زخمِ وفا
صدف مرزا
غزلیں
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
مرے دم سے بہاریں ہیں الٰہی گلستانوں میں
میں تیرے خوشہ چینوں میں، میں تیرے باغبانوں میں
میں ہی ہوں خالقِ ثانی ، نہاں تیرے خزانوں میں
دعا میری سے لرزاہٹ ہے تیرے آسمانوں میں
عطا مجھ کو ہوا وہ امتیاز ان ہم زبانوں میں
مجھے شامل کیا ہے درد نے اب راز دانوں میں
بھلا ہو ذوقِ بے تابی ، پھڑکنا زیرِ دام اپنا
سکوں سے ہم سخن بیٹھے ہیں چپکے آشیانوں میں
تزئینِ نو مری فطرت نے ایسا بھر دیا مجھ میں
مجھے شامل نہیں ہونا چمن کے نوحہ خوانوں میں
تزئینِ نو نرالا کچھ مجھے فطرت نے بخشا ہے
صدائے درد ہوں شامل نہیں میں نوحہ خوانوں میں
مجھے اس داغِ دل نے درد مندی ایسی بخشی ہے
کہ میرا نام بھی آئے گا اب شیریں بیانوں میں
مرے قلب و نظر گرچہ ٹپکتے روز ہیں لیکن
کوئی تو پھر بھی رہتا ہے انہیں کچے مکانوں میں
مرے مولا نے آزادی مجھے ہر طور سے دی ہے
مگر رسموں نے رکھا ہے اندھیرے قید خانوں میں
حضور ! عورت مقید آپ کے ہاتھوں ابھی تک ہے
کہیں حرموں میں، غزلوں اشتہاروں اور فسانوں میں
مجھے لڑنا گوارا ہی نہیں فطری اصولوں سے
میرا بچہ، میرا آنگن، حسیں سارے جہانوں میں
سمندر ہوں، میں کشتی تو نہیں، طوفاں سے ڈر جاؤں
میرے عندیے سے چلتی ہے ہوا بھی بادبانوں میں
ہمیں تو معجزہ کوئی بچا لایا صدفؔ ورنہ
کھنچے تھے تیر کیا کیا مہربانوں کی کمانوں میں
٭٭٭
یہ موسموں کی ادائیں غریب لگتی ہیں مجھے بہار کی شامیں عجیب لگتی ہیں
مرے حبیب ! حبیبوں کے ہاتھ سے جو ملیں
وہ چوٹیں ، دل کے بہت قریب لگتی ہیں
یہ زخمِ دل کبھی افزوں تمہاری یادوں سے
کبھی یہی مجھے اس کا طبیب لگتی ہیں
نئی زبانوں پہ باتیں نئے زمانوں کی طلوعِ صبح کا روشن نقیب لگتی ہیں
مرا قلم ، مری تحریر ، میری تقریریں نجانے کیوں اسے اپنا رقیب لگتی ہیں
ہر آن درد کا پیغام بن کے رہتی ہیں وفائیں مجھ کو اب اپنی صلیب لگتی ہیں
ہمیں یہ ہر گھڑی رُودادِ دل سناتی ہیں
تمہاری آنکھیں تو کامل خطیب لگتی ہیں
جو بھیگ ہی نہ سکیں دل پہ چوٹ کھا کے صدفؔ
وہ آنکھیں مجھ کو بہت بد نصیب لگتی ہیں
٭٭٭
صنم پتھر کے ہو جاتے ہیں آخر سب خدا اک دن
ستم گر سارے پائیں گے کبھی آخر سزا اک دن
کبھی تو رنگ لائے گی مرے دل کی دعا اک دن
کہ بھر جائے گی تاروں سے مری خالی ردا اک دن
ہتھیلی پر لکھے جاتی ہوں نام اس کا مسلسل میں
وہ آ کر دیکھ ہی لے گا مرا رنگِ حنا اک دن
بہت دن سے مری ہستی کوئی ویراں کھنڈر ہے
کبھی آنکھوں میں آ بس جا، مرے دل میں سما اک دن
یہی تو سوچ کر اس کی سماجت کرتے جاتے ہیں
تری خوشبو چرا لائے گی یہ پگلی ہوا اک دن
تری یہ برہمی جاناں ، ہے پیغام اجل مجھ کو
یہی تجھ کو گوارا ہے، تو جا! ہو جا خفا اک دن
شبِ ہجراں!مری بے خواب آنکھوں پر تُو احساں کر
مرے ماتھے پہ بوسہ دے، مجھے آ کر سلا اک دن
٭٭٭
تم گھوم آئے بستی بستی، کیا دیکھا ہے کوئی ہم سا بھی؟
سن آئے ہو تم نظمیں سب کی کیا لہجہ ہے کوئی ہم سا بھی؟
اس بے خوفی سے حالِ دل کیا لکھتا ہے کوئی ہم سا بھی؟
یوں شعر بہت ہیں جانِ صدف کیا مصرع ہے کوئی ہم سا بھی؟
تم چاند سے مکھڑے دیکھ چکے، پھولوں سے مہکتے آنچل بھی
خوابوں کے پری خانے میں کہو، کیا چہرہ ہے کوئی ہم سا بھی؟
کیا اب بھی تھکے ہارے لمحے زلفوں کے سائے ڈھونڈتے ہیں؟
تنہائی کے کالے جنگل میں کیا مہکا ہے کوئی ہم سا بھی؟
ہم نے تو صبر کے سینے پہ برسوں تیرِ ملامت جھیلے تھے
احساس کے اندھے صحرا میں کیا دریا ہے کوئی ہم سا بھی؟
آئے تو بہت تھے وعدے لے کر اپنی وفا کی رم جھم کے
اب کتنے ہی ساون بیت گئے کیا برسا ہے کوئی ہم سا بھی
٭٭٭
اپنے ہاتھوں میں دیکھو یہ کیا لے لیا؟
مفتیوں نے ہمارا خدا لے لیا!
ہوش و جذبہ، جنوں، غیر ت و زندگی
اہلِ طاقت نے سب برملا لے لیا!
خون سے خون کے چھینٹے دُھلنے لگے قطرہ قطرہ بنامِ خدا لے لیا
خونِ بادِ صبا میں ہے ڈوبا چمن برگ ، گل سے برنگِ ہوا لے لیا
کس کے در سے ملے گی ہمیں روشنی؟
حرص نے منصفوں سے دِیا لے لیا
بانٹ لی کم دِلوں نے ضیائے حرم
اور فقیہوں نے نورِ حرا لے لیا!
جس طرف دیکھئے آسماں شرمگیں
شام نے کس کا رنگِ حنا لے لیا؟
اتفاقاً تمنا کا حق جب ملا
نام بے ساختہ آ پ کا لے لیا!
