ذرہ تنگیِ جا سے غبارِ شوق
گر دام یہ ہے وسعتِ صحرا شکار ہے
خجلت کشِ وفا کو شکایت نہ چاہیے
اے مدعی طلسمِ عرق بے غبار ہے
کس کا سراغِ جلوہ ہے حیرت کو اے خدا
آئینہ فرشِ شش جہتِ انتظار ہے
چھڑ کے ہے شبنم آئنۂ برگِ گل پر آب
اے عندلیب وقتِ وداعِ بہار ہے
کیفیتِ ہجومِ تمنا رسا اسد
خمیازہ ساغرِ مئے رنجِ خمار ہے
٭٭
غزل نمبر 263
گداۓ طاقتِ تقریر ہے زباں تجھ سے
کہ خامشی کو ہے پیرایۂ بیاں تجھ سے
فسردگی میں ہے فریادِ بیدلاں تجھ سے
چراغِ صبح و گلِ موسمِ خزاں تجھ سے
بہارِ حیرتِ نظارہ سخت جانی سے 259
حناۓ پاۓ اجل خونِ کشتگاں تجھ سے
پری بہ شیشہ و عکسِ رخ اندر آئینہ
نگاہِ حیرتِ مشاطہ خوں فشاں تجھ سے
طراوتِ سحر ایجادیِ اثر یک سُو
بہارِ نالہ و رنگینیِ فغاں تجھ سے
چمن چمن گلِ آئینہ در کنارِ ہوس
امید محوِ تماشاۓ گلستاں تجھ سے
نیاز پردۂ اظہارِ خود پرستی ہے
جبینِ سجدہ فشاں تجھ سے آستاں تجھ سے
بہانہ جوئیِ رحمت کمیں گرِ تقریب
وفاۓ حوصلہ و رنجِ امتحاں تجھ سے
اسد بہ موسمِ گل در طلسمِ کنجِ قفس
خرام تجھ سے صبا تجھ سے گلستاں تجھ سے
٭٭
غزل نمبر 264
جس جا نسیم شانہ کشِ زلفِ یار ہے
نافہ دماغِ آہوۓ دشتِ تتار ہے
دل مت گنوا خبر نہ سہی سیر ہی سہی
اے بے دماغ آئنہ تمثال دار ہے
زنجیر یاد پڑتی ہے جادے کو دیکھ کر
اُس چشم سے ہنوز نگہ یادگار ہے
بے پردہ سوۓ وادیِ مجنوں گزر نہ کر
ہر ذرے کے نقاب میں دل بے قرار ہے
سودائیِ خیال ہے طوفانِ رنگ و بو
یاں ہے کہ داغِ لالہ دماغِ بہار ہے
بھونچال میں گرا تھا یہ آئینہ طاق سے
حیرت شہیدِ جنبشِ ابروۓ یار ہے
حیراں ہوں شوخیِ رگِ یاقوت دیکھ کر
یاں ہے کہ صحبتِ خس و آتش برار ہے
اے عندلیب یک کفِ خس بہرِ آشیاں
طوفانِ آمد آمدِ فصلِ بہار ہے
غفلت کفیلِ عمر و اسد ضامنِ وفا260
اے مرگِ ناگہاں تجھے کیا انتظار ہے
٭٭
غزل نمبر 265
حکمِ بیتابی نہیں اور آرمیدن منع ہے
باوجودِ مشقِ وحشت ہا رمیدن منع ہے
شرم آئینہ تراشِ جبۂ طوفان ہے
آب گردیدن روا لیکن چکیدن منع ہے
بیخودی فرمانرواۓ حیرت آبادِ جنوں
زخم دوزی جرم و پیراہن دریدن منع ہے
مژدۂ دیدار سے رسوائیِ اظہار دُور
آج کی شب چشمِ کوکب تک پریدن منع ہے
بیمِ طبعِ نازکِ خوباں سے وقتِ سیرِ باغ
ریشۂ زیرِ زمیں کو بھی دویدن منع ہے
یار معذورِ تغافل ہے عزیزاں شفقتتے
نالۂ بلبل بہ گوشِ گل شنیدن منع ہے
مانعِ بادہ کشی ناداں ہے لیکن اے اسد
بے ولاۓ ساقیِ کوثر کشیدن منع ہے
٭٭
غزل نمبر 266
قتلِ عشاق نہ غفلت کشِ تدبیر آوے
یارب آئینہ بہ طاقِ خمِ شمشیر آوے
بالِ طاؤس ہے رعنائیِ ضعفِ پرواز
کون ہے داغ کہ شعلے کا عناں گیر آوے
عرضِ حیرانیِ بیمارِ محبت معلوم
عیسیٰ آخر بہ کفِ آئنہ تصویر آوے
ذوقِ راحت اگر احرامِ تپش ہو جوں شمع
پاۓ خوابیدہ بہ دلجوئیِ شبگیر آوے
اُس بیاباں میں گرفتارِ جنوں ہوں کہ جہاں
موجۂ ریگ سے دل پاۓ بہ زنجیر آوے
وہ گرفتارِ خرابی ہوں کہ فوّارہ نمط
سیل صیادِ کمیں خانۂ تعمیر آوے
سرِ معنی بہ گریبانِ شقِ خامہ اسد
چاکِ دل شانہ کشِ طرّۂ تحریر آوے
٭٭
غزل نمبر 267
تا چند نفس غفلتِ ہستی سے بر آوے
قاصد تپشِ نالہ ہے یا رب خبر آوے261
ہے طاقِ فراموشیِ سوداۓ دو عالم
وہ سنگ کہ گلدستۂ جوشِ شرر آوے
درد آئنہ کیفیتِ صد رنگ ہے یا رب
خمیازہ طرب ساغرِ زخمِ جگر آوے
جمعیّتِ آوارگیِ دید نہ پوچھو
دل تا مژہ آغوشِ وداعِ نظر آوے
اے ہر زہ دوی منّتِ تمکینِ جنوں کھینچ
تا آبلہ محمل کشِ موجِ گُہر آوے
زاہد کو جنوں سبحۂ تحقیق ہے یا رب
زنجیریِ صد حلقۂ بیرونِ در آوے
وہ تشنۂ سرشارِ تمنا ہوں کہ جس کو
ہر ذرہ بہ کیفیتِ ساغر نظر آوے
تمثالِ بتاں گر نہ رکھے پنبۂ مرہم
آئینہ بہ عریانیِ داغِ جگر آوے
ہر غنچہ اسد بارگہِ شوکتِ گل ہے
دل فرشِ رہِ ناز ہے بیدل اگر آوے
٭٭
غزل نمبر 268
خموشیوں میں تماشا ادا نکلتی ہے
نگاہ دل سے ترے سرمہ سا نکلتی ہے
بہ حلقۂ خمِ گیسوۓ راستی آموز
دہانِ مار سے گویا صبا نکلتی ہے
برنگِ شیشہ ہوں یک گوشۂ دلِ خالی
کبھی پری مری خلوت میں آ نکلتی ہے
فشارِ تنگیِ صحبت سے آتی ہے شبنم
صبا جو غنچے کی خلوت میں جا نکلتی ہے
نہ پوچھ سینۂ عاشق سے آبِ تیغِ نگاہ
کہ زخمِ روزنِ در سے ہوا نکلتی ہے
اسد کو حسرتِ عرضِ نیاز تھی دمِ قتل
ہنوز یک سخنِ بے صدا نکلتی ہے
٭٭
غزل نمبر 269
چار سوۓ عشق میں صاحب دکانی مفت ہے
نقد ہے داغِ دل اور آتش زبانی مفت ہے
زخمِ دل پر باندھیے حلواۓ مغزِ استخواں
تندرستی فائدہ اور ناتوانی مفت ہے
نقدِ انجم 262 تا بہ کے از کیسہ بیروں ریختن
یعنی اے پیرِ فلک شامِ جوانی مفت ہے
گر نہیں پاتا درونِ خانہ ہر بیگانہ جا
بر درِ نکشودۂ دل پاسبانی مفت ہے
چونکہ بالاۓ ہوس پر ہر قبا کوتاہ ہے
بر ہوس ہاۓ جہاں دامن فشانی مفت ہے
یک نفس ہر یک نفس جاتا ہے قسطِ عمر میں
حیف ہے اُن کو جو کہویں زندگانی مفت ہے
مال و جاہ دست و پاۓ زر خریدہ ہیں اسد
پس بہ دل ہاۓ دگر راحت رسانی مفت ہے
٭٭
غزل نمبر 270
بے تابیِ یادِ دوست ہم رنگِ تسلی ہے
موجِ تپشِ مجنوں محمل کشِ لیلی ہے
کلفت کشیِ ہستی بدنامِ دو رنگی ہے
یاں تیرگیِ اختر خالِ رخِ زنگی ہے
دیدن ہمہ بالیدن گردن263 ہمہ افسردن
خوشتر ز گل و غنچہ چشم و دلِ ساقی ہے
وہم طربِ ہستی ایجادِ سیہ مستی
تسکیں دہِ صد محفل یک ساغرِ خالی ہے
زندانِ تحمل میں مہمانِ تغافل ہیں
بے فائدہ یاروں کو فرقِ غم و شادی ہے
ہو وے نہ غبارِ دل تسلیمِ زمیں گیری
مغرور نہ ہو ناداں سر تا سرِ گیتی ہے
رکھ فکرِ سخن میں تو معذور مجھے غالب
یاں زورقِ خود داری طوفانیِ معنی ہے
٭٭
غزل نمبر 271
آئینہ کیوں نہ دوں کہ تماشا کہیں جسے
ایسا کہاں سے لاؤں کہ تجھ سا کہیں جسے
ہے انتظار سے شرر آبادِ رستخیز
مژگانِ کوہکن رگِ خارا کہیں جسے
حسرت نے لا رکھا تری بزمِ خیال میں
گلدستۂ نگاہ سویدا کہیں جسے
کس فرصتِ وصال پہ ہے گل کو عندلیب
زخمِ فراق خندۂ بے جا کہیں جسے
ہے تار و پودِ فرشِ تبسم بہ بزمِ عیش
صبحِ بہار پنبۂ مینا کہیں جسے
پھونکا ہے کس نے گوشِ محبت میں اے خدا
افسونِ انتظار تمنا کہیں جسے
یارب ہمیں تو خواب میں بھی مت دکھائیو
یہ محشرِ خیال کہ دنیا کہیں جسے
سر پر ہجومِ دردِ غریبی سے ڈالیے
وہ ایک مشتِ خاک کہ صحرا کہیں جسے
ہے چشمِ تر میں حسرتِ دیدار سے نہاں
شوقِ عناں گسیختہ دریا کہیں جسے
غالب برا نہ مان جو واعظ برا کہے
ایسا بھی کوئی ہے کہ سب اچھا کہیں جسے
٭٭
غزل نمبر 272
شبنم بہ گلِ لالہ نہ خالی ز ادا ہے
داغِ دلِ بے درد نظر گاہِ حیا ہے
دل خوں شدۂ کشمکشِ کثرتِ اظہار
آئینہ بدستِ بتِ بد مستِ حنا ہے
تمثال میں تیری ہے وہ شوخی کہ بصد ذوق
آئینہ بہ اندازِ گُل آغوش کشا ہے
قمری کفِ خاکستر و بلبل قفسِ رنگ
اے نالہ نشانِ جگرِ سوختہ کیا ہے
مجبوریِ دعواۓ گرفتاریِ اُلفت
دامن تہِ سنگ آمدہ احرامِ وفا ہے
سر رشتۂ بے تابیِ دل در گرہِ عجز
پرواز بہ خوں خفتہ و فریاد رسا ہے
اے پرتوِ خورشیدِ جہاں تابِ ادھر بھی
سایے کی طرح ہم پہ عجب وقت پڑا ہے
معلوم ہوا حالِ شہیدانِ گزشتہ
تیغِ ستم آئینۂ تصویر نما ہے
بیگانگیِ خلق سے بیدل نہ ہو غالب
کوئی نہیں تیرا تو مری جان خدا ہے
٭٭
غزل نمبر 273
اگر گُل حسن و اُلفت کی بہم جو شیدنی جانے
پرِ بلبل کے افسردن کو دامن چیدنی جانے
فسونِ حُسن سے ہے شوخیِ گلگونہ آرائی
بہار اس کی کفِ مشاطہ میں بالیدنی جانے
نواۓ بلبل و گل پاسبانِ بے دماغی ہے
بہ یک مژگانِ خوباں صد چمن خوابیدنی جانے
زہے شب زندہ دارِ انتظارستاں کہ وحشت سے
مژہ در پیچکِ مہ سوزن آسا چیدنی جانے
خوشا شوقے کہ جوشِ حیرتِ اندازِ قاتل سے
نگہ شمشیر میں جوں جوہر آرامیدنی جانے
جفا شوخ و ہوس گستاخِ مطلب ہے مگر عاشق
نفس در قالبِ خشتِ لحد دزدیدنی جانے
نواۓ طائرانِ آشیاں گم کردہ آتی ہے
تماشاۓ کہ رنگِ رفتہ بر گردیدنی جانے
اسد جاں نذرِ الطافے کہ ہنگامِ ہم آغوشی
زبانِ ہر سرِ مُو حالِ دل پرسیدنی جانے
٭٭
غزل نمبر 274
سوختگاں کی خاک میں ریزشِ نقشِ داغ ہے
آئنۂ نشانِ حال مثلِ گلِ چراغ ہے
لطفِ خمارِ مے کو ہے در دلِ ہمدگر اثر
پنبۂ شیشۂ شراب کف بہ لبِ ایاغ ہے
مفتِ صفاۓ طبع ہے جلوۂ نازِ سوختن
داغِ دلِ سیہ دلاں مردمِ چشمِ زاغ ہے
رنجشِ یارِ مہرباں عیش و طرب کا ہے نشاں
دل سے اُٹھے ہے جو غبار گردِ سوادِ باغ ہے
شعر کی فکر کو اسد چاہیے ہے دل و دماغ
عذر کہ یہ فسردہ دل بے دل و بے دماغ ہے
٭٭
رباعیات
رباعی نمبر 1
بعد از اتمامِ بزمِ عیدِ اطفال
ایامِ جوانی رہے ساغر کشِ حال
آ پہنچے ہیں تا سوادِ اقلیمِ عدم
اے عمرِ گزشتہ یک قدم استقبال
٭
رباعی نمبر 2
ہر چند کہ دوستی میں کامل ہونا
ممکن نہیں یک زبان و یک دل ہونا