آپ کیوں ہیں صدف سے بھلا سر گراں؟
اُس نے ایسا بھی کیا آپ کا لے لیا؟
٭٭٭
کبھی دردِ محبت کی دوا مانگوں تو میں کافر
وفا کے بدلے میں تجھ سے وفا مانگوں تو میں کافر
یہ تجھ کو سوچتے رہنا، مری بے لوث چاہت ہے
محبت کا کبھی تجھ سے صلہ مانگوں تو میں کافر
مجھے یادیں تری ہر لمحہ تڑپاتی تو ہیں لیکن
تجھے گر بھول جانے کی دعا مانگوں تو میں کافر
یہ شعلہ بے رخی کا پھونکنے کو ہے مری ہستی
قسم ہے، تیرے دامن کی ہوا مانگوں تو میں کافر
وہی جُہل و تکبر کے صنم خانے ہیں دنیا میں
میں اس بت خانے سے کوئی خدا مانگوں تو میں کافر
مجھے راس آگیا ہے گوشۂ تنہائی کچھ ایسا
کہ بوئے گل یا دامانِ صبا مانگوں تو میں کافر
تیری تاریکیاں رکھتی ہیں اشکوں کا بھرم اکثر
شبِ ہجراں! قسم تیری، دیا مانگوں تو میں کافر
مجھے جرمِ محبت میں سبھی غم ہیں سر آنکھوں پر
اگر بھولے سے تخفیفِ سزا مانگوں تو میں کافر
یہ مرضِ عاشقی ہی گر ہے میرا امتحاں تو پھر
مجھے مرنا گوارا ہے، شفا مانگوں تو میں کافر
اگر سر زد کوئی بھولے سے نیکی ہو گئی مجھ سے
قبول اس کو کرے مولا، جزا مانگوں تو میں کافر
گدائی خاکِ طیبہ کی مجھے سلطانی لگتی ہے
خدا شاہد، پر و بالِ ہما مانگوں تو میں کافر
نگاہِ بے نیازی بھی صدف مجھ کو غنیمت ہے
میں اس سے روٹھ جانے کی ادا مانگوں تو میں کافر
٭٭٭
گھر پوری طرح سے ابھی جلنے نہیں پایا
آ! جذبۂ دل میرا بدلنے نہیں پایا
اس سے کہے کوئی کہ یہ دل بچہ ہے ضدی بہلایا اسے کتنا، بہلنے نہیں پایا
دوبارہ اس انداز سے دیکھو نہ خدا را
دل پہلی نظر سے ہی سنبھلنے نہیں پایا
قربت کا تری چاند چمکتا نہیں برسوں
اور ہجر وہ سورج ہے کہ ڈھلنے نہیں پایا
اے زیست! بس اب چھوڑ، تجھے دیکھ لیا خوب
اک غنچۂ دل تجھ سے تو کھلنے نہیں پایا!
کیا تو نے بھلایا ہی نہیں پچھلی رتوں کو
کیا تودہ وہ نفرت کا پگھلنے نہیں پایا؟
خود مجھ کو بتاتا ہے وہ چندا کی حقیقت
بچہ میرا ماموں سے بہلنے نہیں پایا
دولت کی ترازو میں صدفؔ تلتی ہے ہر شے
اک عشق ہی اس میں کبھی تلنے نہیں پایا
٭٭٭
نازاں ہیں آپ ڈالی ہے دل نے مرے سپر
ہم نے حضور کھایا ہے دھوکہ یہ جان کر
قدموں میں آ کے رلنے لگی تھی ہر اک ڈگر
منزل پہ جا کے دیکھا تو در پیش تھا سفر
تھا اک یقیں اثاثہ وہی کھو گیا مگر ہم لٹ گئے تمہاری وفاؤں کے نام پر
ہر چند سوچا تجھ کو منا لیں کسی طرح
کب ہم سے ناز تیرے اٹھے زندگی! مگر
میں نے تری نگاہِ طلب کا ادب کیا یہ اور بات تو نے نہ سمجھی مری نظر
جب چاہوں فصلِ زیست! تجھے خاک کر دوں میں
مخفی مرے وجود میں ایسے بھی ہیں شرر
لوح و قلم بھی گردشیں اپنی سمیٹ لیں
ہاں اے صدفؔ! ہماری دعا میں ہے وہ اثر
٭٭٭
بال ایک میرے شیشۂ دل میں جو پڑ گیا
جو نقشِ جاں بنا تھا، وہ پل میں بگڑ گیا
خنجر سا دل میں اس کے تغافل سے گڑ گیا تھی بات تو ذرا سی مگر داغ پڑ گیا
جی بھر کے اس کو ہم نے تو دیکھا نہ تھا ابھی
ملنے سے پیشتر ہی وہ ہم سے بچھڑ گیا
تھی دھوپ تیز اس قدر صبحِ ملال کی خوابوں کا شہر چشمِ زدن میں اجڑ گیا
اک زلزلہ تھا اور مرے پیار کا جہاں
جھٹکا لگا تو پاؤں بھی اُس کا اکھڑ گیا
دل آخری چراغ تھا میری امید کا تنہا تھا پھر بھی سیلِ حوادث سے لڑ گیا
یاد آئی اور جاگ اٹھیں بے قراریاں اک شور ذہن و روح میں کچھ اور بڑھ گیا
ترکِ تعلقات کی ٹھانے ہوئے تھا وہ بے وجہ بات بات پہ کل ہم سے اَڑ گیا
دل نے بھی جیسے تھک کے نیا راستہ لیا
اپنے شعورِ ذات کی سیڑھی پہ چڑھ گیا
آندھی ہی اب کے ایسی چلی ہے صدفؔ یہاں
تھا شاخِ گل پہ آخری پتا جو جھڑ گیا
٭٭٭
دل کی دنیا میں مری ایک تماشا ہوتا
تیرا ہمسر بھی یہاں کوئی جو پیدا ہوتا
درِ دل جو ترا ہم پر بھی کبھی وا ہوتا
کون جانے کہ مسرت سے ہمیں کیا ہوتا
شہر نا پرساں میں احساسِ اذیت کیوں ہے؟
کاش یہ ذوقِ بصارت مرا اندھا ہوتا
ہم کو حسرت ہی رہی اپنا سمجھتے وہ ہمیں
ان کے لب پر بھی کبھی کوئی تقاضا ہوتا
ضبطِ گریہ نے رکھی لاج، مرے دل، ورنہ شمع کے ساتھ سرِ بزم تُو رسوا ہوتا
کاش تو سنگِ ملامت ہی لئے آ جاتا نام سے تو ترے کچھ میرا بھی چرچا ہوتا
کیا صدفؔ چارہ گر زیست یہاں کوئی نہیں؟
زخم دل کا کہیں کوئی تو مسیحا ہوتا
٭٭٭
ہم دل پہ لگی چوٹ کا چرچا نہیں کرتے
سہہ لیتے ہیں ہنس ہنس کے پہ رویا نہیں کرتے
بے لوث محبت کا تو دعویٰ نہیں کرتے
دل دے کے مگر بدلہ بھی مانگا نہیں کرتے
وہ لاکھ غم و رنج کی دولت ہی لٹائیں ہم ان کی نوازش سے کنارا نہیں کرتے
بے قابو سرِ بزم ہوئی جاتی ہے دھڑکن
ان سے کہو یوں پیار سے دیکھا نہیں کرتے
جو عشق سے ہوں آپ کے لبریز سراسر وہ دل کبھی ٹوٹا کبھی بکھرا نہیں کرتے
ہے دار ہمیں تلخ حقائق کا گوارا ہم دل سے کسی بات پہ دھوکا نہیں کرتے
وہ نظریں ہوں مائل تو لٹا دیتے ہیں دل کو
کچھ اہلِ جنوں ایسے میں سوچا نہیں کرتے