میں تجھ سے اور مجھ سے تُو پوشیدہ
ہے مفت نگاہ کا مقابل ہونا
٭
رباعی نمبر 3
شب زلف و رخِ عرق فشاں کا غم تھا
کیا شرح کروں کہ طرفہ تر عالم تھا
رویا میں ہزار آنکھ سے صبح تلک
ہر قطرۂ اشکِ چشم چشمِ نم تھا
٭
رباعی نمبر 4
دل تھا کہ جو جانِ درد تمہید سہی
بیتابیِ رشک و حسرتِ دید سہی
ہم اور فشردن اے تجلی افسوس
تکرار روا نہیں تو تجدید سہی
٭
رباعی نمبر 5
سامانِ ہزار جستجو یعنی دل
ساغر کشِ خونِ آرزو یعنی دل
پشت و رخِ آئنہ ہے دین و دنیا
منظور ہے دو جہاں سے تُو یعنی دل
٭
رباعی نمبر 6
اے کاش بتاں کا خنجرِ سینہ شگاف
پہلوۓ حیات سے گزر جاتا صاف
ایک تسمہ لگا رہا کہ تا روزے چند
رہیے نہ مشقتِ گدائی سے معاف
٭
رباعی نمبر 7
اے کثرتِ فہمِ بے شمار اندیشہ
ہے اصلِ خرد سے شرمسار اندیشہ
یک قطرۂ خون و دعوتِ صد نشتر
یک وہم و عبادتِ ہزار اندیشہ
٭
رباعی نمبر 8
دل سوزِ جنوں سے جلوہ منظر ہے آج
نیرنگِ زمانہ فتنہ پرور ہے آج
یک تارِ نفس میں جوں طنابِ صناع
ہر پارۂ دل برنگِ دیگر ہے آج
٭
رباعی نمبر 9
گر جوہرِ امتیاز ہوتا ہم میں
رسوا کرتے نہ آپ کو عالم میں
ہیں نام و نگیں کمیں گہِ نقبِ شعور
یہ چور پڑا ہے خانۂ خاتم میں
٭
رباعی نمبر 10
ہے خلقِ حسد قماش لڑنے کے لیے
وحشت کدۂ تلاش لڑنے کے لیے
مغرورِ وفا نہ ہو کہ جوں کاغذِ باد
ملتے ہیں یہ بدمعاش لڑنے کے لیے
٭
رباعی نمبر 11
مشکل ہے ز بس کلام میرا اے دل
سُن سُن کے اُسے سخنورانِ کامل
آساں کہنے کی کرتے ہیں فرمائش
گویم مشکل وگر نہ گویم مشکل
ضمیمہ
خاتمۂ دیوان کے بعد جلد ساز نے جو سادہ اوراق لگاۓ ہیں اُن میں پانچ صفحوں پر بد خط اور غلط نگار کاتب نے حسب ذیل غزلیں نقل کی ہیں۔ (یہ تمام غزلیات نسخۂ شیرانی کے متن میں موجود ہیں)۔
صفحۂ اول
غزل نمبر 275
دیکھنا قسمت کہ آپ اپنے پہ رشک آ جاۓ ہے
میں اسے دیکھوں بھلا کب مجھ سے دیکھا جاۓ ہے
ہاتھ دھو دل سے یہی گرمی گر اندیشے میں ہے
آبگینہ تندیِ صہبا سے پگھلا جاۓ ہے
غیر264 کو یارب وہ کیوں کر منع گستاخی کرے
گر حیا بھی اُس کو آتی ہے تو شرما جاۓ ہے
شوق کو یہ لت کہ ہر دم نالہ کھینچے جائیے
دل کی وہ حالت کہ دم لینے سے گھبرا جاۓ ہے
دور چشمِ بد تری بزم طرب سے واہ واہ
نغمہ ہو جاتا ہے واں گر نالہ میرا جاۓ ہے
گر چہ ہے طرزِ تغافل پردہ دارِ رازِ عشق
پر ہم ایسے کھوۓ جاتے ہیں کہ وہ پا جاۓ ہے
اُس کی بزم آرائیاں سن کر دلِ رنجور یاں
مثلِ نقشِ مدعاۓ غیر بیٹھا جاۓ ہے
ہو کے 265عاشق وہ پری رخ اور نازک بن گیا
رنگ کھلتا جاۓ ہے جتنا کہ اڑتا جاۓ ہے
نقش کو اس کے مصور پر بھی کیا کیا ناز ہیں
کھینچتا ہے جس قدر اتنا ہی کھینچتا جاۓ ہے
سایہ میرا مجھ سے مثلِ دود بھاگے ہے اسد
پاس مجھ آتش بجاں کے کس سے ٹھہرا جاۓ ہے
٭٭
غزل نمبر 276
گرمِ فریاد رکھا شکلِ نہالی نے مجھے
تب اماں ہجر میں دی بردِ لیالی نے مجھے
نسیہ و نقد دو عالم کی حقیقت معلوم
لے لیا مجھ سے مری ہمتِ عالی نے مجھے
کثرت آرائی وحدت ہے پرستاریِ وہم
کر دیا کافر ان اصنامِ خیالی نے مجھے
زندگی میں بھی رہا ذوق فنا کا مارا
نشہ بخشا غضب اس ساغرِ خالی نے مجھے
ہوسِ گل کا تصور میں بھی کھٹکا نہ رہا
عجب آرام دیا بے پر و بالی نے مجھے
بسکہ تھی فصلِ خزانِ چمنستانِ سخن
رنگِ شہرت نہِ دیا266 تازہ خیالی نے مجھے
جلوۂ خور سے فنا ہوتی ہے شبنم غالب
کھو دیا سطوتِ اسماۓ جلالی نے مجھے
٭٭
صفحۂ دوم
غزل نمبر 277
پھر کچھ اک دل کو بے قراری ہے
سینہ جویاۓ زخمِ کاری ہے
پھر جگر کھودنے لگا ناخن
آمدِ فصلِ لالہ کاری ہے
قبلۂ مقصدِ نگاہِ نیاز
پھر وہی پردۂ عماری ہے
چشم دلالِ جنسِ رسوائی
دل خریدارِ ذوقِ خواری ہے
وہ ہی صد رنگ نالہ فرسائی
وہ ہی صد گونہ اشک باری ہے
دل ہواۓ خرامِ ناز سے پھر
محشرستانِ بے قراری ہے
جلوہ پھر عرضِ ناز کرتا ہے
روز بازارِ جاں سپاری ہے
پھر اُسی بے وفا پہ مرتے ہیں
پھر وہی زندگی ہماری ہے
پھر کھلا ہے درِ عدالتِ ناز
گرم بازارِ فوجداری ہے
ہو رہا ہے جہان میں اندھیر
زلف کی پھر سرشتہ داری ہے
پھر دیا پارۂ جگر نے سوال
ایک فریاد و آہ و زاری ہے
پھر ہوۓ ہیں گواہِ عشق طلب
اشک باری کا حکم جاری ہے
دل و مژگاں کا جو مقدمہ تھا
آج پھر اس کی روبکاری ہے
بے خودی بے سبب نہیں غالب
کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے
٭٭
غزل نمبر 278
چاہیے خوباں کو جتنا چاہیے
یہ اگر چاہیں تو پھر کیا چاہیے
صحبتِ رنداں سے واجب ہے حذر
جاۓ مے اپنے کو کھینچا چاہیے
دل تو268 ہو اچھا نہیں ہے گر دماغ
کچھ تو اسبابِ تمنا چاہیے
چاہنے کو تیرے کیا سمجھا تھا دل
بارے اب اس سے بھی سمجھا چاہیے
چاک مت کر جیب بے ایّامِ گل
کچھ اُدھر کا بھی اشارا چاہیے
دوستی کا پردہ ہے بیگانگی
منہ چھپانا ہم سے چھوڑا چاہیے
اپنی رسوائی میں کیا چلتی ہے سعی
یار ہی ہنگامہ آرا چاہیے
٭٭
صفحۂ سوم
دشمنی نے میری کھویا غیر کو
کس قدر دشمن ہے دیکھا چاہیے
منحصر مرنے پہ ہو جس کی اُمید
نا اُمیدی اُس کی دیکھا چاہیے
ق
چاہتے ہیں خوب رویوں کو اسد
آپ کی صورت تو دیکھا چاہیے
غافل ان مہ طلعتوں کے واسطے
چاہنے والا بھی اچھا چاہیے
٭٭
غزل نمبر 279
وہ آ کے خواب میں تسکینِ اضطراب تو دے
ولے مجھے تپشِ دل مجالِ خواب تو دے
کرے 269ہے قتل لگاوٹ مین تیرا رو دینا
تری طرح کوئی تیغِ نگہ کو آب تو دے
دکھا270 کے جنبشِ لب ہی تمام کر ہم کو
نہ دے جو بوسہ تو منہ سے کہیں جواب تو دے
یہ کون کہوے ہے آباد کر ہمیں لیکن
کبھی زمانہ مرادِ دلِ خراب تو دے
پلا دے اوک سے ساقی جو ہم سے نفرت ہے
پیالہ گر نہی دیتا نہ دے، شراب تو دے
اسد خوشی سے مرے ہاتھ پاؤں پھول گئے
کہا جو اس نے ذرا میرے پاؤں داب تو دے
٭٭
غزل نمبر 280
کبھی نیکی بھی اس کے جی میں گر آ جاۓ ہے مجھ سے
جفائیں کر کے اپنی یاد، شرما جاۓ ہے مجھ سے
خدایا جذبۂ دل 271کی مگر تاثیر اُلٹی ہے
کہ جتنا کھینچتا ہوں اور کھنچتا جاۓ ہے مجھ سے
وہ بدخو اور میری داستانِ عشق272 طولانی
عبارت مختصر، قاصد بھی گھبرا جاۓ ہے مجھ سے
اُدھر273 وہ بدگمانی ہے اِدھر یہ ناتوانی ہے
نہ274 پوچھا جاۓ ہے اُس سے نہ بولا جاۓ ہے مجھ سے
سنبھلنے دے مجھے اے نا اُمیدی 275کیا قیامت ہے
کہ دامانِ خیالِ یار چھُوٹا جاۓ ہے مجھ سے
ہوۓ ہیں پاؤں ہی پہلے نبردِ عشق میں زخمی
نہ بھاگا جاۓ ہے مجھ سے نہ ٹھہرا جاۓ ہے مجھ سے
٭٭
صفحۂ چہارم
قیامت ہے کہ ہووے مدعی کا ہم سفر غالب
وہ کافر جو خدا کو بھی نہ سونپا جاۓ ہے مجھ سے
٭٭
غزل نمبر 281
مدت ہوئی ہے یار کو مہماں کیے ہوۓ
جوشِ قدح سے بزم چراغاں کیے ہوۓ
کرتا ہوں جمع پھر جگرِ لخت لخت کو
عرصہ ہوا ہے دعوتِ مژگاں کیے ہوۓ
پھر وضع احتیاط سے رکنے لگا ہے دم
برسوں ہوۓ ہیں چاک گریباں کیے ہوۓ
پھر276 پرسشِ جراحتِ دل کو چلا ہے عشق
سامانِ صد ہزار نمک داں کیے ہوۓ
پھر بھر رہا ہوں خامۂ مژگاں بخونِ دل
سازِ چمن طرازیِ داماں کیے ہوۓ
باہم دگر ہوۓ ہیں دل و دیدہ پھر رقیب
نظارہ و خیال کا سامان کیے ہوۓ
دل پھر طوافِ کوۓ ملامت کو جاۓ ہے
پندار کا صنم کدہ ویراں کیے ہوۓ
پھر شوق کر رہا ہے خریدار کی طلب
عرضِ متاعِ عقل و دل و جاں کیے ہوۓ
دوڑے ہے پھر ہر ایک گل و لالہ پر خیال277
صد گلستاں نگاہ کا ساماں کیے ہوۓ
٭٭
صفحۂ پنجم
پھر چاہتا ہوں نامۂ دلدار کھولنا278
جاں نذرِ دل فریبیِ عنواں کیے ہوۓ
ڈھونڈے ہے پھر کسی کو لبِ بام پر ہوس
زلفِ سیاہ رخ پہ پریشاں کیے ہوۓ
مانگے ہے پھر کسی کو مقابل میں279 آرزو
سرمے سے تیز دشنۂ مژگاں کیے ہوۓ
اک نو بہارِ ناز کو چاہے ہے پھر نگاہ
چہرہ فروغِ مے سے گلستاں کیے ہوۓ
جی ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت، کہ رات دن
بیٹھے رہیں تصورِ جاناں کیے ہوۓ
پھر دل میں ہے کہ در پہ کسو کے پڑے رہیں
سر زیرِ بارِ منتِ درباں کیے ہوۓ
غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوشِ اشک سے
بیٹھے ہیں ہم تہیۂ طوفاں کیے ہوۓ
٭٭
ای بک: دیوانِ غالب ( نسخۂ حمیدیہ/ نسخۂ بھوپال)
تصحیح: جویریہ مسعود (سوات، پاکستان)
نظرِ ثانی: اعجاز عبید، حیدر آباد، ، ہندوستان
تاریخِ شروعِ تصحیح: 1 اپریل 2007 عیسوی۔ بوقت 17-09 رات
تاریخِ اختتام: 14 اپریل 2007 عیسوی۔ بوقت 30-11 رات
باز تصحیح ۲۸اپریل ۲۰۱۲، بوقت ۱۲ بجے دن، پیسفک ٹائم
****
حواشی
1 دورانِ تحریر میں اطلاع ملی ہے کہ انہیں دنوں ہندوستان میں ایک قدیم تر مخطوطے کا پتا چلا ہے۔ اگر یہ اطلاع صحیح ہے تو بھی وہ خصوصیت جو گذشتہ نصف صدی میں بھوپال کے قلمی دیوان کو حاصل رہی، اپنی جگہ قائم رہتی ہے۔
2 اُس وقت: نواب زادہ محمد حمید اللہ خان، چیف سیکرٹری، ریاست بھوپال۔
3 کذا
4 مطابق یکم نومبر 1821 ع.