کھویا نہیں الفت میں صدفؔ اپنی خودی کو
کٹ جاتا ہے سر اس کو جھکایا نہیں کرتے
٭٭٭
جو مہر و مہ کے دم سے تھی وہ روشنی اداس ہے
ترے بغیر میری جاں، یہ زندگی اداس ہے
اُسے سندیسہ بھیج دوں پون کے ہاتھ آج پھر
اب آ بھی جا کہ بن ترے مری ہنسی اداس ہے
اداس سارے راستے، اداس ساری منزلیں
قدم اٹھاؤں بھی تو کیا گلی گلی اداس ہے
مسرت و محن کے سارے سلسلے تجھی سے ہیں
نہالِ غم لُٹا ہوا ہے اور خوشی اداس ہے
شفق میں اب نہ رنگ ہے، ہوا میں اب نہ مستیاں
خیال و خواب میں جو تھی وہ تازگی اداس ہے
سنا ہے وہ بھی رات بھر ستارے گنتا رہتا ہے
وہ میرا مرکزِ حیات و آگہی اداس ہے
ترے قدم کی چاپ پر رکھے ہے کان صبح سے
نہ پا کے آہٹیں تری مری گلی اداس ہے
بہت دنوں سے اُس نے غم نیا صدفؔ دیا نہیں
غزل تری ہے مردہ دل تو شاعری اداس ہے
٭٭٭
مرے ٹوٹے ہوئے دل نے کہا تو یہ کہا اک دن
بھلا پتھر سے آتی ہے کبھی کوئی صدا اک دن
پیامِ موت بن جائے گی تیری برہمی جاناں
اگر تجھ کو گوارا ہے، تو جا! ہو جا خفا اک دن
سنا ہے تجھ کو آتا ہے دلوں کے جوڑنے کا فن
کبھی ایسا کوئی منظر مجھے بھی تو دکھا اک دن
شبِ ہجراں! مری بے خوابیوں پر اتنا احساں کر
مرے ماتھے پہ دے کے بوسہ مجھ کو تُو سُلا اک دن
وہی جو رات دن، شام و سحر دُنیا کی سُنت ہے
سنے گا دیکھ لینا وہ صدفؔ کی بھی دُعا اک دن
٭٭٭
مری نوا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے مری ادا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
نہیں تو ہجر کے صحرا میں میری جاں تنہا
مری وفا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
کڑی ہے دھوپ مگر میری ساری چاہت کی یہ اک ردا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
تو میرے دل! نہیں تنہا رہِ محبت میں
یہ اک سزا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
تو ابتلا کے بیاباں میں تھک نہ پائے گا
مری دعا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
جو میرے اشک نے دامن پہ تیرے لکھی تھی
وہ التجا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
میری ہتھیلی پہ لکھا ہے جس سے نام ترا
وہی حنا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
تو اوڑھنی ہے صدفؔ کی، اُسی کا پیراہن
یہ اک قبا بھی ترے ساتھ ساتھ چلتی ہے
٭٭٭
مرے ہی دم سے رونق ہے الٰہی گلستانوں میں
میں اس کے خوشہ چینوں میں، میں اس کے باغبانوں میں
خدا نا آشنا دُنیا نہ سمجھے نا تواں مجھ کو
دعاؤں سے مری ہلچل مچی ہے آسمانوں میں
ملا ہے دل کو میرے امتیازِ عاشقی ایسا
مجھے شامل کیا ہے غم نے اپنے رازدانوں میں
مِرا ذوقِ طلب ہی مجھ کو زیرِ دام لے آیا
سکوں سے ہم نفس بیٹھے ہوئے ہیں آشیانوں میں
مجھے تزئینِ نو کی فکر وہ فطرت نے بخشی ہے
میں شامل ہو نہیں سکتی چمن کے نوحہ خوانوں میں
مجھے اس داغِ دل نے دردمندی سے نوازا ہے
سر فہرست میرا نام ہے شیریں بیانوں میں
مرے مولا نے آزادی سے جب مجھ کو نوازا ہے
تو اِن رسموں نے کیوں رکھا ہے اندھے قید خانوں میں؟
حضور! عورت مقید آپ کے ہاتھوں ابھی تک ہے
حرم میں ، اشتہاروں میں، غزل میں اور فسانوں میں
مجھے لڑنا گوارا کب ہے فطرت کے اصولوں سے
مرا بچہ، مرا آنگن، حسیں سارے جہانوں میں
ٹپکتے ہیں ہمارے دیدہ و دل روز ہی لیکن
رہا کرتا ہے وہ پھر کیوں انہی کچے مکانوں میں؟
میں بے پایاں سمندر ہوں، ڈروں میں کیوں ہواؤں سے
کہ وہ بھی حکم سے میرے بھری ہے بادبانوں میں
مجھے تو معجزہ کوئی بچا لایا صدفؔ ورنہ
کھنچے تھے تیر کیا کیا مہربانوں کی کمانوں میں
٭٭٭
وفائیں کس طرح کھاتی ہیں ٹھوکر، دیکھ لیں گے ہم
اگر پتھر ہی ہونا ہے تو مُڑ کر دیکھ لیں گے ہم
تُجھے دل کی صداقت پر بڑا ہی ناز تھا اپنے
ترے عہدِ وفا کا وہ پیمبر دیکھ لیں گے ہم
بلا کا حوصلہ ہے اس جگر میں، بے خطر آؤ
تماشا تیر اندازی کا دلبر! دیکھ لیں گے ہم
ہمیں کس کی عنایت کی نظر نے مار رکھا ہے
کبھی فرصت سے یہ بھی بندہ پرور دیکھ لیں گے ہم
سنا ہے آنکھ اس کی ہے مسیحا اور قاتل بھی
پڑے گا وقت تو اس کا یہ جوہر دیکھ لیں گے ہم
وہ کھاتا تھا قسم ہر موڑ پر اپنی محبت کی
ہمارے سامنے مکرے گا کیونکر، دیکھ لیں گے ہم
نہ چھوڑا ہے، نہ چھوڑیں گے تمہاری یاد کا دامن
کرے گا فیصلہ جو بھی مقدر دیکھ لیں گے ہم
ابھی مہر و وفائے دوستاں پر ہے نظر اپنی
مری جاں! آستینوں کے بھی خنجر دیکھ لیں گے ہم
ہمارے ساتھ بس یہ جاں فروشی کا ہی جذبہ ہے
صف آرا جو مقابل ہے وہ لشکر دیکھ لیں گے ہم
صدفؔ کو توڑ ڈالا جس نے اپنی ذات کی خاطر
نہ تھا معلوم پہلو میں وہ پتھر دیکھ لیں گے ہم
٭٭٭
آتشِ ترکِ تعلق سے گزر جانے دو ورنہ بہتر ہے کہ بے موت ہی مر جانے دو
اپنے در پر ہی مجھے کاش بکھر جانے دو
خاک میں مل کے مرے بخت سنور جانے دو
بے وفائی کا یہ الزم مری قسمت ہے !