5 فوجدار محمد خاں، بھوپال کے نواب غوث محمد خاں کے بیٹے تھے۔
6 دیکھیے مفتی انوار الحق کے شائع کردہ نسخے کا صفحہ 5۔
7 اس قلمی دیوان کی تاریخ کتابت معلوم نہیں ہے لیکن بھوپال کے مخطوطے کے حاشیے کے اندراجات اس کے متن میں ملتے ہیں۔ خود اس قلمی دیوان کے حاشیے پر ایسی غزلیں درج ہیں جو غالب نے دہلی سے کلکتے جاتے ہوئیے لکھیں۔ بالفاظ دیگر اس دیوان کے متن کی کتابت غالب کے کلکتے روانہ ہونے سے پہلے مکمل ہو چکی تھی۔
8 میرے شمار کے مطابق235 غزلوں میں تخلص "اسد" آیا ہے اور38 میں "غالب"۔ ایک غزل (غزل 157) میں بجاۓ تخلص کے پورا نام "اسداللہ خاں" آیا ہے اور ایک غزل (غزل 224) تخلص کے بغیر ہے۔
اس نسخے میں ان اغلاط کی تصحیح متن ہی میں کی ہے ( جویریہ مسعود)9
10 مفتی انوار الحق کے شائع کردہ نسخے میں "بہرِ ترویح" سہوِ کتابت سے "بہرِ ترویج" ہو گیا ہے، چنانچہ یہاں (اور بعد کے اشعار میں بھی جا بجا) اس غلطی کی تصحیح کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس قصیدے کے اکثر اشعار کلیاتِ فارسی، مطبوعہ نول کشور، کے قطعہ نمبر 20 میں ملتے ہیں۔
11 بدل کر"جوشِ بیدادِ تپش" کیا گیا۔ ملاحظہ ہو مفتی انوار الحق کا نوٹ ان کے نسخے کے صفحہ 225 پر۔
12 مولانا عرشی نے اسے سہو۔ کاتب قرار دے کر اپنے نسخے میں "کی" شائع کیا ہے۔
13 یہ لفظ شاید "یاس" ہے جو سہوِ کاتب سے "پاس" ہو گیا ہے۔
14 "ترے" اور "ہے" میں غالباً سہوِ کاتب سے تقدم و تاخر ہوا ہے۔
15 اس کا ایک املا تپیدن بھی ہے (جویریہ مسعود)
16 یہ شعر دیوان غالب متداول (نسخۂ اردو ویب ڈاٹ آرگ) کے غزل نمبر 199 میں بہ حیثیت مطلعِ ثانی درج ہے۔ (جویریہ مسعود)
17 یہ شعر بھی دیوان غالب متداول (نسخۂ اردو ویب ڈاٹ آرگ) کے غزل نمبر 199 میں معمولی فرق کے ساتھ درج ہے کہ "یوہیں" کے جگہ "یوں ہی" ہے (جویریہ مسعود)
18 اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل دو شعر باریک قلم سے خوش خط لکھے ہیں:
جذبۂ بے اختیارِ شوق دیکھا چاہیے
سینۂ شمشیر سے باہر ہے دم شمشیر کا
آگہی دامِ شیدن جس قدر چاہے بچھائے
مدعا عنقا ہے اپنے عالمِ تقریر کا
19 اس شعر کے مصرع اول کے حاشیے پر یہ تحریر ہے: "عبدالعلے"
20 عرشی: مژہ
21 عرشی: زنجیری، عرشی صاحب نے زنجیر سے، کو سہوِ مرتب لکھا ہے۔
22 مصرع اول کو حاشیے پریوں بدل کر لکھا ہے (باریک قلم، خوش خط)۔
مہِ اختر فشاں کی بہر استقبال آنکھوں سے
23 مفتی انوار الحق صحیح فرماتے ہیں کہ متن میں اس شعر پر "لالا" لکھا ہے اور یہ بھی صحیح ہے کہ اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر بڑھایا گیا ہے۔
روانی ہاۓ موجِ خونِ بسمل سے ٹپکتا ہے
کہ لطفِ بے تحاشا رفتنِ قاتل پسند آیا
اس سلسلے میں صرف اتنا اضافہ ضروری معلوم ہوتا ہے کہ حاشیے پر یہ اندراج اس غزل کے دوسرے اور تیسرے شعر کے ساتھ کیا گیا ہے۔ (پانچویں شعر کے ساتھ نہیں)۔ نیز حاشیے پر یہ اندراج باریک قلم میں خوش خط نہیں ہے بلکہ موٹے قلم کے شکستہ خط میں ہے۔ تاہم اس خاص اضافے کو دیکھ کر یہ گمان ضرور ہوتا ہے کہ یہ اندراج غالب کی تحریر سے بہت مشابہ ہے۔
24 کتاب کے متن میں "جس" اور " فلک" کے بیچ کوئی لفظ چھپنے سے رہ گیا ہے (جویریہ مسعود)
نسخۂ کالی داس رضا میں یہ لفظ ’قدر‘ ہے۔
25 اس مصرع میں "از حلقہ ہا" تینوں لفظوں کے اوپر "لا" لکھا ہے۔ یوں : لا لالا پھر "از حلقہ" کے نیچے "پیمانہ" تحریر کیا ہے اور "با" کے نیچے "ہر"۔ اس مصرع کو غالباً یوں بدلنا مقصود تھا:
خمِ رنگِ سیہ پیمانۂ ہر چشمِ آہو تھا
26 اس مقطع کے بجائے حاشیے پر یہ شعر تحریر کیا ہے
اسد خاکِ درِ میخانہ اب سر پر اُڑاتا ہوں
گئے وہ دن کہ پانی جامِ مے کا تا بہ زانو تھا
27 اس غزل اور اس سے اگلی غزل کے حاشیے پر حسب ذیل سات شعر تحریر کیے ہیں:
دوست غم خواری میں میری سعی فرمائیں گے کیا
زخم کے بھرنے تلک ناخن نہ بڑھ جائیں گے کیا
بے نیازی حد سے گزری، بندہ پرور کب تلک
ہم کہیں گے حال دل اور آپ فرمائیں گے کیا
حضرت ناصح گر آئیں، دیدہ و دل فرش راہ
کوئی مجھ کو یہ تو سمجھا دو کہ سمجھائیں گے کیا
آج واں تیغ و کفن باندھے ہوئے جاتا ہوں میں
عذر میرے قتل کرنے میں وہ اب لائیں گے کیا
گر کیا ناصح نے ہم کو قید، اچھا یوں سہی
یہ جنونِ عشق کے انداز چھٹ جائیں گے کیا
خانہ زادِ زلف ہیں، زنجیر سے بھاگیں گے کیوں
ہیں گرفتارِ بلا، زنداں سے گھبرائیں گے کیا
ہے اب اس معمورے میں قحطِ غمِ الفت اسد
ہم نے یہ مانا کہ دہلی میں رہیں، کھائیں گے کیا؟
28 اس مصرع پر "لا" لکھ کر اِسے (باریک قلم، خوش خط) یوں بدلا ہے :
بوئے گل، نالۂ دل، دودِ چراغِ محفل
29 حاشیے پر "نقش" بجاۓ "وقف" بنایا ہے۔ مفتی انوار الحق۔ " یہ ترمیم بین السطور ہے": مولانا عرشی۔ اس شعر کے مصرعِ اول جزوِ ثانی عرشی صاحب نے " خواب میں خران" شائع کیا ہے۔ نسخۂ شیرانی: " خواب میں خرام اس کا۔"
30 مفتی انوار الحق کے نسخے میں یہ شعر اس طرح چھپا ہے:
ہے مکیں کی پا داری نام صاحبِ خانہ
ہم نے تیرے کوچے نے نقشِ مدعا پایا
بھوپال کے مخطوطے میں "مکیں" کے بجائے "نگیں" ہے اور دوسرا مصرع: "ہم سے تیرے کوچے نے۔۔۔" (بصورتِ بالا) لکھا ہے۔ مخطوطے کے کاتب نے شاید "سے" اور "نے" کو سہواً بدل دیا ہے۔ تاہم نسخۂ شیرانی میں یہ مصرع بجنسہ بصورت بالا دیا ہے۔
31 عرشی: "نے ستم جنوں مائل"۔
32 اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل سات شعر تحریر کیے ہیں:
دھمکی میں مرگیا جو نہ باب نبرد تھا
عشقِ نبرد پیشہ طلب گارِ مرد تھا
تھا زندگی میں موت کا کھٹکا لگا ہوا
اُڑنے سے پیشتر بھی مرا رنگ زرد تھا
تالیف نسخہ ہاۓ وفا کر رہا تھا میں
مجموعۂ خیال ابھی فرد فرد تھا
دل تا جگر کہ ساحلِ دریاۓ خوں ہے اب
اس رہگزر میں جلوۂ گل، آگے گرد تھا
جاتی ہے کوئی کشمکش اندوہِ عشق کی
دل بھی اگر گیا تو وہی دل کا درد تھا
احباب چارہ سازیِ وحشت نہ کر سکے
زنداں میں بھی خیال، بیاباں نور د تھا
یہ لاشِ بے کفن اسدِ خستہ جاں کی ہے
حق مغفرت کرے عجب آزاد مرد تھا
33 عرشی: دویدن۔
34 عرشی: "اُگی"۔
35 عرشی: "ہے"
36 عرشی: "بار"
37 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر تحریر ہے (باریک قلم، خوش خط)
دل گزر گاہِ خیال مے و ساغر ہی سہی
گر نفس جادۂ سر منزلِ تقویٰ نہ ہوا
38 حاشیے پر : "دیوے گا"
39 یہ مصرع حاشیے پریوں بدلا ہے (باریک قلم، خوش خط)
حیف اے زنگِ تمنا کہ پئے عرضِ حیا
40 حاشیے پر یوں بدل کر لکھا ہے:
واں ہجومِ نغمہ ہائے سازِ عشرت تھا اسد
ناخنِ غم یاں سرِ تارِ نفس مضراب تھا
41 اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل سات شعر (باریک قلم، شکستہ خط میں) تحریر کیے ہیں۔
محرم نہیں ہے تو ہی نوا ہاۓ راز کا
یاں ورنہ جو حجاب ہے پردہ ہے ساز کا
رنگِ شکستہ صبحِ بہارِ نظارہ ہے
یہ وقت ہے شگفتنِ گل ہاۓ ناز کا
تو اور سوۓ غیر نظر ہاۓ تیز تیز
میں اور دکھ تری مژہ ہاۓ دراز کا
صرفہ ہے ضبط آہ میں میرا، وگر نہ میں
طعمہ ہوں ایک ہی نفسِ جاں گداز کا
ہیں بسکہ جوشِ بادہ سے شیشے اچھل رہے
ہر گوشۂ بساط ہے سر شیشہ باز کا
کاوش کا دل کرے ہے تقاضا کہ ہے ہنوز
ناخن پہ قرض اس گرہِ نیم باز کا
تاراجِ کاوش غم ہجراں ہوا اسد
سینہ کہ تھا دفینہ گہر ہاۓ راز کا
اس صفحے پر مذکورہ بالا حاشیے کے بالمقابل حسب ذیل پانچ شعر حاشیے میں(باریک قلم، شکستہ خط) درج کیے گئے ہیں:
نازشِ ایامِ خاکستر نشینی کیا کہوں
پہلوۓ اندیشہ وقفِ بسترِ سنجاب تھا
مقدمِ سیلاب سے دل کیا نشاط آہنگ ہے
خانۂ عاشق مگر سازِ صداۓ آب تھا
کچھ نہ کی اپنے جنونِ نارسا نے ورنہ یاں
ذرہ ذرہ رو کشِ خورشیدِ عالم تاب تھا
آج کیوں پروا نہیں اپنے اسیروں کی تجھے
کل تلک تیرا بھی دل مہر و وفا کا باب تھا
یاد کر وہ دن کہ ہر اک حلقہ تیرے دام کا
انتظارِ صید میں اک دیدۂ بے خواب تھا
42 اس مقام پر وہ اشارات جو میں نے برسوں پہلے کتب خانۂ بھوپال میں قلمی نسخے کو دیکھ کر لکھے، کسی قدر پریشاں کن ثابت ہوئے ہیں۔ معلوم ہوتا ہے کہ حسب ذیل سات اشعار میں سے پہلے چھ شعر اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھے گئے۔ اس کے بعد حاشیے پر دوسری جگہ میں اشعار باریک قلم سے شکستہ خط میں نقل ہوئے ہیں اور ساتویں شعر کا (جو مقطع ہے) اضافہ کیا گیا ہے:
جلوۂ گل نے کیا تھا واں چراغاں آب جو
یاں رواں مژگانِ چشمِ تر سے خونِ ناب تھا
دیکھتے تھے ہم بہ چشمِ خود وہ طوفانِ بلا
آسمانِ سفلہ جس میں یک کفِ سیلاب تھا
موج سے پیدا ہوئے پیراہنِ دریا میں خار
گریہ وحشت بے قرارِ جلوۂ مہتاب تھا
یاں سر پُر شور بے خوابی سے تھا دیوار جُو
واں وُہ فرقِ ناز محوِ بالشِ کمخواب تھا
یاں نفس کرتا تھا روشن شمعِ بزمِ بے خودی
جلوۂ گل واں بساطِ صحبتِ احباب تھا
فرش سے تا عرش واں طوفاں تھا موجِ رنگ کا
یاں زمیں سے آسماں تک سوختن کا باب تھا
واں ہجومِ نغمہ ہائے سازِ عشرت تھا اسد
ناخنِ غم یاں سرِ تارِ نفس مضراب تھا
اسی (مذکورہ بالا) اندراج کے نیچے حاشیے ہی پر سات شعر کی یہ غزل باریک قلم سے خوش خط تحریر کی ہے۔ (مفتی انوار الحق نے اس غزل کو اپنے مطبوعہ نسخے کے متن میں جگہ دی ہے مگر حاشیے کے اس اندراج کا ذکر نہیں کیا)۔
نہ بھولا اضطرابِ دم شماری انتظار اپنا
کہ آخر شیشۂ ساعت کے کام آیا غبار اپنا
ز بس آتش نے فصلِ رنگ میں رنگِ دگر پایا
چراغِ گل سے ڈھونڈے ہے چمن میں شمع خار اپنا
اسیرِ بے زباں ہوں کاشکے صیادِ بے پروا
بہ دامِ جوہرِ آئینہ ہو جائے شکار اپنا
مگر ہو مانعِ دامن کشی ذوقِ خود آرائی
ہوا ہے نقش بندِ آئنہ سنگِ مزار اپنا
دریغ اے ناتوانی ورنہ ہم ضبط آشنایاں نے
طلسمِ رنگ میں باندھا تھا عہدِ استوار اپنا
اگر آسودگی ہے مدعاۓ رنجِ بے تابی
نثارِ گردشِ پیمانۂ مے روزگار اپنا
اسد ہم وہ جنون جولاں گداۓ بے سر و پا ہیں
کہ ہے سر پنجۂ مژگانِ آہو پشت خار اپنا
43 اس مصرع کے ساتھ حاشیے میں یہ تحریر ہے: "عبدالعلے"
44 حاشیے پر در گرہ کی جگہ "سلسلہ" بنایا ہے۔ مفتی انوار الحق کا نوٹ
45 حاشیے پر اسے یوں بدلا ہے "غبار راہ ہوں"
46 اس سلسلے میں ملاحظہ ہو "نسخۂ حمیدیہ" مؤلفہ مفتی انوار الحق (حاشیۂ صفحہ32)۔ یہ مقطع متن میں کاٹ کر اس کے بجائے حسب ذیل تین شعر (باریک قلم سے شکستہ خط میں) درج حاشیہ ہیں:
عشق میں ہم نے ہی ابرام سے پرہیز کیا
ورنہ جو چاہیے اسبابِ تمنا سب تھا
آخرِ کار گرفتارِ سرِ زلف ہوا
دلِ دیوانہ کہ وارستۂ ہر مذہب تھا
شوق سامانِ فضولی ہے، وگرنہ غالب
ہم میں سرمایۂ ایجادِ تمنا کب تھا
47 شیرانی: "قاتل نے جناغ"ٰ
48 "متن میں "تو کہے" کے نیچے پہلے "گوئیا" لکھا ہے پھر کاٹ دیا ہے
49 "حاشیے پر "مصروف" کی جگہ "معزول" لکھا ہے"۔ (مفتی انوار الحق کا نوٹ)
50 حاشیے پر موٹے قلم سے کسی قدر خوش خط شکستہ میں اس کے بجاۓ یہ شعر لکھا ہے:
انتظارِ جلوۂ کاکل میں ہر شمشادِ باغ
51 صورتِ مژگانِ عاشق صرفِ عرضِ شانہ تھا
52 "متن میں پہلے اس جگہ "طپیدن" تھا۔ پھر اسے کاٹ کر "تڑپنا" بنایا گیا" (مفتی انوار الحق کا نوٹ)
53 اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل دو شعر باریک قلم سے شکستہ خط میں درج کیے ہیں۔