یوں کرو، یہ بھی یہیں، میرے ہی سر جانے دو
راہ بھولا ہوا دریا ہوں ہٹاؤ پہرے اب مجھے قلزمِ ہستی میں اتر جانے دو
بس یہ اک یاد ہے،کچھ اور نہیں سرمایہ
ساتھ میرے یہ مرا، زادِ سفر جانے دو
یہ بھی اک صورتِ قربت ہے تمہاری شاید
میری تنہائی کو تم حد سے گزر جانے دو
ساتھ بھٹکا ہے تمہارے مہِ اُمید صدفؔ
شب گزیدہ ہے سحر اس کو تو گھر جانے دو
٭٭٭
ہواؤں کے موسم ، گھٹاؤں کے موسم پلٹ آئے پھر سے وفاؤں کے موسم
جلا ڈالیں آؤ اناؤں کے پرچم کہ پھر آ گئے ہیں اداؤں کے موسم
اُنہی کو چلے مانگنے آج ان سے ہتھیلی میں لے کر دعاؤں کے موسم
تہہ و بالا کر دیتے ہیں شہرِ دل کو
ستم گر !یہ تیری اناؤں کے موسم
صدفؔ! شہرِ الفت میں پھر آ گئے ہیں
نہ جانے کہاں سے سزاؤں کے موسم
٭٭٭
وعدہ کر کے وہ نہ آئیں تو غزل ہوتی ہے
آئیں اور مل کے نہ جائیں تو غزل ہوتی ہے
دل سے جب جیت نہ پائیں تو غزل ہوتی ہے
خود سے جب شرط لگائیں تو غزل ہوتی ہے
یاد آتے ہیں تو محشر سا اٹھا دیتے ہیں
وہ ہمیں یاد نہ آئیں تو غزل ہوتی ہے
رات بھر ہم سر مژگاں ترے غم میں ، جاناں
ضبط کے موتی سجائیں تو غزل ہوتی ہے
اور فرصت سے کہیں بیٹھ کے اپنے دل کے
جب کبھی ناز اٹھائیں تو غزل ہوتی ہے
ذہن کے خالی دریچوں سے کبھی ٹکرا کر لوٹ آتی ہیں صدائیں تو غزل ہوتی ہے
دشتِ حسرت میں کبھی رقص کرے کربِ جنوں
دل و جاں خاک اڑائیں تو غزل ہوتی ہے
تیرے وعدے، مری قسمیں نرے بہلاوے ہیں
پردے چہرے سے ہٹائیں تو غزل ہوتی ہے
اپنے ہونٹوں پہ صدفؔ قفلِ حیا ہیں لیکن
وہ بھی منھ پھیر کے جائیں تو غزل ہوتی ہے
٭٭٭
مجھے یاد آتی ہیں وہ جگمگاتی چاندنی راتیں
بہت تڑپاتی ہیں ہلچل مچاتی چاندنی راتیں
نہ جانے کوئی کر پاتا ہے قابو کیسے پھر خود پر
شبِ فرقت میں جب ہیں یاد آتی چاندنی راتیں
کبھی خوابوں کے گلشن میں، کبھی حسرت کی وادی میں
تمناؤں کے ہیں یہ گل کھلاتی چاندنی راتیں
مرے بچپن کی یادوں کے چنبیلی والے آنگن میں
ٹھمکتی ناچتی جلوے دکھاتی چاندنی راتیں
تمہارے پیار کی باتوں کو دہراتی ہیں رہ رہ کر
دریچے یاد کے ہیں کھٹکھٹاتی چاندنی راتیں
مرے محزوں خیالوں کو، مری محبوس سوچوں کو
میرے بے بس تصور کو رلاتی چاندنی راتیں
یہ مجھ کو چین سے اک پل کبھی سونے نہیں دیتیں
تمہارا نام لے کر دل دکھاتی چاندنی راتیں
دُعا ہے یوں ہی گرماتی رہیں تنہائیاں میری
مری ہر پور کو صندل بناتی چاندنی راتیں
٭٭٭
دل کو سمجھایا بہت یہ بے کلی اچھی نہیں
اس قدر بھی روز و شب کی بے خودی اچھی نہیں
بیٹھ کر روتا ہے تو اب، پہروں اپنے حال پر
تجھ کو سمجھایا تھا ہر پل کی ہنسی اچھی نہیں
بن گئی ہے روگ دل کا ہائے! کیا کہئے اسے
کاش ہم یہ جانتے ، یہ دل لگی اچھی نہیں
کیا سنوں دل کا کہا کہ یہ تو ہے نادان دوست
ایسے بے خود راہبر کی رہبری اچھی نہیں
فاش کر دیتی ہیں دنیا پر مرا رازِ نہاں
آنکھ کو سمجھائے کوئی، مخبری اچھی نہیں
پاؤں کے نیچے ہے جنت اور میں ہوں در بدر
ماں بنا کے تو نے دی جو بے بسی، اچھی نہیں
سوچ اور احساس کی یہ آگ بجھتی ہی نہیں
ایسی شعلوں میں گھری یہ زندگی اچھی نہیں
ایک تو لڑکی ہے ،اس پر شعر کہتی ہے صدفؔ
شاعری اتنی بغاوت سے بھری! اچھی نہیں
٭٭٭
شکوہ بربادیِ حالات کا کرنے نہ دیا
ہم نے تو دل کو کبھی آہ بھی بھرنے نہ دیا
سر بلندی سے چلے زندگی بھر دنیا میں
اپنی خود داری پہ الزام بھی دھرنے نہ دیا
کتنی تحریم سے، تکریم سے چاہا ہے تمہیں
سوچ تک کو بھی کبھی حد سے گزرنے نہ دیا
تھا فرات ایک محبت کا مری نظروں میں
ہائے یہ تشنہ لبی! گھونٹ بھی بھرنے نہ دیا
ہجر کی راہ سے گزرے ہیں بڑے صبر کے ساتھ سے
خواب کے زینے پہ حسرت کو اترنے نہ دیا
تو نے اقرارِ محبت کو جو بھیجے تھے کبھی
ہم نے اُن سرخ گلابوں کو بکھرنے نہ دیا
یہ نظر ڈھونڈتی پھرتی تھی تصور میں جسے
روبرو آیا تو نظّارا بھی کرنے نہ دیا
کشمکش ایک عجب جاں کے رہی ساتھ صدفؔ
دل نے جینے نہ دیا، آس نے مرنے نہ دیا
٭٭٭
ہم اور فاش راز کریں، توبہ کیجئے دنیا سے ساز باز کریں، توبہ کیجئے
کیا خوب دوستوں نے وفا کا صلہ دیا اب کیا زباں دراز کریں، توبہ کیجئے
ہوش و خِرد کے سارے سفینے ڈبو دئیے کیا ایسے دل پہ ناز کریں، توبہ کیجئے
ہم تو ازل سے سر کو جھکائے ہیں جان من اب پیش کیا جواز کریں، توبہ کیجئے
برسوں جسے لگائے رکھا اپنے سینے سے افشا بھلا وہ راز کریں، توبہ کیجئے
لب بستگی ہے شرط کیا آدابِ عشق کی ہم اور احتراز کریں، توبہ کیجئے
ہم تو صدفؔ متاعِ محبت کے ہیں امین
غیروں کو کارساز کریں، توبہ کیجئے
٭٭٭
میری ہر بات کو اپنے لئے زحمت سمجھا آہ تو نے نہ کبھی رازِ محبت سمجھا
ہم نے مانا کہ تجھے سب نے بہت چاہا ہے
یہ بتا کس نے ترے غم کو عبادت سمجھا؟
تیری قربت کے سوالی ہیں ہزاروں لیکن
ہاں مگر کس نے ترا قرب سعادت سمجھا؟
زیست کی راہ میں ہر موڑ پہ کس نے ہمدم
تیری ہمراہی کا ہر لمحہ عنایت سمجھا؟
تجھ کو جب چاہا تو ہستی کو بھلایا اپنی
ہم نے ہر سانس کو تیری ہی امانت سمجھا
حسنِ گفتار پہ نازاں ، نہ قلم پر فاخر
اپنے ہر حرف کو تیری ہی کرامت سمجھا
جان سے اپنی جدا کب کیا تجھ کو جاناں؟
ہم نے سائے کو ترے ، تیری رفاقت سمجھا!
اپنے خوابوں میں رہا گم سحر و شام صدفؔ
دلِ کم فہم نہ دنیا کی سیاست سمجھا
٭٭٭
برنگِ وصل، مری ذات کا کمال ہے وہ بچھڑ گیا تو ہزیمت مری، زوال ہے وہ
معاف کیوں نہ کریں اس کو قتل سے اپنے
بظاہر اپنے کئے پر تو پُر ملال ہے وہ
ہزار روپ میں دیکھوں کہ خواب ہے پہلا
ہزار رنگ میں باندھوں ،مرا خیال ہے وہ
میں آئینہ بھی جو دیکھوں تو وہ نظر آئے
مرا ہی حسنِ بصارت، مرا جمال ہے وہ
مجھے خود اپنے ہی دل کی نظر اتارنے دو
کہ پا کے اس کو خوشی سے بہت نہال ہے وہ
سنوارا خود کو ہے اس کی نگاہ کی خاطر
مری ادا ، مری رنگت، مرا جمال ہے وہ
اسیر اس نے کیا ہم سے سر پھروں کو صدفؔ
یہ ماننا ہی پڑے گا کہ با کمال ہے وہ
٭٭٭
کاوشِ سُود و زیاں سے مجھے غافل کر دے
مجھ پہ احسان بس اتنا ، میرے قاتل کر دے
تجھ سے کچھ بھی نہیں مانگا، شبِ امید مگر
اس کی دھڑکن ،مری دھڑکن میں ہی شامل کر دے
یہ زر و سیم کے تحفے ہوں مبارک تم کو
ہم کو کافی ہے نظر ایک جو گھائل کر دے
وقتِ رخصت ہوں یہی سوچ کے لرزاں لرزاں
کہیں غلطی نہ کوئی پھر میرا کاجل کر دے
میں تو خائف ہوں روایت کے اسی منبر پر
کہیں قرباں نہ مجھے پھر میرا بابل کر دے
کیا عجب دھوپ کی شدت میں کبھی جانِ صدف
تجھ پہ چھایا یہ جھکی آنکھ کا آنچل کر دے
٭٭٭
چھین لے ہوش و خرد، تُو مجھے پاگل کر دے
ہر نفس میں مرے برپا کوئی ہلچل کر دے
اپنی وحشت کے ہر اک خار سے زخمی ہے بدن
تو اتر مجھ میں، مری ذات کو مخمل کر دے
حسنِ معصوم ہے گر تشنۂ تکمیل تو پھر تُو اسے عشق کی دولت سے مکمل کر دے
کھل کے جو برسے بیابان و چمن پر یکساں
تُو مری ذات کو الفت کا وہ بادل کر دے
میں تہی دست سہی، خار بداماں ہی سہی
تُو مری سوچ کے صحراؤں کو جل تھل کر دے
٭٭٭
صحرا کی چاندنی کا مزہ ہم سے پوچھئے مانگے کی روشنی کا مزہ ہم سے پوچھئے
لفظوں پہ خسروی کا مزہ ہم سے پوچھئے
سنئے! یہ شاعری کا مزہ ہم سے پوچھئے
کھولے ہے بھید آن میں یہ آپ پر مرے
دھڑکن کی خود سری کا مزہ ہم سے پوچھئے
دل میں رہے گا عمر تلک دردِ دوستاں
سرکار ! دلبری کا مزہ ہم سے پوچھئے
شمع میں سوز و ساز ہے پروانے سا کہاں حسنِ سپردگی کا مزہ ہم سے پوچھئے
چلتی ہے ساری عمر یہ رشتوں کے کانچ پر
عورت کی زندگی کا مزہ ہم سے پوچھئے
ڈستے رہے ہیں ناگ خیالوں کے رات بھر دشمن سے دوستی کا مزہ ہم سے پوچھئے
تڑپے ہے دل تو ماہیِ بے آب کی طرح اس آگہی کے غم کا مزہ ہم سے پوچھئے
عالم پناہ ہیں آپ جہاں آپ کے نگیں
مفلس کی عاشقی کا مزہ ہم سے پوچھئے
٭٭٭
دل! تری خود سری سے ڈرتے ہیں
ہم تری دوستی سے ڈرتے ہیں
آنکھ کو جو چناب کر جائے ہم تو ایسی ہنسی سے ڈرتے ہیں
کب درندوں سے ہم ہوئے خائف ہم فقط آدمی سے ڈرتے ہیں
راس ہم کو کبھی نہیں آئی آپ کی عاشقی سے ڈرتے ہیں
ہم کو سودائی اس نے کر ڈالا اب تو ہم چاندنی سے ڈرتے ہیں
ہم تمنا بیان تو کر دیں آپ کی برہمی سے ڈرتے ہیں
رنج کی دھوپ، غم کی بارش سے آفتوں کی گھڑی سے ڈرتے ہیں
ہم کو برباد تُو نے کر ڈالا
دل! تری سادگی سے ڈرتے ہیں
دل کو اکثر اداس کرتی ہے شام کی سانولی سے ڈرتے ہیں
کہیں رسوا ہمیں نہ کر جائے اس لئے شاعری سے ڈرتے ہیں ٭٭٭
عجب شخص ہے آشنا آشنا سا بہت ہی الگ سا، بہت ہی جدا سا
ہزاروں ہی چہرے ملے زندگی میں وہ لیکن عجب سا، وہ کچھ ماورا سا
ہمیں تو وہ تکمیل لگتا ہے اپنی سراپا محبت، وفا آشنا سا
تغافُل تجاہُل ہمیں سے ہے اس کو ہمیں پہ وہ رہتا ہے پھر بھی فدا سا
کبھی اس کے پاؤں تلے ہے خدائی کبھی ہم کو لگتا ہے صدیوں کا پیاسا
طلسمِ ملاقات کیا پوچھتے ہو وہ پہلی نظر میں لگا آشنا سا
کبھی بدلیوں کی طرح مہرباں وہ کبھی مثلِ صرصر وہ ہم سے خفا سا
کبھی خوشبوؤں کا ہے وہ روپ دھارے کبھی دے نہ اپنا پتا وہ ذرا سا
فریبِ نظر ہے کہ ہے وہ حقیقت ؟
کبھی ہے وہ منزل، کبھی راستہ سا
کبھی ہفت اقلیم خوابوں کی بخشی کبھی آنکھ کو دے گیا رتجگا سا
وہ میرا وضو ہے ، وہ میری نمازیں مرے سوکھے لب پر ہے حرفِ دعا سا
اسے دیکھ کر ،کون دیکھے کسی کو؟
حواسوں پہ چھا جائے جیسے نشا سا
وہ پھیلا ہوا ہے صدفؔ زندگی پر معطر، معطر، سحر کی رِدا سا ٭٭٭