وہی اک بات ہے جو یاں نفس واں نکہتِ گل ہے
چمن کا جلوہ باعث ہے مری رنگیں نوائی کا
نہ دے نامے کو اتنا طول غالب مختصر لکھ دے
کہ حسرت سنج ہوں عرضِ ستم ہاۓ جدائی کا
54 عرشی: "پریشاں" (بجاۓ "پرستان")۔
55 اس غزل کے حاشیے پر یہ چار شعر درج ہیں (باریک قلم، شکستہ خط):
حناۓ پاۓ خزاں ہے بہار اگر ہے یہی
دوامِ کلفت خاطر ہے عیش دنیا کا
ملی نہ وسعتِ جولانِ یک جنوں ہم کو
عدم کولے گئے دل میں غبار صحرا کا
ہنوز محرمیِ حسن کو ترستا ہوں
کرے ہے ہر بُنِ مُو کام چشمِ بینا کا
دل اُس کو پہلے ہی ناز و ادا سے دے بیٹھے
ہمیں دماغ کہاں حسن کے تقاضا کا
56 عرشی صاحب فرماتے ہیں کہ قلمی نسخے میں " جنون زدہ" ہے۔
57 حاشیے پر اس مصرع کو یوں لکھا ہے:
ملی نہ وسعتِ جولانِ یک جنون ہم کو
(مفتی انوار الحق کا نوٹ)
58 یہ شعر متن میں موٹے قلم سے شکستہ خط میں یوں بدلا ہے:
فلک کو دیکھ کے کرتا ہے اُس کو یاد اسد
جفا میں اُس کی ہے انداز کار فرما کا
59 اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر درج ہیں (باریک قلم، شکستہ خط)۔ واضح رہے کہ مفتی انوار الحق کے نسخے میں (ملاحظہ ہو اُس نسخے کا صفحہ16) ان اشعار کی ترتیب وہ نہیں رہی جو قلمی نسخے میں بطریق ذیل موجود ہے:
ایک ایک قطرے کا مجھے دنیا پڑا حساب
خونِ جگر ودیعتِ مژگانِ یار تھا
کم جانتے تھے ہم بھی غمِ عشق کو، پر اب
دیکھا تو کم ہوۓ پہ غمِ روزگار تھا
گلیوں میں میری نعش کو کھینچے پھرو کہ میں
جاں دادۂ ہواۓ سرِ رہگزار تھا
60 عرشی: "جوں"۔
61 "اس قطع رہ" کو حاشیے پر "راہِ سخن میں" لکھا ہے۔ تحریر موٹے قلم سے شکستہ اور بد خط ہے۔
62 اس غزل کے حاشیے پر ان تین اشعار کا اضافہ کیا ہے۔ (باریک قلم، شکستہ)۔
ہوا نے ابر سے کی موسم گل میں نمد بانی
کہ تھا آئینۂ خور پر تصور رنگ بستن کا
تکلف عافیت میں ہے دلا بند قبا وا کر
نفس بعد از وصالِ دوست تاواں ہے گسستن کا
ہر اشکِ چشم سے یک حلقۂ زنجیر بڑھتا ہے
بہ بندِ گریہ ہے نقشِ بر آب اندیشہ رستن کا
63 اس غزل سے نیا صفحہ شروع ہوتا ہے۔ غزل کے اُوپر لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ): "معاملہ کردہ شے"۔
64 اس شعر کے حاشیے پر لکھا ہے: "ستم دیدہ" یہ تحریر موٹے قلم کی ہے مگر کچھ ایسی بد خط نہیں۔
65 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر لکھا ہے (باریک قلم، شکستہ):
جنت ہے تیری تیغ کے کشتوں کی منتظر
جوہر سواد جلوۂ مژگانِ حور تھا
66 شاید کتابت کی غلطی نے یہاں "بھر" کو "مر" بنا دیا ہے مگر اس سلسلے میں نسخۂ حمیدیہ کا یہ مقطع بھی قابلِ لحاظ ہے:
شب کہ تھا نظارگی روۓ بتان کا اے اسد
گر گیا بامِ فلک سے صبح طشتِ ماہتاب
67 اس مصرع کے ساتھ حاشیے پر یہ الفاظ ملتے ہیں:
"محررہ عبدالصمد مظہر"۔
68 اس غزل کے حاشیے پر یہ دو شعر لکھے ہیں (باریک قلم، شکستہ):
رحمت اگر قبول کرے کیا بعید ہے
شرمندگی سے عذر نہ کرنا گناہ کا
مقتل کو کس نشاط سے جاتا ہوں میں کہ ہے
پُر گُل خیالِ زخم سے دامن نگاہ کا
69 سات شعروں کی اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر لکھے ہیں (باریک قلم، شکستہ):
رشک کہتا ہے کہ اُس کا غیر سے اخلاص حیف
عقل کہتی ہے کہ وہ بے مہر کس کا آشنا
شوق ہے ساماں طرازِ نازشِ اربابِ عجز
ذرہ صحرا دستگاہ و قطرہ دریا آشنا
میں اور اک آفت کا ٹکڑا وہ دلِ وحشی کہ ہے
عافیت کا دشمن اور آوارگی کا آشنا
70 اس غزل کے حاشیے پر یہ دو شعر تحریر ہیں (باریک قلم، شکستہ خط):
بلبل کے کاروبار پہ ہیں خندہ ہاۓ گل
کہتے ہیں جس کو عشق خلل ہے دماغ کا
سو بار بندِ عشق سے آزاد ہم ہوۓ
پر کیا کریں کہ دل ہی عدو ہے فراغ کا
71 یہ مصرع حاشیے پر (موٹے قلم سے، بد خط) یوں لکھا ہے:
اسد اربابِ فطرت قدر دانِ لفظ و معنی ہیں
72 اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر لکھے ہیں۔ (باریک قلم سے، شکستہ خط میں) دوسرے اور تیسرے شعر میں لکھنے والا صرف قافیے تک پہنچا ہے۔ ردیف دونوں شعروں میں بہ نظر سہولت حذف کی گئی ہے:
دل کو ہم صرفِ وفا سمجھے تھے کیا معلوم تھا
یعنی یہ پہلے ہی نذرِ امتحاں ہو جاۓ گا
باغ میں مجھ کو نہ لے جا ورنہ میرے حال پر
پر گلِ تر ایک چشمِ خوں فشاں ہو جاۓ گا
واۓ گر میرا ترا انصاف محشر میں نہ ہو
اب تلک تو یہ توقع ہے کہ واں ہو جاۓ گا
73 یہ مصرع کاٹ کر (شکستہ، بد خط تحریر میں) یوں لکھا ہے:
خارِ گُل بہرِ دہانِ گُل زباں ہو جاۓ گا
74 مفتی انوار الحق کے نسخے میں اس غزل کا پانچواں اور چھٹا شعر آپس میں بدل گۓ ہیں لیکن قلمی دیوان میں ترتیب اشعار وہ ہے جو یہاں دی گئی ہے۔
75 قلمی دیوان میں اسی طرح ہے، "سوچ" نہیں ہے۔
76 شیرانی و عرشی: "اخگر" بجاۓ "اختر"۔
77 مفتی انوار الحق کے نسخے میں اس غزل کا پانچواں اور چھٹا شعر آپ میں بدل گۓ ہیں لیکن یہاں قلمی دیوان ہی کی ترتیب اشعار کا لحاظ کیا گیا ہے۔
78 شیرانی و عرشی: "خونا کردگاں" بجاۓ "نا افسردگاں"۔
79 قلمی دیوان میں چھٹے شعر پر "لالا" لکھ کر حاشیے پر یہ شعر درج کیا ہے (موٹے قلم سے، شکستہ، بد خط تحریر):
اعتبارِ عشق کی خانہ خرابی دیکھنا
غیر نے کی آہ لیکن وہ خفا مجھ پر ہوا
80 شیرانی و عرشی: "ریشہ واری" بجاۓ "ریشہ داری"۔
81 اس غزل کے حاشیے پر یہ پانچ شعر (باریک قلم سے خوش خط) بہ ترتیب ذیل لکھے ہیں:
دل میں ذوقِ وصل و یادِ یار تک باقی نہیں
آگ اس گھر میں لگی ایسی کہ جو تھا جل گیا
میں عدم سے بھی پرے ہوں ورنہ غافل بارہا
میری آہِ آتشیں سے بالِ عنقا جل گیا
دل نہیں تجھ کو دکھاتا ورنہ داغوں کی بہار
اس چراغاں کا کروں کیا کارفرما جل گیا
عرض کیجے جوہرِ اندیشہ کی گرمی کہاں
کچھ خیال آیا تھا وحشت کا کہ صحرا جل گیا
میں ہوں اور افسردگی کی آرزو غالب کہ دل
دیکھ کر طرزِ تپاکِ اہلِ دنیا جل گیا
82 حاشیے پر "آتش خیزی" کے بجاۓ "سوز آتش" بنایا ہے۔ (مفتی انوار الحق کا نوٹ)۔
83 اس غزل کے حاشیے پر یہ ایک شعر درج ہے (باریک قلم، شکستہ)۔
پھر (ترے) کوچے کو جاتا ہے خیال
دلِ گم گشتہ مگر یاد آیا
مصرع اول میں حاشیہ نگار "ترے" لکھنا بھول گیا ہے۔
84 شیرانی: "کہ"۔
85 اس مقطع کے سامنے حاشیے پر 1248 ھ کی مہر لگی ہے۔
86 شیرانی: "مری"۔
87 عرشی: "گامِ زباں تک" (کام زباں تک کے بجاۓ)
88 اس غزل کے حاشیے پر یہ چھ شعر بہ ترتیب ذیل لکھے ہیں (باریک قلم، شکستہ خط):
جاتا ہوں داغِ حسرتِ ہستی لیے ہوئے
ہوں شمعِ کشتہ در خورِ محفل نہیں رہا
مرنے کی اے دل اور ہی تدبیر کر کہ میں
شایانِ دست و بازوۓ قاتل نہیں رہا
گو میں رہا رہینِ ستم ہاۓ روزگار
لیکن ترے خیال سے غافل نہیں رہا
وا کر دیے ہیں شوق نے ہندِ نقابِ حسن
غیر از نگاہ اب کوئی حائل نہیں رہا
دل سے ہواۓ کشتِ وفا مٹ گئی کہ واں
حاصل سواۓ حسرتِ حاصل نہیں رہا
بیدادِ عشق سے نہیں ڈرتا ہوں پر اسد
جس دل پہ ناز تھا مجھے وہ دل نہیں رہا
واضح رہے کہ حاشیے میں لکھے ہوۓ مقطع کا مصرع اول (بصورت بالا) متداول دیوان میں اختیار کردہ مصرع (بیداد عشق سے نہیں ڈرتا مگر اسد) سے مختلف ہے۔
89 عرشی "بستر"۔
90 "متن میں یہ مصرع یونہی درج ہے لیکن اس غزل کی ردیف کی رعایت آخر میں "رہا" کی متقاضی ہے اس لیے شاید یہ مصرع یوں ہو کہ:"ہمارا کام ہوا اور تمہارا نام رہا"
(مفتی انوار الحق کا نوٹ)
91 جدید املا : " تپ" جویریہ مسعود
92 "کرے"؟
93 اس غزل کے حاشیے پر یہ دو شعر درج ہیں (باریک قلم، شکستہ)۔ پہلے شعر کے اوپر حاشیے ہی میں "مطلع ثانی" لکھا ہے:
ذوقِ سرشار سے بے پردہ ہے طوفاں میرا
موجِ خمیازہ ہے ہر زخمِ نمایاں میرا
رخصتِ نالہ مجھے دے کہ مبادا ظالم
تیرے چہرے سے ہو ظاہر غمِ پنہاں میرا
94 یہاں حاشیے پر متداول دیوان کی حسب ذیل غزل کے پہلے سات شعر درج ہیں اور آخری تین شعر اگلے صفحے کے حاشیے پر:
عشرتِ قطرہ ہے دریا میں فنا ہو جانا
درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا
تجھ سے قسمت میں مری صورتِ قفلِ ابجد
تھا لکھا بات کے بنتے ہی جدا ہو جانا
دل ہوا کشمکشِ چارۂ زحمت میں تمام
مٹ گیا گھسنے میں اس عدے کا وا ہو جانا
اب جفا سے بھی ہیں محروم ہم اللہ اللہ
اس قدر دشمنِ اربابِ وفا ہو جانا
ضعف سے گریہ مبدل بہ دمِ سرد ہوا
باور آیا ہمیں پانی کا ہوا ہو جانا
دل سے مٹنا تری انگشتِ حنائی کا خیال
ہو گیا گوشت سے ناخن کا جدا ہو جانا
ہے مجھے ابرِ بہاری کا برس کر کھلنا
روتے روتے غمِ فرقت میں فنا ہو جانا
گر نہیں نکہتِ گل کو ترے کوچے کی ہوس
کیوں ہے گردِ رہِ جولانِ صبا ہو جانا
تا کہ تجھ پر کھلے اعجازِ ہواۓ صیقل
دیکھ برسات میں سبز آئنے کا ہو جانا
بخشے ہے جلوۂ گل ذوقِ تماشا غالب
چشم کو چاہیے ہر رنگ میں وا ہو جانا
95 یہ مصرع بصورت بالا لکھنے کے بعد یوں بدل دیا ہے:
رشتۂ ہر شمع خارِ کسوتِ فانوس تھا
96 حاشیے پر (باریک قلم، شکستہ) پہ دو شعر لکھے ہیں:
طبع کے واشد نے رنگِ یک گلستان گل کیا
یہ دلِ وابستہ گویا بیضۂ طاؤس تھا
مشہدِ عاشق سے کوسوں تک جو اُگتی ہے حنا
کس قدر یا رب ہلاکِ حسرتِ پابوس تھا
97 عرشی: "ہے"۔
98 اس غزل کے حاشیے پر بارہ شعر کی حسب ذیل غزل موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھی ہے۔ واضح رہے کہ دسویں شعر کے پہلے مصرع میں "ایک عالم میں ہے طوفانئِ کیفیتِ فصل" قلمی نسخے کی عبارت کے مطابق ہے۔ مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں یہ مصرع "ایک عالم پہ ہے۔۔۔" ہو گیا ہے۔
پھر ہوا وقت کہ ہو بال کشا موج شراب
دے بطِ مے کو دل و دستِ شنا موج شراب
پوچھ مت وجہِ سیہ مستیِ اربابِ چمن
سایۂ تاک میں ہوتی ہے ہوا موجِ شراب
جو ہوا غرقۂ مے بختِ رسا رکھتا ہے
سر سے گزرے پہ بھی ہے بالِ ہما موجِ شراب
ہے یہ برسات وہ موسم کہ عجب کیا ہے اگر
موجِ ہستی کو کرے فیضِ ہوا موجِ شراب
چار موج اٹھتی ہے طوفان طرب سے ہر سو
موجِ گل، موجِ شفق، موجِ صبا، موجِ شراب
جس قدر روح بناتی ہے جگر تشنۂ ناز
دے ہے تسکیں، بدمِ آبِ بقا، موجِ شراب
بسکہ دوڑے ہے رگِ تاک میں خوں ہو ہو کر
شہپرِ رنگ سے ہے بال کشا موجِ شراب
موجۂ گل سے چراغاں ہے گزرگاہِ خیال
ہے تصور میں زبس جلوہ نما موجِ شراب
نشے کے پردے میں ہے محوِ تماشاۓ دماغ
بسکہ رکھتی ہے سرِ نشو و نما موجِ شراب
ایک عالم میں ہے طوفانیِ کیفیت فصل
موجۂ سبزۂ نوخیز سے تا موجِ شراب
شرحِ ہنگامۂ ہستی ہے زہے موسمِ گل
ہے تصور میں زبس جلوہ نما موجِ شراب
ہوش اُڑتے ہیں مرے جلوۂ گل دیکھ اسد
پھر ہوا وقت کہ ہو بال کشا موجِ شراب
99 اس مصرع میں لفظ "آہنگ" کاٹ کر لفظ "ذوق" لکھا گیا ہے۔ مصرع کی صورت اصلاح کے بعد یہ ہے۔
بسملِ ذوقِ پریدن ہے بہ بالِ عندلیب
100 اس لفظ کو بدل کو موٹے قلم سے شکستہ خط میں "روز" لکھا ہے۔ (اے شبِ پروانہ و روزِ وصالِ عندلیب)۔
101 اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل پانچ شعر بہ ترتیبِ ذیل درج ہیں (موٹا قلم، شکستہ خط):
کافی ہے نشانی تری چھلّے کا نہ دینا
خالی مجھے دکھلا کے بہ وقت سفر انگشت
خوں دل میں جو میر ے نہیں باقی تو عجب کیا
جوں ماہیِ بے آب تڑپتی ہے ہر انگشت
شوخی تری کہہ دیتی ہے احوال ہمارا
رازِ دلِ صد پارہ کی ہے پردہ در انگشت
کس رتبے میں باریکی و نرمی ہے کہ جوں گل
آتی نہیں پنجے میں بس اس کے نظر انگشت
افسوس کہ دنداں کا کیا رزق فلک نے
جن لوگوں کی تھی درخورِ عقدِ گہر انگشت
102 یہ مصرع یوں بدلا گیا ہے (موٹا قلم، بد خط تحریر):
دیکھا ہے کسی کا جو حنا بستہ سر انگشت
103 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے بد خط شکستہ تحریر میں حسب ذیل غزل درج ہے:
رہا گر کوئی تا قیامت سلامت
پھر اک روز مرنا ہے حضرت سلامت
جگر کو مرے عشقِ خوننابہ مشرب
لکھے ہے خداوندِ نعمت سلامت
دو عالم کی ہستی پہ خطِ وفا کھینچ
دل و دستِ اربابِ ہمت سلامت
علی الرغم دشمن شہیدِ وفا ہوں
مبارک مبارک سلامت سلامت
نہیں گر بہ کامِ دلِ خستہ گردوں
جگر خواہیے جوشِ حسرت سلامت
نہیں گر سر و برگِ سوداۓ معنی
تماشائے نیرنگِ صورت سلامت
نہ اوروں کی سنتا، نہ کہتا ہوں اپنی
سرِ خستہ دشوار وحشت سلامت
وفورِ بلا ہے ہجومِ وفا ہے
سلامت سلامت، سلامت سلامت
نہ فکر سلامت، نہ بیم سلامت
ز خود رفتگی ہاۓ حیرت سلامت
رہے غالبِ خستہ مغلوبِ گردوں
یہ کیا بے نیازی ہے حضرت سلامت
104 عرشی: "سرخستہ و شورِ وحشت۔۔۔"۔
105 اس غزل کے حاشیے پر اس شعر کا اضافہ کیا ہے (موٹا قلم، شکستہ):
قیس بھاگا شہر سے شرمندہ ہو کر سوۓ دشت
بن گیا تقلید سے میری یہ سودائی عبث
106 عرشی: "گنج"
107 حاشیے پر یہ شعر موٹے قلم سے شکستہ خط میں یوں بدلا ہے:
طبعِ عاشق حاملِ صد غلبۂ تاثیر ہے
دل کو اے بیداد خو تعلیمِ خارائی عبث
108 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر تحریر ہے۔ (موٹا قلم، شکستہ خط):
آتا ہے ایک پارۂ دل ہر فغاں کے ساتھ
تارِ نفس کمندِ شکارِ اثر ہے آج
109 شیرانی: "ہر رشتہ"۔
110 اسے بدل کر یوں لکھا ہے (موٹا قلم، شکستہ خط): "کرتی ہے عاجزی۔۔۔"
111 اس مقطع کے دو لفظوں "شانہ گشتن" کے نیچے موٹے قلم سے شکستہ خط میں دو لفظ "گیسو شدن" لکھے ہیں۔ اگر یہ تحریر غالب کی ہے تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے اس مصرع کو بدلنے کا خیال کیا اور پھر ترک کر دیا، بصورت دیگر نقل کرنے والے نے ترمیم کی صحیح نقل نہیں کی۔
112 متداول دیوان میں اس لفظ کے بجاۓ "دید" ہے مگر قلمی دیوان میں "جلوہ" ہی ہے۔
113 یہاں متن میں "تجھ سے" کو کاٹ کر موٹے قلم سے شکستہ خط میں "یکسر" تحریر کیا ہے۔
114 یہ مصرع کاٹ کر یوں بدلا ہے:
"ز دست شیشۂ دلہاۓ دوستاں فریاد"
115 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر درج کیا ہے (موٹے قلم سے، شکستہ مگر بد خط نہیں ہے):
تھی نگہ میری نہاں خانۂ دل کی نقّات
بے خطر جیتے ہیں اربابِ ریا میرے بعد
116 متداول دیوان میں یہ شعر نہیں ہے۔ جویریہ مسعود
117 اس غزل پر متن میں موٹے قلم سے بد خط "غلط" لکھا ہے۔
118 عرشی: "مژہ ہے"۔
119 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ شعر تحریر ہے:
مدعی میرے صفاۓ دل سے ہوتا ہے خجل
ہے تماشا زشت رویوں کا عتاب آئینے پر
120 عرشی: "سد اسکندر بنے بہرِ نگاہ گلرخاں"۔
121 متن میں زندں درج ہے جو کہ یقینی طور پر کتابت / ٹائپنگ کی غلطی ہے۔ جویریہ مسعود
122 اس غزل پر متن میں موٹے قلم سے شکستہ خط میں "غلط" لکھا ہے اور لکھنے کے بعد کاٹ دیا ہے۔
123 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں پہ تین شعر لکھے ہیں:
جنوں کی دست گیری کس سے ہو گر ہو نہ عریانی
گریباں چاک کا حق ہو گیا ہے میری گردن پر
فلک سے ہم کو عیشِ رفتہ کا کیا کیا تقاضا ہے
متاعِ بردہ کو سمجھے ہوۓ ہیں قرض رہزن پر
فنا کو سونپ گر مشتاق ہے اپنی حقیقت کا
فروغِ طالعِ خاشاک ہے موقوف گلخن پر
124 یہاں لفظ "تمنا" کے بجاۓ موٹے قلم سے شکستہ خط "دو عالم" لکھا ہے۔
125 اس غزل کے حاشیے پر ذیل کے تین شعر موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھے ہیں۔ پہلے شعر کا مصرعِ اول متداول دیوان کے اسی مصرع سے ذرا سا مختلف ہے:
فارغ مجھے نہ جان کہ جوں صبح و آفتاب
ہے داغِ عشق زینتِ جیب کفن ہنوز
اے شعلہ فرصتے کہ سویداۓ دل سے ہوں
کشتِ سپندِ صد جگر اندوختن ہنوز
میخانۂ جگر میں یہاں خاک بھی نہیں
خمیازہ کھینچے ہے بت بیداد فن ہنوز
ان اشعار میں شعر 2 اس سے آگے تیسری غزل کے متن میں پھر موجود ہے۔ اب میں نہیں کہہ سکتا کہ یہاں اشارہ نویسی میں مجھ سے غلطی ہوئی یا حاشیے میں لکھے ہوئے اس شعر کی تکرار آگے آنے والی ایک غزل کے متن میں فی الواقع ہوئی ہے۔
126 متن میں اس غزل کے اوپر "غلط" لکھا ہے۔
127 اس غزل کے حاشیے پر مندرجہ ذیل چار شعر موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھے ہیں۔ مقطع میں یہ نکتہ قابل لحاظ ہے کہ یہاں تخلص اسد نہیں، غالب رکھا ہے اور متن میں اسد والے مقطع پر "لالا" لکھ دیا ہے:
ز بس کہ جلوۂ صیاد حیرت آرا ہے
اڑی ہے صفحۂ خاطر سے صورتِ پرواز
ہجومِ فکر سے دل مثلِ موج لرزے ہے
کہ شیشہ نازک و صہباۓ آبگینہ گداز
ہر ایک ذرۂ عاشق ہے آفتاب پرست
گئ نہ خاک ہوۓ پر، ہواۓ جلوۂ ناز
نہ پوچھ وسعتِ میخانۂ جنوں غالب
جہاں یہ کاسۂ گردوں ہے ایک خاک انداز
128 عرشی: "دیدہ" بجاۓ "دید"۔
129 قلمی دیوان میں مروجہ "خمِ کاکل" کے بجاۓ "خمِ گیسو" ہے۔
130 کتاب کے اصل متن میں "اندیشہاے" ہے، اسے جدید املا کے مطابق " اندیشہ ہاۓ" سے بدل دیا ہے، جویریہ مسعود
131 قلمی نسخے میں اس مصرع کا بصورتِ متداولہ پایا جانا قرینِ قیاس معلوم نہیں ہوتا۔ خود نسخۂ شیرانی میں یہ مصرع یوں درج ہے: ریزشِ سجدہ ہاۓ اہلِ نیاز
132 حاشیے پر مقطع کا مصرع اول(موٹے قلم سے، شکستہ خط میں) بصورت ذیل لکھا ہے:
"نگہِ التفات سوۓ اسد"
133 لفظ "موجد" کو کاٹ کر (موٹا قلم، شکستہ خط) "مایہ" بنایا ہے۔ دونوں مصرعوں میں کچھ اور بھی اصلاح دینی چاہی ہے مگر پھر ان الفاظ کو کاٹ دیا ہے۔ گویا یہ شعر بہ تغیرِ لفظِ "موجدِ" بجنسہِ رہنے دیا ہے۔
134 اس صفحے کے حاشیے پر آٹھ شعر کی یہ غزل درج ہے (موٹا قلم، شکستہ خط):
کب فقیروں کو رسائی بتِ میخوار کے پاس
تونبے بو دیجیے میخانے کی دیوار کے پاس
مژدہ اے ذوقِ اسیری کہ نظر آتا ہے
دامِ خالی قفسِ مرغِ گرفتار کے پاس
جگرِ تشنۂ آزار تسلی نہ ہوا
جوۓ خوں ہم نے بہائی بُنِ ہر خار کے پاس
مند گئیں کھولتے ہی کھولتے آنکھیں، ہے ہے
خوب وقت آئے تم اس عاشقِ بیمار کے پاس
میں بھی رک رک کے نہ مرتا جو زباں کے بدلے
دشنہ اک تیز سا ہوتا مرے غم خوار کے پاس
دہنِ شیر میں جا بیٹھیے، لیکن اے دل
نہ کھڑے ہو جیے خوبانِ دل آزار کے پاس
دیکھ کر تجھ کو چمن بسکہ نمو کرتا ہے
خود بخود پہنچے ہے گل گوشۂ دستار کے پاس
مرگیا پھوڑ کے سر غالبِ وحشی ہے ہے
بیٹھنا اس کا وہ آ کر تری دیوار کے پاس
135 عرشی: "تا" (بجاۓ "بر")۔
136 کتاب میں یہ لفظ صحیح پڑھا نہ جا سکا۔ جویریہ مسعود
137 "گداز" کو موٹے قلم سے شکستہ خط میں "وفور" بنایا ہے۔
138 اس مصرع کا کچھ حصہ کاٹ دیا ہے اور اسے موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ صورت دی ہے۔
یک جہاں گل تختۂ مشق شگفتن ہے اسد
139 "نظر جوش" کے نیچے شکستہ خط میں موٹے قلم سے "پرستار" لکھا ہے۔
140 اس مصرع کا ابتدائی حصہ ("تمکین بہار آتش" سے پہلے) موٹے قلم سے شکستہ خط میں بدل دیا ہے اور مصرع کی صورت یوں ہو گئ ہے:
ہوئی ہے بسکہ صرفِ مشقِ تمکینِ بہار آتش
141 حاشیے پر یہ مصرع اس طرح لکھا ہے (موٹا قلم، شکستہ خط):
نہ نکلے شمع کے پاسے نکلے گر نہ خار آتش
142 اس مصرع کو موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ اصلاح دی ہے:
اگر مضمون خاکستر کرے دیباچہ آرائی
143 یہ مصرع بد خط شکستہ میں حاشیے پر یوں بدلا ہے:
بہ تقریبِ نگارش ہاۓ سطر شعلہ باد آتش
144 قلمی دیوان میں یوں ہی ہے۔ واضح رہے کہ مفتی انوار الحق نے مصرع اول کا آخری لفظ "کو" بنا دیا ہے اور مصرع ثانی میں "در بناۓ اعتقاد" کو "بربناۓ اعتقاد" لکھا ہے۔
145 یہ مصرع حاشیے پر بصورت ذیل بدلا ہے (موٹے، قلم سے، شکستہ خط میں):
عقل کے نقصان سے اُٹھتا ہے خیال انتفاع
146 حاشیے پر یہ مصرع یوں بدلا ہے (موٹا قلم، شکستہ):
وقتِ خیالِ جلوۂ حسنِ بتاں اسد
147 اس غزل کے مطلع کے دونوں مصرعوں کے درمیان لکھا ہے: "پسند خاطر عبدالعلے" اور ساتھ نشان ص لگایا ہے۔ دوسرے، چوتھے اور پانچوں شعر کو اسی نشان ص سے ممتاز کیا ہے۔ غالباً یہ تین شعر عبدالعلی کو پسند آۓ ہیں۔
148 چھ اشعار کی اس غزل سے متعلق دو باتیں قابل ذکر ہیں: مفتی انوار الحق کے نسخے میں تیسرا اور چوتھا شعر باہم بدل گئے ہیں، مگر قلمی دیوان میں ترتیبِ اشعار وہی ہے جو یہاں دی گئی ہے۔ اسی غزل کے حاشیے پر ذیل کے دو شعر موٹے قلم سے شکستہ خط میں بڑھاۓ گئے ہیں:
گل چہرہ ہے کسی خفقانی مزاج کا
گھبرا رہی ہے بیمِ خزاں سے بہار حیف
جلتا ہے دل کہ کیوں نہ ہم اک بار جل گئے
اے نا تمامیِ نفسِ شعلہ بار حیف
149 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں ذیل کا شعر درج ہے:
مفتِ دل و جگر خلشِ غمزہ ہاۓ ناز
کاوش فروشیِ مژہِ تیز یک طرف
خاص بات اس اندراج کے متعلق یہ ہے کہ یہ غالب کی تحریر سے نمایاں طور پر مشابہ ہے۔
150 عرشی: "یک"۔
151 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر درج ہے (موٹا قلم، شکستہ):
غیر کی منت نہ چھوڑوں گا پۓ توفیرِ درد
زخمِ دل جوں خندۂ خوباں ہیں سر تا پا نمک
152 مفتی انوار الحق کے نسخے میں یہ لفظ "اضارا" (بجاۓ "نصارا") چھپ گیا ہے۔ نسخۂ شیرانی اور نسخۂ عرشی دونوں میں "نصارا" ہے۔
153 متداول دیوان میں اس غزل کی ردیف "ہونے تک" معروفِ عام ہے مگر قلمی دیوان میں مطلع سے لے کر مقطع تک آٹھوں اشعار میں ردیف بالالتزام "ہونے تک" ہے۔
154 پانچ ابیات کی اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں یہ دو شعر لکھے ہیں:
رونے نے طاقت اتنی نہ چھوڑی کہ ایک بار
مژگاں کو دوں فشار پئے امتحانِ اشک
سیلِ بناۓ ہستیِ شبنم ہے آفتاب
چھوڑے نہ چشم میں تپشِ دل نشانِ اشک
155 "در حال" کو کاٹ کر اس کے اوپر لفظ "ہنگام" لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط)۔
156 اس دوسرے مطلع کے سامنے حاشیے پر نشان ص بنا کر کسی شخص نے اپنا نام لکھا ہے: "آغا علے"۔
157 کتاب میں یہ لفظ ٹھیک طرح سے پڑھا نہ جا سکا مگر سیاق و سباق سے " بخت" لفظ ہی درست معلوم ہوتا ہے۔ جویریہ مسعود
158 عرشی: "نذر سبکباریِ اسد"
159 حاشیے پر گیارہ ابیات کی یہ غزل موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھی ہے:
ہے کس قدر ہلاکِ فریبِ وفاۓ گل
بلبل کے کاروبار پہ ہیں خندہ ہاۓ گل
آزادیِ نسیم مبارک کہ ہر طرف
ٹوٹے پڑے ہیں حلقۂ دامِ ہواۓ گل
جو تھا سو موجِ رنگ کے دھوکے میں مرگیا
اے واۓ نالۂ لبِ خونیں نواۓ گل
دیوانگاں کا چارہ فروغِ بہار ہے
ہے شاخِ گل میں پنجۂ خوباں بجاۓ گل
خوش حال اس حریفِ سیہ مست کا کہ جو
رکھتا ہو مثلِ سایۂ گل سر بپاۓ گل
ایجاد کرتی ہے اسے تیرے لیے بہار
میرا رقیب ہے نفسِ عطر ساۓ گل
مژگاں تلک رسائی لختِ جگر کہاں
اے واۓ گر نگاہ نہ ہو آشناۓ گل
شرمندہ رکھتے ہیں مجھے بادِ بہار سے
میناۓ بے شراب و دل بے ہواۓ گل
سطوت سے تیرے جلوۂ حسنِ غیور کی
خوں ہے مری نگاہ میں رنگِ اداۓ گل
تیرے ہی جلوے کا ہے یہ دھوکا کہ آج تک