یونہی پہچان کے سارے حوالے ٹوٹ جاتے ہیں
جو بندھن کچے ہوتے ہیں وہ سارے ٹوٹ جاتے ہیں
ذرا دَر ذات کے کھولو ، نہیں یہ خامشی اچھی
جو محفل میں بھی رہتے ہیں اکیلے، ٹوٹ جاتے ہیں
نسب کے، خون کے، منصب کے تم لاکھوں سہارے دو
نہ ہوں جذبوں پہ جو قائم، وہ رشتے ٹوٹ جاتے ہیں
مری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کیا جھوٹ بولو گے
کبھی کیا تم نے سوچا ہے کہ لہجے ٹوٹ جاتے ہیں؟
امیرِ شہر کے بچے کی ہلکی سی حقارت سے
مرے بچے کے ماٹی کے کھلونے ٹوٹ جاتے ہیں
صدفؔ بے بس ہے، کملی میں اُسے اپنی اماں دیجئے
مرے آقا ! زمانے کے تو وعدے ٹوٹ جاتے ہیں
٭٭٭
صبح، رقصاں دعائیں آنکھوں میں شام ، سب التجائیں آنکھوں میں
میرے ہونٹوں کی خامشی پہ نہ جا دیکھ دل کی صدائیں آنکھوں میں
خواب ہوں سب شکایتیں اُن کی وہ اگر گھر بنائیں آنکھوں میں
لب لرزتے ہیں، دل دھڑکتا ہے
آ ! تجھے ہم بٹھائیں آنکھوں میں
ہم نے چلمن گرائی پلکوں کی وہ بھی نہ جھانک پائیں آنکھوں میں
بد گمانی بھلا دے آج صدفؔ نفرتیں اب نہ آئیں آنکھوں میں ٭٭٭
وہی دل کی دنیا کا میری خدا ہے وہی ابتدا ہے ، وہی انتہا ہے
وہی لب کی لالہ رُخی میں چھپا ہے وہی ہاتھ کی مہندیوں میں رچا ہے
کروں گی میں کیا لے کے لعل و جواہر وہی میرا مقصد، وہی مدعا ہے
وہی نام لب پر مرے مستقل ہے مجھے دھن اسی کی ہی صبح و مسا ہے
زمان و مکاں میرا ہے اُس کے دم سے
زمان و مکاں میں بھلا کیا رکھا ہے؟
وہ گمنام نیکی کا شاید بدل ہے وہ مقبول سجدے کی شاید جزا ہے
اسی کی نظر سے جو دنیا کو دیکھا تو سب کچھ حسیں اور سب کچھ نیا ہے
ہے پائے شکستہ کی وہ استقامت مرے ٹوٹے پر کا وہی حوصلہ ہے
مرے اُجلے دن کا وہی مہرِ تاباں اندھیری شبوں کا وہی تو دِیا ہے
مجھے شعر کہنا سکھایا اسی نے غزل کا مری بس وہی قافیہ ہے
مرا دل ہے ایسا اسیرِ محبت نہ ہے رنج کوئی، نہ خوفِ بلا ہے
اُسی نے دیئے دردِ دل مجھ کو سارے وہی اب مرے زخمِ دل کی دوا ہے
مجھے اس نے چاہا صدفؔ تو لگا یہ کہ قدموں تلے میرے بادِ صبا ہے ٭٭٭
گزریں ہزار آفتیں، سہما نہیں ہے دل
ہر دم جواں ہے دل مرا، ہارا نہیں ہے دل
ہر موڑ راہِ زیست کا سُونا سہی مگر تنہائیاں رفیق ہیں، تنہا نہیں ہے دل
کچھ سوچ کر ہی اس پہ ستم کیجیے گا آپ
صاحب! اب آپ کا ہے، ہمارا نہیں ہے دل
اس سیلِ ابتلا و حوادث کی خیر ہو مایوس ہے ضرور، پہ ٹوٹا نہیں ہے دل
تھی اُس میں کوئی بات جو دل میں سما گیا
ورنہ ہما شما پہ تو آتا نہیں ہے دل
یہ آپ کا ہوا تو رہے گا یہ آپ کا پھرتا نہیں زباں سے، بدلتا نہیں ہے دل
اس کا نشیمن ایک، ٹھکانہ بھی ایک ہے
ہم نے یہاں وہاں کبھی ڈھونڈا نہیں ہے دل
لمحات اس کو قربت و الفت کے یاد ہیں چاہا ہزار ، آپ کو بھولا نہیں ہے دل
طوفِ حرم کی لذتیں ساری یہیں تو ہیں
یہ کس نے کہہ دیا تمہیں، کعبہ نہیں ہے دل؟
صدقے مَیں اپنے ضبطِ محبت کے اے صدفؔ
مسحور تو ہوا ، ولے بہکا نہیں ہے دل
٭٭٭
خامشی اختیار کرنا ہے آپ کا اعتبار کرنا ہے
چوڑی پہنی ہے آج وعدوں کی پھر سے اب انتظار کرنا ہے
منتظر ہوں میں ، آپ حکم کریں اب یہی کاروبار کرنا ہے
اک نظر دیکھ ، یہ مرا دل ہے
کیا اسے سنگسار کرنا ہے؟
فیصلہ کیجئے ، حضور! اٹھئیے
اب کہاں، کس پہ وار کرنا ہے؟
عشق ہے جرم اس زمانے میں ہے ہاں ، مگر ایک بار کرنا ہے
شوق کی آبجو ہے اور میں ہوں اب اسے بے کنار کرنا ہے
دل ہے، میں ہوں صدفؔ اور اُس کی یاد سیرِ شہرِ نگار کرنا ہے ٭٭٭
عدل و انصاف کے ایوان بدل جاتے ہیں غرض اپنی ہو تو میزان بدل جاتے ہیں
یہ تو دنیا ہے، یہاں کب ہے کسی شے کو ثبات
دیکھتے دیکھتے انسان بدل جاتے ہیں
ہم سمجھتے ہیں جنہیں جان سے پیارے رشتے
سچ تو یہ ہے کہ ، مری جان! بدل جاتے ہیں
جن سے روشن رہا کرتے تھے نگاہوں کے چراغ
چشمِ نم تُو نہ ہو حیران، بدل جاتے ہیں
داستاں آج بھی عورت کی کہاں بدلی ہے؟
دکھ وہی رہتے ہیں، عنوان بدل جاتے ہیں
بات پر جان جو دیتے تھے کہاں ہیں وہ لوگ؟
اب تو لمحوں میں ہی اذہان بدل جاتے ہیں
وہ خیالات ، وہ جذبات، وہ رنگیں وعدے