بے اختیار دوڑے ہے گل در قفاۓ گل
غالب مجھے ہے اس سے ہم آغوشی آرزو
جس کا خیال ہے گلِ جیبِ قباۓ گل
160 یہ مصرع یوں بدلا ہے:
نور سے تیرے ہے اس کی روشنی
اس اصلاح کا عالم یہ ہے کہ بجنسہِ غالب کی تحریر معلوم ہوتی ہے۔
161 کتاب کے متن میں "عنچۂ" ہے مگر غنچہ ہی صحیح ہے۔ جویریہ مسعود
162 اس مصرع کی یوں اصلاح کی ہے (موٹا قلم، شکستہ، بد خط):
حسرتیں کرتی ہیں میری خاطرِ آزاد گل
163 حاشیے پر اس لفظ کو "موہوم" لکھا ہے (موٹا قلم، شکستہ بد خط)۔
164 اس مصرع پر "لا لا" لکھا ہے اور حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں اس کے بجاۓ مصرع ذیل تحریر کیا ہے:
ہے فروغِ ماہ سے ہر موج یک تصویرِ خاک
165 اس مصرع کا آخری حصہ بعد میں "سوزِ عشقِ آتشِ رخسار سے"بنایا گیا ہے۔ حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ مقطع لکھا ہے:
دائم الحبس اس میں ہیں لاکھوں تمنائیں اسد
جانتے ہیں سینۂ پر خوں کو زنداں خانہ ہم
166 اس غزل کے حاشیے پر نو اشعار کی یہ غزل درج ہے (موٹا قلم، شکستہ خط):
وہ فراق اور وہ وصال کہاں وہ شب و روز و ماہ و سال کہاں
فرصتِ کاروبارِ شوق کسے ذوقِ نظارۂ جمال کہاں
دل تو دل وہ دماغ بھی نہ رہا شورِ سوداۓ خط و خال کہاں
تھی وہ خوباں ہی کے تصور سے اب وہ رعنائیِ خیال کہاں
ہم سے چھوٹا قمار خانۂ عشق واں جو جائیں گرہ میں مال کہاں
فلکِ سفلہ بے محابا ہے اس ستمگر کو انفعال کہاں
بوسے میں وہ مضائقہ نہ کرے پر مجھے طاقتِ سوال کہاں
فکر دنیا میں سر کھپاتا ہے میں کہاں اور یہ وبال کہاں
مضمحل ہو گئے قویٰ غالب وہ عناصر میں اعتدال کہاں
ایک دل چسپ بات یہ ہے کہ قلمی دیوان کے کاتب نے ساتویں شعر میں لفظ "مضائقہ" کو "مضاعقہ" لکھا ہے۔
167 اس غزل کے حاشیے پر اشعار ذیل درج ہیں (موٹا قلم، شکستہ خط)۔ لطف یہ ہے کہ دوسرے شعر کا مصرع اول یوں شروع کیا ہے: "رات سے غیر کیا بنی۔۔۔" یہاں یہ امر ملحوظِ خاطر رہے کہ مفتی انوار الحق کے نسخے میں یہ چار شعر بہ ترتیب ذیل طبع ہوۓ ہیں: 2، 3، 4، 1:
گر ترے دل میں ہوں خیال وصل میں شوق کا زوال
موج محیطِ آب میں مارے ہے دست و پا کہ یوں
غیر سے رات کیا بنی، یہ جو کہا تو دیکھیے
سامنے آن بیٹھنا، اور یہ دیکھنا کہ یوں
مجھ سے کہا جو یار نے جاتے ہیں ہوش کس طرح
دیکھ کے میری بے خودی چلنے لگی ہوا کہ یوں
کب مجھے کوۓ یار میں رہنے کی وضع یاد تھی
آئنہ دار بن گئی حیرتِ نقشِ پا کہ یوں
168 اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر درج ہیں۔ موٹے قلم سے شکستہ مگر خوش خط لکھے ہوۓ۔یہ شعر غالب کی تحریر معلوم ہوتے ہیں۔ مفتی انوار الحق کے نسخے میں ترتیب اشعار قلمی دیوان کے اندراج کے مطابق نہیں ہے۔ اشعار ذیل میں قلمی دیوان کے حاشیے کے اندراج کی ترتیب ملحوظ رہی ہے:
عہدے سے مدحِ ناز کے باہر نہ آ سکا
گر اک ادا ہو تو اسے اپنی قضا کہوں
ظالم مرے گماں سے مجھے منفعل نہ چاہ
ہے ہے خدا نہ کردہ تجھے بے وفا کہوں
میں اور صد ہزار نواۓ جگر خراش
تو اور ایک وہ نشنیدن کہ کیا کہوں
169 شیرانی و عرشی: "ہے" ("سے" کے بجاۓ)۔
170 عرشی: "جوں ذرہ صد آئینۂ بیرنگ نکالوں"۔
شیرانی: جوں ذرہ صد آئینۂ بے زنگ نکالوں
غالباً یہی دوسری صورت صحیح ہے۔ مفتی صاحب کے نسخے میں " ذرۂ صد آئنہ" کی ترکیب محض کتابت کی غلطی معلوم ہوتی ہے۔
171 اس غزل کے حاشیے پر یہ دو شعر موٹے قلم سے شکستہ خط میں درج ہیں:
سر پر مرے وبالِ ہزار آرزو رہا یا رب میں کس غریب کا بختِ رسیدہ ہوں
ہوں گرمِ نشاط تصور سے نغمہ سنج میں عندلیبِ گلشنِ نا آفریدہ ہوں
عرشی صاحب نے دوسرے شعر کو "سوداۓ عشق سے دم سرد کشیدہ ہوں" والی غزل کے حاشیے کا اندراج بتایا ہے جو درست نہیں۔
172 (الف) اس غزل کے حاشیے پر (موٹا قلم، شکستہ خط) یہ شعر درج ہے:
مگر آتش ہمارا کوکبِ اقبال چمکا دے
وگر نہ مثلِ خار خشک مردودِ گلستاں ہیں
(ب): اسی غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں حسب ذیل غزل درج ہے۔ یہ غزل مفتی انوار الحق کے نسخے میں صفحہ 113 پر متن میں طبع ہوئی ہے:
مانع دشت نوردی کوئی تدبیر نہیں
ایک چکر ہے مرے پاؤں میں زنجیر ہیں
شوق اس دشت میں دوڑاۓ ہے مجھ کو کہ جہاں
جادہ غیر از نگہِ دیدۂ تصویر نہیں
حسرت لذتِ آزار رہی جاتی ہے
جادۂ راہِ وفا جز دم شمشیر نہیں
رنجِ نومیدیِ جاوید گوارا رہیو
خوش ہوں گر نالہ زبونی کشِ تاثیر نہیں
سر کھجاتا ہے جہاں زخمِ سر اچھا ہو جاۓ
لذتِ سنگ بہ اندازۂ تقریر نہیں
آئنہ دام کو پردے میں چھپاتا ہے عبث
کہ پری زادِ نظر قابلِ تسخیر نہیں
مثلِ گل زخم ہے میرا بھی سناں سے توام
تیرا ترکش ہی کچھ آہستیِ تیر نہیں
جب کرم رخصتِ بے باکی و گستاخی دے
کوئی تقصیر بجز خجلتِ تقصیر نہیں
میر کے شعر کا احوال کہوں کیا غالب
جس کا دیوان کم از گلشنِ کشمیر نہیں
ریختے کا وہ ظہوری ہے، بقولِ ناسخ
"آپ بے بہرہ ہے جو معتقدِ میر نہیں"
173 عرشی: زمانے کے، شبِ یلدا سے، موۓ سر پریشان ہیں"
174 مفتی انوار الحق کے نسخے میں بجاۓ "خورشید" کے لفظ "ناہید" طبع ہوا ہے۔ عرشی صاحب بھی فرماتے ہیں کہ قلمی نسخے میں "ناہید" ہے۔ یہ درست نہیں۔
175 عرشی و عرشی: "دود" (بجاۓ "درد")
176 اس غزل کے حاشیے پریہ دو شعر تحریر کیے ہیں (موٹا قلم، شکستہ خط):
دل لگا کر لگ گیا ان کو بھی تنہا بیٹھنا
بارے اپنے دردِ دل کی ہم نے پائی داد یاں
ہے مری وحشت عدوۓ اعتباراتِ جہاں
مہرِ گردوں ہے چراغِ رہگزارِ باد یاں
177 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے نیز نسخۂ عرشی میں یہاں "سے" کے بجاۓ "بھی" مگر قلمی نسخے میں یہ مصرع بصورت بالا ہی درج ہے۔
178 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں (نیز نسخۂ عرشی میں) ان لفظوں کا املا اسی طرح ملتا ہے، مگر چوتھے اور پانچویں شعر کے مصرعِ ثانی میں "سرے بہ پاۓ بتے" اور "دلے بہ دستِ نگارے " آیا ہے۔ اس کے برعکس نسخۂ شیرانی میں چاروں مصرعے بصورتِ اول لکھے گۓ ہیں (سرے، بپاۓ، بتے وغیرہ)
179 ایضاً
180 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر لکھا ہے (موٹا قلم، شکستہ):
قیامت ہے کہ سن لیلیٰ کا دشت قیس میں آنا
تعجب سے وہ بولا، یوں بھی ہوتا ہے زمانے میں
181 شیرانی: "پرِ پرواز زلفِ ناز"
182 شیرانی و عرشی : سوادِ داغِ مرہم
183 متداول دیوان میں اس مصرعے کو اس مصرعے سے بدل دیا ہے: سادہ پر کار ہیں خوباں غالب۔ جویریہ مسعود
184 اس شعر کے حاشیے پر ایک اصلاح (شکستہ، بد خط) درج ہے جو افسوس ہے کہ مجھ سے ٹھیک طرح پڑھی نہیں گئی۔ شاید "مور کے پر" کے بجاۓ "چیونٹی کے پر" بنانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اب اپنے لکھے ہوۓ اشارے کی بنا پر میرے لیے کوئی قطعی راۓ قائم کرنا دشوار ہے۔
185 اس غزل کا مقطع جو مفتی انوار الحق کے نسخے کے متن میں طبع ہوا ہے، قلمی دیوان کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں درج ہے:
بسمل اس تیغِ دو دستی کا نہیں بچتا اسد
عافیت بیزار شغل کعبتین اچھا نہیں
186 شیرانی: ورنہ کیا حسرت کشِ دامن پہ نقشِ پا نہیں
187 یہاں قلمی دیوان کے متن میں "طلسم" کے بجاۓ کچھ اور لفظ ہے۔ یوں: "ہاۓ۔۔۔ دیر میں" الخ۔ یہ لفظ، بعد میں اس بری طرح کاٹ دیا ہے کہ پڑھا نہیں جاتا مگر شروع کا "ہاۓ" بدستور قائم رہا ہے۔
188 یہ مصرع متن میں پہلے یوں تھا:
"ہوتے ہیں بے قدر در گنج وطن صاحب دلاں"
(مفتی انوار الحق کا نوٹ)
189 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر درج ہے (موٹا قلم، شکستہ)
برشگالِ گریۂ عشّاق دیکھا چاہیے
کھل گئی مانندِ گل سو جا سے دیوارِ چمن
190 (ا) اس غزل کے حاشیے پر حسب ذیل غزل موٹے قلم سے شکستہ خط میں لکھی ہے:
وارستہ اس سے ہیں کہ محبت ہی کیوں نہ ہو
کیجے ہمارے ساتھ عداوت ہی کیوں نہ ہو
چھوڑا نہ مجھ میں ضعف نے رنگ اختلاط کا
ہے دل پہ بار، نقشِ محبت ہی کیوں نہ ہو
ہے مجھ کو تجھ سے تذکرۂ غیر کا گلہ
ہر چند بر سبیل شکایت ہی کیوں نہ ہو
پیدا ہوئی ہے کہتے ہیں ہر درد کی دوا
یوں ہو تو چارۂ غمِ الفت ہی کیوں نہ ہو
ڈالا نہ بیکسی نے کسی سے معاملہ
اپنے سے کھینچتا ہوں، خجالت ہی کیوں نہ ہو
ہے آدمی بجاۓ خود اک محشرِ خیال
ہم انجمن سمجھتے ہیں، خلوت ہی کیوں نہ ہو
ہنگامۂ زبونیِ ہمت ہے انفعال
حاصل نہ کیجے دہر سے، عبرت ہی کیوں نہ ہو
وارستگی بہانۂ بیگانگی نہیں
اپنے سے کر، نہ غیر سے، وحشت ہی کیوں نہ ہو
مٹتا ہے فوتِ فرصتِ ہستی کا غم کوئی
عمرِ عزیز صرفِ عبادت ہی کیوں نہ ہو
اُس فتنہ خو کے در سے اب اُٹھتے نہیں اسد
اس میں ہمارے سر پہ قیامت ہی کیوں نہ ہو
(ب) عرشی صاحب لکھتے ہیں کہ قلمی نسخے میں اس غزل کے مطلع کے مصرعِ اول "حسد پیمانہ سے" کے بجاۓ "حسد پیمانہ ہے۔۔۔" لکھا ہے۔
191 متداول دیوان میں یہ مصرعہ یوں ہے: "حسد سے دل اگر افسردہ ہے، گرمِ تماشا ہو"۔ جویریہ مسعود
192 متن میں "تماشا رنج" کاٹ کر "شہید درد" بنایا ہے۔
193 "عیش" کو کاٹ کر "ذوق" لکھا ہے۔
194 حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ مصرع یوں بدلا ہے:
"دیکھ کر بادہ پرستوں کی دل افسردہ کیا"ظاہر ہے کہ اس اصلاح سے حسبِ ذیل تبدیلی مقصود ہے:
"دیکھ کر بادہ پرستوں کی دل افسردگیاں"
جہاں املاکی اس قسم کی غلطیاں ملتی ہیں، وہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا موٹے قلم کی اس شکستہ تحریر کو غالب کے ہاتھ سے منسوب کرنا ممکن ہے؟
195 اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر درج ہے (موٹا قلم، شکستہ خط):
ہے سبزہ زار ہر در و دیوارِ غم کدہ
جس کی بہار یہ ہو پھر اس کی خزاں نہ پوچھ
196 یہ غزل کا دوسرا شعر ہے۔ مفتی انوار الحق کے نسخے میں یہ کسی غلطی سے تیسرا شعر بن گیا ہے۔
197 "ہیں" کو موٹے قلم سے کاٹ کر (متن میں) "ہوں" بنایا ہے۔
198 نسخۂ شیرانی و عرشی: "ہر تپش" (بجاۓ "مرتپش")۔
199 عرشی: "توڑ" (بجاۓ "طور")۔
200 اس مصرع کے پہلے تین لفظوں کے نیچے متن میں موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ اصلاح درج ہے: "ہے یہ سیاق"۔
201 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں حسب ذیل سات ابیات نقل ہوۓ ہیں:
مسجد کے زیرِ سایہ خرابات چاہیے
بَھوں پاس آنکھ قبلۂ حاجات چاہیے
وہ بات چاہتے ہو کہ جو بات چاہیے
صاحب کے ہم نشیں کو کرامات چاہیے
عاشق ہوۓ ہیں آپ بھی اک اور شخص پر
آخر ستم کی کچھ تو مکافات چاہیے
دے داد اے فلک دلِ حسرت پرست کی
ہاں کچھ نہ کچھ تلافیِ مافات چاہیے
سیکھے ہیں مہ رخوں کے لیے ہم مصوری
تقریب کچھ تو بہرِ ملاقات چاہیے
مے سے غرض نشاط ہے کس روسیاہ کو
اک گونہ بیخودی مجھے دن رات چاہیے
نشو و نما ہے اصل سے غالب فروع کو
خاموشی ہی سے نکلے ہے جو بات چاہیے
اس کے بعد اگلے صفحے کے حاشیے پر اسی خط میں ذیل کے تین شعر درج ہیں:
ہے رنگِ لالہ و گل و نسریں جدا جدا
ہر نگ میں بہار کا اثبات چاہیے
سر پاۓ خُم پہ چاہیے ہنگامِ بیخودی
رو سوۓ قبلہ وقتِ مناجات چاہیے
یعنی بحسبِ گردشِ پیمانۂ صفات
عارف ہمیشہ مستِ مۓ ذات چاہیے
تیس برس پہلے کے جو اشارات مجھے اس وقت میسر ہیں، اُن میں یہ آخر الذکر تین شعر ترتیبِ بالا سے درج ہیں لیکن اول الذکر سات شعروں کے متعلق افسوس ہے کہ میں نے یہ احتیاط ملحوظ نہیں رکھی۔ صرف شعر 2کے متعلق یقین ہے کہ وہ اپنے صحیح مقام پر درج ہوا ہے۔ چنانچہ اس دوسرے شعر نیز مطلع اور مقطع سے قطع نظر باقی چار شعروں کی ترتیب اُس وقت تک مشتبہ رہے گی جب تک ہندوستان کے احباب میں سے کوئی صاحب قلمی نسخے سے رجوع فرما کے اس مسئلے کو حل نہیں کر دیں گے۔
202 کتاب کے اصل متن میں "برخود غلطیہائے" درج ہے۔ اسے جدید کے مطابق " بر خود غلطی ہاۓ" لکھا۔ جویریہ مسعود
203 قلمی نسخے میں یوں ہی ہے، اگر چہ مفتی انوار الحق کے نسخے میں کسی کارکن کی سہل انگاری کی وجہ سے "غصہ" کے بجاۓ "وعدہ" چھپ گیا ہے۔ نسخۂ عرشی میں بھی "وعدہ" درج ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ عرشی صاحب نے یہاں مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے پر انحصار کیا ہے۔
204 چھ ابیات کی اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں درج ہیں:
خیالِ مرگ کب تسکیں دلِ آزردہ کو بخشے
مرے دامِ تمنا میں ہے اک صیدِ زبوں وہ بھی
نہ کرتا کاش نالہ، مجھ کو کیا معلوم تھا ہمدم
کہ ہو گا باعثِ افزائشِ دردِ دروں وہ بھی
نظر راحت پہ میری کر نہ وعدہ شب کے آنے کا
کہ میری خواب بندی کے لیے ہو گا فسوں وہ بھی
205 قلمی نسخے کے متن میں "یکموج" لکھا ہے۔ (متداول نسخوں میں "اک موج" معروفِ عام ہے)۔
206 اس غزل کے حاشیے پر یہ دوسرا مقطع لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط، شکستہ):
ہستی کے مت فریب میں آ جائیو اسد
عالم تمام حلقۂ دامِ خیال ہے
207 (ا) اس مطلع کے بجاۓ حاشیے پر (موٹا قلم، بد خط شکستہ) یہ دوسرا مطلع درج ہے اور متن میں درج شدہ مطلع کے دونوں مصرعوں پر اسی خط میں "لالا" لکھا ہے:
بزمِ خوباں بسکہ جوشِ جلوہ سے پُر نور ہے
پُشتِ دستِ عجزیاں ہر برگِ نخلِ طور ہے
(ب) اس غزل کے حاشیے پر یہ تین شعر درج ہیں (موٹا قلم، بد خط شکستہ):
ہے ز پا افتادگی نشہ پیمائی مجھے
بے سخن تبخالۂ لب دانۂ انگور ہے
آگ سے پانی میں بجھتے وقت اُٹھتی ہے صدا
ہر کوئی درماندگی میں نالے سے مجبور ہے
واں ہے تکلیفِ عرضِ بے دماغی اور اسد
یاں صریرِ خامہ مجھ کو نالۂ رنجور ہے
شعر نمبر1 اور شعر نمبر3 کے پہلے مصرعے بداہتہً ساقط الوزن ہیں۔ اس قسم کی کوتاہیوں کے باعث موٹے قلم کے بد خط محرر کی کور ذوقی ثابت ہوتی ہے اور یہ گمان گزرتا ہے کہ یہ غالب کی نہیں، کسی اور شخص کی تحریر ہے۔ مفتی انوار الحق کے نسخے میں پہلے شعر کے مصرعِ اول کو یوں اصلاح دی گئ ہے:
ہے ز پا افتادگی ہی نشہ پیمائی مجھے
اور تیسرے شعر کے مصرع اول کو بطریق ذیل:
ہے وہاں تکلیفِ عرضِ بے دماغی اور اسد
صورتِ اول میں مفتی صاحب کی اصلاح قبول کی جا سکتی ہے، لیکن دوسری صورت میں "ہے تکلیف" کے دونوں لفظ بد خط کاتب نے اس طرح ساتھ ساتھ لکھے ہیں کہ ان کے درمیان "وہاں" کا دخل بہ تکلف ہی ممکن ہے۔
208 عرشی: "معذور" (بجاۓ"مجبور")۔
209 اس مقطع کے دونوں مصرعوں میں حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں "جس جگہ ہو مسند آرا" اور "اُس جگہ" بنایا گیا ہے۔ مفتی انوار الحق نے اس اصلاح کو اپنے مطبوعہ نسخے کے متن میں جگہ دی ہے۔
210 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے یہ دو شعر(بد خط، شکستہ) لکھے ہیں:
زخمی ہوا ہے پاشنہ پاۓ ثبات کا
نے بھاگنے کی گوں، نہ اقامت کی تاب ہے
جادادِ بادہ نوشیِ رنداں ہے شش جہت
غافل گماں کرے ہے کہ گیتی خراب ہے دوسرے شعر کے پہلے مصرع کا املا بد خط شکستہ لکھنے والے نے یوں کیا ہے:
جانداد بادہ نوشیِ زنداں ہے ششجہت
"جانداد" سے قطع نظر "زنداں" کا "زند" حاشیے میں بہت نمایاں ہے۔ اندریں حالات موٹے قلم کے شکستہ اندراجات کو غالب کی تحریر ماننا ناممکن معلوم ہوتا ہے۔
211 1938ع کے لیے ہوۓ اشارات مجھے یہ نہیں بتاتے کہ قلمی نسخے میں اس مصرع کی کیا صورت ہے۔ مطبوعہ نسخے میں جو صورت ملتی ہے اُس نے مصرع کو بداہتہً مہمل بنا دیا ہے۔ میری راۓ میں یہ مصرع دراصل یوں ہے:میناۓ مے ہے سروِ نشاط بہارِ مے عرشی صاحب نے صورتِ ذیل کو ترجیح دی ہے:
میناۓ مے ہے، سرو، نشاطِ بہار سے
نیز نسخۂ شیرانی میں بھی یہی صورت ہے۔
212 اس غزل کے شروع میں حاشیے پر "فوجدار محمد خاں بہادر" کی 1248ھ کی مہر لگی ہے۔
213 "سراسر" پر "لا" لکھ کر "ہے" سے پہلے لفظ "وفا" کا اضافہ کیا ہے۔ اس طرح مصرع کی صورت بعد از ترمیم یوں ہو گئی ہے:
ریزشِ خونِ وفا ہے جرعہ نوشی ہاۓ یار
214 مطبوعہ نسخے میں کاتب نے شاید غلطی سے "نام" درج کیا ہے۔
215 اس غزل کے اوپر لفظ "غلط" لکھا ہے۔ (موٹا قلم، شکستہ، بد خط)۔
216 "قلمی نسخے میں اس مصرع کا کوئی لفظ بہ سہوِ کاتب رہ گیا ہے کیونکہ متن میں یہ مصرع یوں درج ہے:
"کہ عید خلق یہ حیراں ہے قربانی"
جو کسی طرح موزوں نہیں ہو سکتا۔ میں نے جسارت کر کے ایک لفظ "چشم" بڑھا دیا ہے۔ اربابِ نظر اس جرأت کو معاف فرما کر خود تصحیح فرما لیں۔" (مفتی انوار الحق کا نوٹ)۔
217 اس غزل کے حاشیے پر دس ابیات کی یہ غزل تحریر ہے (موٹا قلم، شکستہ بد خط):
عشق مجھ کو نہیں وحشت ہی سہی
میری وحشت تری شہرت ہی سہی
قطع کیجے نہ تعلق ہم سے
کچھ نہیں ہے تو عداوت ہی سہی
میرے ہونے میں ہے کیا رسوائی
اے وہ مجلس نہیں خلوت ہی سہی
ہم بھی دشمن تو نہیں ہیں اپنے
غیر کو تجھ سے محبت ہی سہی
اپنی ہستی ہی سے ہو جو کچھ ہو
آگہی گر نہیں، غفلت ہی سہی
عمر ہر چند کہ ہے برق خرام
دل کے خوں کرنے کی فرصت ہی سہی
ہم کوئی ترکِ وفا کرتے ہیں
نہ سہی عشق، مصیبت ہی سہی
کچھ تو دے اے فلکِ ناانصاف
آہ و فریاد کی رخصت ہی سہی
ہم بھی تسلیم کی خُو ڈالیں گے
بے نیازی تری عادت ہی سہی
یار سے چھیڑ چلی جاۓ اسد
گر نہیں وصل تو حسرت ہی سہی
218 اس شعر کے مقابل حاشیے پر یہ شعر لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط، شکستہ):
سیاہی جیسے گر جاوے دمِ تحریر کاغذ پر
مری قسمت میں یوں تصویر ہے شب ہاۓ ہجراں کی
219 "تہیدستی" جدید املا کے مطابق " تہی دستی" لکھا ہے۔ جویریہ مسعود
220 قلمی نسخے میں یہ لفظ"گو" ہی ہے، اگر چہ مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں متداول صورت"گر" اختیار کی گئ ہے۔
221 چھ ابیات کی اس غزل کے حاشیے پر حسبِ ذیل تین شعر لکھے ہیں (موٹا قلم، بد خط، شکستہ):
مرا دل مانگتے ہیں عاریت اہلِ ہوس شاید
یہ جانا چاہتے ہیں آج دعوت میں سمندر کی
کروں بیدادِ ذوقِ پر فشانی عرض کیا قدرت
کہ طاقت اُڑ گئی اُڑنے سے پہلے میرے شہپر کی
کہاں تک روؤں اس کے خیمے کے پیچھے قیامت ہے
مری قسمت میں یا رب کیا نہ تھی دیوار پتھر کی
222 متن میں "کیا" کے نیچے "یہ" لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ) یہاں کسی لغزشِ قلم سے میرے اشارات "یہ" کو حاشیے کا اندراج بتا تے ہیں حالانکہ ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ "یہ" کا لفظ "کیا" کے "بالکل نیچے" ہے۔
223 اس چھوٹی سی غزل کے حاشیے پر ایک پانچواں شعر درج ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ):
یقیں ہے آدمی کو دست گاہِ فقر حاصل ہو
دمِ تیغِ توکل سے اگر پاۓ سبب کاٹے
224 اس غزل کے حاشیے پر یہ ساتواں شعر لکھا ہوا ملتا ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ):
نہ ہووے کیونکہ اُسے فرض قتلِ اہلِ وفا
لہو میں ہاتھ کے بھرنے کو جو وضو جانے
مفتی انوار الحق نے اس شعر کو متن میں جگہ دی ہے مگر اس کا اظہار نہیں کیا کہ یہ شعر حاشیے سے متن میں منتقل ہوا۔
225 اس مصرع پر نشان "ؔ" بنا ہے اور پھر حاشیے پر یہی نشان بنا کر موٹے قلم سے شکستہ خط میں مصرعِ ذیل تحریر کیا ہے:
"بہ کسوتِ عرقِ شرم قطرہ زن ہے خیال"
226 چھ ابیات کی اس غزل کے حاشیے پر یہ شعر لکھا ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ):
رفوۓ زخم سے مطلب ہے لذت زخمِ سوزن کی
سمجھیو مت کہ پاسِ درد سے دیوانہ غافل ہے
227 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں "غنچہ دل" ہے، جو بداہتہً سہوِ کاتب ہے۔
228 قلمی نسخے میں اس غزل اور اس سے اگلی غزل (تشنۂ خون تماشا جو وہ پانی مانگے) کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں چھ ابیات کی وہ غزل درج ہے جس کا مطلع ہے:
باعثِ واماندگی ہے عمرِ فرصت جو مجھے
کر دیا ہے پا بہ زنجیرِ رم آہو مجھے
لیکن چونکہ یہی غزل آگے چل کر متن میں موجود ہے، اس لیے باقی شعر یہاں حاشیے میں نہیں دیے جار ہے ہیں:
229 یہ شعر قلمی نسخے کے متن میں یوں بدلا گیا ہے:
یادِ مژگاں میں بہ نشتر زار سوداۓ خیال
چاہیے وقتِ تپش یک دست صد پہلو مجھے
(یہ حاشیہ مفتی انوار الحق کے نسخے کے نوٹ مندرجہ صفحہ 174پر مبنی ہے)۔
230 اس مصرع میں "ہے اسد" کے لفظ کاٹ کر "غالب" لکھا گیا ہے اور مصرع کی صورت یوں ہو گئ ہے:
"خوبرویوں نے بنایا غالب بد خو مجھے"
ملاحظہ ہو مفتی انوار الحق کے نسخے میں صفحہ 174 کے حاشیے کا نوٹ۔
231 اس سے پہلے (ایک صفحہ چھوڑ کر) یہی غزل موٹے قلم سے شکستہ خط میں حاشیے پر درج ملتی ہے۔ اسی شکستہ خط میں اب یہاں متن میں اس غزل پر "غلط، مکرر نوشتہ شد" لکھا ہے۔
اس سلسلے میں مفتی انوار الحق کے اُس نوٹ کا ذکر مناسب معلوم ہوتا ہے جو انہوں نے اس سے ما قبل اسی زمین کی غزل (ہم زباں آیا نظر فکرِ سخن میں تو مجھے) کے حاشیے پر دیا ہے: "قلمی دیوان سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ غزل پہلے کہی گئی تھی، پھر اس کے کچھ عرصے بعد اس طرح کی دوسری غزل کہی گئی جو آگے آتی ہے۔ چنانچہ اس نسخے پر نظر ثانی کرتے وقت اس غزل کے حاشیے پر اسے غالباً غالب نے خود بڑھا دیا۔ مگر چند صفحے بعد دیکھا تو وہ غزل پہلے ہی لکھی ہوئی موجود تھی اس لیے وہاں حاشیے پر یہ لکھ دیا کہ "غلط، مکرر نوشتہ شد"۔
مفتی صاحب کا یہ بیان کہ چند صفحے بعد دیکھا تو وہ غزل پہلے ہی موجود تھی، محل نظر ہے۔ قلمی نسخے میں دونوں غزلوں کے درمیان صرف ایک غزل کا فاصلہ ہے۔ اسی طرح میرے قلم بند کیے ہوۓ اشارات بتاتے ہیں کہ اس دوسری غزل پر متن میں (نہ کہ حاشیے پر) "غلط، مکرر نوشتہ شد" لکھا ہے۔
232 مصرع کی یہ صورت مفتی انوار الحق کے نسخے کے اندراج کے مطابق نہیں ہے۔ مفتی صاحب نے مصرع اُسی طرح لکھا ہے جس طرح دیوان کے اکثر متداول نسخوں میں ملتا ہے۔ تاہم مفتی صاحب نے اپنے مطبوعہ نسخے کے صفحہ 174 پر جو نوٹ لکھا ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ قلمی نسخے کے متن میں یہ مصرع اسی صورت میں درج ہے جو میں نے اُوپر اختیار کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مفتی صاحب کا بیان ہے کہ قلمی نسخے کے حاشیے پر یہ اصلاح موجود ہے:
"گر نہیں ہیں مرے اشعار میں معنی نہ سہی"
میرے اپنے اشارات میں اس قسم کی کوئی یاد داشت نہیں ملتی۔ معلوم ہوتا ہے کہ میں نے مطبوعہ نسخے کے مذکورۂ بالا نوٹ کی تصریحات پر اکتفا کیا۔
233 یہ مصرع موٹے قلم سے شکستہ خط میں یوں بدلا ہے:
"زمیں جوشِ طرب سے جامِ لبریز سفالی ہے"
234 متن میں اس غزل کے اوپر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں "غلط" لکھا ہے۔