وقت جب لیتا ہے تاوان، بدل جاتے ہیں
زندگی موت کی صورت میں بدل جاتی ہے زیست کرنے کے بھی سامان بدل جاتے ہیں
اب کہاں، دل میں مکیں، وصل کی خواہش صاحب؟
گھر وہی رہتا ہے مہمان بدل جاتے ہیں
کاغذی پھول نمائش کے وہی رہتے ہیں
ہاں! مگر ظاہری گلدان بدل جاتے ہیں
بے یقیں لمحوں میں لرزیں جو محبت کے قدم
دل بدل جاتے ہیں، ارمان بدل جاتے ہیں
ہم نے وہ جادو بیانی بھی یہاں دیکھی ہے
بات کی بات میں ایمان بدل جاتے ہیں
سچ تو یہ ہے، بھلا افکار کی وقعت کیا ہے ؟
دیں بدل جاتے ہیں ، قران بدل جاتے ہیں
دھڑکنیں جن سے تھیں منسوب تری جانِ صدفؔ
دلِ محزوں! دلِ نادان! بدل جاتے ہیں
٭٭٭
تھا عشق اک فریب ، گرفتار تھے ہمیں اور اپنی ذات کے ہی طلبگار تھے ہمیں
اپنے ہی دل سے برسرِ پیکار تھے ہمیں اپنے لہو میں ڈوبتی تلوار تھے ہمیں
اپنی رضا سے دل دیا، مرضی سے لے لیا مجبور ہم رہے ہیں تو مختار تھے ہمیں
ہم بھی گئے تھے شوقِ تماشا میں اُس طرف
اور دیکھا جب تو زینتِ بازار تھے ہمیں
مٹی کے مول تجھ کو صدفؔ مانگتے تھے لوگ
اے جنسِ بیش مایہ خریدار تھے ہمیں
٭٭٭
بھولنے کی تجھے جو نیت کی دل نے برپا نئی قیامت کی
ہو گئے خاک! کب شکایت کی؟
ہم نے اس طور سے محبت کی!
وہ تھا کوفہ صفت ، یقیناً تھا دل مدینہ تھا، پر محبت کی
حوصلے میرے سارے زخمی تھے آ کے امید نے عیادت کی
ہم ہیں مجبور دل کے ہاتھوں خیر
آپ کہئے، کہ کیسے زحمت کی؟
ہم بھی آدم گزیدہ تھے لیکن آدمی سے کبھی نہ نفرت کی
ہے یہی جرم میرا، کر نہ سکی میں اطاعت کسی روایت کی
وقتِ رخصت وہ مسکرا دینا ہائے کیا تھی گھڑی قیامت کی
سنگِ الزام پر تھا اُس کا نام چپ کی لیکن ہماری عادت تھی
بے کلی، اُس پہ رات دن کی یاد کیا ہی نعمت مجھے عنایت کی
دل صدفؔ، تیری یاد ہے موتی ٹوٹ کر بھی تری حفاظت کی ٭٭٭
کِیا کرتی ہوں تنہائی میں اشکوں سے وضو اکثر
تصور میں رہا کرتی ہے، تجھ سے گفتگو اکثر
تری آنکھوں میں خود کو ڈھونڈتی ہوں اس لئے شاید
کہ اپنی ہی رہا کرتی ہے مجھ کو جستجو اکثر
تکا کرتی ہوں تنہا بیٹھ کر پہروں جو پھولوں کو
تمہاری ان میں ہوتی ہے شباہت ہو بہو اکثر
وہ رازِ دل جسے پھولوں کی صورت دل میں رکھا تھا
اُسی کی تو مہک پھیلی ہے جاناں! چار سو اکثر
وہ ممنوعہ شجر ہے اس لئے شاید مرے دل میں
رہا کرتی ہے چھو لینے کی اُس کو آرزو اکثر
صدف! دینِ وفا کا دم تو سب بھرتے ہیں لیکن کیوں
اسی کے نام پر گلیوں میں بہتا ہے لہو اکثر؟
٭٭٭
کوئی ذکر کرے جب چاہت کا، ڈر لگتا ہے جب نام آئے ہے الفت کا، ڈر لگتا ہے
یہ قول و قرار، یہ وعدے، قسمیں ٹھیک سہی
جب ذکر چلے ہے قسمت کا ، ڈر لگتا ہے
پھر اُڑتی نظر آتی ہے جاناں! ہر سو راکھ
جب شعلہ جلے ہے قربت کا، ڈر لگتا ہے
یہ چہرے ہیں یا چہروں پر کچھ پردے ہیں؟
کِس جا ہے حرف صداقت کا؟ ڈر لگتا ہے
سچ کہنے والے زہر کا پیالہ پیتے ہیں
تو نام نہ لے اس قیمت کا، ڈر لگتا ہے
یادوں کی ریت پہ نقشِ قدم یہ کہتے ہیں
تو خواب نہ دیکھ رفاقت کا، ڈر لگتا ہے
اپنی ہی ذات کے ہیں افسانے سب یہ صدفؔ
رہنے دے قصہ عظمت کا! ڈر لگتا ہے
٭٭٭
حضورِ شاہ جبیں ہم تو خَم نہیں کرتے
یہ سر رہے نہ رہے، اس کا غم نہیں کرتے
چھنے قلم یا کئے جائیں اپنے ہاتھ قلم زیانِ عظمتِ لوح و قلم نہیں کرتے
دیارِ دل میں غموں کے الاؤ لاکھ جلیں
فسانے چہرے پہ دُکھ کے رقم نہیں کرتے
ہم اپنی سوچ کے ہر فیصلے میں یکتا ہیں
کریں جو سب وہ خدا کی قسم! نہیں کرتے
ستم ہوں لاکھ مگر لب سے کچھ نہیں کہتے
ہزار غم ہوں مگر آنکھ نم نہیں کرتے
دل و نگاہ سے کرتے ہیں ہم سجود صدفؔ فقط روایتی طوفِ حرم نہیں کرتے ٭٭٭
مرا دل تری اک نظر چاہتا ہے
خبر تیری اے بے خبر! چاہتا ہے
محبت کے اک پَل کی یادیں ہیں باقی عنایت تری عمر بھر چاہتا ہے
اسے ٹوٹے تاروں کی خواہش نہیں ہے ستاروں سے آگے یہ گھر چاہتا ہے
نہ بہلائیے دے کے شاخِ نشیمن مہم جو ہے یہ، بال و پر چاہتا ہے
نہیں راس اس کو یہ آسان راہیں کوئی راہ یہ پر خطر چاہتا ہے
نہیں اس کو منظور گھٹ گھٹ کے مرنا محبت بھی یہ نامور چاہتا ہے
ہتھیلی پہ لکھ لکھ کے اک نام اکثر دعاؤں میں اپنی اثر چاہتا ہے