235 اس غزل پر بھی بعینہِ اُسی طرح "غلط" لکھا ہے جس طرح غزلِ ما سبق پر۔
236 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں یہ پانچ شعر لکھے ہیں:غبارِ دشتِ وحشت سرمہ سازِ انتظار آیا
کہ چشمِ آبلہ میں طولِ میلِ راہِ مژگاں ہے
ز بس دوشِ رمِ آہو پہ ہے محمل تمنا کا
جنون قیس سے بھی شوخیِ لیلیٰ نمایاں ہے
ہوئی یہ کثرتِ غم سے تلف کیفیتِ شادی
کہ صبحِ عید مجھ کو بد تر از چاکِ گریباں ہے
رہا بے قدر دل در پردۂ جوشِ ظہور آخر
گل و نرگس بہم آئینہ و اقلیم کوراں ہے
اسد بدنِ قباۓ یار ہے فردوس کا غنچہ
اگر وا ہو تو دکھلا دوں کہ یک عالم گلستاں ہے
237 "یہ" بمعنئ " اس قدر" جویریہ مسعود
238 عرشی: جادو (بجاۓ جادہ)۔ مطبوعہ نسخے میں "جادہ" بداہتہً سہوِ کاتب ہے۔
239 اس غزل کے اوپر موٹے قلم سے شکستہ خط میں " مکرر نوشتہ شد" لکھا ہے۔ وجہ شاید یہ ہے کہ ابیات 3، 4، 6 ایک صفحہ پہلے (قلمی نسخے کے) حاشیے پر درج ہو چکے ہیں۔
240 اس غزل کے اوپر بھی موٹے قلم سے شکستہ خط میں "مکرر نوشتہ شد" لکھا ہے، حالانکہ اس کا صرف ایک شعر (3) اسی زمین کی ایک سابق غزل کے حاشیے پر درج شدہ اشعار میں آیا ہے۔ (ملاحظہ ہو حاشیہ نمبر 231 ہو)
241 اس غزل کے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں حسب ذیل شعر لکھا ہے:
توڑ بیٹھے جب کہ ہم جام و سبو پھر ہم کو کیا
آسماں سے بادۂ گلفام گو برسا کرے
242 متن میں پہلے اس مصرع کے حصۂ آخر کے اوپر"خامشی میں بھی نوا پرداز ہے" لکھا ہے اور پھر کاٹ دیا ہے۔
243 عرشی: "بال و پرِ پرواز"۔
244 اس غزل کے حاشیے پر ذیل کے تین شعر موٹے قلم سے بد خط شکستہ میں لکھے ہوۓ ہیں:
جی جلے ذوقِ فنا کی نا تمامی پر نہ کیوں
ہم نہیں جلتے، نفس ہر چند آتشبار ہے
ہے وہی بد مستیِ ہر ذرہ کا خود عذر خواہ
جس کے جلوے سے زمیں تا آسماں سرشار ہے
مجھ سے مت کہہ تو ہمیں کہتا تھا اپنی زندگی
زندگی سے بھی مرا جی ان دنوں بیزار ہے
245 اس غزل کے حاشیے پر سات اشعار کی حسبِ ذیل غزل لکھی ہے (موٹا قلم، بد خط شکستہ)۔ عجیب بات ہے کہ حاشیے کی غزل کے تیسرے شعر کے تقریباً سامنے متن کی مندرجہ غزل کا دوسرا شعر آتا ہے اور یہ بالکل ظاہر ہے کہ ایک ہی شعر حاشیے اور متن میں دوبارہ آمنے سامنے لکھا ہوا ہے۔ اس سے زیادہ عجیب یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ حاشیے کے ان اندراجات کے عین بالمقابل وہ صفحہ ہے جس کے متن میں اگلی سے اگلی غزل (اثر سوز محبت کا۔۔۔الخ) درج ہے:
اثر سوزِ محبت کا قامت بے محابا ہے
کہ رگ سے سنگ میں تخمِ شرر کا ریشہ پیدا ہے
بہ سعیِ غیر ہے قطعِ لباسِ خانہ ویرانی
کہ تارِ جادۂ رہ رشتۂ دامانِ صحرا ہے
تصرف وحشیوں میں ہے تصور ہاۓ مجنوں کا
سوادِ چشمِ آہو عکسِ خالِ روۓ لیلیٰ ہے
خزاں کیا، فصلِ گل کہتے ہیں کس کو، کوئی موسم ہو
وہی ہم ہیں، قفس ہے، اور ماتم بال و پر کا ہے
تصور بہرِ تسکینِ طپیدن ہاۓ طفلِ دل
بہ باغِ رنگ ہاۓ رفتہ گلچینِ تماشا ہے
مجھے شب ہاۓ تاریکِ فراقِ شعلہ رویاں میں
چراغِ خانۂ دل سوزشِ داغِ تمنا ہے
ترے نوکر ترے در پر اسد کو ذبح کرتے ہیں
ستمگر! ناخدا ترس! آشنا کش! ماجرا کیا ہے؟
246 اس مقطع کے مصرع اول کا آخری لفظ متن میں"ہے" نہ کہ "ہو" حسبِ نسخۂ مفتی انوار الحق درج ہوا ہے۔ اسے متن ہی میں بدل کر خوش خط "ہو" بنا دیا ہے۔ اسے اس سے زیادہ دل چسپ بات یہ ہے کہ بعد میں اس مقطع پر "لا۔لا۔لا" لکھ دیا ہے اور اس کے بجاۓ اس غزل کے حاشیے پر لکھی ہوئی غزل کے مقطع کو یہاں منتقل کرنا چاہا ہے۔
247 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں یہ غزل چھٹے شعر پر ختم ہو جاتی ہے۔ مگر نسخۂ عرشی ظاہر کرتا ہے کہ قلمی دیوان میں حسب ذیل مشہور مقطع موجود ہے:
اسد ہے نزع میں چل بے وفا براۓ خدا
مقام ترکِ حجاب و وداعِ تمکیں ہے
248 اس غزل کے حاشیے پر حسبِ ذیل سات اشعار درج ہیں۔ ان میں سے پانچ شعر یعنی پہلا، تیسرا، چوتھا، پانچواں اور ساتواں، چھوٹی چھوٹی لکیریں کھینچ کر کاٹ دیے گئے ہیں۔ مگر ان کے پڑھنے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔ ان شعروں کے املا کی بعض خصوصیتیں قابل ذکر ہیں۔ دوسرے شعر کے پہلے مصرع میں "مری" کو "مبری" نیز "فضا" کو "فزا"۔ اور دوسرے مصرع میں "اِسی" کو بالوضاحت "اوسی" لکھا ہے۔ چوتھے شعر میں "نشاطِ دیدۂ بینا" کے بعد لفظ "ہے" غائب ہے۔ پانچویں شعر کے مصرع ثانی میں قافیہ "وا" لکھا ہے مگر متن کی اگلی سے اگلی غزل کا پانچواں شعر دیکھیے تو یہ قافیہ "پا" درج ہوا ہے جو درست معلوم ہوتا ہے۔ ان تصریحات کے بعد سات ابیات کی اس غزل کی نقل مطابقِ اصل پیش کی جاتی ہے:
بہ بزم مے پرستی حسرت تکلیف بے جا ہے
کہ جام بادہ کف بر لب بہ تکلیف تقاضا ہے
میری ہستی فزاۓ حیرت آباد تمنا ہے
جسے کہتے ہیں نالہ وہ اوسی عالم کا عنقا ہے
نہ لائی شوخی اندیشہ تاب درد نومیدی
کف افسوس ملنا عہد تجدید تمنا ہے
نشاط دیدۂ بینا کو خواب و چہ بیداری
بہم آوردہ مژگاں روۓ بر روۓ تماشا ہے
نسودے آبلوں میں گر سرشک دیدۂ نم سے
بجولاں گاہ نومیدی نگاہ عاجزاں وا ہے
وفائے دلبراں ہے اتفاقی ورنہ اے ہمدم
اثر فریاد دل ہاۓ حزیں کا کس نے دیکھا ہے
اسد یاس تمنا سے نہ رکھ امید آزادی
گداز ہر تمنا آبیار ہر تمنا ہے
249 اس شعر کے مصرع اول پر اصلاحِ ذیل موٹے قلم سے خوش خط شکستہ میں درج ہے:
عزیزو ذکرِ وصلِ غیر سے مجھ کو نہ بہلاؤ
250 متن کی گزشتہ سے پیوستہ غزل کے حاشیے پر جو سات شعر درج ہیں، اُن میں سے پانچ اشعار (نمبر 1، نمبر3، نمبر 4، نمبر 5، نمبر 7) اس غزل کے پانچ اشعار سے ملا کر پڑھنے چاہئیں
(1) اس غزل کا مطلع بجنسہ مذکورۂ بالا شعر نمبر 1 ہے۔
(2) غزل کا دوسرا شعر مذکورۂ بالا پانچ اشعار میں نمبر4 ہے، جہاں "بوسۂ روۓ تماشا" کے بجاۓ "روۓ بر روۓ تماشا" درج ہوا ہے۔
(3) تیسرا شعر مذکورۂ بالا شعر نمبر3 سے اس حد تک مختلف ہے کہ یہاں اگر چہ "کفِ افسوس ملنا" درج ہوا ہے۔ ظاہر ہے کہ حاشیے کا یہ اندراج بعد کی اصلاح کی نقل ہے۔
(4) پانچواں شعر بجنسہِ مذکورہ بالا شعر نمبر5 ہے، بجز اس فرق کے کہ یہاں متن میں قافیہ "پا" ہے اور وہاں حاشیے میں قافیہ "وا" ہے، جو ممکن ہے سہو کاتب ہو۔
(5) مقطع کا مصرع اول دونوں جگہ مشترک ہے مگر حاشیے کا اندراج "گداز ہر تمنا۔۔۔۔" الخ۔ بعد کی اصلاح کی نقل معلوم ہوتا ہے۔
251 عرشی: "رندے"۔
252 مطبوعہ نسخہ ان پانچوں اشعار کی ردیف میں "جاۓ" درج کرتا ہے۔ مگر نسخۂ عرشی میں "جاوے" ہے جو درست معلوم ہوتا ہے۔
253 عرشی: "رویانیدن"۔
254 اس غزل کے حاشیے پر موٹے قلم سے شکستہ خط میں یہ دو شعر درج ہیں:
کیوں نہ ہو بے التفاتی اس کی خاطر جمع ہے
جانتا ہے محوِ پرسش ہاۓ پنہانی مجھے
میرے غم خانے کی قسمت جب رقم ہونے لگی
لکھ دیا منجملۂ اسبابِ ویرانی مجھے
255 عرشی: "گیا" (بجاۓ " گئی")
256 "خود فروشیہاۓ" کو جدید املا کے مطابق "خود فروشی ہاۓ" لکھا۔ جویریہ مسعود
257 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں یہ مصرع یوں ہے:
فریاد اسد ہے نگہی ہاۓ بتاں سے
اس صورت میں مصرع مہمل معلوم ہوتا ہے، اس لیے یہاں متن میں مطبوعہ نسخے کی ہو بہو نقل کے بجاۓ یہ مصرع نسخۂ عرشی سے لیا گیا ہے۔
258 مفتی انوار الحق کے نسخے میں یہ لفظ "ایجاء" چھپا ہے اور افسوس ہے کہ میرے اپنے لکھے ہوۓ اشارت میں اس لفظ کی تصحیح محفوظ نہیں ہے۔ "ایجاء" چونکہ صراحتہً غلط ہے اس لیے یہاں یا تو "ایجاز" لکھ دینا ممکن تھا اور یا "ایجاد"۔ پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں پروفیسر شیرانی کا جو مخطوطہ محفوظ ہے، اس میں یہ لفظ "ایجاد" لکھا ہے۔ میں نے اسی سند پر اس لفظ کو "ایجاد" بنا دیا ہے۔
259 شیرانی: "ہے"۔
260 متداول دیوان میں غالب نے لفظ " وفا" کو " نشاط" کر دیا ہے اور کیا خوب کیا ہے کہ اس ایک تبدیلی سے معنی آفرینی کی حد کر دی ہے۔ جویریہ مسعود
261 مفتی انوار الحق کے مطبوعہ نسخے میں اس مصرع کی صورت یہ ہے:
قاصد تپشِ نالہ سے یا رب خبر آوے
مولانا عرشی نے "سے" کو سہو کاتب بتایا ہے اور مصرع کو وہ صورت دی ہے جو یہاں متن میں اختیار کی گئ ہے۔
262 مفتی انوار الحق کے نسخے میں (نیز نسخۂ عرشی میں) "نقد رنجم" چھپ گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ اسے "نقدِ انجم" پڑھنا چاہیے۔
263 عرشی: "کردن"۔
264 یہ مصرع کاتبِ غزل نے اس طرح نقل کیا ہے:
غیر کو کیونکر وہ یارب۔۔۔
265 کاتب نے یہ مصرع یوں لکھا ہے: "ہو کے عاشق وہ پری وش اور نازک بن گیا" مگر لفظ "وش" کے اوپر لفظ "رخ" بھی درج کیا ہے۔
266 کاتب نے یوں لکھا ہے: "رنگ شھرت ندیا نادیا تازہ خیالی نے مجھے"۔
268 کاتب: " دل کو"
269 کاتب: "کرے قتل لگاوٹ میں۔۔۔"
270 کاتب: "دیکھا جنبش لب ہی۔۔۔"
271 پہلے "جذبہ" کے بعد"الفت" لکھا ہے، پھر اسے کاٹ دیا ہے اور آگے مصرع موجودہ شکل میں لکھا ہے۔
272 کاتب: "داستانی شوق طولانی" لطف یہ ہے کہ یہاں کے شعروں میں کہیں کہیں غالب کی تحریر کی بھی جھلک نظر آتی ہے۔
273 کاتب: "اودہر وہ بدگمانی ہے ایدہر یہ ناتوانی ہے"۔
274 کاتب: "نہ پوچھا جاۓ ہے مجھ۔۔۔"۔
275 "ناامیدی کو"ناامید" درج کیا ہے مگر پھر بھی یہ مصرع غالب کا لکھا ہوا معلوم ہوتا ہے۔
276 اس سے ما قبل کا شعر اس نقل میں شامل نہیں ہے۔ کاتب سے شاید سہواً حذف ہو گیا ہے۔
277 کاتب: "دوڑے ہے ایک گل و لالہ پر خیال"۔
278 کاتب: "پھر بتا (بجاۓ، چاہتا" کے) ہوں نامۂ اعمال (اعمال، کا لفظ کاٹ دیا ہے) دلدار کھولنا"۔
279 کاتب نے "مقابل" کے بعد "میں" نہیں لکھا۔
٭٭٭
٭٭٭
پروف ریڈنگ:جویریہ مسعود، اویس قرنی اور اعجاز عبید
ای بک کی تشکیل : اعجاز عبید
دیوانِ غالؔب، مختلف نسخے
مرزا غالبؔ
غزلیں
نقش فریادی ہےکس کی شوخئ تحریر کا
کاغذی ہے پیرہن ہر پیکرِ تصویر کا
کاوکاوِ سخت جانی ہائے تنہائی نہ پوچھ
صبح کرنا شام کا، لانا ہے جوئے شیر کا
جذبۂ بے اختیارِ شوق دیکھا چاہیے
سینۂ شمشیر سے باہر ہے دم شمشیر کا
آگہی دامِ شنیدن جس قدر چاہے بچھائے
مدعا عنقا ہے اپنے عالمِ تقریر کا
شوخئِ نیرنگ، صیدِ وحشتِ طاؤس ہے
دام، سبزے میں ہے پروازٕ چمن تسخیر کا
لذّتِ ایجادِ ناز، افسونِ عرض، ذوقِ قتل
نعل آتش میں ہے تیغِ یار سے نخچیر کا
خشتِ پشتِ دستِ عجز و قالب آغوشِ وداع
پُر ہوا ہے سیل سے پیمانہ کس تعمیر کا
وحشتِ خوابِ عدم شورِ تماشا ہے اسدؔ
جو مژہ جوہر نہیں آئینۂ تعبیر کا
بس کہ ہوں غالبؔ، اسیری میں بھی آتش زیِر پا
موئے آتش دیدہ ہے حلقہ مری زنجیر کا
***
جنوں گرم انتظار و نالہ بیتابی کمند آیا
سویدا تا بلب زنجیرئِ دودِ سپند آیا
مہِ اختر فشاں کی بہرِ استقبال آنکھوں سے
تماشا کشورِ آئینہ میں آئینہ بند آیا
تغافل، بد گمانی، بلکہ میری سخت جانی ہے
نگاہِ بے حجابِ ناز کو بیمِ گزند آیا
فضاۓ خندۂ گُل تنگ و ذوقِ عیش بے پروا
فراغت گاہِ آغوشِ وداعِ دل پسند آیا
عدم ہے خیر خواہِ جلوہ کو زندانِ بے تابی
خرامِ ناز برقِ خرمنِ سعیِ پسند آیا
جراحت تحفہ، الماس ارمغاں، داغِ جگر ہدیہ
مبارک باد اسدؔ، غم خوارِ جانِ دردمند آیا
٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)