صدفؔ ! تو ہی دے ساتھ اِس دِل کا اپنے
یہ شاید کوئی ہم سفر چاہتا ہے
٭٭٭
کہ راستے میں ترے کانٹے درد کے آئیں
تو میرے پیروں میں ہر خار کی چھبن اترے
کبھی جو تارے سے چمکیں تمہاری مژگاں پر
تو میری آنکھوں میں ہر اشک کی جلن اترے
ہو کوئی غم کبھی آباد تیرے پہلو میں
تو میرے سینے میں اس درد کی دکھن اترے
جو جاگے راتوں کو بے چین سا مسلسل تُو مرے بدن پہ تیری روح کی تھکن اترے
رہے جو تشنہ تمنا تری تو جانِ صدفؔ مری امنگوں پہ اندوہ کا کفن اترے
تمہارے نُور کو جو داغدار کرتا ہے
اے مرے چاند!، مرے دل پہ وہ گہن اترے
دھواں اداسی کا پھیلے ترے تصّوُر پر
تو میری نظموں میں اس سوچ کی گھٹن اترے
یہ میرا دل رہے وقفِ نوازشات و ستم یہ میری جان ہے حاضر، سنگ و سمن اترے
تمہارے رستے، ہمیں سے، ہمیں تک آتے رہیں قدم قدم پہ مہکتا ہوا چمن اترے
مری دعا کے تقدس نے جو بُنا ہے ابھی
ترے وجود پہ میرا وہ پیرہن اترے
٭٭٭
مرا نام لکھ کے مٹاتا تو ہو گا یونہی خود کو وہ آزماتا تو ہو گا
دریچوں میں شمعیں جلاتا تو ہو گا اسے بھی کوئی یاد آتا تو ہو گا
یہ جو چھیڑتا ہے مری دھڑکنوں کو یہی درد اس کو جگاتا تو ہو گا
یہ جو جھانکتا ہے مری چلمنوں سے یہی چاند اس کو ستاتا تو ہو گا
بدلتا تو ہو گا وہ کروٹ تڑپ کر اسے بھی مرا غم رلاتا تو ہو گا
بُنا تھا مرے ساتھ مل کے جو اس نے وہ سپنا اسے یاد آتا تو ہو گا
معطر مری سانس کو کر گیا جو یہ جھونکا اسے چھو کے آتا تو ہو گا
مرا شعر اکثر بنا کر بہانا وہ پہروں مجھے گنگناتا تو ہو گا
کبھی میری تصویر سب سے چھپا کر وہ بے خود لبوں سے لگاتا تو ہو گا
وہ بھی یاد کر کے ملاقات کا دن تصور کو اپنے سجاتا تو ہو گا
ہزاروں طرح خود کو دے کے دلاسہ وہ بھی اپنے دل کو مناتا تو ہو گا
مچلتی سسکتی تمنا کو اکثر تھپکتے تھپکتے سلاتا تو ہو گا
جو بے خواب کرتا ہے مجھ کو اندیشہ وہ اس کی بھی نیندیں اڑاتا تو ہو گا
کسی میری ہم نام کا نام لے کر بہانے بہانے بلاتا تو ہو گا
لبوں پہ مگر پھر بھی مایوس ہو کر مرا نام ہی تھرتھراتا تو ہو گا
کبھی رات کو اس کی پلکوں پہ شاید ستارہ کوئی جھلملاتا تو ہو گا
وہ شب خیز مری طرح سے بہت ہے
مگر شب ڈھلے سو بھی جاتا تو ہو گا
٭٭٭
مآخذ:
http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=sadaf&article=826
http://www.urduworld.com/allpoets/533-sadaf-mirza
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
زخمِ وفا
صدف مرزا
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
غزلیں
یہ موسموں کی ادائیں غریب لگتی ہیں
مجھے بہار کی شامیں عجیب لگتی ہیں
مرے حبیب ! حبیبوں کے ہاتھ سے جو ملیں
وہ چوٹیں ، دل کے بہت قریب لگتی ہیں
یہ زخمِ دل کبھی افزوں تمہاری یادوں سے
کبھی یہی مجھے اس کا طبیب لگتی ہیں
نئی زبانوں پہ باتیں نئے زمانوں کی
طلوعِ صبح کا روشن نقیب لگتی ہیں
مرا قلم ، مری تحریر ، میری تقریریں
نجانے کیوں اسے اپنا رقیب لگتی ہیں
ہر آن درد کا پیغام بن کے رہتی ہیں
وفائیں مجھ کو اب اپنی صلیب لگتی ہیں
ہمیں یہ ہر گھڑی رُودادِ دل سناتی ہیں
تمہاری آنکھیں تو کامل خطیب لگتی ہیں
جو بھیگ ہی نہ سکیں دل پہ چوٹ کھا کے صدفؔ
وہ آنکھیں مجھ کو بہت بد نصیب لگتی ہیں
٭٭٭
صنم پتھر کے ہو جاتے ہیں آخر سب خدا اک دن
ستم گر سارے پائیں گے کبھی آخر سزا اک دن
کبھی تو رنگ لائے گی مرے دل کی دعا اک دن
کہ بھر جائے گی تاروں سے مری خالی ردا اک دن
ہتھیلی پر لکھے جاتی ہوں نام اس کا مسلسل میں
وہ آ کر دیکھ ہی لے گا مرا رنگِ حنا اک دن
بہت دن سے مری ہستی کوئی ویراں کھنڈر ہے
کبھی آنکھوں میں آ بس جا، مرے دل میں سما اک دن
یہی تو سوچ کر اس کی سماجت کرتے جاتے ہیں
تری خوشبو چرا لائے گی یہ پگلی ہوا اک دن
تری یہ برہمی جاناں ، ہے پیغام اجل مجھ کو
یہی تجھ کو گوارا ہے، تو جا! ہو جا خفا اک دن
شبِ ہجراں!مری بے خواب آنکھوں پر تُو احساں کر
مرے ماتھے پہ بوسہ دے، مجھے آ کر سلا اک دن
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)